سُوْرَۃُ الْغَاشِیَۃِ
تفسیر کبیر (جلد ۱۲), حصہ 4
یہ ایک ایسی خوبی اور ایسا کمال ہے جس پر ہر قوم کو رشک کرنا چاہیے اور اپنے آپ کو ان جیسا بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔اسی خوبی کا اللہ تعالیٰ نے زیر تفسیر آیت میں ذکر کیا ہے اور بتایا ہے مسلمانوں میں یہ نہیں ہو گا کہ ایک شخص گاؤ تکیہ لگا کر بیٹھا ہوا ہو اور باقی لوگ اس کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑے ہوں بلکہ تمام افراد کو عزت حاصل ہو گی، تمام افراد کو وجاہت حاصل ہو گی، تمام افراد کو عظمت حاصل ہو گی اور تکیے سب کے پیچھے ہوں گے کسی ایک فرد کے پیچھے بڑا سا تکیہ نہیں رکھا ہو گا۔وَّ زَرَابِيُّ مَبْثُوْثَةٌؕ۰۰۱۷ اور فرش بچھے ہوئے ہوں گے۔حلّ لُغات۔زَرَابِیُّ۔زَرَابِیُّ کے معنے نَمَارِقُ کے بھی ہوتے ہیں اور فرش کے بھی۔زَرَابِیُّ کا واحد زِرْبِیٌّ بھی ہوتا ہے اور زَرْبِیَّۃٌ بھی (اقرب) مَبْثُوْثَۃٌ: بَثَّ سے اسم مفعول کا صیغہ ہے اور بَثَّ کے معنے ہیں کسی چیز کو پھیلایا (مفردات) اور مَبْثُوْثَۃٌ کے معنے ہوں گے پھیلائے ہوئے۔تفسیر۔زَرَابِیُّ مَبْثُوْثَۃٌ کے یہ معنے ہیں کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو ہر ملک میں عزت بخشے گا اور ہر قوم کے لوگ ان کو اپنی آنکھوں پر بٹھائیں گے۔نَمَارِقُ مَصْفُوْفَۃٌ کے معنے تو یہ تھے کہ ان کے ہر فرد کو عزت کے مقام پر بٹھایا جائے گا یعنی ساری کی ساری قوم معزز ہو گی یہ نہیں ہو گا کہ کوئی ایک فرد معزز ہو اور باقی لوگ ذلیل ہوں بلکہ ہر ایک کے پیچھے تکیہ لگا ہوا ہو گا۔اب زَرَابِیُّ مَبْثُوْثَۃٌ میں یہ بتاتا ہے کہ ان کی دنیا کے کونہ کونہ اور زمین کے گوشہ گوشہ میں عزت کی جائے گی زَرْبِیَّۃٌ کے معنے جیسا کہ بتائے جا چکے ہیں فرش کے ہوتے ہیں پس زَرَابِیُّ مَبْثُوْثَۃٌ کے یہ معنے ہوں گے کہ مسلمانوں کے لئے ہر جگہ فرش بچھے ہوئے ہوں گے دنیا کے ہر کونہ میں وہ معزز ہوں گے اللہ تعالیٰ ان کو ہر جگہ عزت دے گا اور ہر مقام پر ان کی وجاہت کا لوگوں پر اثر پڑے گا۔یہی وجہ ہے کہ نَمَارِقُ کے لئے مَصْفُوْفَۃٌ کا لفظ استعمال کیا تھا اور زَرَابِیُّ کے لئے مَبْثُوْثَۃٌ کا لفظ استعمال کیا ہے۔مَصْفُوْفَۃٌ کے معنے ہوتے ہیں صف میں رکھے ہوئے اور مَصْفُوْفَۃٌ کہنے سے مطلب یہ تھا کہ جب مسلمان مجالس میں حاضر ہوں گے سب کے سب عزت کے مقام پر بیٹھیں گے ان میں سے کوئی ذلیل نہ ہو گا۔لیکن زَرَابِیُّ میں کسی خاص مجلس کا ذکر نہیں
بلکہ عام ذکر ہے اور بتایا گیا ہے کہ وہ جہاں جائیں گے لوگ ان کے رستہ میں فرش بچھائیں گے۔ان کا استقبال کر یں گے۔ان سے عزت کے ساتھ پیش آئیں گے اور چاہیں گے کہ وہ ان کے گھروں میں رہیں اور اس طرح ان کے لئے برکت کا باعث بنیں۔لوگ عموماً ظاہر پر مرتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ استقبال وہی ہوتا ہے جب بڑی بڑی قالینیں بچھائی جائیں، شاندار دروازے بنائے جائیں، رنگ برنگ کی جھنڈیاں لگائی جائیں اور ظاہری لحاظ سے نمائش کی جائے حالانکہ اصل استقبال قالین بچھانا نہیں بلکہ آنکھوں کا فر شِ راہ کرنا ہے۔ایک شاعر نے کہا ہے ع حضرتِ واعظ جو آئیں دیدہ و دل فرشِ راہ (دیوان غالب صفحہ ۳۰) پس لوگوں کے دیدہ و دل کا فرشِ راہ ہونا ہی اصل عزت کی علامت ہے اور اسی کی طرف زَرَابِیُّ مَبْثُوْثَۃٌ میں اشارہ کیا گیا ہے اس سے مراد ظاہری زَرَابِیُّ نہیں۔ان ظاہری زَرَابِیُّ کی تو صحابہ کو پرواہ بھی نہیں تھی۔جب ایران کے بادشاہ کے دربار میں صحابہؓ گئے تو وہ اپنے نیزوں کی اَنّی اس کے بڑے بڑے قیمتی قالینوں میں چبھوتے چلے جاتے تھے ایرانی دلوں میں کہتے تھے کہ یہ کیسے بد تہذیب ہیں کہ انہوں نے ہزاروں روپیہ کی قالینیں نیزے مار مار کر خراب کر دیں مگر انہیں اس کی کوئی پرواہ ہی نہیں تھی۔جب بادشاہ کے سامنے پیش ہوئے تو اس نے صحابہؓ سے کہا کہ تم کیا جانو کہ سیاست کیا چیز ہوتی ہے بہتر یہ ہے کہ روپیہ لے لو اور واپس چلے جاؤ ناحق اپنی جانوں کو کیوں ضائع کرتے ہو۔اس کا خیال تھا کہ عرب روپے لے کر خوش ہو جائیں گے اور لڑائی کا خیال ترک کر دیں گے۔اس نے ان کی جو قیمت لگائی اس سے معلوم ہو سکتا ہے کہ بیرونی اقوام اہلِ عرب کے متعلق کیسے ذلیل اندازے لگایا کرتی تھیں۔معلوم ہوتا ہے عرب اس زمانہ میں ایسے ہی لالچی اور حریص ہوتے ہوں گے ورنہ ان کے متعلق وہ ایسا اندازہ کیوں لگاتا۔اس نے حکم دیا کہ ہر سپاہی کو ایک ایک اشرفی اور ہر سردار کو دو دو اشرفی دی جائے۔صحابہؓ نے اسے کہا اب تو دو صورتوں میں سے ایک ہی صورت ہے یا ہماری موت یا تمہاری موت۔یہ کبھی نہیں ہو سکتا کہ اسلام جنگ شروع ہو جانے کے بعد کفر سے صلح کرے۔یہ سن کر بادشاہ کو سخت غصہ آیا۔اس نے مٹی کا ایک بورا بھروایا اور مسلمانوں کے سردار سے کہا کہ آگے آؤ۔وہ آگے آئے تو اس نے وہ بورا ان کی پیٹھ پر لدوا دیا اور کہا اس مٹی کے بورے کے سوا اب تمہیں کچھ نہیں مل سکتا۔ساتھی صحابہؓ کا خیال تھا کہ ان کا سردار مٹی کے اس بورے کو اٹھانے سے انکار کر دے گا اور کہے گا میں اس ہتک کو برداشت نہیں کر سکتا۔مگر انہوں نے آگے بڑھ
کر مٹی کا بورا اپنی پیٹھ پر رکھوا لیا جو ان کے ساتھیوں کو بہت برا لگا مگر انہوں نے اس بات کی کوئی پرواہ نہ کی بورا اٹھایا اور زور سے ایک نعرہ لگا کر اپنے ساتھیوں سے کہا آ جاؤ بادشاہ نے خود ایران کی زمین ہمارے حوالے کر دی ہے۔مشرک تو ہوتا ہی وہمی ہے یہ سنتے ہی بادشاہ کا رنگ زرد ہو گیا اس کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور اس نے درباریوں سے کہا جلدی جاؤ اور ان کو پکڑ کے لے آؤ مگر وہ گھوڑوں پر سوار ہو کر اس وقت تک دور نکل چکے تھے اس لئے وہ ناکام واپس آئے۔(البدایۃ و النـھایۃ: فصل فی غزوۃ القادسیۃ) دیکھو یہ کیسی لطیف اور باموقع بات اس صحابیؓ کو سوجھی باقی صحابہؓ کو اس کا خیال نہیں آیا وہ یہی سمجھتے رہے کہ ہمارے سردار نے اچھا نہیں کیا جو مٹی کا بورا اٹھا لیا مگر جب اس نے نعرہ لگا کر حقیقت ظاہر کی تب انہیں پتہ لگا کہ یہ کیسی لطیف بات تھی۔پھر دیکھو صحابہؓ جس جگہ بھی گئے لوگوں نے ان کا عزت سے استقبال کیا۔یوروشلم کا واقعہ ایک مشہور تاریخی واقعہ ہے پہلے مسلمانوں نے اسے فتح کر لیا مگر کچھ عرصہ کے بعد دشمن نے بڑے لشکروں سے اس پر حملہ کر دیا اور مسلمانوں کو یوروشلم چھوڑ کر پیچھے ہٹنا پڑا۔جب مسلمان لشکر واپس آنے لگا تو یوروشلم کے عیسائی روتے تھے حالانکہ اس وقت مسلمانوں کا عیسائیوں سے مقابلہ تھا اور عیسائیوں کا اپنا ہم مذہب بادشاہ یوروشلم پر قابض ہو رہا تھا مگر اس کے باوجود وہ مسلمان لشکر کو شہر کے باہر تک چھوڑنے کے لئے آئے اور ساتھ ساتھ یہ کہتے جاتے تھے کہ خدا تم کو پھر ہمارے ملک میں واپس لائے(فتوح البلدان للبلاذری: امر حمص و یوم الیرموک)۔تو دیکھو ان کا اپنا ملک تھا۔اپنی قوم مسلمانوں سے برسر جنگ تھی۔مگر انہیں اپنے مذہب کی بادشاہت کے مقابلہ میں ایک غیر قوم کی حکومت اچھی لگتی تھی اور وہ دعائیں کرتے تھے کہ خدا مسلمانوں کو پھر ہمارے شہر میں واپس لائے۔غرض بتایا کہ مسلمان جہاں جائیں گے لوگ اپنی آنکھیں فرشِ راہ کریں گے اور کہیں گے آئیے اور تشریف رکھیے۔آخر وہ کون سی چیز تھی جس کی وجہ سے اسلام کو فتح حاصل ہوئی۔اور مسلمان جہاں گئے پھیلتے چلے گئے اس کی وجہ یہی تھی کہ مسلمان منصف مزاج تھے اور وہ لوگوں کے حقوق کو غصب نہیں کرتے تھے۔غصہ سے انسان تب لڑتا ہے جب وہ سمجھتا ہے کہ میرا نقصان ہو رہا ہے لیکن جب وہ سمجھتا ہو کہ ہمارے اپنے بادشاہ ظلم کرتے ہیں مسلمان آئیں تو انصاف کریں گے اس وقت وہ دل سے نہیں لڑ سکتا بلکہ عزت کے ساتھ پیش آتا ہے۔پس فرماتا ہے مسلمانوں کی حالت یہ ہو گی کہ وہ جدھر جائیں گے لوگ اپنی آنکھیں ان کی راہ میں بچھائیں گے جس جگہ ٹھہریں گے لوگ تکیے لگائیں گے۔ان کے قدموں میں قالینیں بچھائیں گے جیسے گورنروں یا حاکموں کے استقبال کے موقع پر ہوتا ہے اور کہیں گے کہ ہمارے ہاں ہی ٹھہریئے اور آگے نہ جائیے۔
اَفَلَا يَنْظُرُوْنَ اِلَى الْاِبِلِ كَيْفَ خُلِقَتْٙ۰۰۱۸ کیا وہ اونٹوں کونہیں دیکھتے کہ وہ کس طرح پیدا کئے گئے ہیں۔وَ اِلَى السَّمَآءِ كَيْفَ رُفِعَتْٙ۰۰۱۹ اور آسمان کو (نہیں دیکھتے کہ) کس طرح اونچا کیا گیا ہے۔حلّ لُغات۔اِ بِلٌ۔اِ بِلٌ: کے معنے اونٹوں کے ہوتے ہیں لیکن بعض علماء ادب نے اس کے معنے بادل کے بھی کئے ہیں۔امام راغب نے اپنی کتاب مفردات میں لکھا ہے کہ اس کے معنے اگر بادل کے ہیں تو بھی استعارہ کے طور پر ہیں لغت میں یہ معنے نہیں ہیں(مفردات)۔گو بعض آئمہ نے حتی کہ کسائی تک نے کہا ہے کہ اس کے معنے بادل کے ہیں۔جیسا کہ صاحبِ محیط کہتے ہیں وَرُوِیَتْ عَنْ اَبِیْ عَـمْرٍو وَاَبِیْ جَعْفَرٍ وَالْکِسَائِیِّ وَقَالُوْا اِنَّـھَا السَّحَابُ عَنْ قَوْمٍ مِنْ اَھْلِ اللُّغَۃِ(البحر المحیط زیر آیت ’’اَفَلَا يَنْظُرُوْنَ اِلَى الْاِبِلِ ‘‘)۔لیکن لغت کی کتب لکھنے والوں نے ان معنوں کو تسلیم نہیں کیا۔وہ یہی کہتے ہیں کہ لغت کے لحاظ سے اس کے حقیقی معنے اونٹوں کے ہی ہیں۔میں بھی پہلے اس آیت میں اِ بِل کے معنے اونٹوں کی بجائے بادل کے کیا کرتا تھا اور سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ اگر اِ بِل کے معنے یہاں اونٹوں کے ہی کئے جائیں تو پھر اِ بِل اور سَـمَاء میں جوڑ کیا ہوا۔اس وقت بادل کے معنے زیادہ قرین قیاس معلوم ہوتے تھے لیکن اب جو میں نے غور کیا تو یہی بات ٹھیک نکلی کہ اس آیت میں اِ بِل کے معنے اونٹوں کے ہی ہیں۔پہلے میں اس آیت پر صرف اسی آیت کو سامنے رکھ کر غور کرتا رہا ہوں۔لیکن اب جو میں نے ترتیب آیات کے لحاظ سے غور کیا تو مجھے معلوم ہوا کہ اونٹوں کا سَـمَاء کے ساتھ تو جوڑ نظر آتا ہے مگر بادل کا کوئی جوڑ نہیں جیسا کہ مفردات والوں اور صاحب کشاف نے لکھا ہے یہ درست معلوم ہوتا ہے کہ اِ بِل کے معنے جن لوگوں نے بادل کے کئے ہیں فَعَلٰی تَشْبِیْہِ السَّحَابِ یعنی وہ اس وجہ سے کئے ہیں کہ اونٹ اس طرح اونچے نیچے چلتے ہیں جس طرح بادل چلتا ہے۔پس چونکہ اِ بِل کو چلنے کے لحاظ سے بادلوں سے مشابہت ہوتی ہے اس لئے محاورہ میں اِ بِل کا لفظ بادل کے لئے استعمال کیا جانے لگا ورنہ اِ بِل کے اصل معنے بادل کے نہیں ہیں(مفردات)۔تفسیر۔اَفَلَا يَنْظُرُوْنَ اِلَى الْاِبِلِ كَيْفَ خُلِقَتْ۔وَاِلَى السَّمَآءِ كَيْفَ رُفِعَتْ میں مضمون نیچے سے اوپر گیا ہے اور اگلی آیت یعنی وَ اِلَى الْجِبَالِ كَيْفَ نُصِبَتْ۔وَ اِلَى الْاَرْضِ كَيْفَ سُطِحَتْ میں مضمون اوپر سے نیچے آیا
ہے۔اس سے صاف پتہ لگتا ہے کہ یہاں دو الگ الگ مضمون بیان ہوئے ہیں۔ایک مضمون میں نیچے سے اوپر کی طرف توجہ دلائی گئی ہے اور دوسرے مضمون میں اوپر سے نیچے کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔اگر ان آیات میں دو الگ الگ مضمون تسلیم نہ کئے جائیں تو پھر اِ بِل، سَـمَاء، جبال اور ارضمیں کوئی بھی ترتیب نظر نہیں آتی۔ترتیب کے لحاظ سے مدارج دو ہی طرح بیان کئے جا سکتے ہیں یا نیچے سے اوپر کی طرف مضمون کو لے جایا جائے یا اوپر سے نیچے کی طرف۔اب اس آیت میں پہلے اونٹوں کاذ کر ہے پھر سَـمَاء کا۔یہاں تک تو ترتیب درست ہے یعنی نیچے سے اوپر کی طرف مضمون لے جایا گیا ہے مگر اس کے بعد پہاڑوں کا ذکر ہے جو نہ سَـمَاء سے اونچے ہیں نہ ان کے برابر۔اور اس کے بعد زمین کا ذکر ہے جو پہاڑوں سے اونچی نہیں ہوتی۔دوسری ترتیب یہ ہوتی ہے کہ اوپر سے نیچے کی طرف آیا جائے مگر اس لحاظ سے بھی بات نہیں بنتی کیونکہ اونٹ جو چھوٹی چیز ہے اس کا پہلے ذکر کر دیا گیا ہے اور سَـمَاء جو بلند چیز ہے اس کا بعد میں ذکر کیا گیا ہے گویا نہ یہ ترتیب بنتی ہے کہ اونٹ سب سے نیچا ہو۔اس سے اونچا آسمان ہو۔اس سے اونچا پہاڑ ہو اور اس سے اونچی زمین ہو اور نہ یہ ترتیب بنتی ہے کہ اونٹ سب سے اونچا ہو آسمان اس سے نیچا ہو۔پہاڑ اس سے نیچے ہوں اور زمین ان سے نیچی ہو۔کبھی کبھی ایک اور رنگ بھی ترتیب کے بیان میں استعمال کر لیا جاتا ہے اور وہ اس طرح کہ پہلے درمیانی چیز کا ذکر کر دیا جاتا ہے پھر ان اشیاء کا ذکر کر دیا جاتا ہے جو اس کے دائیں بائیں ہوں مگر یہاں اِ بِل کے بعد آسمان کا ذکر دیا گیا ہے۔آسمان کے بعد پہاڑوں کا اور پہاڑوں کے بعد زمین کا۔اگر چوٹی کی چیز کو پہلے بیان کر دیا جاتا اور اس کے بعد ایسی چیزوں کا نام لیا جاتا جو اس سے کم اونچی ہیں تو خیر کوئی بات بھی تھی مگر بظاہر اس جگہ کوئی اصل بھی مدنظر نہیں رکھا گیا۔نہ نیچے سے اوپر مضمون گیا ہے نہ اوپر سے نیچے کو مضمون گیا ہے اور نہ درمیان کی کسی چیز کا پہلے ذکر کر کے اس سے تعلق رکھنے والی چیزوں کا بعد میں ذکر کیا گیا ہے۔پس یا تو ان آیات کو بے ترتیب قرار دینا پڑے گا جو قرآن کریم کی شان کے خلاف ہے یا ان آیات کو دو الگ الگ مثالوں پر مشتمل قرار دینا ہو گا۔جن میں سے ایک میں نیچے سے اوپر کی طرف مضمون لے جایا گیا ہے اور دوسری میں اوپر سے نیچے کی طرف ایک مثال کے ذریعہ اِ بِل اور سـماء کی آپس میں کوئی نسبت بتائی ہے اور دوسری ـمثال کے ذریعہ جبال اور ارض کی آپس میں کوئی نسبت بتائی ہے۔اور میرے نزدیک ان آیات میں یہی آخری طریق استعمال ہوا ہے۔اِ بِل کے معنے اس جگہ اونٹوں ہی کے ہیں لیکن سـماء کے معنے اس جگہ آسمان کے نہیں بلکہ بادل کے ہیں جیسا کہ وَالسَّمَآءِ ذَاتِ
الرَّجْعِ (الطارق:۱۲) میں سـماء کے معنے بادل کے ہیں۔اَفَلَا يَنْظُرُوْنَ اِلَى الْاِبِلِ كَيْفَ خُلِقَتْ میں کفار مکہ کی مشابہت اِ بِل سے اہل مکہ کا طریق تھا کہ وہ ہمیشہ فخر ومباہات سے کام لیا کرتے تھے اور تکبّر میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اپنی شان اور وجاہت کا بار بار ذکر کیا کرتے تھے اور کہا کرتے تھے کہ ہم ایسی شان والے۔ہم اتنا بلند مرتبہ رکھنے والے۔ہم ایسے اور ہم ویسے مسلمان بھلا ہمارے مقابلہ میں جیت سکتے ہیں۔اس کی طرف اشارہ فرماتے ہوئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے تم اپنی شانیں تو بیان کرتے ہو مگر تمہاری حالت بالکل اونٹوں کی سی ہے۔اونٹ بے شک اونچا ہوتا ہے مگر جانتے ہو وہ ہمیشہ دوسرے کی سواری کے ہی کام آتا ہے بے شک اس کی کوہان اونچی ہوتی ہے، اس کا قد اونچا ہوتا ہے، اس کی ٹانگیں لمبی ہوتی ہیں، اس کا جسم بڑا ہوتا ہے مگر اس کے باوجود وہ ہمیشہ دوسروں کے نیچے رہتا ہے۔اسی طرح تم خواہ اپنی کس قدر شانیں بیان کرتے رہو۔تمہیں وہ قویٰ ہی نہیں دیئے گئے کہ تم حکومت کر سکو۔تم ہمیشہ اسی قابل رہو گے کہ لوگ تمہاری گردنوں پر سوار ہو ں جیسے اونٹ بے شک اونچا ہوتا ہے مگر اونچا ہونے کے باوجود اسے نیچا ہونا پڑتا ہے اور ایک دوسرا شخص اس کی پیٹھ پر سوار ہو جاتا ہے۔پس تم اپنی خوبیاں خواہ کتنی گنتے جاؤ تم اِ بِل کے مشابہ ہو اور اونٹ ہمیشہ سواری ہی دیتے ہیں۔اوپر چھانے والے بادل ہوتے ہیں اونٹ نہیں ہوتے تم اونٹوں کی طرح ہمیشہ دوسروں کی سواری کے کام آتے رہے ہو کبھی دنیا پر تم نے حکومت نہیں کی۔لیکن محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کے صحابہؓ سـماء ہیں پس تمہاری اور ان کی آپس میں کوئی نسبت ہی نہیں۔یہ بادلوں کی طرح دنیا پر چھا جانے والے ہیں اور تم خواہ کتنے اونچے ہو جاؤ بہرحال تمہاری پیٹھ پر دوسرے لوگ سوار ہوں گے چنانچہ عربوں کو دیکھ لو انہوں نے کئی صدیوں سے دنیا پر حکومت نہیں کی تھی حضرت ابراہیم علیہ السلام کے زمانہ سے ان کی تاریخ محفوظ ہے اور اس سے پتہ لگتا ہے کہ وہ ہمیشہ دوسروں کے محکوم چلے آتے تھے کسی قسم کا غلبہ ان کو حاصل نہیں ہوا تھا لیکن وہی قوم جو پچیس۲۵۰۰ سو سال سے بالکل ذلیل چلی آتی تھی جس کو ہر لحاظ سے ادنیٰ قرار دیا جاتا تھا۔جسے دنیا میں کہیں غلبہ حاصل نہ تھا اور جس کے افراد کو حکومت کا کوئی شعور نہیں تھا جب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی میں آئی اور آپ کے دامن کو اس نے چھؤاتو وہ دیکھتے ہی دیکھتے کہیں سے کہیں جا پہنچی اورد نیا کی فاتح اور حکمران بن گئی اور بادلوں کی طرح دنیا پر چھا گئی۔پس آیت میں کفار کو اونٹوں سے مشابہت دی ہے کہ باوجود اونچا ہونے کے سواری کے کام آتے ہیں اور مسلمانوں کو بادلوں سے مشابہت دی ہے کہ نظر نہ آنے والے ذرّوں سے بنتا ہے اور آخر بلند ہو کر دنیا پر چھا جاتا ہے اور اسے سیراب کر دیتا ہے۔
وَ اِلَى الْجِبَالِ كَيْفَ نُصِبَتْٙ۰۰۲۰ اور پہاڑوں کو (نہیں دیکھتے) کہ کس طرح گاڑے ہوئے ہیں۔وَ اِلَى الْاَرْضِ كَيْفَ سُطِحَتْٙ۰۰۲۱ اور زمین کو (نہیں دیکھتے) کہ کس طرح ہموار کی ہوئی ہے۔تفسیر۔اس آیت میں دوسری مثال بیان کی گئی ہے جس کا مضمون اوپر سے نیچے کی طرف آتا ہے فرماتا ہے تم پہاڑوں کو دیکھو کہ وہ کس طرح زمین میں گڑے ہوئے ہیں۔دوسری جگہ پہاڑوں کا فائدہ اللہ تعالیٰ نے ان الفاظ میں بیان فرمایا ہے کہ وَ جَعَلْنَا فِي الْاَرْضِ رَوَاسِيَ اَنْ تَمِيْدَ بِهِمْ (الانبیاء:۳۲) ہم نے پہاڑ اس لئے بنائے ہیں کہ زمین ہل نہ جائے اور لوگ تباہ نہ ہو جائیں۔زمین کی غیر ضروری حرکت کو پہاڑوں نے ہی روکا ہوا ہے ورنہ بنی نوع انسان کا زمین میں قیام بالکل ناممکن ہو جاتا۔اللہ تعالیٰ گذشتہ مضمون کے تسلسل میں کفار کو توجہ دلاتا ہے کہ تم اپنے دلوںمیں خیال کرتے ہو کہ یہ کیونکر ہوسکتا ہے کہ مسلمان غالب آ جائیں۔اور ہم مغلوب ہوجائیں۔ہم طاقتور اور بڑی عزت اور شان رکھنے والے ہیں یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ ہمارے ہم قوم اور ہمارے ہم مذہب ہم کو چھوڑ کر ان کے پیچھے دوڑنے لگ جائیں۔مگر تمہارا یہ خیال بالکل بے بنیاد ہے۔تم بے شک اچھے ہو گے مگر تمہاری اور مسلمانوں کی حالت میں جو کچھ فرق ہے وہ اس سے ظاہر ہے کہ مسلمانوں کو ہم نے اپنی مشیت کے ماتحت پہاڑ بنایا ہے اور تم کو زمین بنایا ہے۔زمین پہاڑوں کے ذریعہ ہی قائم رہتی ہے اگر پہاڑ نہ ہوں تو زمین بھی اس حالت میں نہ رہے۔پس بے شک تم میں خوبیاں ہیں اس سے ہم انکار نہیں کرتے۔جس طرح زمین میں بھی خوبیاں پائی جاتی ہیں اور کوئی شخص ان خوبیوں سے انکار نہیں کر سکتا مگر زمین یہ بھی نہیں کہہ سکتی کہ اسے پہاڑوں کی ضرور ت نہیںیا پہاڑوں کے بغیر بھی اس کی زندگی قائم رہ سکتی۔زمین کی زندگی پہاڑوں کے بغیر قطعی طور پر ناممکن ہے۔اسی طرح اب جبکہ مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ نے پہاڑ بنا دیا ہے تمہارا فائدہ اسی میں ہے کہ زمین کی طرح ان کے مقابلہ میں بچھ جاؤ۔جس طرح زمین پہاڑ کے مقابلہ میں بچھ کر ہی فائدہ اٹھاتی ہے اس کے بغیر نہیں اسی طرح تمہارا فائدہ بھی اسی میں ہے کہ تم مسلمانوں کے مقابلہ میں کھڑے نہ ہو۔مسلمانوں کی مثال پہاڑوں سے اور کفار کی مثال زمین سے اگر پہاڑ کی اونچائی کے لحاظ سے
اس مثال کو مسلمانوں پر چسپاں کیا جائے تو پھر معنے یہ ہوں گے کہ مسلمانوں کی مثال پہاڑوں کی طرح ہے اور تمہاری مثال زمین کی طرح۔ان مسلمانوں کے ذریعہ ہی اب دنیا سے فتنہ و فساد دور ہوں گے۔بے شک زمین سرسبز و شاداب ہوتی ہے اور کئی قسم کی روئیدگیاں اس میں پیدا ہوتی ہیں مگر انہی پہاڑوں کے ذریعہ۔کیونکہ وہی بادلوں کے برسنے کا ذریعہ بنتے ہیں اور وہی دریاؤں کا منبع ہیں پس اب تمہاری ترقی مسلمانوں کے ساتھ وابستہ ہے ان سے جدا ہو کر تم سکھ نہیں پا سکتے۔فَذَكِّرْ١ؕ۫ اِنَّمَاۤ اَنْتَ مُذَكِّرٌؕ۰۰۲۲ پس نصیحت کر کہ تُو تو صرف نصیحت کرنے والا ہے۔تفسیر۔فرماتا ہے جبکہ تمام ترقیات اور فوائد مسلمانوں کے ساتھ وابستہ ہیں۔محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میں شامل ہو کر ہی ہر قسم کی برکات کا حصول انسان کے لئے ممکن ہے خدا نے ان کو بادلوں کی طرح دنیا پر چھا جانے والے اور پہاڑوں کی طرح زمین کے فتنہ و فساد کو دور کرنے والے اور ہر قسم کے فوائد لوگوں کو پہنچانے والے بنایا ہے تو پھر اے مسلمانو! تمہارا بھی فرض ہے کہ تم مخالفینِ اسلام کو سمجھاؤ اور انہیں کہو کہ وہ بھی اسلام کو قبول کر لیں اونٹ بن کر انہوں نے کیا لینا ہے۔اگر بننا ہے تو بادل بنیں اور پہاڑوں کی طرح دنیا کو فائد ہ پہنچائیں اور زمین کی طرح دوسری اقوام کے پاؤں تلے روندے نہ جائیں۔لَسْتَ عَلَيْهِمْ بِمُصَۜيْطِرٍۙ۰۰۲۲ تو ان (لوگوں) پر داروغہ (کے طور پر) مقرر نہیں ہے۔اِلَّا مَنْ تَوَلّٰى وَ كَفَرَۙ۰۰۲۳ مگر جس نے پیٹھ پھیر لی اور کفر کا مرتکب ہوا۔حلّ لُغات۔اَلْمُصَیْطِر: سین سے بھی لکھا جاتا ہے اور صاد سے بھی ہے۔اور اَلْمُصَیْطِر بھی ہے اور اَلْمُتَصَیْطِر بھی استعمال ہوتا ہے اور اس کے معنے ہیں اَلرَّقِیْبُ اَلْـحَافِظُ وَالْمُسَلَّطُ عَلَی الشَّیْءِ لِیُشْـرِفَ عَلَیْہِ
وَیَتَعَھَّدَ اَحْوَالَہٗ وَیَکْتُبَ عَـمَلَہٗ وہ شخص جو کسی کی پوری نگرانی کرے اس کے حالات کو دیکھتا رہے اور اس کے اعما ل کو لکھتا رہے (اقرب) پس لَسْتَ عَلَيْهِمْ بِمُصَۜيْطِرٍ کے یہ معنے ہوئے کہ خدا نے تمہیں ان پر مُصَیْطِر نہیں بنایا اِلَّا مَنْ تَوَلّٰى وَ كَفَرَ سوائے اس کے جو تولّی اختیار کرتا اور کفر میں مبتلا رہتا ہے۔یہاں اِلَّا استثناء منقطع کے معنے دیتا ہے متصل کے نہیں۔یعنی تو کسی کا مصیطر نہیں ان کا بھی نہیں جو تَوَلّٰى اور کفر اختیار کریں مطلب یہ ہے کہ وہ لوگ جو تَوَلّٰى کریں گے اور باوجود سمجھانے کے کفر میں مبتلا رہیں گے ان سے بھی تیرا واسطہ نہیں ہے۔جن کے دلوں میں سعادت ہے انہی لوگوں نے تجھے ماننا ہے مگر نہ تجھے ماننے والوں پر مصیطر بنایا گیا ہے اور نہ انکار کرنے والوں پر اور تَوَلّٰى اور کفر اختیار کرنے والوں پر مصیطر بنایا گیا ہے تیرا ان سے کوئی واسطہ نہیں وہ اگر نہیں مانتے تو نہ مانیں ان کا معاملہ خدا کے ساتھ ہے۔تفسیر۔رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کا مصیطر نہ ہونا دونوں لحاظ سے ہے مومنوں کے لحاظ سے بھی اور کافروں کے لحاظ سے بھی۔یعنی آپ نہ مومنوں کے لئے مُصَیْطِر ہیں اور نہ کفار کے لئے مُصَیْطِر ہیں۔کفار کو اگر جبراً مذہب میں شامل بھی کیا جائے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو سکتا۔وہ ظاہر میں تو مذہب قبول کر لیں گے لیکن دل میں منافق رہیں گے اس لئے اللہ تعالیٰ نے لَسْتَ عَلَيْهِمْ بِمُصَۜيْطِرٍ کہہ کر غیر مذاہب والوں کو جبراً اسلام میں شامل کرنے کی ممانعت فرما دی ہے اور بتایا ہے کہ ہم نے تمہیں ان کا داروغہ مقرر نہیں کیا۔اگر تم جبر سے کام لو گے تو اس سے نہ مومن کو فائدہ ہو گا نہ کافر کو۔کافر کو تو اس لحاظ سے فائدہ نہیں ہو گا کہ اگر وہ تلوار کے ڈر سے مسلمان ہو بھی جائے تو بہرحال وہ منافق مسلمان ہو گا اور منافق کافر سے بد تر ہوتا ہے۔مومنوں کو اس لئے فائدہ نہ ہو گا کہ منافق ان کی طاقت کو کمزور کرنے والے ہوں گے بڑھانے والے نہیں۔مومنوں پر مُصَیْطَر اس لئے نہیں کہ اللہ تعالیٰ کی رضا ایسے ہی اعمال کے نتیجہ میں انسان کو حاصل ہو سکتی ہے جو دلی شوق اور رغبت سے کئے جائیں۔جس شخص کے دل میں ذاتی طور پر خدا تعالیٰ کی محبت کا کوئی جوش نہیں، اس کے احکام پر عمل کرنے کا ولولہ اس کے سینہ میں نہیں پایا جاتا وہ معرفت اور اخلاص کی راہوں سے بیگانہ ہے۔وہ اگر جبر کے ماتحت کوئی نیک کام کرے گا بھی تو اس کی روح کو پاکیزگی حاصل نہیں ہو گی اور خدا تعالیٰ کے حضور اس کے وہ اعمال قبولیت کی نگاہ سے نہیں دیکھیں جائیں گے اس لئے فرمایا کہ تمہیں لوگوں کا مصیطر بنا کر نہیں بھیجا گیا۔جو شخص کفر کرے اور باوجود سمجھانے کے اپنے بداعمال سے باز نہ آئے اسے ہمارے سپرد کر دو تمہارے جبر سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔اور جو مسلمان ہے اسے شوق اور رغبت کے ذریعہ سے نیکی میں بڑھاؤ تا کہ اسے ایمان کا نفع حاصل ہو۔
یہاں بھی دیکھ لو اسلام اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے غلبہ کی کیسے کھلے لفظوں میں پیشگوئی کی گئی ہے۔مکی زندگی میں جبکہ ابھی اسلام کا ابتدا تھا اور کسی کے وہم وگمان میں بھی نہیں آ سکتا تھا کہ اسلام بہت بڑی طاقت حاصل کر لے گا یہاں تک کہ کفار کی گردنیں مسلمانوں کے قبضہ میں ہوں گی اور وہ اختیار رکھتے ہوں گے کہ ان سے جو سلوک چاہیں کریں۔اللہ تعالیٰ نے فرما دیا کہ لَسْتَ عَلَيْهِمْ بِمُصَۜيْطِرٍ یہ صاف بات ہے کہ مکہ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کو کوئی ایسی طاقت حاصل نہیں تھی کہ آپ کو یہ کہا جاتا کہ تجھے ہم نے مصیطر بنا کر نہیں بھیجا۔یہ آئندہ کے متعلق پیشگوئی کی گئی تھی اور اسلام کے غلبہ کی خبر دی گئی تھی ورنہ وہ لوگ جن کو مکہ میں کھلے بندوں نماز پڑھنے کی بھی اجازت نہیں تھی ان کو یہ کہنا کہ تمہیں زبردستی کسی کو مسلمان بنانے کی اجازت نہیں ایک مضحکہ خیز بات ہو جاتی ہے۔یہ فقرہ صاف بتا رہا تھا کہ وہ دن آنے والا ہے جب کہ مسلمانوں کو اتنی طاقت حاصل ہو جائے گی کہ وہ اگر چاہیں تو زبردستی لوگوں کو مسلمان بنا سکیں گے مگر پہلے ہی اللہ تعالیٰ نے بطور نصیحت فرما دیا کہ تم ایسا نہ کرنا۔لَسْتَ عَلَيْهِمْ بِمُصَۜيْطِرٍ میں غلبہ اسلام کی پیشگوئی غرض لَسْتَ عَلَيْهِمْ بِمُصَۜيْطِرٍ اِلَّا مَنْ تَوَلّٰى وَكَفَرَ میں غلبہ اسلام کی پیشگوئی پائی جاتی ہے۔اور یہ بات ایسی ہے کہ عیسائی مصنّفین کو بھی کھٹکی ہے چنانچہ ویری اس آیت کے ماتحت لکھتا ہے آپؐکے دل میں شروع سے ہی حکومت کے خیالات اٹھ رہے تھے (1۔Wherry,s Commentary On Qur’an vol:4 P:240 2۔Wherry,s Commentary On Qur’an vol:1 P:333)چنانچہ ابتدائی زمانہ میں ہی اس قسم کی آیات مکہ والوں کو سنانا بتا رہا ہے کہ انہوں نے شروع سے ہی حکومت کا نقشہ اپنے ذہن میں جمایا ہوا تھا اور ویسے ہی خیالات دل میں پیدا ہوتے رہتے تھے مگر سوال یہ ہے کہ حکومت کے خیالات آخر کسی وجہ سے پیدا ہوا کرتے ہیں بغیر کسی وجہ کے پیدا نہیں ہو سکتے۔وہ شخص جو ماریں کھا رہا ہو، جو لوگوں کے ظلم وستم کا نشانہ بنا ہوا ہو، جو اتنی طاقت بھی نہ رکھتا ہو کہ باہر نکل کر خدا تعالیٰ کی عبادت کر سکے اس کے دل میں حکومت کے خیالات پیدا ہی کس طرح ہو سکتے ہیں اور پھر خود ساختہ خیالات پورے کس طرح ہو گئے۔درحقیقت یہ ایک پیشگوئی تھی اور اللہ تعالیٰ نے بتایا تھا کہ گو اس وقت تمہاری کوئی حیثیت نہیں مگر ایک زمانہ میں تم کو ایسا غلبہ حاصل ہونے و الا ہے کہ تم جو چاہو گے کر سکو گے مگر دیکھنا جب تمہیں غلبہ میسر آئے اس وقت ان لوگوں پر جبر نہ کرنا بلکہ ان کو اپنے حال پر چھوڑ دینا جو شخص ایمان لے آئے اسے اپنے اندر شامل کر لینا اور جو تَوَلّٰى اور کفر کرے اس کی پرواہ نہ کرنا۔
فَيُعَذِّبُهُ اللّٰهُ الْعَذَابَ الْاَكْبَرَؕ۰۰۲۴ اس کے نتیجہ میں اللہ اسے سب سے بڑا عذاب دے گا۔تفسیر۔تولّی اور کفر کرنے والوں کو بہت بڑا عذاب دیئے جانے کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے ایک بڑی ہدایت کا انکار کیا۔سزا ہمیشہ جرم کے مطابق دی جاتی ہے معمول قصور ہو تو معمولی سزا دی جاتی ہے اور زیادہ قصور ہو تو زیادہ سزا دی جاتی ہے۔ان کا جرم چونکہ معمولی نہیں ہو گا اس لئے انہیں سزا بھی غیر معمولی دی جائے گی کیونکہ انہوں نے اس رسول کا انکار کیا جو تمام رسولوں سے بڑا تھا اور جس کی شریعت تمام شریعتوں سے بڑی تھی۔اِنَّ اِلَيْنَاۤ اِيَابَهُمْۙ۰۰۲۶ثُمَّ اِنَّ عَلَيْنَا حِسَابَهُمْؒ۰۰۲۷ یقیناً انہیں ہماری ہی طرف لوٹنا ہے پھر ان سے حساب لینا بھی یقیناً ہمارا ہی کام ہے۔حلّ لُغات۔اِیَابٌ۔اِیَابٌ: اٰبَ کا مصدر ہے اور اٰبَ کے معنے ہیں۔لوٹا (اقرب) پس اِیَابٌ کے معنے ہوں گے۔لوٹنا۔تفسیر۔اس آیت سے اس مضمون کو ختم کیا گیا ہے جو سورۃ الاعلیٰ سے شروع کیا گیا تھا اور بتایا گیا ہے کہ مومن و کافر اپنے اپنے کام پورے کر کے مومن تسبیح کو بلند کر کے اور کافر کفر کی اشاعت کر کے آخر اللہ تعالیٰ کی خدمت میں حاضر ہوں گے اور دنیوی نتائج دیکھ کر اخروی نتائج دیکھنے کے لئے خدا تعالیٰ کے حضور میں حاضر ہوں گے۔سورۃ الاعلیٰ اور سورۃ الغاشیہ دونوں کے متعلق یہ امر بتایا جا چکا ہے کہ ان کا آپس میںگہرا ربط ہے اس کا ایک ثبوت اس امر سے بھی ملتا ہے کہ احادیث میں آتا ہے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْاَعْلَى پڑھتے تو فرماتے سُـبْحَانَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی اور جب سورۃ الغاشیہ کی تلاوت کرتے کرتے اِنَّ اِلَيْنَاۤ اِيَابَهُمْ ثُمَّ اِنَّ عَلَيْنَا حِسَابَهُمْ پر پہنچتے تو فرماتے اَللّٰھُمَّ حَاسِبْنِیْ حِسَابًا یَّسِیْـرًا۔(مـسـنـد احـمـد بـن حـنـبـل و مسند ابن عباسؓ و مسند عائشۃ ؓ ) ایک سورۃ کے شروع میں ایک فقرہ کا دہرانا اور دوسری سورۃ کے آخر میں دوسرے فقرے کا دہرانا صاف طور پر بتا رہا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کے نزدیک یہ دونوں سورتیں