۲۵ دسمبر ۱۹۱۰ء
خطابات نور
لاالٰـہَ اِلَّااللّٰہ کے تین عظیم الشان فائدے {تقریر فرمودہ ۲۵؍دسمبر ۱۹۱۰ء بعد نماز ظہر وعصر} اشھد ان لا الٰہ الا اللّٰہ وحدہ لاشریک لہ واشہد ان محمداً عبدہ ورسولہ (اٰل عمران :۱۹)۔حمد باری تعالیٰ: اللہ جلّ شانہٗ کا بہت بڑا احسان اور بہت بڑا کرم اور فضل ہوا ہے کہ مجھ کو آپ لوگوں سے ملاقات کا زندگی میں پھر موقع ملا ہے۔میں کوئی لمبی تقریر خصوصاً کھڑے ہوکر آواز بلند سے پہنچانے میں کسی قدر اس وقت عذر رکھتا ہوں اس واسطے ایک ضروری بات تمہیں پہنچانی چاہتا ہوں۔میں امید کرتا ہوں کہ جس طرح میں نے اپنے اوپر بہت بوجھ رکھ کر ہمت الٰہیہ سے یہ بات کہنی چاہی ہے۔اللہ جل شانہ‘ تم کو توفیق دے کہ تم اس میری بات کو دل سے مانو اور دل سے مان کر زبان سے اقرار کرو۔پھر اسی کے مطابق تمہارا عملدرآمد ہو۔تمام وہ قومیں جو اپنے آپ کو مسلمان کہتی ہیں۔وہ سب کی سب اس بات کو مانتی ہیں کہ کلمہ طیبہ یعنی لا الٰہ الا اللّٰہ کے واسطے کیا کیا کوششیںہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کیں اور یہی لا الٰہ الا اللّٰہ جو فقرہ ہے۔اس کے پہنچانے کے لئے ہماری سرکار محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیرہ برس تک اپنے ملک میں بڑی بڑی تکالیف شدیدہ کو برداشت فرمایا۔آخر اس لا الٰہ الا اللّٰہ کی مخالفت کے باعث آپ کو وطن بھی چھوڑنا پڑا۔جب ان شریروں نے تکلیف کو حد سے بڑھا دیا تو اس رحمۃ للعالمین نے ہر طرح سے مقابلہ کیا اور انہی کی کوشش سے اس کلمہ کی اشاعت ہوئی۔چنانچہ ہم سب جو موجود ہیں۔لا الٰہ الا اللّٰہ کے قائل ہیں۔سب انبیاء
جو خدا کی طرف سے آئے ہیں اسی کلمہ کے لئے انہوں نے وہ وہ تکالیف اٹھائی ہیں جن کے بیان کرنے کے واسطے بہت ہی وقت چاہئے۔اس کلمہ کے تین عظیم الشان فائدے ہیں۔جب انسان منہ سے بولتا ہے تو مسلمان کہلاتا ہے۔وہ معاملا ت جو ہم مسلمانوںسے کرسکتے ہیں اس شخص سے کرتے ہیں جس کی زبان سے لا الٰہ الا اللّٰہ سنتے ہیں۔اسلام ایک عجیب نعمت ہے۔اسلام کے معنے اصل میں صلح کے ہیں اور آشتی کے اور نیک نمونے کے سَلم اور سِلم دونوں لفظ صلح کو چاہتے ہیں۔منجملہ ان باتوں کے جن سے اسلام نے صلح کو قائم کیا ہے۔ایک یہ ہے کہ :۔(الانعام :۱۰۹)۔تمام وہ قومیں جو اللہ کے سوا کسی کو پکارتی ہیں۔ان کے کسی معبود کو کسی بزرگ کو گو وہ اللہ کے سوا ہی ہو اور اس کی وہ پرستش کرتے ہوں۔ان کو بالکل گالی مت دو۔۔کیونکہ وہ نادان بھی اللہ کو گالی دیں گے ناسمجھی سے۔یہ لا تسبّوا کی دلیل بتلاتی ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام بڑی صلح اور بہت بڑی آشتی کو چاہتا ہے۔اس کے معنے فرمانبرداری کے بھی ہیں اور ہر ایک کی فرمانبرداری نہیں بلکہ اللہ کی فرماں برداری اور اس کے رسولوں کی فرمانبرداری، اولوالامر کی فرمانبرداری اس کا نام اسلام رکھا ہے۔اسلام کے معنے فرمانبرداری مگر الاسلام کے معنے خاص فرمانبرداری۔اسلام کے لفظ سے ایک سُلَّمْ لفظ بھی نکلا ہے۔سُلَّمْ۔اس سیڑھی کو کہتے ہیں جس سے انسان بلندی کی طرف چڑھتا ہے۔ایسے ہی ہماری ترقیات کے لئے اور بلند مراتب پر پہنچانے کے واسطے خدا نے اسلام کو بھیجا ہے۔اس کے نمونے دیکھ لو۔راز خلافت: جناب ابوبکرؓ اور ان کے والد مکّہ کے صنادید اور عمائد سے نہ تھے مگر اسلام ہی تھا کہ اس فرمانبرداری نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا جانشین بنادیا۔جناب عمر ایک دفعہ حج سے واپس آتے ہوئے ایک درخت کے نیچے کھڑے ہوگئے۔کئی آدمی ساتھ تھے۔رعب کے سبب کسی کی ہمت نہ پڑتی تھی کہ وجہ دریافت کرے مگر حذیفہ کو جناب سے بہت بے تکلّفی تھی۔اس نے پوچھا تو فرمایا خطاب کا بیٹا یہاں اونٹ چراتا تھا۔ایک دفعہ اس کے
باپ نے اسے یہاں جھڑکی دی تھی۔آج اسلام نے اسے اس بلندی پر پہنچا دیا کہ لاکھوں آدمی ایک اشارہ پر خون بہانے کو تیار ہیں۔اسی لفظ سے سلامتی نکلی ہے جس سے حفاظت کے معنے پیدا ہوئے ہیں۔عجیب قسم کی حفاظت مومن کو عطا ہوتی ہے۔میں نے پنتالیس برس سے بہت زیادہ طب کی ہے۔میں نے کبھی کوئی اسلام میں فرمان بردار ہوکر آتشک میں، سوزاک میں مبتلا نہیں پایا۔بہت سے حکام کے ساتھ تعلقات رکھے ہیں۔میں نے کبھی نہیں دیکھا کہ اسلام کے سبب کسی کو بید لگے ہوں۔کوئی تکلیف کسی کو اسلام کے باعث نہیں پہنچتی بلکہ اگر خدا تعالیٰ کو مومن کی خاطر جہاں غرق کردینا پڑے تو اسے پروا نہیں۔کیا حضرت نوح علیہ السلام کے زمانے میں پروا کی ہے۔یہ بات نہایت سچ ہے۔ہلاکت سے بچنے کی راہ: (البقرۃ :۳) کے یہ بھی معنے ہیں کہ یہ وہ کتاب ہے اور جس میں کوئی ہلاکت نہیں۔ریب ہلاکت کو بھی کہتے ہیں جیسے قرآن شریف میں فرمایا۔(الطّور :۳۱)۔ کے یہ معنی ہوئے کہ قرآن کی تعلیم میں کوئی ہلاکت نہیں ہوتی۔ابھی کل کی بات ہے یا رات کی ایک نکتہ معرفت میرے کان میں پہنچا۔میری بیوی نے کہا آپ جانتے ہیں کہ آپ کو تکلیف کیوں پہنچی۔میں نے کہا اللہ کے مخفی در مخفی راز ہیں۔بیماری کا ایک راز: کہا۔ایک وجہ میرے خیال میں بھی آئی ہے۔کہو تو سنائوں۔میں نے کہاہاں۔کہنے لگی۔تمہاری عادت تھی کہ جمعہ کے بعد دعائوں میں لگے رہتے، تم وہ دعا کا وقت چھوڑ کر ایک امیر کو ملنے چلے گئے۔مجھے یہ نکتہ بہت پیارا لگا۔غرض اسلام سلامتی چاہتا ہے۔اسلام کے بھیجنے والا کا نام (الحشر :۲۴)ہے۔السلام نام ہے اللہ تعالیٰ کا۔اسلام کا نتیجہ بہشت ہے۔بہشت کا نام بھی دارالسلام ہے۔(الانعام :۱۲۸) اور فرمایا: (فاطر :۳۶)۔گویا اسلام سُکھوں کا موجب ہے اور بہت بڑے سُکھوں کا موجب ہے۔اسلام میں کبھی کوئی
ہلاکت نہیں ہوئی۔میں نے اس لفظ کو الٹ پلٹ کے بڑا دیکھا ہے اس کے سارے لفظوں میں خوبیاں پائی جاتی ہیں۔سلم کو الٹادیں۔ملس بن جاتاہے۔ملس نرم چیزکوکہتے ہیں۔مسلماناور (الفتح :۳۰) یعنی آپس میں رحیم کریم ہوتے ہیں۔اسی لفظ کو اور الٹا دیں تو لسم بن جاتا ہے۔لسم کے معنے یہ ہیں کہ انسان حیاء کے سبب بعض وقت خاموشی اختیار کرے۔مسل بھی اس کا الٹ لفظ بنتا ہے۔اس کے معنے ہیں پانی دوسری جگہ پہنچا دینا۔مسلمان کا یہ بھی کام ہے کہ دوسرے کو نفع پہنچائے۔لمس بھی اس کا مشتق ہے اس کے معنے ہر وقت طلب میں لگے رہنا۔پس مسلمان کا یہ بھی کام ہے کہ ہر وقت رضائے الٰہی کی طلب میں لگا رہے مگر جس طرح اسلام دنیا میں صلح، آشتی، نیک نمونہ قائم کرنا چاہتا ہے۔اسی قدر اگر کوئی موذی اسلام کے لئے پیدا ہو تو اس موذی کا عمدگی سے مقابلہ کرتا ہے۔قرآن شریف فرماتا ہے۔(النحل :۱۲۶) مقابلہ کرو پر ایسی ترکیب سے کرو کہ جس میں خوبیاں ہی بھری ہوئی ہوں۔مناظرہ کس طرح سے ہو: پس ہمارے مناظرے غیر قوموں سے اگر ہوں تو اسی طرح سے وہ مناظرے ہونے چاہئیں جس میں خوبیاں ہوں‘ دشمن کی غلطی پر اسے آگاہ کیا جاوے اور اس کے مقابلہ میں اپنے مذہب کی خوبیاں بیان کی جاویں اور ایک جگہ فرمایا۔(حٰمٓ السّجدۃ :۳۵)۔مدافعت بھی کرو تو اس طریق سے کہ وہ بہت ہی عمدہ ہو۔ادفع السیۃ بالحسنۃ۔ہر بدی کو کسی خوبی سے ہٹا دو۔جب مخالفوں کے ساتھ بھی ہمیں مدافعت میں خوبیاں مدنظر رکھنی چاہئیں تو دو مسلمانوں کے درمیان تباغض، عداوت اور باہم جنگ کیونکر ہوسکتی ہے۔المسلم من سلم المسلمون من لسانہ و یدہ۔مسلمان تو اس وقت مسلمان ہوتا ہے کہ جو صلح کار لوگ ہیں اس کی زبان اور ہاتھ سے محفوظ رہیں۔میں جانتا ہوں کہ چند آدمیوں کے درمیان محبت کا قیام، اخوت کا استحکام محض فضل الٰہی سے ہوسکتا ہے۔قرآن کریم میںایک جگہ اللہ تعالیٰ
نے فرمایا ہے:(الانفال : ۶۴)۔ساری زمین کی گول بھر کر اگر دے دو تو بھی یہ الفت پیدا نہیں ہوسکتی۔(جو اَبْ اللہ نے ان کے دلوں میں پیدا کردی ہے) اور فرمایا (اٰل عمران :۱۰۴)۔خدا کے فضل سے تم بھائی بھائی ہوگئے۔دعائیں کرو: میرے احباب میرے عزیز دوستوں پر واجب ہے۔جناب الٰہی سے باہم الفت، محبت اور اخوت کے لئے دعا کیا کریں۔مخالفوں نے ناخنوں تک زور لگائے کہ یہ جماعت نہ بنے۔مگر اب تم اس قدر لوگ موجود ہو۔یہ جناب الٰہی کے فضل کا نمونہ ہے۔دوسرا مرتبہ: لا الٰہ الا اللّٰہ کا یہ ہے کہ جب یہ کلمہ دل میں رچ جاتا ہے اس وقت انسان کو مومن کہتے ہیں۔مومن کا لفظ خود بھی امن سے مشتق ہے۔یہی اسلام کا اعلیٰ مقام ہے۔مومن امن میں تبھی رہ سکتا ہے کہ دشمن کا مقابلہ بھی کرے۔عسکل عرینہ کے چند موذی مدینہ میں آئے بعض صحابہ کرام کو قتل کیا۔لکھا ہے۔مثل اعینہم۔ان کی آنکھیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے چِروادی تھیں تا ایذاء سے باز آجاویں۔مومن امن دینے والا اور خود امن میں رہنے والا ہوتا ہے۔جب یہ کلمہ دل میں رچتا ہے تو مومن ایمان کے یمن میں اور برکات سے متمتع ہوتا ہے۔یہ ایمان کا باغ جب دل میں لگ جاتا ہے۔کوئی دکھ اور کوئی ناخوشی اورکوئی خوف و حزن باقی نہیں رہتا۔میں ایک دفعہ مصیبت کے کسی پنجہ میں گرفتار تھا۔صبح کی نماز پڑھانے لگا۔اس وقت میرے دل میں جب یہ لفظ آیا۔الحمدللّٰہ تو میرے دل نے یہ گواہی دی کہ اس دکھ میں الحمدللّٰہ کا کیا موقع ہے۔اگر کہوں تو منافقانہ الحمدللّٰہ ہے۔نہ کہوں تو الحمد کے سوا نماز کیسے ہوتی ہے۔معًا خدا نے بجلی کی طرح سمجھایا کہ جب انسان (البقرۃ :۱۵۷) کہتا ہے تو ہر مصیبت کے وقت ہزاروں خوشیاں دیتا ہے۔تب میں نے انا للّٰہ کہہ کر بڑی بلند آواز سے الحمدللہ کہا یہ اس ایمان کا نتیجہ تھا۔ایمان سے وہ سارا خوف اور حزن راحت کے ساتھ مبدل ہوجاتا ہے اور وہ مضمون کہ مومن
جو ہوتے ہیں (البقرۃ :۶۳) ہوتے ہیں۔میں نے دیکھ لیا۔یہ ایمان میں کمزوری ہوتی ہے جو مومن ناامید ہوتا ہے یا یاس میں آجاتا ہے۔تیسرا مرتبہ: لا الٰہ الا اللّٰہ کا فائدہ وہ ہے جو احادیث صحیحہ میں میں نے پڑھا۔حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جناب الٰہی میں عرض کیا۔کوئی مجھے کلمہ سکھایا جاوے جو میری ترقیات کا موجب ہو۔الہام ہوا لا الٰہ الا اللّٰہ کہو۔کہا الٰہی جب سے میں نبی ہوا ہوں اسی کلمہ کی اشاعت کی کوشش میں ہوں جنابِ الٰہی سے الہام ہوا۔افضل الذکر لاالہ الا اللّٰہاس سے نئی کوئی بات نہیں۔یہ بات کہنے کو معمولی ہے مگر سارا قرآن شریف ٹٹول کر دیکھ لو۔قرآن شریف کے بعد تمام اولیاء کرام اور ان کے ملفوظات اور ان کی تصنیفات کو ٹٹولو۔ساری بڑائیاں سارے قرب سارے فضل ساری ان کی کرامتیں اسی لا الٰہ الا اللّٰہ کے وظیفے پر موقوف ہیں اس کا نام وہ نفی و اثبات کہتے ہیں اور رنگ برنگ الفاظ میں اس کا ذکر کرتے ہیں۔جیسے محبوب کے چہرے کو تغزلات میں بیان کیا جاتا ہے۔میں تمہیں سچ سچ کہتا ہوں کہ اسلام، ایمان کے بعد احسان کا مرتبہ ہے۔اعبدوا اللّٰہ کانک تراہ فان لم یکن تراہ فانہ یراک۔اللہ کی عبادت کرو گویا تم اسے دیکھتے ہو اگر تم نہیں دیکھتے ہو تو وہ تو تمہیں دیکھتا ہے۔یہ ایک مقام ہے قرب الٰہی کا جو لا الٰہ الا اللّٰہ میں تدبر سے حاصل ہوتا ہے۔کچھ زمانہ مجھ کو گزرا ہے مجھ کو اللہ جل شانہ‘ نے لا الٰہ الا اللّٰہ کے معنے بتلائے کہ انسان غور کرے اس کی ہستی کیا ہے۔ (الدّھر :۲)۔