سورۃ 2: البقرة
قرآن کریم, حصہ 6
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 101 (عام شمار 2:100)
کیا جب کبھی بھی وہ کوئی عہد کریں گے ان میں سے ایک فریق اس (عہد) کو پرے پھینک دے گا؟ بلکہ ان میں سے اکثر ایمان ہی نہیں رکھتے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 102 (عام شمار 2:101)
اور جب بھی ان کے پاس اللہ کی طرف سے کوئی رسول آیا جو اُس کی تصدیق کرنے والا تھا جو اُن کے پاس تھا تو ان میں سے ایک گروہ نے جنہیں کتاب دی گئی اللہ کی کتاب کو پسِ پُشت ڈال دیا، گویا وہ علم ہی نہ رکھتے ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 103 (عام شمار 2:102)
اور انہوں نے پیروی کی اس کی جو شیاطین سلیمان کے ملک کے خلاف پڑھا کرتے تھے اور سلیمان نے کفر نہیں کیا بلکہ وہ شیاطین تھے جنہوں نے کفر کیا۔ وہ لوگوں کو جادو سکھاتے تھے۔ اور (اس کے برعکس) بابل میں جو دو فرشتوں ہاروت اور ماروت پر اتارا گیا (اس کا قصہ یہ ہے) وہ دونوں کسی کو بھی کچھ نہیں سکھاتے تھے جب تک وہ (اُسے) یہ نہ کہہ دیتے کہ ہم تو محض ایک آزمائش کے طور پر ہیں پس تُو کفر نہ کر۔ پس وہ لوگ ان دونوں سے ایسی بات سیکھتے تھے جس کے ذریعے وہ خاوند اور بیوی کے درمیان جدائی ڈال دیتے تھے اور اللہ کے اِذن کے سوا وہ اس ذریعہ سے کسی کو نقصان پہنچانے والے نہیں تھے۔ اور (اس کے برعکس جو لوگ شیاطین سے سیکھتے تھے) وہ وہی باتیں سیکھتے تھے جو ان کو نقصان پہنچانے والی تھیں اور فائدہ نہیں پہنچاتی تھیں۔ حالانکہ وہ خوب جان چکے تھے کہ جس نے بھی یہ سودا کیا اس کے لئے آخرت میں کچھ حصہ نہیں رہے گا۔ پس بہت ہی برا تھا وہ (عارضی فائدہ) جس کے بدلے میں انہوں نے اپنی جانیں بیچ دیں، کاش کہ وہ جانتے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 104 (عام شمار 2:103)
اور اگر وہ ایمان لے آتے اور تقویٰ اختیار کرتے تو اللہ کی طرف سے (اس کا) اجر یقیناً بہت اچھا ہوتا۔ کاش کہ وہ جانتے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 105 (عام شمار 2:104)
اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو (ہمارے رسول کو) ”رَاعِنَا “ نہ کہا کرو بلکہ یہ کہا کرو کہ ہم پر نظر فرما اور غور سے سنا کرو۔ اور کافروں کے لئے درد ناک عذاب (مقدر) ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 106 (عام شمار 2:105)
اہل کتاب اور مشرکین میں سے جن لوگوں نے کفر کیا وہ ہرگز پسند نہیں کرتے کہ تم پر تمہارے ربّ کی طرف سے کوئی خیر اُتاری جائے حالانکہ اللہ جس کو چاہتا ہے اپنی رحمت کے لئے خاص کر لیتا ہے اور اللہ بہت بڑے فضل والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 107 (عام شمار 2:106)
جو آیت بھی ہم منسوخ کر دیں یا اُسے بھلا دیں، اُس سے بہتر یا اُس جیسی ضرور لے آتے ہیں۔ کیا تُو نہیں جانتا کہ اللہ ہر چیز پر جسے وہ چاہے دائمی قدرت رکھتا ہے؟
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 108 (عام شمار 2:107)
کیا تُو نہیں جانتا کہ وہ اللہ ہی ہے جس کی آسمانوں اور زمین کی بادشاہی ہے؟ اور اللہ کو چھوڑ کر تمہارے لئے کوئی سرپرست اور مددگار نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 109 (عام شمار 2:108)
کیا تم چاہتے ہو کہ تم اپنے رسول سے بھی اسی طرح سوال کرتے رہو جس طرح پہلے موسیٰ سے سوال کئے گئے۔ پس جو بھی ایمان کو کفر سے تبدیل کرے یقیناً وہ سیدھی راہ سے بھٹک چکا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 110 (عام شمار 2:109)
