حضرت مسیح موعود کی بعثت کا مقصد اور انصار اللہ کی اہم ذمہ داری
مضامین ناصر
۱۵۲
حضرت مسیح موعود کی بعثت کا مقصد
اور
انصار اللہ کی اہم ذمہ داری
محترم صاحبزادہ مرزا ناصر احمد صاحب صدر مجلس انصاراللہ مرکزیہ نے مورخہ
۲۰ رمئی ۱۹۶۳ ء کو احمدیہ ہال کراچی میں انصار اللہ کے ایک اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے
انہیں ان کی اہم ذمہ داریوں کی طرف نہایت بصیرت افروز پیرائے میں توجہ دلائی تھی۔آپ کی
اس پر معارف تفصیلی تقریر کا خلاصہ منتظم صاحب عمومی مجلس انصار اللہ کراچی نے اپنے الفاظ میں
ہمیں بغرض اشاعت ارسال فرمایا ہے۔حضرت میاں صاحب موصوف نے جن امور کی طرف
توجہ دلائی ہے اور جو اختصار کے ساتھ اس خلاصہ میں درج کر دیئے گئے ہیں وہ اس قد راہم ہیں کہ
ان کا احباب جماعت تک پہنچنا از بس ضروری ہے۔لہذا ہم منتظم صاحب عمومی مجلس انصاراللہ
کراچی کے شکریہ کے ساتھ یہ خلاصہ ہدیہ قارئین کر رہے ہیں۔(ادارہ)
اللہ تعالیٰ کے انبیاء اور مامورین جب دنیا میں مبعوث ہوتے ہیں تو وہ ایک آسمانی مشن لے کر
دنیا میں آتے ہیں۔ایک خاص مقصد ان کے سامنے ہوتا ہے جس کی تعمیل کے لئے وہ ایک عظیم الشان
جدو جہد کا آغاز کرتے ہیں اور اس وقت تک دم نہیں لیتے جب تک کہ وہ مقصد به تمام و کمال پورانہ
ہو جائے۔چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ جب سید ولد آدم رسول اکرم علیہ انبیائے ماسبق کی پیشگوئیوں
کے مطابق ہمیشہ ہمیش قائم رہنے والی کامل ترین شریعت لے کر مبعوث ہوئے تو آپ نے اپنی بعثت کا
مقصد بیان کرتے ہوئے اعلان فرمایا مجھے اس لئے بھیجا گیا ہے کہ میں انسانیت کے اس دور جدید
۱۵۳
میں سن بلوغ کو پہنچے ہوئے انسانی ذہن کے سامنے ایسا لائحہ عمل رکھوں کہ جو اسے دینی اور دنیوی لحاظ
سے ترقی کی معراج تک پہنچانے کا ضامن ہو اور انہیں ان کے مقصد حیات میں کامیابی سے ہمکنار
کرنے والا ہو۔آپ نے فرمایا اسی لئے مجھے وہ شریعت دی گئی ہے جو ہر لحاظ سے کامل ہے اور جس میں
کسی ترمیم یا تنسیخ کی گنجائش نہیں اور اسی لئے یہ قیامت تک جاری رہے گی۔خدا تعالیٰ کا یہ بے مثل کلام
جو مجھ پر نازل ہوا ہے اور جو قرآن مجید کی شکل میں ہمیشہ ہمیش کے لئے محفوظ کر دیا گیا ہے۔حقائق و
دقائق اور علوم و معارف سے پُر ہے۔اس سے نہ صرف روحانی بیماریاں دور ہو کر روحانی لحاظ سے
انسان کو صحت و تندرستی اور قوت و توانائی ملتی ہے بلکہ دنیوی مشکلات اور معاشرہ کی الجھنوں کا علاج بھی
اسی میں مضمر ہے۔آئندہ روحانی بیماریوں اور معاشرہ کی الجھنوں کو دور کرنے کے سلسلہ میں ذہنی وفکری
اور علمی و عملی لحاظ سے جو اشکال بھی پیش آئیں گے انہیں قرآن حل کرتا چلا جائے گا۔آپ کے دعوئی سالت اور اس آخری اور کامل شریعت پر جو لوگ ایمان لائے انہوں نے آپ
کے دعویٰ کی ہمہ گیر نوعیت اور زمانی و مکانی اعتبار سے اس کی بے انداز وسعت کے عین مطابق اس
حقیقت کو اچھی طرح سمجھ لیا کہ ہمارا محض ایمان لے آنا ہی کافی نہیں ہے بلکہ ہمارا فرض ہے کہ جس طرح
آنحضرت ﷺ نے بنی نوع انسان کی روحانی و مادی فلاح کے لئے اپنی جان گداز کر دکھائی ہے اسی
طرح ہم بھی اس راہ میں اپنی زندگیاں وقف کر دکھا ئیں اور اللہ کے راستے میں اپنے اموال اپنی
عزتیں اور اپنی جانیں قربان کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔اگر آنحضرت ﷺ کے صحابہ ذاتی فلاح
کو ہی کافی سمجھتے تو وہ اپنے گھروں میں بیٹھ رہتے اور اپنی زندگیوں کو اسلام کے مطابق ڈھال کر آئندہ
زندگی کے متعلق مطمئن ہو جاتے۔لیکن انہوں نے اسے کافی نہیں سمجھا۔وہ جانتے تھے کہ آنحضرت
صلى الله ہ صرف ہماری اصلاح اور ہماری فلاح کے لئے ہی تشریف نہیں لائے ہیں۔آپ کی بعثت کا
مقصد اس سے کہیں ارفع و اعلیٰ ہے۔آپ تمام جہان اور تمام زمانوں کے لئے رسول بنا کر بھیجے
گئے ہیں۔ہمارا فرض ہے کہ ہم صرف اپنی فلاح پر ہی اکتفا نہ کریں بلکہ تمام بنی نوع انسان کی فلاح کو
اپنا طمح نظر بنا ئیں۔یہی وجہ ہے وہ آنحضرت ﷺ کے مشن کو کامیاب بنانے کی خاطر اپنا سب کچھ
قربان کرنے کو تیار ہو گئے۔۱۵۴
اُدھر کفر نے یہ سکیم بنائی کہ کمزور وضعیف اور نحیف و نزار صحابہ کی طرف سے جو خدائی آواز بلند
ہوئی ہے اسے طاقت کے بل پر دبا دیا جائے۔کفار نے فی الواقعہ اس آواز کو دبانے میں اپنی پوری
طاقت صرف کر ڈالی۔دوسری طرف صحابہؓ نے جو خدا تعالیٰ کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کرنے کا عزم
کر چکے تھے پوری مستعدی، ذمہ داری اور فرض شناسی کا ثبوت دیا۔کوئی چیز بھی ان کے اس عزم کے
بروئے کار آنے میں روک نہ بن سکی۔وہ خدا تعالیٰ کی آواز کو جسے انہوں نے اسی کے حکم سے بلند کیا تھا
بلند سے بلند تر کرتے چلے گئے۔انہوں نے اس راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کیا۔اُن کی اس
قربانی پر خدا تعالیٰ نے اپنے وعدہ کے مطابق وہ عظیم الشان معجزہ ظاہر فرمایا کہ جس پر آج بھی دنیا والے
حیرت زدہ ہوئے بغیر نہیں رہتے۔اُس نے جاہ وحشمت رکھنے والی قوموں کے خونخوار اور جابر سرداروں
کو مسلمانوں کی ٹوٹی ہوئی زنگ آلود تلواروں سے ہلاک کروا ڈالا اور بہت قلیل عرصہ میں مسلمانوں کو
بحر و بر کا مالک بنا دیا۔خدا تعالیٰ نہیں چاہتا تھا اور اُس کے منشاء کے مطابق مسلمان بھی اس بات کو گوارا
کرنے کے لئے تیار نہ تھے کہ اسلام کے مقابلہ میں کفر کامیاب ہو۔وہ بدر کے میدان میں اس یقین
کے ساتھ گئے تھے کہ ہم ۳۱۳ کے ۳۱۳ بھی مارے گئے تب بھی اسلام نا کام نہیں ہوگا۔ایسی صورت میں
خدا ایک اور قوم کو کھڑا کر دے گا وہ کفر کو صفحہ ہستی سے مٹا کر رکھ دے گی۔یہی وہ عزم اور یقین تھا جو
خدائی نصرت کے ماتحت مسلمانوں کو کامیاب کرتا چلا گیا۔صحابہ نے جس والہانہ جذبے کے ساتھ
قربانیاں پیش کیں تاریخ اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ان کا یہ والہانہ جذبہ ہی تھا جس کے
زیر اثر وہ تھوڑے ہوتے ہوئے بھی عظیم لشکروں کے سامنے ڈٹ جاتے تھے اور بالآخر فتح یاب ہو کر ہی
واپس لوٹتے تھے۔پھر انہی صحابہ میں سے وہ جانباز پیدا ہوئے جو اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر اپنے گھروں
سے نکل کھڑے ہوئے۔جغرافیائی حدود پھاند کر اور سمندر عبور کر کے وہ دنیا کے مختلف علاقوں میں پہنچے
اور وہاں اسلام کا پیغام پہنچا کر اور مختلف اقوام کو اسلام کی آغوش میں لا کر آنحضرت ﷺ کے مشن کو
پورا کیا۔
۱۵۵
ہمیں بھی خدا تعالیٰ نے ایک مامور کو جسے اس نے اسلام کی نشاۃ ثانیہ کے لئے مبعوث کیا ہے
ماننے کی توفیق عطا فرمائی ہے۔وہ مامور اسلام کو دوبارہ زندہ کرنے اور تبلیغ واشاعت کے ذریعے اسے
ساری دنیا میں غالب کرنے کے لئے آیا ہے۔ہم بھی کسی صورت اس بات پر اکتفا نہیں کر سکتے کہ ہم
نے خدا کے مامور کو مان لیا ہے اور اس کی تعلیم کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھال کر اعمال درست کر
لئے ہیں۔بے شک یہ بھی ایک اہم فرض ہے اور اس کو ادا کرنا بھی ضروری ہے لیکن جس مامور کو ہم نے
مانا ہے اس کی بعثت کی صرف اتنی ہی غرض نہیں ہے۔اس کی بعثت کی غرض ساری دنیا کو اسلام کا حلقہ
بگوش بنا کر تمام بنی نوع انسان کی زندگیوں میں انقلاب پیدا کرنا ہے۔انہیں محمد مصطفی ﷺ کی غلامی
میں لا کر خدائے واحد کا پرستار بنانا ہے۔پس ہمارا کام یہیں ختم نہیں ہو جاتا کہ ہم مامور پر ایمان لا کر
اپنی زندگیوں کو اسلامی احکام کے مطابق بنالیں۔ہمیں اس سے آگے قدم بڑھا کر ایک بہت بڑی
منزل سر کرنی ہے۔ہمیں اس مامور کی لائی ہوئی روشنی یعنی حقیقی اسلام کو دنیا کے ایک سرے سے لے کر
دوسرے سرے تک پھیلانا ہے اور دنیا کے چپہ چپہ پر خدا کی بادشاہت کو قائم کرنا ہے۔یہ کام اپنی
زندگیوں میں انقلاب پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ بہت عظیم جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا متقاضی ہے۔ہم اس وقت تک چین سے بیٹھ ہی نہیں سکتے جب تک کہ یہ عظیم مقصد پورا نہ ہو جائے۔حضرت مسیح
موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے اپنی بعثت کا مقصد مختصراً ان الفاظ میں بیان فرمایا ہے۔حضور فرماتے ہیں۔پہلا کام مسیح کا یہ ہے کہ اس کا آنا) مسیح کا آنا اس لئے خدائے تعالیٰ کی طرف سے
مقرر کیا گیا ہے کہ تا تمام قوموں پر دین اسلام کی سچائی کی حجت پوری کرے تا دنیا کی
ساری قوموں پر خدائے تعالیٰ کا الزام وارد ہو جائے۔اسی کی طرف اشارہ ہے کہ جو کہا گیا
ہے کہ مسیح کے دم سے کا فر مریں گے۔یعنی دلائل بینہ اور براہین قاطعہ کی رو سے وہ ہلاک
ہو جائیں گے۔دوسرا کام مسیح کا یہ ہے کہ اسلام کو غلطیوں اور الحاقات بے جاسے منزہ کر کے وہ تعلیم
جو روح اور راستی سے بھری ہوئی ہے خلق اللہ کے سامنے رکھے۔
۱۵۶
تیسرا کام مسیح کا یہ ہے کہ ایمانی نور کو دنیا کی تمام قوموں کے مستعد دلوں کو بخشے اور
منافقوں کو مخلصوں سے الگ کر دیوے۔سو یہ تینوں کام خدا تعالیٰ نے اس عاجز کے سپرد
کئے ہیں اور حقیقت میں ابتدا سے یہی مقرر ہے کہ مسیح اپنے وقت کا مجد دہوگا اور اعلیٰ درجہ کی
تجدید کی خدمت خدائے تعالیٰ اُس سے لے گا اور یہ تینوں امور وہ ہیں جو خدائے تعالیٰ
نے ارادہ فرمایا ہے جو اس عاجز کے ذریعہ سے ظہور میں آویں سو وہ اپنے ارادے کو پورا
کرے گا اور اپنے بندہ کا مددگار ہوگا۔(ازالہ اوہام صفحه ۵۹،۵۸- روحانی خزائن جلد ۳ صفحه ۱۳۲،۱۳۱)
اس اقتباس میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے اپنی بعثت کے مقصد کو تین حصوں میں
