سُوْرَۃُ الْبَقَرَۃ

تفسیر کبیر (جلد ۱), حصہ 2

مکہ فتح ہو گا اور انہیں اس کی ظاہری باطنی صفائی کا موقع مل جائے گا۔خلاصہ رکوع ۲۰ اس رکوع میں خاص طور پر آیات کا لفظ استعمال فرما کريَتْلُوْا عَلَيْهِمْ اٰيٰتِكَ (البقرۃ:۱۳۰) کی طرف اشارہ فرمایا ہے اور بتایا ہے کہ جو باتیں ہم پہلے بیان کر آئے ہیں وہ یونہی نہیں بلکہ زمین و آسمان کی پیدائش اور رات دن کے اختلاف اور قانون قدرت کے تمام مظاہروں سے ان کی تصدیق ہوتی ہے یعنی اوّل تو قانونِ قدرت ایک روحانی قانون کے وجود اور اس کے ارتقاء کے ساتھ مکمل ہونے پر دلالت کرتا ہے۔دوسرے خود محمد ؐرسول اللہ کی تائید میں تم آسمان و زمین اور رات اور دن اور بادلوں اور ہوائوں اور خشکی اور تری کے سامانوں کو دیکھو گے اور تم کو معلوم ہو جائے گا کہ یہ شخص خدا تعالیٰ کا پیارا ہے تبھی تو سب کائنات اس کی تائید میں لگی ہوئی ہے ورنہ جو شخص اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر ایک نئی راہ تجویز کرتا ہے وہ تو ذلیل ہوا کرتا ہے اس رکوع میں آیات پڑھ کر سنانے کے مضمون کو ختم کیا گیا ہے۔خلاصہ رکوع ۲۱ اس رکوع سے ابراہیمی پیشگوئی کے دوسرے پہلو کو لیا ہے یعنی شریعت اور اس کی حکمتوں کے بیان کو اور سب سے پہلے حلال اور طیّب کھانے کی تعلیم دی ہے کیونکہ انسانی اعمال اس کی ذہنی حالت کے تابع ہیں اور ذہنی حالت غذا سے متاثر ہوتی ہے۔حلال وہ ہے جس کی شریعت اجازت دے اور طیّب وہ جس کی اصول صحت اور رواج ملکی اور ذوق صحیح اجازت دے۔ممنوع غذائوں کے بارہ میں چار اصول بتائے کہ وہ غذائیں استعمال نہ کرو جو مردار ہوں یعنی ان میں سڑاندھ شروع ہو گئی ہو یا جو خون کی مانند ہوں یعنی زہروں پر مشتمل ہوں یا جو سورٔ کے گوشت کی طرح ہوں کہ وہ بداخلاق جانور ہے اور اس کے استعمال سے انسان اس کے اخلاق کو قبول کر لیتا ہے یا جو بے غیرتی پیدا کرنے والی ہوں جیسے مشرکانہ رسوم کے کھانے وغیرہ وغیرہ۔خلاصہ رکوع ۲۲ اس رکوع میں اسلامی تعلیم کا خلاصہ بیان کیاہے کہ اللہ۔یوم آخر۔کتب سماویہ۔اور انبیاء پر ایمان لانا ضروری ہے تا کسی سچائی کا انکار نہ ہو اور بندوں سے حسن سلوک بھی ضروری ہے اور اللہ تعالیٰ کی عبادت اور قومی چندے بھی ضروری ہیں اور اخلاق حسنہ صبر اور ایفائے عہد بھی ضروری ہیں اور انصاف کا قیام اور اپنے رشتہ داروں کی جائز مدد اور قوانینِ تمدن کا قیام بھی ضروری ہے جس کے اہم قانونوں میں سے ایک قانون وراثت بھی ہے۔خلاصہ رکوع ۲۳ اخلاقی قانون کو پورا کرنے کے لئے ظاہری ریاضت بھی ضروری ہے چنانچہ اس کے لئے اسلام نے روزے مقرر کئے ہیں اس سے اخلاق درست ہوتے ہیں اور دعائوں کی توفیق ملتی اور ان میں اثر پیدا ہوتا ہے۔

خلاصہ رکوع ۲۴, ۲۵ اس رکوع میں حج کے قواعد بیان کئے گئے ہیں جو اجتماع امت کا ذریعہ ہے اور بتایا ہے کہ ایسے پرُ امن مقام کے رستہ میں جو لوگ فساد پیدا کرتے ہیں ان سے جنگ کرنی فساد نہیں بلکہ امن کا قیام ہے۔پس مسلمانوں کو ایسے لوگوں سے جنگ کرنے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے اور بتایا ہے کہ ایک مرکز کے بغیر سب عالم ایک رسی میں نہیں بندھ سکتا پس حج کے حکم کو معمولی حکم نہ سمجھیں۔خلاصہ رکوع ۲۶ اس میں احکام کی حکمتوں کو بیان کیا گیا ہے اور بتایا ہے کہ شریعت کو فضول نہیں سمجھنا چاہیے۔ظاہر باطن کی درستی کا موجب ہوتا ہے اور شریعت کی مخالفت کی اصل وجہ دنیا کی محبت ہوتی ہے کہ انسان اپنے اوقات او راموال خدا کی راہ میں خرچ کرنا پسند نہیں کرتا اور بہانے بنا کر اس بوجھ سے بچنا چاہتا ہے ایسے ہی بہانو ںسے دنیا میں اختلافات بڑھتے ہیں اور انبیاء کی لائی ہوئی تعلیم کو لوگ کچھ کا کچھ بنا دیتے ہیں حالانکہ روحانیت بغیر قربانی کے حاصل نہیں ہو سکتی۔پھر صدقہ خیرات کا ذکر کیا ہے کہ اس کا َمصرف کیا ہے اور بتایا ہے کہ سب سے بڑا مصرف صدقہ کا جہاد فی سبیل اللہ ہے جبکہ لوگ دین میں دخل اندازی کریں اور حرّیت ضمیر کو روکیں۔خلاصہ ع ۲۷ ایسے وقت میں جنگ ضروری ہوتی ہے اور مالی جانی قربانی لازمی۔حتی کہ اگر دشمنانِ صداقت حج کے مہینوں میں بھی کہ عام حالتو ںمیں ان میں لڑائی منع ہے جنگ کریں تو تم کو بھی ان میں جنگ کرناجائز ہو جائے گا۔جنگ کے ایام میں لوگ جوئے اور شراب کی طرف رغبت کرتے ہیں تاکہ دل کو بہلائیں اور جنگ کے لئے روپیہ جمع کریں۔فرمایا کہ مسلمانوںکی جنگ تو ایک دینی جنگ ہے ان کے دل کے بہلنے کا سامان تو اللہ تعالیٰ کی رضا میں موجود ہے۔انہیں ان بُرے کاموں سے پرہیز چاہیے۔پھر بتایا کہ اموال کی قربانی کی حد کوئی نہیں جو زیادہ سے زیادہ قربانی جس سے دوسروں کے حقوق کو نقصان نہ پہنچتا ہو انسان کر سکے کرے۔پھر فرمایا جنگوں کی وجہ سے کثرت سے یتا ٰمی رہ جائیںگے ان کے بارہ میں حکم یاد رکھو کہ بہتر سے بہتر سلوک ان سے کرنا اور یاد رکھنا کہ مشرک عورتوں مردوں سے شادی نہ کرناکہ اس سے نظام میں خلل آتا ہے۔خلاصہ رکوع ۲۸ تا ۳۱ پھر عورتوں کے عام احکام بیان فرمائے کہ حیض میں ان کے قریب نہ جائو اور اُن سے حسنِ سلوک کرو اور اگر کسی مجبوری سے ان سے قطع تعلق کرنا پڑے تو چار ماہ سے زیادہ ایسا نہ کرو ہاں بالکل تعلق قائم نہ رکھ سکتے ہو تو طلاق دے دو۔پھر طلاق کے احکام بیان کئے اور رضاعت اور بیوائوں کے بھی۔اس جگہ کتاب اور حکمت کا مضمون ختم ہوا۔خلاصہ رکوع ۳۲, ۳۳ رکوع ۳۲ سے تزکیہ کے اصول بیان کرنے شروع کئے بتایا کہ قومی ترقی بغیر قربانی

کے نہیں ہوتی پس یاد رکھو کہ وہی قوم زندہ ہو سکتی ہے جو اپنے لئے موت کو قبول کر لے اور اس دنیا میں اللہ تعالیٰ احیاء موتیٰ اسی طرح کرتا ہے کہ ایسے احکام دیتا ہے جو قوم کو بمنزلہ موت نظر آتے ہیں مگر جب وہ ان پر عمل کر لیتی ہے تو اسے زندگی مل جاتی ہے۔خلاصہ رکوع ۳۴ بتایا کہ زندگی کا اعتبار نہیں اس لئے جلد سے جلد نیکی کی طرف توجہ کرنی چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے تعلق پیدا کرنا چاہیے پھر اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات کے بارہ میں ایک مختصر مگر جامع بیان دیا جو آیۃ الکرسی کہلاتا ہے اور جسے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قرآن کریم کی بہترین آیت قرار دیا ہے۔پھر فرمایا ایسی اعلیٰ صفات والے خدا سے تعلق کسی جبر کا محتاج نہیں بلکہ اس کا حُسن خود دلوں کو موہ لیتا ہے او ریہی تعلق مفید ہو سکتا ہے۔پس دین کے بارہ میں جبر سے کام نہ لو کیونکہ مذہب کی غرض تزکیہ ہے اور جبر سے دلوں کا تزکیہ نہیں ہو سکتا۔اللہ تعالیٰ جن کو اپنے قُرب میں جگہ دیتا ہے ان کے دلوں کی تاریکی کو دلائل و براہین سے دُور کرتا ہے صرف ظاہری اقرار کو وہ پسند نہیں کرتا۔خلاصہ رکوع ۳۵ اللہ تعالیٰ کی طرف سے پاکیزگی عطا کرنے کے دو طریق ہیں اوّل افراد کی پاکیزگی جو براہِ راست بندو ںکو عطا کی جاتی ہے جیسے انبیاء کو۔دوسرے ا قوام کی پاکیزگی جو انبیاء کے ذریعہ سے انہیں حاصل ہوتی ہے پھر فرمایا کہ پاکیزگی کی یہ اقسام ابراہیم ؑ کی اولاد کو چار زمانو ںمیں خاص طو رپر ملنی مقدر ہیں۔خلاصہ رکوع ۳۶ پھر فرمایا کہ قومی پاکیزگی کے حصول کے لئے جدوجہد کی بھی اور تعاونِ باہمی کی بھی ضرورت ہوتی ہے ہاں کوئی یہ اعتراض کرے کہ تعاون باہمی تو ہر قوم کی ترقی کا ذریعہ ہے اس میں خدا تعالیٰ کے ماننے والوں کی کوئی شرط نہیں تو اس کا جواب یہ ہے کہ جو لوگ ایمان سے آزاد ہو کر تعاونِ باہمی کرتے ہیں ان کے اعمال کے نتائج قربانیوں کے مطابق ہوتے ہیں لیکن جو اللہ تعالیٰ کی خاطر ایسا کرتے ہیں ان کی قربانیوں کے نتائج ان کی کوششوں کے مقابلہ پر بہت زیادہ ہوتے ہیں اور ان لوگوں کی علامت یہ ہے کہ (۱) وہ قربانیاں خدا تعالیٰ کے احکام کے قیام کے لئے کرتے ہیں (۲) وہ اپنی قربانیوں کو خدا تعالیٰ کے لئے سمجھتے ہیں اور بندوں پر احسان نہیں جتاتے۔خلاصہ رکوع ۳۷ جو لوگ اللہ تعالیٰ کے لئے قربانیاں کرتے ہیں ان کے عمل کبھی ضائع نہیں ہو سکتے۔اور ان کے دل قربانیوں پر مطمئن ہوتے ہیں اور ان کے اعمال میں پاکیزگی پیدا ہوتی جاتی ہے۔پھر بتایا کہ گو حُسن سلوک کسی سے بھی ہو اچھا کام ہے مگر جو لوگ دنیا کی اصلاح میں مشغول ہوں ان سے حسنِ سلوک زیادہ ثواب کا موجب ہوتا ہے مگر یہ بھی یاد رہے کہ وہی حسن ِ سلوک مفید ہو گا جو جائز طور پر کمائے ہوئے اموال سے ہو۔خلاصہ رکوع ۳۸ فرمایا کہ سود کا کاروبار حسنِ سلوک اور تعاون باہمی کی روح کے خلاف ہے اس سے مومن

کو بچنا چاہیے۔چنانچہ سود کا کاروبار کرنے والی قومیںلڑائی پر دلیر ہوتی ہیں اور امن عامہ کی پرواہ نہیں کرتیں اس بات سے مت ڈرو کہ سود کے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی دنیا میں ایسے سامان پیدا کر دیئے جائیںگے کہ سود خوار قومیں تباہ ہو جائیںگی۔خلاصہ رکوع ۳۹ حسنِ سلوک اور تعاون باہمی کا ایک طریق قرض بھی ہے جو اپنے اموال کلی طو رپر اپنے حاجت مند بھائی کو نہیں دے سکتا لیکن قرض سے اس کی مدد کر سکتا ہے اسے اس سے دریغ نہیں کرنا چاہیے مگر قرض کا چونکہ کچھ مدت بعد مطالبہ ہوتا ہے اس لئے قرض کو لکھ لینا چاہیے اور گواہ مقرر کر لینے چاہئیں تا فساد نہ ہو اور اگر لکھنے والا نہ ہو تو شہادت کے طور پر کوئی چیز رہن رکھ دینی چاہیے۔خلاصہ رکوع ۴۰ مگر سب سے بڑا ُگر پاکیزگی اور طہارت کا (۱) اللہ تعالیٰ کی صفات کو سامنے رکھنا (۲) کلام الٰہی پر ایمان اور تدبر (۳) انبیاء اور صلحاء اور اشخاص متعلقہ کی دعا ہے۔یہ خلاصہ ہے سورۃ بقرہ کا اور اس میں بلاواسطہ تو یہود و نصاریٰ اور قریش پر اس رنگ میں حجت تمام کی گئی ہے کہ ابراہیم ؑکی ایک دعا کا جو مقبول بارگاہ الٰہی ہو چکی پورا ہونا باقی تھا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا وجود اس دعا کو پورا کرتا ہے پس اگر ان کے وجود کا انکار کیا جائے تو ابراہیم بھی جھوٹے بنتے ہیں اور ان کے جھوٹا ہونے سے موسویت اور مسیحیت بھی ساتھ ہی جھوٹی ہو جاتی ہیں اور بالواسطہ تمام دنیا پر اسلام کی صداقت ثابت کی گئی ہے کیونکہ انسان کی پیدائش بغیر مقصد کے نہیں ہو سکتی اور اس مقصد کو اگر کوئی کلام پورا کرتا ہے تو وہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا لایا ہوا کلام ہے کیونکہ اسی سے معرفت ِالٰہی صحیح قانون اور فلسفۂ شریعت او رپاکیزگی قلب جیسے ضروری امور حاصل ہوتے ہیں۔اگر کوئی ان نوٹوں کی مدد سے سورۂ بقرہ کو پڑھے گا تو مَیں سمجھتا ہوں اسے اس سورۃ میں ایک نیا لطف آئے گا اور اس کے مطالب کا ایک وسیع دروازہ اس کے لئے کھل جائے گا۔انشاء اللہ تعالیٰ۔سورۃ بقرہ کا تعلق سورہ فاتحہ سے سورۃ فاتحہ کا تعلق تو کلام الٰہی کا خلاصہ ہونے کے وجہ سے سب ہی سورتوں سے ہے لیکن سورۃ بقرہ کو چونکہ اس کے معاً بعد رکھا گیا ہے اس سورۃ کا تعلق سورۃ فاتحہ سے یقینا سب سے زیادہ ہے۔سورۂ بقرہ کے مضمون کے سورۂ فاتحہ سے دو تعلق چنانچہ اوّل تعلق تو اس کا اس سے یہ ہے کہ جس طرح سورۃ فاتحہ خلاصہ ہے سارے قرآن کریم کا۔اسی طرح یہ سورۃ بھی خلاصہ ہے سب قرآن کا کیونکہ اس میں دلائل و براہین بھی بیان کئے گئے ہیں شریعت بھی اور فلسفۂ شریعت بھی اور پاکیزگی اور طہارت کے ُگر بھی بیان کئے گئے ہیں

اور ابراہیمی دعا میں آخری موعود کی بعثت کا یہی مقصد بیان کیا گیا ہے۔دوسرا تعلق سورۃ فاتحہ کا سورۃ بقرہ سے یہ ہے کہ اس میں اِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيْمَکی دعا سکھائی گئی تھی اور سورۂ بقرہ کی ابتداء بھی آیت ذٰلِكَ الْكِتٰبُ لَا رَيْبَ١ۛۖۚ فِيْهِ١ۛۚ هُدًى لِّلْمُتَّقِيْنَ۠سے ہوئی ہے یعنی یہ سورۃ صراط مستقیم کی طرف لے جانے کے مقصد کو پورا کرتی ہے اور فاتحہ کی دعا کی قبولیت کا ظاہری نشان ہے۔بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ۰۰۱ (میں) اللہ تعالیٰ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا بار بار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں) الٓمّٓۚ۰۰۲ الٓمّٓ تفسیر۔حروف مقطّعات اور ان کی تعداد چونکہ یہ حروف الگ الگ بولے جاتے ہیں انہیں حروف مقطعات کہتے ہیں جو ایک سے لے کر پانچ کی تعداد تک بعض سورتوں کے شروع میں بیان کئے گئے ہیں حروف کی اقسام کے لحاظ سے یہ چودہ حرف ہیں اور ان کی تفصیل یہ ہے ا۔ل۔م۔ص۔ر۔ک۔ہ۔ی۔ع۔ط۔س۔ح۔ق۔ن۔ان میں سے ق اور نون اکیلا اکیلا ایک سورۃ کے پہلے آیا ہے۔باقی دو دو یا زیادہ مل کر آئے ہیں۔مقطّعات کے معنوں کے بارہ میں مفسرین کا اختلاف ان کے معنوں کے بارہ میں مفسرین میں بہت اختلاف ہے بعض نے تو لکھا ہے کہ یہ حروف خدا تعالیٰ کے اسرار میں سے ہیں اس لئے ان کے معنوں کے پیچھے نہیں پڑنا چاہیے۔بعض نے لکھا ہے کہ ان سے یہ مراد ہے کہ قرآن کریم بھی حروف ہجاء سے بنا ہے مگر پھر بھی معجزانہ کلام ہے اگر یہ انسانی کلام ہوتا تو کیوں عرب انہی حروف سے ایسا ہی کلام نہ بنا لیتے۔بعض نے کہا ہے کہ یہ سورتوں کے نام ہیں بعض نے کہا ہے کہ یہ قسمیں ہیں جو سورۃ کے مضمون پر اللہ تعالیٰ نے کھائی ہیں۔مگر سب مطالب ایسے معمولی ہیں کہ ان کی خاطر حروف مقطّعات کا قرآنی سُوَر کے شروع میں رکھنا نظر میں جچتا نہیں۔بعض نے ان کو بامعانی کلام کا خلاصہ قرار دیا ہے مثلاً الف لام میم کے معنے یہ کئے ہیں کہ اللہ جبریل محمد یعنی اللہ تعالیٰ نے جبریل کے ذریعہ سے محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) پر یہ کلام نازل کیا ہے۔یہ معنے الف لام میم کے حروف پر تو چسپاں ہو جاتے ہیں۔لیکن تمام حروفِ مقطّعات کی اس طرح تشریح نہیں ہو سکتی۔

مقطّعات کا صحیح مفہوم بعض نے ان حروف کے معنی یہ کئے ہیں کہ ان میں اللہ تعالیٰ کی ان صفات کا ذکر ہے جن کی تشریح بعد کی سورۃ میں کی گئی ہے اور صفات کے پہلے حروف یا بعض اہم حروف کو مضمون کی طرف اشارہ کرنے کے لئے بیان کر دیا گیا جیسا کہ مَیں آگے چل کر بیان کروں گا یہی معنی سب سے زیادہ درست اور شانِ قرآن اور شہادتِ قرآن کے مطابق ہیں بعض نے ان حروف سے ان آیات کے مضامین کے اوقات کی طرف اشارہ مراد لیا ہے یعنی حروف مقطّعات سے جس قدر عدد نکلتے ہیں اس قدر عرصہ تک کے متعلق ان سورتوں میں واقعات بیان کئے گئے ہیں۔یا یہ کہ اس زمانہ کے حالات کی طرف ان سورتوں میں خاص طو رپر اشارہ کیا گیا ہے یہ معنی بھی جیسا کہ بتایا جائے گا درست معلوم ہوتے ہیں اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خاموشی کم سے کم ان کی تصدیق کرتی ہے۔مقطّعات کے معانی سمجھنے میں مغربی محقّقین کی غلطی بعض مغربی مصنفین نے یہ معنے کئے ہیں کہ یہ ان کاتبوں کے نام ہیں جنہوں نے حضرت محمد (صلے اللہ علیہ وسلم) کے حکم سے یہ سورتیں لکھیں (سیل بحوالہ گولیس) چنانچہ انہوں نے الف سے ابوبکر ع سے علی یا عمر س سے سعد ط سے طلحہ اور ھا سے ابوہریرہؓ وغیرہ مراد لئے ہیں یہ معنے اس ناواقفیت کا ایک اور ثبوت ہیں جس کے باوجود ہر مغربی مصنف اسلام کے بارہ میں علمیت کا دعویٰ کرنے پر تیار رہتا ہے لطف یہ ہے کہ ہ سے حضرت ابوہریرہؓ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات سے صرف تین سال پہلے اسلام لائے تھے جبکہ سورۂ مریم اور سورۂ طٰہٰ جن میں ہ آتی ہے دونوں ہی مکی ہیں اور ابوہریرہؓ کے اسلام لانے سے دس پندرہ سال پہلے نازل ہو چکی تھیں علاوہ ازیں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث سے ثابت ہے کہ یہ حروف بھی الہامی ہیں۔نیز یہ امر بھی یاد رکھنے کے قابل ہے کہ اگر یہ سورتیں دوسرے صحابہ سے تیار کروائی گئی تھیں تو اس کے یہ معنے ہوں گے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس قدر افراد کو اپنے جھوٹے ہونے کا (نَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنْ ذَالِکَ) گواہ بنا لیا آخر جب باقی قرآن آپ نے (نَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنْ ذَالِکَ) خود بنایا تھا تو ان سورتوں کو صحابہ سے بنوانے کی کیا خاص غرض تھی اور کیوں ان کو ایک افتراء کا گواہ بنایا۔اور اگر بفرض محال ایسا کیا بھی تھا تو ان نامو ںکو شروع میں رکھ کر اس افتراء کا ثبوت کیوں بہم پہنچایا ایسا کام تو ایک نیم عقل کا انسان بھی نہیں کر سکتا؟ حروف مقطّعات قرآن کریم کی وحی کا حصہ ہیں اس امر کا ثبوت کہ ان حروف کو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قرآن کریم کی وحی کا حصہ قرار دیا ہے اس حدیث سے ملتا ہے جو بخاری نے اپنی کتاب تاریخ میں نیز ترمذی اور حاکم نے عبداللہ بن مسعود سے نقل کی ہے۔وہ فرماتے ہیں۔قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ

مَنْ قَرَئَ حَرْفًا مِّنْ کِتَابِ اللّٰہِ فَلَہٗ بِہٖ حَسَنَۃٌ وَالْحَسَنَۃُ بِعَشْرِ اَمْثَا لِھَا لَا اَقُوْلُ الٓـمّٓ حَرْفٌ وَلٰـکِنْ اَلِفٌ حَرْفٌ وَلَامٌ حَرْفٌ وَّ مِیْمٌ حَرْفٌ (ترمذی ابواب فضائل القرآن۔باب ما جاءَ فی من قَرَأ حرفًا من القرآن ما لہ من الاجر) اس روایت کو بزاز اور ابن شیبہ نے بھی عوف بن مالک الاشجعی کی سند پر نقل کیا ہے اس کا ترجمہ یہ ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص اللہ تعالیٰ کی کتاب یعنی قرآن کریم کا ایک حرف بھی پڑھے وہ جنت کا مستحق ہو گا اور اس کی یہ نیکی دس گنے ثواب کا مستحق اسے بنا دے گی اور میں یہ نہیں کہتا کہ الٓم ایک حرف ہے بلکہ الٓمّٓ کا الف ایک مستقل حرف ہے اور لام ایک مستقل حرف ہے اور میم ایک مستقل حرف ہے۔(اس جگہ حرف سے مراد لفظ ہے قواعد نحو کے مدوّن ہونے سے پہلے حرف کا لفظ الفاظ کے لئے بھی عربی میں استعمال کیا جاتا تھا اسلامی زمانہ میں قواعد نحو کے مدوّن ہونے پر حرف کا لفظ حروف ہجاء یا ان الفاظ کے لئے مخصوص کر دیا گیا جو دوسرے لفظوں سے ملے بغیر مستقل معنی نہیں دیتے) اس شہادت کی موجودگی میں کون خیال کر سکتا ہے کہ یہ حروف کا تبو ںنے اپنے نام کے لئے بطور علامت کے سورتوں کے شروع میں رکھ دیئے تھے۔پھر لطف یہ ہے کہ دعویٰ تو یہ ہے کہ کاتبوں نے اپنے ناموں کی علامت کے طور پر یہ حروف لکھے تھے لیکن الٓـمّٓ کا ترجمہ یہ کیا ہے کہ اَمَرَلِیْ مُحَمَّدٌ مجھے اس کے لکھنے کا محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) نے حکم دیا ہے ان معنوں سے تو کسی شخص کا نام بھی ظاہر نہیں ہوتا۔پھر یہ علامت کس بات کی ٹھہرے؟ اس حدیث سے بھی جو جابر بن عبداللہ سے ابھی بیان کی جائے گی اس امر کا ثبوت ملتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے الٓمّٓ کو وحی الٰہی کا حصہ قرار دیا ہے۔حروف مقطّعات کے مطالب ان کے اعداد کے لحاظ سے میں نے ایک معنی ان حروف کے یہ بتائے تھے کہ ان کے عدد کے مطابق سالوں کے واقعات کی طرف ان کے بعد کی سورۃ میں اشارہ کیا گیا ہے۔یہ معنی ایک یہودی عالم نے کئے تھے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے اس نے ان کو دہرایا آپؐ نے اس کی تردید نہیں کی بلکہ ایک رنگ میں تصدیق کی۔اس لئے یہ معنی بھی قابل ِ غور ضرور ہیں اور تدبرّ کرنےوالوں کے لئے اس تفسیر سے کئی نئے مطالب کی راہ کھل جاتی ہے وہ حدیث جس میں اس تشریح کا ذکر آتا ہے یُوں ہے ابن اسحاق نے اور بخاری نے (اپنی تاریخ میں) نیز ابن جریر نے ابن عباس سے اور انہوں نے جابر بن عبداللہ سے یوں روایت کی ہے مَرَّ اَبُوْ یَاسِرِ بْنِ اَخْطَبَ فِیْ رِجَالٍ مِنْ یَھُوْدَ بِرَسُوْلِ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ وَھُوَ یَتْلُوْ فَاتِحَۃَ سُوْرَۃِ الْبَقَرَۃِ (الٓمّٓ ذٰلِکَ الْکِتٰبُ لَا رَیْبَ فِیْہِ) فَاَتٰی اَخَاہُ حُیَیَّ بْنَ اَخْطَبَ فِیْ رجَالٍ مِّنَ الْیَھُوْدِ فَقَالَ، تَعْلَمُوْنَ۔وَاللّٰہِ لَقَدْ سَمِعْتُ مُحَمَّدًا یَتْلُوْ فِیْمَا اُنْزِلَ عَلَیْہِ (الٓمّٓ ذٰلِکَ الْکِتٰبُ) فَقَالَ اَنْتَ سَمِعْتَہٗ فَقَالَ

نَعَمْ فَمَشَیٰ حُیَیٌّ فِیْ اُولٰٓئِکَ النَّفَرِ اِلٰی رَسُوْلِ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فَقَالُوْا یَا مُحَمَّدُ اَ لَمْ یُذْکَرْ اَنَّکَ تَتْلُوْ فِیْمَا اُنْزِلَ عَلَیْکَ (الٓمّٓ ذٰلِکَ الْکِتٰبُ) قَالَ بَلٰی قَالُوْا اَجَائَ کَ بِھٰذَا جِبْرِیْلُ مِنْ عِنْدِ اللّٰہِ۔قَالَ نَعَمْ۔قَالُوْا لَقَدْ بَعَثَ اللّٰہُ مِنْ قَبْلِکَ الْاَنْبِیَائَ مَانَعْلَمَہٗ بَیَّنَ لِنَبِیٍّ مِنُھُمْ مَا مُدَّۃُ مُلْکِہٖ وَمَا اَجَلُ اُمَّتِہٖ غَیْرَکَ فَقَالَ حُیَیَّ بْنُ اَخْطَبَ وَ اَقْبَلَ عَلٰی مَنْ کَانَ مَعَہٗ اَ لْاَلِفُ وَاحِدَۃٌ وَاللَّامُ ثَـلَاثُوْنَ وَالْمِیْمُ اَرْبَعُوْنَ فَھٰذِہٖ اِحْدٰی وَسَبْعُوْنَ سَنَۃً اَفَتَدْخُلُوْنَ فِیْ دِیْنِ نَبِیٍّ اِنَّمَا مُدَّۃُ مُلْکِہٖ وَاَجَلُ اُمَّتِہٖ اِحْدٰی وَ سَبْعُوْنَ سَنَۃً ثُمَّ اَقْبَلَ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فَقَالَ یَا مُحَمَّدُ ھَلْ مَعَ ھٰذَا غَیْرُہٗ قَالَ نَعَمْ قَالَ وَ مَا ذَاکَ قَالَ الٓمّٓصٓ قَالَ ھٰذِہٖ اَثْقَلُ وَ اَطْوَلُ اَ لْاَلِفُ وَاحِدَۃٌ وَاللَّامُ ثَلٰثُوْنَ وَالْمِیْمُ اَرْبَعُوْنَ وَالصَّادُ تِسْعُوْنَ فَھٰذِہٖ اِحْدٰی وَسِتُّوْنَ وَمِأَۃَ سَنَۃً ھَلْ مَعَ ھٰذَا یَا مُحَمَّدُ غَیْرُہٗ قَالَ نَعَمْ قَالَ وَمَا ذَاکَ قَالَ الٓرٰ قَالَ ھٰذِہٖ اَثْقَلُ وَ اَطْوَلُ اَلْاَلِفُ وَاحِدَۃٌ وَاللَّامُ ثَلٰثُوْنَ وَالرَّائُ مِأَتَانِ ھٰذِہٖ اِحْدٰی وَ ثَـلَاثُوْنَ سَنَۃً وَ مِأَتَانِ فَھَلْ مَعَ ھٰذَا غَیْرُہٗ قَالَ نَعَمْ (الٓمّرٰ) قَالَ فَھٰذہٖ اَثْقَلُ وَ اَطْوَلُ اَ لْاَلِفُ وَاحِدَۃٌ وَاللَّامُ ثَـلَاثُوْنَ وَالْمِیْمُ اَرْبَعُوْنَ وَالرَّآءُ مِأَتَانِ فَھٰذِہٖ اِحْدٰی وَ سَبْعُوْنَ سَنَۃً وَ مِأَتَانِ ثُمَّ قَالَ لَقَدْ لَبِسَ عَلَیْنَا اَمْرُکَ یَا مُحَمَّدُ حتّٰی مَانَدْرِیْ أَقَلِیْلًا اُعْطِیْتَ اَمْ کَثِیْرًا ثُمَّ قَامُوْا فَقَالَ اَبُوْ یَاسِرٍ لِاَخِیْہِ حُیَیّ وَمَنْ مَعَہٗ مِنَ الْاَحْبَارِ مَایُدْ رِیْکُمْ لَعَلَّہٗ قَدْ جُمِعَ ھٰذَا لِمُحَمَّدٍ کُلُّہٗ اَحْدٰی وَ سَبْعُوْنَ وَ اِحْدٰی وَ سِتُّوْ نَ وَمِأَۃٌ وَاِحْدٰی وَ ثَـلَاثُوْنَ وَ مِأَتَانِ وَاِحْدٰ ی وَ سَبْعُوْنَ وَ مِأَتَانِ فَذَالِکَ سَبْعُ مِأَۃٍ وَّ اَرْبَعٌ وَّ ثَـلَاثُوْنَ سَنَۃً فَقَالُوْا لَقَدْ تَشَا بَہَ عَلَیْنَا اَمْرُہٗ (بحوالہ فتح البیان تفسیر سورۃ البقرۃ) یعنی ابو یاسر بن اخطب (رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں مشہور یہودی علماء سے تھا) کچھ یہود سمیت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سے گزرا جبکہ آپؐ سورۂ بقرہ کی ابتدائی آیات پڑھ رہے تھے یعنی الٓمّٓ۔ذٰلِكَ الْكِتٰبُ لَا رَيْبَ١ۛۖۚ فِيْهِ١ۛۚ۔وہ یہ سن کر اپنے بھائی حُیَیّ بن اخطب کے پاس جبکہ وہ یہود کی ایک جماعت کے پاس بیٹھا ہوا تھا آیااور کہا تم کو کچھ معلوم ہے میں نے محمد (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم) کو کیا پڑھتے سنا ہے؟ خدا کی قسم! مَیں نے سنا ہے کہ وہ اپنے اوپر نازل ہونے والے کلام میں سے یہ کلام پڑھ رہے تھے الٓمّٓ ذٰلِكَ الْكِتٰبُ۔اس پر حُیَیّ نے کہا کیا فی الواقع تم نے یہ کلام سنا ہے؟ اس نے کہا کہ ہاں اس پر حُیّی اپنے ساتھیوں کو لے کر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہا کہ اے محمد! (صلے اللہ علیہ وسلم) کیا آپؐ کے متعلق یہ بات نہیں کہی جاتی کہ آپ اپنے اوپر نازل ہونے والے کلام میں سے ایک یہ وحی بھی سناتے ہیں کہ الٓمّٓ ذٰلِکَ الْکِتٰبُ؟ آپؐ نے فرمایا یہ درست ہے اس نے کہا کیا یہ کلام

جبریل نے اللہ تعالیٰ کی طرف سے آپ پر نازل کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا ہاں حُیـیّ نے کہا کہ آپؐ سے پہلے بھی انبیاء آئے ہیں ہمیں معلوم نہیں کہ سوائے آپؐ کے ان میں سے کسی کے لیے اللہ تعالیٰ نے اس کی حکومت کی مدت اور اس کی قوم کا عرصہ بیان کیا ہو۔پھر اُس نے اپنے ساتھیوں کو مخاطب کیا اور کہا الف کا ایک لام کے تیس اور میم کے چالیس یعنی کل اکہتر سال ہوئے۔کیا تم ایسے نبی کے دین کو قبول کرو گے جس کی حکومت کا عرصہ اور جس کی امت کا زمانہ کل اکہتر سال ہے؟ پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف مخاطب ہوا اور پوچھا کہ اے محمد! (صلے اللہ علیہ وسلم) کیا ان کے علاوہ اور حرف بھی آپؐ پر نازل ہوئے ہیں آپؐ نے فرمایا ہاں اس نے پوچھا کیا۔آپؐ نے فرمایا اَلٓمّٓصٓ۔اس نے کہا یہ زیادہ گراں ہے اور لمبا عرصہ ہے الف کا ایک لام کے تیس میم کے چالیس اور ص کے نوے کل ایک سوا کاسٹھ ہوئے۔پھر پوچھا کیا ان کے سوا اور حروف بھی آپ پر نازل ہوئے ہیں؟ آپ نے فرمایا ہاں۔اس نے کہا وہ کیا ؟آپؐ نے فرمایا۔الٓـٰر اس نے کہا یہ اس سے بھی زیادہ گراں اور لمبا عرصہ ہے الف کا ایک لام کے تیس اور ر کے دوسو کل دوسو اکتیس ہوئے۔پھر کہنے لگا کیا ان کے سوا اور حروف بھی ہیں؟ آپؐ نے فرمایا ہاں اور وہ الٓمٓـٰر کے حروف ہیں اس پر وہ بولا کہ یہ تو پہلے سے بھی گراں اور لمبا عرصہ ہے الف کا ایک لام کے تیس میم کے چالیس اور ر کے دوسو ہوئے کل دو سواکہتر سال کا عرصہ ہوا پھر کہنے لگا اے محمد! (صلے اللہ علیہ وسلم) آپؐ کا معاملہ ہم پر مشتبہ ہو گیا ہے۔پتہ نہیں لگتا آپؐ کولمبی عمر عطا ہوئی ہے یا چھوٹی پھر وہ اور اس کے ساتھی اُٹھ کر چلے گئے راستہ میں ابو یاسر نے اپنے بھائی اور دوسرے یہودی علماء سے کہا۔کیا معلوم کہ یہ سب زمانے محمد (صلے اللہ علیہ وسلم) کے لئے اکٹھے کر دئے گئے ہوں جن کی میزان سات سو چونتیس سال ہوتی ہے اس پر سب نے کہا کہ معاملہ کچھ مشتبہ ہی ہو گیا ہے۔اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ یہود نے ان حروف سے سالوں کی تعداد مراد لی تھی اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے اپنے خیال کا اظہار بھی کیا تھا اور آپؐ نے اُن کے خیال کی تردید نہیں فرمائی۔یہود کا یہ خیال کہ ان حروف سے اُمتِ محمدؐیہ کا زمانہ بتایا گیا ہے ایک بالبداہت غلط بات ہے کیونکہ اُمت ِ محمدؐیہ کا زمانہ تو تاقیامت ہے لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم کاتردید نہ کرنا بھی کچھ معنے ضرور رکھتا ہے اور اس کو مدِّنظر رکھتے ہوئے اور سورتوں کے مضامین کو دیکھتے ہوئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ حروف اپنی عددی قیمت کے لحاظ سے اس زمانہ کی طرف اشارہ کرتے ہیں جس کے واقعات خاص طور پر اس سورۃ میں بیان کئے گئے ہیں جس کی ابتداء میں وہ حروف آئے ہیں خواہ اس لحاظ سے کہ بعثت نبوی ؐکے بعد اتنے عرصہ کے اختتام پر وہ واقعات ہوئے یا اس لحاظ سے

کہ اس عرصہ کے اختتام پر وہ واقعات شروع ہوئے۔اسلام کے بعض واقعات کی طرف مقطعات میں اشارہ اگر اس خیال کو درست سمجھا جائے تو یہ بات تو واضح ہے کہ سورۂ بقرہ کے واقعات بعثت کے بعد کے اکہتر سال کے واقعات کا مختصر خاکہ ہیں حضرت معاویہ ۶۰ھ میں فوت ہوئے ہیں اس میں تیرہ سال قبل ہجرت کے شامل کئے جائیں تو یہ ۷۳ھ ہوتا ہے۔یزید کی بیعت حضرت معاویہ نے وفات سے ایک دو سال پہلے لی ہے چونکہ اسی وقت سے اصل فتنہ شروع ہوا ہے اس لئے ابتدائے اسلام اور ترقی اسلام کا زمانہ اکہتر سال ہوتا ہے اور اسی زمانہ کا نقشہ سورۂ بقرہ میں کھینچا گیا ہے۔دوسری سورۃ مریم ہے اس سے پہلے کٓھٰیٰعٓصٓکے الفاظ ہیں جن کی مجموعی رقم ۱۹۵ ہوتی ہے سورۂ مریم میں مسیحیت کی ترقی کا ذکر ہے اور خصوصاً دوسری ترقی کا جو اسلامی ترقی کے بعد ہوئی تھی۔تاریخ سے معلوم ہوتا ہے کہ اس سال سے مسیحیت نے دوبارہ سر نکالا ہے۔یہی سال ہے جس میں اسلامی تاریخ میں پہلی دفعہ کوشش کی گئی کہ جس وقت معتصم باللہ مسیحی رومی حکومت کے خلاف لڑ رہا تھا اُسے معزول کر کے عباس بن مامون کو خلیفہ مقرر کر دیا جائے اور اس طرح مسیحیوں کے مقابل پر اسلام کو ضعف پہنچایا جائے اسی زمانہ کے قریب مسیحیوں نے دوبارہ سپین پر حملہ کر کے اس کے کچھ حصے واپس لے لیے اور اسی زمانہ کے قریب یہ بدبختی کا واقعہ دیکھنے میں آیا کہ خلافت ِاندلس نے خلافتِ عباسیہ کے خلاف روما کے عیسائی بادشاہ سے خفیہ معاہدہ کیا اور عباسی حکومت نے شاہ ِفرانس سے سپین کی اسلامی حکومت کے خلاف دوستانہ تعلقات قائم کئے اور اس طرح اسلامی سیاست میں مسیحیوں کو داخل کر کے مسیحیت کی ترقی اور اسلام کے تنزّل کی داغ بیل ڈالی۔میری رائے میں اگر دوسری سورتوں پر بھی غور کیا جائے تو زمانہ کے لحاظ سے کافی روشنی ان مضامین پر پڑے گی۔اب مَیں حروفِ مقطعات کے بارہ میں وہ تحقیق لکھتا ہوں جس کی بنیاد حضرت ابن عباسؓ اور حضرت علیؓ کے کئے ہوئے معنوں پر ہے اور وہ تحقیق یہ ہے۔حروف مقطعات اپنے اندر بہت سے راز رکھتے ہیں ان میں سے بعض راز بعض ایسے افراد کے ساتھ تعلق رکھتے ہیں جن کا قرآن کریم سے ایسا گہرا تعلق ہے کہ ان کا ذکر قرآن کریم میں ہونا چاہیے لیکن اس کے علاوہ یہ الفاظ قرآن کریم کے بعض مضامین کے لئے قفل کا بھی کام دیتے ہیں کوئی پہلے ان کو کھولے تب ان مضامین تک پہنچ سکتاہے جس حد تک ان کے معنوں کو سمجھتا جائے اسی حد تک قرآن کریم کا مطلب کھلتا جائے گا۔مقطعات میں تبدیلی کیوں ہوتی ہے؟ میری تحقیق یہ بتاتی ہے کہ جب حروفِ مقطعات بدلتے ہیں تو

مضمون قرآن جدید ہو جاتا ہے اور جب کسی سورۃ کے پہلے حروف مقطعات استعمال کئے جاتے ہیں تو جس قدر سورتیں اس کے بعد ایسی آتی ہیں جن کے پہلے مقطعات نہیں ہوتے ان میں ایک ہی مضمون ہوتا ہے اسی طرح جن سورتوں میں وہی حروف مقطعات دُہرائے جاتے ہیں وہ ساری سورتیں مضمون کے لحاظ سے ایک ہی لڑی میں پروئی ہوئی ہوتی ہیں۔اس قاعدہ کے مطابق میرے نزدیک سورۂ بقرہ سےلےکر سورہ توبہ تک ایک ہی مضمون ہے اور یہ سب سورتیں الٓمّٓ سے تعلق رکھتی ہیں۔سورۃ بقرہ الٓمّٓ سے شروع ہوتی ہے پھر سورۃ آل عمران بھی الٓمّٓ سے شروع ہوتی ہے پھر سورہ نساء، سورہ مائدہ اور سورہ انعام حروف مقطعات سے خالی ہیں اور اس طرح گویا پہلی سورتوں کے تابع ہیں جن کی ابتداء الٓمّٓ سے ہوتی ہے ان کے بعد سورہ اعراف الٓمّٓصٓ سے شروع ہوتی ہے اس میں بھی وہی الٓمّٓ موجود ہے ہاں حرف ص کی زیادتی ہوئی ہے اس کے بعد سورۃ انفال اور براء ۃ حروف مقطعات سے خالی ہیں۔پس سورۃ براء ۃ تک الٓمّٓ کا مضمون چلتا ہے سورۃ اعراف میں جو ص بڑھایا گیا اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ حرف تصدیق کی طرف لےجاتا ہے۔سورہ اعراف انفال اور توبہ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی کامیابی اور اسلام کی ترقی کا ذکر کیا گیا ہے سورۂ اعراف میں اصولی طور پر اور انفال اور توبہ میں تفصیلی طور پر تصدیق کی بحث ہے اس لئے وہاں ص کو بڑھا دیا گیا ہے۔سورۂ یونس سے الٓمّٓ کی بجائے الٓـٰر شروع ہو گیا ہے ال تو وہی رہا اور م کو بدل کر ر کر دیا۔پس یہاں مضمون بدل گیا۔اور فرق یہ ہوا کہ بقرہ سے لیکر توبہ تک تو علمی نقطہ نگاہ سے بحث کی گئی ہے اور سورۂ یونس سے لیکر سورۂ کہف تک واقعات کی بحث کی گئی تھی اور واقعات کے نتائج پر بحث کو منحصر رکھا گیا ہے اس لئے فرمایا کہ الٓـٰر یعنی اَ نَا اللّٰہُ اَرٰی میں اللہ ہوں جو سب کچھ دیکھتا ہوں اور تمام دنیا کی تاریخوں پر نظر رکھتے ہوئے اس کلام کو تمہارے سامنے رکھتا ہوں۔غرض ان سورتوں میں رویت کی صفت پر زیادہ بحث کی گئی ہے اور پہلی سورتوں میں علم کی صفت پر زیادہ بحث تھی۔حروفِ مقطعات بے معنی نہیں میں فی الحال اس جگہ اختصاراً اتنی بات کہہ دینا چاہتا ہوں کہ حروف مقطعات کے متعلق بعض لوگوں کا یہ خیال ہے کہ یہ بے معنی ہیں۔اور انہیں یونہی رکھ دیا گیا ہے مگر ان لوگوں کی تردید خود حروف مقطعات ہی کر رہے ہیں۔حروف مقطعات کے استعمال میں ایک خاص ترتیب چنانچہ جب ہم تمام قرآن پر ایک نظر ڈا ل کر یہ دیکھتے ہیں کہ کہاں کہا ںحروف ِمقطعات استعمال ہوئے ہیں تو ان میں ایک ترتیب نظر آتی ہے۔سورۂ بقرہ الٓمّٓ

سے شروع ہوتی ہے پھر سورہ آل عمران الٓمّٓ سے شروع ہوتی ہے پھر سورۂ نساء ،سورۂ مائدہ، سورہ انعام حروف مقطعات سے خالی ہیں پھر سورۂ اعراف الٓمّٓصٓ سے شروع ہوتی ہے اور سورۂ انفال اور براء ۃ خالی ہیں ان کے بعد سورۂ یونس، سورۂ ہود، سورۂ یوسف الٓـٰرسے شروع ہوتی ہیں اور سورہ رعد میں م بڑہا کر الٓمّٓرٰ کر دیا گیا ہے لیکن جہاں الٓمّٓصٓ میں ص آخرمیں رکھا یہاں م کو ر سے پہلے رکھا گیا ہے۔حالانکہ اگر کسی مقصد کے مدِّنظر رکھے بغیر زیادتی کی جاتی تو چاہیے تھا کہ میم کو جو زائد کیا گیا تھا۔ر کے بعد رکھا جاتا میم کو الٓـٰر کے درمیان رکھ دینا بتاتا ہے کہ ان حروف کے کوئی خاص معنے ہیںاور جب ہم دیکھتے ہیں کہ پہلے الٓمّٓ کی سورتیں ہیں۔اور اس کے بعد الٓـٰر کی تو صاف طور پر معلوم ہو جاتا ہے کہ مضمون کے لحاظ سے میم کو ر پر تقدم حاصل ہے اور سورۂ رعد جس میں میم او ر ر اکٹھے کردیئے گئے ہیں اس میں میم کو ر سے پہلے رکھنا اس امر کو واضح کر دیتا ہے کہ یہ سب حروف خاص معنے رکھتے ہیں۔اسی وجہ سے ان حروف کو جو معنی تقدم رکھتے ہیں ہمیشہ مقدم ہی رکھا جاتا ہے۔سورۂ رعد کے بعد ابراہیم اور حجر میں الٓـرٰ استعمال کیا گیا لیکن نحل، بنی اسرائیل اور کہف میں مقطعات استعمال نہیں ہوئے اور یہ سورتیں گویا پہلی سورتوں کے مضامین کے تابع ہیں۔ان کے بعد سورۂ مریم ہے جس میں کٓھٰیٰعٓصٓ کے حروف استعمال کئے گئے ہیں۔سورۂ مریم کے بعد سورۂ طٰہٰ ہے اور اس میں طٰہٰ کے حروف استعمال کئے گئے ہیں۔اس کے بعد انبیاء ،حج ،مؤمنون، نور اور فرقان میں حروف مقطعات چھوڑ دیئے گئے ہیں۔گویا یہ سورتیں طٰہٰ کے تابع ہیں۔آگے سورۂ شعراء طٰسٓمّٓ سے شروع کی گئی ہے گویا طاء کو قائم رکھا گیا ہے اور ھا کی جگہ س اور میم لائے گئے ہیں اس کے بعد سورہ نمل ہے جو طٰسٓ سے شروع ہوتی ہے اس میں سے میم کو اُڑا دیا گیا ہے اور طاء اور س قائم رکھے گئے ہیں اس کے بعد سورۂ قصص کی ابتدا پھر طٰسٓمّٓ سے کی گئی ہے گویا میم کے مضمون کو پھر شامل کر لیا گیا ہے۔اس کے بعد سورہ عنکبوت کو پھر الٓمّٓ سے شروع کیا گیا ہے اور دوبارہ علم ِ الٰہی کے مضمون کو نئے پیرایہ اور نئی ضرورت کے ماتحت شروع کیا گیا ہے (اگرچہ میں ترتیب پر اس وقت بحث نہیں کر رہا۔لیکن اگر کوئی کہے کہ الٓمّٓ دوبارہ کیوں لایا گیا ہے؟ تو اس کی وجہ یہ ہے کہ سورۂ بقرہ سے الٓمّٓ کے مخاطب کفار تھے اور یہاں سے الٓمّٓکے مخاطب مومن ہیں) سورۂ سجدہ کو بھی الٓمّٓ سے شروع کیا گیا ہے ان کے بعد سورۂ احزاب۔سبا۔فاطر۔بغیرمقطعات کے ہیں اور گویا پہلی سورتوں کے تابع ہیں۔ان کے بعد سورۂ یٰسٓہے جس کو یٰسٓ کے حروف سے شروع کیا گیا ہے۔اس کے بعد سورۂ صافات بغیر مقطّعات کے ہے اس کے بعد سورہ صٓ حرف ص سے شروع کی گئی ہے پھر سورئہ زمر حروف مقطّعات سے خالی اور پہلی سورۃ کے تابع ہے اس کے بعد سورۂ مومن حٰمٓ سے شروع کی گئی ہے اس کے بعد سورہ حٰمٓ سجدۃ کو بھی حٰمٓ

·

آج 10 میں سے 10 باقی