انسانی کردار کے دو بد نما داغ
مضامین ناصر
۱۲۱
انسانی کردار کے دو بد نما داغ
سُوْرَةُ الْهُمَزَةُ کی نہایت لطیف تغییر
محترم جناب صاحبزادہ مرزا ناصر احمد صاحب ایم اے آکسن صدر مجلس انصار اللہ مرکز بیہ
نے ۲۸ اکتوبر ۱۹۶۰ء کو انصار اللہ کے چھٹے سالانہ اجتماع کے موقع پر قرآن مجید کا درس دیتے
ہوۓ سُوْرَةُ الْهُمَزَةُ کی نہایت لطیف تفسیر بیان فرمائی تھی۔اس میں آپ نے انسانی کردار کے
دو بدنما دھبوں پر روشنی ڈال کر نہایت احسن پیرائے میں ان کی مضرت
کو واضح فرمایا اور اس طرح
اسلامی تعلیم کی بعض پر حکمت تفصیلات ذہن نشین کرائیں۔محترم صاحبزادہ صاحب موصوف کا یہ
پر معارف درس افادہ احباب کی غرض سے ہدیہ احباب کیا جاتا ہے۔(ادارہ)
اگر مذہب صرف اور صرف اعتقادات کے مجموعہ سے ہی عبارت ہوتا اور بعض مخصوص
اعتقادات سے ماوراء مذہب کا اور کوئی وسیع تر مفہوم متحقق نہ ہوتا تو پھر فلسفہ اور مذہب کے درمیان فرق
کرنا مشکل ہو جاتا۔ارسطو، افلاطون، کانٹ ، ہیگل، روسو، ڈیکارٹ اور اسی قبیل کے سینکڑوں فلسفی دنیا
میں گزرے ہیں۔ایسی صورت میں ان کے پیش کردہ نظریات اور انبیاء کی تعلیموں کے درمیان اصولی
طور پر کسی واضح امتیاز کی نشاندہی ممکن نہ ہوتی۔لیکن ایسا نہیں ہے۔مذہب ہمیں صرف صحیح اعتقادات
ہی نہیں سکھا تا بلکہ وہ ایک لائحہ عمل بھی پیش کرتا ہے اور ہمیں تلقین کرتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اس
لائحہ عمل کے مطابق ڈھالیں اور اس طرح دنیا میں ہر طرح ایک کامیاب زندگی بسر کریں۔ابتداء ہی سے ہر قوم اور ہر زمانے کی ضرورت کے مطابق مذہب کی شکل میں آسمانی ہدایت
نازل ہوتی رہی ، یہاں تک کہ آنحضرت ﷺ کی عالمگیر بعثت کے ذریعہ مذہب اپنے کمال کو پہنچا اور
۱۲۲
اس طرح بنی نوع انسان کو اسلام کی شکل میں زندگی کا بہترین اور کامل ترین لائحہ عمل میسر آیا۔اس
لائحہ عمل کی وجہ سے آپ کے ماننے والوں کی زندگیوں میں جو انقلاب رونما ہوا اور وہ جس بلند کر دار اور
خوبصورت اعمال سے متصف ہو کر دنیا کیلئے ہدایت و رہنمائی کا موجب بنے وہ ایک ایسی تابندہ
حقیقت ہے کہ دنیا اعمال و افعال اور سیرت و کردار کی اس خوبصورتی پر ہمیشہ فخر کرتی رہے گی۔انسانی کردار میں خوبصورتی پیدا کرنے اور پھر اس کے رنگ روپ اور حسن کو نکھارنے کے لئے
ضروری ہوتا ہے کہ وہ قبیح اوصاف جو بد نما داغ اور دھبوں کی حیثیت رکھتے ہیں پہلے انہیں منایا اور دور کیا
جائے۔اس کے بعد اوصاف حمیدہ کے خوشنما نقوش کو ابھارا اور ان کو زیادہ سے زیادہ جاذب نظر بنایا
جاتا ہے۔اس وقت قرآن مجید کی جس سورۃ کا میں درس دینا چاہتا ہوں اس میں انسانی کردار کے ایسے
ہی دو بدنما دھبوں کا ذکر کیا گیا ہے جو اس کے حسن کو خاک میں ملا دیتے ہیں اور اس کی سب رعنائی ختم
ہو کر رہ جاتی ہے۔اللہ تعالیٰ سُوْرَةُ الْهُمَزَةُ میں فرماتا ہے۔بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ - وَيْلٌ لِكُلِّ هُمَزَةٍ تُمَزَةِ الَّذِي جَمَعَ مَالًا وَعَدَدَهُ -
يَحْسَبُ أَنَّ مَالَةَ أَخْلَدَهُ - كَلَّا لَيُنْبَذَنَ فِي الْحُطَمَةِ - وَمَا أَدْرِيكَ مَا الْحُطَمَةُ -
نَارُ اللهِ الْمُوْقَدَةُ الَّتِي تَطَّلِعُ عَلَى الْأَفْدَةِ - إِنَّهَا عَلَيْهِمْ مُّؤْصَدَةٌ فِي عَمَدٍ مُّمَدَّدَةٍ -
ہر غیبت کرنے والے اور عیب چینی کرنے والے کے لئے عذاب (ہی عذاب) ہے۔جو مال کو
جمع کرتا ہے اور اس کو شمار کرتا رہتا ہے۔وہ خیال کرتا ہے کہ اس کا مال اس (کے نام کو ) باقی رکھے گا،
ہرگز ایسا نہیں (جیسا وہ خیال کرتا ہے ) وہ یقیناً ( اپنے مال سمیت حُطَمہ میں پھینکا جائے گا اور (اے
مخاطب ) تجھے کیا معلوم ہے کہ یہ حُطَمہ کیا شے ہے۔یہ اللہ تعالی کی خوب بھڑکائی ہوئی آگ ہے جو دلوں
کے اندر تک جا پہنچے گی۔پھر وہ آگ سب طرف سے بند کر دی جائے گی تا کہ اس کی گرمی ان کو اور بھی
زیادہ تکلیف دہ محسوس ہو اور ( وہ لوگ اس وقت ) لمبے ستونوں کے ساتھ بندھے ہوئے ہوں گے۔خدا تعالیٰ نے ان آیات میں انسانی کردار کے دو دھبوں پر اختصار کے ساتھ لیکن بہت جامع
انداز میں روشنی ڈالی ہے اور ان کی مضرت کو بڑی ہی عمدگی کے ساتھ واضح فرمایا ہے۔وہ دو دھبے غیبت
۱۲۳
اور عیب چینی ہیں۔یہ سورۃ اللہ تعالیٰ نے اس لئے نازل فرمائی ہے کہ وہ ہمیں یہ سمجھائے کہ غیبت کا
دھبہ اور عیب چینی کا دھبہ انسان میں کیسے پیدا ہو جاتا ہے اور اس کی کیا وجوہات ہوتی ہیں؟ پھر ہمیں
اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں کے ساتھ جن کا کرداران دو دھبوں کی وجہ سے
داغ دار ہو کیا سلوک کرتا ہے؟ اس طرح اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ تلقین فرمائی ہے کہ ہمیں ان دونوں
برائیوں سے بچنا چاہیے۔خدا تعالیٰ کے کلام کی بھی عجیب شان ہے۔اس سورۃ میں پہلا لفظ ویل استعمال ہوا ہے۔یہ لفظ
اپنے معنوں کے لحاظ سے ایسا ہے کہ اس میں بیک وقت ایک قسم کی ہلاکت کی خبر بھی ہے اور ساتھ ہی
ان وجوہات کا بھی ذکر ہے جن کے نتیجے میں غیبت اور عیب چینی کی بد عادتیں پیدا ہوتی ہیں۔ویل کا
لفظ عذاب یا ہلاکت کے نازل ہونے پر بولا جاتا ہے اور جس کے حق میں یہ لفظ بولا جائے اس سے
مراد یہ ہوتی ہے کہ اس کو اپنے مال یا عزت یا راحت اور چین کے بارہ میں کوئی شدید تکلیف پہنچے گی۔اب یہاں یہ لفظ غیبت کرنے والے اور عیب چینی کرنے والے پر استعمال ہوا ہے سو یہاں مراد یہ ہے
کہ وہ تمام چیزیں جنہیں انسان اچھا سمجھتا ہے اور جن کے متعلق اس کا گمان یہ ہوتا ہے کہ وہ اس کے
لئے عزت ، فخر اور راحت و آرام کا موجب ہیں۔جن کے حاصل ہونے پر اسے محسوس ہونے لگتا ہے
کہ اس کی عزت بلند ہوگئی ہے اور اس کا مرتبہ بڑھ گیا ہے۔بسا اوقات ان کا غلط استعمال ہی غیبت
اور عیب چینی کی بد عادتیں پیدا کرنے کا باعث بن جاتا ہے۔ایسی ہی چیزوں کے نتیجے میں جو بظاہر
بہت اچھی معلوم ہوتی ہیں اور انسان انہیں اپنے لئے عزت اور راحت کا موجب سمجھتا ہے۔غیبت
اور عیب چینی کا دروازہ کھل جاتا ہے۔بالآخر یہ چیزیں ہلاک کر دی جاتی ہیں اور وہ انسان ان سے
محروم و بے نصیب ہو کر سخت اذیت اور عذاب میں مبتلا ہو جاتا ہے۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہر وہ چیز
جو انسان کے لئے بڑائی کا موجب ہوتی ہے اگر اس کو غلط نقطہ نگاہ سے دیکھا جائے اور غلط رنگ میں
اسے استعمال کیا جائے تو پھر وہی چیز انسان کو غیبت اور عیب چینی کی برائیوں میں مبتلا کر کے اس کی
ہلاکت کا باعث بن جاتی ہے۔
۱۲۴
مثال کے طور پر تقوی اللہ ہی کو لیں۔اس کے معنی ہیں خدا تعالیٰ سے صحیح معنوں میں ڈرنا۔اس کے بتائے ہوئے راستہ پر چلنا اور اس طرح مقامات قرب کو حاصل کر کے عنداللہ فائز المرام ہونا۔یہ ایک نہایت ہی اعلیٰ وصف ہے لیکن جب انسان اسے غلط نقطہ نگاہ سے دیکھنے لگتا ہے اور اس کو صحیح طور
پر استعمال نہیں کرتا تو اس کے نتیجے میں ہی اس کے اندر غیبت اور عیب چینی کی بد عادتیں پیدا ہو کر اس
کے لئے تباہی کا موجب بن جاتی ہیں۔اس کی واضح مثال ہمیں انبیاء علیہم السلام کی بعثت کے زمانوں
میں ملتی ہے۔ہمیں ہر نبی کی بعثت کے وقت کچھ لوگ ایسے نظر آتے ہیں جو اس نبی کی بعثت سے قبل ایک
حد تک مقام قرب حاصل کر چکے تھے۔لیکن جس وقت اس نبی نے دعوی کیا تو اس کے بالمقابل دنیا میں
شیطان کو بھی اپنے کل پرزے نکالنے کا موقع ملا اور اس نے ان کے دل میں
آکر کہا تمہیں تو بڑا قرب کا
مقام حاصل تھا۔تم خدا تعالیٰ سے ہمکلام ہوتے تھے۔اگر یہ منصب کسی کو ملنا ہی تھا تو تمہیں ملنا چاہیے
تھا۔نبی بنتے تو تم بنتے یہ دوسرا شخص کہاں سے نبی بن گیا۔سو گویا جو نیکی پہلے سے ان میں موجود تھی اس
نے تکبر کی شکل اختیار کر لی اور انہیں لے ڈوبی اور بالآخر ان کی تباہی کا موجب بن گئی۔اس خیال کے
پیدا ہوتے ہی کہ انہیں خود پہلے سے بڑا مقام حاصل ہے انہوں نے اپنے مقام قرب کے گھمنڈ میں اس
نبی کی غیبت شروع کر دی۔اس میں کیڑے ڈالنے لگے اور عیب چینی تک نوبت جا پہنچی۔وہ کہنے لگے
یہ غریب ہے، بے علم ہے، جاہل ہے، مجنون ہے، اس میں یہ عیب ہے، اس میں وہ عیب ہے۔نتیجہ یہ ہوا
کہ باوجود ایک حد تک نیکی کا مقام حاصل ہونے کے وہ خدا تعالیٰ کی درگاہ سے دھتکارے گئے اور بحجز
خسران اور تباہی کے ان کے حصہ میں اور کچھ نہ آیا۔اسی طرح اس دنیا میں کسی کا ترقی کر جانا اور کوئی رتبہ حاصل کر لینا اس میں بعض اوقات تکبر پیدا
کر دیتا ہے اور وہ دوسروں کو ذلیل سمجھنا شروع کر دیتا ہے۔ہوتے ہوتے غیبت اور عیب چینی اس کی
عادت ثانیہ بن جاتی ہے یا پھر خاندانی شرف غرور کا جامہ پہن کر انسان کو ان برائیوں میں ملوث کر دیتا
ہے جس کا نتیجہ ہمیشہ تباہی کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔سوترقی کرنا ، رتبہ حاصل کرنا ، اعلیٰ خاندان سے
ہونا یا اور کسی نوع کی برتری کامل جانا سب اپنی ذات میں اچھی چیزیں ہیں۔لیکن جب انسان انہی
۱۲۵
چیزوں کو غلط نقطہ نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان
کو صحیح طور پر استعمال نہیں کرتا تو اس کے نتیجے میں کبر ونخوت
اور پھر غیبت اور عیب چینی کی بری عادتیں سراٹھا کر اس کی تباہی کا موجب بن جاتی ہیں۔الغرض اس سورۃ کے آغاز میں ہی ویل کا ایک لفظ ایسا ہے جو ان تمام وجوہات کی طرف اشارہ
کر رہا ہے جن کے نتیجے میں کبر و غرور پیدا ہوتا ہے اور پھر غیبت اور عیب چینی کا رستہ کھلتا ہے۔پھر ساتھ
ہی اس لفظ میں ان چیزوں کے بُرے انجام کی وعید بھی موجود ہے۔یہ وجوہات بتاتی ہیں کہ کبر وغرور
اور غیبت وعیب چینی کے زہر کا تریاق منکسر المزاجی اور تواضع ہے۔منکسر المزاجی یا تواضع کے معنی ہیں
کہ فطرت کے اندر یہ خیال پیدا ہونا کہ مجھے جو مقام بھی حاصل ہے خواہ وہ دینی ہو یاد نیوی محض اللہ تعالیٰ
کے فضل سے ہے اس میں میری کوئی خوبی نہیں جب تک انسان میں یہ حالت قائم رہتی ہے اس کے
لئے دین میں بھی اور دنیا میں بھی فلاح کے راستے کھلے رہتے ہیں۔برخلاف اس کے جب اس انکسار
اور تواضع کے مقابلہ میں کبر و غرور پیدا ہو جاتا ہے تو غیبت اور عیب چینی کی عادتیں پاؤں جمائے بغیر
نہیں رہتیں۔اللہ تعالیٰ کہتا ہے اور دنیا کی تاریخ بھی اس بات پر شاہد ہے کہ وہ بیچ کہتا ہے اور کون ہے
جو اس سے بڑھ کر سچ کہے ) کہ وہ مقام، وہ رتبہ، وہ مال، وہ عزت ، وہ وجاہت، وہ علم ، وہ خاندانی
شرف یا اور کوئی بڑائی جو کبر وغرور اور عیب چینی کا دروازہ کھولتی ہے وہ قائم نہیں رہے گی ، وہ یقیناً مٹا
دی جائے گی۔بس وَيْلٌ لِكُلِّ هُمَزَةٍ تُمَزَةٍ کے معنی یہ ہیں کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہر غیبت کرنے والے
اور ہر عیب چینی کرنے والے کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہر اس چیز کے متعلق جس کے نتیجے میں بالآخر غیبت
اور عیب چینی پیدا ہوتی ہے ہمارا یہ فیصلہ ہے کہ اسے مٹا دیا جائے گا وہ باقی نہیں رہے گی۔اگر انسان متقی
ہو کر اپنے تقویٰ پر گھمنڈ کرتے ہوئے غیبت اور عیب چینی کی طرف راغب ہوگا تو تقویٰ کی راہیں اس
پر مسدود کر دی جائیں گی اور اسے ہمارے دروازے سے دھتکار دیا جائے گا۔اسی طرح اگر کوئی انسان
اپنے علم یا معرفت کی وجہ سے غیبت اور عیب چینی کا مرتکب ہوتا ہے اور اس طرح دوسروں کے علم اور
معرفت پر انگشت نمائی کرتا ہے تو وہ علم اور وہ معرفت اس کے پاس نہیں رہے گی اور وہ ان سے
بےنصیب کر دیا جائے گا۔اگر وہ اپنے مال کی وجہ سے غیبت اور عیب چینی کا رستہ اختیار کرتا ہے تو ہم
اسے یہ بتاتے ہیں کہ یہ مال اس کے پاس، اس کے خاندان کے پاس اور اس کی اولاد کے پاس رہ
نہیں سکتا وہ مٹے گا اور ضرور مٹے گا۔اگلی آیت میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں سمجھانے کے لئے ایک بڑی بھیانک مثال بیان فرمائی ہے اور
وہ مثال ایک ایسے شخص کی ہے جس کے پاس تقویٰ بھی نہیں ، جس کے پاس علم و معرفت بھی نہیں ، جس
کے پاس حسب و نسب کا شرف بھی نہیں ، لے دے کر اگر اس کے پاس کچھ ہے تو وہ مال ہے جیسا کہ
فرمایا الَّذِي جَمَعَ مَالًا وَعَدَدَهُ - يَحْسَبُ اَنَّ مَالَةَ اَخْلَدَهُ۔(الهمزة:۴۳) اس سے ظاہر
ہے کہ خود اس کو بھی دعویٰ نہیں ہے کہ مجھ میں تقویٰ ہے یا مجھے خاندانی شرف حاصل ہے یا میں علم و
معرفت سے بہرہ ور ہوں۔اس کا دعویٰ اتنا ہی ہے کہ میرے پاس مال ہے وہ کہتا ہے میں بڑا امیر
ہوں، میں لکھ پتی ہوں اور کروڑ پتی ہوں۔سو گویا اس کے پاس بڑائی کی ایک ہی وجہ ہے اور وہ ہے مال۔اس مال
کو وہ غیبت اور عیب چینی کی وجہ بنالیتا ہے۔تو یہ سب سے بڑی اور گندی مثال ہوئی۔اس کے
پاس تقویٰ بھی نہیں، اس کے پاس شرافت بھی نہیں ، اس کے پاس علم بھی نہیں صرف اور صرف مال ہے
اور کہنے کو بے حساب مال ہے کہ ہر وقت اسے گنتا رہتا ہے اور اس مال کے گھمنڈ میں کہنا شروع کر دیتا
ہے کہ فلاں تو بڑا غریب ہے، اور پھر غربت کی ساری برائیاں اس کی طرف منسوب کرتا چلا جاتا ہے۔یہاں یہ بات غور طلب ہے کہ اللہ تعالیٰ نے یہ مثال بیان کرتے ہوئے الَّذِي جَمَعَ مَالًا
فرمایا ہے یعنی مال“ کا لفظ یہاں نکرہ آیا ہے ”المال نہیں کہا بلکہ ”مالا “ کہا ہے۔سو اس بارے
میں یادرکھنا چاہیے کہ تنوین عربی زبان میں تین معنوں کی طرف اشارہ کرتی ہے۔اول اس میں تحقیر کے
معنی پائے جاتے ہیں۔ان معنوں کی رو سے خدا تعالیٰ کہتا ہے کہ وہ تھوڑ اسا مال جمع کرتا ہے اور پھر بھی
کبر وغرورا اختیار کر لیتا ہے۔تھوڑا اس لئے کہ دنیا کا مال خواہ کتنا ہی زیادہ کیوں نہ ہو آخرت کے مقابلے
میں تھوڑا ہے۔پھر کروڑوں کروڑ ہونے کے باوجود بھی وہ اس لئے تھوڑا ہی کہلائے گا کہ وہ بظا ہر زیادہ
ہونے کے باوجود اس کی چند روزہ زندگی میں ہی کام آ سکتا ہے۔وہ پچاس سال کام آ سکتا ہے، ساٹھ
۱۲۷
سال کام آ سکتا ہے، ستر سال کام آسکتا ہے، اسی سال کام آسکتا ہے، حد ہے سو سال کام آسکتا ہے۔سوسال بھی آخری حد ہے کیونکہ کتنے لوگ ہیں جو سو سال تک زندہ رہتے ہیں سوکتنا ہی مال کیوں نہ ہو
استفادہ کے لحاظ سے بھی وہ آخرت کے مقابلہ میں تھوڑا ہے۔انسان جو زادِراہ آخرت کے لئے فراہم
کرتا ہے وہ ان گنت سالوں تک اس کے کام آنا ہے ، سو سال کے لئے نہیں، ہزار سال کے لئے نہیں،
لاکھ سال کے لئے نہیں، کروڑ سال کے لئے نہیں، ارب سال کے لئے نہیں، بلکہ اتنے سالوں کے لئے
کہ جن کا ہم شمار بھی نہیں کر سکتے اس لئے کہ آخرت کی زندگی نہ ختم ہونے والی زندگی ہے۔تو وہ مال جو
کروڑوں کروڑ اور اربوں ارب سال سے بھی زیادہ زمانوں تک کام آنے والا ہے اس کے مقابلہ میں
دنیا کا مال خواہ وہ بظاہر کتنا ہی بے حساب کیوں نہ ہو استفادہ کے لحاظ سے بالکل حقیر اور بے حیثیت نہیں
تو اور کیا ہے ! اصل مال تو وہی ہے جس سے ہم نے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے اور زیادہ سے زیادہ
لمبے عرصے تک فائدہ اٹھاتے چلے جانا ہے۔جس مال نے ہمیں زیادہ سے زیادہ ساٹھ ستر یا حد ہے
سوسال تک فائدہ دیاوہ مال زیادہ ہے یا وہ مال زیادہ ہے جس نے ہمیں اربوں اور کھر بوں سالوں سے
بھی بڑھ کر زمانوں تک فائدہ دیتے چلے جانا ہے۔تو تنوین سے اس طرف اشارہ کیا کہ وہ خواہ کتنا ہی
زیادہ مال جمع کر لے وہ پھر بھی تو تھوڑا ہی ہے۔اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ایک اور جگہ فرماتا ہے
فَمَا مَتَاعُ الْحَيَوةِ الدُّنْيَا فِي الْآخِرَةِ إِلَّا قَلِيلٌ (التوبة: ۳۸) کہ دنیا کا مال و متاع خواه
وہ کتنا ہی زیادہ کیوں نہ ہو آخرت کے مقابلہ میں حقیر ہی ہے تھوڑا ہی ہے قلیل ہی ہے۔دوسرے تنقیح (یعنی فتح کی بات) اور تنقیص (یعنی کمی اور نقص کی بات ) کی طرف اشارہ کرنا
مقصود ہو تو بھی ہم تنوین لاتے ہیں۔اس لحاظ سے جَمَعَ مَالًا کے معنی ہوں گے کہ اس نے بڑا ہی
خبیث قسم کا مال اور حرام قسم کا مال اکٹھا کر لیا اور پھر اس مال کو اس نے کبر وغرور کا ذریعہ بنالیا حالانکہ مال
بھی وہ ایسا ہے جس میں سے خباثت کی بو آ رہی ہے۔وہ اس طرح کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے فِی اَمْوَالِهِمْ
حَقٌّ لِلسَّائِلِ وَالْمَحْرُومِ کہ ہماری تعلیم یہ ہے کہ ہرا میر کے مال میں سائل اور محروم کا حق ہے۔یہ
شخص مال جمع کرتا ہے اور اس میں جو دوسروں کا حق ہے وہ انہیں دیتا نہیں۔سو گو یا حرام مال جمع کرتا
۱۲۸
ہے اور پھر بھی فخر کرنے لگ جاتا ہے کہ میرے پاس بڑا مال ہے اور میں بڑا امیر کبیر ہوں۔حالانکہ اگر
اس کی طبیعت میں غرباء اور یتامیٰ اور مساکین کا درد ہوتا، اور وہ اپنے مال میں سے ان کا حق نکال کر
انہیں دیتا تو اس کے لئے فخر کا کوئی موقع ہی نہ پیدا ہوتا اور یہ نکتہ اس کی سمجھ میں آجاتا کہ خدا تعالیٰ نے یہ
مال مجھے اس لئے دیا ہے کہ میں کچھ نیکیاں کماؤں اور اس طرح اگلے جہان کے لئے کچھ زاد راہ فراہم
کروں لیکن اس نے یہ نکتہ نہیں سمجھا اور ایسا مال جمع کیا جو فتیح تھا اور سراسر حرام۔اس پر بھی اس کی یہ
حالت ہے کہ فخر کی وجہ سے ہمارے بندوں سے اپنے آپ کو فائق سمجھتا ہے اور کہتا ہے کہ تم میرے
مقابلے میں ذلیل ہو۔عربی زبان میں تنوین کے تیسرے معنی تعظیم کے ہیں۔سو اس آیت میں تعظیم کا مفہوم حرام مال
جمع کرنے والے کے اپنے نقطہ نگاہ سے ہے، اس لحاظ سے آیت کے معنی یہ ہوں گے کہ ایک شخص جو
بہت سا مال جمع کرتا ہے بیوقوفی سے اپنے آپ کو بڑا آدمی سمجھتا ہے۔اس کی نگاہ اس طرف نہیں جاتی
کہ یہ حرام کا مال ہے اس میں سے دوسروں کا حق ادا نہیں ہوا۔وہ اس طرف بھی دھیان نہیں دیتا کہ
آخرت کے مقابلے میں یہ بہت ہی قلیل ہے۔برخلاف اس کے وہ اسی خیال میں مگن ہے کہ یہ لاکھ یا
دو لاکھ روپے بہت بڑے سرمایہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔یہ میرے کام آئے گا اور میں اس سے خوب
فائدہ اٹھاؤں گا۔خدا تعالیٰ فرماتا ہے ہو گالا کھ دولاکھ روپیہ بڑا لیکن کیا تم اس دنیا میں ہی نہیں دیکھتے کہ
آج جو امیر ہے کل وہ دیوالیہ ہو جاتا ہے تو جس چیز کے متعلق یقینی او حتمی طور پر یہ کہا ہی نہیں جاسکتا کہ
وہ ہمارے کام آئے گی اس پر فخر کرنے کا کیا مطلب !!
آگے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے يَحْسَبُ اَنَّ مَالَةَ اخْلَدَہ کیا اس کو یہ گمان ہے کہ اس کا مال
اس کے لئے اور اس کے خاندان کے لئے دائمی زندگی اور دائمی راحت کا موجب ہوگا۔فرماتا ہے گلا
نہیں ایسا ہر گز نہیں ہوگا۔لَيُنْبَذَنَّ فِي الْحُطَمَةِ وہ حُطَمَة میں گرایا جائے گا۔وَمَا أَدْريكَ
مَا الْحُطَمَة خدا تعالیٰ کہتا ہے ہم تمہیں بتاتے ہیں کہ حُطَمَة سے مراد کیا ہے؟ نَارُ اللَّهِ الْمُوْقَدَةُ
الَّتِي تَطَّلِعُ عَلَى الْاَفْدَةِ - إِنَّهَا عَلَيْهِمْ مُّؤْصَدَةٌ - يہ حُطَمَة خدا تعالیٰ کی جلائی ہوئی آگ ہے
۱۲۹
جس میں اسے پھینکا جائے گا جو خوب بھڑک رہی ہے اور جس طرح تنور کو چاروں طرف سے بند کر دیا
جاتا ہے اور اس کی آگ میں بہت شدت پیدا ہو جاتی ہے اور وہ دیر تک قائم رہتی ہے یہ آگ بھی اسی
طرح ہے۔جس چیز کو تم عارضی طور پر باعث فخر سمجھتے ہو اس کے نتیجے میں تمہارے دلوں میں ایک ایسی
آگ جلائی جائے گی جو نہ مٹنے والی ہوگی۔الَّتِي تَطَّلِعُ عَلَى الْأَفْدَةِ۔کے معنی ہیں جو دلوں کے
اندر تک پہنچے گی۔اس میں اس طرف اشارہ کیا کہ تم غیبت اور عیب چینی کے مرتکب ہو کر ہمارے بعض
مخلص اور مقرب بندوں یا منکسر المزاج بندوں کو طعنے دیتے ہو اور اس طرح ان کے دلوں میں ایک
آگ جلانا چاہتے ہو تو یا درکھو اس کے مقابلے میں ہم ایسے حالات پیدا کر دیں گے کہ خود تمہارے اپنے
دل میں ایک آگ بھڑک اٹھے گی جو اس قسم کی شدید آگ ہوگی جیسی کہ تنور کے اندر ہوتی ہے اور جو
چاروں طرف سے بند ہونے کے باعث خوب شدت کے ساتھ بھڑکتی ہے۔وہ آگ تمہیں چین نہیں
لینے دے گی۔چنانچہ دنیا میں ہمارا مشاہدہ یہی ہے کہ حاسد ہمیشہ حسد کی آگ میں جلتے ہیں اور جومحسود
ہوں ، جن کی عیب چینی اور غیبت کی جائے وہ عزت پر عزت حاصل کرتے چلے جاتے ہیں۔اللہ تعالیٰ
انہیں معزز ہی کرتا ہے بشرطیکہ غیبت اور عیب چینی کے مقابلے میں ان کا رد عمل وہ ہو جس کی ان سے
اسلام توقع رکھتا ہے۔یہ نہ ہو کہ وہ غیبت کے مقابلے میں غیبت شروع کر دیں اور عیب چینی کے
مقابلے میں عیب چینی پر اتر آئیں۔جس قدر ان کی غیبت اور عیب چینی کی جائے اتنے ہی ان کے دل
میں خشیت اور تقویٰ کے خیالات پیدا ہوں۔اتنے ہی وہ اپنے غلطی خوردہ بھائی کے لئے ہمدردی کے
جذبات رکھتے ہوں۔اس کے لئے دعائیں کرتے ہوں۔علیحدگی میں اس کو سمجھاتے ہوں۔الغرض جو
اس کی عزت کو خاک میں ملانے کے درپے ہیں وہ ان کی عزت کے پاسبان ہوں تو پھر اللہ تعالیٰ ایسے
محسودلوگوں کی عزت بلند کرتا ہے اور لوگوں کے دلوں میں ان کی محبت بٹھاتا ہے اور وہ معزز ہی ہوتے
چلے جاتے ہیں۔برخلاف اس کے حسد کرنے والے اور غیبت اور عیب چینی کے مرتکب ہونے والے
اندر ہی اندر آگ میں سلگتے رہتے ہیں اور وہ آگ بھڑکتی ہی چلی جاتی ہے ختم ہونے میں نہیں آتی۔اس
طرح وہ ایک نہ ختم ہونے والی اذیت میں مبتلا رہتے ہیں۔
ان آیات میں ہمیں اللہ تعالیٰ نے نہایت زور دار پیرائے اور نہایت درجہ پر اثر انداز بیان میں
اس امر کی طرف توجہ دلائی ہے کہ ہمیں ہرگز کسی انسان کی غیبت کرنے یا عیب چینی کرنے کی اجازت
نہیں ہے۔یہاں
اللہ تعالیٰ نے یہ تخصیص نہیں فرمائی کہ کسی مسلمان کو دوسرے مسلمان کی غیبت یا عیب
چینی نہیں کرنی چاہیے بلکہ جو اسلام کے پیرو ہیں ہدایت یہ کی گئی ہے کہ کسی انسان کی بھی خواہ وہ مسلمان
ہو، ہندو ہو، عیسائی ہو، یہودی ہو، زرتشتی ہو چتی کہ خدا کا منکر اور دہر یہ ہو، الغرض کوئی ہو کسی فرد بشر کی
بھی غیبت نہیں کرنی اور اس کے بارہ میں کسی قسم کی بھی عیب چینی کا مرتکب نہیں ہونا۔اس بارہ میں تم
دوسروں کو ان کے حال پر چھوڑ دو، اپنے اعمال کی درستی کی طرف متوجہ رہو اور نیک اعمال بجالا کر
آخرت کے لئے زاد راہ فراہم کرنے کی فکر میں لگے رہو۔اگر کسی کے اندر کوئی نقص دیکھو تو قرآن اور
حدیث میں بیان کردہ طریق کے مطابق احسن طریق پر اس نقص کو دور کرنے کی کوشش کرو۔کسی
دوسرے کے نقص کو دیکھ کر تمہارے اندر فخر کے جذبات کس طرح پیدا ہو سکتے ہیں؟ یہ تو ہے ہی نامعقول
بات۔کسی کا نیچا ہونا تمہاری بلندی کا معیار کیسے بن سکتا ہے؟ تمہاری اپنی بلندی کا معیار تو تمہارے
اپنے کردار کی بلندی ہے، تمہارے تقویٰ کی بلندی ہے، تمہارے اندر خشیت کے جذبے کی بلندی ہے،
اسلام کے تمام احکام پر عمل پیرا ہو کر احسن تقویم پر فائز ہونے کی بلندی ہے۔تمہیں تو کہنا یہ چاہیے کہ
کسی دوسرے کا عیب میرے حسن کی طرف اشارہ نہیں کرتا۔میراحسن اگر نمایاں ہوگا تو خودا پنی باطنی
خوبی کی وجہ سے نمایاں ہوگا۔کیسی پیاری تعلیم ہے اور کیسی پر حکمت ہیں اس کی تفصیلات ! لیکن اب دنیا اسلام سے اس قدر
دور جا پڑی ہے کہ لوگوں کی اس طرف توجہ نہیں۔بعض اوقات لوگ اس قسم کی باتوں میں کوئی مضائقہ
نہیں سمجھتے حالانکہ اسلام کی واضح تعلیم کی رو سے ایسی باتیں کرنا معصیت میں داخل ہے۔یہ دیکھ کر
میرے دل میں درد پیدا ہوا کہ میں اپنے دوستوں، بھائیوں اور بزرگوں کی خدمت میں عرض کروں کہ
ہم کو اسلام نے ان چیزوں سے بڑی تختی کے ساتھ منع کیا ہے۔ہمیں اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے
کہ ہم کبھی کسی کی غیبت نہ کریں ، عیب چینی کے مرتکب نہ ہوں۔حضرت خلیفہ اسیح الثانی ایدہ اللہ تعالیٰ
۱۳۱
بنصرہ العزیز نے اپنے بچوں کی آمین کے طور پر ایک نظم لکھی ہے جو کلام محمود میں چھپی ہوئی ہے اس کا
ایک شعر مجھے بہت پیارا لگتا ہے اور وہ یہ ہے۔برائی دشمن کی بھی نہ چاہیں ہمیشہ خیر ہی دیکھیں نگاہیں
یعنی خدایا میرے بچوں
کو ایسا بنا کہ ان کی نگاہ کسی کے عیب پر کبھی نہ جائے ، ہمیشہ دوسروں کی خوبی ان
کے سامنے آئے۔یہ بڑی ہی پیاری تعلیم ہے۔اس تعلیم کو ہمیں ہر وقت اپنے سامنے رکھنا چاہیے۔جب
ہمیشہ اپنے بھائیوں کی خوبیوں پر ہی ہماری نظر پڑے گی تو ہمارے اپنے اندر بھی وہ خوبیاں پیدا کرنے کا
جذ بہ ابھرے گا۔اس طرح ہمارے بھائیوں کی خوبیاں ہماری ترقی کا باعث بن جائیں گی۔بھائیوں
کی عیب چینی کبھی ہماری ترقی کا باعث نہیں بن سکتی۔ہاں اُن کی خوبیاں اگر ہم ان کو خوشی اور پسندیدگی
کے جذبات سے دیکھیں ہمارے لئے کامیابی اور فلاح کا دروازہ کھول سکتی ہیں۔خدا تعالیٰ ہمیں غیبت
اور عیب چینی کی بد عادتوں سے بچائے اور ہمیں دوسروں کی خوبیاں دیکھ کر خود اپنے اندروہی خوبیاں پیدا
کرنے کی توفیق عطا کرے۔آمین
(ماہنامہ انصار اللہ جنوری ۱۹۶۱ء صفحه ۲۵ تا ۳۳)
☆☆