سورۃ 60: الممتحنة
قرآن کریم
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 1
اللہ کے نام کے ساتھ جو بے انتہا رحم کرنے والا، بِن مانگے دینے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 2
اے لوگو جو ایمان لائے ہو! میرے دشمن اور اپنے دشمن کو کبھی دوست نہ بناؤ۔ تم ان کی طرف محبت کے پیغام بھیجتے ہو جبکہ وہ حق کا، جو تمہارے پاس آیا، انکار کر چکے ہیں۔ وہ رسول کو اور تمہیں (وطن سے) نکالتے ہیں محض اس لئے کہ تم اپنے ربّ، اللہ پر ایمان لے آئے۔ اگر تم میرے رستے میں اور میری ہی رضا چاہتے ہوئے جہاد پر نکلے ہو اور ساتھ ہی انہیں محبت کے خفیہ پیغام بھی بھیج رہے ہو جبکہ میں سب سے زیادہ جانتا ہوں جو تم چھپاتے اور جو ظاہر کرتے ہو (تو تمہارا یہ اِخفاءعبث ہے)۔ اور جو بھی تم میں سے ایسا کرے تو وہ سیدھی راہ سے بھٹک چکا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 3
اگر وہ تمہیں کہیں پائیں تو تمہارے دشمن ہی رہیں گے اور اپنے ہاتھ اور زبانیں بدنیتی سے تم پر دراز کریں گے اور چاہیں گے کہ کاش تم بھی انکار کردو۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 4
تمہارے رِحمی رشتہ دار اور اولاد قیامت کے دن ہرگز تمہیں کوئی فائدہ نہیں پہنچاسکیں گے۔ وہ تمہارے درمیان جدائی ڈال دے گا اور جو تم کرتے ہو اللہ اُس پر ہمیشہ نظر رکھتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 5
یقیناً تمہارے لئے ابراہیم اور ان لوگوں میں جو اُس کے ساتھ تھے ایک اُسوہء حسنہ ہے۔ جب انہوں نے اپنی قوم سے کہا کہ ہم تم سے بیزار ہیں اور اُس سے بھی جس کی تم اللہ کے سوا عبادت کرتے ہو۔ ہم تمہارا انکار کرتے ہیں اور ہمارے اور تمہارے درمیان ہمیشہ کی دشمنی اور بغض ظاہر ہوچکے ہیں یہاں تک کہ تم ایک ہی اللہ پر ایمان لے آؤ۔ سوائے اپنے باپ کے لیے ابراہیم کے ایک قول کے (جو ایک استثناءتھا) کہ میں ضرور تیرے لئے بخشش کی دعا مانگوں گا حالانکہ میں اللہ کی طرف سے تیرے بارہ میں کچھ بھی اختیار نہیں رکھتا۔ اے ہمارے ربّ! تجھ پر ہی ہم توکّل کرتے ہیں اور تیری طرف ہی ہم جھکتے ہیں اور تیری طرف ہی لوٹ کر جانا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 6
اے ہمارے ربّ! ہمیں ان لوگوں کےلئے ابتلا نہ بنا جنہوں نے کفر کیا اور اے ہمارے ربّ! ہمیں بخش دے یقیناً تو کامل غلبہ والا (اور) صاحبِ حکمت ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 7
یقیناً تمہارے لئے ان میں ایک نیک نمونہ ہے یعنی اُس کے لئے جو اللہ اور یومِ آخر کی امید رکھتا ہے اور جو اِعراض کرے تو (جان لے کہ) یقیناً وہ اللہ ہی ہے جو غنی ہے (اور) صاحبِ حمد ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 8
قریب ہے کہ اللہ تمہارے اور اُن میں سے اُن لوگوں کے درمیان جن سے تم باہمی عداوت رکھتے تھے محبت ڈال دے اور اللہ ہمیشہ قدرت رکھنے والا ہے اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 9
اللہ تمہیں ان سے منع نہیں کرتا جنہوں نے تم سے دین کے معاملہ میں قتال نہیں کیا اور نہ تمہیں بے وطن کیا کہ تم اُن سے نیکی کرو اور اُن سے انصاف کے ساتھ پیش آؤ۔ یقیناً اللہ انصاف کرنے والوں سے محبت کرتاہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 10
اللہ تمہیں محض اُن لوگوں کے بارہ میں منع کرتا ہے جنہوں نے دین کے معاملہ میں تم سے لڑائی کی اور تمہیں تمہارے گھروں سے نکالا اور تمہیں نکالنے میں ایک دوسرے کی مدد کی کہ تم انہیں دوست بناؤ۔ اور جو اُنہیں دوست بنائے گا تو یہی ہیں وہ جو ظالم ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 11
اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہو! جب تمہارے پاس مومن عورتیں مہاجر ہونے کی حالت میں آئیں تو اُن کا امتحان لے لیا کرو۔ اللہ ان کے ایمان کو سب سے زیادہ جانتا ہے۔ پس اگر تم اچھی طرح معلوم کرلو کہ وہ مومنات ہیں تو کفار کی طرف انہیں واپس نہ بھیجو۔ نہ یہ اُن کے لئے حلال ہیں اور نہ وہ اِن کے لئے حلال۔ اور ان (کے ولیوں) کو جو خرچ وہ کرچکے ہیں ادا کرو۔ تم پر کوئی گناہ نہیں کہ تم ان سے نکاح کرو جبکہ تم انہیں ان کے مہر دے چکے ہو۔ اور کافر عورتوں کے نکاح کا معاملہ اپنے قبضہ اختیار میں نہ لو۔ اور جو تم نے اُن پر خرچ کیا ہے وہ اُن سے طلب کرو اور جو انہوں نے خرچ کیا ہے وہ تم سے طلب کریں۔ یہ اللہ کا حکم ہے۔ وہ تمہارے درمیان فیصلہ کرتا ہے۔ اور اللہ دائمی علم رکھنے والا (اور) بہت حکمت والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 12
اور اگر تمہاری بیویوں میں سے کچھ تم سے کفار کی جانب جاتی رہیں اور تم ہرجانہ لے چکے ہو تو اُن مومنوں کو جن کی بیویاں ہاتھ سے جاچکی ہوں اس کے مطابق دو جو انہوں نے خرچ کیا تھا اور اللہ سے ڈرو جس پر تم ایمان لاتے ہو۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 13
اے نبی! جب مومن عورتیں تیرے پاس آئیں (اور) اس (امر) پر تیری بیعت کریں کہ وہ کسی کو اللہ کا شریک نہیں ٹھہرائیں گی اور نہ ہی چوری کریں گی اور نہ زنا کریں گی اور نہ اپنی اولاد کو قتل کریں گی اور نہ ہی (کسی پر) کوئی جھوٹا الزام لگائیں گی جسے وہ اپنے ہاتھوں اور پاؤں کے سامنے گھڑ لیں اور نہ ہی معروف (امور) میں تیری نافرمانی کریں گی تو تُو اُنکی بیعت قبول کر اور اُن کےلئے اللہ سے بخشش طلب کر۔ یقیناً اللہ بہت بخشنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)
قرآن کریم، سورۃ 60، آیت 14
اے لوگو جو ایمان لائے ہو! ایسی قوم کو دوست نہ بناؤ جن پر اللہ غضبناک ہوا۔ وہ آخرت سے مایوس ہوچکے ہیں جیسے کفار اصحابِ قبور سے مایوس ہوچکے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Mirza Tahir Ahmad (rh)