سورۃ 4: النساء
قرآن کریم, حصہ 9
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 161 (عام شمار 4:160)
پس وہ لوگ جو یہودی تھے ان کے ظلم کے باعث اور ان کے اللہ کی راہ سے بکثرت روکنے کی وجہ سے ہم نے ان پر وہ پاکیزہ چیزیں بھی حرام کر دیں جو (اس سے پہلے) ان کے لئے حلال کی گئی تھیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 162 (عام شمار 4:161)
اور اُن کے سُود لینے کی وجہ سے حالانکہ وہ اس سے روک دیئے گئے تھے اور لوگوں کے اموال ناجائز طریق پر کھانے کی وجہ سے (اُن کو یہ سزا دی)۔ اور ان میں سے جو کافر تھے اُن کے لئے ہم نے بہت دردناک عذاب تیار کر رکھا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 163 (عام شمار 4:162)
لیکن اُن (یہود) میں سے جو پختہ علم والے اور (سچے) مومن ہیں وہ اس پر ایمان لاتے ہیں جو تیری طرف اتارا گیا اور اس پر بھی جو تجھ سے پہلے اتارا گیا اور نمازقائم کرنے والے اور زکوٰۃ ادا کرنے والے اور اللہ اور یومِ آخر پر ایمان لانے والے ہیں۔ یہی وہ لوگ ہیں جنہیں ہم ضرور ایک بہت بڑا اجر عطا کریں گے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 164 (عام شمار 4:163)
ہم نے یقیناً تیری طرف ویسے ہی وحی کی جیسا نوح کی طرف وحی کی تھی اور اس کے بعد آنے والے نبیوں کی طرف۔ اور ہم نے وحی کی ابراہیم اور اسماعیل اور اسحاق اور یعقوب کی طرف اور (اس کی) ذریّت کی طرف اور عیسیٰ اور ایوب اور یونس اور ہارون اور سلیمان کی طرف۔ اور ہم نے داؤد کو زبور عطا کی۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 165 (عام شمار 4:164)
اور کئی رسول ہیں جن کا بیان ہم تجھ پر پہلے ہی کر چکے ہیں اور کئی رسول ہیں جن کے قِصَص ہم نے تجھ پر نہیں پڑھے اور موسیٰ سے اللہ نے بکثرت کلام کیا۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 166 (عام شمار 4:165)
کئی بشارتیں دینے والے اور انذار کرنے والے رسول (بھیجے) تاکہ لوگوں کے پاس رسولوں کے آنے کے بعد اللہ کے مقابل پر کوئی حجت نہ رہے اور اللہ کامل غلبہ والا (اور) بہت حکمت والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 167 (عام شمار 4:166)
لیکن اللہ گواہی دیتا ہے کہ جو اس نے تیری طرف اتارا ہے اسے اپنے (قطعی) علم کی بناءپر اتارا ہے اور فرشتے بھی (یہی) گواہی دیتے ہیں جبکہ بحیثیت گواہ اللہ ہی بہت کافی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 168 (عام شمار 4:167)
یقیناً وہ لوگ جو کافر ہوئے اور انہوں نے اللہ کی راہ سے روکا یقیناً وہ دُور کی گمراہی میں بھٹک چکے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 169 (عام شمار 4:168)
یقیناً وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا اور ظلم کئے، ہو نہیں سکتا کہ اللہ انہیں معاف کر دے اور نہ ہی یہ ممکن ہے کہ وہ انہیں کسی راہ پر ڈالے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 170 (عام شمار 4:169)
مگر جہنّم کی راہ پر جس میں وہ طویل مدت تک رہنے والے ہیں اور اللہ کے لئے ایسا کرنا آسان ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 171 (عام شمار 4:170)
اے لوگو! تمہارے پاس تمہار ے ربّ کی طرف سے حق کے ساتھ رسول آ چکا ہے۔ پس ایمان لے آؤ (یہ) تمہارے لئے بہتر ہوگا۔ پھر بھی اگر تم انکار کرو تو یقیناً اللہ ہی کا ہے جو آسمانوں اور زمین میں ہے اور اللہ دائمی علم رکھنے والا (اور) صاحبِ حکمت ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 172 (عام شمار 4:171)
اے اہلِ کتاب! اپنے دین میں حد سے تجاوز نہ کرو اور اللہ کے متعلق حق کے سوا کچھ نہ کہو۔ یقیناً مسیح عیسیٰ ابنِ مریم محض اللہ کا رسول ہے اور اُس کا کلمہ ہے جو اس نے مریم کی طرف اُتارا اور اس کی طرف سے ایک روح ہے۔ پس اللہ پر اور اس کے رسولوں پرایمان لے آؤ۔ اور ”تین“ مت کہو۔ باز آؤ کہ اسی میں تمہاری بھلائی ہے۔ یقیناً اللہ ہی واحد معبود ہے۔ وہ پاک ہے اِس سے کہ اُس کا کوئی بیٹا ہو۔ اسی کا ہے جو آسمانوں میں ہے اور جو زمین میں ہے اور بحیثیت کارساز اللہ بہت کافی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 173 (عام شمار 4:172)
مسیح تو ہرگز ناپسند نہیں کرتا کہ اللہ کا بندہ ہو اور نہ ہی مقر ّب فرشتے۔ اور جو بھی اس کی عبادت کو ناپسند کرے اور تکبر سے کام لے ان سب کو وہ اپنی طرف ضرور اکٹھا کرکے لے آئے گا۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 174 (عام شمار 4:173)
پس وہ لوگ جو ایمان لائے اور نیک اعمال بجا لائے تو وہ ان کو ان کے بھرپور اجر عطا کرے گا اور اپنے فضل سے ان کو مزید دے گا اور وہ لوگ جنہوں نے (عبادت کو) ناپسند کیا اور اِستکبار کیا تو انہیں وہ دردناک عذاب دے گا اور اللہ کے علاوہ وہ اپنے لئے کوئی دوست اور مددگار نہیں پائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 175 (عام شمار 4:174)
اے لوگو! تمہارے پاس تمہارے ربّ کی طرف سے ایک بڑی حجت آ چکی ہے اور ہم نے تمہاری طرف ایک روشن کر دینے والا نُور اُتارا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 176 (عام شمار 4:175)
پس وہ لوگ جو اللہ پر ایمان لے آئے اور اس کو مضبوطی سے پکڑ لیا تو وہ ضرور انہیں اپنی رحمت اور اپنے فضل میں داخل کرے گا اور انہیں اپنی جانب سیدھی راہ کی ہدایت دے گا۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 4، آیت 177 (عام شمار 4:176)
وہ تجھ سے فتویٰ مانگتے ہیں۔ کہہ دے کہ اللہ تمہیں کلالہ کے بارہ میں فتویٰ دیتا ہے۔ اگر کوئی ایسا مَرد مر جائے جس کی اولاد نہ ہو مگر اس کی بہن ہو تو اس بہن کے لئے جو (ترکہ) اس نے چھوڑا اس کا نصف ہوگا اور وہ اس (بہن) کا (تمام تر) وارث ہوگا اگر اس کے کوئی اولاد نہ ہو۔ اور اگر وہ (بہنیں) دو ہوں تو ان کے لئے اس میں سے دوتہائی ہوگا جو اس نے (ترکہ) چھوڑا۔ اور اگر بہن بھائی مَرد اور عورتیں (ملے جلے) ہوں تو (ہر) مرد کے لئے دو عورتوں کے برابر حصہ ہوگا۔ اللہ تمہارے لئے (بات) کھول کھول کر بیان کرتا ہے کہ مبادا تم گمراہ ہو جاؤ اور اللہ ہر چیز کا خوب علم رکھتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad