۲۷ ستمبر ۱۹۱۱ء
خطابات نور, حصہ 3
کیا جن میں مختلف عقلوں اور ہاتھوں کے ذریعہ مختلف چیزوں لکڑی ،لوہا،رنگ وغیرہ کو ایک خاص شکل میں بنایا گیا وہ اختلاف بجائے خود قائم رہ کر وحدت کا رنگ پیدا ہو گیا۔پھرایک اور چیز جس کو انجن کہتے ہیں ان کے آگے لگا دیا پھر اس انجن میں آگ پانی کوئلہ رکھا گیا سب کی سب مختلف اور متضاد چیزیں تھیں مگر ایک خاص ترکیب سے ان کو ملایا تب ان سے بھاپ پیدا ہو کر حرکت کا موجب ہو گئی اب کلکتہ اور پشاور کے درمیان ریل گاڑی دوڑنے لگی۔جو فوائد اور آرام اس سے مل رہے ہیں وہ ظاہر ہیں مگر یہ سب کچھ کثرت فی الوحدت کا نتیجہ ہے۔اسی طرح پر میں تمہیں کہتا ہوں کہ اختلاف کو رہنے دو مگر اس اختلاف کو وحدت کے مرکز کے نیچے لائوکہ یہ مفید اور کار آمد شیء بن جاوے۔ہمارے لوگ اختلاف کو تو ترقی دیتے ہیں مگر مرکز وحدت سے الگ ہو کر اس صورت میں یہ مفید نہیں بلکہ مضر ہوگا۔انسان کی ابتدائی حالت کے علوم : سنو! میں تمہیں ایک نصیحت کرتا ہوں قرآن کریم میں لکھا ہے۔(الدّھر :۲) انسان کی ہستی ہی کیا تھی کچھ بھی نہ تھا۔اللہ تعالیٰ نے ایک قطرہ سے ہاں ایک تھوڑی سی چیز سے بنا کر سمیع وبصیر بنا دیا ہے میں نے جب اس پر غور کیا ہے تو معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے تیرہ علوم پہلے ہی بتا دیئے ہیں۔ابھی کہتے کہتے معلوم ہوا کہ تیرہ نہیں بلکہ ۱۴ علوم نہ ماں سکھاتی ہے نہ باپ نہ کوئی اور ان میں سے بعض علوم یہ ہیں :۔اوّل دودھ کو چوسنے اور نگلنے کا علم ہے غور کرو کہ اگر کوئی بچے کو یہ علم سکھاتا تو کس طرح اور کس بولی میں سکھاتا۔(۲) پھر ایک اور علم ہے جو بدیہات کہلاتی ہیں۔(۳) بچہ کل اور جزو کو سمجھتا ہے۔ماں ایک چھاتی سے دودھ پلا رہی ہو اور ابھی اس میں باقی ہو جب وہ دوسری چھاتی پر لے جانا چاہے تو روتا ہے گویا کل اور جزو کو سمجھتا ہے۔ایسا ہی بچوں کو مٹھائی دے کر دیکھا ہے اگر سارے ٹکڑے میں سے آدھی کاٹ لی جاوے تو رو پڑتا ہے۔(۴) طول اور عرض کو بھی سمجھتا ہے۔(۵) اس بات کو سمجھتا ہے کہ دو مکان میں ایک جسم نہیں ہو سکتا۔ایک لڑکا اگر آجاوے تو اسے
دھکا دیتا ہے اور ایک پستان جو آپ پی رہا ہے دوسرے کو نہیں لینے دیتا۔(۶) دو ضدوں کو خوب سمجھتا ہے کھڑا ہونے کو جی نہ چاہے تو نہیں اٹھتا‘ بیٹھنے کو نہ چاہے تو کھڑا ہو جائے گا۔(۷) صدق وکذب کو خوب سمجھتا ہے مٹھائی نہ دو اور یونہی کہہ دو کہ تمہارے ہاتھ میں ہے کبھی نہ مانے گا۔(۸،۹) مکان اور زمان کو بھی سمجھتا ہے۔(۱۰) سمعیات کی سچائی کو جانتا ہے جو تمہیں کہتے سنتا ہے اسی کو یقین کر کے ان چیزوں کو اسی نام سے پکارتا ہے جس سے تم پکارتے ہو۔(۱۱) یہ بھی جانتا ہے کہ علم غیب نہیں۔(۱۲) یہ بھی مانتے ہیں کہ فعل بدوں فاعل کے نہیں ہوتا۔غرض اس قسم کے بہت سے علوم فطرتاً دیئے جاتے ہیں۔