انسان پر وہ زمانہ بھی گزرا ہے کہ وہ کچھ چیز نہ تھا۔اس عدم میں اس کی خواہش کیا مطالب کیا؟ جناب الٰہی کے فضل نے عدم سے موجود کیا۔(الدّھر :۳)۔خدا جانے کیوں درمیان اس وعظ کے نکتہ خیال میں آیا۔میں وعظ چھوڑ کر اس کے بیان کرنے میں معذور ہوں۔حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے پاس تین آدمی آئے ایک کو جگہ مل گئی۔بیٹھ گیا۔دوسرے نے دیکھا جگہ نہیں، تو وہ جہاں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی آواز نہ پہنچتی وہیں بیٹھ گیا۔تیسرے نے کہا آواز نہیں آتی۔یہاں کیا بیٹھنا چلا گیا۔نبی کریم کو جناب الٰہی سے الہام
ہوا۔تین آدمی یہاں آئے ایک کو جگہ ملی وہ بیٹھ گیا۔فَاٰوَاہ اللّٰہ نے اسے قرب میں جگہ دی۔دوسرے کو حیا آئی آگے نہ بڑھا۔جانے سے مضائقہ کیا۔اللہ بھی اس کی پکڑ سے حیا کرے گا۔تیسرے نے منہ پھیرا خدا بھی اس سے منہ پھیرے گا۔شاید کوئی قلب ایسا ہو جس کی وجہ سے یہ تحریک ہوئی۔حضرت حق سبحانہ نے انسان کو، معدوم کو موجود فرمایا اور فرمایا (الدّھر :۳)۔اس پر انعام فرماتے رہے اور انعام کرتے کرتے اس قدر بڑھایا کہ سمیع بصیر بنا دیا۔ایک عام طور پر سمیع و بصیر ہیں ایک وہ جو خدا کی آواز سنتے ہیں۔جناب الٰہی کے حقائق دیکھتے ہیں۔جس طرح انسان عدم میں بے طاقت تھا اور فضل الٰہی سے باہر آیا اسی طرح ہر وقت اس کو ایک جدید ترقی عطا ہوتی ہے۔جناب الٰہی کا فضل نہ ہو تو ترقی عطا نہ ہو۔کل کا کھایا، کل کا پیا، کل کا مکان، کل کا لباس آج ہمارے کام میں نہیں آیا۔کل کی خوشی ، کل کی خوشحالی، کل کے جو تعلقات کسی کے ساتھ تھے وہ آج کام کے نہیں۔ہر وقت اللہ کی ہی نعمتوں کا محتاج ہے۔اس لئے اس کا نام ہے۔میں آواز دیتا ہوں ایک حرف کے بعد دوسرا نکلتا ہے۔اگر ذرا اعانت الٰہی نہ پہنچے تو وہ آواز کہاں سے آسکتی ہے۔غرض ہر آن میں انسان جناب الٰہی کے فضلوں کا محتاج ہے۔جتنے کمالات کسی کو نصیب ہوئے ہیں۔انبیاء ہوں اولیاء ہوں۔سب کا سب کارخانہ اس کے فضلوں کا ہر آن محتاج ہے۔اس کے فضل کے بڑے بڑے عجائبات ہیں۔لا الٰہ الا اللّٰہ کے یہ معنے ہیں کہ ہر آن میں تم میرے محتاج ہو۔اس کا فضل ہی ہوتا ہے تو کام بنتا ہے۔اس لئے انسان عبد بنا ہے اور جناب الٰہی معبود بنے ہیں۔عبودیت: عبودیت کے واسطے تین چیزوں کی بڑی ضرورت ہے۔تب جاکر عبد، عبد بنتا ہے۔جناب الٰہی سے اعلیٰ درجہ کی محبت ہو اور جناب الٰہی کی اعلیٰ درجہ کی تعظیم ہو اور انسان اعلیٰ درجہ کے عجز و انکسار و تذلّل کے مقام پر ہو۔محبت پیدا ہونے کے اسباب میں تعظیم الٰہی کے پیدا ہونے کے اسباب بھی ہیں۔تذلّل و انکسار کے اسباب بھی ہیں۔لا الٰہ الا اللّٰہ میں غور کرنے سے تینوں کا پتاچلتا ہے۔ہم دیکھتے ہیں محبت جو پیدا ہوتی ہے حسن و احسان سے پیدا ہوتی ہے۔جس قدر حسن
(حسن کے معنے خوبی کے ہیں) کسی میں ہوتا ہے اور جس قدر ہمارے ساتھ کسی کا احسان ہو اسی قدر اس سے محبت بڑھ جاتی ہے۔جناب الٰہی کے حسن و احسان پر جب ہم غور کرتے ہیں ہمیں صاف نظر آتا ہے کہ ساری دنیا کے احسان خدا تعالیٰ کے احسان کے جزو ہیں۔جو دنیا احسان کرتی ہے وہ خدا کے فضل و داد کا نتیجہ ہیں۔ہم غلہ کھاتے ہیں ایک دانہ سے کئی دانے پیدا کرنا اور وہ زمین وہ ہوا وہ روشنی وہ ظلمت جس کے ساتھ نشوونما وابستہ ہے کس کا کام ہے؟ پھر جانور جو ہل جوتتے ہیں کسی ملک میں بیل ہیں، ٹٹو ہیں، اونٹ ہیں، ہاتھی ہیں کہیں گھوڑے ہیں ان کا کتنا بڑا کارخانہ ہے؟ روشنیوں اور ظلمتوں اور جانوروں کا پیدا کرنا جن سے نشوونما ہوتا ہے۔پھر اس میں لکڑی کی حاجت، لوہار کی ضرورت، کتنا بڑا کارخانہ ہے۔یہ تمام کارخانہ جناب الٰہی کا عطا کردہ ہے۔عمدہ سے عمدہ غذا ہے، گلا بند ہے، پیٹ میں درد ہے، قلنج ہے تو وہ غذا کس کام کی اگر اللہ کا فضل شامل حال نہیں۔غرض اللہ کے فضل کے سوا کچھ بھی نہیں۔حسن جتنے ہیں وہ بھی خدا ہی کے فضل پر موقوف ہیں۔اگر خط و خال کاحسن ہے تو آنکھ کے سوا یہ نعمت بے کار ہے۔آواز کا حسن ہے تو کان کے سوا کچھ نہیں۔خوشبوئی کا حسن ہے تو ناک کے سوا کچھ نہیں۔اگر اعضا کی خوبی کا ہے تو ٹٹولنے کے سوا نہیں۔غرض سارے حسن و احسان خدا کے حسن و احسان پر موقوف ہیں۔اگر محبت کا مدار حسن و احسان پر ہے اور واقع میں ہے تو اللہ کے برابر ہمارا کوئی محسن اور حسن والا نہیں۔تعظیم کا مدار، علم کامل قدرت کاملہ پر ہے۔جناب الٰہی کی قدرتوں حکمتوں کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہم دیکھتے ہیں سارے علوم خدا ہی کے فیضان سے پیدا ہوتے ہیں۔پس اعلیٰ تعلیم کا موجب علم و قدرت ہے اور اعلیٰ محبت کا موجب حسن و احسان ہے۔اب ادھر ہم دیکھتے ہیں۔تذلّل کی حالت، سانس رک جاوے جان معاًجاتی ہے۔اب اس سے زیادہ تذلّل کیا ہے۔جب انسان لا الٰہ الا اللّٰہ پر غور کرتا ہے اور اسے اپنا انکسار و تذلّل معلوم ہوتا ہے اور جناب الٰہی کے علم و قدرت کا تماشا دیکھتا ہے اور حسن و احسان کا نظارہ اس کے سامنے سے گزرتا ہے تو وہ لا الٰہ الا اللّٰہ پکار اٹھتا ہے۔اس واسطے تمام غفلت کے پردے جو انسان کو قرب الٰہی میں واقع ہوتے ہیں۔ان سب کا علاج لا الٰہ الا اللّٰہ ہے۔اس کے بعد میں آیت کی
طرف توجہ کرتا ہوں۔(اٰل عمران :۱۹)۔اللہ جل شانہ‘ فرماتا ہے۔۔اس لا الٰہ الا اللّٰہ کی گواہی اللہ نے دی ہے گواہی ہمیشہ چند آدمیوں کے سامنے دی جاتی ہے۔جناب الٰہی کی گواہی کے ساتھ بھی تمام رسول تمام انبیاء اور تمام اولیاء سب کے سب گواہی دیتے ہیں کہ اللہ نے ہم کو کہا ہے لا الٰہ الا اللّٰہ۔حضرت موسیٰ کی گواہی، حضرت نبی کریم کی گواہی سے قرآن شریف بھرا پڑا ہے کہ اللہ نے ان کو فرمایا لا الٰہ الا اللّٰہ۔ہر فرد کے سامنے گواہی ضروری نہیں ہوتی۔میری دانست میں اللہ کی ہستی اور نبیوں کی صداقت پر یہ بڑی بھاری دلیل ہے کہ تمام انبیاء تمام اولیاء تمام مجددین سب کے سب متفق ہیں اس بات پر کہ لا الٰہ الا اللّٰہ معبود حقیقی خدا ہے اور اپنے حسن و احسان، علم و قدرت میں کامل ہے اور انسان بڑے انکساروتذلل کے نیچے ہے۔دس، بیس، تیس، چالیس، پچاس جس بات کے گواہ ہوں وہ بات بھی قابل اعتماد ہوتی ہے۔کیا حال ہے اس گواہی کا جس کے تمام صداقت کے عاشق صداقت کے محب اس بات پر متفق ہیں۔اس صداقت کے لئے کوئی بڑا تعلق کوئی بڑاہی فضل حضرت محمد رسول اللہ پر اللہ کا ہے۔دنیا میں ہزاروں انبیاء آئے ان کی تعلیم کا نام و نشان بھی نظر نہیں آتا پتا نہیں لگتا۔پھر ان کی کتابوں کی زبانیں ہی ایسی پرانی ہیں کہ ان کے سمجھنے کے سب سامان مفقود ہوگئے۔مجھے کبھی کبھی تعجب آتا ہے۔آریہ مذہب پر کہ دو ارب برس سے وید ہیں۔ویدوں کی لغت کا نام لیتے ہیں تو دو چار ہزار برس سے بتاتے ہیں۔بھلا دو ارب کی بات دو چار ہزار برس والے کو کیا معلوم۔یہ ایک فضل ہے ہم لوگوں پر۔سلامتی سے اسلام نکلا ہے۔اس واسطے رسول اللہ کی تعلیم کو اللہ نے محفوظ رکھ دیا۔یہ بھی ایک اس کی گواہی ہے کس طرح اس نے حفاظت فرمائی۔قرآن کے زیر و زبر تک محفوظ ہیں۔پھر قرآن کے پہنچانے والوں اور اس کے معانی کے محافظین، مجددوں کا سلسلہ موجود ہے۔ہم بھی بڑے خوش قسمت ہیں کہیں ۴۰ء ۵۰ء میں ہوتے تو اپنی آنکھ سے کہاں دیکھتے کہ خدا نے اسلام کی حفاظت فرمائی۔ہمارے زمانے میں ایک مجدد آیا۔اس کو ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ہم نے اس راستباز سے بارہا سنا کہ جب تک انا الموجود کی آواز نہیں آتی ایمان کامل نہیں ہوتا۔اللہ اس کی روح رواں پر بہت سی برکتیں بھیجے۔کیسی ایک جماعت اللہ نے باوجود عزیم مخالفت کے عطا
فرمائی۔جس طرح جناب الٰہی کی یہ گواہی ہے اسی طرح پاک دلوں کے ساتھ جب ملائکہ کا تعلق ہوتا ہے وہ بھی لا الٰہ الا اللّٰہ کی گواہی دیتے ہیں۔اس سے آگے بڑے بڑے علماء بڑے بڑے مؤحدجن کا بڑا اعلیٰ نمونہ ہم نے دیکھا۔وہ بھی یہی کہتے اور شہادت دیتے ہیں کہ اللہ کے برابر کوئی معبود کوئی محبوب کوئی منعم اور کوئی محسن اور کوئی فضل و احسان کا وجود نہیں، کوئی علم اور قدرت میں اس کے برابر نہیں۔یہ چند کلمات بہت ہی زور لگا کر سنائے ہیں۔خدا تعالیٰ چاہے تمہارے دلوں کو لاالٰہ الا اللّٰہ سے بھرپور کردیوے۔یہ تعلیم اللہ کی نعمتوں بڑی رحمتوں، غریب نوازیوں کا موجب ہوجاوے۔(البدر ۵؍جنوری۱۹۱۱ء صفحہ ۱۳ تا ۱۵) ٭…٭…٭