گھر کی حرمت

مضامین ناصر

۱۳۲
گھر کی حرمت
حرمت کعبہ کے ساتھ ساتھ اسلام نے ہر گھر کو ایک حرمت عطا کی ہے۔انسان کا گھر ایک قلعہ
ہے جس پر خدائی احکام کے پہرہ دار پہرہ دے رہے ہیں۔اسلام نے اس طرح امیر وغریب کے ایک
اور غلط فرق کو مٹا دیا ہے۔مگر کام کی ان باتوں کو ہم اکثر بھول جاتے ہیں حالانکہ ان کے بغیر ہم اُن
مکارم اخلاق کے حامل نہیں ہو سکتے جنہیں اسلام ہم میں پیدا کرنا چاہتا ہے۔نبی اکرم ﷺ نے فرمایا
ہے کہ میری بعثت کی ایک غرض یہ بھی ہے کہ میں اخلاق اور آداب
کی تعمیل کروں۔پس ہمارے لئے
ضروری ہے کہ ہم ان باتوں کو کبھی فراموش نہ کریں، ہمیشہ اس پر عمل پیرا ہوں تا دنیا ہمیں ایک مہذب
ترین عاشق رسول ہی کی حیثیت سے دیکھے اور پہچانے۔(1) پہلا حکم یہ دیا کہ دوسروں کے گھروں میں اپنا تعارف کرائے اور گھر والوں کی اجازت
حاصل کئے بغیر داخل نہ ہوا کرو کہ اس سے بہت سے دنیوی فسادات اور جھگڑے مٹ جائیں گے اور
انسان بہت سے ایسے مواقع سے بچ جائے گا جن کی وجہ سے وہ انتہام کا نشانہ بن سکتا ہو کہ یہ چوری یا
بدنظری کی غرض سے آیا ہے۔نیز بہت سوں
کو بدظنی کے مواقع سے بچائے گا اور آپس کے تعلقات میں
کشیدگی پیدا نہ ہوگی۔(۲) اجازت کا یہ طریق بتایا کہ اپنا تعارف کراتے ہوئے گھر والوں کو سلام کر وا گر وہ سلام سن کر
اور تمہیں پہچاننے کے بعد اندر آنے کی اجازت دے دیں تو ان کے گھروں میں جاؤ ورنہ واپس لوٹ
آؤ۔احادیث سے پتہ لگتا ہے کہ سلام کہنا ضروری ہے، دروازہ کھٹکٹا نایا گھروں کو آواز دینا کافی نہیں۔احادیث سے یہ بھی پتہ لگتا ہے کہ اگر پہلے سلام پر جواب نہ ملے تو وقفہ وقفہ کے بعد تین دفعہ سلام کہنا
چاہیے اور اگر پھر بھی جواب نہ ملے تو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ گھر والے کسی کام میں ایسے مشغول ہیں کہ سلام

۱۳۳
کی آواز ان کے کانوں تک نہیں پہنچ رہی۔پس تمہیں چاہیے کہ اس صورت میں دوسروں کے کاموں
میں حارج نہ ہو اور واپس چلے آؤ، یہ نہیں کہ پھر بیسیوں سلاموں کی بھر مار کر دو کیونکہ تمہارے معاشرہ کی
اسی میں بھلائی ہے اور نیکی کی یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہی مل کر تزکیہ نفس کیا کرتی ہیں۔(۳) اگر تمہار اسلام سن کر صاحب خانہ یہ جواب دے کہ اس وقت فرصت نہیں ، ملنے سے معذور
ہوں تو تمہیں چاہیے کہ تم واپس چلے جاؤ اور ملاقات پر اصرار نہ کرو اور دھرنا مارکر نہ بیٹھ جاؤ کہ ہم تو
ملاقات کر کے ہی جائیں گے صاحب خانہ کا یہ جواب اسلام کی نگاہ میں کوئی بداخلاقی نہیں کیونکہ وہ
اپنے گھر کا مالک ہے اور اپنے حالات اور مشاغل کو خوب جانتا ہے۔اور تم نہیں جانتے کہ وہ کس قدر
ضروری کاموں میں مصروف ہے۔البتہ اگر تم ملاقات کے لئے دھرنا مار کر بیٹھ جاؤ گے تو یہ تمہاری
پاکیزگی اخلاق کے خلاف ہوگا اور بداخلاقی کا ایک معیوب مظاہرہ اس نکتہ کو نہ سمجھتے ہوئے ہم نے
بہتوں کو یہ کہتے سنا ہے کہ ”جی فلاں شخص بہت ہی بداخلاق ہے ہم اس کی ملاقات کو اس کے گھر گئے مگر
اس نے ملنے سے انکار کر دیا۔خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ وہ تو بداخلاق نہیں البتہ تمہاری ذہنیت بداخلاقی
کی غمازی کر رہی ہے۔(۴) اگر صاحب خانہ گھر پر موجود نہ ہو تو گھر والوں کی غیر حاضری میں ان کے گھر میں نہ جاؤ
اور مواقع اتہام سے بچو اور مواقع سوءظن سے دوسروں کو بچاؤ ،سوائے اس کے کہ گہرے تعلقات کی
بنا پر یا کام کی اہمیت کے پیش نظر صاحب خانہ نے تمہیں پہلے سے اپنی غیر موجودگی میں اپنے گھر میں
انتظار کرنے کی اجازت دی ہو۔(۵) اگر کوئی گھر مستقل یا عارضی طور پر غیر آباد ہو اور وہاں کسی کی سکونت نہ ہو تو ایسے گھروں میں بھی
مالک کی اجازت کے بغیر مت داخل ہو کہ تمہارا یہ عل بھی بعض معاشرتی الجھنوں کا باعث بن سکتا ہے۔(1) اگر گھر غیر آباد ہوں مگر عملاً تمہارے قبضہ میں ہوں اور اُن میں تمہارا کوئی سامان پڑا ہو تو
ایسے گھروں میں خود اپنی ہی مرضی سے جاسکتے ہو مگر یہ کبھی نہ بھولنا کہ تمہارے ظاہر و باطن کو خدا تعالیٰ
خوب جانتا ہے اور یہ پابندیاں تمہیں تکلیف میں ڈالنے کے لئے نہیں لگائی گئیں۔یہ ہدا یتیں تو اس

۱۳۴ لئے دی گئی ہیں کہ اپنے معاشرہ میں تم احتیاطی تدابیر اختیار کرو اور معاشرہ کی ہر قسم کی الجھنوں سے
محفوظ رہو۔(۷) گھروں پر بیرونی پہرہ کے علاوہ اندرونی پہرہ دار بھی مقرر کئے گئے ہیں چنانچہ ارشاد فرمایا
کہ تمہارے نوکر اور وہ نابالغ بچے جو تمہارے ساتھ ہی تمہارے گھروں میں رہتے ہیں اُن کے لئے بھی
ضروری ہے کہ وہ تین وقتوں میں تمہارے کمروں میں بلا اجازت نہ آیا کریں یعنی اول نماز فجر سے
پہلے ، دوم بعد دو پہر جو تمہارے قیلولہ کا وقت ہوتا ہے اور جب تم شب خوابی کے لباس میں ہوتے ہو اور
سوم نما ز عشاء کے بعد کیونکہ یہ تمہارے اندرونی پردہ کے اوقات ہیں۔ہاں ان اوقات کے علاوہ نوکر
چا کر اور گھروں میں رہنے والے بچے اجازت کے بغیر تمہارے کمروں میں آئیں جائیں تو کوئی حرج
نہیں۔ان احکام میں اس طرف بھی اشارہ کیا کہ غفلت کے اوقات میں بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا
مومن کے فرائض میں سے ہے۔مومن پر کسی وقت بھی کلی غفلت طاری نہیں ہوتی اسی وجہ سے شیطان
ہمیشہ اس سے مایوس رہتا ہے۔(۸) یہ بھی ارشاد فرمایا کہ تمہارے رشتہ دار اور تمہارے دوست وغیرہ ہی نہیں بلکہ خود تمہارے
بچے بھی جب بڑے ہو جائیں اور اپنے گھر آباد کر لیں تو ان کے لئے بھی یہ ضروری ہے کہ وہ پہلے بتائے
ہوئے احکام کی پابندی کریں۔دیکھو کس طرح خدا تعالیٰ نے ہماری چھوٹی چھوٹی ضروریات کا خیال رکھا ہے اور ہمارے
گھروں پر اپنے احکام کے پہرے کھڑے کر دیئے ہیں تا ہمیں کوئی تکلیف نہ پہنچے۔ان باتوں
کو دیکھ کر
دل سے بے اختیار خدا کی حمد نکلتی ہے اور ہمارا رواں رواں اس کے شکر سے بھر جاتا ہے اور ہمارا ذرہ ذرہ
اَلْحَمْدُ لِلَّهِ الْحَمْدُ لِلہ کی صدا بلند کرنے لگتا ہے۔اے خدا تو ہم ناچیز بندوں کے اس ترانہ حمد کو قبول
فرما اور اپنی رحمتوں سے ہمیں نواز۔آمین
(ماہنامہ انصار اللہ مارچ ۱۹۶۱ء صفحه ۲۶،۲۵)
☆☆

آج 10 میں سے 10 باقی