تفسیر آیات ۔ سورۃ اخلاص (از افاضات حضرت امیر المومنین المصلح الموعود ايده الله الودود )
مضامین ناصر
۲۰۱
تفسیر آیات۔سورۃ اخلاص
لمصلہ
(از افاضات حضرت امیر المومنین اصلح الموعود ایدہ اللہ الودود )
امیر الورود)
الموعودايده
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ - قُلْ هُوَ اللهُ اَحَدٌ - اللهُ الصَّمَدُ - لَمْ يَلِدْ وَلَمْ يُولَدْ -
وَلَمْ يَكُن لَّهُ كُفُوًا أَحَدٌ - (الاخلاص)
میں اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا اور بار بار رحم کرنے والا ہےشروع کرتا ہوں۔ہم ہر زمانہ کے مسلمان کو حکم دیتے ہیں کہ ) تو ( دوسرے لوگوں سے ) کہتا چلا جا کہ ( پکی اور
اصل ) بات یہ ہے
اللہ اپنی ذات میں اکیلا ہے۔اللہ وہ ہستی ) ہے جس کے سب محتاج ہیں (اور وہ
کسی کا محتاج نہیں ) نہ اس نے کسی کو جنا ہے اور نہ وہ جنا گیا ہے۔اور (اس کی صفات میں ) اس کا کوئی
بھی شریک کار نہیں۔تفسیر :۔اس سورۃ میں اختصار کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی توحید کامل اور اس کی صفات اور شان کو
بیان کر دیا گیا ہے۔اس طرح اپنے معنی میں یہ سورۃ قرآن کریم کا مکمل خلاصہ ہے کیونکہ قرآن کریم
کے مضامین کا نقطہ مرکزی یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی توحید کو ثابت کیا جائے اور اس کی صفات اور جلالت
شان کو بیان کیا جائے اور قل کہہ کر اس طرف توجہ دلائی ہے کہ ہر مسلمان کا فرض ہے کہ وہ اس خلاصہ کو
یادر کھے۔اپنی نسلوں کو اس کی وصیت کرے اور دنیا میں اس کا اعلان اور اس کی اشاعت کرتا رہے
یہاں تک کہ دنیا ایک مرکزی نقطہ پر جمع ہو جائے۔اس سورۃ میں تین امور پر روشنی ڈال کر اللہ تعالیٰ کی کامل تو حید کو پیش کیا گیا ہے۔بتایا کہ
(۱) اللہ تعالیٰ موجود ہے (۲) اللہ تعالیٰ اپنی ذات میں منفرد ہے یعنی وہ اکیلا ہے دو یا تین خدا نہیں اور
(۳) وہ پاک ذات واحد فی الصفات اور بے مثل ہے۔اس کی صفات میں کوئی بھی اس کا ہمسر نہیں۔
چنانچہ فرمایا اللهُ اَحَدٌ اللہ تعالیٰ کی ذات ایسی ہے کہ ہر رنگ میں اور ہر طرح وہ اپنے وجود میں ایک ہی
ہے۔نہ وہ کسی کی ابتدائی کڑی ہے اور نہ آخری سرا۔نہ کسی کے مشابہ ہے اور نہ کوئی اس کے مشابہ۔وہ
ایک ایسی ذات ہے کہ جب اس کا تصور کریں تو دوسری کسی ذات کا خیال بھی دل میں نہ آسکے۔پس
اَحَدٌ وہ صفت ہے جو سب خلق سے منزہ ہے اور در حقیقت اللہ تعالیٰ کی اصل شان شانِ احدیت ہے۔خدا تعالیٰ کا اپنی ذات میں یکتا ہونا دو قسم کی نفی کرتا ہے۔اول یہ کہ وہ دو سے ایک نہیں ہوا اور دوم
یہ کہ وہ ایک سے بھی دو نہیں ہوا۔وہ نہ تو تنوع ذاتی اختیار کر سکتا ہے اور نہ اس تنوع کو مٹانے سے پھر
ایک ہوتا ہے۔یعنی ہم نہیں کہہ سکتے کہ وہ ایک سے (۲) بیٹا اور (۳) روح القدس بن گیا اور نہ یہ کہہ
سکتے ہیں کہ وہ تینوں پچھلے پاؤں لوٹ کر پھر ایک ہو گئے ہیں۔اس طرح ہر مشر کا نہ خیال کا کلیۂ استیصال