پس تم اگر ان فطرتی علوم سے کام لو تو اللہ تعالیٰ پھر نفس مطہر دے کر خود قرآن مجید سکھا دیتا ہے۔غرض تم اللہ تعالیٰ کے اس فضل کو یاد کرو کہ تم باہم اعداء تھے اس نے تمہیں بھائی بنا دیا اس اخوت کی قدر کرو اور سچے دل سے قدر کرو۔ہمارے اصول: پس میں تمہیں یہ کہتا ہوں کہ ہمارے اصول مشکل نہیں ہیں بلکہ بہت آسان ہیں اول ایمان باللہ۔ایمان باللہ کیا چیز ہے؟ اللہ تعالیٰ کو تمام صفات کاملہ سے موصوف اور تمام محامد اور اسماء حسنیٰ کا مجموعہ اور مسمّیٰ اور تمام بدیوں اور نقائص سے منزّہ یقین کرنا ہے اور اللہ کے سوا کسی وجود اور ہستی سے امید وبیم نہ رکھنا اور کسی کو اس کاندّ اور شریک نہ ماننا۔وہ اپنی ذات میں یکتا‘ اپنی صفات میں بے ہمتا‘ اپنے اسماء اور افعال میں (الشورٰی:۱۲) ہے۔پھر ملائکہ پر ایمان ضروری ہے جو تمام نیک تحریکوں کے محرک ہیں اور ان پر ایمان لانے کی یہی غرض ہے کہ انسان ان پاک تحریکوں پر عمل کرے۔ایمان کے ارکان: یہ ملائکہ نزول بھی کرتے ہیں اور ان پاک بندوں پر جو اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنے تعلقات بڑھاتے ہیں اور استقامت کے درجہ پر پہنچتے
ہیں ملائکہ کا نزول ہوتا ہے یہ قرآن مجید سے ثابت ہے۔پھر اللہ تعالیٰ کی کتابوں پر ایمان لانا ضروری ہے پھر اس بات پر ایمان لانا ضروری ہے کہ اللہ تعالیٰ نے وقتاً فوقتاً دنیا کی اصلاح اور بھلائی کے لئے اپنے پاک نبیوں کو بھیجا اور ہم ان تمام انبیاء پر ایمان لاتے ہیں جن کا ذکر قرآن مجید میں ہے یا نہیں اور ان انبیاء کی بعثت ونبوت میں ہم کوئی فرق نہیں کرتے۔اس پاک گروہ نے خدا کا کلام مخلوق کو پہنچایا۔ہم اس بات پر بھی ایمان رکھتے ہیں کہ تمام نبوتیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر ختم ہو گئیں بلکہ میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں اور بصیرت اور شرح صدر کے ساتھ کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نہ صرف تمام نبوتوں کے جامع اور خاتم تھے بلکہ میں کہتا ہوں کہ آپ خاتم النبیین، خاتم الرسل اور خاتم کمالات انسانی تھے۔اب آپ کے بعد کوئی شخص آپ کی نبوت اور اتباع میں فنا ہوئے بغیر کوئی فیض نہیں پا سکتا اور کوئی نبوت موثر اور مستند نہیں ہو سکتیجس پر نبوۃ محمدیہ کی مہر نہ ہو۔سب نبی برحق ہیں۔پھر تقدیر کا مسئلہ ہے یہ حق ہے جزا وسزا حق، حشر نشر، پل صراط، جنت ونارسب حق ہیں، یہ عقائد ہیں۔اعمال : اور عقائد کے بعد اعمال ہیں کیونکہ زندہ اور مثمر ایمان وہی ہے جس کے ساتھ اعمال صالحہ ہوں۔ان میں نماز ہے‘ زکوٰۃ ہے‘ حج ہے‘ روزہ ہے‘ اخلاق فاضلہ ہیں اور رذائل سے بچنا ہے۔یہ سب فرض ہیں۔نماز کی سترہ رکعت پانچ اوقات میں فرض ہیں اور وتر کو فرض اور سنن کے درمیان رکھیں تو یہ ۲۰ رکعت ہوتی ہیں اور ۲۰ رکعت اس کی متمم ہیں اور پھر خدا توفیق دے تو ۴۰ یا ۶۰ رکعت تک نوبت پہنچتی ہے۔