۵ ستمبر ۱۹۰۷ء

ملفوظات

Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.

۵ ستمبر ۱۹۰۷ء
جلد نهم
آج صبح ۹ بجے
تمہارے اعمال تمہارے احمدی ہونے پر گواہی دیں حضرت روح الله
کے دست مبارک پر دس بارہ آدمیوں نے دار البرکات کے صحن میں بیعت کی۔ حضور نے ایک لمبی تقریر
فرمائی جس کا خلاصہ عرض ہے۔
حدیث میں آیا ہے کہ التَّائِبُ مِنَ الذَّنْبِ كَمَنْ لَّا ذَنْبَ لَهُ۔ اب جو تم لوگوں نے بیعت
کی تو اب خدا تعالیٰ سے نیا حساب شروع ہوا ہے۔ پہلے گناہ صدق و اخلاص کے ساتھ بیعت کرنے
پر بخشے جاتے ہیں ۔ اب ہر ایک کا اختیار ہے کہ اپنے لیے بہشت بنالے یا جہنم ۔
انسان پر دو قسم کے حقوق ہیں ۔ ایک تو اللہ کے دوسرے عباد کے۔ پہلے میں تو اسی وقت نقصان
ہوتا ہے جب دیدہ دانستہ کسی امر اللہ کی مخالفت قولی یا عملی کی جائے مگر دوسرے حقوق کی نسبت
بہت کچھ بیچ بیچ کے رہنے کا مقام ہے۔ کئی چھوٹے چھوٹے گناہ ہیں جنہیں انسان بعض اوقات سمجھتا
بھی نہیں ۔ ہماری جماعت کو تو ایسا نمونہ دکھانا چاہیے کہ دشمن پکار اٹھیں کہ گو یہ ہمارے مخالف ہیں مگر
ہیں ہم سے اچھے ۔ اپنی عملی حالت کو ایسا درست رکھو کہ دشمن بھی تمہاری نیکی خدا ترسی اور اتقاء کے
قائل ہو جائیں ۔
یہ بھی یاد رکھو کہ خدا تعالیٰ کی نظر جذر قلب تک پہنچتی ہے۔ پس وہ زبانی باتوں سے خوش نہیں
ہوتا ۔ زبان سے کلمہ پڑھنا یا استغفار کرنا انسان کو کیا فائدہ پہنچا سکتا ہے۔ جب وہ دل و جان سے کلمہ
یا استغفار نہ پڑھے۔ بعض لوگ زبان سے اَسْتَغْفِرُ اللہ کرتے جاتے ہیں مگر نہیں سمجھتے کہ اس سے
کیا مراد ہے۔ مطلب تو یہ ہے کہ پچھلے گناہوں کی معافی خلوص دل سے چاہی جائے اور آئندہ کے
لیے گناہوں سے باز رہنے کا عہد باندھا جائے اور ساتھ ہی اس کے فضل و امداد کی درخواست کی
جائے ۔ اگر اس حقیقت کے ساتھ استغفار نہیں ہے تو وہ استغفار کسی کام کا نہیں ۔ انسان کی خوبی اسی

میں ہے کہ وہ عذاب آنے سے پہلے اس کے حضور میں جھک جائے اور اس کا امن مانگتا رہے۔
عذاب آنے پر گڑ گڑانا اور وقِنَا وَقِنَا پکارنا تو سب قوموں میں یکساں ہے۔ ایسے وقت میں جبکہ
خدا کا عذاب چاروں طرف سے محاصرہ کئے ہوئے ہو ایک عیسائی ، ایک آریہ، ایک چوہڑا بھی اس
وقت پکار اٹھتا ہے کہ الہی ہمیں بچائیو۔ اگر مومن بھی ایسا کرے تو پھر اس میں اور غیروں میں فرق کیا
ہوا۔ مومن کی شان تو یہ ہے کہ وہ عذاب آنے سے قبل خدا تعالیٰ کے کلام پر ایمان لا کر خدا کے حضور
گڑ گڑائے۔
اس بات کو اس نکتہ کو خوب یا د رکھو کہ مومن وہی ہے جو عذاب آنے سے پہلے کلام الہی پر یقین
کر کے عذاب کو وارد سمجھے اور اپنے بچاؤ کے لیے دعا کرے۔ دیکھو! ایک آدمی جو تو بہ کرتا ہے۔ دعا
میں لگا رہتا ہے تو وہ صرف اپنے پر نہیں بلکہ اپنے بال بچوں پر اپنے قریبیوں پر رحم کرتا ہے کہ وہ سب
ایک کے لیے بچائے جا سکتے ہیں۔ ایسا ہی جو غفلت کرتا ہے تو نہ صرف اپنے لیے کرتا ہے بلکہ اپنے
تمام کنبے کا بدخواہ ہے ۔
یہ بڑا نازک وقت ہے۔ خدا تعالیٰ کے غضب کی آگ مشتعل ہے۔ نہیں معلوم کہ آئندہ موسم
طاعون میں کیا ہونے والا ہے۔ اس کا کلام مجھے اطلاع دیتا ہے کہ آگے سے بڑھ کر مری پڑے گی ۔
پس مومنو! قُوا أَنْفُسَكُمْ وَ أَهْلِيكُمْ نَارًا (التحریم : ٧) دعا میں لگے رہو کہ خدا تعالیٰ فرماتا ہے
قُلْ مَا يَعْبَؤُا بِكُمْ رَبِّي لَوْلَا دُعَاؤُكُمْ (الفرقان: ۷۸)۔
ایک انسان جو دعا نہیں کرتا ۔ اس میں اور چار پائے میں کچھ فرق نہیں۔ ایسے لوگوں کی نسبت
خدا تعالیٰ فرماتا ہے یا كُلُونَ كَمَا تَأْكُلُ الْأَنْعَامُ وَالنَّارُ مَثْوًى لَهُم (محمد : ۱۲) یعنی چار پائیوں
کی زندگی بسر کرتے ہیں اور جہنم ان کا ٹھکانا ہے۔ پس تمہاری بیعت کا اقرار اگر زبان تک محدودرہا تو
یہ بیعت کچھ فائدہ نہ پہنچائے گی ۔ چاہیے کہ تمہارے اعمال تمہارے احمدی ہونے پر گواہی دیں ۔
میں ہرگز یہ بات نہیں مان سکتا کہ خدا کا عذاب اس شخص پر وارد ہو جس کا معاملہ خدا تعالیٰ سے صاف
ہو۔ خدا اسے ذلیل نہیں کرتا جو اس کی راہ میں ذلت اور عاجزی اختیار کرے۔ یہ سچی اور صحیح بات ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی