مکتوب نمبر ۷۱

مکتوبات احمد (جلد دوم)

Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.

مکتوب نمبرای ملفوف
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ
محبی عزیزی اخویم نواب صاحب سلمہ ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
آپ کا عنایت نامہ مجھ کو ملا ۔ خدا تعالیٰ آپ کو ان مشکلات سے نجات دے۔ علاوہ اور باتوں
کے میں خیال کرتا ہوں کہ جس حالت میں شدت گرمی کا موسم ہے اور بباعث قلت برسات یہ موسم
اپنی طبعی حالت پر نہیں اور آپ کی طبیعت پر سلسلہ اعراض اور امراض کا چلا جاتا ہے اور میں دیکھتا
ہوں کہ آپ در حقیقت بہت کمزور اور نحیف ہو رہے ہیں اور جگر بھی کمزور ہے۔ عمدہ خون بکثرت پیدا
نہیں ہوتا ۔ تو ایسی صورت میں آپ کا شدائد سفر تحمل کرنا میری سمجھ میں نہیں آتا۔ کیوں اور کیا وجہ کہ
آپ کے چھوٹے بھائی سردار ذوالفقار علی خاں صاحب جو صیح اور تندرست ہیں ۔ ان تکالیف کا تحمل نہ
کریں۔ اگر موسم سرما ہوتا تو کچھ مضائقہ بھی نہ تھا۔ مگر یہ موسم آپ کے مزاج کے نہایت نا موافق
ہے۔ جو مشکلات پیش آئی ہیں وہ بے صبری اور بے جا شتاب کاری سے دور نہیں ہوسکتیں ۔ صبر اور
متانت اور آہستگی اور ہوش مندی سے ان کا علاج طلب کرنا چاہئے ۔ ایسا نہ ہو کہ آپ اس خطرناک
موسم میں سفر کریں اور خدانخواستہ کسی بیماری میں مبتلا ہو کر موجب شماتت اعداء ہوں ۔ پہلے سفر میں
کیسی کیسی حیرانی پیش آئی تھی اور لڑکے کے بیمار ہونے سے کس قدر مصائب کا سامنا پیش آگیا تھا۔
کیا یہ ضروری ہے کہ کمشنر کے پاس آپ ہی جائیں اور دوسری کوئی تدبیر نہیں ۔ غرض میری بھی یہی
رائے ہے کہ یہ کا روبار آپ پر ہی موقوف ہے تو اگست اور ستمبر تک التوا کیا جائے اور اگر ابھی ضروری
ہے تو آپ کے بھائی یہ کام کریں ۔ ڈرتا ہوں کہ آپ بیمار نہ ہو جائیں ۔ خط واپس ہے ۔ اس وقت
مجھے بہت سر درد ہے ۔ زیادہ نہیں لکھ سکتا ۔
والسلام
خاکسار
مرزاغلام احمد عفی عنہ

اصل خط نواب صاحب ملفوف
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ
التجا ہے کہ بعد ملا حظہ کل عریضہ حکم مناسب سے مطلع فرمایا جاوے ۔
سیدی و مولا کی طبیب روحانی سلمۂ تعالیٰ ۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
مجھ کو جب کسی ملازم کو موقوف کرنا پڑتا ہے تو مجھ کو بڑی شش و پنج ہوتی ہے اور دل بہت
کڑھتا ہے ۔ اس وقت بھی مجھ کو دو ملازموں کو برخاست کرنے کی ضرورت پیش آئی ہے ۔ ایک
قدرت اللہ خاں صاحب اور دوسرے عنایت علی صاحب ۔ یہ دونوں صاحب احمدی بھی ہیں ۔ اس
سے اور بھی طبیعت میں پیچ و تاب ہے۔ میرا جی نہیں چاہتا کہ کوئی لائق آدمی ہو اور اس کو بلا قصور
موقوف کر دوں ۔ اب دقت یہ پیش آئی ہے کہ سید عنایت علی کوئی پانچ سال سے میرے ہاں ملازم
ہیں ۔ مگر کام کی حالت ان کی اچھی نہیں ۔ اب تک جس کام پر ان کو میں نے لگایا ہے ۔ اس کی سمجھ اب
تک ان کو نہیں آئی اور انہوں نے کوئی ترقی نہیں کی اور میرے جیسے محدود آمدنی کے لئے ایسے ملازم
کی ضرورت ہے کہ جو کئی کئی کام کر سکے ۔ وہ اپنا مفوضہ کام پوری طرح نہیں چلا سکتے ۔ ہاں اس میں
شک نہیں کہ نیک اور دیانت دار ہیں مگر کام کے لحاظ سے بالکل ندارد ہیں اور اس پانچ سال کے تجربہ
نے مجھے اس نتیجہ پر پہنچا دیا ہے کہ میں ان کو علیحدہ کر دوں ۔ یہ میری سال گزشتہ سے منشاء تھی ۔ مگر
صرف اس سبب سے کہ وہ نیک ہیں ، دیانت دار ہیں اور احمدی ہیں میں رکا تھا۔ مگر اب میں دیکھتا
ہوں کہ جو فائدہ ان کی دیانت سے ہے اس سے زیادہ نقصان ان کی عدم واقفیت کام سے ہوتا
ہے ۔ پس اب میں نہایت ہی متردد ہوں کہ ان کو موقوف کردوں کہ نہیں ۔ کاش وہ میرا کام چلا سکتے تو
بہت اچھا ہوتا ۔ ایک وقت ہے کہ میں نے ان سے مختلف صیغوں میں کام لیا۔ مگر وہ ہر جگہ نا قابل ہی
ثابت ہوئے ۔
یہ خط نواب صاحب کا ہے جس کے جواب میں مکتوب نمبر ۷۲ لکھا گیا ہے ۔ ( عرفانی )

آج 10 میں سے 10 باقی