سورۃ 31: لقمان
قرآن کریم, حصہ 2
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 21 (عام شمار 31:20)
کیا تم نے غور نہیں کیا کہ اللہ نے تمہارے لئے مسخر کردیا ہے جو بھی آسمانوں اور زمین میں ہے اور اس نے اپنی نعمتیں تم پر ظاہری طور پربھی پوری کیں اور باطنی طور پر بھی۔ اور انسانوں میں سے ایسے بھی ہیں جو اللہ کے بارہ میں بغیر کسی علم یا ہدایت یا روشن کتاب کے جھگڑتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 22 (عام شمار 31:21)
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ اس کی پیروی کرو جو اللہ نے اتارا ہے تو کہتے ہیں کہ اس کی بجائے ہم تو اس کی پیروی کریں گے جس پر ہم نے اپنے باپ دادا کو پایا۔ کیا اس صورت میں بھی (ایسا کریں گے) اگر شیطان انہیں بھڑکتی ہوئی آگ کے عذاب کی طرف بلائے؟
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 23 (عام شمار 31:22)
اور جو بھی اپنی تمام تَوَجُّہات اللہ کو سونپ دے اور وہ احسان کرنے والا ہو تو اس نے یقیناً ایک مضبوط کڑے کو پکڑ لیا اور تمام امور انجام کار اللہ ہی کی طرف (لوٹتے) ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 24 (عام شمار 31:23)
اور جو کفر کرے تو اس کا کفر تجھے دکھ میں مبتلا نہ کرے۔ ہماری طرف ہی اُن کا لَوٹ کر آنا ہے۔ پس ہم انہیں بتائیں گے کہ وہ کیا کرتے رہے ہیں۔ یقیناً اللہ سینوں کی باتوں کا خوب علم رکھنے والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 25 (عام شمار 31:24)
ہم انہیں تھوڑا سا عارضی فائدہ پہنچائیں گے پھر انہیں ایک سخت عذاب کی طرف مجبور کر کے لے جائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 26 (عام شمار 31:25)
اور اگر تُو ان سے پوچھے کہ کس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے؟ تو وہ ضرور کہیں گے: اللہ نے۔ تُو کہہ دے کہ سب تعریف اللہ ہی کے لئے ہے لیکن ان میں سے اکثر علم نہیں رکھتے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 27 (عام شمار 31:26)
اللہ ہی کا ہے جو آسمانوں میں اور زمین میں ہے۔ یقیناً اللہ ہی غنی (اور) صاحبِ تعریف ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 28 (عام شمار 31:27)
اور زمین میں جتنے درخت ہیں اگر سب قلمیں بن جائیں اور سمندر (روشنائی ہوجائے اور) اس کے علاوہ سات سمندر بھی اس کی مدد کریں تب بھی اللہ کے کلمات ختم نہیں ہوں گے۔ یقیناً اللہ کامل غلبہ والا (اور) صاحبِ حکمت ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 29 (عام شمار 31:28)
تمہاری پیدائش اور تمہارا دوبارہ اٹھایا جانا محض نفسِ واحدہ (کی پیدائش اور اٹھائے جانے) کے مشابہ ہے۔ یقیناً اللہ بہت سننے والا (اور) گہری نظر رکھنے والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 30 (عام شمار 31:29)
کیا تُو نے غور نہیں کیا کہ اللہ رات کو دن میں داخل کرتا اور دن کو رات میں داخل کرتا ہے اور اس نے چاند اور سورج کو مسخر کردیا ہے۔ ہر ایک اپنی مقررہ مدت کی طرف رواں دواں ہے۔ اور (یاد رکھو) کہ اللہ اس سے جو کچھ تم کرتے ہو ہمیشہ باخبر رہتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 31 (عام شمار 31:30)
یہ اس لئے ہے کہ یقیناً اللہ ہی ہے جو حق ہے اور جسے وہ اُس کے سوا پکارتے ہیں وہ باطل ہے اور اللہ ہی بہت بلند شان (اور) بڑا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 32 (عام شمار 31:31)
کیا تو نے غور نہیں کیا کہ سمندر میں کشتیاں اللہ کی نعمت کے ساتھ چلتی ہیں تاکہ وہ اپنے نشانات میں سے تمہیں کچھ دکھائے۔ اس میں یقیناً ہر بہت صبر کرنے والے (اور) بہت شکر کرنے والے کےلئے نشانات ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 33 (عام شمار 31:32)
اور جب انہیں موج سایوں کی طرح ڈھانپ لیتی ہے وہ اللہ کو اس کے لئے دین کو خالص کرتے ہوئے پکارتے ہیں۔ پس جب وہ انہیں خشکی کی طرف بچا لے جاتا ہے تو ان میں سے کچھ (ایسے بھی ہوتے) ہیں جو میانہ روی اختیار کرنے والے ہیں۔ اور ہمارے نشانات کا کوئی انکار نہیں کرتا مگر ہر ایک وہ جو سخت دھوکہ باز (اور) بہت ناشکرا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 34 (عام شمار 31:33)
اے انسانو! اپنے ربّ کا تقویٰ اختیار کرو اور اس دن سے ڈرو جس دن نہ باپ اپنے بیٹے کے کام آئے گا، نہ بیٹا اپنے باپ کے کچھ کام آئے گا۔ یقیناً اللہ کا وعدہ سچا ہے۔ پس تمہیں دنیا کی زندگی ہرگز دھوکہ میں نہ ڈالے اور تمہیں اللہ کے بارہ میں دھوکہ باز (شیطان) ہرگز دھوکہ نہ دے سکے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 31، آیت 35 (عام شمار 31:34)
یقیناً اللہ ہی ہے جس کے پاس قیامت کا علم ہے اور وہ بارش کو اتارتا ہے اور جانتا ہے کہ رِحموں میں کیا ہے اور کوئی ذی روح نہیں جانتا کہ وہ کل کیا کمائے گا اور کوئی ذی روح نہیں جانتا کہ کس زمین میں وہ مَرے گا۔ یقیناً اللہ دائمی علم رکھنے والا (اور) ہمیشہ باخبر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad