نقل اس ڈیفنس کی جو انگریزی میں چھاپا گیا
مجموعہ اشتہارات (جلد 2)
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ
نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي
نقل اس ڈیفنس کی جو انگریزی میں چھاپا گیا
میں عدالت میں اپنی بریت ثابت کرنے کے لئے بطور ڈیفنس یہ عریضہ لکھتا ہوں اور یقین
رکھتا ہوں کہ اگر تمام واقعات کو یکجائی نظر سے دیکھا جائے تو اس الزام سے جو مجھ پر لگایا جاتا ہے میرا
بری ہونا صاف طور پر کھل جائے گا۔
میں سب سے اول اس بات کو پیش کرنا چاہتا ہوں کہ میں نے اپنے اشتہار ۲۱ نومبر ۱۸۹۸ء
میں کوئی ایسی پیشگوئی نہیں کی جس سے محمد حسین یا اس کے کسی اور شریک کی جان یا مال یا عزت کو خطرہ
میں ڈالا ہو۔ یا خطرہ میں ڈالنے کا ارادہ کیا ہو۔ میرا اشتہار مباہلہ مورخہ ۲۱ نومبر ۱۸۹۸ء جو فریق
مخالف کی کئی چھپی ہوئی درخواست مباہلہ اور کئی قلمی خطوط طلبی مباہلہ کے بعد لکھا گیا اور ایسا ہی دوسرا
اشتہار جو ۳۰ رنومبر ۱۸۹۸ء کو شایع ہوا۔ یہ دونوں اشتہار صاف طور پر بتلا رہے ہیں کہ اس پیشگوئی
میں یعنی جو عربی الہام مندرجہ اشتہا ر ۲۱ نومبر ۱۸۹۸ء میں ذلت کا لفظ ہے۔ اس سے فریق کا ذب کی
ذلت مراد ہے۔ اور ذلت بھی اس قسم کی ذلت جو فریق کا ذب نے دوسرے فریق کو بذریعہ اپنے کسی
فعل کے پہنچائی ہو۔ یہ اس الہامی فقرہ کی تشریح ہے۔ جو اشتہار ۲۱ نومبر ۱۸۹۸ء میں درج ہے۔ یعنی
یہ فقرہ کہ جزَاءُ سَيِّئَةٍ بِمِثْلِهَا وَ تَرْهَقُهُمْ ذِلَّةٌ۔ جس کے لفظی معنے یہی ہیں کہ بدی کی سزا ذلت
ہے مگر اسی ذلت کی مانند اور مشابہ جو فریق ظالم نے فریق مظلوم کو پہنچائی ہو ۔ اب اگر اس الہامی فقرہ
کو جو مہم کے ارادہ اور نیت کا ایک آئینہ ہے۔ ایک ذرہ تدبر اور فکر سے سوچا جائے تو بد یہی طور پر
معلوم ہوگا کہ اس فقرہ کے اس سے بڑھ کر اور کوئی معنے نہیں کہ ظالم کو اسی قسم کی ذلت پہنچنے والی ہے جو
فی الواقعہ مظلوم کو اس کے ہاتھ سے پہنچ چکی ہے۔ یہ معنے امر بحث طلب کو بالکل صاف کر دیتے ہیں
اور ثابت کر دیتے ہیں کہ اس پیشگوئی کو کسی مجرمانہ ارادہ سے کچھ بھی لگاؤ نہیں ۔ اور یہ معنے صرف اسی
وقت نہیں کئے گئے ، بلکہ اشتہا ر ۲۱ نومبر ۱۸۹۸ ء اور ۳۰ رنومبر ۱۸۹۸ء اور دوسرے اشتہارات میں
جو پیش از اطلاع یابی مقدمہ شائع ہو چکے ہیں اُن سب میں کامل طور پر یہی معنے کئے گئے ہیں۔
عدالت کا فرض ہے کہ ان سب اشتہارات کو غور سے دیکھے کیونکہ میرے پر وہی الزام آ سکتا ہے جو
میری کلام سے ثابت ہوتا ہے۔ پھر جبکہ میں نے الہامی عبارت کے معنوں کی قبل از وقوع یابی اپنے
اشتہارات میں بخوبی تشریح کر دی ہے ۔ بلکہ ۳۰ رنومبر ۱۸۹۸ء کے اشتہار میں ذلت کی ایک مثال
بھی لکھ دی ہے اور بار بار تشریح کر دی ہے تو پھر یہ الہام قانونی زد کے نیچے کیونکر آ سکتا ہے۔ ہر ایک
مظلوم کا حق ہے کہ وہ ظالم کو یہ بد دعا دے کہ جیسا تو نے میرے ساتھ کیا خدا تیرے ساتھ بھی وہی
کرے۔ اصول انصاف عدالت پر یہ فرض کرتا ہے کہ عدالت اس عربی الہام کے معنے غور سے دیکھے
جس پر تمام مقدمہ کا مدار ہے۔ اگر میرے عربی الہام میں ایسا لفظ ہے جو ہر ایک قسم کی ذلت پر صادق
آ سکتا ہے تو پھر بلا شبہ میں قانونی الزام کے نیچے ہوں لیکن اگر الہام میں مثلی ذلت کی شرط ہے تو پھر
اس الہامی فقرہ کو قانون سے کچھ تعلق نہیں بلکہ اس صورت میں یہ بات تنقیح طلب ہوئی کہ فریق مظلوم
کو کسی قسم کی ذلت ظالم سے پہنچی ہے اور فریق مخالف اس بات کو ہرگز قبول نہیں کرے گا کہ اس نے
کبھی مجھ کو ایسی ذلت پہنچائی ہے جو فوجداری قوانین کے نیچے آ سکتی ہے مگر مثلی ذلّت کے لئے جو
الہام نے قرار دی ہے۔ یہی شرط ہے کہ ظالم کی اسی قسم کی ذلت ہو جو بذریعہ اس کے مظلوم کو پہنچی ہو۔
اگر یہ پیشگوئی ایسے طور سے پوری ہوتی جو وہ طور مثلی ذلت کے برخلاف ہوتا تو ہر ایک کو کہنا پڑتا کہ یہ
پیشگوئی جھوٹی نکلی۔ کیونکہ ضرور ہے کہ پیشگوئی اپنے اصل معنے کے رو سے پوری ہو چنانچہ یہ پیشگوئی
اپنے اصل معنے کے رو سے پوری بھی ہو گئی کیونکہ محمد حسین نے مع اپنے گروہ کے جوفتوی کفر کا میری
نسبت دیا تھا اور میرا نام دجال اور کذاب اور مفتری رکھا تھا ایسا ہی اس کی نسبت اُس کے ہم مشرب
علماء نے فتویٰ دے دیا۔ یعنی اس کی وجہ اس فہرست انگریزی کے نکلنے کے بعد جس میں اس نے
مہدی کے آنے کی احادیث کو غلط اور نادرست لکھا ہے اس کی نسبت اسی کی قوم کے مولویوں نے
صاف طور پر لکھ دیا کہ وہ کافر اور کذاب اور دجال ہے۔ سو وہ فقرہ الہامی جس میں لکھا تھا کہ ظالم کو
ذلت اُسی قسم کی پہنچے گی جو اس نے مظلوم کو پہنچائی ہو اور وہ بعینہ پورا ہو گیا ۔ کیونکہ محمد حسین اپنی
منافقانہ طبیعت کی وجہ سے جس کا وہ قدیم سے عادی ہے گورنمنٹ کو یہ دھوکا دیتا رہا کہ وہ اس
خطرناک اور خونی مہدی کا منکر ہے جس کے آنے کے لئے وحشیانہ حالت کے مسلمان منتظر ہیں ۔ مگر
تمام مولویوں کو یہ کہتا رہا کہ میں اس مہدی کا قائل ہوں جیسا کہ تم قائل ہو۔ اور یہ اس کا طریق
نہایت قابل شرم تھا۔ جس کی وجہ سے خدا تعالیٰ نے اس کو ذلیل کیا۔ اگر وہ دل کی سچائی سے ایسے
خطرناک مہدی کے آنے کا منکر ہوتا تو میری نظر میں اور ہر ایک منصف کی نظر میں قابل تعریف
ٹھیرتا ۔ لیکن اس نے ایسا نہ کرتا اور نفاق سے کام لیا۔ اس لئے الہام کے مطابق اس کی ذلت ہوئی
اور جس اعتقاد کی وجہ سے قوم کی نظر میں مجھے اس نے کافر ٹھیرایا اور میرا نام دجال اور ملحد اور مفتری
رکھا اب وہی القاب قوم کی طرف سے اس کو بھی ملے۔ اور بالکل الہام کے منشاء کے موافق پیشگوئی
اشتہا ر ۲۱ نومبر ۱۸۹۸ء پوری ہو گئی کیونکہ جیسا کہ میں کئی دفعہ بیان کر چکا ہوں پیشگوئی میں ذلت
کے لفظ کے ساتھ مثل کی شرط تھی سو اس شرط کے موافق الہام پورا ہو گیا اور اب کوئی حالت منتظرہ باقی
نہیں رہی۔ میں حکام انصاف پسند سے چاہتا ہوں کہ ذرا ٹھہر کر سوچ کر اس مقام کو پڑھیں یہی وہ
مقام ہے جس پر غور کرنا انصاف چاہتا ہے۔
اصل جواب اسی قدر ہے جو میں نے عرض کر دیا۔ لیکن اس وقت یہ بھی ضروری ہے کہ
دوسرے حملوں کا دفعیہ بھی جو الزام کو قوت دینے کے لئے پیش کئے گئے ہیں گزارش کر دوں ۔ منجملہ ان
کے ایک یہ ہے کہ عدالت میں میری نسبت یہ الزام پیش کیا گیا ہے کہ گویا میری قدیم سے یہ عادت
ہے کہ خود بخود کسی کی موت یا ذلت کی پیشگوئی کیا کرتا ہوں اور پھر اپنی جماعت کے ذریعہ سے پوشیدہ
طور پر اس کوشش میں لگا رہتا ہوں کہ کسی طرح وہ پیشگوئی پوری ہو جائے ۔ گویا میں ایک قسم کا ڈا کو یا
خونی یار ہرن ہوں ۔ اور گویا میری جماعت بھی اس قسم کے اوباش اور خطر ناک قسم کے لوگ ہیں جن کا
پیشہ اس قسم کے جرائم ہیں۔ لیکن میں عدالت پر ظاہر کرتا ہوں کہ یہ الزام سراسر افتراء سے خمیر کیا گیا
ہے اور نہایت بری طرح میری اور میری معزز جماعت کی ازالہء حیثیت عرفی کی گئی ہے
میں اس وقت کو زیادہ بیان کرنا غیر محل سمجھتا ہوں، لیکن عدالت پر واضح کرتا ہوں کہ میں ایک شریف
اور معزز خاندان میں سے ہوں۔ میرے باپ دادے ڈاکو اور خونریز نہ تھے اور نہ کبھی کسی عدالت میں
میرے پر کوئی جرم ثابت ہوا۔ اگر ایسے بد اور ناپاک ارادہ سے جو میری نسبت بیان کیا گیا ہے ایسی
پیشگوئیاں کرنا میرا پیشہ ہوتا تو اس بیس برس کے عرصہ میں جو براہین احمدیہ کی تالیف سے شروع ہوا ہوتا ۔
ہے۔ کم سے کم دو تین سو پیشگوئی موت وغیرہ کی میری طرف سے شائع ہوتی حالانکہ اس مدت دراز
میں بجز ان دو تین پیشگوئیوں کے ایسی پیشگوئی اور کوئی نہیں کی گئی۔ ایسی
میں عرض کر چکا ہوں کہ یہ پیشگوئیاں لیکھر ام اور عبد اللہ آتھم کے بارے میں میں نے اپنی
پیش دستی سے نہیں کیں بلکہ ان دونوں صاحبوں کے سخت اصرار کے بعد ان کی دستخطی تحریریں لینے کے
بعد کی گئیں اور لیکھرام نے میری اشاعت سے پہلے خودان پیشگوئیوں کو شائع کیا تھا اور میں نے بعد
میں شائع کیا۔ چنانچہ لیکھرام کو اپنی کتاب تکذیب صفحہ ۳۳۲ میں اس بات کا اقرار ہے کہ وہ پیشگوئیوں
کے لیے دو ماہ تک قادیان میں ٹھہرا رہا اور اس نے خود پیشگوئی کے لئے اجازت دی اور اپنی دستخطی
تحریر کر دی وہ اس صفحہ میں میری نسبت یہ بھی لکھتا ہے کہ ” وہ موت کی پیشگوئی کو ظاہر کرنا نہیں چاہتے
تھے جب تک اجازت نہ ہو ۔ اور پھر اسی صفحہ میں اپنی طرف سے اجازت کا اعلان کرتا ہے۔ اس کی
کتاب موجود ہے۔ یہ مقام پڑھا جائے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس نے میری اشاعت سے پہلے
میری پیشگوئی کی آپ اشاعت کر دی ہے اور ڈپٹی عبداللہ آتھم کی ایک تحریر مثل مقدمہ ڈاکٹر کلارک
کے ساتھ شامل ہے اور لیکھرام کی خط و کتابت جو مجھ سے ہوئی اور جس اصرار سے اپنے لئے اُس
نے پیشگوئی طلب کی وہ رسالہ مدت سے چھپ چکا ہے اور قادیان کے ہندو بھی قریب دوسو کے اس
بات کے گواہ ہیں کہ لیکھرام قریباً دو ماہ تک ۔ پیشگوئی کے تقاضا کے لئے پشاور سے آ کر قادیان میں
رہا۔ میں کبھی اس کے پاس پشاور نہیں گیا اس کے سخت اصرار اور بد زبانی کے بعد اور اس کی تحریر لینے
کے بعد اس کے حق میں پیشگوئی کی گئی تھی ۔ اور یہ دونوں پیشگوئیاں چونکہ خدا تعالیٰ کی طرف سے تھیں
اس لئے پوری بھی ہو گئیں ۔ اور مجھے اس سے خوشی نہیں بلکہ رنج ہے کہ کیوں ان دونوں صاحبوں
نے اس قدر اصرار کے ساتھ پیشگوئی حاصل کی جس کا نتیجہ ان دونوں کی موت تھی۔ مگر میں اس
الزام سے بالکل الگ اور جدا ہوں کہ کیوں پیشگوئی کی گئی۔ لیکھرام نے اپنی تحریروں سے یہ ارادہ
بار بار ظاہر کیا تھا کہ اس وجہ سے میں نے یہ پیشگوئی اصرار سے طلب کی ہے کہ تا جھوٹا ہونے کی
حالت میں ان کو ذلیل کروں ۔ میں نے اس کو اور عبد اللہ آتھم کو یہ بھی کہا تھا کہ پیشگوئیاں طلب کرنا
عبث ہے کیونکہ اس سے پہلے تین ہزار کے قریب مجھ سے آسمانی نشان ظاہر ہو چکے ہیں جن کے گواہ
بعض قادیان کے آریہ بھی ہیں۔ اُن سے حلفاً دریافت کرو اور اپنی تسلی کر لومگر مجھے اب تک ان
دونوں کی نسبت یہ ہمدردی جوش مارتی ہے کہ کیوں انہوں نے ایسا نہ کیا اور کیوں مجھے اس بات پر سخت
مجبور کر دیا کہ میں ان کے بارے میں کوئی پیشگوئی کروں ۔ یہ کہنا انصاف اور دیانت کے برخلاف
ہے کہ ڈپٹی عبد اللہ آتھم کی نسبت پیشگوئی پوری نہیں ہوئی بلکہ نہایت صفائی سے الفاظ کے منشاء اور
شرط مندرجہ پیشگوئی کے مفہوم کے مطابق پوری ہو گئی ۔ ڈپٹی عبد اللہ آتھم سے بہت مدت سے میری
ملاقات تھی اور میرے حالات سے وہ بہت واقف تھا۔ مجھ کو اس کی نسبت زیادہ افسوس اور درد ہے کہ
کیوں اس نے ایسی پیشگوئی کو جس میں اس کی موت کی خبر تھی طلب کیا جس کے آخری اشتہار سے
چھ مہینے بعد عین منشاء کے مطابق وہ فوت ہو گیا۔ صرف یہی نہیں کہ یہ دو پیشگوئیاں پوری ہوئیں بلکہ
انیس برس کے عرصہ میں تین ہزار کے قریب ایسے نشان ظاہر ہوئے اور ایسی غیبت کی باتیں قبل از
وقت بتلائی گئیں اور نہایت صفائی سے پوری ہوئیں جن پر غور کر کے گویا انسان خدا کو دیکھ لیتا ہے اگر
یہ انسان کا منصوبہ ہوتا تو اس قدرنشان کیونکر ظاہر ہو سکتے جن کی وجہ سے میری جماعت کے دل پاک
اور خدا کے نزدیک ہو گئے ۔ میری جماعت ان تمام باتوں پر گواہ ہے کہ کیونکر خدا تعالیٰ نے عجیب در عجیب
نشان دکھلا کر اس طرح پر ان کو اپنی طرف کھینچا جس طرح پہلے اس سے خدا تعالیٰ کے پاک نبیوں
پر ایمان لانے والے پاک دلی اور صاف باطنی اور خدا تعالیٰ کی محبت کی طرف کھینچے گئے تھے۔
میں دیکھتا ہوں کہ وہ جھوٹ سے پر ہیز کرتے اور خدا تعالیٰ سے ڈرتے اور اس گورنمنٹ کے جس
کے وہ زیر سایہ زندگی بسر کرتے ہیں سچے خیر خواہ اور بنی نوع کے ہمدرد ہیں ۔ یہ ان آسمانی نشانوں کا
اثر ہے جو انہوں نے دیکھے اور وہ نشان خدا کی رحمت ہے جو اس وقت اور اس زمانہ میں لوگوں کو خدا کا
یقین دلانے کے لئے اس بندہ درگاہ کے ذریعہ سے نازل ہو رہے ہیں۔ اور میں یقین رکھتا ہوں کہ
ہر ایک جوان نشانوں کو دل کی سچائی سے طلب کرے گا دیکھے گا امن اور سلامتی کے نشان اور امن اور
سلامتی کی پیشگوئیاں جن کو آسودگی عامہ خلائق میں کچھ دست اندازی نہیں ہمیشہ ایک بارش کی طرح
نازل ہو رہے ہیں لیکن خدا کی قدیم سنت کے موافق ضرور تھا کہ میں بھی اسی طرح عوام کی زبان
سے دُکھ دیا جاتا جیسا کہ پہلے پاک نبی دُکھ دیئے گئے خاص کر وہ اسرائیلی نبی سلامتی کا شہزادہ جس
کے پاک قدموں سے شعیر کے پہاڑ کو برکت پہنچی اور جو قوم کی نا انصافی اور نابینائی سے مجرموں کی
طرح پیلاطوس اور ہیرو دوس کے سامنے عدالت میں کھڑا کیا گیا تھا سو مجھے اس بات سے فخر ہے کہ
اس پاک نبی کی مشابہت کی وجہ سے میں بھی عدالتوں کی طرف کھینچا گیا۔ اور میرے پر بھی خود غرض
لوگوں نے گورنمنٹ کو ناراض کرنے کے لئے اور مجھے جھوٹا ظاہر کرنے کے لئے افتراء کئے جیسا کہ
اس مقدس نبی پر کئے تھے تا وہ سب کچھ پورا ہو جو ابتدا سے لکھا گیا تھا۔ واقعی یہ سچ ہے کہ آسمانی
برکتیں زمین سے نزدیک آ رہی ہیں ۔ گورنمنٹ انگریزی جس کی نیت نہایت نیک ہے اور جو رعایا
کے لئے امن اور سلامتی کی پناہ ہے۔ خدا نے پسند کیا کہ اس کے زیر سا یہ مجھے مامور کیا ۔ مگر کاش اس
گورنمنٹ محسنہ کو نشان دیکھنے کے ساتھ کچھ دلچسپی ہوتی اور کاش مجھ سے گورنمنٹ کی طرف سے یہ
مطالبہ ہوتا کہ اگر تم سچے ہو تو کوئی آسمانی نشان یا کوئی ایسی پیشگوئی جو امن اور سلامتی کے اندر محدود
ہو دکھلاؤ تو جو میرے پر افترا کیا گیا ہے کہ گویا میں ڈاکوؤں کا کام کر رہا ہوں یہ سب حقیقت کھل
جاتی ۔ آسمان پر ایک خدا ہے جس کی قدرتوں سے یہ سب کچھ ہوتا ہے ۔ سو ایک مدعی الہام کی سچائی
معلوم کرنے کے لئے اس سے بہتر اور کوئی میعار نہیں کہ اس سے پیشگوئی طلب کی جائے تو ریت میں
خدا تعالیٰ نے سچے مہم کے لئے یہی نشانی قرار دی ہے۔ پھر اگر اس میعار کے رُو سے وہ سچا نہ نکلے تو
جلد پکڑا جائے گا اور خدا اُسے رُسوا کرے گا لیکن اگر وہ روح القدس سے تائید یافتہ ہے اور خدا اس
کے ساتھ ہے تو ایسے امتحان کے وقت اس کی عزت اسی طرح ظاہر ہو گی جیسا کہ دانیال نبی کی عزت
بابل کی اسیری کے وقت ظاہر ہوئی تھی۔ ایک برس سے کچھ زیادہ عرصہ گذرتا ہے کہ میں نے اس عہد کو
چھاپ کر شائع کر دیا ہے کہ میں کسی کی موت و ضر رو غیرہ کی نسبت ہرگز کوئی پیشگوئی شائع نہ کروں گا۔
پس اگر یہ پیشگوئی جو اشتہار مباہلہ ۲۱ نومبر ۱۸۹۸ء میں ہے ۔ کسی کی موت یا اس قسم کی ذلت کے
متعلق ہوتی تو میں ہرگز اس کو شائع نہ کرتا لیکن اس پیشگوئی کو کسی کی ایسی ذلت سے جو قانونی حد کے
اندر آ سکتی ہے کچھ تعلق نہ تھا۔ جیسا کہ میں نے اپنے اشتہار میں مثال کے طور پر اس کی نظیر صرفی
اور نحوی غلطی لکھی ہے اور ظاہر ہے کہ اگر کسی مولوی کو اس طرح پر نادم کیا جائے کہ اس کے کلام میں
صرفی یا نحوی غلطی ہے تو اس قسم کی ذلت سے جو اس کو پہنچے گی قانون کو کچھ علاقہ نہیں ۔
میرے اس الہام میں مثلی ذلت کی ایک شرط ایسی شرط ہے کہ اس شرط کے دیکھنے کے بعد
حکام کو پھر زیادہ غور کرنے کی حاجت نہیں ۔ میری نیک نیتی کو خدا تعالیٰ خوب جانتا ہے اور جو شخص غور
سے میری اس پیشگوئی کو پڑھے گا اور اس کی تشریحات کو دیکھے گا جومیں نے قبل از مقدمہ شائع کر دی
ہیں تو اس کا کانشنس اور اس کی حق شناس روح میرے بے خطا ہونے پر ضرور گواہی دے گی۔ میں
عدالت کو اس بات کا ثبوت دیتا ہوں کہ میں نے یہ اشتہار مباہلہ ایک مدت تک وہ الفاظ سن کر جو دل
کو پاش پاش کرتے ہیں لکھا تھا۔ اور میرا اس تحریر سے ایک تو یہ ارادہ تھا کہ بدی کا بدی سے مقابلہ نہ
کروں اور خدا تعالیٰ پر فیصلہ چھوڑوں اور دوسرے یہ بھی ارادہ تھا کہ ان فتنہ انگیز تحریروں کے اشتعال دہ
اثر سے جن کا اس ڈیفنس میں کچھ ذکر کر چکا ہوں اپنی جماعت کو بچالوں اور جوش اور اشتعال کو دبا
دوں تا میری جماعت صبر اور پاک دلی کے ساتھ خدا تعالیٰ کے فیصلہ کی منتظر رہے۔
میں اس بات کا ثبوت دیتا ہوں کہ میری کارروائی محمد حسین کے مقابل پر اخیر تک سلامت
روشنی کے ساتھ رہی ہے اور میں نے بہت سے گندے اشتہار دیکھ کر جو اس کی تعلیم سے لکھے گئے
تھے۔ جن کا بہت سا حصہ خود اس نے اپنی اشاعۃ السنہ میں نقل کیا ہے وہ صبر کیا ہے جو دنیا داروں
کی فطرت سے ایسا صبر ہونا غیر ممکن ہے محمد حسین نے میرے ننگ و ناموس پر نہایت قابل شرم کمینگی نے پر
کے ساتھ اور سراسر جھوٹ سے حملہ کیا ہے اور میری بیوی کی نسبت محض افترا سے نہایت نا پاک کلمے
وو
لکھے ہیں اور مجھے ذلیل کرنے کے لئے بار بار یہ کلمات شائع کئے کہ ” ی شخص لعنتی اور کتے کا بچہ ہے اور
دوسو جو تہ اس کے سر پر لگانا چاہیے اور اس کو قتل کر دینا ثواب کی بات ہے۔“ لیکن کون ثابت کر سکتا
ہے کہ کبھی میں نے اس کے یا اس کے گروہ کی نسبت ایسے الفاظ استعمال کئے۔ میں ہمیشہ ایسے الفاظ
استعمال کرتا رہا جو ایک شریف انسان کو تہذیب کے لحاظ سے کرنے چاہیں ۔ ہاں جیسا کہ مذہبی
مباحثات میں باوجود تمام تر نیک نیتی اور نرمی اور تہذیب کے ایسی صورتیں پیش آ جایا کرتی ہیں کہ
ایک فریق اپنے فریق مخالف کی نسبت ایسے الفاظ استعمال کرتا ہے۔ جو عین محل پر چسپاں ہوتے
ہیں۔ اس مہذبانہ طریق سے میں انکار نہیں کر سکتا۔ مباحثات میں ضرورت کے وقت بہت سے
کلمات ایسے بھی استعمال ہوتے ہیں جو فریق مخالف کو طبعاً نا گوار معلوم ہوتے ہیں مگر محل پر چسپاں اور
واقعی ہوتے ہیں مثلاً جو شخص اپنے مباحثات میں عمداً خیانت کرتا ہے یا دانستہ روایتوں کے حوالہ میں
جھوٹ بولتا ہے اس کو نیک نیتی اور اظہار حق کی وجہ سے کہنا پڑتا ہے کہ تم نے طریق خیانت یا جھوٹ
کو اختیار کیا ہے اور ایسا بیان کرنا نرمی اور تہذیب کے برخلاف نہیں ہوتا بلکہ اس حد تک جو سچائی اور
نیک نیتی کا التزام کیا گیا ہو۔ حق کے ظاہر کرنے کے لئے ضروری ہوتا ہے۔ ایسے طریق کو یورپ
کے ممتاز محققوں نے بھی جو طبعاً تہذیب اور نرمی کے اعلیٰ اصولوں کے پابند ہوتے ہیں اختیار کیا
ہے۔ یہاں تک کہ سر میور سابق لفٹنٹ گورنر مما لہ سر میور سابق لفٹنٹ گورنر ممالک مغربی و شمالی نے اپنی کتاب لائف آف محمد میں
اس مذہبی تحریر میں ایسے سخت الفاظ استعمال کئے ہیں کہ میں ایسے الفاظ کا ذکر بھی سخت نا مناسب سمجھتا
ہوں ۔ اور میرے ایک مرید نے جو محمد حسین کی نسبت ایک مضمون اخبار الحکم میں لکھا ہے جو
مسل مقدمہ میں شامل کیا گیا ہے۔ گو وہ مذہبی مباحثات کی طرز کو خیال کر کے ایسا ہر گز نہیں ہے جیسا
کہ سمجھا گیا ہے تاہم یہ بات ثابت شدہ ہے کہ مجھے اُس اخبار سے کچھ بھی تعلق نہیں ۔ چنانچہ اخبار الحکم
کے پرچہ ۱۸ دسمبر ۱۸۹۸ء اور ۱۳ دسمبر ۱۸۹۸ء اور ۱۰ جنوری ۱۸۹۹ء میں خود اس اخبار کے مالک
شیخ یعقوب علی نے اس کی بخوبی تصریح کر دی ہے۔
L
میری نیک نیتی اس سے ظاہر ہے کہ قریباً ڈیڑھ برس کے عرصہ تک محمد حسین نے نہایت سخت
اور گندے الفاظ کے ساتھ مجھے دکھ دیا۔ پہلے ایسے نا پاک اشتہار محمد بخش جعفر زٹلی کے نام پر شائع کئے
اور پھر نقل کے طور پر اُن کو اپنی اشاعۃ السنہ میں لکھا اور کئی دوسرے لوگوں سے بھی یہ کام کرایا مگر
میں چپ رہا اور اپنی جماعت کو بھی ایسے گندے الفاظ بالمقابل بیان کرنے سے روک دیا۔ یہ واقعی
اور سچی بات ہے۔ خدا کے اختیار میں ہے کہ عدالت کو اس تفتیش کی طرف توجہ دے جب میری
جماعت ایسی گالیوں سے نہایت درجہ دردمند ہوئی اور ایسے اشتہار لاہور کی گلی کوچوں اور مسجدوں میں
محمد حسین نے چسپاں کرا دیئے تو میں نے اپنی جماعت کو یہ صلاح دی کہ وہ بحضور نواب گفٹینٹ کے
گورنر بہادر بالقا بہ اس بارے میں میموریل بھیجیں ۔ چنانچہ میموریل بھیجا گیا۔ جس کے چند پرچے
میرے پاس موجود ہیں۔ پھر جب اس ذریعہ سے اس فتنہ کا انسداد نہ ہوا تو ایک اور میموریل پندرہ
ہزار یا شاید سولہ ہزار معزز لوگوں کے دستخط کرا کر بحضور وائسرائے بالقابہ اسی غرض کے حصول کے لئے
روانہ کیا گیا۔ اس کے چند پرچے بھی موجود ہیں مگر اس کا بھی کوئی جواب نہ آیا ۔ تب گندی گالیوں
کے دینے میں اور بھی محمد حسین نے نہایت بے باکی سے قدم آگے رکھا، چنانچہ ان گالیوں کا نمونہ
محمد بخش جعفر زٹلی کے اس اشتہار سے ظاہر ہوتا ہے جو اس نے اارجون ۱۸۹۷ء میں شا شائع کیا ہے۔
اس اشتہار میں اس کی عبارت جو دراصل محمد حسین کی عبارت ہے، یہ ہے مرزا عیسائیوں کا کوڑا اور
گندگی اٹھانے کے لئے تیار اور راضی ہے اور اپنا منہ ان کی جوتیوں پر ملنے کے لئے اس نے برٹش
گورنمنٹ کو خدا کا درجہ دے یا ہے۔ اس خرد جال نے حضرت سلطان المعظم یعنی سلطان روم کی
لے نقل مطابق اصل ہے (مرتب)
وو
نسبت ایسی بیہودہ گوئی کی ہے کہ جی چاہتا ہے کہ یہ خبیث باطنی شیطان سامنے بٹھایا جائے اور دوسو
جوتے مارے جائیں۔ اور جب شمار کرتے وقت عدد بھول جائے تو پھر از سر نو گننا شروع کیا جائے ۔
اس کتے کے بچے پر لعنت۔ سلطان کی نسبت حقارت آمیز لفظ استعمال کرنے سے تو یہی اچھا ہوتا ہے
کہ وہ کھلا کھلا عیسائی ہو جاتا ۔ میں نے مرزا کے متعلق پانچ پیشگوئیاں کی ہیں ۔ اور وہ یہ ہیں ۔
(1) قادیانی ایک سخت مقدمہ میں پھنس جائے گا اور جلا وطن کیا جائے گا۔ یا بیڑیاں پڑیں گی اور
قید خانہ میں ڈالا جائے گا۔
(۲) قید میں وہ دیوانہ ہو جائے گا۔
(۳) ایک ناسور نکلے گا۔
(۴) وہ جذامی ہو جائے گا اور خود کشی کر کے دوزخ میں ڈالا جائے گا۔“
ایسا ہی اُس اشتہار کے ساتھ ایک تصویر لکھی ہے جس میں مجھے شیطان بنایا ہے محمد حسین کا
یہی طریق ہے کہ یہ گندے اشتہار پہلے اُس کے نام پر شائع کرتا ہے اور پھر نقل کے طور پر اپنی
اشاعة السنه میں شائع کرتا ہے تا اگر کوئی اعتراض کرے کہ تو نے مولوی کہلا کر ایسی گندی اور
قابل شرم کارروائی شروع کر رکھی ہے تو فی الفور اس کا جواب دیتا ہے کہ میں تو صرف اپنی
اشاعۃ السنہ میں دوسرے کے کلام کو نقل کرتا ہوں ۔ اس میں کیا حرج ہے۔ لیکن اگر محمد بخش زٹلی
وغیرہ کو عدالت خود بلا کر دریافت کرے تو میں یقین رکھتا ہوں کہ یہ سارا پردہ کھل جائے گا۔
غرض محمد حسین کی ایسی گندی کارروائیوں کے پہلے میں نے مجازی حکام کی طرح رجوع کیا
یعنی میموریل بھیجے اور پھر اس حقیقی حاکم کی طرف توجہ کی جو دلوں کے خیالات کو جانتا اور مفسد اور
نیک خیال آدمی میں فرق کرتا ہے یعنی مباہلہ کو جو اسلام میں قدیم سنت اور نماز روزہ کی طرح
فرائض مذہب میں بوقت ضرورت داخل ہے، تجویز کر کے اشتہار ۲۱ نومبر ۱۸۹۸ء لکھا اور خدائے علیم
جانتا ہے جس پر افتراء کرنا بد ذاتی ہے کہ بعد دعا یہی الہام ہوا کہ میں ظالم کو ذلیل کروں گا مگر اسی قسم
کی ذلت ہو گی جو فریق مظلوم کو پہنچائی گئی ہو۔
میرے حالات میری انیس برس کی تعلیم سے ظاہر ہو سکتے ہیں کہ میں اپنی جماعت کو کیا تعلیم
دے رہا ہوں۔ ایسا ہی میرے حالات میری جماعت کے چال چلن سے معلوم ہو سکتے ہیں اور
بہتیرے ان میں سے ایسے ہیں جو گورنمنٹ کی نظر میں نہایت نیک نام اور معزز عہدوں پر سرفراز
ہیں ۔ ایسا ہی میرے حالات قصبہ قادیان کے عام لوگوں سے دریافت کرنے کے وقت معلوم ہو سکتے
ہیں کہ میں نے اُن میں کس طرز کی زندگی بسر کی ہے۔ ایسا ہی میرے حالات میرے والد صاحب
غلام مرتضی کی طرز زندگی سے معلوم ہو سکتے ہیں کہ گورنمنٹ انگلشیہ کی نظر میں کیسے تھے۔ اور
عجیب تریہ کہ محمد حسین جو ہر وقت میری ذلت کے در پئے ہے وہ اپنی اشاعۃ السنہ نمبر ۹ جلد نمبرے
میں میری نسبت اقرار کرتا ہے کہ یہ شخص اعلیٰ درجہ کا پاک باطن اور نیک خیال اور سچائی کا حامی اور
لیکھرام کے
مرزا
گورنمنٹ انگریزی کا ریزی کا نہایت درجہ خیر خواہ ہے۔ یہ بھی گزارش کرنا ضروری ہے کہ اگر لیکھرا
مارے جانے کے وقت میں میری نسبت آریوں کو شکوک پیدا ہوئے تھے تو ان شکوک کی بنا بجز اس
پیشگوئی کے اور کچھ نہ تھا جسکو لیکھرام نے آپ مانگا تھا اور مجھ سے پہلے آپ مشتہر کیا تھا۔ پھر اس
میں میرے پر کیا الزام ہے۔ نہ میں نے خود بخود پیشگوئی کی اور نہ میں نے اس کو مشتہر کیا۔ اور اگر
صرف شک پر لحاظ کیا جائے تو ہندوؤں نے سرسید احمد خان کے سی ایس آئی پر بھی قتل لیکھرام کا شبہ
کیا تھا۔ فقط
راقم
خاکسار مرزاغلام احمد از قادیان
۲۰ جنوری ۱۸۹۹ء
مطبوعہ ضیاء الاسلام پر لیس قادیان
تعداد اشاعت (۱۰۰)
تبلیغ رسالت جلد ۸ صفحه ۲۴ تا ۳۶)