ایک مہینے کے روزے فرض ہیں اور استطاعت ہونے اور راستہ میں امن کی صورت میں عمر بھر میں ایک بار حج فرض ہے اور زکوٰۃ فرض ہے۔اخلاق فاضلہ کا حاصل کرنا اور رذائل کا چھوڑنا فرض ہے یہ اعمال ہیں۔پھر یاد رکھو قرآن مجید کامل کتاب ہے (حٰمٓ السجدۃ :۴۳) اس کی شان ہے باطل اس پر اثر نہیں کر سکتا۔جو لوگ آجکل کے علوم جدید اور سائنس سے ڈرتے ہیں انہوں نے قرآن مجید کی عظمت اور شوکت کو سمجھا ہی نہیں قرآن مجید پر باطل کا اثر نہیں ہو سکتا۔وہ تمام صداقتوں کی جامع کتاب ہے اور خاتم الکتب ہے۔اس کے فہم کے
لئے اوّل وہ کتاب خود ذریعہ ہے پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل درآمد ہے پھر احادیث ہیں پھر لغت ہے پھر اللہ تعالیٰ کی حضور سے مدد اور دعا ذرائع ہیں۔یہ میرے اصول ہیں یہاں رہو تب اور چلے جائیں تب ان کو یاد رکھو۔ہم صحابہ کرام کو اور تابعین عظام کو رضوان اللہ علیہم اجمعین ابوبکرؓ وعمر ؓ سے لے کر معاویہ مغیرہ تک اویس قرنی وحسن بصری سے لے کر ابراہیم نخعی ونافع عکرمہ تک اور اہل بیت میں خدیجہؓ وعائشہؓ سے لے کر علی المرتضیٰؓ اور تمام اہل بیت علیہم السلام کو اپنا پیارا یقین کرتے ہیں۔ہم آئمہ حدیث فقہ اور تصوف کی اتباع ضروری سمجھتے ہیں اور انہیں امام سمجھتے ہیں اس لئے امام اعظم، شافعی، مالک، احمد حنبل، امام بخاری، مسلم، ابو دائود، ترمذی، نسائی اور امام محمد رحمہم اللہ علیہم اجمعین کی جائز تکریم کرتے ہیں۔اسی طرح تصوف میں حضرت سید عبدالقادر جیلانی، خواجہ معین الدین چشتی، قطب الدین بختیار کاکی، شیخ شہاب الدین سہروردی، محبوب الٰہی سلطان نظام الدین اولیا، ابن عم حضرت فرید الدین گنج شکر، چراغ دہلوی، خواجہ نقشبند، خواجہ احمد سرہندی،ز کریا ملتانی، شاہ بہاء الحق ملتانی رحمہم اللہ اجمعین کو دل سے پیار کرتا ہوں اور ایسا ہی ابن حزم، ابن تیمیہ اور ابن حجر اور ابن ہشام، ذہبی اور شوکانی کو بھی محبت کرتا ہوں۔یہ لوگ خدا تعالیٰ کے برگزیدہ بندوں اور ہادیوں میں گزرے ہیں۔پھر اس قریب زمانہ میں شاہ ولی اللہ صاحب کو میں ممتاز انسان یقین کرتا ہوں اور سید احمد بریلوی کو خدا کے مخلص بندوں سے سمجھتا ہوں اور حضرت مسیح موعود اور مہدی بھی آچکے جن کا خدا نے اپنے فضل سے مجھ کو خلیفہ بنایا (الجمعۃ :۵)۔تاریخ : اب جبکہ ہمارے عقائد آپ کو معلوم ہو گئے ہیں ایک اور مسئلہ تمہیں بتاتا ہوں اور وہ یہ ہے کہ تاریخ میں جھوٹ اور سچ میں فرق کرنا ہر شخص کا کام نہیں ہے۔اب تازہ واقعہ تمہارے سامنے موجود ہے طرابلس کی جنگ کی خبریں آرہی ہیں اور وہ شائع ہوتی ہیں۔اب اگر کوئی شخص ان اخبارات جنگ سے کوئی تاریخ مرتب کرے تو تم ہی بتائو کہ اس کتاب کی حقیقت کیا ہو گی؟ صوفیوں میں سید عبدالقادر، امام قشیری اور صاحب عوارف کی باتیں آسانی سے سمجھ میں آجاتی ہیں مگر صاحب فتوحات کی تصانیف مشکل ہیں‘ خصوص اور منازل السائرین آسان نہیں۔پس تم کو میں پھر
کہتا ہوں پھر کہتا ہوں پھر کہتا ہوں اختلافات کو مٹا دو توبہ کر لو۔جس کے کان ہوں سن لے جس قدر غلطی کسی سے ہوئی ہے اس سے توبہ کرلو۔اس میں تمھارا بھلا ہے۔آج میں نے عورتوں کے درس میں اس نکتہ کو سنایا ہے اور میں اس تقریر کو ختم نہیں کرسکتا جب تک تمہیں نہ سنا لوں۔بہت سی بستیاں آباد تھیں ان بستی والوں نے اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کی آخر اللہ تعالیٰ کے عذاب نے ان کا نام و نشان مٹا دیا۔انہوں نے اپنی کرتوتوں کا بدلہ پایا۔واعظ خانہ: یہ بات کیوں سنائی ہے؟کان والو! سن لو! عقل والو! سمجھ لو ! اگر میری آواز تم تک نہیں پہنچتی تو کہو میں اور اونچا کروں۔سنو ! ہر شخص جو بڑا بنایا جاتا ہے اس کے پڑوس میں اجڑا ہوا کوئی گھر ضرور ہوتا ہے۔ہر شہر میں ، ہر بستی میں اس کے نظائر موجود ہیں۔میں ایک بستی میں رہتا تھا وہاں کا ایک امیر مجھ سے حد درجہ کی دشمنی رکھتا تھا۔وہ میرے قتل کو چاہتا تو میں بھی اس کی زندگی کا خواہاں تھا۔غرض میرے ساتھ اس کو سخت عداوت تھی۔ایک دن میرے دل میں آیا کہ اتنے بڑے آدمی کو کون نصیحت کرسکتا ہے؟ یہ سوچ کر میں باوجود عداوت کے اس کے گھر چلا گیا۔میں نے بڑی جرأت کی‘ وہ اس وقت کچہری کررہا تھامیں بیٹھ گیا۔وہ حکم احکام لکھتا رہا۔جوں جوں جگہ خالی ہوتی گئی میں بھی آگے ہوتا گیا۔یہاں تک کہ سب لوگ چلے گئے اور صرف وہ اور میں اور اس کا میرمنشی اور چند پہرہ کے سپاہی رہ گئے۔پھر اس نے میری طرف مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کس طرح تشریف لائے ہیں؟ میں نے کہا بڑا ضروری کام ہے مگر تنہائی میں کہنا چاہتا ہوں۔جب میں نے یہ کہا تو اس کا میر منشی جو میرا معتقد تھا فوراً چلا گیا اور اس کے پہرہ کے ایک قریبی سپاہی کے سوا باقی سپاہی بھی الگ ہوگئے۔تب میں نے اس کو کہا کہ جو بڑے آدمی ہوتے ہیں ان کے لئے ایک واعظ ہوتا ہے کیا آپ کے لئے بھی کوئی ہے؟ کہنے لگا۔مولوی صاحب (اسی دن مولوی کہا) ذرا کھول کر بتائو۔اس پر میں نے کہاکہ قرآن مجید سے ثابت ہے کہ جو بڑے آدمی ہوتے ہیں ان کے پڑوس میں کوئی نہ کوئی اجڑا ہوا گھر ہوتا ہے جو اس کو نصیحت کرتا رہتا ہے کہ سنبھل کر چلو ایسا نہ ہو تمہیں بھی عذاب میں گرفتار ہونا پڑے۔یہ سن کر مجھے کہا کہ مولوی صاحب آگے آئو آگے جگہ تو نہ تھی ایک کھڑکی تھی جس کے آگے وہ بیٹھا ہوا تھا۔میں گھٹنوں کے بل کھڑا ہو گیا۔پھر کہا ذرا اور آگے ہو جائو۔آخر میں اور آگے ہوا۔اس نے کہا میری گدی تو وہ پڑی ہے مگر میں کبھی وہاں نہیں بیٹھا یہاں بیٹھتا ہوں مگرآج مجھے سمجھ آئی ہے کہ میں یہاں کیوں بیٹھتا ہوں۔
ہوا تھا۔میں گھٹنوں کے بل کھڑا ہو گیا۔پھر کہا ذرا اور آگے ہو جائو۔آخر میں اور آگے ہوا۔اس نے کہا میری گدی تو وہ پڑی ہے مگر میں کبھی وہاں نہیں بیٹھا یہاں بیٹھتا ہوں مگرآج مجھے سمجھ آئی ہے کہ میں یہاں کیوں بیٹھتا ہوں۔سامنے ایک محراب والا دروازہ تھا مجھے کہنے لگا کہ کیا سارے شہر میں اتنا بڑا دروازہ آپ نے دیکھا ہے میں نے کہا کہ نہیں۔پھر اس نے کہا کہ اس گھر کا مالک اتنا بڑا آدمی تھا کہ جس قسم کا چھاتہ یہاں کا رئیس رکھتا ہے صرف وہ رکھ سکتا تھا اور ہم ولایت کی سیاہ چھتری بھی رئیس کے سامنے لگا کر نہیں جا سکتے۔اب اس کی بیوی میرے گھر میں برتن دھونے پر ملازم ہے۔میں نے جب اس نظارہ کو دیکھا تو وجد آگیا۔میں نے کہا میں اب جاتا ہوں اور اس جوش میں میں وہاں کے رئیس کے پاس چلا گیا وہاں بھی کچہری ہو رہی تھی جب اس کے کھانے کا وقت آیا سب چلے گئے۔میں بیٹھا رہا۔اس نے بھی دربار برخاست کیا مگر میں پھر بھی بیٹھا رہا۔میںیہ قصہ نہیں سناتا میں جس غرض کے لئے سناتا ہوں وہی غرض اب بھی ہے۔میرے گھر میں اتنی روٹی نہیں پکتی جو تم سب کا پیٹ بھروں۔اس لئے میں تم کو یہ دعوت کرتا ہوں اور یہ باتیں سناتا ہوں کہ تمہیں فائدہ پہنچے۔غرض اس رئیس کو بھی وہی تقریر سنائی اس نے کہا میرے سامنے آئو۔اس کے سامنے پہاڑ تھا اس نے کہا کہ یہاں ایک شہر تھا جو پہاڑ کو کرید کر بنایا گیا تھا۔اس کا نام دھارانگر تھا۔ہمارے بزرگ اس شہر کے رئیس کے ماتحت تھے خدا تعالیٰ نے یہ واعظ میرے سامنے رکھا ہے اور یہ مجھے بتاتا رہتا ہے۔وہ مشرق میں تھا پھر جنوب کی طرف رخ کیا اور وہاں ایک قلعہ دکھایا اور کہا کہ یہ قلعہ بڑے زبردست بادشاہ کا قلعہ ہے اور یہ اس غرض کے لئے ہے کہ کوئی وبائی بیماری ہو تو وہاں جا رہتے ہیں۔اس نے اس کے متعلق تاریخی واقعہ سنایا کہ ظلم کے سبب وہ سب ہلاک ہو گئے ہیں۔میں وہاں سے اٹھ کر اپنی جگہ گیا مگر وہ رئیس وہاں رہا۔میں نے ادب کے خلاف سمجھا کہ یہ اٹھا نہیں اور میں اپنی جگہ پر آگیا ہوں پر اس نے خیال نہ کیا اور کہا کہ جہاں ہم کو کمر بند ریاست دیا جاتا ہے اور جہاں گدی نشینی ہوتی ہے وہ ان بادشاہوں کا ہے جن کی غلامی پر فخر کرتے تھے اور آج ان کی نسل کو کھانا نہیں ملتا۔اس نے کہا آج یہ نکتہ سمجھ میں آیا کہ یہ ہمارے سمجھانے کے لئے ہے۔میں تم کو سمجھاتا ہوں کہ ہمارے گائوں میں
بھی اجڑے ہوئے مکان ہیں ان سے عبرت پکڑو۔ہمیں بھی کوچ کرنا پڑے گا۔میرے پاس سیالکوٹ کا ایک شخص بیٹھا ہے میں وہاں کی تاریخ خوب جانتا ہوں وہ سالباہن کہاں ہے اور اس کے بیوی بچے کہاں؟ کیا اتنا بڑا ڈھیر خاک کا آسانی سے بن گیا ہو گا۔پس تم اپنی غلطیوں سے اپنے آپ کو برباد نہ کرو لوگوں نے تو تمہارے خلاف کفر کے فتوے لگا دیئے لیکن اگر تم نے خدا تعالی کو ناراض کر لیا تو پھر تو کچھ بھی نہ رہے گا۔نمک سے کھانا ٹھیک ہوتا ہے لیکن اگر نمک ہی گندہ ہو جاوے تو کھانا کہاں اچھا رہے گا۔تم میری باتیں سننے آئے ہو اس لئے میں جو تمہارے لئے مفید سمجھتا ہوں کہتا ہوں تمہیں خواہ پسند آوے یا نہ آوے؟ حوالہ بخدا کرتا ہوں میں کہاں تک کہتا رہوں گا جو سنتے ہیں یاد کر لیں اور جو نہیں سنتے ان کو پہنچا دیں کہ اللہ تعالیٰ کو ناراض مت کرو جو اس کو ناراض کرو گے تو پھر کہیں ٹھکانا نہ ہو گا۔ہر شخص اس وعظ کو یاد رکھے اس کے پاس گھرانے اور مکان اجڑے ہوئے ہوتے ہیں میں نے صحت اور بیماری کی حالت بھی دیکھی ہے بہت سے لوگ دیکھے ہیں جو کہتے تھے کہ ہمارے پاس روپیہ آوے تو ہم یوں کریں ‘روپیہ آتا ہے مگر وہ نہیں کر سکتے اس لئے جو کرنا ہے آج کر لو۔میں نے ان عورتوں کو درس میں سنایا کہ عورتوں میں عادت ہوتی ہے جو غیبت کرتی ہیں دوسروں پر تہمت لگانے کی عادت رکھتی ہیں اگر خاوند کسی حسین جوان عورت سے للہ فی ا للہ بات بھی کرے تو عورت اس پر بدظنی کرتی ہے۔سوکن اگر ہو تو اسے نفرت سے دیکھتی ہیں۔میں نے ان کو کہا کہ ان برائیوں کو اپنے اندر رکھ کر مت سمجھو کہ احمدی ہو گئی ہیں۔تمہیں بھی سناتا ہوں کہ احمدی صرف زبانوں سے کہہ دینے کا نام نہیں۔خدا کی کتاب پر عمل درآمد کرو تا کہ وہ راضی ہو۔میں نے مریدوں میں جاں نثار بھی دیکھے ہیں جنہوں نے میری بیماری میں دعا کی کہ ہم مر جاویں اور یہ زندہ رہے۔بعض ایسے بھی ہیں کہ کہتے کہتے تھک گیا وہ نہیں سنتے۔میں ہمیشہ ایسی نصیحت کیا کرتا ہوں کہ گویا رخصتی نصیحت ہے۔مجھے اس کی پرواہ نہیں کہ کسی کو پسند آتی ہے یا نہیں میں تمہاری پسند کے لئے نہیں کہتا۔بلکہ خدا کے لئے کہتا ہوں اگر کہو کہ سائنس کے مضامین میرے پاس نہیں تو میں ان کی قدر نہیں کرتا۔اب قبل اس کے کہ میں تمہیں رخصت کروں یہ نصیحت کرتا ہوں۔
ایک قومی بیماری کا علاج: کہ ایک بدی ہے جو لوگوں میں عام طور پر پھیلی ہوتی ہے اور وہ یہ ہے کہ جب کوئی بدی کرتے ہیں تو اسے تقدیر کے حوالے کر دیتے ہیں اور اگر نیکی کرتے ہیں تو اس کو اپنی خوبی جتاتے ہیں۔اس بیماری میں طبیب بہت مبتلا ہوتے ہیں۔کوئی مریض اگر بچ جاوے تو کہتے ہیں ہم نے ایسی تشخیص کی اور ایسا نسخہ تجویز کیا کہ اکسیر کی طرح مفید ثابت ہوا۔وہاں وہ شافی مطلق بن جاتے ہیں لیکن اگر مریض مر جاوے تو پھر کہہ دیتے ہیں کہ ہم نے تو بڑی کوشش کی مگر کیا کریں تقدیر ہی ایسی تھی۔یہ قرآن مجید کے خلاف ہے اللہ تعالیٰ کی ذات پاک ہے اس مسئلہ پر تدبر نہ کرنے سے غلطی لگی ہے ایسی بارہ آیتیں ہیں جن میں قرآن مجید نے فیصلہ کر دیا ہے۔شرعی اور کَونی امور: یاد رکھو دو قسم کے امور ہوتے ہیں۔ایک کونی ہوتے ہیں ان کونی امور میں انسان کا دخل وتصرف کچھ نہیں ہوتا اور نہ ان امور کے لئے وہ مکلف ہے اور نہ جزاوسزا کے لئے مامور جو امور شرعی ہوتے ہیں وہ انسان کے دخل وتصرف کے نیچے ہوتے ہیں اس لئے وہ ان کے کرنے یا نہ کرنے پر جزا وسزا کا مستحق ہوتا ہے اس کی چند مثالیں قرآن مجید سے سن لو۔قرآن مجید میں ایک لفظ قضٰی ہے یہ ایک تو کونی رنگ میں بولا گیا ہے جیسے فرمایا (حٰمٓ السجدۃ :۱۳) اب آسمانوں کا دو وقتوں میں بن جانا۔اس سے انسان کو کوئی تعلق نہیں یہ اللہ تعالیٰ کے امر کے نیچے بن گیا پھر یہی لفظ دوسری جگہ شرعی رنگ میں فرمایا۔(بنی اسرائیل :۲۴) یہاں حکم دیا کہ تم اللہ کے سوا کسی اور کی عبادت نہ کرو اب یہ فعل انسان کے دخل وتصرف کے نیچے ہے اور اگر وہ اس کی تعمیل نہ کرے گا تو مستوجب سزا ہو گا۔اسی طرح پر ایک کتبَکا لفظ ہے جو (المجادلۃ :۲۲) اس میں کونی کیفیت ہے(البقرۃ : ۱۸۴) میں شرعی صورت ہے اسی طرح پراتیان کا لفظ ہے (النساء :۵۵) کونی رنگ رکھتا ہے اور (الحشر:۸) میں شرعی حالت ہے اسی طرح ارسل کا لفظ ہے (فاطر:۱۰)
میں تو کونی ہے اور (الصف :۱۰) میں شرعی ہے اور (القصص:۱۳) میں حرمت کونی ہے اور (النساء :۲۴) میں شرعی ہے اسی طرح کلمہ کا لفظ ہے ( یونس :۳۴) میں کونی ہے (البقرۃ :۱۲۵) شرعی ہے۔اسی طرح پر ارادہ کا لفظ ہے ایک جگہ فرمایا (ھود:۱۰۸) دوسری جگہ شرعی رنگ میں (البقرۃ :۱۸۶) فرمایا ہے۔غرض جب تک انسان ان الفاظ کے استعمال میں تفرقہ اور امتیاز نہیں کرتا وہ غلطی کھاتا ہے اور حدود اللہ کو توڑ کر بھی اپنے آپ کو بری ٹھہرا کر اللہ تعالیٰ کی طرف منسوب کر دیتا ہے یہ سخت غلطی اور گستاخی ہے اس کو چھوڑ دو اور توبہ کرو۔اب میں اپنی تقریر کو اس خیال پر کہ نماز کا وقت تنگ نہ ہو جاوے اور کبھی اس خیال پر کہ تم میں سے کوئی اکتا نہ جاوے اور کبھی اس لحاظ سے کہ کوئی دوسرا نہ کہے کہ میرا وقت لے لیا ختم کرتا ہوں۔میں نے تمہیں جو کچھ کہا ہے تمہاری بھلائی کے لئے کہا ہے۔تم میں بعض نوجوان بچے ہیں جو کہتے ہیں کہ زبان کا لائسنس لینے کا حکم نہیں۔میں نے کہا اخباروں کے لٹریچر کو بدل دو اور کہا کہ دوسرے مذہب کے متعلق اپنی تحریروں کو نرم کرو۔تو کہا کہ آہن باہن تواں کوفتن۔میں نے کہا کہ دھیمی چال چلو۔مگر اب سرکاری قانون نے ان سے وہی کرایا جو میں قانون سے پہلے چاہتا تھا۔اللہ تعالیٰ مغفرت کرے مولوی عبدالکریم کو۔ایک مرتبہ کہا کہ نوردین بہت نرم لکھتا ہے حضرت صاحب نے فرمایا ہم بھی ان کی نرمی پر حیران ہیں۔میں مانتا ہوں کہ فطرتیں الگ الگ ہیں بہر حال تم ہماری بات کو سنو اور عاقبت اندیشی سے کام لو۔میں تم کو وصیت کرتا ہوں اوصیک بتقوی اللّٰہ۔تقویٰ اللہ اختیار کرو۔میں اسی کو وصیت کرتا ہوں متقی بن جائو گے تو دنیا میں بامراد اور کامیاب ہو جائو گے اللہ تعالیٰ تم سے محبت کرے گا۔تم کو ہر قسم کی تنگیوں سے نجات دے گا۔(الطلاق :۴) تم کو رزق ملے گا۔تمہارے دشمن ہلاک ہوں گے اور بالاخر علوم حقہ تم پر کھولے جاویں گے۔اللہ تعالی کے حضور بہت استغفار کرو تا کہ گناہوں کے برے نتائج سے تم محفوظ رہو اور آئندہ گناہوں کے جذبات سے دبا دیئے جاویں۔استغفار بہت ضروری چیز ہے اور انبیاء کا اجماعی مسئلہ ہے۔خدا تعالیٰ کے حضور دعائیں کرو جو اس کے دروازے کو کھٹکھٹاتا ہے اس پر
کھولا جاتا ہے۔تم میں سے بعض کمزور ہیں قوت فیصلہ نہیں رکھتے اور تاب مقابلہ ان میں نہیں۔انہیں چاہئے کہ اللہ تعالیٰ کے حضور گر جائیں اور بہت دعائیں کریں الحمد شریف پڑھ کر دعا کریں۔الحمد شریف‘ درود شریف‘ استغفار اور لاحول کثرت سے پڑھا کرو۔میرا اعتقاد ہے لیکچر دینے میں‘ کلام کرنے میں مسائل کا جواب دینے میں دعائوں سے کام لو اور الحمد شریف کو ضرور پڑھو تم اس کی عادت ڈالو نامردی اور ناکامی کو دیکھو گے ہی نہیں۔تمہارا کام دعا کرنا ہو اور سب سے ضروری مسئلہ لا الٰہ الا اللّٰہ پر ایمان رکھو۔بندہ کمزور ہے وہ اللہ ہر آن میں تمہیں کروڑوں نعمتیں عطا فرماتا ہے۔پھر ایک اور ضروری مسئلہ کہہ کر ختم کر دیتا ہوں۔ہمارا سردار بھی اور ہادی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔غور کرو انہوں نے کس طرح دین پھیلایااور اگر وہ بھی ہماری طرح ہوتے تو یہ دین ہم تک نہ آتا۔آپ کی ان مشقتوں میں سے جو تبلیغ دین کے لئے اٹھائیں ایک ادنیٰ سی بات ہے کہ طائف میں عبد یا لیل کے پاس گئے اور اس کو خدا کا کلام سنانا چاہا۔اس نے کہا کہ میں اوروں کو بلا لوں یہ کہہ کر وہ گیا اور تمام لچوں اور شہدوں کو جمع کر کے لے آیا۔ان سب حرامزادوں کے ہاتھ میں پتھر تھے۔انہیں کہا کہ جاتا ہے لو۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ میں ۱۲ کوس تک بھاگتا گیا اور مجھے نہیں معلوم کدھر جاتا ہوں سر سے لے کر پائوں تک کے تلوے تک زخمی اور لہولہان ہو گئے۔ایک فرشتہ نے اس حالت میں کہا کہ میں پہاڑ کا ملک ہوں اگر حکم ہو تو ان پر پہاڑ ڈال دوں۔آپؐ نے فرمایا نہیں ان کی اولاد اچھی ہو جائے گی۔یہ ناواقف لوگ ہیں انہوں نے مقابلہ کیا ہے۔تمہارا دل بھر نہیں آتا یہ ادنیٰ سی مشقت ہے جو انہوں نے تبلیغ دین کے لئے اٹھائی۔پس کثرت سے ایسے ہادی پر درود شریف پڑھو آپ کے حسن ،احسان، بردباری اور مصائب کو دیکھ کر جو اس دین کے پہنچانے میں اٹھائے درود شریف پڑھ کہ آپ کے مدارج بلندہوںاور آپ کو کامیابیاں نصیب ہوں۔پس اپنے گناہوں سے استغفار کرو ‘باہم محبت بڑھائو‘ بغض چھوڑدو۔جو لوگ اس سلسلہ میںداخل ہیںاور انہوں نے خدا کے فضل سے الہام کا فیض پایا ہے وہ اس فیض کی قدر کریں‘ خرمستیاں چھوڑ دیں ایسا نہ ہو یہ نصیحت ان کے لئے وبال جان ہو جاوے۔خدا سے ڈرو کہ اس سے ڈرنے والے ضائع نہیں ہوتے۔۲؎ ٭ … ٭ … ٭ ۱؎ الحکم ۱۴؍جنوری ۱۹۱۲ء صفحہ ۳تا ۶ ۲؎ الحکم ۲۱جنوری ۱۹۱۲ء صفحہ ۳ تا ۹