مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں کے بارہ میں خدام کو ضروری ہدایات
مشعل راہ (جلد اوّل)
582
مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں کے بارہ میں خدام کو
ضروری ہدایات
۲۲ اکتوبر ۱۹۵۰ء کو حضرت خلیفہ المسیح الثانی رات کے وقت بھی مقام اجتماع میں تشریف لائے۔اس وقت
خدام کے تقریری مقابلے ہو رہے تھے جن کے اختتام پر حضور نے بھی خدام سے خطاب فرماتے ہوئے انہیں بیش
قیمت ہدایات سے نوازا تھا۔یہ ہدایات رسالہ خالد اکتوبر ۱۹۶۲ء میں پہلی مرتبہ شائع ہوئی تھیں۔(مرتب)
"
” دوسری بات میں لیکچراروں کے متعلق کہنا چاہتا ہوں۔عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ جلدی جلدی اور
زور کے ساتھ بولا جائے تو تقریر زیادہ موثر ہوتی ہے حالانکہ یہ بات غلط ہے۔نہ جلدی جلدی بولنا تقریر کے اندر
اثر پیدا کرتا ہے اور نہ زور سے بولنا تقریر کے اندر اثر پیدا کرتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ جب کوئی تقریر میں بے
موقعہ زور سے بولتا ہے تو تقریر کا اثر کم ہو جاتا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گویا وہ گلے سے اوپر بول رہا ہے ، دی
سے نہیں بول رہا اور بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ وہ پندرہ سولہ منٹ کے بعد ہی گویائی سے محروم ہو جاتا ہے۔مجھے
اچھی طرح یاد ہے کہ جب حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے وہ لیکچر لکھا جو آریوں کی مجلس میں پڑھا گیا اور
جس کے نتیجہ میں چشمہ معرفت "کتاب لکھی گئی۔اس وقت مولوی عبد الکریم صاحب فوت ہو چکے تھے۔ان
جیسی آواز والا جماعت میں اور کوئی شخص موجود نہ تھا اور یہ سوال در پیش تھا کہ یہ تقریر کون پڑھے۔تجویز یہ ہوئی
کہ مقابلہ کر کے دیکھا جائے کہ کون شخص زیادہ موزوں ہے کہ اسے تقریر پڑھنے کے لئے کہا جائے۔مختلف لوگوں
نے وہ تقریر پڑھی۔بڑے بڑے لوگوں میں سے حضرت خلیفہ المسیح الاول، مرزا یعقوب بیگ صاحب اور شیخ
یعقوب علی صاحب عرفانی تھے۔ان کے علاوہ اور لوگ بھی تھے۔میری عمر اس وقت چھوٹی تھی لیکن میں خیال کرتا
تھا (شاید یہ اندازہ اب موجودہ عمر کے لحاظ سے ہو) کہ اگر میں وہ تقریر پڑھتا تو غالبا اچھی پڑھتا لیکن حضرت خلیفہ
المسیح الاول کی آواز زیادہ بلند نہ تھی۔اگر چہ آہستہ آہستہ زور پکڑ کر وہ موثر ہو جایا کرتی تھی لیکن وہ اس مقام پر
نہیں پہنچتی تھی جہاں تقریر کرنے والا جوش کے ساتھ سامعین کو اپنے ساتھ بہالے جایا کرتا ہے۔یوں تقریر کے لحاظ
سے آپ کی آواز میں بڑا اثر تھا اور مضمون سامعین کے ذہن نشین ہو جاتا اور ان کے دل کی گہرائیوں میں اتر جاتا
تھا لیکن پڑھنے میں یہ طریق کامیاب نہیں ہو تا۔حضرت خلیفہ المسیح الاول نے وہ مضمون پڑھا لیکن حضرت مسیح
موعود علیہ السلام آپ کے پڑھنے کے طریق پر مطمئن نہ ہوئے۔حضرت خلیفہ المسیح الاول کے بعد مرزا یعقوب
بیگ صاحب نے مضمون پڑھنا شروع کیا۔ان کی آواز باریک تھی۔دوسرے وہ عربی سے ناواقف تھے اور مضمون
583
میں چونکہ اکثر قرآنی آیات تھیں۔نتیجہ یہ ہوا کہ انہوں نے غلط پڑھنا شروع کر دیا اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلو
ۃ والسلام نے فرمایا یہ بھی موزوں نہیں۔اس کے بعد شیخ یعقوب علی صاحب عرفانی نے پڑھنا شروع کیا۔انہوں نے
یہ خیال کیا کہ پہلے دونوں کی آواز میں چونکہ بلندی اور گرج نہیں تھی اس لئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ
والسلام نے ان کا طریق بیان پسند نہیں فرمایا چنانچہ انہوں نے بڑے زور کے ساتھ گرج کی سی آواز میں پڑھنا
شروع کیا مگر اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ان کی آواز جلد ہی بیٹھ گئی اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا
تشریف رکھیں۔غرض مضمون کو آہستگی سے اور ایسے رنگ میں پڑھنا چاہئے کہ سامعین پڑھنے والے کی آواز میں
سموئے جائیں۔جب تک سامعین پڑھنے والے کی آواز میں سموئے نہیں جاتے اور جب تک ان کا پڑھنے والے
کی آواز کے ساتھ اشتراک نہیں پیدا ہو تا اس وقت تک تقریر میں زور پیدا کرنا ان کو قریب کرنے کی بجائے دور
کرتا ہے۔پھر تقریر کرنے والے کو اپنا مضمون اس طرح بیان کرنا چاہئے کہ اسے سارے مضمون کے سارے پہلو
مد نظر ہوں۔بعض دفعہ تقریر کرنے والا اپنا مضمون ایسے طور سے بیان کرتا ہے کہ وہ خیال کرتا ہے کہ اس کا طریق
بیان درست ہے لیکن جن شقوں کی وجہ سے وہ اسے واضح محسوس کرتا ہے وہ سامعین کو معلوم نہیں ہو تیں۔اس
لئے اس کی تقریر بے کار ہو جاتی ہے۔مثلاً آج ہی بعض مقررین نے کہا ہے کہ یہ بات تو واضح ہے لیکن یہ فقرہ وہاں
کہا جاتا ہے جہاں تقریر کرنے والا کسی منطقی نقطہ کی طرف پہلے اشارہ کر دیتا ہے۔مثلاً ہم کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہر
انسان کے اندر عقل اور سمجھ رکھی ہے پھر ہم کہتے ہیں یہ بات بالکل واضح ہے کہ جب ایک انسان کے سامنے کوئی
غیر معقول بات پیش کی جائے گی تو وہ اسے ماننے کے لئے تیار نہیں ہو گا۔چونکہ ہم نے ایک ایسی بات پیش کی ہے
جس کو دنیا کے سب لوگ جانتے ہیں اور پھر یہ بات پیش کی کہ اگر انسان کے سامنے کوئی غیر معقول بات رکھی جائے
تو وہ اسے ماننے کے لئے تیار نہیں ہو تا تو یہ بات بج جائے گی لیکن اگر ہم کہیں گے کہ یہ بات واضح ہے کہ اس زمانہ
میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کا ظہور ہونا چاہئے تھا تو یہ بات ہمارے لئے تو واضح ہوگی کہ دنیا کے
حالات اس قسم کے ہیں کہ وہ تقاضا کرتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کی طرف سے کوئی مامور مبعوث ہو لیکن ایک مخالف تو یہ
بات نہیں مانتا۔پس ہر بات کہتے وقت یہ اچھی طرح سمجھ لینا چاہئے کہ آیا سننے والا اسے سمجھ سکے گایا نہیں۔اس کے بعد اس مجلس کے متعلق کچھ کہنا چاہتا ہوں۔میرے نزدیک تقریریں کرانے کا یہ طریق جو نکالا گیا
ہے ، غلط ہے۔بعض تقریریں کرنے والوں نے ایسے مضامین منتخب کئے ہیں جو بہت ہی اہم ہیں لیکن وہ دو منٹ کے
بعد چپ ہو گئے۔دو منٹ میں مضمون کی ماہیت کو بیان کرنا بھی مشکل ہے اس لئے یہ طریق غلط ہے۔پھر یہ کہنا کہ
تقریر کے لئے نام لکھا دو یہ طریق بھی غلط ہے۔یہ علم کے مظاہرہ کا موقعہ ہے۔یہ اجلاس عام انجمنوں کا اجلاس
نہیں۔یہ وہ اجلاس ہے جس میں یہ مظاہرہ کیا جاتا ہے کہ ہم نے نوجوانوں کو اتنی مشق کرائی ہے۔مثلاً جلسہ سالانہ
کے موقعہ پر تقریر کے لئے بعض دفعہ بڑے بڑے عالموں کا بھی نام آجاتا ہے لیکن میں وہ نام کاٹ دیتا ہوں اور کہتا
584
ہوں کہ انہیں پہلے باہر مشق کرالو۔اسی طرح خدام الاحمدیہ کا سٹیج ہے۔یہاں یہ مظاہرہ کیا جاتا ہے کہ ہم نے اپنے
خدام کو تقریر کرنے کی کتنی مشق کرائی ہے اور ان کے ذہنوں میں کتنی جلا پیدا کر دی ہے۔پس ایسے موقعہ پر یہ کہنا
کہ تقریروں کے لئے نام لکھوا دو
لکھوار و غلط ہے۔کچھ مضامین پہلے چن لینے چاہئیں اور انہیں باہر بھجوا دینا چاہئے اور
بعض ایسے سرکل بنا دینے چاہئیں جن میں سے ایک ایک نمائندہ لے لیا جائے۔پھر انہیں اختیار دیا جائے کہ وہ اپنی
میٹنگ کریں اور اس موضوع پر جس پر ان کے نمائندہ نے اجتماع کے موقعہ پر تقریر کرنی ہے خوب بحث کریں اور
دلائل بیان کریں۔پھر جو نمائندہ منتخب ہو وہ ان دلائل میں سے کچھ دلائل چن لے اور نوٹ لکھ لے۔یہاں تقریر
زبانی ہو لیکن تقریر کرنے والے کو یہ اختیار دینا چاہئے کہ وہ اس کے لئے بعض نوٹ لکھ لے۔پھر ان لیکچراروں کو
کم از کم ہیں منٹ ملنے چاہئیں۔اس طرح دو گھنٹے میں چھ لیکچر ہو جائیں گے۔جہاں تک تحریری مضامین کا سوال ہے اس بات کی ضرورت نہیں کہ یہاں یہ کہا جائے کہ دوست اس
امتحان میں شامل ہونے کے لئے اپنا نام لکھوا دیں بلکہ پرچے بنا کر باہر بھیجوا دینے چاہئیں۔خدام ان پر چوں کی
تیاری کریں اور جب یہاں آئیں تو وہ امتحان کے لئے اپنا نام لکھوا دیں۔یہاں سپروائزروں کے سامنے بیٹھ کر وہ
مضامین لکھیں اور ہر سال ایسا کریں۔جو گروپ قابل ہو جائیں ان کی جگہ دوسرے گروپ لے لئے جائیں۔اس
طرح قدم بہ قدم تمام جماعتوں کے سرکل مقرر کر کے مضامین لکھواؤ۔اگر آپ لوگوں نے مضمون نویسی کی مشق
کرانی ہے تو بے شک امتحان میں شامل ہونے والی کتابیں بھی ساتھ لے آئیں۔انہیں یہ اختیار دیا جائے کہ وہ
ضروری کتابیں دیکھ سکیں لیکن کسی سے مشورہ نہ لیں۔بہر حال انہیں یہ موقعہ دینا چاہئے کہ وہ مختلف کتابوں سے
استنباط کر کے مضامین لکھیں۔آخر ہم مضامین لکھتے ہیں تو کیا فرشتے آکر ہمیں نوٹ لکھواتے ہیں۔ہم بھی دوسری
کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں اور ان سے مسائل اخذ کر کے مضامین لکھتے ہیں۔ہمارا یہ مقصد نہیں ہونا چاہئے کہ
ہمارے نوجوان علوم مروجہ کو استعمال کرنا زیادہ سے زیادہ جانتے ہوں۔جس طرح کتابوں کا امتحان ہو تا ہے ایک
امتحان اس قسم کا بھی ہو لیکن ضروری ہے کہ ایک مضمون مقرر کر دیا جائے۔مثلا وفات مسیح کا مضمون ہے۔ایک
