۱۵ جون ۱۹۱۲ء

خطابات نور

عمارتوں کی تعمیر کی غرض و غایت {تقریر فرمودہ ۱۵؍ جون۱۹۱۲ء ۶ بجے شام بتقریب سنگِ بنیادمکان محترم شیخ رحمت اللہ صاحب بمقام لاہور} (بعد اصلاح حضرت خلیفۃ المسیح ؓ شائع کی جاتی ہے۔ایڈیٹر) اَشْھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّداً عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ۔بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔  (التوبۃ:۱۰۹) تاریخ عالم کا ابتدا معلوم نہیں : عمارتیں دنیا میں بہت بن رہی ہیں ، بنتی رہی ہیں اور بنتی رہیں گی اور اس قدر عرصہ سے بنتی آئی ہیں کہ میرے نزدیک اس پر زمانہ دراز گزر گیا ہے۔اتنا بڑا زمانہ کہ اگر ارب ، کھرب، سنکھ مہاں سنکھ بھی کوئی تجویز کرے اور اس کو سنکھ مہاں سنکھ کے غیر نہایت عدد سے ضرب دے پھر بھی وہ اس وقت تو احمق و نادان ہے جو تجویز کرے کہ دنیا کب سے آباد ہے۔اللہ تعالیٰ ہی اس حقیقت اور زمانہ کو سمجھتا ہے۔تورات میں بھی تاریخ لکھی ہے۔ویدوں سے بھی تاریخ کا پتا دیا جاتا ہے۔زندوستا اور گاتھ سے بھی زمانہ کی تاریخ ظاہر ہوتی ہے۔دساتیر میں تاریخ عالم ہے مگر قربان جائوں اس کامل کتاب قرآن کریم کے جس نے اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی حد بندی نہیں کی۔قرآن مجید نے نہیں بتایا کہ دنیا کب سے ہے اور یہ سچی بات ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ سے ربّ، رحمن، رحیم، داتا ، بخشنہار ہے۔اس کی کوئی حد مقرر نہیں کہ اس قدر عرصہ سے ہے۔پس قرآن کریم کو پڑھ کر اور سمجھ کر میرا ایمان یہی ہے کہ معلوم نہیں کہ دنیا کب سے قائم ہوئی ہے؟ میں اس کتاب پر دل و جان سے قربان ہوں جس نے ہر امر میں ایسی راہ بتائی ہے جو نہایت محفوظ اور مامون ہے اور اس پر کوئی زد اور اعتراض ہو نہیں سکتا۔شیخ صاحب سے حضرت اقدسؑ کا وعدہ : پس جب ہمیں قطعاً معلوم نہیں کہ دنیاکب سے ہے تو یہ امر صاف ہے کہ

کسی غیر معلوم زمانہ دراز سے عمارتیں بن رہی ہیں۔یہ کوئی نئی بات نہیں اس کی بنیادیں رکھی جاتی ہیں۔میرے آقا ، میرے محسن (حضرت مسیح موعودؑ) نے شیخ صاحب (شیخ رحمت اللہ صاحب) سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کی عمارت کی بنیاد اپنے ہاتھ سے رکھیںگے۔اللہ تعالیٰ کا منشاء ایسا ہی ہوا کہ آپؑ کے اس وعدہ کی تعمیل آپؑ کا ایک خادم کرے۔شیخ صاحب نے لکھا کہ تم آئو۔میں بیمار ہوں اور بعض اعضاء میںدرد کی وجہ سے تکلیف ہوتی ہے مگر میرے دل میں یہ جوش ہے کہ اپنے پیارے کے منہ سے نکلی ہوئی بات پوری کرنی چاہتا ہوں۔مجھے رسومات اور بدعات سے نفرت ہے اور سنت سے محبت ہے۔آج نہیں بچپن سے میری فطرت میں یہ ایک جوش ہے کہ وحدہ لا شریک کا فدا ہوں اور شرک سے کلی بیزار ہوں اور ایسے امور سے نفرت کرتا ہوں جن میں کوئی رسم و بدعت ہو۔خدا تعالیٰ کے فضل سے مجھ پر کوئی زمانہ ایسا نہیں آیا کہ میں نے شرک و بدعت کو پسند کیا ہو۔غرض عمارات جیسا کہ میں نے کہا لا انتہا زمانہ سے بنتی چلی آئی ہیں اور بنتی چلی جائیں گی۔لاہور ایک ایسا شہر ہے کہ بہت پرانی تاریخ میں اس کا پتا ملتا ہے۔سفینۃ الاولیاء میں دارا شکوہ کا قول میں نے پڑھا ہے کہ تیس ہزار قرآن کریم کے حافظ اس وقت یہاں تھے جب وہ یہاں اترے ہوئے تھے۔یہ لمبا زمانہ نہیں۔ایک ہزار ہجری کے بعد کا زمانہ ہے بلکہ بہت ہی قریب کا زمانہ ہے۔اب میں نہیں سمجھتا ہوں کہ تیس ہزار کے بدلہ میں تین ہزار بھی ہوں۔اس وقت تو تیس ہزار وہ تھے جو بادشاہ کے سامنے ثبوت دے سکتے تھے اب ایسے نہ ملیں۔چونکہ ان کو میاں میر صاحب سے ارادت تھی اس لئے ان کے حرم سرا سے وہاں تک جانے کے لئے ایک پردہ دار سڑک بنی ہوئی تھی۔پھر اس سے بھی پیچھے جائیں تو محمود غزنوی کے زمانہ میں بھی لاہور کے تاریخِ عمارت کے عجائبات معلوم ہوتے ہیں۔محمود بڑا عاقبت اندیش تھا ان سے غلطیاں بھی ہوئیں ، نیکیاں بھی ہوئیں۔فارسی کا رواج انہی نے ڈالا۔اس کے بیٹے ابراہیم نے لاہور دارالسلطنت تجویز کیاتھا۔رنگ محل کے ادھرایاز کی قبر ہے جو ایک کشمیری پنڈت تھا اور مسلمان ہوگیا تھا۔محمود غزنوی کو اس سے بہت محبت تھی اور ان کے محبت کے بڑے اسباب لکھے ہیں۔منجملہ ان کے ایک یہ ہے کہ جب محمود قنوج پر حملہ آور ہوا تو بعض لوگوں کو تعجب ہوا کہ ایک کشمیری پنڈت سے جو نو مسلم ہے اس قدر محبت

کیوں ہے؟ محمود کو یہ بات پہنچی۔راستہ میں محمود نے ایک پہاڑی کی طرف جھک کر دیکھا۔لوگوں نے خیال کیا کہ قدرت کا نظارہ کرتے ہوں گے مگر ایاز فوراً اپنی فوج کا دستہ لے کر پہاڑی پر چڑھ گیا۔تب محمود نے کہا کہ ایاز سے پوچھو وہ پہاڑی پر کیوں چڑھ گیا۔اس نے کہا میں جانتا ہوں بادشاہ عاقبت اندیش ہے بے وجہ نکمی حرکات نہیں کرتا اور اس کا دیکھنا بے وجہ نہیں۔محمود نے جب پہاڑی کو دیکھا تو میں نے سمجھا کہ کوئی خطرہ ضرور ہے۔اس پر محمود نے ان لوگوں کو کہا کہ ایاز ہمارا مزاج شناس ہے اور خدمت کرتا ہے۔اس ایاز ہی کی قبر کو لاہوری کم جانتے ہیں۔میں تو عبرت کے لئے وہاں چلا گیا۔اس سے پہلے عربوں کے حملہ کے وقت بھی آباد تھا۔غرض میرا مقصد لاہور کی تاریخ بیان کرنا نہیں۔یہ ایک تاریخی مقام ہے سب جانتے ہیں۔پس میں اصل غرض بیان کرتا ہوں۔عمارتیں ہمیشہ سے دنیا میں بنتی ہیں، بنتی رہیں گی اس عمارت کے ارد گرد بھی تازہ عمارتیں بنی ہوئی اور بن رہی ہیں۔اس عمارت سے ہمارا شخصی اور قومی تعلق: مگر اس عمارت کے ساتھ ہمارا ایک خاص تعلق ہے اور یہ تعلق شخصی بھی ہے اور قومی بھی۔شخصی تو یہ کہ حضرت صاحب نے وعدہ فرمایاتھا کہ اس عمارت کی بنیاد رکھیں اور حضرت صاحب کا ایک خادم اس وعدہ کو پورا کردے۔قومی تعلق یہ ہے کہ اس عمارت میں ہماری قوم (حضرت خلیفۃ المسیح مد ظلہ العالی کا اشارہ اس وصیت کی طرف ہے جو شیخ صاحب نے اپنی جائیداد کے متعلق کی ہوئی ہے کہ اس کا تیسرا حصہ قومی خدمات کے لئے ہو گا۔ایڈیٹر الحکم )کا بھی ایک حصہ ہے اس لئے قوم کو چاہیے کہ درد دل سے دعا کرے کہ انجام بخیر ہو اور اس مکان میں جو بسنے والے ہوں جو اس کے مہتمم ہوں وہ راستباز ہوں اور نیکی سے پیار کریں۔اگر اس مکان کے رہنے والے سچے، راستباز اور متقی مومن ہوں گے۔اللہ تعالیٰ انہیں بڑھائے گا اور پھیلائے گا اور جس قدر یہ عمارت بڑھے گی اسی قدر ہماری قوم متمتع ہوگی کیونکہ اس کا اس سے تعلق ہے۔بنیادی پتھر کی اصل قرآن میں : میں نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ سنت کو پسند کرتا رہا ہوں اس لئے میں نے قرآن کریم میں غور کیا ہے کہ قرآن مجید میں کسی عمارت کا پتھر رکھنا ہے یا نہیں یا یوں ہی ایک بات بنالی ہے تو میری توجہ اس آیت

کی طرف ہوئی جو میں نے پڑھی ہے کہ بعض عمارتوں کی بنیادیں تقویٰ پر ہوتی ہیں اور اس سے اللہ تعالیٰ کی رضا مقصود ہوتی ہے۔یہ آیت مسجد نبوی کے متعلق ہے۔اس مسجد نبوی کے مقابلہ میں بھی ایک پتھر رکھا گیا تھا مگر انجام کیا ہوا؟ اس کو جڑھ سے اکھاڑ کر پھینک دیا گیا اور وہ جگہ نجاست پھینکنے کا میدان بنا۔یہ لمبا قصہ ہے وقت اجازت نہیں دیتا کہ میں اس کو بیان کروں۔یہ تو ہماری سرکار ہمارے مقتدا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بنیاد رکھنے کا ذکر ہے۔اس سے بھی بہت پہلے ایک پتھر رکھا گیا تھا اور وہ وادٍ غیر ذی زرعٍ میں رکھا گیا جو ابوالملۃ ابراہیم نے رکھا تھا۔اس پتھر کے متعلق بہت وسیع باتیں ہیں۔وہ بنیادی پتھر اب تک موجود ہے اور حاجیوں کو تاکید ہے کہ وہاں چکر لگا کر ابراہیمی دعائیں کریں۔حضرت ابراہیم نے سات عظیم الشان دعائیں مانگی ہیں اور سات دفعہ چکر لگانے کا حکم ہے۔ہاجرہ وہاں سات دفعہ چلی ہے اور سات ہی وہاں نشان (آیات اللہ) ہیں۔اس عمارت کی بنیاد اسی تقویٰ اور رضا الٰہی پر رکھی گئی۔آج بھی ہم دیکھتے ہیں کہ کیسی بابرکت ہے اور مدینہ طیبہ کی وہ عمارت جس کا پہلے ذکر کیا ہے۔آج دنیا پر اس کی وسعت پھیلی ہوئی ہے اور وہ بڑی ہی بابرکت ہے۔غرض مکّہ معظمہ کی عمارت بھی تقویٰ پر رکھی گئی اور مدینہ منورہ کی عمارت بھی۔میں اس عمارت کی بنیاد اسی نیت اور غرض سے رکھتا ہوں۔ہم اس وقت حضرت صاحب کے خاندان کے پانچ آدمی موجود ہیں۔(خلیفۃ المسیح، صاحبزادہ مرزا بشیر الدین محمود احمد، صاحبزادہ بشیر احمد ، صاحبزاہ شریف احمد، نواب محمد علی خان صاحب) اور میں نے کہا ہے کہ ساری قوم کا اس عمارت میں حصہ ہے۔میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ درد دل سے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ اس کو بابرکت کرے اور شیخ صاحب جن سے ہم کو محبت ہے ان کی اولاد کو بھی ہمارے ساتھ محبت بخشے۔میں شکایت نہیں کرتا بلکہ دعا کے رنگ میں چاہتا ہوں کہ وہ ایسے ہوں۔وہ بڑے سفروں میں جاتے ہیں مگر ہم سے اس طرح پر نہیں ملتے جس طرح ان کے والد ملتے ہیں۔اب میں دعا کرکے ایک اینٹ رکھ دیتا ہوں پھر میرے بعد صاحبزادہ مرزا محمود اور بشیر اور شریف اور نواب صاحب دعا کرکے ایک ایک اینٹ رکھ دیں۔یہ فرما کر آپ نے ایک اینٹ لی اور نہایت توجہ الی اللہ کے ساتھ دعا کرکے اسے ایک مقام پر رکھ دیا اور پھر صاحبزادہ صاحبان نے ارشاد

کے موافق ایک ایک اینٹ رکھی اور بالآخر نواب صاحب نے رکھی۔اس موقع پر نواب صاحب کو مخاطب کرکے فرمایا کہ دامادوں کے متعلق تو بڑی بڑی بحثیں ہوئی ہیں اس لئے آپ ضرور دعا کرکے اینٹ رکھ دیں۔میں دعائوں کا بڑا معتقد ہوں۔یہ کلمہ میاں شریف احمد صاحب کے اینٹ رکھنے پر فرمایا۔اس کے بعد آپ نے اور حاضرین نے دعا فرمائی بعد دعا فرمایا۔جس غرض کے لئے ہم آئے تھے خدا کے فضل سے ہم اس سے فارغ ہوچکے ہیں۔اب ہم آزاد ہیں۔ایڈیٹر الحکم کو مخاطب کرکے فرمایا کہ شیخ صاحب سے کہہ دو کہ ہم آپ کے کام سے فارغ ہوچکے اور حضرت صاحب کے وعدہ کو خدا تعالیٰ کے فضل سے پورا کرچکے ہیں۔اب ہم آزاد ہیں خواہ صبح چلے جاویں یا شام کو۔( میں نے شیخ صاحب کو یہ پیام اسی وقت پہنچا دیا کیونکہ وہ پاس ہی موجود تھے۔یہ سن کر ان کی آنکھوں میں آنسو بھر آئے اور نہایت رقت بھرے لہجہ میں عرض کیا کہ جو غلام ہو اس کو آقا کو آزاد کرنے کی کیا جرأت۔(ایڈیٹر الحکم) اس پر فرمایا: مجھے قادیان سے باہر مزہ نہیں آتا۔میں کیا کروں میری حالت ہی ایسی ہے (چونکہ حضرت کے منشاء سے معلوم ہوتا تھا کہ وہ ۱۶ کی صبح کوہی چل دیں مگر احباب لاہور نے حضرت کے ایک عام لیکچر کا اعلان کیا تھا اس لئے میں نے عرض کیا کہ کل ۱۶ کی شام کو تو حضور کے ایک لیکچر کی تجویز ہے۔ایڈیٹر الحکم) فرمایا۔اچھا۔اس ضمن میں پھر از راہ کرم خاکسار ایڈیٹر کو فرمایا کہ میں نے ایک خاص رنگ میں قوم کو دعا کے لئے توجہ دلائی ہے۔اس عمارت میں قوم کا ایک حصہ ہے۔اس طرح یہ تقریب بعافیت ختم ہوئی۔سنگ بنیاد کی تقریر کے ضمن میں بعض ارشادات : سنگ بنیاد کی تقریب جب حضرت فرمانے لگے تو صاحبزادہ صاحب کو بلا کر اپنے پاس کھڑا کیا اور پھر نواب صاحب (جو پیچھے کھڑے تھے)کو بلا یا کہ آگے آئو۔ان میں ان کو کھڑا کیا اور پھر خود کرسیاں لانے کے لئے حکم دیا اور ان چہار بزرگوں کو اپنے سامنے بیٹھنے کا حکم دیا۔ان کو بیٹھنے میں تردد تھا کہ حضرت خلیفۃ المسیح کھڑے ہیں۔فرمایا میں تو تمہاری خدمت کرتا

ہوں اور تمہارا ہی کام کررہا ہوں۔تمہارے باپ کی جو میرا محسن اور آقا ہے میرے دل میں بڑی عظمت ہے آپ بیٹھ جاویں۔میں تو کھڑا ہوکر ہی تقریر کروں گا۔میں بیٹھ کر تقریر کرنے کا عادی نہیں اور نہ ہمارے سلف سے یہ ثابت ہے۔ہمارے سلف جب کوئی چھوٹی یا بڑی تقریر کرتے تھے تو وہ کھڑے ہو کر ہی کرتے تھے۔میں تو لمبی تقریریں بھی کھڑے ہوکر کرتا ہوں اور یہ تو چھوٹی سی تقریر ہے۔(الحکم ۱۴؍ جولائی ۱۹۱۲ء۔صفحہ۲،۳ )

آج 10 میں سے 10 باقی