مکتوب بنام احمدی قوم
مکتوبات احمد (جلد پنجم)
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
مکتوب بنام
احمدی قوم
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ
بخدمت جميع اخوان و احباب این سلسلہ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
سب سے پہلے مجھے اللہ تعالیٰ کا شکر دل میں جوش مارتا ہے جس نے میری جماعت کو سچی ارادت
اور محبت اور ہمدردی عطا فرمائی ہے اگر خدا تعالیٰ کا فضل ان کے ساتھ نہ ہوتا تو یہ توفیق ان کو ہرگز نہ دی
جاتی کہ وہ صحابہ رضی اللہ عنہم کے قدم پر اس درجہ کی اطاعت کرتے کہ باوجود اپنی مالی مشکلات اور کمی
آمدن کے اپنی طاقت سے بڑھ کر خدمت مالی میں مصروف ہوتے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ خدا تعالیٰ ان
سب کے مالوں میں برکت دے اور یہ نصرت اور اعانت جو وہ دینی اغراض کی تکمیل کے لئے کر رہے
ہیں۔ خدا تعالیٰ دونوں جہانوں میں ان کی بھلائی کا موجب کرے۔ آمین ثم آمین ۔
بعد اس کے اے عزیزان ! اس وقت ا اخویم میرزا خدا بخش صاحب کو آپ صاحبوں کی
خدمت میں اس غرض سے روانہ کیا جاتا ہے کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ مدرسہ قادیان کی قائمی کے
لئے جو آمدن ہونی چاہیے اس کی حالت بہت ابتر ہے اور اگر یہی حال رہا تو پھر اس مدرسہ کا
قیام مشکل ہے اگر چہ ہمارے سلسلہ کے لیے جو اصل غرض ہماری زندگی کی ہے کوئی عمدہ اور
معتد بہ نتیجہ ابھی تک اس مدرسہ سے پیدا نہیں ہوا مگر اس میں کچھ بھی شک نہیں کہ اگر پوری
احتیاط اور انتظام سے کام لیا جاوے تو پیدا ہو سکتا ہے ۔ زمانہ حال میں حکمت عملی پر چلنے والے
جس قدر فرقے ہیں انہوں نے مان لیا ہے کہ سادہ دلوں پر اثر تعلیم ڈالنے کے لئے جس قدر
سریع الاثر اور پائدار یہ طریق ہے اور کوئی طریق نہیں اسی لئے وہ لڑ کے جو پادریوں کے سکولوں
کالجوں میں پڑھ کر اور ایک مدت تک ان کے زیر اثر رہ کر جسقد رخراب ہوتے اور نفرت دل
سے اسلام کے دشمن ہوا جاتے ہیں اسقدر وہ لوگ نہیں جو محض روپیہ کے لالچ سے عیسائی ہوتے
ہیں سو جب کہ دلوں پر اثر ڈالنے کا ایک یہ بھی طریق ہے تو ہم کیوں اس میں پیچھے رہیں بہر حال
اس مدرسہ کا قائم رہنا اسی بات پر موقوف ہے کہ ہماری جماعت کی اس طرف بھی پوری توجہ ہو۔
باعث اس سلسلہ کے ابتدائی حالت کے ہر ایک شاخ میں مشکلات تو بہت ہیں ۔ منار کے لئے
ابھی روپیہ کافی نہیں بعض کتابیں جن کے لئے ارادہ ہے کہ کم سے کم بیس بیس ہزار چھپ جائیں
ان کے لئے کچھ بھی سامان نہیں ۔ مہمان خانہ کے لئے بعض ضروری عمارتوں کی ضرورت ہے ان
کے لئے روپیہ نہیں لیکن یہ ایسے امور ہیں کہ ابھی ہماری جماعت کی طاقت سے خارج معلوم
ہوتے ہیں اور میں دعا کرتا ہوں کہ ان غموں کو خدا تعالیٰ ہمارے دل پر سے دور کرے لیکن اگر
ہماری جماعت کی توجہ ہو تو قادیان کے مدرسہ کے قائم رہنے کے لئے بالفعل بہت مدد کی ضرورت
نہیں اگر ایک ہزار آدمی چار چار آنے ماہواری اپنے ذمہ قبول کرلے تو اڑھائی سو روپیہ ماہواری
مدرسہ کو مل سکتا ہے اور رونق کے بعد فیس کی آمدن بھی ہو سکتی ہے ۔ غرض اس مشکل کے دور کرنے
کے لئے مرزا خدا بخش صاحب کو روانہ کیا جاتا ہے ہر ایک صاحب جو اس کام کے لئے کوئی مدد تجویز
فرماویں وہ لنگر خانہ سے اس مدد کو مختلط نہ کر دیں ۔ یہ اختیار ہوگا کہ اگر مقدرت نہ ہو تو لنگر خانہ کی رقم
سے جو ان کے ذمہ ہے کچھ کم کر کے اس میں شامل کر دیں مگر اس کو بالکل الگ رکھیں اور یہ رقم
بخدمت محبی عزیزی اخویم نواب محمد علی خان صاحب بمقام قادیان یا جس کو وہ تجویز کریں آنی
چاہیے تا حساب صاف رہے کیونکہ لنگر خانہ کا روپیہ میرے پاس پہنچتا ہے اور یہ کام وقت سے خالی
نہیں کہ پہلے مدرسہ کا روپیہ میرے پاس پہنچے اور پھر میں وہ روپیہ کسی دوسرے کے حوالہ کروں بالفعل
یہ تمام کاروبار مدرسه نواب صاحب موصوف کے ہاتھ میں ہے پس انہیں کے نام روپیہ آنا چاہیے
بہر حال اس مدرسہ کے لئے کوئی خاص رقم مقرر ہونی چاہیے جو ماہ بماہ آیا کرے۔ میں پہلے لکھ چکا
ہوں کہ قائمی مدرسہ با مید اس نیک نتیجہ کے ہے جس کے ہم امیدوار ہیں اسی لئے ہم اس- ہم اس سلسلہ کے
ضروری اخراجات میں اس کو شریک کرتے ہیں۔ والسلام على من اتبع الهدى
الحکم نمبر ۲۳ جلد ۶ مورخه ۲۴ جون ۱۹۰۲ء صفحه ضمیمه الحکم
☆
الراقم المفتقر الى الله الصمد
غلام احمد عافاه الله و ايد