ہمارا ایک اہم فرض
مضامین ناصر
ہمارا ایک اہم فرض
عزیز مکرم صاحبزادہ مرزا نا صراحمد سَلَّمَهُ اللهُ تَعَالى خلف الرشید حضرت
خلیفہ المسیح ثانی ایدہ اللہ تعالیٰ کا یہ پہلا مضمون ہے۔جوایڈ میٹر افضل کی تحریک پر انہوں نے لکھا۔احباب کرام گلشن احمد کے اس تازہ پھول کی خوشبو سے اپنے دماغ معطر کرتے ہوئے خدا تعالیٰ
کے حضور دعا کریں کہ وہ اپنے فضل وکرم سے صاحبزادہ صاحب موصوف کو لمبی عمر عطاءفرمائے اور
جماعت کے لئے آپ کے وجود کو نعمت غیر مترقبہ ثابت کرے۔(ایڈیٹر )
جبکہ دنیا کفر وضلالت کے سمندر میں گھری ہوئی تھی۔گمراہی کا طوفان ہر سو پھیل رہا تھا۔بے
دینی کا بادل مشرق و مغرب میں چھایا ہوا تھا اور ہر جہت میں لامذہبی کی ہوائیں چل رہی تھیں ہاں جبکہ
نہ صرف یہ کہ مسلمان مغز اسلام کو بھلا چکے تھے بلکہ دیگر مذاہب بھی شمشیر بر ہنہ لئے اسلام کو ہلاک کرنا
چاہتے تھے۔اور ان کی ہر سعی اس بات میں تھی کہ کسی نہ کسی طرح بستان
محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہر
ایک درخت کو جڑ سے اکھیڑ کر اس خوبصورت بستان کو اُجاڑ دیں اور کسی نہ کسی طرح آب حیات کے اس
چشمہ کو جسے خدا تعالیٰ کے پاک مقدس رسول نے جاری کیا تھا خشک کر کے اسلام کے نام تک کو دنیا سے
مفقودکر دیں ہاں ! اس وقت جبکہ تو حید کا نام تک دنیا سے مٹ چکا تھا اور اس کی جگہ شرک نے لے لی
تھی۔بادخزاں نے چمن اسلام پر ایک دہشت ناک اثر کیا تھا اور دنیا کی نظروں میں قریب تھا کہ مخل
اسلام ہمیشہ کے لئے صفحہ ہستی سے معدوم ہو جائے۔جبکہ شیطان نے اپنی پوری طاقت کو جمع کر کے اور
پورے اسباب کو مہیا کرتے ہوئے اسلام سے آخری جنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا اس وقت خدائے
رحیم و کریم کے رحم نے جوش مارا اور اس نے اپنے بندوں پر نظر لطف فرماتے ہوئے ایک عظیم الشان
رسول کو مبعوث فرمایا جوآ نحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مظہر اتم اور جمیع انبیاء گذشتہ کے جملہ کمالات
اور خوبیوں کو اپنے اندر جمع رکھتا تھا۔وہ نبی دنیا میں آیا اور ایک عظیم الشان تبدیلی پیدا کرنے کے لئے آیا۔وہ دلوں میں نور بھرنے
اور توحید کو قائم کرنے کے لئے اپنے ساتھ سچائی کا ایک سورج لا یا اور اپنے گردو پیش کے لوگوں پر اپنا
روحانی اثر ڈالنا شروع کیا۔اس نے اسلام کے چشمہ کو جو خشک ہوتا نظر آتا تھا پھر نئے سرے سے جاری
کیا۔اس نے نہ صرف چمن اسلام کے مرجھائے ہوئے پودوں کو دوبارہ سرسبز کر دیا بلکہ نئے بیج بوئے۔اس نے شیطان سے آخری جنگ کرنے کے لئے لوگوں کو تیار کرنا شروع کیا اور جب چند ایک نفوس
اس کے نور سے منور ہو گئے۔جب چمن اسلام میں نوزاد پودے لہلہانے لگے۔جب ایک چھوٹی سی
جماعت شیطان سے جنگ کرنے کے لئے تیار ہو گئی تو جیسا کہ نبیوں کی سنت ہے اس کا کام بھی ختم ہو
چکا اور وہ اس دار فانی سے جدا ہو کر اپنے محبوب حقیقی کی گود میں چلا گیا۔ہاں بے شک وہ اس دار فانی
سے جدا ہو مگر کیا اس نے اپنے کام کو ادھورا چھوڑ دیا؟ کیا قبل اس کے کہ فتح مندی کا سہرا اس کے سر پر
لہرا تا۔وہ اس جہان سے گذر گیا ؟ نہیں اور ہر گز نہیں۔اس نے اپنے چشمہ کا ساقی اور چمن کا مالی اپنے
حلقہ بگوشوں کو مقرر کیا اور یوں شیطان سے جنگ کرنے کا بوجھ ہمارے کندھوں پر رکھ گیا اور اس طرح
ہمارا اہم فرض تبلیغ ہوئی۔اور گو کہ اس کا جسم ہم سے جدا ہے مگر اس کی روح ہم میں کام کر رہی ہے اور
ہمارا کام اس کا کام ہے اور آخر فتح کا سہرا اُسی کے سر پر ہے۔اب جبکہ ہمارا اہم فرض تبلیغ ہے تو میں اس کے متعلق چند ایک ضروری باتیں بیان کرنا
چاہتا ہوں۔اول۔یہ کہ صرف دلائل سے کوئی نہیں مانا کرتا۔اور کسی چیز کو صرف دلیلوں کے زور سے
منوانے کی کوشش کرنا قلوب کو مسخر نہیں کر سکتا۔جب تک ہم اسلامی احکام پر چل کر اور اس کی نواہی سے
بچ کر اپنے آپ کو نمونہ نہ بنائیں اس وقت تک دلائل بالکل بے اثر اور سمجھانا بالکل فضول ہو گا جس
وقت تک کہ ہمارے چہروں پر نور نہ چمکتا ہو اور ہمارے اخلاق اعلیٰ اور اسلام کے مطابق نہ ہوں۔اس
وقت تک دلائل کارآمد نہیں ہو سکتے۔اگر ہمارے اندرا خلاق فاضلہ نہ ہوں اور روحانیت نہ پائی جائے تو
کوئی کہہ سکتا ہے کہ تم نے اسلام کو قبول کر کے وہ کونسی بات حاصل کی جو مجھ میں نہیں ہے اور وہ کونسی شے
ہے جسے تم نے اسلام سے حاصل کیا ہے؟ اور میرامذہب مجھے وہ شے نہیں دے سکتا۔آخر اسلام میں کوئی
فضیلت پائی جاتی ہو تو میں اپنے آبائی مذہب کو ترک کر کے اسلام قبول کروں۔پس سب سے پہلی
بات جو ایک مبلغ یا یوں کہو کہ ایک احمدی کے اندر ہونی ضروری ہے وہ اخلاق فاضلہ اور روحانیت ہے تا
وہ اشاعت اسلام کر کے اپنے فرض سے سبکدوش ہو سکے۔دوم۔یہ کہ صرف اخلاق فاضلہ سے بھی کوئی نہیں مانا کرتا بلکہ اخلاق فاضلہ کے ساتھ دلائل و
براہین کی بھی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ ہم دیکھتے ہیں کہ دیگر مذاہب کے قبول کرنے والوں میں بھی
ایک حد تک اخلاق پائے جاتے ہیں۔اگر صرف اخلاق ہی کسی مذہب کی سچائی پر دال ہوں تو حق و
باطل میں فرق کرنا مشکل ہو جائے۔کیونکہ اخلاق کی باریکیوں کو سمجھنا ہر ایک کا کام نہیں۔پس دلائل کا
وجود بھی ضروری ہے لیکن کوئی بات اثر نہیں کر سکتی جب تک کہ وہ دل سے نہ نکلی ہو اور محبت سے بھر پور نہ
ہو جو کلمہ دل سے نکلے۔وہ دل پر ہی بیٹھتا اور اثر کرتا ہے اور جو صرف زبان سے کہا جائے۔وہ ایک کان
میں پڑتا اور دوسرے کان سے بغیر اثر کئے نکل جاتا ہے۔محبت ہی سے دلوں کے قلعے فتح کئے جا سکتے
ہیں۔پس دوسری بات جو ایک احمدی کے لئے ضروری ہے۔وہ یہ ہے
کہ تبلیغ کرتے وقت اس کا لفظ لفظ
درد میں ڈوبا ہوا اور محبت سے معمور ہونا چاہیے۔تا اس کی دلیل کارگر ہو اور اس کی محنت رائیگاں نہ
جائے۔سچائی اپنا اثر پیدا کرے۔مخاطب ہلاکت سے بچ جائے اور وہ بھی اپنے فرض سے سبکدوش
ہو جائے اور خدا کے فضلوں کا وارث بنے۔سوم۔یہ کہ ہر احمدی کو دیوانہ وار تبلیغ کرنی چاہیے۔یہ دیوانگی ہی ہے جس سے انسان کا میاب
ہوسکتا ہے۔تم تبلیغ کرتے ہی چلے جاؤ خواہ دوسرا مانے یا نہ مانے۔تم کہتے ہی چلے جاؤ۔خواہ دوسرا انکار
ہی کرتا رہے۔خواہ مخاطب کا دل پتھر جتنا ہی سخت کیوں نہ ہو؟ خواہ تمہارے محبت بھرے دلائل پانی کی
مانند ہی نرم کیوں نہ ہوں۔مگر آخر پانی بھی تو ایک پتھر پر بار بار گرتے رہنے سے اسے گھسا دیتا ہے۔پھر کیا تمہاری بار بار کی تبلیغ اس کے دل پر اثر نہ کرے گی۔یقیناً اثر کرے گی۔اور ایک دن وہی دل جو
پتھر کی طرح تھا۔تمہارے آگے موم کی مانند نرم ہو جائے گا اور وہ سرکش روح جو کسی طرح بھی قابو نہ آتی
تھی۔تمہاری محبت بھری تبلیغ کے سامنے اطاعت کی گردن جھکا دے گی۔دیکھو! خدا تعالیٰ کے رسولوں میں بھی اس قسم کی دیوانگی پائی جاتی تھی اور اسی وجہ سے کافران کا
نام مجنون رکھتے تھے۔اور کہتے تھے کہ (نعوذ باللہ ) یہ مجنون و دیوانہ ہیں۔اپنی دھن میں ہی ہر وقت
لگے رہتے ہیں۔اور ہر وقت اپنا راگ گاتے رہتے ہیں۔لوگوں کی مارلوگوں کا گالی دینا ان کو
اپنے کام سے روکتا نہیں۔وہ اپنے ہی کام میں ہر وقت مست رہتے ہیں۔اور اعلائے کلمتہ اللہ میں محو۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فدا نفسی کے حالات زندگی پر نظر ڈالو۔ایک واحد تن تنہا شخص اٹھا جو
اپنی قوم کے مذہب کے خلاف مذہب رکھتا تھا اور ایک معمولی اختلاف نہیں بلکہ بعد المشرقین کا
اختلاف اور دن رات جیسا فرق اس کے اور اس کی قوم کے مذہب میں تھا۔وہ ایک تھا۔تمام قوم اس
کے مخالف تھی۔وہ کمزور تھا۔قوم مضبوط تھی مگر باوجود اس کے پھر بھی وہ کامیاب وکامران ہوا۔وہ جو
بالکل تن تنہا تھا چند دن کے بعد ایک عظیم الشان جماعت کا آقا وسردار نظر آیا۔وہ کیا شے تھی جس نے
یہ تغیر پیدا کیا؟ وہ یہی خدا کے عشق کی مخموریت اور اس کے نام کا جنون تھا۔پس اس دیوانگی سے ہی ہم
بھی اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کر سکتے اور تبلیغ کے فرض کو پوری طرح ادا کر سکتے ہیں۔دنیا میں بیداری کی ایک رو پھیل رہی ہے۔دنیا کا ہر مذہب دنیا کی ہر قوم خواہ وہ عیسائی ہو کہ
ہندو مسلم ہو کہ سکھ۔حتی کہ چوہڑے بھی بیداری کی طرف آرہے ہیں۔دنیا کا ہر فرد بشر حق کا متلاشی
اور سچائی کا خواہاں نظر آتا ہے۔انسانوں کے قلوب کو خدا تعالیٰ کے فرشتے ہلا رہے ہیں۔اور وہ چاہتے
ہیں کہ کسی بچے مذہب میں داخل ہو کر خدا تعالیٰ کے قرب کو حال کریں۔پس اُٹھو! اُٹھو! اور اس زریں موقع کو غنیمت سمجھو۔کمریں کس لو۔اور مالی و جانی قربانی کرنے
کے لئے تیار ہو جاؤ جبکہ ایک دنیاوی حسن کا عاشق اپنے مال پر لات مارتے ہوئے جنگلوں اور بیابانوں
پہاڑوں اور میدانوں میں پھر سکتا ہے۔جان جوکھوں میں ڈالتا اور کسی خطرہ سے خوف نہیں
کھاتا تو پھر کیا
ہم خدا تعالیٰ کی توحید قائم کرنے۔اعلائے کلمتہ اللہ اور اشاعت اسلام کے لئے اپنی جانیں اور اپنے
مال قربان نہیں کر سکتے۔کیا ہماری غیر تیں اس قدر مردہ ہو چکی ہیں کہ اسلام کو بے انتہا مصیبتوں سے
گھرا ہوادیکھتے ہوئے بھی ہم خدمت اسلام کے لئے مالی قربانی کر کے فقیرانہ زندگی بسر نہیں کر سکتے۔نہیں اور ہرگز نہیں۔ہماری غیرتیں زندہ ہیں اور ہمیں اپنے ایک ایک پیسہ کو خدمت اسلام میں خرچ
کرنے کے لئے تیار ہونا چاہیے۔بادلوں کی طرح ہم دنیا پر چھا جائیں۔ہوا کی طرح اس کرہ ارض کو گھیر لیں۔بجلی کی مانند ایک
آن کی آن میں ہر جگہ پہنچ جائیں۔احمدیت پھیلے اور اسلام کا بول بالا ہو۔آمین
خاکسار مرزا ناصر احمد
اخبار الفضل قادیان دارالامان ۱۰ مئی ۱۹۲۷ صفحه ۹۰۸)