مکتوب نمبر ۸۴

مکتوبات احمد (جلد دوم)

Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.

مکتوب نمبر ۸۴
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ
محبی عزیزی اخویم نواب صاحب سلمۂ تعالیٰ ۔ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
عنایت نامہ پہنچا۔ مضمون سے آگاہی ہوئی ۔ اب یقیناً معلوم ہوا کہ یہ خدا تعالیٰ کی طرف سے
ایک ابتلا ہے بلکہ ایک سخت ابتلا ہے۔ میں اسی فکر میں تھا کہ خدا تعالی دعا کرنے کیلئے پوری توجہ بخشے
اور خدا کا استغناء ذاتی بھی پیش نظر تھا کہ اتنے میں نظام الدین مستری کا قصہ میری آنکھوں کے
سامنے آ گیا۔ معادل میں یہ بات پیدا ہوئی کہ خدا کے فضل اور کرم سے کیا تعجب ہے کہ اگر نظام الدین
کی کارروائی کے موافق آپ کی طرف سے مع اپنے بھائیوں کے کارروائی ہو تو خدا تعالیٰ آپ کے
ساتھ وہی معاملہ کرے جو نظام الدین کے ساتھ کیا ۔ تفصیل اس اجمال کی یہ ہے کہ نظام الدین نام
سیالکوٹ میں ایک مستری ہے ۔ چند روز ہوئے اس کا ایک خط میرے نام آیا ۔ افسوس ہے کہ وہ خط
شاید چاک کیا گیا۔ اس کا مضمون یہ تھا کہ میں ایک فوجداری جرم میں گرفتار ہو گیا ہوں اور کوئی
صورت رہائی کی نظر نہیں آتی ۔ اس بیقراری میں میں نے یہ نذر مانی ہے کہ اگر خدا تعالیٰ اس خوفناک
مقدمہ سے رہا کر دے تو میں مبلغ پچاس روپیہ نقد آپ کی خدمت میں بلا توقف ادا کروں گا ۔ اتفاق
ایسا ہوا کہ جب اس کا خط پہنچا تو مجھے خود روپیہ کی ضرورت تھی ۔ تب میں نے دعا کی کہ اے خدائے
قادر و کریم ! اگر تو اس شخص کو اس مقدمہ سے رہائی بخشے تو تین طور کا فضل تیرا ہوگا ۔ اول یہ کہ یہ مضطر
آدمی اس بلا سے رہائی پا جائے گا ۔ دوم مجھے جو اس وقت روپیہ کی ضرورت ہے میرا مطلب کسی قدر
پورا ہوگا ۔ سوم تیرا ایک نشان ظاہر ہو جائے گا ۔ دعا کرنے سے چند روز بعد نظام الدین کا خط آیا جو
آپ کے ملاحظہ کیلئے بھیجتا ہوں اور دوسرے روز پچاس روپے آ گئے ۔ پس میرے دل میں خیال
گزرا کہ ان دنوں میں دینی ضروریات کے لئے بہت کچھ تفکرات مجھے پیش ہیں ۔ مہمانوں کے
اُترنے کیلئے عمارت نامکمل ہے۔ مرزا خدا بخش کی چار سو روپیہ کی خریدی ہوئی زمین ہے وہ توسیع
کے لئے مل سکتی ہے۔ اگر اس قدر روپیہ دیا جائے ۔ پھر کم سے کم دو ہزار روپیہ اور چاہئے تا اس
پر عمارت بنائی جائے اور تکمیل مینار کا فکر بھی ہر وقت دل کو لگا ہوا ہے۔ مگر وہ ہزار ہا روپیہ کا کام ہے۔
مکان کے ۔

جس طرح خدا چاہے گا اس کو انجام دے گا ۔ بالفعل بموجب وحی الہی وَسِعُ مَكَانَگ کے مہمانوں
کے پورے آرام کے لئے ان اخراجات کی ضرورت ہے۔ پس میرے دل میں یہ خیال پیدا ہوا ہے
کہ اگر ایک بلا سے رہا ہونے کے لئے آپ معہ اپنے بھائیوں کے دوسری بلا کو منظور کر لیں یعنی یہ نذر
کر لیں کہ اگر ہمیں اس بلا سے غیبی مدد سے رہائی ہوئی تو ہم اس قدر رو پی محض اللہ ان دینی ضروریات
کیلئے ، جس طرح ہم سے ہو سکے ، بلا توقف ادا کر دیں گے۔ تو میں اسی طرح دعا کروں گا جس طرح
میں نے نظام الدین مستری کیلئے دعا کی تھی ۔ خدا تعالیٰ نکتہ نواز ہے۔ کچھ تعجب نہیں کہ آپ کے اس
صدق کو دیکھ کر آپ کی مشکل کشائی فرماوے۔ میں یہ وعدہ نہیں کرتا کہ ضرور یہ دعا قبول ہو جائے گی
کیونکہ خدا تعالیٰ بے نیاز ہے مگر مجھے اپنے رب کریم کی سابق عنایتوں پر نظر کر کے یقین گلی ہے کہ
کم سے کم وہ مجھے آئندہ کے حالات سے اطلاع دے دے گا اور چونکہ اس نے مجھ سے وعدہ فرمایا
ہے کہ میں پچاس یا ساٹھ نشان اور دکھلاؤں گا اس لئے تعجب نہیں کہ آپ کی اس بیقراری کے وقت یہ
بھی ایک نشان ظاہر ہو جائے ۔ لیکن قبل اس کے کہ خدا تعالیٰ مشکل کشائی فرما دے۔ ہماری طرف
سے کوئی مطالبہ نہیں اور ایک پیسہ کا بھی مطالبہ نہیں ۔ ہاں اگر دعا سنی جائے اور آپ کا کام ہو
جائے ۔ تب فی الفور آپ کو نذر مقررہ بلا تاخیر ایک ساعت ادا کرنا ہوگا اور دونفل پڑھ کر خدا تعالیٰ
سے یہ عہد کرنا ہو گا اور بعد پختگی عہد بلا توقف مجھے اطلاع دینا ہوگا۔
مجھے یاد ہے کہ جب نظام الدین کے لئے میں نے دعا کی تب خواب میں دیکھا کہ ایک چڑا اڑتا
ہوا میرے ہاتھ میں آ گیا اور اس نے اپنے تئیں میرے حوالہ کر دیا اور میں نے کہا کہ یہ ہمارا آسمانی
رزق ہے جیسا کہ بنی اسرائیل پر آسمان سے رزق اترا کرتا تھا۔
یہ بات خدا نے میرے دل میں ڈالی ہے۔ دل تو مانتا ہے کہ کچھ ہو نہار بات ہے۔ واللہ اعلم۔
۵ جون ۱۹۰۶ء ( ب )
والسلام
خاکسار
مرز ا غلام احمد
نوٹ : مکتوب مندرجہ بالا میں جو مستری نظام الدین صاحب سیالکوٹی کا ذکر ہے ۔ حضور نے اس امر کا
ذکر حقیقت الوحی صفحہ ۳۲۴،۳۲۳ پر بھی فرمایا ہے ۔

آج 10 میں سے 10 باقی