کھانا پینا
مضامین ناصر
۱۳۵
کھانا پینا
اسلام بڑا ہی پیارا مذہب ہے۔اس نے ہمارے دنیوی کاموں کو بھی اگر ہم اس کے بتائے
ہوئے احکام پر چلیں ، مذہبی رنگ دے دیا اور ثواب کا موجب ٹھہرایا ہے۔انسانی زندگی کا مقصود خدا کی
عبادت اور اس کی رضا کا حصول ہے جس کیلئے صحیح تعلیم کا جاننا اور اس کے مطابق عمل کرنا ضروری ہے
اور حصول علم کے لئے جو محنت کرنی پڑتی ہے اور اعمال صالحہ بجالانے پر انسانی جسم کو جو مشقت اٹھانی
پڑتی ہے۔اس کے لئے جسمانی قوت و توانائی ضروری ہے۔نہیں تو پھر مسیح کی طرح یہ کہنا پڑے گا کہ
روح تو چاہتی ہے مگر جسم برداشت نہیں کرتا۔اب جسم کی صحت و سلامتی کا انحصار بہت سی چیزوں پر
ہے جن میں سے ایک کھانا پینا ہے۔اسی لئے بعض صلحائے امت کا یہ قول مشہور ہے کہ کھانا بھی مذہب
کا ایک جزو ہے اور اسی لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے كُلُوا مِنَ الطَّيِّبَتِ وَاعْمَلُوا صَالِحًا
(المومنون: ۵۲) یعنی صاف اور ستھری اور میزان میں پوری اترنے والی (balanced) غذائیں کھاؤ
تا بشاشت سے اعمال صالحہ بجالا سکو اور علم و عمل کے میدان میں تمہاری کوششیں ان تھک ہوں۔پس جس
کھانے میں نیت رضائے الہی ہو وہ چوپایوں کا کھانا نہیں ہوسکتا اور خدا کے لئے کھانا وہ کھانا ہے جس میں
شرع کے بتائے ہوئے احکام اور دین کے سمجھائے ہوئے آداب ملحوظ ہوں۔آؤ دیکھیں یہ آداب کیا ہیں :۔(1) صرف حلال ہی نہیں بلکہ طیب کھانا کھاؤ۔جس کے کمانے ، پکانے اور کھانے میں مکروہات
میں سے کوئی چیز شامل نہ ہو اور جو صحت کو قائم رکھنے والا اور ان ضروریات کو پورا کرنے والا ہو
جن کا تقاضا جسم موجودہ دور زندگی میں کر رہا ہے۔یادرکھنا چاہیے کہ بچپن، جوانی اور بڑھاپے
کی طیبات مختلف ہیں۔
۱۳۶
(۲) نماز سے پہلے وضو ضروری ہے، کھانے سے پہلے ہاتھ دھونا، پس ہاتھوں کو خوب اچھی طرح دھو کر
کھاؤ کہ اس سے روح کی پاکیزگی کا تقاضا بھی پورا ہوگا اور جسمانی صحت بھی قائم رہے گی۔(۳) اپنے حالات ، عادات، رواج، یا وقتی ضرورت کے ماتحت کھانے کے برتن زمین پر رکھ کر
کھاؤ، یا دستر خوان بچھا کر ، یا میز پر مگر اس بات کا خیال رکھو کہ کھانا وقار کے ساتھ چنا جائے
اور وقار کے ساتھ کھایا جائے۔بے تکلف اور بے ریا۔(۴) کھانے پر وقار کے ساتھ بیٹھو۔لیٹ کر یا خدا تعالیٰ کی ان نعمتوں سے بیزاری کا اظہار کرتے
ہوئے کھانا نہ کھاؤ۔(۵) زبان کے چسکے کے لئے نہ کھاؤ، تقویٰ کی نیت سے اور اس ارادہ سے کھانا کھاؤ کہ کھانے سے
ہمارے جسم میں قوت پیدا ہوگی اور نیک اعمال بجالانے میں سہولت۔اگر اس نیت سے کھاؤ
گے تو ضرورت کے مطابق کھاؤ گے، ضرورت سے زیادہ نہ کھاؤ گے۔جب کھانا برائے کھانا
نہ ہوگا تو پھر جب بھوک لگے گی کھاؤ گے اور اتنا نہ کھاؤ گے کہ بد ہضمی ہو جائے۔(۶) جو کھانا بھی چنا جائے اسے خوشی سے کھاؤ اور اسی سے لذت اور قوت حاصل کرو اور اچھے
کھانوں کے حریص نہ ہو اور جہاں تک ہو سکے دوسروں کو کھانے میں شامل کرو کہ ہمارے
پیارے رسول نے فرمایا ہے کہ اگر بہت سے مل کر کھائیں تو خدا تعالیٰ اس میں برکت ڈالتا
ہے۔نیز فرمایا کہ اچھا کھانا تو وہی ہے کہ جسے بہت سے لوگ مل کر کھائیں خواہ وہ گھر والے ہی
کیوں نہ ہوں۔ہم نے دیکھا ہے کہ بعض گھروں میں باپ یا ماں اچھے اچھے کھانے اپنے لئے
چھپا کر رکھ لیتے ہیں اور بچوں کو دکھاتے تک نہیں۔اسلام اسے پسند نہیں کرتا۔(۷) کھانا شروع کرنے سے پہلے اونچی آواز میں بِسمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ پڑھو اور کھانا
ختم کرنے پر اونچی زبان سے اَلْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِینَ کہو۔اور کھانے کے دوران نیکی کی
باتیں اور خدا تعالیٰ کے حمد اور شکر کے تذکرے کرتے رہوتا کھانے کے ساتھ ساتھ خدا کی حمد
بھی تمہارے جسموں کا جزو بن جائے اور تمہاری نسلیں بھی اس کی وارث ہوں۔
۱۳۷
(۸) دائیں ہاتھ سے کھاؤ تا تمہارا حساب بھی تمہیں دائیں ہاتھ میں ملے۔کھانے کو نمکین چیز سے
شروع کرو۔( عام طور پر ) اور اگر آخر پر میٹھا بھی کھاؤ تو بعد میں منہ نمکین کر لیا کرو۔(۹) چھوٹے چھوٹے لقے لو اور انہیں خوب اچھی طرح چباؤ کہ اس طرح تھوڑے کھانے سے جسم
زیادہ قوت حاصل کرے گا اور جب تک ایک لقمہ اچھی طرح چبا کر کھا نہ لو دوسرا لقمہ منہ میں نہ
ڈالو کہ یہ بات وقار کے بھی خلاف ہے اور صحت کے لئے بھی مضر۔(۱۰) کسی کھانے کی مذمت نہ کرو۔جو چیز مرغوب ہے اور طبیعت کے موافق ہے اسے کھالو اور جو
طبیعت کے موافق نہیں اسے نہ کھاؤ مگر مذمت نہ کرو کہ یہ بات بھی تکبر کا ایک پہلو لئے ہوئے
ہے کہ جو چیز میری طبیعت کے موافق نہیں مگر دوسروں کی طبیعت کے موافق ہے وہ گھٹیا اور بُری
ہے۔انانیت کا یہ مظاہرہ ہمارے خدا کو پسند نہیں۔(۱۱) اپنے سامنے سے کھاؤ، بے وقری اور حرص کے ساتھ رکابی میں ادھر اُدھر ہاتھ نہ مارو۔(۱۲) کھانا اس طرح نہ کھاؤ کہ اس کا کچھ حصہ ضائع ہو جائے جس طرح کہ آج کی مہذب دنیا کر
رہی ہے کہ یہ بھی کفران نعمت ہے۔(۱۳) ہاتھ سے کھاؤ یا چھری کانٹے سے کھاؤ مگر تکلف سے پر ہیز کر واور کسی ایک طریق کو اپنی بڑائی
کا معیار یا دوسرے کی حقارت کی وجہ نہ بناؤ۔(۱۴) کھانے میں پھونک نہ مارو کہ ایک تو اس سے دوسروں کو کراہت پیدا ہوگی۔دوسرے خود
تمہاری صحت پر بھی اس کا بُرا اثر پڑے گا۔اسی طرح منہ سے کوئی چیز نکال کے کھانے کی رکابی
میں نہ رکھو کہ اس سے بھی رسول اکرم ﷺ نے منع فرمایا ہے۔(۱۵) کھانے کے دوران میں زیادہ پانی نہ پیو، البتہ کچھ پانی پینا صحت ہاضمہ کے لئے ضروری ہے۔(ماہنامہ انصار اللہ ربوہ اپریل ۱۹۶۱ء صفحہ ۲۷ تا ۲۹)
(بقیہ مضمون میسر نہیں ہوسکا)
☆☆