عرضِ حال
مکتوبات احمد (جلد دوم)
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ
عرض حال
الحمد لله رب العلمين الرحمن الرحیم مالک یوم الدين ـ والصلوة والسلام على
رسوله محمد الأميين وخاتم النبيين وآله واصحابه الطيبين وعلى خلفائه الراشدين
المهديين -
اما بعد ! خاکسار ایڈیٹر الحکم نہایت خوشی اور مسرت قلبی سے اس امر کا اظہار کرتا ہے کہ جب سے
اللہ تعالیٰ نے محض اپنے فضل و کرم سے اس کو اس چشمہ ہدایت کی طرف رہنمائی فرمائی اور اپنے فضل
ہی سے اس کے ہاتھ میں قلم اور دل و دماغ میں قوت بخشی اور سلسلہ عالیہ احمد یہ و کی قلمی خدمت کے
لئے اسے ایک جوش عطا فرمایا تب ہی سے اسے یہ آرزو ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے
ملفوظات ۔ مکتوبات اور ہر ایسی تحریروں کو جمع کروں جو حضور کے قلم سے کسی وقت نکلی ہوں اور وہ کسی
منتشر حالت میں ہوں یا اندیشہ ہو کہ وہ نایاب نہ ہو جائیں محض اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے اسے
یہ موقع دیا کہ وہ الحکم کے ذریعہ آپ کے ملفوظات اور الہامات اور مکتوبات وغیرہ کو ایک حد تک
جمع کر سکا۔ الحکم کے ذریعہ اس سلسلہ میں فضل ربی سے بہت بڑا کام ہوا۔ پرانی تحریروں کے جمع
کرنے میں بھی ایک حد تک کامیابی ہوئی ہے۔ پرانی تحریروں کے سلسلہ ہی میں مکتوبات کا سلسلہ
شامل کر دیا گیا تھا۔ خدا کا شکر ہے کہ مکتوبات کے سلسلہ میں پانچویں جلد کا پہلا حصہ شائع کرنے کی
توفیق پاتا ہوں۔ اس پانچویں جلد کے کئی حصے ہوں گے کیونکہ اس جلد میں وہ مکتوبات آئیں گے جو حضرت
مسیح موعود علیہ السلام نے مخلص خدام کو لکھے تھے ۔ پہلی جلد مکتوبات کی جب شائع کی گئی تھی ۔ اس
وقت میرا خیال تھا کہ دوسری جلد میں حضرت مولانا نورالدین صاحب کے نام کے مکتوبات درج
کروں لیکن بعد میں میرا خیال ہوا کہ مخالفین اسلام کے نام کے مکتوبات کی جلدوں کو پہلے چھاپ
دوں ۔ اور مخلص خدام کے مکتوبات کا سلسلہ بعد میں رکھوں ۔ چنانچہ آریوں ۔ ہندوؤں ۔ برہموؤں
کے نام کے مکتوبات دوسری جلد میں اور عیسائی مذہب کے لیڈروں کے نام کے مکتوبات تیسری جلد
میں شائع ہو چکے ہیں ۔ چوتھی جلد میں سلسلہ عالیہ کے تلخ ترین دشمن مولوی محمد حسین بٹالوی کے نام کے
مکتوبات ہیں ۔ یہ مکتوبات جمع ہو چکے ہیں اور جلد تر شائع ہو جائیں گے ۔ انشاء اللہ العزیز ۔ پانچویں
جلد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مخلصین کی جلد ہے اس کے متعدد حصے ہوں گے۔ چنانچہ یہ پہلا
حصہ ہے۔ حصہ دوم میں حضرت چودھری رستم علی صاحب مرحوم رضی اللہ عنہ کے نام کے مکتوبات
ہیں ۔
میں یہ بھی کوشش کر رہا ہوں کہ آئندہ جو مکتوبات طبع ہوں وہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے
اپنے ہی خط کے عکس میں شائع ہوں مگر یہ بہت محنت اور کوشش اور صرف کا کام ہے ۔ احباب نے
میری حوصلہ افزائی کی اور اس کام میں میری مالی مدد کی تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے بعید نہیں کہ میں
اس میں کامیاب ہو جاؤں کیونکہ اصل مکتوبات میرے پاس موجود ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ہی کی اوّل اور
آخر حمد ہے ۔
تراب منزل قادیان دارالامان
الحکم آفس ۔ ار دسمبر ۱۹۱۸ء
سلسلہ عالیہ احمدیہ کا ادنی خدمت گزار
خاکسار یعقوب علی تراب احمدی ایڈیٹر الحکم