مکتوب نمبر ۱۰
مکتوبات احمد (جلد دوم)
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
مکتوب نمبر ۱۰
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الكَرِيمِ
مخدومی مکرمی اخویم مولوی حکیم نورالدین صاحب سلمه تعالی ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
عنایت نامہ پہنچا۔ مجھے نہایت تعجب ہے کہ دوا معلومہ سے آں مخدوم سے کچھ فائدہ محسوس نہ
ہوا۔ شاید کہ یہ وہی قول درست ہو کہ ادویہ کو ابدان سے مناسبت ہے۔ بعض ادویہ بعض ابدان کے
مناسب حال ہوتی ہیں اور بعض دیگر کے نہیں ۔ مجھے یہ دوا بہت ہی فائدہ مند معلوم ہوئی ہے کہ چند
امراض کا ہلی و سستی و رطوبات معدہ اس سے دور ہو گئے ہیں ۔ ایک مرض مجھے نہایت خوفناک تھی کہ
صحبت کے وقت لیٹنے کی حالت میں نعوظ بکلی جاتا رہتا تھا۔ شاید قلت حرارت غریزی اس کا موجب
تھی ۔ وہ عارضہ بالکل جاتا رہا ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ یہ دوا حرارت غریزی کو بھی مفید ہے اور منی کو
بھی غلیظ کرتی ہے۔ غرض میں نے تو اس میں آثار نمایاں پائے ہیں ۔ واللہ اعلم و عِلمه احكم ۔
اگر دوا موجود ہوا اور آپ دودھ اور ملائی کے ساتھ کچھ زیادہ قدر شر بت کر کے استعمال کریں ۔ تو میں
خواہشمند ہوں کہ آپ کے بدن میں ان فوائد کی بشارت سنوں ۔ کبھی کبھی دوا کی چھپی چھپی تاثیر بھی
ہوتی ہے کہ جو ہفتہ عشرہ کے بعد محسوس ہوتی ہے چونکہ دواختم ہو چکی ہے اور میں نے زیادہ زیادہ کھالی
ہے اس لئے ارادہ ہے کہ اگر خدا تعالیٰ چاہے تو دوبارہ تیار کی جائے ۔ لیکن چونکہ گھر میں ایام امید
ہونے کا کچھ گمان ہے جس کا میں نے ذکر بھی کیا تھا۔ ابھی تک وہ گمان پختہ ہوتا جاتا ہے۔ خدا تعالیٰ
اس کو راست کرے۔ اس جہت سے جلد تیار کرنے کی چنداں ضرورت میں نہیں دیکھتا۔ مگر میں
شکر گزار ہوں کہ خدا تعالیٰ نے دوا کا بہانہ کر کے بعض خطر ناک عوارض سے مجھ کو مخلصی عطا کی ۔ فالحمد للہ
علی احسانہ۔ مجھے اس بات کے سننے سے افسوس ہوا کہ رسالہ امرتسر سے واپس منگوایا گیا ۔ فیروز پور کو
وہ خاص ترجیح کونسی تھی؟ بلکہ میری دانست میں حال کے زمانہ میں دنیوی واقف کاروں سے کوئی
معاملہ نہیں ڈالنا چاہئے کہ وہ عہد شکنی میں بڑے دلیر ہوتے ہیں۔ عمدہ اور سیدھا طریق یہ ہے کہ
قانونی طور پر کارروائی کی جائے ۔ اللہ جل شانہ بھی قرآن شریف میں فرماتا ہے کہ جب کوئی دا دستند
تم کرو تو اس معاملے کے بارے میں تحریر ہونی چاہئے ۔ مطبع ایسا ہونا چاہئے جن کے پریس میں استاد
ہوں اور عمدہ اور اول درجہ کی سیاہی استعمال کی جاتی ہو اور سب شرائط اسٹامپ کے کاغذ پر لکھے
جاویں۔ جہاں تک ممکن ہو ۔ مطبع والوں کو اول روپیہ نہ دیا جاوے اور کا غذ ان کی ذمہ داری سے
خریدا جاوے مگر اپنا کاغذ اور کا تب بھی اپنا ہو۔ میری دانست میں امام الدین کا تب بہتر ہے۔ کاپی
خود غور سے ملاحظہ کرنی چاہئے ۔ امرتسر میں ایک ہندو کا مطبع بھی ہے اور وہ مالدار ہیں اور امید ہے
کہ یہ شرائط وہ منظور کر لیں گے اور بغیر صفائی شرائط اور تحریری اقرار نامہ لکھانے کے کسی مطبع کو ہرگز
کام نہیں دینا چاہئے ۔ کہ آج کل دیانت اور ایفاء عہد مفقود کی طرح ہو رہی ہے ۔ اگر میں امرتسر میں
آؤں اور ایک دن کیلئے آپ بھی آ جاویں تو اسی جگہ کوشش کی جاوے۔ مگر آپ نے آج کل کے
مسلمانوں پر اعتماد کر کے کچا کام ہرگز نہ کرنا، بلکہ ہر ایک بات میں مجھ سے مشورہ لے لیں ، رسالوں
کی چھپائی میں تین چارسو روپیہ کا خرچ ہے ۔ نہ ایسی کفایت شعاری کرنی چاہئے کہ رسائل مثل رڈی
کے چھپیں اور نہ ایسا اسراف کہ جس میں بیہودہ خرچ ہو۔ کاپیوں کا ملاحظہ دوسروں کے سپرد ہرگز نہ
کریں ۔ آپ محنت اُٹھا لیں ۔خرید کاغذ میں بھی کوئی اپنا دانا آدمی ساتھ چاہئے اور کاغذ کا حساب رکھنا
چاہئے ۔ آپ کی ملاقات کو بہت دل چاہتا ہے ۔ اللہ جل شانہ جلد کوئی تقریب پیدا کر دے۔
از قادیان
۱۴ ربیع الثانی ۱۳۰۴ھ
۱۹ جنوری ۱۸۸۷ء
☆۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔☆
والسلام
خاکسار
غلام احمد