مسیح موعود کا اعلانِ ایمان
لیکچر لدھیانہ
Urdu original from Ruhani Khazain, edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
جبکہ میں ابتدا سے بیان کرتا آیا ہوں کہ میں قرآن کریم اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی
پیروی سے ذرا ادھر اُدھر ہونا بے ایمانی سمجھتا ہوں ۔ میرا عقیدہ یہی ہے کہ جو اس کو ذرا بھی
چھوڑے گا وہ جہنمی ہے۔ پھر اس عقیدہ کو نہ صرف تقریروں میں بلکہ ساٹھ کے قریب اپنی
تصنیفات میں بڑی وضاحت سے بیان کیا ہے اور دن رات مجھے یہی فکر اور خیال رہتا ہے۔
پھر اگر یہ مخالف خدا سے ڈرتے تو کیا ان کا فرض نہ تھا جو مجھ سے پوچھتے کہ فلاں بات خارج
از اسلام کی ہے اس کی کیا وجہ ہے یا اس کا تم کیا جواب دیتے ہو؟ مگر نہیں ۔ اس کی ذرا بھی
پروانہیں کی ۔ سنا اور کافر کہہ دیا۔ میں نہایت تعجب سے ان کی اس حرکت کو دیکھتا ہوں کیونکہ
اول تو حیات وفات مسیح کا مسئلہ کوئی ایسا مسئلہ نہیں جو اسلام میں داخل ہونے کے لئے شرط
ہو۔ یہاں بھی ہندو یا عیسائی مسلمان ہوتے ہیں مگر بتاؤ کہ کیا اُس سے یہ اقرار بھی لیتے ہو؟
بجز اس کے کہ امنت بالله وملائكته وكتبه ورسله والقدر خيره وشره من الله
تعالى والبعث بعد الموت ۔ جبکہ یہ مسئلہ اسلام کی جزو نہیں پھر مجھ پر وفات مسیح کے
اعلان سے اس قدر تشدد کیوں کیا گیا کہ یہ کافر ہیں دجال ہیں ان کو مسلمانوں کے قبرستان
میں دفن نہ کیا جاوے۔ ان کے مال لوٹ لینے جائز ہیں اور ان کی عورتوں کو بغیر نکاح گھر
میں رکھ لینا درست ہے۔ ان کو قتل کر دینا ثواب کا کام ہے وغیرہ وغیرہ۔ ایک تو وہ زمانہ تھا
کہ یہی مولوی شور مچاتے تھے کہ اگر ۹۹ وجوہ کفر کے ہوں اور ایک وجہ اسلام کی ہو تب بھی
کفر کا فتوی نہ دینا چاہیے اس کو مسلمان ہی کہو مگر اب کیا ہو گیا ۔ کیا میں اس سے بھی گیا گزرا
ہو گیا ؟ کیا میں اور میری جماعت اشهد ان لا اله الا الله واشهد ان محمدا عبده
ورسولہ نہیں پڑھتی ؟ کیا میں نمازیں نہیں پڑھتا یا میرے مرید نہیں پڑھتے ؟ کیا ہم رمضان
کے روزے نہیں رکھتے ؟ اور کیا ہم اُن تمام عقائد کے پابند نہیں جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم
نے اسلام کی صورت میں تلقین کئے ہیں؟
میں سچ کہتا ہوں اور خدا تعالیٰ کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میں اور میری جماعت مسلمان
ہے۔ اور وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن کریم پر اُسی طرح ایمان لاتی ہے جس طرح
پر ایک سچے مسلمان کو لانا چاہیے۔ میں ایک ذرہ بھی اسلام سے باہر قدم رکھنا ہلاکت کا
موجب یقین کرتا ہوں اور میرا یہی مذہب ہے کہ جس قدر فیوض اور برکات کوئی شخص حاصل
کر سکتا ہے اور جس قدر تقرب الی اللہ پا سکتا ہے وہ صرف صرف آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم
کی سچی اطاعت اور کامل محبت سے پا سکتا ہے ورنہ نہیں ۔ آپ کے سوا اب کوئی راہ نیکی کی
نہیں ۔ ہاں یہ بھی سچ ہے کہ میں ہرگز یقین نہیں کرتا کہ مسیح علیہ السلام اسی جسم کے ساتھ زندہ
آسمان پر گئے ہوں ۔ اور اب تک زندہ قائم ہوں ۔ اس لئے کہ اس مسئلہ کو مان کر آنحضرت
صلی اللہ علیہ وسلم کی سخت تو ہین اور بے حرمتی ہوتی ہے۔ میں ایک لحظہ کے لئے اس ہجو کو گوارا
نہیں کر سکتا ۔ سب کو معلوم ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ۶۳ سال کی عمر میں وفات
پائی اور مدینہ طیبہ میں آپ کا روضہ موجود ہے۔ ہر سال وہاں ہزاروں لاکھوں حاجی بھی
جاتے ہیں ۔ اب اگر مسیح علیہ السلام کی نسبت موت کا یقین کرنا یا موت کو ان کی طرف
منسوب کرنا بے ادبی ہے تو پھر میں کہتا ہوں کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت یہ
گستاخی اور بے ادبی کیوں یقین کر لی جاتی ہے؟ مگر تم بڑی خوشی سے کہہ دیتے ہو کہ آپ
نے وفات پائی ۔ مولود خواں بڑی خوش الحانی سے واقعات وفات کو ذکر کرتے ہیں ۔ اور
کفار کے مقابلہ میں بھی تم بڑی کشادہ پیشانی سے تسلیم کر لیتے ہو کہ آپ نے وفات
پائی ۔ پھر میں نہیں سمجھتا کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی وفات پر کیا پتھر پڑتا ہے کہ نیلی پیلی
آنکھیں کر لیتے ہو؟ ہمیں بھی رنج نہ ہوتا کہ اگر تم آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت بھی
وفات کا لفظ سن کر ایسے آنسو بہاتے مگر افسوس تو یہ ہے کہ خاتم النبیین اور سرور عالم کی نسبت
تو تم بڑی خوشی سے موت تسلیم کر لو ۔ اور اُس شخص کی نسبت جو اپنے آپ کو آنحضرت
صلی اللہ علیہ وسلم کی جوتی کا تسمہ کھولنے کے بھی قابل نہیں بتا تا زندہ یقین کرتے ہو