منصفین کے غور کے لائق ۔ (بشیر اول کی وفات کے متعلق مخالفین کی طرف سے وسوسہ اندازی کا جواب

مجموعہ اشتہارات (جلد 1)

Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.

منصفین کے غور کے لائق
یہ بات بالکل سچ ہے کہ جب دل کی آنکھیں بند ہوتی ہیں تو جسمانی آنکھیں بلکہ سارے حواس
ساتھ ہی بند ہو جاتے ہیں پھر انسان دیکھتا ہوا نہیں دیکھتا اور سنتا ہوا نہیں سنتا اور سمجھتا ہوا نہیں سمجھتا اور
زبان پر حق جاری نہیں ہو سکتا ۔ دیکھو ہمارے محجوب مولوی کیسے دانا کہلا کر تعصب کی وجہ سے نادانی میں
ڈوب گئے دینی دشمنوں کی طرح آخر افتراؤں پر آگئے ۔ ایک صاحب اس عاجز کی نسبت لکھتے ہیں کہ
ایک اپنے لڑکے کی نسبت الہام سے خبر دی تھی کہ یہ باکمال ہوگا حالانکہ وہ صرف چند مہینہ جی کر مر گیا۔
مجھے تعجب ہے کہ ان جلد باز مولویوں کو ایسی باتوں کے کہنے کے وقت کیوں لَعْنَتَ اللهِ عَلَی
الکذبین لے کی آیت یاد نہیں رہتی اور کیوں یکدفعہ اپنے باطنی جذام اور عداوت اسلام کو دکھلانے لگے
ہیں اگر کچھ حیا ہو تو اب اس بات کا ثبوت دیں کہ اس عاجز کے کسی الہام میں لکھا گیا ہے کہ وہی لڑکا جو
فوت ہو گیا در حقیقت وہی موعود لڑکا ہے الہام الہی میں صرف اجمالی طور پر خبر ہے کہ ایسا لڑکا پیدا ہو گا اور پر کہ
خدا تعالیٰ کے پاک الہام نے کسی کو اشارہ کر کے مورد اس پیشگوئی کا نہیں ٹھہرایا بلکہ اشتہار
فروری ۱۸۸۶ء میں یہ پیشگوئی موجود ہے کہ بعض لڑکے صغر سن میں فوت بھی ہوں گے پھر اس بچے
کے فوت ہونے سے ایک پیشگوئی پوری ہوئی یا کوئی پیشگوئی جھوٹی نکلی ۔ اب فرض کے طور پر کہتا ہوں کہ اگر
ہم اپنے اجتہاد سے کسی اپنے بچہ پر یہ خیال بھی کر لیں کہ شاید یہ وہی پسر موعود ہے اور ہمارا اجتہاد خطا جائے
ا آل عمران: ۶۲

تو اس میں الہام الہی کا کیا قصور ہوگا کیا نبیوں کے اجتہادات میں اس کا کوئی نمونہ نہیں؟ اگر ہم نے
وفات یافتہ لڑکے کی نسبت کوئی قطعی الدلالت الہام کسی اپنی کتاب میں لکھا ہے تو وہ پیش کریں جھوٹ
بولنا اور نجاست کھانا ایک برابر ہے تعجب کہ ان لوگوں کو نجاست خوری کا کیوں شوق ہو گیا آج تک صدہا
الہامی پیشگوئیاں سچائی سے ظہور میں آئیں جو ایک دنیا میں مشہور کی گئیں مگر ان مولویوں نے
ہمدردی اسلام کی راہ سے کسی ایک کا بھی ذکر نہ کیا۔ دلیپ سنگھ کا ارادہ سیر ہندوستان و پنجاب سے نا کام
رہنا صد ہا لوگوں کو پیش از وقوع سنایا گیا تھا۔ بعض ہندوؤں کو پنڈت دیانند کی موت کی خبر چند مہینے اس
کے مرنے سے پہلے بتلائی گئی تھی اور یہ لڑکا بشیر الدین محمود جو پہلے لڑکے کے بعد پیدا ہوا ایک اشتہار میں
اس کی پیدائش کی قبل از تولد خبر دی گئی تھی سردار محمد حیات خان کی معطلی کے زمانہ میں ان کی دوبارہ بحالی کی
لوگوں کو خبر سنادی گئی تھی ۔ شیخ مہر علی صاحب رئیس ہوشیار پور پر مصیبت کا آنا پیش از وقت ظاہر کیا گیا تھا
اور پھر ان کی بریت کی خبر نہ صرف ان کو پیش از وقت پہنچائی گئی تھی بلکہ صدہا آدمیوں میں مشہور کی گئی
تھی۔ ایسا ہی صدہا نشان ہیں جن کے گواہ موجود ہیں ۔ کیا ان دیندار مولویوں نے کبھی ان نشانوں کا
بھی نام لیا جس کے دل پر خدا تعالیٰ مہر کرے اس کے دل کو کون کھولے۔ اب بھی یہ لوگ یا درکھیں کہ
ان کی عداوت سے اسلام کو کچھ ضر نہیں پہنچ سکتا۔ کیڑوں کی طرح خود ہی مرجائیں گے مگر اسلام کا نور
دن بدن ترقی کرے گا۔ خدا تعالیٰ نے چاہا ہے کہ اسلام کا نور دنیا میں پھیلا دے۔ اسلام کی برکتیں اب
ان مگس طینت مولویوں کی بک بک سے رک نہیں سکتیں ۔ خدا تعالیٰ نے مجھے مخاطب کر کے صاف
لفظوں میں فرمایا ہے آنا الْفَتَّاحُ افْتَحُ لَكَ - تَرى نَصْرًا عَجِيْبًا وَيَخِرُّونَ عَلَى
الْمَسَاجِدِ - رَبَّنَا اغْفِرُ لَنَا إِنَّا كُنَّا خَاطِئِينَ - جَلَابِيبُ الصِّدْقِ - فَاسْتَقِمْ كَمَا أُمِرْتَ
الْخَوَارِقُ تَحْتَ مُنْتَهَى صِدْقِ الأَقْدَامِ - كُنْ لِلَّهِ جَمِيعًا وَ مَعَ اللَّهِ جَمِيعًا - عَسَى أَنْ
يَبْعَثَكَ رَبُّكَ مَقَامًا مَّحْمُودًا ۔ یعنی میں فتاح ہوں تجھے فتح دوں گا ایک عجیب مدد تو دیکھے گا اور
منکر یعنی بعض ان کے جن کی قسمت میں ہدایت مقدر ہے اپنی سجدہ گاہوں پر گریں گے یہ کہتے ہوئے
کہ اے ہمارے رب ہمارے گناہ بخش ہم خطا پر تھے۔ یہ صدق کے جلا بیب ہیں جو ظاہر ہوں گے۔سو

جیسا کہ تجھے حکم کیا گیا ہے استقامت اختیار کر۔ خوارق یعنی کرامات اس محل پر ظاہر ہوتی ہیں جو انتہائی
درجہ صدق اقدام کا ہے۔ تو سارا خدا کیلئے ہو جا، تو سارا خدا کے ساتھ ہو جا۔ خدا تجھے اس مقام پر
اٹھائے گا جس میں تو تعریف کیا جائے گا اور ایک الہام میں چند دفعہ تکرار اور کسی قدر اختلاف الفاظ
کے ساتھ فرمایا کہ میں تجھے عزت دوں گا اور بڑھاؤں گا اور تیرے آثار میں برکت رکھ دوں گا
یہاں تک کہ بادشاہ تیرے کپڑوں سے برکت ڈھونڈیں گے۔ اب اے مولویو۔ اے بخل کی سرشت
والو۔ اگر طاقت ہے تو خدا تعالیٰ کی ان پیشگوئیوں کو ٹال کر دکھلاؤ ہر ایک قسم کے فریب کام میں لاؤ اور
کوئی فریب اٹھا نہ رکھو پھر دیکھو کہ آخر خدا تعالیٰ کا ہاتھ غالب رہتا ہے یا تمہارا۔
وَالسَّلَامُ عَلَى مَنِ اتَّبَعَ الْهُدَى
المُنَبِّه الناصح - مرزاغلام احمد قادیانی ۔ جنوری ۱۸۹۲ء
یہ اشتہار علیحدہ بھی شائع ہوا۔ اور رسالہ آسمانی فیصلہ تقطیع کلاں باراول
مطبوعہ ریاض ہند پر لیس امرتسر کے صفحہ ۱۹ پر بھی ہے۔
(روحانی خزائن جلد ۴ صفحه ۳۴۱ و ۳۴۲)

آج 10 میں سے 10 باقی