مکتوب نمبر ۷۲
مکتوبات احمد (جلد دوم)
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
بہت
مکتوب نمبر ۷۲
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الكَرِيمِ
محبی مخدومی اخویم ۔
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
آج مولوی محمد حسین صاحب نے صاف طور پر مخالفانہ خط بھیج دیا ہے جو آپ کی خدمت میں
روانہ کرتا ہوں ۔ الحمد لله والمنة کہ ہر ایک قسم کے علماء و امراء عقلاء میں سے خدا تعالیٰ نے آپ
کو چن لیا۔ وَذَالِكَ فَضْلُ اللَّهِ يُؤْتِيهِ مَنْ يَشَاءُ ۔ اس عاجز نے آپ کا مضمون غور سے پڑھا۔
عمدہ ہے۔ انشاء اللہ القدیر وہ تمام مضمون میں اسی رسالہ میں چھاپ دوں گا۔ خدا تعالیٰ ہمارے
ساتھ ہے۔ ہماری مدد کرے گا ۔ ایک عجیب بات یہ ہے کہ کل پرانے کاغذات میں سے اتفاقاً ایک
پرچہ نکلا ہے جس کے سر پر ۱۵ جنوری ۱۸۸۸ ءلکھا ہوا تھا ۔ اس میں یادداشت کے طور پر ایک خواب
اس عاجز نے لکھی ہوئی ہے جس کا یہ مضمون تھا کہ مولوی محمد حسین نے ایک مخالفانہ مضمون چھپوایا ہے
اور اس عاجز کی نسبت اس کی سرخی یہ رکھی ہے کہ کمینہ معلوم نہیں اس سے کیا مراد ہے۔ میں نے
وہ مضمون دیکھ کر انہیں کہا کہ میں نے آپ کو منع کیا تھا ۔ آپ نے اس مضمون کو کیوں چھپوایا۔
میرے نزدیک وہ نالائق جوش دکھلائیں گے ۔ انہیں بہت کچھ اپنی علمیت پر ناز ہے مگر میں آپ
کے لئے دعا کروں گا اور آپ کو اس کے رڈ کیلئے تکلیف دوں گا ۔ خدا تعالیٰ بلا شبہ آپ کی مدد کرے
گا ۔ باقی سب خیریت ہے۔
۱۹ رفروری ۱۸۹۱ء
خاکسار
غلام احمد عفی عنہ
نوٹ: یہ خط حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے دعویٰ مسیحیت کے آغاز میں
لکھا ہے ۔ مولوی محمد حسین بٹالوی نے مخالفت کا کھلا کھلا الٹی میٹم دیا اور آپ نے اس کی
اطلاع حضرت حکیم الامت کو دی اور ساتھ خدا تعالیٰ کی تائید اور نصرت کا بصیرت افروز
یقین دلایا اور اپنی ایک پُرانی رؤیا کا حوالہ دیا ہے ۔ اس وقت چونکہ آپ کے مکاشفات کی
اور ملہمات چھپا نہ کرتے تھے مگر یہ عظیم الشان پیشگوئی ہے ۱۸۸۸ء میں جو مولوی محمد حسین
کی ارادت اور عقیدت کا عہد تھا اور وہ براہین احمدیہ پر نہایت اعلیٰ ریویو شائع کر چکا تھا۔
اس وقت خدا تعالیٰ نے آپ کو بتایا کہ یہ شخص مخالفت کرے گا اور نہایت گندی مخالفت
کرے گا۔ اس خواب سے آپ نے خود مولوی محمد حسین صاحب کو بھی اطلاع دی تھی ۔
چنانچہ آپ کے مکتوبات بنام مولوی محمد حسین جو میں نے چھاپے ہیں اس میں صفحہ ۴ پر بھی یہ
چھاپا گیا ہے۔ یہ خدا تعالیٰ کا ایک عظیم الشان نشان ہے۔ جس میں مولوی محمد حسین کی
مخالفت اور اس کی مخالفت کا نہایت ذلیل پہلو بھی دکھا دیا گیا تھا ۔ ایک اور امر بھی اس
مکتوب سے مکشوف ہوتا ہے کہ یہ خدا کے برگزیدہ بندے اپنی ذات اور ہستی کو درمیان میں
نہیں رکھتے اور اپنی کسی طاقت اور علم پر اعتماد نہیں رکھتے بلکہ خدا تعالیٰ ہی کی تائید اور نصرت
پر انہیں ایمان ہوتا ہے۔ اگر چہ حضرت حکیم الامت کو لکھا کہ مولوی محمد حسین کے رڈ کے لئے
آپ کو تکلیف دوں گا مگر کبھی ایک دن اور ایک لحظہ بھی آپ پر نہ آیا کہ آپ نے ان کو
تکلیف دی ہو بلکہ خدا تعالیٰ نے آپ پر وہ حقائق اور معارف کھول دیئے کہ بڑے بڑے
علوم کے مدعی حیران و پریشان رہ گئے ۔ (عرفانی )
☆۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جلد دوم