سورۃ 2: البقرة
قرآن کریم, حصہ 9
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 161 (عام شمار 2:160)
سوائے ان لوگوں کے جنہوں نے توبہ کی اور اصلاح کی اور (اللہ کے نشانات کو) کھول کھول کر بیان کیا۔ پس یہی وہ لوگ ہیں جن پر میں توبہ قبول کرتے ہوئے جھکوں گا۔ اور میں بہت توبہ قبول کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 162 (عام شمار 2:161)
یقیناً وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا اور کفر ہی کی حالت میں مر گئے یہی وہ لوگ ہیں جن پر اللہ کی لعنت ہے اور فرشتوں کی اور تمام انسانوں کی۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 163 (عام شمار 2:162)
اس (لعنت) میں وہ ایک لمبے عرصہ تک رہنے والے ہوں گے۔ ان پر سے عذاب کو ہلکا نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی وہ مہلت دیئے جائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 164 (عام شمار 2:163)
اور تمہارا معبود ایک ہی معبود ہے۔ کوئی معبود نہیں مگر وہی رحمان (اور) رحیم۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 165 (عام شمار 2:164)
یقیناً آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں اور رات اور دن کے ادلنے بدلنے میں اور ان کشتیوں میں جو سمندر میں اُس (سامان) کے ساتھ چلتی ہیں جو لوگوں کو فائدہ پہنچاتا ہے اور اس پانی میں جو اللہ نے آسمان سے اتارا پھر اس کے ذریعہ سے زمین کو اس کے مُردہ ہونے کے بعد زندہ کر دیا اور اُس میں ہر قسم کے چلنے پھرنے والے جاندار پھیلائے اور اسی طرح ہواؤں کے رخ بدل بدل کر چلانے میں اور بادلوں میں جو آسمان اور زمین کے درمیان مسخر ہیں، عقل کرنے والی قوم کے لئے نشانات ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 166 (عام شمار 2:165)
اور لوگوں میں سے ایسے بھی ہیں جو اللہ کے مقابل پر شریک بنا لیتے ہیں۔ وہ اُن سے اللہ سے محبت کرنے کی طرح محبت کرتے ہیں۔ جبکہ وہ لوگ جو ایمان لائے اللہ کی محبت میں (ہر محبت سے) زیادہ شدید ہیں۔ اور کاش! وہ لوگ جنہوں نے ظلم کیا سمجھ سکیں جب وہ عذاب دیکھیں گے کہ تمام تر قوّت (ہمیشہ سے) اللہ ہی کی ہے اور یہ کہ اللہ عذاب میں بہت سخت ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 167 (عام شمار 2:166)
جب وہ لوگ جن کی پیروی کی گئی ان لوگوں سے بیزاری کا اظہار کریں گے جنہوں نے (اُن کی) پیروی کی اور وہ عذاب کو دیکھیں گے جبکہ اُن سے (نجات کے) سب ذرائع کٹ چکے ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 168 (عام شمار 2:167)
اور وہ لوگ جنہوں نے پیروی کی کہیں گے کاش! ہمیں ایک اور موقع ملتا تو ہم ان سے اسی طرح بیزاری کا اظہار کرتے جس طرح انہوں نے ہم سے بیزاری کا اظہار کیا ہے۔ اسی طرح اللہ انہیں ان کے اعمال ان پر حسرتیں بنا کر دکھائے گا اور وہ (اس) آگ سے نکل نہیں سکیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 169 (عام شمار 2:168)
اے لوگو! اُس میں سے حَلال اور طیّب کھاؤ جو زمین میں ہے اور شیطان کے قدموں کے پیچھے نہ چلو۔ یقیناً وہ تمہارا کھلا کھلا دشمن ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 170 (عام شمار 2:169)
یقیناً وہ تمہیں محض برائی اور بے حیائی کی باتوں کا حکم دیتا ہے اور یہ کہ تم اللہ کے خلاف ایسی باتیں کہو جن کا تمہیں کوئی علم نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 171 (عام شمار 2:170)
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ اس کی پیروی کرو جو اللہ نے اتارا ہے تو وہ کہتے ہیں بلکہ ہم تو اس کی پیروی کریں گے جس پر ہم نے اپنے آباءواجداد کو پایا۔ کیا ایسی صورت میں بھی (وہ ان کی پیروی کریں گے) جبکہ ان کے باپ دادا کوئی عقل نہیں رکھتے تھے اور ہدایت یافتہ نہیں تھے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 172 (عام شمار 2:171)
