مکتوب حضرت مسیح موعود علیہ السلام بطور اشتہار بابت تحریک شمولیت جلسہ سالانہ قادیان ۱۸۹۲ء
مجموعہ اشتہارات (جلد 1)
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ
نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ
السلام عليكم ورحمة الله و بركاته
بعد ہذا بخدمت جميع احباب مخلصین التماس ہے کہ ۲۷ دسمبر ۱۸۹۲ء کو مقام قادیان میں اس
عاجز کے محبوں اور مخلصوں کا ایک جلسہ منعقد ہوگا ۔ اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ
تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اُٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ
کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات
سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے ۔ ماسوا
اس کے اس جلسہ میں یہ بھی ضروریات میں سے ہے کہ یورپ اور امریکہ کی دینی ہمدردی کے لیے
تدابیر حسنہ پیش کی جائیں۔ کیونکہ اب یہ ثابت شدہ امر ہے کہ یورپ اور امریکہ کے سعید لوگ اسلام
کے قبول کرنے کے لیے طیار ہو رہے ہیں اور اسلام کے تفرقہ مذاہب سے بہت لرزاں اور ہراساں
ہیں۔ چنانچہ انہیں دنوں میں ایک انگریز کی میرے نام چٹھی آئی جس میں لکھا تھا کہ آپ تمام
جانداروں پر رحم رکھتے ہیں۔ اور ہم بھی انسان ہیں اور مستحق رحم ۔ کیونکہ دین اسلام قبول کر چکے اور
اسلام کی سچی اور صحیح تعلیم سے اب تک بے خبر ہیں ۔ سو بھا ئیو یقیناً سمجھو کہ یہ ہمارے لیے ہی جماعت
طیار ہونے والی ہے۔ خدا تعالیٰ کسی صادق کو بے جماعت نہیں چھوڑتا۔ انشاء اللہ القدر سچائی کی برکت
ان سب کو اس طرف کھینچ لائے گی۔ خدا تعالیٰ نے آسمان پر یہی چاہا ہے۔ اور کوئی نہیں کہ اس کو بدل
سکے۔ سولازم ہے کہ اس جلسہ پر جو کئی بابرکت مصالح پر مشتمل ہے۔ ہر ایک ایسے صاحب ضرور
تشریف لاویں جو زاد راہ کی استطاعت رکھتے ہوں اور اپنا سرمائی بستر لحاف وغیرہ بھی بقدر ضرورت
ساتھ لاویں۔ اور اللہ اور اس کے رسول کی راہ میں ادنی ادنیٰ حرجوں کی پرواہ نہ کریں۔ خدا تعالیٰ
مخلصوں کو ہر یک قدم پر ثواب دیتا ہے اور اس کی راہ میں کوئی محنت اور صعوبت ضائع نہیں ہوتی ۔ اور
مکرر لکھا جاتا ہے کہ اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی
خالص تائید حق اور اعلاء کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ
سے رکھی ہے اور اس کے لیے قو میں طیار کی ہیں۔ جو عنقریب اس میں آملیں گی۔ کیونکہ یہ اس قادر کا
فعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں ۔ عنقریب وہ وقت آتا ہے بلکہ نزدیک ہے کہ اس مذہب
میں نہ نیچریت کا نشان رہے گا اور نہ نیچر کے تفریط پسند اور اوہام پرست مخالفوں کا ، نہ خوارق کے انکار
کرنے والے باقی رہیں گے، اور نہ ان میں بیہودہ اور بے اصل اور مخالف قرآن روایتوں کو ملانے
والے۔ اور خدا تعالی اس امت وسط کے لیے بین بین کی راہ زمین پر قائم کر دے گا۔ وہی راہ جس کو
قرآن لایا تھا۔ وہی راہ جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ رضی اللہ عنہم کو سکھلائی تھی۔ وہی
ہدایت جو ابتدا سے صدیق اور شہید اور صلحاء پاتے رہے۔ یہی ہو گا۔ ضرور یہی ہوگا ۔ جس کے کان سُننے
کے ہوں سنے ۔ مبارک وہ لوگ جن پر سیدھی راہ کھولی جائے۔ بالآخر میں دعا پر ختم کرتا ہوں کہ ہر یک
صاحب جو اس اللہی جلسہ کے لیے سفر اختیار کریں۔ خدا تعالیٰ اُن کے ساتھ ہو اور ان کو اجر عظیم بخشے۔
اور ان پر رحم کرے اور ان کی مشکلات اور اضطراب کے حالات اُن پر آسان کر دیوے اور اُن کے
ہم و غم دور فرمادے۔ اور ان کو ہر یک تکلیف سے مخلصی عنایت کرے۔ اور ان کی مرادات کی راہیں اُن
پر کھول دیوے اور روز آخرت میں اپنے ان بندوں کو ساتھ اُن کو اُٹھاوے جن پر اُس کا فضل و رحم ہے
اور تا اختتام سفر ان کے بعد اُن کا خلیفہ ہو۔ اے خدا اے ذوالمجد والعطا اور رحیم اور مشکل کشا یہ تمام
دعائیں قبول کر اور ہمیں ہمارے مخالفوں پر روشن نشانوں کے ساتھ غلبہ عطا فرما کہ ہر یک قوت اور
طاقت تجھ ہی کو ہے۔ آمین ثم آمین ۔
وَالسَّلَامُ عَلَى مَنِ اتَّبَعَ الْهُدَى
الراقم خاکسار غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپورہ یعنی اللہ عنہ
(۱۷ دسمبر ۱۸۹۲ء)
( یہ اشتہار ۳۸۴ کے دو صفحہ پر ہے ) ( مطبوعہ ریاض ہند پر لیس قادیان)
تبلیغ رسالت جلد ۲ صفحه ۱۱۹ تا ۱۲۱)