تقسیم فرمایا ہے۔اوّل اسلام کی حقانیت دوسری قوموں پر ثابت کرنا۔دوم بطور حکم فیصلہ کر کے
اعتقادی اختلافات کو دور کرنا۔سوم اپنی قوت قدسیہ کے ذریعے عملی طور پر ایک جماعت قائم کرنا اور اس
جماعت کی عملی زندگی اسلام کے سانچے میں ڈھالنا۔ان ہر سہ گونا مقاصد سے ظاہر ہے کہ ہمیں سب
سے اوّل جماعت کے ساتھ وابستہ رہ کر اپنی عملی زندگی کو اسلام کے سانچے میں ڈھالنا ہے اور پھر اسلام
کو دوسری قوموں تک پہنچا کر ان پر حجت پوری کرنی ہے۔اس کام کو باحسن وجوہ انجام دینے کے لئے
حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بطور حکم اعتقادی اختلافات کو دور کر کے امن کی بنیاد قائم فرما دی
ہے۔آپ کو حکم بھی قرار دیا گیا ہے اور امن کا شہزادہ بھی یہ دونوں مترادف الفاظ ہیں۔اس لئے کہ
حکم اختلاف دور کرنے والے کو کہتے ہیں اور جو اختلاف دور کرتا ہے وہی امن قائم کرنے والا ہوتا
ہے۔پس حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے اعتقادی اختلاف کو دور کر کے قیام امن کی راہ ہموار
کر دی ہے اور دوسری طرف صداقتِ اسلام کے ایسے محکم دلائل ہمیں دیئے ہیں کہ جن کے آگے
دوسرے مذاہب والے ٹھہر ہی نہیں سکتے۔اب ہمارا فرض یہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں
کو ایسا بنا ئیں کہ ہم
سر سے پا تک اسلام کی عملی تصویر ہوں۔ہم اسلام کا جو اپنی گردن پر بشاشت کے ساتھ اٹھا ئیں اور
اپنی روز مرہ کی زندگیوں میں زندہ خدا پر زندہ ایمان کا مظاہرہ کریں اور اس طرح اپنی ہستی پر پورا پورا
انقلاب وارد کرنے کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی الہامی تفسیر قرآن کی روشنی میں اسلام کا پیغام
دوسرں تک پہنچائیں۔اگر کوئی احمدی ایسا نہیں کرتا تو وہ اپنے فرائض میں کوتا ہی کرنے والا ہے اور
خدا تعالیٰ کے حضور جواب دہ ہے۔ہمیں جماعت کے کاموں میں ہمیشہ خدا تعالیٰ کی شان اور اس کی قدرت نظر آتی ہے اور دل
عجیب کیف و سرور سے بھر جاتا ہے۔اللہ تعالیٰ نے قدم قدم پر جماعت کو اپنی خاص تائید و نصرت اور
فضل ورحمت سے نوازا ہے۔ہم عملاً مشاہدہ کرتے چلے آرہے ہیں کہ خدا تعالیٰ اس جماعت کے ساتھ
ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے آنحضرت ﷺ کی کامل اتباع اور پیروی کی برکت سے خدائی
نصرت کو جذب کیا ہے اور جماعت کو اس سے مالا مال فرمایا ہے۔جب خدا نے ہمیں اپنی خاص تائید و
نصرت کا حامل بنایا ہے تو پھر ہمیں ڈرکس بات کا ہے۔قدرت کے عناصر بھی خدا تعالیٰ نے ہمارے لئے
مسخر کر دیئے ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا ہے آگ سے ہمیں مت ڈراؤ آگ ہماری
غلام بلکہ غلاموں کی غلام ہے۔اسی طرح دوسرے عناصر کا حال ہے۔۱۹۴۷ء کے فسادات جب عروج
پر تھے تو اس وقت بھی خدا تعالیٰ کی اسی موعودہ تائید و نصرت کی وجہ سے ہمارے دل مطمئن تھے کہ وہ
ضرور اس جماعت کی حفاظت کرے گا۔پس جیسا کہ خدا تعالیٰ اپنے عدہ کے مطابق ہمیشہ ہماری
حفاظت کرتا رہا ہے ہمارا بھی فرض ہے کہ ہم اس کے دین کی خدمت کرنے میں اپنی طرف سے کوئی
دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔اس کے دین کو دنیا میں پھیلائیں اور پھیلاتے چلے جائیں یہاں تک کہ
ساری دنیا محمد رسول اللہ علیہ کے جھنڈے تلے جمع ہو اور اس طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی
بعثت کی غرض یہ تمام و کمال پوری ہو جائے۔ان کے اس بنیادی فرض کے ضمن میں میں انصار اللہ کو ان کی ایک اہم ذمہ داری کی طرف بھی
توجہ دلانا چاہتا ہوں اور وہ یہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت کی طرف خاص طور پر توجہ دیں اور انہیں دین
کا خادم بنائیں۔انصار اللہ میں سے اکثر صاحب اولاد ہیں۔وہ اپنے بچوں سے بے غرض محبت کرتے
ہیں اور اپنے بچوں سے بھی یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ بھی ان سے محبت کریں اور ان کے اطاعت گزار
۱۵۸
بنیں۔اگر کسی کا بچہ آوارہ ہو جاتا ہے تو اس کے والدین کو بہت دکھ ہوتا ہے لیکن ایک باپ اپنے بچے
سے جتنی محبت کرتا ہے خدا اپنے بندہ سے اس سے کہیں بڑھ کر محبت کرتا ہے۔اگر اس کا کوئی بندہ اس
سے غافل ہو جائے تو اسے یہ بات بہت شاق گزرتی ہے۔پس ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے باپوں سے بڑھ
کر خدا تعالیٰ سے محبت کریں اور اپنے بچوں کی بھی اس طرح تربیت کریں کہ وہ بھی خدا تعالیٰ کی محبت کو
اپنے دل میں جگہ دیں اور اس کے حقیقی عبد بن کر اس کے دین کی خدمت کو لازم پکڑیں۔اسی طرح انصار اللہ کو چاہیے کہ وہ اپنی دوسری ذمہ داریوں کو بھی پوری مستعدی اور حسن کارکردگی
کے ساتھ ادا کریں۔انہیں اپنی تنظیم کو مضبوط کرنا چاہیے اور اسی طرح مالی ذمہ داریوں سے سبکدوش
ہونے کی پوری کوشش کرنی چاہیے نیز حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی کتب کے مطالعہ کی طرف
خاص طور پر توجہ دینی چاہیے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے یہ سب کتب اللہ تعالیٰ کی خاص تائید اور
نصرت کے ماتحت لکھی ہیں اور یہ حقائق و معارف سے اس طرح پر ہیں جس طرح سمندر پانی سے بھرا
ہوا ہے۔آپ نے قرآن کریم کے دریا کے زور دار بہاؤ کو اس خوبصورتی سے مختلف چینلز میں منتقل کیا
ہے کہ ہر قوم اس سے فائدہ اٹھا سکتی ہے اور اپنی روحانی پیاس بجھا کر اعلیٰ ترقیات حاصل کر سکتی ہے۔مسیح موعود کے متعلق یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ خزا نے تقسیم کرے گا لیکن لوگ ان خزانوں کو قبول نہیں کریں
گے۔ان خزانوں سے مراد روحانی خزائن ہیں نہ کہ دنیوی اموال۔ہمیں ان روحانی خزائن سے خود بھی
اپنی جھولیاں بھرنی چاہئیں اور دوسروں کو بھی یہ خزانے دینے چاہئیں تا کہ وہ بھی محروم نہ رہیں۔ان سے
نہ صرف ہم مالا مال ہوں بلکہ وہ بھی مالا مال ہوں اور ان کے بھی دامن استعداد پُر ہو جائیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی ذمہ داریوں
کو سمجھنے اور انہیں کماحقہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور
جلد ایسے حالات رونما فرمائے کہ جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کی غرض کو یہ تمام و کمال پورا
کرنے والے ہوں۔(ماہنامہ انصار اللہ ربوہ جولائی ۱۹۶۳ء صفحه ۲۵ تا ۳۰)