اہل کتاب میں سے بہت سے ایسے ہیں جو چاہتے ہیں کہ کاش تمہیں تمہارے ایمان لانے کے بعد (ایک دفعہ پھر) کفار بنا دیں، بوجہ اس حسد کے جو اُن کے اپنے دلوں سے پیدا ہوتا ہے (وہ ایسا کرتے ہیں) بعد اس کے کہ حق ان پر روشن ہو چکا ہے۔ پس (اُن سے) عفو سے کام لو اور درگزر کرو یہاں تک کہ اللہ اپنا فیصلہ ظاہر کردے۔ یقیناً اللہ ہر چیز پر جسے وہ چاہے دائمی قدرت رکھتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 111 (عام شمار 2:110)
اور نماز کو قائم کرو اور زکوٰۃ ادا کرو اور جو بھلائی بھی تم خود اپنی خاطر آگے بھیجتے ہو اسے تم اللہ کے حضور موجود پاؤ گے۔ یقیناً اللہ اس پر نگاہ رکھے ہوئے ہے جو تم کرتے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 112 (عام شمار 2:111)
اور وہ کہتے ہیں کہ ہرگز جنت میں کوئی داخل نہیں ہو گا سوائے ان کے جو یہودی یا عیسائی ہوں۔ یہ محض ان کی خواہشات ہیں۔ تُو کہہ کہ اپنی کوئی مضبوط دلیل تو لاؤ اگر تم سچے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 113 (عام شمار 2:112)
نہیں نہیں، سچ یہ ہے کہ جو بھی اپنا آپ خدا کے سپرد کردے اور وہ احسان کرنے والا ہو تو اس کا اجر اس کے ربّ کے پاس ہے۔ اور اُن (لوگوں) پر کوئی خوف نہیں اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 114 (عام شمار 2:113)
اور یہود کہتے ہیں کہ نصارٰی (کی بنا) کسی چیز پر نہیں اور نصارٰی کہتے ہیں کہ یہود (کی بنا) کسی چیز پر نہیں حالانکہ وہ کتاب پڑھتے ہیں۔ اسی طرح ان لوگوں نے بھی جو کچھ علم نہیں رکھتے ان کے قول کے مشابہ بات کی۔ پس اللہ قیامت کے روز اُن کے درمیان ان باتوں کا فیصلہ کرے گا جن میں وہ اختلاف کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 115 (عام شمار 2:114)
اور اس سے زیادہ ظالم کون ہے جس نے منع کیا کہ اللہ کی مسجدوں میں اس کا نام بلند کیا جائے اور انہیں ویران کرنے کی کوشش کی۔ (حالانکہ) ان کے لئے اس کے سوا کچھ جائز نہ تھا کہ وہ ان (مسجدوں) میں ڈرتے ہوئے داخل ہوتے۔ ان کے لئے دنیا میں ذلت اور آخرت میں بہت بڑا عذاب (مقدر) ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 116 (عام شمار 2:115)
اور اللہ ہی کا ہے مشرق بھی اور مغرب بھی۔ پس جس طرف بھی تم منہ پھیرو وہیں خدا کا جلوہ پاؤ گے۔ یقیناً اللہ بہت وسعتیں عطا کرنے والا (اور) دائمی علم رکھنے والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 117 (عام شمار 2:116)
اور وہ کہتے ہیں اللہ نے بیٹا بنا لیا ہے۔ پاک ہے وہ۔ بلکہ (اس کی شان تو یہ ہے کہ) اُسی کا ہے جو آسمانوں اور زمین میں ہے۔ سب اسی کے فرماں بردار ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 118 (عام شمار 2:117)
وہ آسمانوں اور زمین کی تخلیق کا آغاز کرنے والا ہے۔ اور جب وہ کسی امر کا فیصلہ کر لیتا ہے تو وہ اُسے محض ”ہو جا“ کہتا ہے تو وہ ہونے لگتا ہے اور ہو کر رہتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 119 (عام شمار 2:118)
اور وہ لوگ جو کچھ علم نہیں رکھتے کہتے ہیں کہ آخر اللہ ہم سے کیوں کلام نہیں کرتا یا ہمارے پاس بھی کوئی نشان کیوں نہیں آتا۔ اسی طرح ان لوگوں نے بھی جو ان سے پہلے تھے ان کے قول کے مشابہ بات کی تھی۔ ان کے دل آپس میں مشابہ ہو گئے ہیں۔ ہم آیات کو یقین لانے والی قوم کے لئے خوب کھول کر بیان کر چکے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 120 (عام شمار 2:119)
یقیناً ہم نے تجھے حق کے ساتھ بشیر اور نذیر کے طور پر بھیجا ہے اور تجھ سے جہنّم والوں کے بارہ میں نہیں پوچھا جائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad