مکتوب نمبر ۲۳
مکتوبات احمد (جلد دوم)
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
مکتوب نمبر ۲۳
نوٹ از مرتب: یہ خط حضرت مولوی عبد الکریم صاحب رضی اللہ عنہ کے نام ہے
جوان ایام میں کریم بخش کہلاتے تھے اس لئے کہ حضرت مولوی عبدالکریم صاحب کا نام
ان کے والدین نے کریم بخش ہی رکھا تھا۔ میں نے آپ کے والد ماجد چوہدری محمد سلطان
صاحب کو دیکھا کہ وہ ہمیشہ کریم بخش ہی کہا کرتے تھے۔ حضرت حکیم الامت کے مکتوبات
کے ضمن میں اس مکتوب کو میں نے اس لئے درج کر دیا ہے کہ یہ خط حضرت حکیم الامت ہی کے
متعلق ہے۔ اس مکتوب سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت مخدوم الملۃ مولانا عبد الکریم رضی اللہ عنہ
کے تعلقات اور مراسلات کا سلسلہ بھی حضرت اقدس علیہ السلام سے آپ کے دعوئی اور
بیعت سے پہلے کا ہے اور یہ سلسلہ دراصل براہین احمدیہ کے اعلان اور اشاعت کے بعد
قائم ہوا تھا۔ پھر اس خط سے یہ بھی پایا جاتا ہے کہ ان ایام میں حضرت مولوی صاحب
( حکیم الامت ) پر کوئی ابتلا تھا جیسا کہ حضرت حکیم الامت کی عام عادت تھی ۔ انہوں نے
خود حضرت اقدس کو اس کے متعلق کچھ نہیں لکھا بلکہ خود حضرت مولانا عبدالکریم صاحب نے
اس تعلق اور محبت کی بنا پر جو انہیں حضرت حکیم الامت سے تھا، براہِ راست حضرت اقدس کو
اطلاع دی ہے جس پر حضرت نے یہ تسلی نامہ مولوی عبدالکریم صاحب کو لکھا اور انہوں نے
حضرت حکیم الامت کو دکھایا اور حضرت حکیم الامت نے اسے اپنے خطوط میں منسلک کر لیا۔
(عرفانی)
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الكَرِيمِ
مکرمی اخویم میاں کریم بخش صاحب سلمۂ تعالی ۔ بعد السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ - بعد ورحمة الله
آپ کا عنایت نامہ جو محبت اور اخلاص سے بھرا ہوا تھا پہنچا۔ جس قدر آپ نے خلوص اور محبت
سے خط لکھا ہے میں اس کا شکر گزار ہوں ۔ خدا وند کریم آپ کو اس کا اجر بخشے ۔ بیشک اخویم مولوی
حکیم نورالدین صاحب نہایت قابل تعریف اخلاق سے متخلق ہیں اور مجھ کو ان کے ہر ایک خط کے
دیکھنے سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ وہ بفضلہ تعالیٰ ان نادر الوجود مردوں میں سے ہیں کہ جو دنیا میں
بہت ہی کم ہیں ۔ صفت جوانمردی اور یک رنگی اور خلوص اور وفا اور رو بحق ہونے کے اور بایں ہمہ
انشراح صدر اور غربت اور فروتنی اور تواضع ایسی ان میں پائی جاتی ہے کہ جس پر در حقیقت ہر ایک
مومن کو رشک کرنا چاہئے ۔ ذَلِكَ فَضْلُ اللهِ يُؤْتِيهِ مَنْ يَشَام لے میں خوب جانتا ہوں اور
مجھے بہت کامل تجربہ ہے کہ اللہ جل شانہ پر کوئی شخص اپنی صفائی میں سبقت نہیں لے جاسکتا اور وہ محسنین کا
ہرگز اجر ضائع نہیں کرتا۔ ہاں یہ بات ہے کہ درمیانی زمانوں میں ابتلا کے طور پر کشف خیر میں کچھ
توقف ہوتی ہے مگر آخر رحمت الہی دستگیری کرتی ہے اور مومن کو چشم گریاں کے ساتھ اس بات کا اقرار
کرنا پڑتا ہے کہ ربانی نیکی اور رحمت اور مروت اس کی نیکی سے بڑھ کر ہے۔ سو میں دلی اطمینان سے
مولوی حکیم نورالدین صاحب کو بشارت دیتا ہوں کہ وہ ہر ایک بات میں امید وار رحمت الہی رہیں ۔
خدا تعالیٰ اُن کو ضائع نہیں کرے گا ۔ وہ جس کے ہاتھ میں سب قدرتیں ہیں نہایت ہی غفور الرحیم
ہے ۔ وفادار بندے آخر اس سے اپنی مرادیں پاتے ہیں۔ اس کا قدیم سے اپنے خالص بندوں کیلئے یہی
قانون قدرت ہے کہ درمیان میں کچھ کچھ تکلیف اور خوف اور حزن اُٹھا کر انجام کار فائز المرام
ہوتے ہیں ۔
۱۴ رمتی ۱۸۸۷ء
والسلام
خاکسار
ا الحديد: ٢٢
☆۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔☆
غلام احمد از قادیان