کر دیا گیا ہے۔اللهُ اَحَدٌ میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اللہ ہے اور وہ اپنی ذات اور صفات میں ایک ہے۔اس
دعوئی پر یہ عقلی اور واقعاتی دلیل دی کہ اللهُ الصَّمَدُ اللہ تعالیٰ کسی کا محتاج نہیں مگر باقی سب چیزیں
اس کی محتاج ہیں اور جب ساری چیزیں اس کی محتاج ہیں اور وہی سب کی ضروریات پوری کرتا ہے تو
پھر کسی اور اللہ کی ضرورت ہی کیا رہ جاتی ہے۔ہم دیکھتے ہیں کہ ہر چیز جو ہمیں دنیا میں نظر آتی ہے
تغیر پذیر ہے اور اپنی ہستی کے قیام کے لئے دوسری اشیاء کی محتاج ہے اور یہ احتیاج بتا رہی ہے کہ دنیا
اور اس کی اشیاء اپنی ذات میں قائم نہیں بلکہ اپنی ہستی کے قیام کے لئے دوسروں کی محتاج ہیں۔پس
کسی ایسی ہستی کا ماننا جوان محتاج ہستیوں کو معرض وجود میں لانے والی ہوا اور ایک ہمہ گیر قانون کے
ماتحت ان کی ضرورتوں کو پورا کرنے والی ہو ضروری ہے۔پس اس کا رخانہ عالم کے قیام و بقاء کے
لئے اللهُ الصَّمَدُ کی ضرورت ثابت ہوئی۔الصَّمَدُ کے معنی الدَّائِم اور اَلرَّفِيعُ کے بھی ہیں۔پس فرمایا کہ وہ ذات ہمیشہ سے ہے اور
ہمیشہ رہے گی۔نہ اس سے پہلے کوئی وجود تھا اور نہ اس کے بعد کا ہم تصور کر سکتے ہیں۔وہی اول بھی اور
آخر بھی اور وہ احدیت کی شان رکھنے والی پاک ذات رفیع الدرجات ہے اور غیر محدود بلندیوں کی
۲۰۳
مالک۔اس کی بلندیوں تک، اس کی رفعتوں تک انسان کی پرواز تخیل بھی نہیں پہنچ سکتی اور جب ہم نے
حصول قرب کے لئے اس رفیع الدرجات خدا کی طرف پرواز کرنی ہے تو پھر جس قدر بھی پرواز کریں کم
ہے کیونکہ ہمارا اللہ غیر محدود رفعتوں کا مالک ہے اور ہم پر قرب کی غیر محدودرا ہیں کھلی ہیں اور غیر محدود
روحانی ترقیات کے دروازے ہم پر کھولے گئے ہیں ہمارا روحانی سفر کبھی ختم نہیں ہوتا۔یہ بھی یادر ہے کہ تو حید رحمانیت کا منبع ہے اور صمدیت کے اندر رحمانیت مضمر ہے۔ہر چیز اپنی
ربوبیت کے لئے اسی کی محتاج ہے اس کے لئے کسی عمل کی ضرورت نہیں۔انسان اور غیر انسان سب
ہی اپنے وجود اور اپنی بقاء کے لئے اسی کی رحمانی ربوبیت کے محتاج ہیں اور جب انسانوں میں سے
نیک و بد سب کا وہ رب ہے اور وہ رب اور رحمان ہے پر ہیز گاروں کا بھی اور گناہگاروں کا بھی تو ہمیں
کسی کفارہ کی ضرورت نہیں اور نہ کسی تناسخ کی ہمیں احتیاج ہے۔ہم نے بتایا ہے کہ اگر تو حید نہ ہو تو رمانیت پیدا نہیں ہوسکتی۔چنانچہ اس کی ایک موٹی مثال یہ
ہے کہ جو قو میں توحید کی قائل نہیں وہ رحمانیت کی بھی قائل نہیں۔مثلاً ہند و تو حید کو نہیں مانتے لہذا وہ
رحمانیت کے بھی قائل نہیں اور ان کا عقیدہ ہے کہ انسان کو اس کے گناہوں کی سزا ضرور ملے گی۔گناہ کی
معافی کے لئے وہ اللہ تعالیٰ کا محتاج نہیں، مسئلہ تناسخ کا محتاج ہے۔اسی طرح عیسائی تو حید کے قائل
نہیں اور گناہوں کی معافی کے لئے کفارہ کو ضروری خیال کرتے ہیں۔مگر اسلام کہتا ہے کہ اللهُ الصَّمَدُ
اس کا فیض جاری ہے اور ہر چیز اس کی رحمانیت سے فائدہ اٹھا رہی ہے اور اس کی محتاج ہے پس
تو حید و رحمانیت لازم و ملزوم ہیں اور خدا تعالیٰ کے بندوں کو نہ کسی کفارہ کی ضرورت ہے اور نہ تناسخ
کی۔خدائے احد، صمد اور رحمان ہی ان کے لئے کافی ہے۔لَمْ يَلِدْ وَلَمْ يُولَدْ الصَّمَدُ کے لئے بطور دلیل ہے اور بتایا کہ احتیاج دو باتوں کے سبب
پیدا ہوتی ہے۔اول ابتدائی تعلقات کی وجہ سے اور دوم آئندہ کے تعلقات کی وجہ سے (۱) ابتدائی
تعلقات سے مراد یہ ہے کہ کسی چیز کے نیست سے ہست میں آنے کا کوئی سبب ہو، ایسی ہستی محتاج ہوتی
ہے۔اپنے سبب کی کیونکہ اگر وہ سبب نہ ہوتا تو اس کا وجود ظاہر نہ ہوسکتا اور (۲) آئندہ کے تعلقات
۲۰۴
سے مراد یہ ہے کہ اس کی کوئی اولا د ہو۔کیونکہ اولاد کا ہونا نہ صرف عورت کی احتیاج کو ثابت کرتا ہے
بلکہ اولا د کا وجود خود اپنے نفس کے فانی ہونے کا بھی ثبوت ہوتا ہے۔چنانچہ دنیا میں کوئی ایسی ہستی جو اپنی
پیدائش کی غرض کے پورا ہونے تک زندہ رہنے والی ہو اولاد نہیں رکھتی اور نہ اس کی نسل آگے چلتی ہے۔جیسے سورج، چاند، پہاڑ، زمین وغیرہ لیکن انسان، حیوانات، نباتات اپنی ضرورت کے پورا ہونے سے
پہلے مر جاتے ہیں۔اس لئے ان کی نسل بھی چلتی ہے۔پس اس آیہ میں یہ بتا کر کہ خدا تعالیٰ کی ذات کسی
دوسرے
کی نسل سے نہیں اور نہ اس سے کوئی نسل چلی ہے۔اس حقیقت کو واضح کیا ہے کہ وہ غیر فانی ہے
اور اپنے ذات میں مکمل ہے اور احد ہے کیونکہ اس آیہ نے مذکورہ بالا دونوں قسم کے تعلقات کی نفی کر
دی اور اس طرح ایک طرف تو اس کی صمدیت کا ثبوت دے دیا اور دوسری طرف اس کی احدیت کا۔پھر فرمایا کہ وَلَمْ يَكُنْ لَهُ كُفُوًا اَحَدٌ یعنی صرف یہی نہیں کہ خدا تعالیٰ کسی کا بیٹا نہیں یا
خدا تعالیٰ کا آگے کوئی بیٹا نہیں بلکہ اس کا مماثل اور مشابہ بھی کوئی نہیں۔نہ اس کی ذات میں اس کا کوئی
شریک ہے اور نہ اس کی صفات میں اس کا کوئی شریک ہے کیونکہ ساری دنیا میں ہمیں ایک ہی قانون
چلتا ہوا نظر آ رہا ہے۔کوئی دو مستقل اور متوازی سکیمیں اور قانون دنیا میں نہیں چل رہے جس سے کسی
کفو کا ہمیں ثبوت ملے۔نیز قانون جب ایک ہی ہے تو دو مماثل ہستیاں جو ایک سی خدائی طاقت رکھتی
ہوں ان کا وجود باطل ہو جاتا ہے۔یہ سورۃ دہریت اور عیسائیت جیسے خطرناک فتنوں کو مٹانے اور اللہ تعالیٰ کے وجود اور اس کی
احدیت کو ثابت کرنے کے لئے اور تمام قوموں کو ایک نقطہ ء مرکزی پر جمع کرنے کے لئے نازل کی گئی
وو
ہے کیونکہ وہ خدا رب العالمین خدا ہے اور سزاوار ہے اس بات کا کہ سب اقوام عالم اس ”ایک اور
یکتا کے جھنڈے تلے جمع ہوں اور ساری دنیا اس کی حمد کے ترانہ سے گونجنے لگے۔اے خدا! اپنے اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچنے میں ہمیں اپنا خادم بنا۔آمین (مرزا ناصر احمد )
(ماہنامہ انصار الله ر بوه مارچ ۱۹۶۴ء صفحه ۳۹ تا ۴۱)