اور اُن لوگوں کی مثال جنہوں نے کفر کیا اس شخص کی طرح ہے جو چیخ چیخ کر اُسے پکارتا ہے جو سنتا نہیں۔ (یہ کچھ بھی نہیں) مگر (محض) ایک پکار اور بلانے کے طور پر ہے۔ (ایسے لوگ) بہرے ہیں، گونگے ہیں، اندھے ہیں پس وہ کوئی عقل نہیں رکھتے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 173 (عام شمار 2:172)
اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو! جو رزق ہم نے تمہیں دیا ہے اس میں سے پاکیزہ چیزیں کھاؤ اور اللہ کا شکر ادا کرو اگر تم اسی کی عبادت کرتے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 174 (عام شمار 2:173)
اس نے تم پر صرف مُردار اور خون اور خنزیر کا گوشت اور وہ حرام کیا ہے جس پر اللہ کے سوا کسی اور کا نام لیا گیا ہو۔ البتہ اس پر کوئی گناہ نہیں جو (بھوک سے) سخت مجبور کردیا گیا ہو، نہ حرص رکھنے والا ہو اور نہ حد سے تجاوز کرنے والا۔ یقیناً اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 175 (عام شمار 2:174)
یقیناً وہ لوگ جو اُسے چُھپاتے ہیں جو کتاب میں سے اللہ نے نازل کیا ہے اور اس کے بدلے معمولی قیمت لے لیتے ہیں، یہی وہ لوگ ہیں جو آگ کے سوا اپنے پیٹوں میں کچھ نہیں جَھونکتے۔ اور اللہ ان سے قیامت کے دن کلام نہیں کرے گا اور نہ ہی ان کو پاک کرے گا اور ان کےلئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 176 (عام شمار 2:175)
یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے ہدایت کے بدلے گمراہی خریدلی اور مغفرت کے بدلے عذاب۔ پس آگ پر یہ کیا ہی صبر کرنے والے ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 177 (عام شمار 2:176)
یہ اس لئے ہوگا کہ اللہ نے کتاب کو حق کے ساتھ اتارا ہے۔ اور یقیناً وہ لوگ جنہوں نے کتاب کے بارے میں اختلاف کیا ہے وہ بہت دُور کی مخالفت میں (مبتلا) ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 178 (عام شمار 2:177)
نیکی یہ نہیں کہ تم اپنے چہروں کو مشرق یا مغرب کی طرف پھیرو۔ بلکہ نیکی اسی کی ہے جو اللہ پر ایمان لائے اور یوم آخرت پر اور فرشتوں پر اور کتاب پر اور نبیوں پر اور مال دے اس کی محبت رکھتے ہوئے اقرباءکو اور یتیموں کو اور مسکینوں کو اور مسافروں کو اور سوال کرنے والوں کو نیز گردنوں کو آزاد کرانے کی خاطر۔ اور جو نماز قائم کرے اور زکوٰۃ دے اور وہ جو اپنے عہد کو پورا کرتے ہیں جب وہ عہد باندھتے ہیں اور تکلیفوں اور دکھوں کے دوران صبر کرنے والے ہیں اور جنگ کے دوران بھی۔ یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے صدق اختیار کیا اور یہی ہیں جو متّقی ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 179 (عام شمار 2:178)
اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو تم پر مقتولوں کے بارہ میں قصاص فرض کر دیا گیا ہے۔ آزاد کا بدلہ آزاد کے برابر، غلام کا بدلہ غلام کے برابر اور عورت کا بدلہ عورت کے برابر (لیا جائے)۔ اور وہ جسے اس کے بھائی کی طرف سے کچھ معاف کر دیا جائے تو پھر معروف طریق کی پیروی اور احسان کے ساتھ اس کو ادائیگی ہونی چاہئے۔ یہ تمہارے ربّ کی طرف سے رعایت اور رحمت ہے۔ پس جو بھی اس کے بعد زیادتی کرے تو اس کےلئے دردناک عذاب (مقدر) ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 2، آیت 180 (عام شمار 2:179)
اور تمہارے لئے قِصاص (کے نظام) میں زندگی ہے اے عقل والو! تاکہ تم تقویٰ اختیار کرو۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad