سُوْرَۃُ التَّکْوِیْرِ
تفسیر کبیر (جلد ۱۱)
سُوْرَۃُ التَّکْوِیْرِ مَکِّیَّةٌ سورۃ تکویر۔یہ سورۃ مکّی ہے۔وَ ھِیَ تِسْعٌ وَّ عِشْرُوْنَ اٰیَةً دُوْنَ الْبَسْمَلَةِ وَ فِیْھَا رُکُوْعٌ وَّاحِدٌ اور اس کی بسم اللہ کے علاوہ اُنتیس آیات ہیں اور ایک رکوع ہے۔سورۃتکویر مکی ہے سورۃ التکویرمکّی ہے۔۶ قبل ازہجرت یا اس سے کچھ پہلے کی معلوم ہوتی ہے۔سورۃ تکویر میں قیامت کا ذکر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس سورۃ کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں عَنِ ابْنِ عُمَرَ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ مَنْ سَرَّہٗ اَنْ یَّنْطُرَ اِلٰی یَوْمِ الْقِیَامَۃِ کَاَنَّہٗ رَأْیُ عَیْنٍ فَلْیَقْرَأْ اِذَالشَّمْسُ کُوِّرَتْ وَاِذَا السَّمَآءُ انْفَطَرَتْ وَاِذَالسَّمَآءُ انْشَقَّتْ اَخَرَجَہُ اَحْمَدُ وَ التِّرْمَذِیُّ وَحَسَّنَہٗ وَالْحَاکِمُ وَصَحَّحَہٗ (تفسیر روح المعانی سورۃ التکویر ابتدائیہ ) یعنی ابن عمرؓ رسول کریم صلے اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا جو قیامت کو اس طرح معلوم کرنا چاہے جس طرح آنکھوں دیکھی چیز اُسے اِذَا الشَّمْسُ كُوِّرَتْ وَاِذَا السَّمَآءُ انْفَطَرَتْ وَاِذَا السَّمَآءُ انْشَقَّتْ۔سے شروع ہونے والی سورتیں پڑھنی چاہئیں۔ترمذی نے اس روایت کو حسن اور حاکم نے صحیح کہا ہے اور مسند احمد بن حنبل میں بھی یہ روایت مذکور ہے۔اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اس سورۃ میں ایک یوم القیامۃ کا جو نقشہ کھینچا گیاہے وہ ایسا تفصیلی ہے کہ یوم القیامۃ آنکھوں کے سامنے آجاتا ہے۔باقی رہا یہ سوال کہ اس سے مراد وہ یوم القیامۃ ہے جو تمام بنی نوع انسان کے مرنے کے بعد آئے گا یا کوئی اور ہے۔قیامت سے مراد بعثت انبیاء سو اس بارہ میں یاد رکھنا چاہیے کہ قرآن کریم میں قیامت کا لفظ کئی معنوں میں استعمال ہے۔مرنے کے بعد جب سب لوگ زندہ کئے جائیں گے اس کے لئے بھی قیامت کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔نبی کی بعثت کے لئے بھی قیامت کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔نبی کے دشمنوں کی تباہی کے لئے بھی قیامت کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔اور نبی پر ایمان لانے والوں کی ترقی کے لئے بھی قیامت کا لفظ استعمال ہوتا ہےنبی کی بعثت بھی قیامت ہے کیونکہ وہ موجب ہوتی ہے ہر ایک چیز کے اُبھر آنے کا۔نبی جب ظاہر ہوتا ہے تو نیکی کی طاقتیں بھی اُبھر آتی ہیں اور بدی کی طاقتیں بھی اُبھر آتی ہیں اس لئے وہ بھی ایک قیامت ہوتا ہے کیونکہ اُس کے آنے پر دنیا میں ایک حشر برپا
ہو جاتا ہے اور قلوب کی مخفی طاقتیں ظاہر ہو جاتی ہیں چنانچہ دیکھ لو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہی ابو بکر کے ابوبکرؓ بننے کا اور ابو جہل کے ابو جہل بننے کا موجب ہوئے ورنہ ابوجہل تو پہلے ابوالحکم کہلاتا تھا جب اُس کو وہ روحانی وجود نظر آیا جس کے ظاہر ہونے میں اُس نے اپنی طاغوتی طاقتوں کی موت دیکھی تو یکدم اس نے اپنی طاغوتی قوتوں کو بڑھا دیا تا کہ وہ اس نورانی وجود کو دنیا سے مٹا دے تب اس کی وہ شکل ظاہر ہوئی جس سے آج ہم سب نفرت کرتے ہیں اگر رسول کریم صلے اللہ علیہ وسلم نہ آئے ہوتے اور لوگ ابوالحکم سے ملتے تو شاید تاریخوں میں وہ یہ ذکر کرتے کہ ابوالحکم عرب کا ایک شریف اور بااخلاق رئیس تھا۔لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے غالب نورانی وجود کو دیکھ کر اس کی طاغوتی قوتیں جوش میں آگئیں اور اس کا اندرونی گند دنیا پر ظاہر ہو گیا۔اسی طرح اگر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نہ آئے ہوتے اور لوگ حضرت ابوبکرؓ سے ملتے تو وہ تاریخوں میں ذکر کرتے کہ ابو بکر عرب کا ایک شریف، اچھا اور دیانتدار تاجر تھا۔لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے کے نتیجہ میں ابو بکر کا حُسن اس رنگ میں ظاہر ہوا کہ آج تک سب دُنیا اُس کی تعریف پر مجبور ہے۔پس رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے وجود سے ہی ابوبکر ابوبکرؓ بنا اور ابو جہل ابو جہل بنا۔موجودہ زمانہ میں ہی دیکھ لو مولوی محمد حسین صاحب بٹالوی اگر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مخالفت نہ کرتے یا مولوی ثناء اللہ صاحب مخالفت نہ کرتے اور ہمیں اُن کا تاریخوں میں ذکر کرنا پڑتا تو ہم کہتے کہ یہ اپنی قوم کے بڑے عالم تھے۔صداقت سے ان کی اندرونی دشمنی کبھی ظاہر نہ ہوتی مگر اب ان کی تحریروں کو پڑھ کر یوں پتہ لگتا ہے کہ سچ کو دیکھ کر اُن کا دل چاہتا ہے کہ اُسے بالکل ملیا میٹ کر دیں۔یہ انقلاب صرف حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بعثت سے ہوا ورنہ اُن کی یہ طاقت اُبھرنی نہ تھی یا حضرت خلیفہ اول رضی اللہ عنہ کو اگر ہم حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بغیر ملتے تو ہم یہی کہتے کہ آپ ایک بڑے عالم تھے۔طبیب تھے اور غریب پروری کا مادہ اپنے اندر رکھنے والے تھے اس سے زیادہ ہمیں اُن کی نیکی نظر نہ آتی۔الغرض نبی کی بعثت بھی ایک قیامت ہی ہے پھر وہ گھڑی بھی ایک قیامت ہوتی ہے جب نبی کی بعثت کی وجہ سے اللہ تعالیٰ اس کے دشمنوں کو تباہ کرتاہے کیونکہ قیامت بمعنی موت بھی آتی ہے۔خود رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں مَنْ مَّاتَ فَقَدْ قَامَتْ قِیَامَتُہٗ (مجمع بحار الانوار زیر لفظ قیامۃ و تشیید المبانی حدیث نمبر ۲۷۶) جو مر جاتا ہے اس کی قیامت اُسی وقت آجاتی ہے۔اگر ایک شخص کی موت کو قیامت کہہ سکتے ہیں۔تو قوم کی موت اور تباہی قیامت کہلانے کی زیادہ مستحق ہے۔قرآن اور حدیث میں لفظ قیا مت کے تین استعمال علّامہ شیخ محمد طاہر سندھی مصنّف مجمع بحار الانوار لفظ
قیامت کے نیچے لکھتے ہیں وَقَدْ وَرَدَ فِیْ الْکِتٰبِ وَالسُّنَّۃِ عَلٰی ثَلَاثَۃِ اَقْسَامٍ اَلْقِیَامَۃُ الْکُبْرٰی وَالْبَعْثُ لِلْجَزَائِ وَالْوُسْطٰی وَھِیَ اِنْقِرَاضُ الْقَرْنِ وَالصُّغْریٰ وَھُوَ مَوْتُ الْاِنْسَانِ یعنی قرآن کریم اور حدیث سے قیامۃ کے تین استعمال ثابت ہیں۔قیامت کبریٰ جو جزاء سزاء کے لئے بعثتِ ثانیہ کے مفہوم میں استعمال ہوتی ہے اور قیامت وسطٰی جس سے مراد پہلی صدی کا خاتمہ ہے یعنی جب مسلمانوں میں تنزّل کے آثار ظاہر ہوں گے اور صغریٰ یعنی موت انسانی۔قرآن کریم سے اسی امر کی تصدیق ہوتی ہے بلکہ اس سے بھی زیادہ روشنی لفظ قیامت اور ساعۃ پر پڑتی ہے (یہ دونوں لفظ ہم معنی استعمال ہوتے ہیں)چنانچہ قرآن کریم پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ لفظ قیامت (۱)نبی کی قوم کی ترقی (۲)دشمنوں کے تنزّل (۳)اور نبی کی قوم کے زمانۂ ترقی کے بعد تنرّل کے دَور پر بولا جاتا ہے۔پہلے معنوں کے مطابق قرآن کریم میں سورۂ قمر کی یہ آیت ہے اِقْتَرَبَتِ السَّاعَۃُ وَانْشَقَّ الْقَمَرُ(القمر:۲) ساعت یعنی قیامت قریب ہی آگئی ہے اور چاند پھٹ گیا ہے عام طور پر مسلمانوں میں شق قمر کے معجزہ کی وجہ سے یہ خیال پیدا ہو گیا ہے کہ اس میں شق قمر کے معجزہ کی طرف اشارہ کیا گیا ہے حالانکہ اس آیت میں کوئی ایسی بات نہیں جس سے معلوم ہو کہ صرف اسی معجزہ کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کیونکہ اس آیت میں شق قمر کے مضمون کو ضمنی امر کے طور پر بیان کیا گیا ہے اور اقتراب ساعۃ کی دلیل قرار دیا گیا ہے۔قرآن مجید میں قیامت سے مراد کفار کی تباہی پس شق قمر کے کوئی بھی معنے لو خواہ عرب کی حکومت کے زوال کے یا اس معجزہ کے جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے مومنوں اور کافروں کو اس طرح دکھایا کہ انہیں چاند پھٹتا ہوا نظر آیا بہرحال یہ امر ثابت ہے کہ قرآن کریم اس انشقاق قمر کو اس امر کی دلیل کے طور پر پیش کرتا ہے کہ اب قیامت کو آیا سمجھو۔اور یہ ظاہر ہے کہ وہ قیامتِ کبریٰ جس وقت تمام عالم مر کر دوبارہ اُٹھے گا اب تک کہ اس نشان پر تقریباً تیرہ سو ستر سال گزر چکے ہیں ظاہر نہیں ہوئی اور جبکہ احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اس امت میں مسیح اور مہدی ظاہر ہونے والے ہیں اور ان کے ذریعہ سے اسلام پھر ترقی کرنے والا ہے اگر ان کا زمانہ اور اُن کے بعد کا زمانہ عام مسلمان (کیونکہ ہمارے نزدیک وہ ظاہر ہو چکے ہیں) سات سو سال کا بھی تسلیم کر لیں تو قیامت دو ہزار سال بعد آئے گی ان حالات میں کفار کو اقتراب ساعۃ سے ڈرانے کے کوئی بھی تو معنے نہیں رہتے اور یہ ایک تمسخر ہو جاتا ہے جو قرآن کریم کی شان سے بعید ہے کہ وہ کفّار مکہ کو ڈراتا ہے کہ اے کفارِ مکّہ! تم تباہ ہو جائو گے اور اسلام غلبہ پا لے گا پھر وہ زوال پذیر ہو گا اور اس کے زوال پر صدیاں گزرنے پر ایک مسیح ظاہر ہو گا اور وہ دنیا پر غالب آکر
اسلام کو غالب کرے گا اور پھر ایک لمبے عرصۂ ترقی کے بعد کفر ترقی کرے گا اور اس وقت دنیا تباہ ہو جائے گی اور ہم تم کو اے کفار جن کا نام و نشان مٹے ہوئے اس وقت تک دو ہزار سال ہو چکے ہوں گے اس دن سے ڈراتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ وہ اب سے صرف دو ہزار سال کے بعد آنے والا ہے کوئی عقلمند آدمی بھی لوگوں کے سامنے ایسی بات پیش کر سکتا ہے؟ پھر اللہ تعالیٰ کی طرف جو سب عالموں سے اعلم ہے وہ بات کیوں منسوب کی جاتی ہے جسے خود انسان اپنی نسبت منسوب کیا جانا پسند نہیں کرتا۔پس صاف ظاہر ہے کہ اس اقتراب ساعۃ سے مراد اسلام کا غلبہ ہے اور جیسا کہ عرب کے محاورہ سے ظاہر ہے قمر کے معنے عرب کی حکومت یا عرب کے سردار کے ہوتے ہیں(شرح زرقانی علی موطا امام مالک کتاب الجنائز باب ما جاء فی دفن المیت ،السیرۃ النبویۃ لابن ہشام امر صفیۃ ام المومنین)۔پس اللہ تعالیٰ نے پہلے کفار اور مسلمانوں کو انشقاقِ قمر کا معجزہ دکھایا پھر قرآن کریم میں اس معجزہ کی تفسیر بیان فرما دی اور فرمایا کہ تم لوگ انشقاق قمر کا معجزہ دیکھ چکے ہو وہ اس طرف اشارہ کرتا ہے کہ عربوں کی حکومت (یعنی کفار عربوں کی حکومت) اب تباہ ہونے والی ہے اور اسلام کی ترقی کا وقت جو دشمنانِ اسلام کے لئے ایک قیامت کا نظارہ پیش کرے گا نزدیک آگیا ہے اور اس آیت میں ساعت یا قیامت سے مراد اسلام کی ترقی کا دَور ہے نہ کچھ اَور۔اسی طرح سورۂ ممتحنہ میں بعض مسلمانوں کا ذکر کر کے کہ وہ بعض دفعہ مسلمانوں کی خبریں کفار کو بھجوا دیتے ہیں اور یہ بُرا فعل ہے فرماتا ہے اِنْ يَّثْقَفُوْكُمْ يَكُوْنُوْا لَكُمْ اَعْدَآءً وَّ يَبْسُطُوْۤا اِلَيْكُمْ اَيْدِيَهُمْ وَ اَلْسِنَتَهُمْ بِالسُّوْٓءِ وَ وَدُّوْا لَوْ تَكْفُرُوْنَ۔لَنْ تَنْفَعَكُمْ اَرْحَامُكُمْ وَ لَاۤ اَوْلَادُكُمْ١ۛۚ يَوْمَ الْقِيٰمَةِ١ۛۚ يَفْصِلُ بَيْنَكُمْ١ؕ وَ اللّٰهُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِيْرٌ (الممتحنة:۳،۴ )یعنی یہ کفار تو تمہارے پکّے دشمن ہیں اگر تم کو پکڑنے کا موقعہ ملے کوئی موقعہ دشمنی کا جانے نہ دیں اور اپنے ہاتھ تمہاری طرف سزا کے لئے بڑھائیں اور اسی طرح زبان درازی سے نہ چوکیں اور ان کا تو دل یہی چاہتا ہے کہ تم کافر ہو جائو۔لیکن یاد رکھو کہ خواہ یہ لوگ تمہارے عزیز ہوں یا اولاد یہ تم کو قیامت کے دن نفع نہ دیں گے اللہ تعالیٰ تمہارے درمیان اس دن امتیاز قائم کر دے گا اور اللہ تعالیٰ اُسے جو تم کرتے ہو دیکھ رہا ہے۔اس آیت میںیوم قیامت سے مراد وہی فیصلہ کا دن ہوا جو اس دنیا میں فتح مکہ اور بعد کے زمانہ میں ظاہر ہوا اور جس نے کافر و مومن کو الگ الگ کر دیا۔قومی ترقی میں کفار کوئی مدد نہ کر سکے حتی کہ غزوہ حنین میں بجائے فائدہ پہنچانے کے کفار مسلمانوں کے بھاگنے کا موجب ہوئے اور جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم سے حضرت عباسؓ نے آواز دی کہ اے انصار! اے بیعتِ رضوان کرنے والو! خدا کا رسول تُم کو بلاتا ہے تو انصار غیر معمولی قربانی کر کے لوٹے اور مسلمانوں کی شکست فتح سے بدل گئی لیکن کفار نے جا کر مکہ ہی میں دم لیا(السیرة النبویة لابن ہشام زیر عنوان غزوة حنین فی ستة ثمان بعد الفتح)۔پس اس
آیت کا مضمون جب پوری طرح اس دنیا میں پورا ہوا ہے بغیر کسی تاویل یا توجیہہ کے۔تو اس کومرنے کے بعد کے زمانہ پر لگانا کوئی معنے نہیں رکھتا۔اسی طرح سورۂ بقرہ میں فرماتا ہے زُيِّنَ لِلَّذِيْنَ كَفَرُوا الْحَيٰوةُ الدُّنْيَا وَ يَسْخَرُوْنَ مِنَ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا١ۘ وَ الَّذِيْنَ اتَّقَوْا فَوْقَهُمْ يَوْمَ الْقِيٰمَةِ١ؕ وَ اللّٰهُ يَرْزُقُ مَنْ يَّشَآءُ بِغَيْرِ حِسَابٍ (البقرة:۲۱۳)اس آیت میں بھی یَوْمَ الْقِیَامۃ فتح مکّہ وغیرہ قسم کے واقعات کی نسبت استعمال ہوا ہے۔یہاں فرمایا گیا ہے کہ کافر ورلی زندگی کو اچھا سمجھتے ہیں یعنی موجودہ وقت کی طاقت پر گھمنڈ رکھتے ہیں حالانکہ انجام مسلمانوں کا اچھا ہو گا اور قیامت کے دن مسلمان کافروں پر غالب ہوں گے اور انہیں بے حساب رزق ملے گا۔یہ واقعہ اسی دنیا میں فتح مکّہ اور بعد کے واقعات سے پورا ہوا۔اگر یہ معنے کرو کہ مسلمان مرنے کے بعد قیامت کے دن کافروں پر غالب ہوں گے تو اول تو یہ دلیل و برہان نہیں رہتی کیونکہ مرنے کے بعد کے واقعہ کو حجت کے طور پر پیش کرنا ایک بے فائدہ امر ہے اس سے کون شخص ایمان حاصل کرسکتا ہے؟ مرنے کے بعد تو ایمان کا نفع ختم ہو جاتا ہے۔دوسرے اس صورت میں آیت قرآنی کا یہ مطلب ہو گا کہ مسلمانوں کو غلبہ اس دنیا میں نہ ملے گا مرنے کے بعد ملے گا اور یہ بات بالبداہت غلط ہے۔مسلمانوں کو فتح مکّہ اور بعد کی جنگوں سے اسی دنیا میں غلبہ ملا۔اگر کہا جائے کہ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے بغیر حساب رزق دینے کا ذکر کیا ہے اور یہ بعد ازموت زندگی میں ہی ممکن ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ بغیر حساب کے دو معنے ہوتے ہیں ایک تو یہ کہ عمل کی نسبت زیادہ ملنا گویا عمل کے حساب سے جس قدر ملنا چاہیے تھا اس سے زیادہ مل گیا۔دوسرے معنے اس کے یہ ہوتے ہیں کہ جس کو رزق ملے گا وہ اُسے نہایت اچھی طرح خرچ کرے گا اور اُسے اس کا حساب نہ دینا ہو گا۔حساب اُسی وقت دیا جاتا ہے کہ جب فرض کو صحیح طور پر بجا نہ لایا جائے۔چنانچہ احادیث میں ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس سے حساب لیا گیا تباہ ہوا۔اس پر حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ تو فرماتا ہے فَسَوْفَ یُحَاسِبُ حِسَابًا یَّسِیْرًا۔کہ مومنوں کا بھی حساب ہو گااس پر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ حساب سے مراد یہ ہے کہ پوری طرح حساب لیا جائے ورنہ مومن کا حساب تو یوں ہی سرسری ہے اور نہ ہونے کے برابر ہے (بخاری کتاب الرقاق باب من نوقش الحساب عذّب) پس بغیر حساب کے ایک معنے یہ ہیں کہ مومنوں کو جو ملے گا وہ اُسے نیک طور پر خرچ کریں گے اور اس طرح حساب کی زحمت سے بچ جائیں گے اور یہ دونوں معنے مسلمانوں کی زندگی میں ہی پورے ہو گئے مرنے کے بعد کی قیامت کا انہیں انتظار نہیں کرنا پڑا۔جو کچھ مسلمانوں کو ملا بِلا حساب ملا۔اُن کی قربانیاں بے شک بہت تھیں مگر خدا تعالیٰ کی طرف سے جو اجر انہیں ملا وہ ان کی قربانیوں سے بہت زیادہ
تھا۔اونٹ اور بکریاں چرانے والے ساری دنیا کے بادشاہ ہو گئے اور مقہور اور مغلوب قوم زبردست بادشاہتوں کی مالک ہو گئی۔اسی طرح دوسرے معنوں کے رُو سے بھی انہیں بغیر حساب ملا یعنی وہ ایسے تقویٰ کے مالک ہوئے کہ آج تک اُن کی نیکی کی دنیا تعریف کر رہی ہے۔انہوں نے بہت کچھ کمایا لیکن گنْوایا نہیں۔اُسے اس طرح خرچ کیا کہ اس دنیا میں نیکی اور اگلے جہان میں ثواب کاموجب ہوا (اس بارہ میں دیکھو سورۂ نور آیت ۳۸ وسورۂ ص آیت ۴۹ و سورۂ زمر آیت ۱۰ )خلاصہ یہ کہ آیت مذکورہ بالا میں جس یومِ قیامت کا ذکر ہے اس سے مراد غلبۂ اسلام ہے کیونکہ اسی موقعہ پر مسلمانوں کو کفار پر فوقیت حاصل ہو چکی تھی اور بغیر حساب رزق بھی مل گیا تھا۔اسی طرح سورۃ قیامۃ میں دو قیامتوں کا ذکر ہے ایک اس دنیا کی اور ایک آخرۃ کی چنانچہ ایک قیامت کا یوں ذکر ہے فَاِذَا بَرِقَ الْبَصَرُ وَخَسَفَ الْقَمَرُ وَجُمِعَ الشَّمْسُ وَالْقَمَرُ (القیامة :۸ تا ۱۰) یعنی اس وقت چاند گرہن لگے گا اور اس کے بعد سورج گرہن لگے گا اور گرہن مرنے والی قیامت کی علامت نہیں بلکہ مہدی مسعود کی علامت احادیث سے ثابت ہے پس ان آیات میں جس قیامت کا ذکر کیا ہے وہ آخری زمانہ میں اسلام کے احیاء کی قیامت ہے نہ مرنے کے بعد اُٹھنے والی۔اِن آیات کے سوا متعدد جگہ قرآن کریم میں قیامت اور ساعۃ سے مراد اس دنیا کے کسی عظیم الشان انقلاب کو مراد لیا گیا ہے اور آیات زیر تفسیر میں بھی جس قیامت کی طرف اشارہ کیا گیا ہے (جیسا کہ اگلے مضامین سے ثابت ہو گا) اس سے مراد اس دنیا کی قیامت ہے جبکہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو مرنے کے بعد پھر زندہ کرے گا اور اسلام مٹ کر پھر تازہ ہو گا اور اس زمانہ کی علامات اس اور اس سے بعد کی سورۃ میں بیان کی گئی ہیں۔احادیث میں قیامت سے مراد انقلاب دنیا جیسا کہ قرآن کریم کے محاورہ میں قیامت سے مراد اس دنیا کا انقلاب بھی لیا گیا ہے۔احادیث نبی کریم ؐ میں بھی قیامت اور ساعۃ ان معنوں میں مستعمل ہوئے ہیں چنانچہ بخاری کتاب الایمان باب سوال جبریل عن علم الساعۃ میں ہے کہ ایک دفعہ حضرت جبریل انسانی شکل میں متمثل ہو کر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے ساتھ کے صحابہ کو بھی نظر آئے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا کہ مَتَی السَّاعَۃُ قیامت کب آنے والی ہے؟ آپ نے فرمایا کہ مَا الْمَسْئُوْلُ عَنْھااَعْلَمُ مِنَ السَّائِلِ وَ سَاُخْبِرُکَ عَنْ اَشْرَاطِھَا اِذا وَلَدَتِ الْاَمَۃُ رَبَّھَا وَاِذَا تَطَاوَ لَ رُعَاۃُ الْاِبِلِ الْبُھْمِ فِیْ الْبُنْیَانِ یعنی اس بارہ میں سائل سے زیادہ مجھے علم نہیں ہاں میں اُس کی علامات بتا دیتا ہوں۔اس کی علامات یہ ہیں کہ لونڈی اپنے مالک کو جنے گی اور اونٹوں کے چرانے والے اونچے اونچے مکان بنائیں گے چنانچہ یہ بنو عباس کی ترقی کے زمانہ میں ہوا۔اکثر بادشاہوں نے لونڈیوں کو گھر میں ڈالا اور ان کی اولاد بادشاہ ہوئی اور ان کے رشتہ داروں کے ذریعہ سے
عرب حکومت تبا ہ ہو گئی۔اسی طرح اس زمانہ میں بجائے محنت اور قربانی اور سفروں کے عرب لوگوں نے شہری زندگی اختیا کر لی اور بڑی بڑی عمارتیں بنانے میںمشغول ہو گئے۔ایک اور حدیث میں ہے کہ ایک مجلس میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم باتیں کر رہے تھے کہ ایک شخص آیا اور اس نے ساعت کے بارہ میں سوال کیا آپ بات کرتے رہے اور اُس کی بات کا جواب نہ دیا جب پہلی بات ختم کر چکے تو فرمایا ساعت کے بارہ میں سوال کرنے والا کہاں ہے۔سوال کرنے والے نے کہا کہ میں حاضر ہوں اس پر آپ نے فرمایا فَاِذَا ضُیِّعَتِ الْاَمَانَۃُ فَانْتَظِرِ السَّاعَۃَ یعنی جب امانت میں کمی آجائے گی اُس وقت سے قیامت کا انتظار کرو۔اِس پر اُس شخص نے کہا فَکَیفَ اِضَاعَتُھَا؟ یا رسول اللہ امانت کس طرح ضائع ہو گی اس پر آپ نے فرمایا اِذَا وُسِّدَ الْاَمْرُ اِلٰی غَیْرِ اَھْلِہٖ فَانْتَظِرِ السَّاعَۃَ (بخاری کتاب العلم باب من سُئل علمًا وھو مشغولٌ فی حدیثہٖ) یعنی امانت سے مراد امانتِ حکومت ہے پس جب حکومت نااہل لوگوں کے سپرد کی جائے گی اس وقت سے قیامت کے منتظر ہو جائو۔اس جگہ قیامت سے مراد مسلمانوں کی تباہی اور تنزّل کا وقت ہے۔اسی طرح بخاری میں آتا ہے اِنَّ مِنْ اَشْرَاطِ السَّاعَۃِ اَنْ یَّرْفَعَ الْعِلْمُ وَیَثْبُتُ الْجَھْلُ وَیُشْرَبُ الْخَمْرُ وَیَظْھَرُ الزِّنَا (بخاری کتاب العلم باب رفع العلم و ظھور الجھل ) یعنی قیامت کی علامات میں سے یہ علامات ہیں کہ علم اُٹھ جائے گا اور جہالت قائم ہو جائے گی اور شراب پی جائے گی اور زنا علی الاعلان کیا جائے گا یعنی کنچنیوں کا طریق رائج ہو جائے گا اور لوگ اپنی زنا کاریوں کا مجالس میں فخر سے ذکر کریں گے۔اِ س حدیث میں قیامت سے مراد اسلام کا تنزّل ہے۔اسی طرح بخاری کی حدیث ہے لَا تَقُوْمُ السَّاعَۃُ حَتّٰی یُقْبَضُ الْعِلْمُ وَتَکْثَرُ الزَّلَازِلُ وَیَتَقَارَبُ الزَّمَانُ وَتَظْھَرُ الْفِتَنُ وَیَکْثُرُ الْھَرَجُ وَھُوَالْقَتْلُ وَحَتّٰی یَکْثُرُ فِیْکُمُ الْمَالُ فَیَفِیْضُ (بخاری کتاب الاستسقاء باب ماقیلَ فی الزلازل و الآیات) یعنی قیامت اُس وقت تک نہ آئے گی جب تک علم مٹ نہ جائے اور زلازل کثر ت سے نہ آئیں اور علمِ تاریخ ترقی نہ کر جائے اور کثرت سے فتن ظاہر نہ ہوں اور قتل کا رواج ترقی نہ کر جائے اور مال کی اس قدر زیادتی نہ ہو جائے کہ لوگ مسرف ہو جائیں۔یہ حدیث بھی مسلمانوں کے تنزّل کو قیامت کا نام دیتی ہے۔اسی طرح بخاری میں حدیث ہے لَاتَقُوْمُ السَّاعَۃُ حَتّٰی تُقَاتِلُوْا قَوْمًا نِعَالُھُمُ الشَّعْرُ۔وَلَا تَقُوْمُ السَّاعَۃُ حَتّٰی تُقَاتِلُوْا قَوْمًا کَاَنَّ وُجُوْھُھُمُ الْمَجَانُ الْمُطْرِقَۃُ (بخاری کتاب الجہاد باب قتال الذین ینتعلون
الشعر) یعنی قیامت اس وقت تک نہ آئے گی جب تک کہ تم اس قوم سے جنگ نہ کرو کہ ان کی جوتیاں بالوں والی ہوں گی۔اور ان کے منہ ڈھالوں کی طرح چپٹے ہوں گے یہ ترکوں کے حملوں کی طرف اشارہ ہے اور مراد یہ ہے کہ اسلامی تنزّل کا زمانہ ترکوں کے حملوں سے شروع ہو گا۔اسی طرح حدیث میں ہے کہ بُعِثْتُ اَنَا وَالسَّاعَۃُ کَھَاتَیْنَ یَعْنِی اِصْبَعَیْنِ (بخاری کتاب الرقاق باب قول النبی بعثت اَنَا وَالسَّاعَۃُ کَھَاتَیْنِ) یعنی آپ نے اپنی دو انگلیوں کو جوڑ کر دکھایا اور فرمایا میرا اور قیامت کا زمانہ اسی طرح ساتھ ملا ہوا ہے۔یہ امر ظاہر ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ پر تو تیرہ سو سال ہو گئے اور اب تک قیامت نہیں آئی۔پس اس جگہ قیامت کے معنے کچھ اور ہیں اور وہ معنے اسلام کی ترقی کے ہیں اور آپ کا ارشاد یہ ہے کہ بعض نبی ایسے آئے ہیں کہ اُن کی قوم نے اُن کے مرنے کے بہت بعد جا کر ترقی کی ہے مگر مجھ سے اللہ تعالیٰ کا یہ وعدہ ہے کہ میرے زمانہ میں ہی اسلام کی ترقی ہو جائے گی چنانچہ ایسا ہی ہوا۔اسی طرح ترمذی میں ہے اِقْتِرَابُ السَّاعَۃِ ھَلَاکُ الْعَرَبِ (جامع الترمذی کتاب المناقب باب فضل العرب) یعنی قیامت کے قریب آنے کے ایک معنے عربوں کی ہلاکت کے ہیں چنانچہ اِقْتَرَبَتِ السَّاعَۃُ وَانْشَقَّ الْقَمَرُ کے میں نے یہی معنے کئے ہیں۔خلاصہ یہ کہ قرآن کریم اور احادیث میں لفظِ قیامت کے معنے قیامتِ کُبریٰ کے بھی ہیں یعنی اس قیامت کے جو تمام انسانوں کی ہلاکت سے یا اُن کے دوبارہ اُٹھنے سے ظاہر ہو گی اور اس کے معنے کسی قومی ترقی کے بھی ہیں اور کسی قوم کے تنزّل کے بھی اور کسی فرد کی موت کے بھی۔پس رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جو یہ فرمایا کہ جو شخص یوم القیامۃ کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہے وہ ان سورتوں کو پڑھ لے اس سے یہ نتیجہ نکالنا درست نہیں ہو سکتا کہ ان سورتوں میں صرف اسی قیامت کا ذکر ہے جو مرنے کے بعد آنے والی ہے اگر قرآن قیامت کے کئی معنے لے سکتا ہے تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی اس لفظ کو اس کے متعدد معانی میں استعمال فرما سکتے ہیں بہرحال رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کچھ فرمایا اس کا مفہوم یہ ہے کہ جس قیامت کا اِن سورتوں میں ذکر آتا ہے اس قیامت کا ایک تفصیلی نقشہ ان میں کھینچ دیا گیا ہے۔ایسا تفصیلی کہ اس کو دیکھنے کے بعد یوں معلوم ہوتا ہے گویا یوم القیامۃ ہماری آنکھوں کے سامنے ہے چنانچہ بعد میں اس سورۃ کی جو تفصیل کی جائے گی اس سے معلوم ہو گا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کچھ فرمایا وہ بالکل درست ہے۔سورۂ تکویر کا سورۂ عبس اور پہلی سورتوں سے تعلق اس سورۃ کا تعلق پہلی سورۃ بلکہ پہلی سورتوں سے یہ ہے
کہ ان سورتوں میں غلبۂ اسلام اور قیامتِ کُبریٰ کا ذکر تھا اور اسلام کا غلبہ کم سے کم دو دفعہ مقدر تھا جیسا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت دو دفعہ مقدر تھی پس وہ قیامت جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ قائم ہوئی تھی اس کے دو بڑے مظہر تھے جیسا کہ قرآن کریم سے ثابت ہے اور سورۂ جمعہ میں اس کا ذکر آتا ہے پس ایک دفعہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں یہ قیامت آئی تھی اور ایک دفعہ تیرہ سو سال کے بعد یعنی آپ کے دَورِ اوّل پر ایک ہزار سال تنزّل کا زمانہ گزر جانے کے بعد آنی مقدّر تھی۔مصلح موعود کی پیشگوئی قرآنی آیت کی مصدق قرآن کریم کے دوسرے مقامات سے بھی پتہ چلتا ہے کہ اسلام پر تنزّل کا بھی ایک دَور آنے والا تھا جیسا کہ يُدَبِّرُ الْاَمْرَ مِنَ السَّمَآءِ اِلَى الْاَرْضِ ثُمَّ يَعْرُجُ اِلَيْهِ فِيْ يَوْمٍ كَانَ مِقْدَارُهٗۤ اَلْفَ سَنَةٍ مِّمَّا تَعُدُّوْنَ(السجدة:۶) سے ظاہر ہوتا ہے۔اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ امر اسلام کو آسمان سے زمین پر نازل فرمائے گا پھر ایک ہزار سال کے عرصہ میں وہ واپس اللہ تعالیٰ کی طرف چلا جائے گا چونکہ احادیث میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ترقی کا زمانہ تین قرن کا ہے (بخاری کتاب الرقاق باب ما یحذر من زھرة الدنیا)اس لئے ہزار سال تنزّل کے مل کر تنزّل کا زمانہ ۱۳۰۰ہجری پر ختم ہوتا ہے یا اندازًا ۱۸۸۶ء کو۔٭ پس جب پہلے یہ بات بتائی کہ اسلام کا غلبہ ہو گا اور پھر اس پر ایک تنزّل کا زمانہ آئے گا تو ضروری تھا کہ یہ بھی بتایا جاتا کہ اس تنزل کے بعد کیا ہو گا تا کہ مسلمان دلبرداشتہ نہ ہو جا ئیں اور ہمت ہار کر نہ بیٹھ جائیں۔حدیثوں میں آتا ہے ابویا سر بن اخطب جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ کا ایک مشہور یہودی عالم تھا ایک دن کچھ اور یہود سمیت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سے گزرا جب کہ آپ سورۂ بقرہ کی ابتدائی آیات الٓمّٓ۔ذٰلِكَ الْكِتٰبُ لَا رَيْبَ١ۛۖۚ فِيْهِ پڑھ رہے تھے وہ یہ سُن کر اپنے بھائی حُیّی بن اخطب کے پاس گیا اور اُسے کہا کہ میں نے محمد (صلی اللہ علیہ وسلم ) کو الٓمّٓ۔ذٰلِكَ الْكِتٰبُ پڑھتے سُنا ہے۔وہ کہنے لگا کیا تم سچ کہتے ہو؟ اُس نے کہا ہاں۔اس ٭ حاشیہ: ۱۸۸۶ ء اس طور پر بنتا ہے کہ ۱۳۰۰ ہجری سالوں کو شمسی سالوں میں تبدیل کیا جائے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ہجرت ۶۳۲ء میں ہوئی اور ۱۳۰۰ ہجری سالوں کے شمسی سال ۱۲۶۲ بنتے ہیں۔جب ان دونوں کو ملایا جائے تو ۱۸۸۶ ہوتے ہیں یا کسروں کو نکال دیا جائے تو ۱۸۸۵ اور ۱۸۸۶ء ہی وہ سال تھا کہ جب بانی سلسلہ احمدیہ کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اسلام کی فتح کا علم دیا گیا اور آپ کے ذریعے سے ایک سلسلہ کی جو اسالم کی بنیاد کو مضبوط کرنے والا ہوگا خبر دی گئی اور یہ اطلاع دی گئی ہ آپ کی نسل سے ایک ایسا لڑکا بھی پیدا ہوگا جس کے ذریعے سے اسلام کی شہرت دنیا کے کناروں تک پہنچے گی اور وہ لڑکا اللہ تعالیٰ کی مشیت کے مطابق یہ راقم السطور ہی ہے جس کی خبر ۱۸۸۶ء کے شروع ہی میں دی گئی جو قرآنی پیشگوئی کی مصدق اور اس کو پورا کرنے والی ہے۔وَاللہُ غَنِیٌّ لَا یُسْئَلُ عَنْہُ وَ ھُمْ یُسْئَلُوْنَ۔
پر حُیّیِ کچھ اور لوگوں کو ساتھ لے کر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کےپاس پہنچا اور کہا کہ کیا درست ہے کہ آپ پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی ایسا کلام نازل ہوا ہے جس میں الٓمّٓ۔ذٰلِكَ الْكِتٰبُ لَا رَيْبَ١ۛۖۚ فِيْهِ آتا ہے؟ آپ نے فرمایا۔ہاں۔وہ کہنے لگا تو پھر ڈر کی کوئی بات نہیں اگر آپ کا غلبہ بھی ہوا تو کل اکتّرسال رہے گا کیونکہ علم ابجد کے لحاظ سے الفؔ کا ایک لامؔ کے تیس اور میم کے چالیس عدد ہیں کل ۷۱ سال ہوئے۔یہ ۷۱ سال ہم کسی نہ کسی طرح کاٹ لیں گے اس کے بعد آپ کا غلبہ نہیں رہ سکتا۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مجھے اَلٓمّٓصٓ بھی الہام ہوا ہے وہ کہنے لگا تو خیر ابجد کے لحاظ سے الفؔ کا ایک لامؔ کے تیس میمؔ کے چالیس اور صؔ کے نوّے کل ایک سو اکاسٹھ سال ہوئے یہ مدت پہلے سے زیادہ ہے مگر خیر کوئی زیادہ لمبا عرصہ نہیں۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مجھے اَلٓرٰ بھی الہام ہوا ہے کہنے لگا تو پھر دو سَو اکتیس سال بن گئے کیونکہ الفؔ کا ایک لامؔ کے تیس اور راءؔ کے دو سو۔آپ نے فرمایا اَور سُن لو مجھ پر اَلٓمّٓرٰ بھی الہام ہوا ہے۔تب اس نے کہا کہ یہ تو پہلے سے بھی گراں اور لمبا عرصہ ہے۔الفؔ کا ایک لامؔ کے تیس میمؔ کے چالیسؔ اور راءؔ کے دو سَو ہوتے ہیں کل دو سَو اکہتر سال کا عرصہ ہوا۔پھر اپنے ساتھیوں کو کہنے لگا یہاں سے چلو یہ معاملہ مشتبہ ہو گیا ہے۔(فتح البیان زیر آیت الم ذالک الکتاب ) آنحضرت صلعم کی زبان سے اسلام کے تنزل کے بعد اس کے عروج کی پیشگوئی تو تنزّل کی پیشگوئیوں کو سُن کر دشمن بعض دفعہ یہ خیال کر لیتا ہے کہ اگر اس مذہب پر تنزّل ایک دن آنے ہی والا ہے تو کسی طرح درمیانی زمانہ کو ہم برداشت کر لیں گے آخر وقت آئے گا کہ یہ زمانہ گزر جائے گا اور پھر ہمارے غلبہ کے ایام آجائیں گے۔اسی لئے نبی کبھی تباہی کی خبر پر اپنے زمانہ کو ختم نہیںکرتا بلکہ وہ ساتھ ہی یہ خبر بھی دیتا ہے کہ میرے بعد ایک اور نبی آنے والا ہے جو تنزّل کے بعد پھر ترقی اور ـغلبہ کا دروازہ قوم کے لئے کھول دے گا یوں تو ہمیشہ سے یہ قانون چلا آیا ہے کہ ترقی کے ساتھ ہی تنزل کا دور بھی وابستہ ہوتاہے لیکن نبی کبھی تنزل کے زمانہ کی خبر دینے پر اکتفا نہیں کرتا بلکہ وہ اس کے ساتھ ہی ایک نئے دَور کی بھی بشارت دیتا ہے اور اس طرح بتاتا ہے کہ گو میں مر جائوں گا مگر یہ سلسلہ کبھی مٹ نہیں سکتا۔اگر درمیان میں عارضی طور پر کوئی تنزل کا زمانہ بھی آیا تو پھر کفر پر دین کے غلبہ کے ایام آجائیں گے۔اس طرح کفر کو اپنی ترقی سے ہمیشہ مایوس رکھا جاتا ہے اور مومنوں کے دلوں کو تسلی دی جاتی ہے کہ وہ مایوس مت ہوں بلکہ اپنی ہمت کو مضبوط رکھیں۔اپنے ارادوں کو بلند کریں اور اپنی نگاہ کو اونچا رکھیںکہ اسلام پھر غالب آئے گا اور کفر پھر تباہی و بربادی کے گڑھے میں گر ے گا۔یہی فرق خدائی کلام اور ایک غیر کے کلام میں ہوتا ہے۔بھلا کوئی غیر یہ طاقت رکھ سکتا ہے کہ وہ غیر متناہی ترقیات کی خبر دے سکے۔خدا ہی ہے جو غیب کا علم رکھتا ہے اور پھر ساتھ ہی
اپنے منشاء کو پورا کرنے کی طاقت بھی رکھتا ہےاور اپنے پیاروں کو اس سے اطلاع دیتا رہتا ہے تاکہ وہ اور لوگوں تک ان باتوںکو پہنچا دیں اور اس طرح پیشگوئیاں اُن کے دلوں کی ڈھارس کا موجب بن جائیں۔یوں تو حضرت موسیٰ علیہ السلام کے بعد بھی تنزّل کا دَور آیا۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بعد بھی تنزل کا دَور آیا اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد بھی تنزل کا دَور آیا مگر اس تنزل کا انبیاء کی پیشگوئیوں میں ضرور ذکر ہوتا ہے تاکہ جب یہ زمانہ آئے تو اُس وقت یہ تنزل بھی نبی کی صداقت کا ثبوت بن جائے اگر تنزل بغیر کسی پیشگوئی کے آجائے تو لوگ کہہ سکتے ہیں کہ یہ ایک اتفاقی بات ہے لیکن اگر تنزل آنے کی پہلے سے خبر موجود ہو تو مومن کہہ سکتے ہیں کہ یہ تنزل بھی ہماری صداقت کا ثبوت ہے کیوں کہ اس تنزل کی پہلے سے پیشگوئیاں موجود ہیں۔لیکن اگر تنزل کی ہی خبر ہو تنزل کے بعد ترقی کی خبر نہ ہو تو یہ بھی دلوں کو مایوس کرنے والی بات ہو سکتی ہے اسی لئے جہاں ایک طرف تنزل کی خبر دی جاتی ہے تاکہ جب یہ دَور آئے تو خود تنزل اپنی ذات میں انبیاء کی صداقت کا ایک ثبوت ہو وہاں تنزل کے بعد ایک ترقی کی بھی خبر دی جاتی ہے تا کہ مسلمانوں کو اطمینان رہے اور کفر اپنی دائمی سربلندی کی کبھی امید نہ رکھے۔اگر یہ ترقی کسی نبی سے وابستہ ہو تو اس نبی کی خبر دی جاتی ہے اور اگر کسی اور شخص سے وابستہ ہو تو اس کی خبر دی جاتی ہے۔بہرحال یہ ایک عظیم الشان گُر ہے جو دلوں کو بڑھانے اور ان کو ڈھارس دینے کے لئے اللہ تعالیٰ نے اختیار کیا ہے میرا اس کے متعلق ذاتی طور پر ایک بڑا زبردست تجربہ ہے میں نے اپنی کتاب ’’دعوۃ الامیر‘‘ میں اس نکتہ کو بیان کیا ہے کہ اسلام پر آج جو مصیبت آئی ہوئی ہے اس کی خبر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کلام میں تفصیلاً موجود ہے اور جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم آج سے ساڑھے تیرہ سو سال پہلے اس تنزل کی خبر دے چکے ہیں۔بلکہ اس تنزّل کے بعد ایک ترقی کے دَور کی بشارت بھی آپ سُنا چکے ہیں تو مسلمانوں کے لئے مایوسی کی کوئی وجہ نہیں۔یہ تنزل جتنا بڑھتا چلا جائے ہم کہیں گے کہ اس سے اسلام کی تکذیب ہونے کی بجائے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت ثابت ہو رہی ہے کیونکہ آپ کے کلام میں ان کا پہلے سے ذکر موجود ہے۔قرآن کریم میں اس کی مثال بھی پائی جاتی ہے چنانچہ سورۂ احزاب میں ذکر آتا ہے کہ جب کفار کے لشکر مسلمانوں پر حملہ کرنے کے لئے جمع ہو گئے اور منافقوں نے طعنے دینے شروع کر دئے کہ دنیا کی فتوحات کے وعدے کہاں گئے تو اس وقت مومنوں کے ایمان اور بڑھ گئے اور انہوں نے کہا هٰذَا مَا وَعَدَنَا اللّٰهُ وَ رَسُوْلُهٗ وَ صَدَقَ اللّٰهُ وَ رَسُوْلُهٗ١ٞ وَ مَا زَادَهُمْ اِلَّاۤ اِيْمَانًا وَّ تَسْلِيْمًا (الاحزاب :۲۳)یعنی اس کی خبر تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پہلے سے دے چکے تھے اس لئے ہمارے لئے خوشی کا مقام ہے کہ خدا کے منہ کی بات پوری ہوئی۔غم اور فکر کی کون سی بات ہے۔تو دیکھو اس وعدہ کی وجہ سے وہ ڈرے نہیں
لیکن اگر یہ وعدہ نہ ہوتا تو بہت ممکن تھا کہ وہ گھبرا جاتے۔پس وہی چیز جس کو دشمن ڈرانے کے لئے استعمال کرتا ہے اسی میںایمان کی مضبوطی کا سامان اللہ تعالیٰ نے رکھا ہوتا ہے۔اور وہ سمجھتا ہے کہ جب خدا نے اس تنزل کی خبر دی تھی اور خدا تعالیٰ کے کلام میں یہ بات موجود تھی تو پھر میرے لئے اس میں گھبرانے کی کون سی بات ہے۔غرض مومن کے لئے اُن ابتلائوں میں جو خدائی پیشگوئی کے ماتحت آئیں بڑی بھاری طاقت ہوتی ہے کیونکہ ان ابتلائوں اور ان مصیبتوں اور اُن دکھوں سے اللہ تعالیٰ کی باتیں پوری ہوتی ہیں۔اگر وہ ابتلا نہ آئیں تو وہی دشمن جو ان ابتلائوں کو اسلام کے جھوٹا ہونے کی دلیل قرار دیتا ہے جھٹ یہ کہنے لگ جائے کہ تمہارے نبی نے تو یہ یہ خبر دی تھی مگر اب تک پوری نہیں ہوئی۔لیکن جب وہ خبر پوری ہو جاتی ہے۔جب پیشگوئیوں کے مطابق ایک تنزل کا دور آجاتا ہے تو اسی کو مذہب کے جھوٹا ہونے کا ثبوت قرار دے دیتا ہے حالانکہ یہ صداقت کا ثبوت ہوتا ہے۔یہ اس نبی کی راستبازی کا ثبوت ہوتا ہے یہ کفر کی شکست کا ثبوت ہوتا ہےکیونکہ جیسے ترقی کے متعلق خدا تعالیٰ کی بات پوری ہوئی تنزل کے بارہ میں بھی خدا تعالیٰ کی بات پوری ہوئی اور یہی ثابت کرنا مذہب کا اولین کام ہوتا ہے۔پس یہ ایک بڑا بھاری نکتہ ہے جس کو سمجھ لینے کے بعد زمانۂ تنزل میںبھی انسان کا ایمان کبھی متزلزل نہیں ہو سکتا بلکہ اس کا قدم ایک مضبوط چٹان پر قائم رہتا ہے وہ جانتا ہے کہ میرا مذہب بہرحال سچا ہے غلبہ کے ایام میں بھی وہ سچا تھا اور تنزل کے ایام میں بھی وہ سچا ہے کیونکہ اس تنزل کی وہ پہلے سے خبر دے چکا تھا۔مگر افسوس کے مسلمانوں نے اس نکتہ کو نہ سمجھا اور وہ مایوسی کا شکار ہو گئے۔میں نے اپنی کتاب دعوۃ الامیر میں اس بات کو ایک حد تک تشریح سے بیان کیا ہے اور اس امر پر روشنی ڈالی ہے کہ اسلام کے تنزل کی خبریں بھی اپنے اندر اسلام اور قرآن کی صداقت کا ثبوت رکھتی ہیں کیونکہ ان خبروں کا قرآن اور احادیث میں تفصیل سے ذکر آتا ہے اور پھر اس کے ساتھ ہی اسلام صرف تنزل کی خبر پر اکتفا نہیں کرتا بلکہ اس نے یہ خبر بھی دی ہوئی ہے کہ اس زمانہ میں تنزل کے بعد اسلام پھر اپنے کمال کو پہنچے گا۔پھر کُفر اپنے مُنہ کے بل گرے گا اور پھر ساری دنیا پر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن کا غلبہ ہو گا۔پس یہ تنزل اپنے اندر ایک ترقی کی بشارت رکھتا ہے۔اور یہ تاریکی ایک سورج کے نمودار ہونے کی خبر دے رہی ہے اور جب حالت یہ ہے تو مسلمان کیوں مایوس ہیں اور کیوں وہ خدائی وعدوں کے مطابق غور نہیں کرتے کہ وہ آسمانی روشنی کہاں ظاہر ہوئی اور اس ظلمت کے پردے چاک کرنے والا سورج کس جگہ طلوع ہوا ہے۔اسی سلسلہ میں مَیں نے اوپر ذکر کیا ہے کہ اس بار ہ میں مجھے ایک عجیب تجربہ ہوا ہے۔سرحد کے ایک رئیس چوہدری فقیر محمد صاحب اگزکٹو انجینئر تھے وہ ایک دفعہ دہلی میںمجھے ملے اور انہوں نے مجھ سے ذکر کیا کہ ہم چار بھائی