سورۃ 57: الحديد
قرآن کریم, حصہ 2
قرآن کریم، سورۃ 57، آیت 21 (عام شمار 57:20)
جان لو کہ دنیا کی زندگی محض کھیل کود اور نفس کی خواہشات کو پورا کرنے کا ایسا ذریعہ ہے جو اعلیٰ مقصد سے غافل کردے اور سج دھج اور باہم ایک دوسرے پر فخر کرنا ہے اور اموال اور اولاد میں ایک دوسرے سے بڑھنے کی کوشش کرنا ہے۔ (یہ زندگی) اس بارش کی مثال کی طرح ہے جس کی روئیدگی کفار (کے دلوں) کو لبھاتی ہے۔ پس وہ تیزی سے بڑھتی ہے۔ پھر تُو اسے زرد ہوتا ہوا دیکھتا ہے پھر وہ ریزہ ریزہ ہوجاتی ہے۔ اور آخرت میں سخت عذاب (مقدر) ہے نیز اللہ کی طرف سے مغفرت اور رضوان بھی۔ جبکہ دنیا کی زندگی تو محض دھوکے کا ایک عارضی سامان ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 57، آیت 22 (عام شمار 57:21)
اپنے ربّ کی مغفرت کی طرف ایک دوسرے سے آگے بڑھو اور اس جنت کی طرف بھی جس کی وسعت آسمان اور زمین کی وسعت کی طرح ہے جو اُن لوگوں کے لئے تیار کی گئی ہے جو اللہ اور اس کے رسولوں پر ایمان لاتے ہیں۔ یہ اللہ کا فضل ہے وہ اِس کو جسے چاہتا ہے دیتا ہے اور اللہ عظیم فضل والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 57، آیت 23 (عام شمار 57:22)
زمین پر کوئی مصیبت وارد نہیں ہوتی اور نہ تمہارے نفوس میں مگر وہ ایک کتاب میں (مستور) ہے پیشتر اس کے کہ ہم اسے ظاہر کریں۔ یقیناً یہ اللہ کے لئے بہت آسان ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 57، آیت 24 (عام شمار 57:23)
(یاد رہے یہ تقدیر الٰہی ہے) تاکہ تم اس پر جو تم سے کھویا گیا غم نہ کرو اور اُس پر اِتراؤ نہیں جو اُس نے تمہیں دیا اور اللہ کسی تکبر کرنے والے، بڑھ بڑھ کر فخر کرنے والے کو پسند نہیں کرتا۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 57، آیت 25 (عام شمار 57:24)
(یعنی) ان لوگوں کو جو بخل کرتے ہیں اور لوگوں کو بھی بخل کی تعلیم دیتے ہیں۔ اور جو منہ پھیرلے تو (وہ جان لے کہ) یقیناً اللہ ہی بے نیاز اور صاحبِ حمد ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 57، آیت 26 (عام شمار 57:25)
ہم نے یقیناً اپنے رسول کھلے کھلے نشانوں کے ساتھ بھیجے اور ان کے ساتھ کتاب اُتاری اور عدل کا ترازو بھی تاکہ لوگ انصاف پر قائم رہ سکیں۔ اور ہم نے لوہا اُتارا جس میں سخت لڑائی کا سامان اور انسانوں کے لئے بہت سے فوائد ہیں۔ تاکہ اللہ اسے جان لے جو اس کی اور اس کے رسولوں کی غیب میں بھی مدد کرتا ہے۔ یقیناً اللہ بہت طاقتور (اور) کامل غلبہ والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 57، آیت 27 (عام شمار 57:26)
اور یقیناً ہم نے نوح اور ابراہیم کو (بھی) بھیجا اور دونوں کی ذرّیت میں نبوت اور کتاب (کی عطا) رکھ دی۔ پس ان میں وہ بھی تھا جو ہدایت پاگیا جبکہ ایک بڑی تعداد ان میں سے گمراہوں کی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 57، آیت 28 (عام شمار 57:27)
پھر ہم نے ان کے آثار پر متواتر اپنے رسول بھیجے اور عیسیٰ ابن مریم کو بھی پیچھے لائے اور اسے ہم نے انجیل عطا کی اور ان لوگوں کے دلوں میں جنہوں نے اس کی پیروی کی نرمی اور مہربانی رکھ دیں۔ اور ہم نے ان پر وہ رہبانیت فرض نہیں کی تھی جو انہوں نے بدعت بنا لی مگر اللہ کی رضاجوئی (فرض کی تھی) پس انہوں نے اس کی رعایت کا حق ادا نہ کیا۔ پس ہم نے ان میں سے ان کو جو ایمان لائے (اور نیک عمل بجا لائے) ان کا اجر دیا جبکہ ایک بڑی تعداد ان میں بدکرداروں کی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 57، آیت 29 (عام شمار 57:28)
اے لوگو جو ایمان لائے ہو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ وہ تمہیں اپنی رحمت میں سے دُہرا حصہ دے گا اور تمہیں ایک نور عطا کرے گا جس کے ساتھ تم چلو گے اور تمہیں بخش دے گا اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad
قرآن کریم، سورۃ 57، آیت 30 (عام شمار 57:29)
تاکہ اہلِ کتا ب کہیں یہ نہ سمجھ بیٹھیں کہ ان (مومنوں) کو اللہ کے فضل کے حصول پر کچھ قدرت نہیں جبکہ یقیناً تمام تر فضل اللہ ہی کے ہاتھ میں ہے وہ اس کو جسے چاہتا ہے عطاکرتا ہے اور اللہ بہت بڑے فضل والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad