سُوْرَۃُ الْغَاشِیَۃِ
تفسیر کبیر (جلد ۱۲)
سُوْرَۃُ الْغَاشِیَۃِ مَکِّیَّۃٌ سورۃ غاشیہ۔یہ سورۃ مکی ہے وَھِیَ سِتٌّ وَّعِشْـرُوْنَ اٰیَۃً دُوْنَ الْبَسْمَلَۃِ وَ فِیْـھَا رُکُوْعٌ وَّاحِدٌ اور اس کی بسم اللہ کے علاوہ چھبیس آیات ہیں اور ایک رکوع ہے سورۃ غاشیہ مکی سورۃ ہے اس سورۃ کا نام غاشیہ ہے اور یہ سورۃ بغیر کسی اختلاف کے مکی ہے۔حضرت عبداللہ بن عباسؓ اور حضرت عبداللہ بن زبیرؓ دونوں سے مروی ہے کہ یہ سورۃ مکہ میں نازل ہوئی تھی اور چونکہ کوئی اور روایت اس کے خلاف نہیں اس لئے اس سورۃ کے مکی ہونے میں کوئی شبہ نہیں۔مسند احمد بن حنبل اور مسلم اور سنن نسائی اور سنن ابوداؤد اور ابن ماجہ میں نعمان بن بشیرؓ سے روایت آتی ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ اور عیدین کی پہلی رکعت میں سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْاَعْلَى اور دوسر ی میں سورۃ الغاشیہ پڑھا کرتے تھے بلکہ اگر دونوں نمازیں جمع ہو جاتی تھیںیعنی اگرکبھی عیدالفطر اور جمعہ اکٹھے ہو جاتے یا عیدا لاضحیہ اور جمعہ اکٹھے ہو جاتے تب بھی آپ دونوں نمازوں میں یہ دونوں سورتیں پڑھا کرتے تھے۔(صحیح مسلم کتاب الجمہ، باب ما یقرأ فی صلاۃ الجمعۃ ) زمانہ نزول پادری ویری لکھتے ہیں کہ اس سورۃ کے نزول کا زمانہ چوتھے سال نبوت کے قریب ہے کیونکہ اس کے مضامین ایسے ہیں جن سے پتہ لگتا ہے کہ مسلمانوں پر کفار کے مظالم یا تو شروع ہو گئے تھے یا شروع ہونے والے تھے۔(A Comprehensive Comentary on Qur’an by Wherry vol:4 p239) نولڈکے NOLDEKE جو جرمن مصنّف ہے اس کا بھی یہی خیال ہےاور چونکہ صحابہؓ کی رائے بھی جو قطعی طور پر آپس میں ملتی ہے اس رائے کے موافق ہے جس کے معنے یہ ہیں کہ یہ سورۃ اتنا عرصہ پہلے نازل ہوئی ہے کہ یہ خیال بھی نہیں کیا جا سکتا کہ اس کے ابتدائی زمانہ میں نازل ہونے کے خلاف کوئی بات کہی جا سکتی ہو اس لئے ہمیں اس سورۃ کے متعلق کسی بات کی تردید کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔اس کے مضامین ایسے ہی ہیں جن سے پتہ لگتا ہے کہ دشمن اپنی دشمنی کو شروع کرنے والا ہے۔اس میں ایسی
دشمنی کا اظہار نہیں جو عملًا رونما ہو چکی ہو لیکن اتنا ضرور معلوم ہوتا ہے کہ لوگ منصوبہ بازیاں کر رہے ہیں تاکہ مسلمانوں پر سختی کریں اور مسلمان حیران ہیں کہ اب ہمارا کیا بنے گا۔پس یوروپین مصنّفین کا استدلال غلط نہیں کہ یہ سورۃ ابتدائی زمانہ کی ہے بلکہ اسلامی روایات کے مطابق درست ہی معلوم ہوتا ہے۔سورۃ الاعلیٰ اور سورۃ غاشیہ کا اسلام کی اجتماعی زندگی کے ساتھ گہرا تعلق اس سورۃ اور سورۃ الاعلیٰ کو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا جمعہ اور عیدین میں پڑھنا اور بالالتزام پڑھنا اور اتنا تعہد کرنا کہ اگر دونوں نمازیںجمع ہو جائیں تب بھی آپ دونوں میں التزامًا یہ سورتیں پڑھا کرتے تھے بتاتا ہے کہ اسلام کی اجتماعی زندگی کے ساتھ یہ دونوں سورتیں گہرا تعلق رکھتی ہیں۔سورۃ الاعلیٰ کا جوڑ تو نظر ہی آتا ہے کہ اس میں قرآن کریم کے قولِ فصل ہونے کے لحاظ سے بحث کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ کس طرح اسلام اپنے انتہائی کمال کو پہنچ جائے گا۔اس ضمن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسلام کو ایسے خادم مل جا ئیں گے جو قرآن کریم کے حافظ ہوں گے۔اسی طرح اس کی حفاظت کے متعلق اور کئی قسم کی غیر معمولی تحریکات دنیا میں جاری ہو جائیں گی۔گویا سورۃ الاعلیٰ اسلامی ترقی اور دین اسلام کی اشاعت اس کے ماننے والوں کی زیادتی اور مسلمانوں کے غلبہ پر دلالت کرتی تھی اور سورۃ الغاشیہ میں گو وہ مضمون نہیں مگر اس میں بھی یہ بات ضرور پائی جاتی ہے کہ کافروں کے اسلام کے خلاف اٹھنے اور زور لگانے کا اس میں اشارہ کیا گیا ہے اور مومنوں کا ان کے مقابلہ میں کامیاب ہونا اشارۃً بیان کیا گیا ہے مگر چونکہ ابھی اسلام کے ابتدائی ایام تھے اور خواہ مخواہ کفار کو بھڑکانہ مقصود نہیں تھا اس لئے جنگ اور مقابلے کا اللہ تعالیٰ صریح الفاظ میں ذکر نہیں کرتا بلکہ ایسے الفاظ میں ذکر کرتا ہے جو ٹھیس لگانے والے نہ ہوں۔جس طرح دشمن نے کھلے طور پر مخالفت کا اظہار نہیں کیا تھا اسی طرح اللہ تعالیٰ نے بھی کھلے طور پر یہ ذکر نہیں کیا کہ مسلمان لڑیں گے اور کفار کو مغلوب کرلیں گے صرف نتیجے کا ذکر کر دیا ہے کہ اسلام کے خلاف مخالفین کچھ کوششیں کریں گے لیکن وہ اسلام کو گزند پہنچانے میں ناکام رہیں گے اور آخر مسلمانوں کو اپنے مخالفین پر غلبہ حاصل ہو جائے گا۔گویا صاف الفاظ میں اس سورۃ میں لڑائی کا ذکر نہیں کیا صرف اشارۃً اس کا ذکر کیا ہے تاکہ اس وقت جب کہ مخالفین اسلام نے کھلے طور پر حملہ نہیں کیا تھا اس قسم کی باتوں کی وجہ سے اسلام کی طرف سے ابتدا نہ سمجھی جائے اور یہ خیال نہ کیا جائے کہ کفار کو انہوں نے بھڑکا دیا ہے۔سورۃ کا خلاصہ مضمون اس سورۃ کا مضمون بھی اجتماعی کاموں پر دلالت کرتا ہے۔چنانچہ اس سورۃ میں ایک مجموعۂ افراد کا ذکر کرتے ہوئے پیشگوئی کی گئی ہے کہ وُجُوْهٌ يَّوْمَىِٕذٍ نَّاعِمَةٌ لِّسَعْيِهَا رَاضِيَةٌ۔ان الفاظ میں
اللہ تعالیٰ نے صرف رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ترقی کی خبر نہیں دی بلکہ جماعت مسلمہ کی ترقی کی بھی خبر دی ہے اسی طرح وُجُوْہٌ يَّوْمَىِٕذٍ خَاشِعَۃٌ عَامِلَۃٌ نَّاصِبَۃٌ میں اجتماعی طور پر کفار کے متعلق خبر دی گئی ہے کہ وہ مسلمانوں کے مقابلہ میں ناکام رہیں گے۔حقیقت یہ ہے کہ جس طرح سورۃ الاعلیٰ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ اور آخری زمانہ یعنی ہر دو زمانوں کے متعلق ہے اور یہ سورۃ بھی ان دونوں زمانوں کے حالات بیان کرتی ہے۔چونکہ ان دونوں سورتوں کا مضمون ایسا ہے جو شروع زمانۂ اسلام سے آخر زمانۂ اسلام تک تعلق رکھنے والا تھا۔اس لئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہمیشہ جمعہ اور عیدین میں بالالتزام ان دونوں سورتوں کی تلاوت فرمایا کرتے تھے۔جمعہ اور عیدین جو اجتماع کے مواقع ہیں ان میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ان دونوں سورتوں کی تلاوت کرنا بتاتا ہے کہ جب بھی مسلمان اجتماعی طاقت پکڑنے کی طرف متوجہ ہوں گے اور جب بھی خدا تعالیٰ مسلمانوں کی کمزوری کو دور کرنے لگے گا اس وقت یہ دونوں سورتیں اپنے مطالب کے لحاظ سے ظاہر ہو جائیں گی۔سورۃ الاعلیٰ میں یہ بات واضح کی گئی تھی کہ مسلمانوں کی ترقی اسی وقت ہو گی جب قرآن کریم کے معارف اور اس کے علوم کو ظاہر کرنے والا مامور اللہ تعالیٰ کی طرف سے آئے گا۔گویا مسلمانوں کی ترقی کبھی بھی دنیوی ذرائع سے نہیں ہو گی بلکہ مامورین پر ایمان لانے اور ان کی ہدایات پر چلنے کے ذریعہ ہو گی جیسا کہ سَنُقْرِئُكَ فَلَا تَنْسٰۤى کے الفاظ اس پر شاہد ہیں کہ قرآن کریم کے خدام جو بھولے ہوئے قرآن کو پھر واپس لائیں گے ان کے ذریعہ ہی مسلمان اپنی کھوئی ہوئی عزت کو حاصل کر سکیں گے۔آج جو مسلمان سیاسی ذرائع سے ترقی حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کو سورۃ الاعلیٰ کے مضامین کی طرف توجہ کرنی چاہیے۔اسلام کی ترقی تلواروں کے سایہ کے نیچے اب اس سورۃ میں اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ جب بھی اسلام کو ترقی ہو گی تلواروں کے سایہ کے نیچے ہو گی۔کبھی کوئی مامور ایسا نہیں آ سکتا جس کے آنے پر دنیا اس کا خوشی سے استقبال کرے اور کہے کہ ’’جی آئیاں نوں‘‘ یا ’’بھلے آئے‘‘ یا ’’برسروچشم‘‘ بلکہ جب بھی کوئی مامور آئے گا وُجُوْهٌ يَّوْمَىِٕذٍ خَاشِعَةٌ عَامِلَةٌ نَّاصِبَةٌ کی حالت رونما ہو گی اور ضرور اس کی مخالفت ہو گی اس مخالفت کے بغیر کسی روحانی سلسلہ کی ترقی کا امکان بالکل ناممکن ہے۔اگر حضرت مسیح ناصریؑ جیسا کہ مسلمان سمجھتے ہیں کسی وقت آسمان سے اتر آئیں تو ان کے زمانہ میں وُجُوْهٌ يَّوْمَىِٕذٍ خَاشِعَةٌ عَامِلَةٌ نَّاصِبَةٌ کی کوئی صورت نہیں ہو سکتی۔لوگ ہاتھ باندھ کر کھڑے ہو جائیں گے اور ان کے حلقۂ غلامی میں شامل ہو جائیں گے کیونکہ فرشتے ان کے ساتھ ہوں گے اور کسی کو انکار کی جرأت نہیں ہو سکے گی۔مگر الٰہی سنت کے ماتحت ایسا کبھی نہیں ہو سکتا ضروری ہے کہ ہر الٰہی سلسلہ کی
مخالفت ہو اور مخالفت کے بعد اس کو ترقی نصیب ہو۔غرض ان دونوں سورتوں سے پتہ لگتا ہے کہ اسلام کو ہمیشہ شدید مخالفت کے بعد ترقی ہوتی ہے پس یہ دونوں سورتیں مضامین کے لحاظ سے آپس میں گہرا تعلق رکھتی ہیں۔سورۃ غاشیہ کا سورۃ الاعلیٰ سے تعلق اس سورۃ کا سورۃ الاعلیٰ سے ایک قریبی تعلق بھی ہے جو بحر محیط کے مصنّف نے بیان کیا ہے اور وہ یہ ہے کہ پہلی سورۃ میں نار اور آخرت سے ڈرانے کا حکم تھا اور اس سورۃ میں دوزخ و جنت کا ذکر کیا گیا ہے مگر اصل تعلق وہی ہے جو میں نے بیان کیا ہے کہ ان ہر دو سورتوں میں اسلام کی ترقی کے دو۲ اصول بیان کئے گئے ہیں۔سورۃ الاعلیٰ میں یہ بتایا گیا ہے کہ جب بھی مسلمانوں کا تنزّل ہو گا قرآن کریم کے بھولنے سے ہو گا اور جب بھی مسلمانوں کی ترقی ہو گی ایسے شخص کے ذریعہ ہو گی جو قرآن کو آسمان سے واپس لائے گا گویا ایسے مامور تو آئیں گے جو بھولے ہوئے قرآن کو یاد کرائیں گے مگر ایسے مامور نہیں آ سکتے جو نئی شریعت لائیںاور سورۃ الغاشیہ میں اللہ تعالیٰ نے یہ بتایا ہے کہ مسلمانوں کی ترقی دَور اوّل میں ہو یا دَور آخر میں ہمیشہ ایسے ماموروں کے ذریعہ ہو گی جن کی شدید مخالفت ہو گی مگر بالآخر وہ جیت جائیں گے جیسا کہ وُجُوْهٌ يَّوْمَىِٕذٍ خَاشِعَةٌ عَامِلَةٌ نَّاصِبَةٌ میں بتایا ہے۔پس مسلمانوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ ان کی ترقی ہمیشہ مامورین پر ایمان لانے اور ساری دنیا سے لڑائی جھگڑا مول لینے کے بعد ہو گی۔ایسا وجود کوئی نہیں آ سکتا جسے لوگ آپ ہی آپ مان لیں۔پس آسمان سے کسی مامور کے اترنے کا خیال بالکل خلاف قرآن ہے۔بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ۰۰۱ (میں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے (شروع کرتا ہوں) هَلْ اَتٰىكَ حَدِيْثُ الْغَاشِيَةِؕ۰۰۲ کیا تجھے (دنیا پر) چھا جانے والی (مصیبت) کی بھی خبر پہنچی ہے؟ (یا نہیں)۔حلّ لُغات۔ھَلْ۔ھَلْ جب فعل سے پہلے آئے تو اس کے معنے قَدْ کے ہوتے ہیں لیکن عام طور پر ھَلْ تصدیق ایجابی کے لئے آتا ہے (مغنی اللبیب لابن ھشام) یعنی عام معنے اس کے ایسے سوال کے ہیں جس کے جواب میں تصدیق کا مطالبہ ہوتا ہے سوائے اس کے کہ اس کے بعد اِلَّا آ جائے اس وقت اس کے معنے نفی کے ہوجاتے ہیں۔پس آیت کے معنے یا تو یہ ہوں گے کہ کیا حدیثِ غاشیہ آ پہنچی یا نہیں یعنی آ پہنچی ہے اور یا پھر یہ
اور مسیح موعودؑ کے زمانہ کے لئے بھی اس کی پیشگوئی تھی۔سورۂ دخان میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے فَارْتَقِبْ يَوْمَ تَاْتِي السَّمَآءُ بِدُخَانٍ مُّبِيْنٍ۔يَّغْشَى النَّاسَ١ؕ هٰذَا عَذَابٌ اَلِيْمٌ(الدّخان:۱۱،۱۲) یعنی تو انتظار کر اس دن کا جب آسمان پر دھواں ہی دھواں چھا جائے گا اور سارے انسانوں کو اپنے اندر ڈھانپ لے گا یہ عذاب ہے جو نہایت ہی دردناک ہو گا۔غاشیہ سے مراد قحط کا عذاب چنانچہ رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کو جب مکہ والوں نے سخت دکھ دیا تو آپ نے اس پیشگوئی کے ماتحت دعا کی کہ اَللّٰھُمَّ اَعِنِّیْ عَلَیْـھِمْ بِسَبْعٍ کَسَبْعِ یُوْسَفَ (صحیح بخاری کتاب التفسیر باب ’’ثُمَّ تَوَلَّوْا عَنْهُ وَ قَالُوْا مُعَلَّمٌ مَّجْنُوْنٌ‘‘) اے خدا ان لوگوں نے مجھے سخت تنگ کر لیا ہے تو میری ان سات سالوں سے مدد فرما جن سات سالوں سے تو نے حضرت یوسف علیہ السلام کی مدد کی تھی چنانچہ اس دعا کے نتیجہ میں اس زمانہ میں شدید قحط پڑا۔بارشیں رک گئیں اور اس قدر تباہی آئی کہ مکہ والوں نے ابو سفیان کو خاص طور پر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف بھیجا اور کہا کہ آ پ کی قوم قحط کی وجہ سے برباد ہو گئی آپ دعا کریں کہ ان کی یہ حالت بدل جائے (صحیح بخاری کتاب التفسیر باب ’’ثُمَّ تَوَلَّوْا عَنْهُ وَ قَالُوْا مُعَلَّمٌ مَّجْنُوْنٌ‘‘) گویا جس طرح فرعون نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی طرف اپنے سفیر بھیجے تھے اسی طرح مکہ والوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی خدمت میں اپنا سفیر بھیجا اور درخواست کی کہ اس قحط کے دور ہونے کے متعلق دعا فرمائی جائے چنانچہ آپ نے دعا کی اور اللہ نے اس قحط کو دور کر دیا۔تو غاشیہ سے مراد وہ عذاب دخان بھی ہے جس کا ذکر سورۂ دخان میں کیا گیا ہے۔اس دخانِ مبین کے عذاب کی مسیح موعودؑ کے زمانہ کے لئے بھی پیشگوئی کی گئی ہے چنانچہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر جو الہامات نازل ہوئے ان میں ایک الہام یہ بھی ہے کہ یَوْمَ تَاْتِی السَّمَآءُ بِدُخَانٍ مُّبِیْنٍ وَتَرَی الْاَرْضَ یَوْمَئِذٍ خَامِدَۃً مُّصْفَرَّۃً (تذکرہ :۵۰۴) حضرت مسیح موعودؑ کے زمانہ میں آپ کی پیشگوئی کے مطابق قحط کا عذاب غرض علاوہ اور عذابوں کے جن کی طرف حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے الہامات میں اشارہ کیا گیا ہے قحط کے عذاب کی خبر بھی آپ کے الہامات میں موجود ہے اور بتایا گیا ہے کہ اس زمانہ میں لوگوں پر شدید تنگی اور مصیبت کے سال آئیں گے۔چنانچہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے زمانہ میں علاوہ عام قحطوں کے جنگوں کی وجہ سے جو قحط پڑے ہیں وہ ایسے شدید ہیں کہ ان کی مثال پہلے زمانوں میں نہیں ملتی۔دنیا میں ایک ایک سال کے قحط پڑتے ہیں تو تباہی آ جاتی ہے مگر یہاں قحطوں کی یہ حالت ہے کہ بعض اقوام ایسی ہیں جنہوں نے چھ چھ سال سے پیٹ بھر کر
کھانا نہیں کھایا۔۱۹۴۲ء کے شروع میں جب قحط کی تکلیف شروع ہوئی اور غلّہ کی سخت قلت ہو گئی تو میں ان دنوں میں سندھ میں تھا مجھے وہاں قادیان سے اطلاع ملی کہ یہاں اوّل تو گندم ملتی ہی نہیں اور اگر ملتی ہے تو اس کی روٹی کالی پکتی ہے چنانچہ میں نے جو گندم کا نمونہ دیکھا زیرہ کے برابر اس کا دانہ تھااور رنگ ایسا تھا جیسے سیاہ گڑ ہوتا ہے میرے نزدیک تو اس گندم سے پکی ہوئی روٹیاں جانوروں کے کھانے کے قابل بھی نہیں تھیں مگر لوگ ان ایام میں مجبوراً وہی کھاتے رہے۔بنگال میں یہ حالت ہو گئی کہ ایک یتیم لڑکی جو ایک احمدی نے پرورش کے لئے رکھی ہوئی ہے بتاتی ہے کہ میں اور واقعات تو بھول گئی ہوں مگر مجھے اتنا یاد ہے کہ لوگ مردوں کی ہڈیاں لے کر کھا جاتے تھے۔بعض جگہ پر ثابت ہوا ہے کہ عورتوں نے اپنے بچے ذبح کر کے کھا لئے۔یہ کیسا خطرناک قحط ہے کہ دس لاکھ آدمی سے زیادہ چند مہینوں میں ہی بھوک کی وجہ سے مر گیا اور یہ دس لاکھ بھی گورنمنٹ کا اندازہ ہے ورنہ پبلک کا اندازہ یہ ہے کہ بنگال میں بیس لاکھ آدمی قحط کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں حالانکہ بیس لاکھ آدمی جنگ کے قریبًا چھ سالہ عرصہ میں بھی ہلاک نہیں ہوئے۔پھر یہ وہ زمانہ ہے جس میں ریل موجود ہے، موٹریں موجود ہیں، لاریاں موجود ہیں، نہریں چل رہی ہیں اور سامان خورد ونوش نہایت آسانی کے ساتھ ایک مقام سے دوسرے مقام پر پہنچایا جا سکتا ہے باوجود سامانوں کی اس قدر افراط کے ایک سال کے اندر اندر بیس لاکھ آدمی بنگال میں بھوک کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔اگر یہ قحط کسی ایسی جگہ پڑتا جہاں کھانے پینے کا سامان کسی صورت میں بھی پہنچایا نہ جا سکتا تو شاید ایک آدمی بھی نہ بچتا اور سب کے سب ہلاک ہو جاتے۔ہزارہا آدمی ایسے ہیں جو بنگال سے نکل کر پنجاب اور سرحد میں آبسے ہیں اور انہوں نے یہ خیال کر لیا ہے کہ اب شاید قیامت تک بنگال میں قحط ہی رہے گا۔بعض لوگ کہتے ہیں کہ ہمارے خاندان میں سے کوئی زندہ ہی نہیں رہا اس لئے ہم گھبرا کر وہاں سے نکل آئے ہیں اب ہم نے واپس جا کر کیا کرنا ہے۔بعض واقعات ایسے ہوئے ہیں کہ ایک بھوک سے تڑپتے ہوئے بچہ کو اٹھا کر لایا گیا اور اسے دودھ پلایا گیا تو دودھ کے اندر جاتے ہی وہ بچہ ہلاک ہو گیا۔دراصل لمبے فاقہ کی وجہ سے معدہ میں زہر پیدا ہو جاتا ہے اور جب دودھ یا کوئی اور غذا اندر جاتی ہے تو انسان ہلاک ہو جاتا ہے۔پس هَلْ اَتٰىكَ حَدِيْثُ الْغَاشِيَةِ کے یہ معنے ہیں کہ کیا تمہیں معلوم ہے یا نہیں کہ غاشیہ کہلانے والی مصیبت بھی آنے والی ہے۔هَلْ چونکہ عام طور پر تصدیق ایجابی کے لئے آتا ہے اس لئے اس کے معنے یہ ہوں گے کہ کیا حدیث غاشیہ آ پہنچی کہ نہیں یعنی آ پہنچی ہے۔لیکن هَلْ جب فعل سے پہلے آئے تو کبھی قَدْ کے معنے بھی دیتا ہے اس لحاظ سے آیت یوں ہو گی قَدْ اَتٰىكَ حَدِيْثُ الْغَاشِيَةِ لو اب مخالفتیں تیز ہونے والی ہیںاس لئے خدا تعالیٰ کی
طرف سے بھی عذاب کی خبریں آ رہی ہیں یا اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہم نے تیری طرف حَدِيْثُ الْغَاشِيَةِ بھیج دی۔دشمن اب شرارت میں بڑھنے والا ہے اس لئے ہم نے بھی عذاب کی خبریں دینی شروع کر دی ہیں۔هَلْ اَتٰىكَ حَدِيْثُ الْغَاشِيَةِ میں آنحضرت صلعم کی فتح کی خبر اور غاشیہ کے معنے چونکہ اس شخص کے بھی ہوتے ہیں جس کے پاس کثرت سے لوگ آئیں اس لئے حَدِيْثُ الْغَاشِيَةِ کے معنے فتوحات کے بھی ہو سکتے ہیں اور معنے یہ ہوں گے کہ چاروں طرف سے لوگوں کے وفود تیرے پاس آئیں گے۔گویا درمیانی زمانۂ مخالفت کو چھوڑ دیا اور آخری نتیجہ بیان کر دیا کہ تیرے پاس وفود آئیں گے۔ان معنوں کے لحاظ سے حَدِيْثُ الْغَاشِيَةِ میں سال وفود کی خبر دی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ کفار سے جنگ ہو گی۔تو اس جنگ میں جیت جائے گا اور پھر چاروں طرف سے لوگوں کے وفود تیرے پاس آئیں گے دشمن ان کو دیکھ دیکھ کر جل مرے گا اور مومن بہت بڑی ترقیات حاصل کریں گے۔وُجُوْهٌ يَّوْمَىِٕذٍ خَاشِعَةٌۙ۰۰۳ اس دن (جب وہ مصیبت چھا جائے گی) کچھ چہرے اترے ہوئے ہوں گے عَامِلَةٌ نَّاصِبَةٌۙ۰۰۴ (وہ) محنت کر رہے ہوں گے (اور) تھک کر چور ہو رہے ہوں گے(لیکن محنت انہیں فائدہ نہ دے گی)۔حلّ لُغات۔وُجُوْهٌ۔وُجُوْهٌ : وَجْہٌ کی جمع ہے اور وَجْہٌ کے اصل معنے تو چہرے کے ہوتے ہیں لیکن اس کے علاوہ بھی اس کے کئی معنے ہوتے ہیں چنانچہ ایک معنے سَیِّدُ الْقَوْمِ کے ہوتے ہیں یعنی قوم کا سردار۔پھر وَجْہٌ کے معنے اس انسان کے بھی ہوتے ہیں جو عزت اور وجاہت رکھتا ہو (اقرب) چنانچہ کہتے ہیں رَجُلٌ وَجْہٌ اور مراد ہوتی ہے ذُوْ جَاہٍ یعنی فلاں آدمی بڑی عزت اور وجاہت والا ہے پس وُجُوْهٌ کے معنے ہوئے کچھ لوگ جو معزز سمجھے جاتے ہیں یا کچھ لوگ جو قوم کے سردار ہیں۔خَاشِعَۃٌ۔خَاشِعَۃٌ: خَشَعَ سے اسم فاعل مؤنث کا صیغہ ہے اور خَشَعَ لَہٗ خُشَوْعًا کے معنے ہوتے ہیں ذَلَّ وَ تَطَاْمَنَ اس سے دب گیا۔اس کے ماتحت ہو گیا یا اس کے سامنے اسے جھکنا پڑا۔اور خَشَعَ بِبَصَـرِہٖ کے معنے ہوتے ہیں غَضَّہٗ اس نے اپنی آنکھیں نیچی رکھیں۔اور خَشَعَ بَصَـرُہٗ کے معنے ہوتے ہیں اِنْکَسَـرَ اس کی نظر
جھک گئی یعنی ذلّت اور رسوائی کی وجہ سے انسان نے آنکھ اونچی نہ کی۔اور خَشَعَتِ الْاَصْوَاتُ لِلرَّحْمٰنِ کے معنے ہیں سَکَنَتْ وَذَلَّتْ وَخَضَعَتْ آوازیں دب گئیں اور خدا تعالیٰ کے سامنے ذلّت اور اقرارِ اتباع پر مجبور ہو گئیں (اقرب) پس وُجُوْهٌ يَّوْمَىِٕذٍ خَاشِعَةٌ کے معنے ہوئے اس دن کچھ سردارانِ قوم ہوں گے یا کچھ لوگ ہوں گے یا کچھ وجاہت والی ہستیاں ہوں گی جو بالکل ذلیل ہو جائیں گی اور ان کی آوازیں دب جائیں گی۔نَاصِبَۃٌ۔نَاصِبَۃٌ: نَصَبَ سے اسم فاعل مؤنث کا صیغہ ہے اور نَصَبَہُ الْھَمُّ کے معنے ہوتے ہیں اَتْعَبَہٗ غم نے اس کو تھکا دیا۔اور نَصَبَ فُلَانٌ الشَّیْءَ کے معنے ہوتے ہیں وَضَعَہٗ وَضْعًا ثَابِتًا کَنَصْبِ الرُّمْـحِ وَالْبِنَاءِ وَالْـحَجَرِ یعنی کسی چیز کو مضبوطی سے گاڑ دیا جیسے نیزہ گاڑا جاتا ہے یا بنیاد کو مضبو ط بنایا جاتا ہے یا پتھر کو عمارت میں مضبوطی سے پیوست کر دیا جاتا ہے۔وَ رَفَعَہٗ ضِدٌّ نیز یہ لفظ اضداد میں سے ہے اور اس کے معنے بلند کرنے کے بھی ہوتے ہیں اور نَصَبَ السَّیْـرَ کے معنے ہوتے ہیں رَفَعَہٗ اَوْ ھُوَ اَنْ یَّسِیْرَ طُوْلَ یَوْمِہٖ سَیْرًا لَیِّنًا اس نے سیر کو بلند کیا یعنی خوب تیزی سے سفر کیا یا آہستہ آہستہ سارا دن سفر کرتا رہا۔گویا اس کے دونوں معنے ہیں۔یہ بھی معنے ہیں کہ خوب گھوڑا دوڑایا اور یہ بھی معنے ہیں کہ آہستہ آہستہ دیر تک سفر کرتا چلا گیا۔اور نَصَبَ لِفُلَانٍ کے معنے ہوتے ہیں عَادَاہُ اس سے دشمنی کی اور نَصَبَ لَہٗ الْـحَرْبَ کے معنے ہوتے ہیں وَضَعَھَا اس کے خلاف لڑائی کی اور نَصَبَ الْعَلَمَ کے معنے ہوتے ہیں رَفَعَہٗ وَاَقَامَہٗ مُسْتَقْبِلًا بِہٖ اس نے جھنڈے کو اپنے سامنے کھڑا کیا۔اور نَصَبَ الشَّجَرَۃَ کے معنے ہوتے ہیں غَرَسَھَا فِی الْاَرْضِ اس نے زمین میں درخت گاڑا اور نَـصَـبَ السُّـلْــطَــانُ فُـلَانًـا کے معنے ہوتے ہیں وَلَّاہُ مَنْصَبًا اس کو بادشاہ نے کسی منصب پر مقرر کیا اور نَصَبَ الــشَّـــرَّ لِـــفُــلَانٍ کے معنے ہوتے ہیں اَظْــہَــرَہٗ لَـــہٗ اس کے خلاف منصوبہ بازی کی اور نَـــصَـــبْــتَ لَــہٗ رَأْیًـا کے معنے ہوتے ہیں اَشَـرْتَ عَــلَــیْــہِ بِـرَاْیٍ لَایَعْدِلُ عَــنْــہُ کہ تو نے ایسی رائے اس کو دی جس سے وہ ادھر ادھر نہ ہوسکا۔(اقرب) عَامِلَۃٌ نَّاصِبَۃٌ کے آٹھ معنے پس عَامِلَۃٌ نَّاصِبَۃٌ کے معنے ہوئے عمل کرنے والی جماعت یا اعلان جنگ کرنے والی یا اپنی بنیادوں کو مضبوطی سے گاڑ دینے والی یا لمبے لمبے سفر کرنے والی یا اپنی دشمنیوں کا اظہار کرنے والی یا عہدوں پر مقرر کرنے والی یا اپنے جھنڈوں کو اونچا کرنے والی یا نیزوں کو گاڑنے والی جماعت (اقرب) غَاشِیَةٌ کے معنے چونکہ عام مشکلات اور مصائب کے بھی ہیں جن میں وہ لڑائیاں بھی شامل ہیں جو کفار سے
ہوئیں۔اس لحاظ سے عَامِلَۃٌ نَّاصِبَۃٌ کے یہ معنے ہوں گے کہ اب مخالفینِ اسلام تمہارے خلاف منصوبے کرنے والے ہیں اور ان بغضوں اور کینوں کو جن کو وہ اپنے دلوں میں چھپائے بیٹھے تھے ظاہر کرنے والے ہیں۔تفسیر۔یہ بتایا جا چکا ہے کہ سورۃ غاشیہ کا نزول رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دعویٰ نبوت کے چوتھے سال کے قریب ہوا ہے اور یہی وہ سال ہے جس میں کفّار مکہ کی طرف سے منظّم رنگ میں ایذاء دہی کا سلسلہ شروع ہوا۔ابتداء میں تو لوگ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دعویٰ نبوت کو سنتے تو کہتے۔ہائے ہائے بےچارہ پاگل ہوگیا ہے (نعوذ باللہ من ذالک) اس طرح آپ کو مجنون اور پاگل کہہ کر وہ اپنے دل کا غصہ نکال لیتے تھے مگر جب کچھ لوگوں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو مان لیا خصوصاً نوجوان طبقہ میں سے ایک بااثر حصہ آپ کی بیعت میں شامل ہو گیا جن میں حضرت عثمانؓ حضرت طلحہؓ اور حضرت زبیرؓ خاص طور پر قابل ذکر ہیں تو کفار میں اسلام کے خلاف سخت جوش پیدا ہو گیا۔ان کے دلوں میں اسلام کی مخالفت کا جوش پیدا کرنے والی دو چیزیں تھیں ایک غلاموں کا اسلام میں شامل ہونا۔دوسرے رؤسا میں سے بعض نوجوانوں کا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لے آنا۔حضرت عثمانؓ، حضرت طلحہؓ اور حضرت زبیرؓ ایسے خاندانوں میں سے تھے جو مکہ کے رؤوسا میں شمار ہوتے تھے۔جب یہ لوگ ایمان لے آئے تو وہ لوگ جو رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کو پاگل کہا کرتے تھے ان لوگوں نے طعنہ دینا شروع کر دیا کہ کیا یہ پاگل ہے یہ تو تمہارے گھروں میں سے نوجوانوں کو اپنی طرف کھینچ کر لے گیا ہے اور تم اسی خیال میں مست ہو کہ یہ پاگل ہے ہمارا کیا بگاڑ سکتا ہے۔اسی طرح جب غلام مسلمان ہوئے اور کفار مکہ نے ان غلاموں کے منہ سے یہ باتیں سننی شروع کیں کہ بتوں کی پرستش بالکل بے ہودہ بات ہے ان میں رکھا ہی کیا ہے وہ تو کسی کو نہ فائدہ پہنچا سکتے ہیں نہ نقصان۔تو یہ باتیں ان کے لئے بالکل ناقابلِ برداشت ہو گئیں۔کیونکہ اوّل تو ان کے بتوں کو برا بھلا کہا جاتا تھا اور پھر کہنے والے وہ تھے جو ان کے غلام تھے۔یہ حالات تیسرے سال کے بعد پیدا ہونے لگ گئے تھے چنانچہ اسلام کی ترقی کو دیکھ کر انہوں نے علی الاعلان کہنا شروع کر دیا کہ اب مذاق ہو چکا۔اب ہم ان باتوں کو برداشت نہیں کر سکتے۔ہمارے ہاں بھی جب آپس میں مذاق ہو تو معمولی مذاق تو دوسرا شخص برداشت کرتاجاتا ہے لیکن جب بات بڑھنے لگے تو وہ کہہ دیتا ہے اب حد ہوگئی اب اس کے بعد اگر کوئی مذاق کیا تو میں تم سے لڑ پڑوں گا۔اسی طرح تیسرے سال کے بعد کفّار مکہ نے کہنا شروع کر دیا کہ ہم تو ان باتوں کو مذاق سمجھتے تھے مگر اب تو حد ہوگئی اب یہ باتیں ہمارے لئے ناقابلِ برداشت ہو گئی ہیں چنانچہ انہوں نے اپنے بغضوں اور شرارتوں
کا اعلان کردیا۔(طبـری جلد دوم ذکر الـخبر عما کان من امر النبی صلی اللہ علیہ وسلم صفحہ ۲۲۳) پس ان کے اس اعلان کی ہی خبر خدا تعالیٰ نے وُجُوْهٌ يَّوْمَىِٕذٍ خَاشِعَةٌ عَامِلَةٌ نَّاصِبَةٌ میں دی ہے کیونکہ نَاصِبَۃٌ کے ایک معنے افسر مقرر کرنے کے بھی ہوتے ہیں۔اس لئے اس آیت میں اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ وہ وقت آ رہا ہے جبکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالفت میں مکہ والے کمانڈر اور افسر مقرر کریں گے اور یہ لوگ پورا زور لگائیں گے کہ اسلام نہ پھیلے۔چنانچہ پیشگوئی کے مطابق مخالفین نے مخالفت کے جھنڈے گاڑ دیئے اور مقابلہ کے لئے اتر آئے۔پھر جن الفاظ میں مخالفین کی مخالفت کی خبر دی ہے وہ ایسے ہیں کہ ان سے مخالفت کی تفصیل اور اس کا انجام بھی معلوم ہو جاتا ہے۔چنانچہ پہلے عَامِلَۃٌ کہا اور عَامِلَۃٌ میں انفرادی طور پر مکہ والوں کے مخالفت کرنے کا ذکر تھا مگر اس کے بعد نَاصِبَۃٌ کا لفظ استعمال کیا اور نَاصِبَۃٌ میں قومی طور پر مخالفت کرنے کا ذکر ہے اور اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ اب مکہ والے صرف انفرادی طور پر نہیں بلکہ قومی طور پر اور اجتماعی رنگ میں بھی مخالفت کریں گے اور اپنے میں سے بعض کو افسر مقرر کریں گے تاکہ ایک تنظیم کے ماتحت وہ مسلمانوں سے لڑیں اور ان کو دِق کریں۔پھر نَاصِبَۃٌ کے ایک معنے چونکہ تھکنے والی جماعت کے بھی ہیں۔گویا آیت کے اس حصہ میں مخالفت کے انجام کی طرف اشارہ کر دیا کہ اہالیانِ مکہ مخالفت میں پوری محنت صرف کریں گے مگر اس کے نتیجہ میں ان کو کوئی خوشی نہیں پہنچے گی۔محنت کریںگے لیکن نتیجہ تھکان ہی تھکان نکلے گا آرام و راحت میسر نہیں آئے گی۔تَصْلٰى نَارًا حَامِيَةًۙ۰۰۵ وہ (سخت گرم اور) بھڑکتی ہوئی آگ میں داخل ہوں گے۔حلّ لُغات۔حَامِیَۃٌ۔حَامِیَۃٌ : حَـمِیَ سے ہے اور حَـمِیَتِ النَّارُ کے معنے ہوتے ہیں اِشْتَدَّ حَرُّھَا آگ نہایت تیزی کے ساتھ بھڑک اٹھی (اقرب) پس حَامِیَۃٌ کے معنے ہوں گے شدت سے بڑھکنے والی اور تَصْلٰى نَارًا حَامِيَةً کے معنے ہوں گے کہ مخالف جماعتیں بھڑکتی آگ میں داخل ہوں گی۔ساری آگیں ایک قسم کی نہیں ہوتیں بعض آگیں زیادہ گرم ہوتی ہیں اور بعض کم گرم۔یہاں تک کہ بعض آگیں ایسی ہوتی ہیں کہ لوگ ننگے پاؤں صرف پاؤں کو کیچڑ لگا کر ان کے اوپر سے گذر جاتے ہیں اور انہیں کوئلوں کی گرمی محسوس نہیں ہوتی۔مگر فرماتا ہے کہ وہ آگ جس میںمخالفین داخل ہوں گے وہ نَارًا حَامِيَةً ہو گی یعنی ایسی آگ جو اپنی تیزی اور اپنی گرمی میں
انتہا پر پہنچ چکی ہو گی۔تفسیر۔تَصْلٰى نَارًا حَامِيَةً میں مخالفین کی ناکامی کی پیشگوئی فرماتا ہے یہ مخالفت چاہے انفرادی ہو یا قومی مخالفین کی تباہی کا موجب ہو گی اور بجائے اس کے کہ مخالف لوگ امن و آرام پائیں یا انہیں عزّت اور کامیابی حاصل ہو یہ اس آگ میں داخل ہوں گے جو سخت گرم ہو گی اور بھڑکنے میں تیز ہو گی یعنی مسلمان ترقی کر جائیں گے اور مخالفین اپنے منصوبوں میں ناکام و نامراد رہیں گے اور آگ میں جلیں گے۔تُسْقٰى مِنْ عَيْنٍ اٰنِيَةٍؕ۰۰۶ انہیں ابلتے ہوئے چشمہ سے (پانی) پلایا جائے گا۔حلّ لُغات۔عَیْنٌ۔عَیْنٌ کے عربی زبان میں بہت سے معنے ہیں ان معنوں میں سے ایک چشمہ کے ہیں اور دوسرے معنے بادل کے ہیں (اقرب) اس آیت میں چونکہ تُسْقٰى کا لفظ استعمال ہوا ہے اس لئے عَیْنٌ سے مراد چشمہ یا بادل ہی ہو سکتا ہے۔اٰنِیَۃٌ۔اٰنِیَۃٌ: اَنَی ( یَاْنِی اَنْیًا وَ اِنًی وَاَنَاءً )سے ہے اور اَنَی کے معنے ہوتے ہیں دَنٰی وَقَرُبَ وَحَضَـرَ۔وہ قریب ہو گیا اور سامنے آ گیا۔جب پانی کے متعلق یہ لفظ بولا جاتا ہے تو اس کے معنے ہوتے ہیں اِنْتَـھٰی حَرُّہٗ کہ پانی سخت گرم ہو گیا (اقرب) جیسے آگ کے متعلق کہتے ہیں حَـمِیَتِ النَّارُ یعنی آگ سخت بھڑک اٹھی اسی طرح پانی کے لئے جب یہ لفظ استعمال کیا جائے تو اس کے معنے ہوتے ہیں وہ تیز گرم ہو گیا۔پس تُسْقٰی مِنْ عَیْنٍ اٰنِیَۃٍ کے یہ معنے ہوئے کہ انہیں ایسے چشمے سے پانی پلایا جائے گا جو نہایت تیز گرم ہو گا یا ایسے بادلوں سے ان پر پانی برسے گا جو نہایت شدید گرم ہوں گے اور ان کو جھلس کر رکھ دیں گے۔تفسیر۔انسان پانی پیتا ہے تو اس کی غرض یہ ہوتی ہے کہ پیاس بجھے اور پیاس ہمیشہ ٹھنڈا پانی بجھاتا ہے۔لیکن یہاں یہ ذکر ہے کہ ان کو سخت کھولتا ہوا گرم پانی پلایا جائے گا۔گرم پانی انسان دو ہی حالتوں میں پیتا ہے یا تو اس وقت جب بیمار ہو اور علاج کے لئے اسے گرم پانی پینا پڑے اور یا پھر اس وقت جب ٹھنڈا پانی اسے میسر نہ آئے اور مجبوراً گرم پانی پینا پڑے۔(گو اس زمانہ میں لوگوں میں چائے کا طریق مروج ہو گیا ہے جو گرم بھی ہوتی ہے اور پیاس بجھانے کے لئے بھی استعمال کی جاتی ہے مگر وہ درحقیقت ایک غذ اہے پانی کا قائم مقام نہیں) پس
گرم پانی پینے کا ذکر فرما کر اس طرف اشارہ کیا ہے کہ وہ ہر آرام سے محروم ہو جائیںگے یا یہ کہ ان کی روحانی امراض کو دور کرنے کے لئے انہیں ابتلاؤں میں ڈالا جائے گا اور ایسے گرم چشمہ سے ان کو پانی پلایا جائے گا جس کی گرمی انتہا درجہ تک پہنچی ہوئی ہو گی۔یعنی پانی پینے کی جو اصل غرض ہوتی ہے کہ انسانی جسم پر تروتازگی آئے وہ ان کو حاصل نہیں ہو گی۔دنیا میں دو قسم کی چیزیں ہیں۔ایک تو ایسی ہیں جو نضارت اور تروتازگی پیدا کرتی ہیں اور ایک ایسی ہیں جو موٹاپا پیدا کرتی ہیں۔ان میں سے ایک مقصد غذا سے اور دوسرا مقصد پانی سے حاصل ہو جاتا ہے۔پانی پینے سے تروتازگی حاصل ہوتی ہے اور غذا کھانے سے بھوک دور ہوتی اور جسم فربہ ہوتا ہے۔کفار کے متعلق بتایا کہ ان کو یہ دونوںباتیں حاصل نہیں ہوں گی۔نہ ان کے اندر تازگی پائی جائے گی اور نہ ان کے جسم پر گوشت چڑھے گا یعنی ان کے دل بھی مرجھا جائیں گے اور ان کے جسم بھی مرجھا جائیں گے۔کھولتے ہوئے چشمہ سے پانی پینے سے مراد کھولتا ہوا چشمہ آخرت میں تو ہو گا ہی دنیا میں کھولتے ہوئے چشمہ سے مراد وہ چیز ہوتی ہے جس سے دل کو آگ لگ جائے۔مطلب یہ ہے کہ کفار کو ایسے مصائب پہنچیں گے اور ایسے حالات میں سے وہ گذریں گے کہ ان کے دل جل جائیں گے۔یہ عَیْنٍ اٰنِیَۃٍ ہی تھا کہ ان کی اولادیں مسلمان ہو گئیں اور جس مذہب کو مٹانے کے لئے وہ کھڑے ہوئے تھے اسی مذہب میں ان کے بیٹے شامل ہوگئے۔جب وہ اپنی اولادوں کو اسلام میں شامل ہوتے دیکھتے ہوں گے تو کس طرح ان کے دل جلتے ہوں گے کہ ہم کیا چاہتے تھے اور کیا ہو گیا۔ہمارے ہاں بھی محاورہ کے طور پر کہا جاتا ہے کہ میں تو غم کے گھونٹ پی رہا ہوں۔گویا غم کی چیزوں کو بھی پینے سے مشابہت دی جاتی ہے۔عربی زبان میں بھی غم کے گھونٹ پینا محاورہ کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔پس فرماتا ہے ان کو گرم اور تیز گھونٹ پلائے جائیں گے یعنی ایک طرف ان کی اولادیں اور دوسری طرف غلام مسلمان ہونے لگ جائیں گے جس کا ان کو شدید صدمہ پہنچے گا۔قرآن کریم میں اس حقیقت کو دوسری جگہ اللہ تعالیٰ نے ان الفاظ میں بیان فرمایا ہے اَوَلَمْ یَرَوْا اَنَّا نَاْتِی الْاَرْضَ نَنْقُصُھَا مِنْ اَطْرَافِھَا (الرعد:۴۲) یعنی یہ لوگ جو کہتے ہیں کہ ہم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم پر غالب آ جائیں گے۔آپؐکے دین کو مٹا دیں گے اور مسلمانوں کو شکست دے دیں گے کیا ان اندھوں کو یہ بات نظر نہیں آتی کہ ہم زمین کو اس کے کناروں سے چھوٹا کرتے چلے آ رہے ہیں ادھر غلام اسلام میں داخل ہو رہے ہیں اور ادھر نوجوان اسلام کو قبول کر رہے ہیں جب غلام اور نوجوان دونوں اسلام میں داخل ہو گئے تو پیچھے سوائے بڈھوں کے کون رہ جائے گا۔یہ بڈھے چند سالوں میں مر کر فنا ہو جائیں گے اور ان کی نسلیں اسلام میں شامل ہو جائیں گی۔دنیا میں طاقت کے یہی دو ذرائع ہوتے ہیں