سال کے لئے یہ مضمون مقرر کر دیا جائے۔بے شک آپ بعض سوالات بھی دے دیں۔مثلا کسی نے نئے رنگ میں
کوئی اعتراض کیا ہے یا کوئی پر انا اعتراض زیادہ اہم ہو گیا ہے تو آپ کہہ سکتے ہیں کہ ان سوالات کو مد نظر رکھ کر
مضمون لکھا جائے۔صرف شرط یہ ہوگی کہ مضمون اس جگہ لکھنا ہو گا اور سپروائزر کی نگرانی میں لکھنا ہو گا تا معلوم
ہو کہ لکھنے والا وہی ہے۔ہمارا اصل مقصد یہ نہیں کہ خدام کی ذہانت کا امتحان لیا جائے بلکہ ہم نے ان کے علم کا
امتحان لینا ہے اور علم کتابوں کے مطالعہ سے پیدا ہوتا ہے۔پس آئندہ یہ طریق بند کیا جائے اور علاقے اور سرکل
مقرر کر دیئے جائیں اور ان سے ایک ایک نمائندہ اس امتحان میں شمولیت کے لئے لیا جائے۔انہیں مضمون پہلے بتا
دیا جائے اور یہ اجازت دی جائے کہ لوکل مجلس کے تمام خدام اپنی ایک میٹنگ منعقد کریں اور اپنے نمائندہ کو
دلائل لکھوائیں۔اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ ساری کی ساری جماعت اس مضمون کی تیاری میں شامل ہوگی اور ہر خادم۔
585
یہ کوشش کرے گا کہ اس کی دلیل زیادہ اعلیٰ ہو۔پھر کتابوں کا بھی مطالعہ کیا جا سکتا ہے۔صرف دیکھنا یہ ہے کہ آیا
اس نے مقررہ وقت میں یہ مضمون لکھ لیا ہے۔صاحب القلم اس کو کہتے ہیں جو کسی مضمون کو مقررہ وقت میں لکھ
سکے اور صاحب القلم پیدا کرنا ہمارا مقصد ہے۔پھر تقریری امتحان بھی اسی طرح کا ہو نا چاہئے۔ایک اور چیز بھی ہے جس کی طرف میں توجہ دلانا چاہتا ہوں اور وہ یہ ہے کہ یہاں ایسا کوئی انتظام نہیں کہ اگر
مضمون میں کوئی غلطی ہو جائے تو اس کی اصلاح کر دی جائے۔مثلاً یہی مضمون کہ پاکستان کو کس بلاک میں شامل ہونا
چاہئے ، یہ مضمون طلباء کے ساتھ تعلق نہیں رکھتا۔اگر کوئی لیکچرار کوئی ایسی بات کہہ دے جو سلسلہ کی پالیسی کے
خلاف ہو اور اس کی بعد میں تردید نہ کی جائے تو سننے والا وہی خیال ساتھ لے جائے گا اور کہے گا کہ میں خدام
الاحمدیہ کے سالانہ اجتماع پر گیا تھا اور وہاں سے یہ بات سن کر آیا ہوں۔پس اس موقعہ پر ایسا انتظام بھی ہونا چاہئے
کہ کوئی شخص کسی قسم کا کوئی غلط خیال اپنے ساتھ لے کر نہ جائے۔میں بعد میں کوئی ایسا طریق مقرر کر دوں گا جس
سے غلط خیالات کی تردید ہو سکے اور خدام اپنے ساتھ غلط خیالات لے کر نہ جائیں۔۔یہ ہدایتیں میں آئندہ اجتماع کے متعلق دیتا ہوں۔تحریری اور تقریری مقابلوں کے لئے مجالس کو پہلے لکھا
جائے۔وہ اپنی میٹنگ بلائیں اور اپنے اپنے نمائندہ کو نوٹ لکھوائیں۔نمائندہ اپنی اپنی مجلس کے ارکان سے
دلائل سن کر آئے اور اگر یہ پتہ لگ جائے کہ بعض اچھے جو ان تیار ہو گئے ہیں تو انہیں سٹیج پر بولنے کے لئے زائد
وقت بھی دیا جا سکتا ہے۔مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سوائے ایک دو نوجوانوں کے کسی نے کوئی خاص
بات بیان نہیں کی اور نہ ہی کسی نے یہ خیال کیا ہے کہ جو دو منٹ وقت ملا ہے اس میں کوئی اچھی بات بیان
کروں۔"
فرموده ۲۲ اکتوبر ۱۹۵۰ء مطبوعہ ماہنامہ " خالد " اکتوبر ۱۹۶۲ء)