آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی جنگوں کی غرض
اِسلامی اُصول کی فلاسفی
Urdu original from Ruhani Khazain, edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
سوجنہوں نے تلوار اٹھائی تھی انہیں کے ساتھ تلوار کا مقابلہ ہوا۔ غرض قتل کرنے والوں کا فتنہ
فرو کرنے کے لئے بطور مدافعت شر کے وہ لڑائیاں تھیں اور اس وقت ہوئیں جبکہ ظالم طبع لوگ
اہل حق کو نابود کرنا چاہتے تھے۔ اس حالت میں اگر اسلام اس حفاظت خود اختیاری کو عمل میں
نہ لاتا تو ہزاروں بچے اور عورتیں بے گناہ قتل ہو کر آخر اسلام نابود ہو جاتا۔
یادر ہے کہ ہمارے مخالفین کی یہ بڑی زبردستی ہے کہ وہ خیال کرتے ہیں کہ الہامی
ہدایت ایسی ہونی چاہئے جس کے کسی مقام اور کسی محل میں دشمنوں کے مقابلہ کی تعلیم نہ ہو اور
ہمیشہ حلم اور نرمی کے پیرا یہ میں اپنی محبت اور رحمت کو ظاہر کرے۔ ایسے لوگ اپنی دانست میں
خدائے عزوجل کی بڑی تعظیم کر رہے ہیں کہ جو اس کی تمام صفات کاملہ کو صرف نرمی اور
ملائمت پر ہی ختم کرتے ہیں لیکن اس معاملہ میں فکر اور غور کرنے والوں پر بآسانی کھل سکتا
ہے کہ یہ لوگ بڑی موٹی اور فاش غلطی میں مبتلا ہیں۔ خدا کے قانون قدرت پر نظر ڈالنے
سے صاف ثابت ہوتا ہے کہ دنیا کے لئے وہ رحمت محض تو ضرور ہے مگر وہ رحمت ہمیشہ اور
ہر حال میں نرمی اور ملائمت کے رنگ میں ظہور پذیر نہیں ہوتی بلکہ وہ سرا سر رحمت کے تقاضا
سے طبیب حاذق کی طرح کبھی شربت شیریں ہمیں پلاتا ہے اور کبھی دوائی تلخ دیتا ہے۔
اس کی رحمت نوع انسان پر اس طرح وارد ہوتی ہے جیسے ہم میں سے ایک شخص اپنے تمام
وجود پر رحمت رکھتا ہے ۔ اس بات میں کسی کو شک نہیں ہو سکتا کہ ہر ایک فرد ہم میں سے
اپنے سارے وجود سے پیار رکھتا ہے اور اگر کوئی ہمارے ایک بال کو اکھاڑنا چاہے تو ہم
اس پر سخت ناراض ہوتے ہیں لیکن با وصف اس کے کہ ہماری محبت جو ہم اپنے وجود سے
رکھتے ہیں ہمارے تمام وجود میں بٹی ہوئی ہے اور تمام اعضاء ہمارے لئے پیارے ہیں ۔
ہم کسی کا نقصان نہیں چاہتے مگر پھر بھی یہ بات بداہت ثابت ہے کہ ہم اپنے تمام اعضاء
سے ایک ہی درجہ کی اور یکساں محبت نہیں رکھتے بلکہ اعضاء رئیسہ و شریفہ کی محبت جن
پر ہمارے مقاصد کا بہت کچھ مدار ہے۔ ہمارے دلوں پر غالب ہوتی ہے۔ ایسا ہی ہماری نظر میں
ایک ہی عضو کی محبت کی نسبت مجموعہ اعضاء کی محبت بہت بڑھ کر ہوتی ہے۔ پس جب کبھی ہمارے
لئے کوئی ایسا موقع آ پڑتا ہے کہ ایک عضو کا بچاؤ ادنی درجہ کے عضو کے زخمی کرنے یا کاٹنے یا
توڑنے پر موقوف ہوتا ہے تو ہم جان کے بچانے کے لئے بلا تامل اسی عضو کے زخمی کرنے یا
کاٹنے پر مستعد ہو جاتے ہیں اور گو اس وقت ہمارے دل میں یہ رنج بھی ہوتا ہے کہ ہم اپنے
ایک پیارے عضو کو زخمی کرتے یا کاٹتے ہیں مگر اس خیال سے کہ اس عضو کا فساد کسی دوسرے
شریف عضو کو بھی ساتھ ہی تباہ نہ کرے ہم کاٹنے کے لئے مجبور ہو جاتے ہیں۔ پس اسی مثال سے
سمجھ لینا چاہیے کہ خدا بھی جب دیکھتا ہے کہ اس کے راستباز باطل پرستوں کے ہاتھ سے ہلاک
ہوتے ہیں اور فساد پھیلتا ہے تو راستبازوں کی جان کے بچاؤ اور فساد کے فرو کرنے کے لئے
۹۰ مناسب تدبیر ظہور میں لاتا ہے خواہ آسمان سے خواہ زمین سے اس لئے کہ وہ جیسا کہ رحیم
ہے ویسا ہی حکیم ہے۔ الحمد لله رب العالمین۔