سُوْرَۃُ الضُّحٰی
تفسیر کبیر (جلد ۱۳), حصہ 6
تمہاری پرورش کے سامان پیدا کئے۔اب اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم دنیا میںہمارے اور بھی بہت سے یتیم بندے ہیں تم اُن سے کبھی ایسا سلوک مت کرو جو اُن کو ذلیل کرنے والا ہو۔بلکہ ہمیشہ اُن کی فلاح اور بہبودی کا خیال رکھو۔ان کا اکرام کرو۔ان کو اُبھارنے اور ترقی دینے کی کوشش کرو اور اُن کی ضروریات کو پورا کرو۔حدیثوں میں آتا ہے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں جب قیامت کا دن آئے گا تو اللہ تعالیٰ اپنے بعض بندوں سے فرمائے گا۔اے میرے بندو! میں بھوکا تھا تم نے مجھے کھانا نہیںکھلایا۔میںپیاسا تھا تم نے مجھے پانی نہیں پلایا میںبیما ر تھا تم نے میری بیمار پُرسی نہیں کی۔وہ لوگ گھبرا جائیں گے اور کہیں گے۔خدایا تُو یہ کیا کہہ رہا ہے تو کب بھوکا تھا کہ ہم نے تجھے کھانا نہیں کھلایا۔کب پیاسا تھا کہ ہم نے تجھے پانی نہیں پلایا۔کب مریض تھا کہ ہم نے تیری بیمار پُرسی نہیں کی۔تُو تو خود سارے جہاں کو کھانا کھلاتا۔اُن کو پانی پلاتا اور اُن کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ہم ناچیز بندے کیا طاقت رکھتے تھے کہ اے ہمارے رب تیری بیمار پُرسی کرسکتے یا تجھے کھانا کھلا سکتے یا تجھے پانی پلا سکتے۔اللہ تعالیٰ فرمائے گا یہ درست ہے۔مگر میری مراد یہ ہے کہ دنیا میں میرے بعض بندے بھوکے تھے تم نے اُنہیں کھانا نہیں کھلایا۔بعض بندے پیاسے تھے تم نے اُنہیں پانی نہیں پلایا۔بعض بندے ننگے تھے تم نے اُنہیں کپڑا نہیں دیا۔جب تم نے اُن کی ضروریات کا خیال نہیں رکھا تو گویا تم نے ان کی طرف سے بے پرواہی نہیں کی بلکہ میری طرف سے بے پرواہی کی۔وہ میرے بندے تھے جو مختلف قسم کی تکالیف میں مبتلا تھے اس لئے اُن کو کھلانا یا پلانا یا پہنانا ایسا ہی تھا جیسے تم مجھے کھلاتے یا مجھے پلاتے یا میری بیمار پُرسی کرتے۔مگر تم نے اس فرض کو ادا نہیں کیا( صحیح مسلم کتاب البر و الصلۃ باب فضل عیادۃ المریض) انجیل میں یہ واقعہ اس طرح آتا ہے کہ خدا تعالیٰ قیامت کے دن بعض بندوں کو بلائے گا اور فرمائے گا۔اے میرے بندو! میں بھوکا تھا تم نے مجھے کھانا کھلایا۔میں پیاساتھا تم نے مجھے پانی پلایا۔میںپردیسی تھا تم نے مجھے اپنے گھر میں اُتار ا۔ننگا تھا تم نے مجھے کپڑا پہنایا۔بیمار تھا تم نے میری خبر لی۔قید میں تھا تم میرے پاس آئے آئو اب میں تمہیں اس کی جزادوں۔تب لوگ کہیں گے اے خداوند ! ہم نے کب تجھے بھوکا دیکھ کر کھانا کھلایا یا پیاسا دیکھ کر پانی پلایا۔ہم نے کب تجھے پردیسی دیکھ کر گھر میں اُتارا یا ننگا دیکھ کر کپڑا پہنایا۔ہم کب تجھے بیمار یا قید میں دیکھ کر تیرے پاس آئے؟ تب اللہ تعالیٰ بندوں کے جواب میںفرمائے گا۔کہ اے میرے بندو!جب تم نے اپنے بھائیوں میں سے کسی کے ساتھ یہ سلوک کیا تو میرے ہی ساتھ کیا۔اس لئے اب میںتمہیں اس کی جزاء دیتا ہوں اور جنت میں داخل کرتا ہوں۔(متی باب ۲۵ آیت ۳۵ تا ۴۰) فَاَمَّا الْيَتِيْمَ فَلَا تَقْهَرْ میں اسی طرف اشارہ ہے کہ اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم تو یتیم تھا ہم نے تجھے پالا۔اب
دنیا میںہمارے اور بھی بہت سے یتیم بندے ہیں اُن کی پرورش تیرے ذمہ ہے اور تیرا فرض ہے کہ تو اُن کی نگرانی رکھے اور ان کی تکالیف کا ازالہ کرے۔وہ حدیث جواوپر بیان کی جا چکی ہے اُس سے معلوم ہوتا ہے کہ یتامیٰ و مساکین کی پرورش کا معاملہ خاص طور پر اہمیت رکھتا ہے اور خدا تعالیٰ اس پرورش یا عدم پرورش کو اپنی طرف منسوب کرتا ہے۔جوشخص یتیم سے حسن سلوک کرتا ہے وہ اللہ تعالیٰ کی رضا مندی حاصل کرتا ہے اور جو شخص یتیم سے بے اعتنائی کرتا یا اس سے ظالمانہ سلوک کرتا ہے وہ خدا تعالیٰ کے غضب کو اپنے اوپر بھڑکاتا ہے۔لَا تَقْھَرْ کہہ کر اس امر کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ یتیم کی پرورش اس رنگ میں نہیں کرنی چاہیے کہ وہ خراب ہو جائے۔یعنی نہ ایسی سختی کرو کہ جس کے نتیجہ میں اس کے قویٰ دب جائیں اور وہ ترقی سے محروم ہو جائے اور نہ ایسی نرمی کرو کہ جس سے ناجائز فائدہ اٹھا کر وہ اپنے اوقات اور اپنے قویٰ کو برباد کر دے۔قَھْرٌ کے معنے دراصل غلبہ کے ہوتے ہیں۔پس لَا تَقْھَرْ کے معنے یہ ہوئے کہ اُس سے ایسا معاملہ نہ کرو جس کے نتیجہ میں تم اُس کے قوائے دماغیہ اور جسمانیہ پر غالب آجائو اور اس کی ترقی کو نقصان پہنچادو۔انسانی ترقی کو دو ہی طرح نقصان پہنچتا ہے یا بے جا سختی سے یا بے جا نرمی اور محبت سے۔پس لَا تَقْھَرْ کہہ کر اللہ تعالیٰ نے بے جا سختی سے بھی روک دیا اور بے جا نرمی سے بھی منع فرما دیا اور نصیحت کی کہ یتیم سے تم ایسا ہی معاملہ کرو جو اس کی اچھی تربیت کے لئے ضروری ہو۔وَ اَمَّا السَّآىِٕلَ فَلَا تَنْهَرْؕ۰۰۱۱وَ اَمَّا بِنِعْمَةِ رَبِّكَ فَحَدِّثْؒ۰۰۱۲ اور سوالی کو تو جھڑک مت۔اور تو اپنے رب کی نعمت کا ضرور اظہار کرتا رہ۔حلّ لُغات۔لَا تَنْھَرْ لَا تَنْھَرْ : نَـھَرَ سے نہی مخاطب کا صیغہ ہے اور نَـھَرَ السَّائِلَ کے معنے ہیں زَجَرَہٗ سائل کو ڈانٹ ڈپٹ کی (اقرب) پس لَا تَنْھَرْ کے معنے ہوں گے۔مت ڈانٹ۔تفسیر۔فرماتا ہے سائل کو تم جھڑکو نہیں کیونکہ تم بھی سائل تھے محبت کی بھیک ہم سے مانگنے کے لئے آئے تھے۔ہم نے تمہارے سوال کو رد نہ کیا بلکہ تمہارے دامن کو گوہر مقصود سے بھر کر لوٹایا۔اب تم سے اور لوگ محبت کی بھیک مانگنے آئیں گے تمہارا فرض ہے کہ تم ان سائلوں کی طرف ہمہ تن متوجہ رہو اور ان کی خواہشات کو پورا کرو۔اَمَّا بِنِعْمَةِ رَبِّكَ فَحَدِّثْ تحدیث نعمت دو طرح ہوتی ہے ایک اس طرح کہ انسان علیحدگی میں اللہ تعالیٰ
کے احسانات کا شکر ادا کرے اور اس کے پیہم فضلوں کو دیکھ کر سجدات شکر بجا لائے اور زبان کو اس کی حمد سے تر رکھے۔دوسرا طریق تحدیث نعمت کا یہ ہوتاہے کہ لوگوں میںاللہ تعالیٰ کے احسانات کا ذکر کیا جائے اور انہیں بتایا جائے کہ اللہ تعالیٰ نے کتنا بڑا فضل کیا۔فرماتا ہے ہم نے جونعمتیں تجھے عطا کی ہیں اُن کا خود بھی شکر ادا کرو اور اپنے رب کی ان نعمتوں کا لوگوں میں بھی خوب چرچا کرو۔یا خدا تعالیٰ نے جو نعمتیں تجھے دی ہیں ان سے خود بھی فائدہ اٹھائو اور اپنے جسم پر اُن کے آثار کو ظاہر کرو اور کچھ حصہ صدقہ و خیرات کے طور پر لوگوں میںبھی تقسیم کرو۔اس سورۃ کے آخر میں جو تین باتیں بیان کی گئیں ہیں۔یہ پہلی بیان کر دہ تین باتوں کے مقابل میں ہیں۔پہلے فرمایا تھا۔(۱) اَلَمْ يَجِدْكَ يَتِيْمًا فَاٰوٰى (۲) وَ وَجَدَكَ ضَآلًّا فَهَدٰى (۳) وَ وَجَدَكَ عَآىِٕلًا فَاَغْنٰى۔تم یتیم تھے ہم نے تمہیں پناہ دی۔تم ہماری محبت اور اپنی قوم کی نجات کے طالب تھے ہم نے تمہیںاپنی محبت بھی عطا کر دی اور قوم کی نجات کا سامان بھی عطا کر دیا۔اسی طرح تم روحانی اور جسمانی یتامیٰ سے گھرے ہوئے تھے ہم نے دونوں کی ضروریات کو پورا کرنے کا سامان تجھے دے دیا۔اب تیرا بھی فرض ہے کہ تو یتامیٰ سے ایسا سلوک نہ کر جو ان کی طاقتوں کو توڑ نے والا ہو۔تو ہماری محبت کے سائلوں کو جو تیرے دروازہ پر آئیں کبھی مایوس مت لوٹا بلکہ جس طرح ہم نے تیری مرادیں پوری کی ہیں تو ان کی مرادوں کو پورا کر۔اور پھر یہ بھی دیکھ کہ ہم نے تجھے عائل بنایا تھا پھر تجھے غنی کر دیا۔اب تمہارا کام یہ ہونا چاہیے کہ ہم نے تجھ پر جو احسانات کئے ہیں ان کا تو شکر ادا کر۔ہماری نعمتوں سے خود بھی فائدہ اٹھا اور لوگوں میں بھی ان نعماء کو تقسیم کر۔یہ اسلامی تعلیم نہیں ہے کہ انسان کو اگر کوئی نعمت ملے تو وہ اسے رد کر دے اور اس سے فائدہ نہ اٹھائے۔بد قسمتی سے مسلمانوں کے ایک طبقہ میں روحانیت کا مفہوم نہ سمجھنے کے نتیجہ میںیہ خیال پیدا ہو چکا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی نعماء کا استعمال روحانیت کے خلاف ہے۔اچھا کھانا کھانا یا اچھا کپڑ اپہننا یا اعلیٰ درجہ کی اشیاء سے فائدہ اٹھانا روحانی لوگوں کا کام نہیں ہو سکتا۔مگر یہ لوگوں کی خودساختہ روحانیت ہے اسلام اور عرفان سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔الٰہی حکم یہی ہے کہ اَمَّا بِنِعْمَةِ رَبِّكَ فَحَدِّثْ۔انسان کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو بھی نعمت ملے وہ اس سے خود بھی فائدہ اٹھائے اور دوسروں کو بھی فائدہ پہنچائے۔کاہنوں کی طرح ان نعمتوں کو رد نہ کردے۔اس آیت کے روحانی لحاظ سے یہ معنے ہوں گے کہ ہم نے جو تعلیم تجھے عطا کی ہے اس پر خود بھی عمل کرو اور دوسروں سے بھی عمل کرائو اور جسمانی لحاظ سے اس آیت کے یہ معنے ہیں کہ ہم نے جو نعمتیں تجھے دی ہیں ان سے خود بھی فائدہ اٹھائو اور دوسروں کو بھی فائدہ پہنچائو۔بہر حال رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر
اللہ تعالیٰ نے جو فضل نازل کئے تھے ان کے ذکر کے بعد اللہ تعالیٰ نے آپ سے مطالبہ کیا ہے کہ جیسے تم یتیم تھے اور ہم نے تمہاری خبر گیری کی اسی طرح تم ہمارے یتیموں کی خبر گیری کر و۔جیسے تم سائل تھے اور ہم سے محبت کی بھیک لینے آئے اور ہم نے تمہاری آرزو کو پورا کر دیا اسی طرح اب ہمارے سائل جو تیرے پاس آئیں تیرا فرض ہے کہ تُو ان کی آرزوئوں کو پور اکرے۔پھر جس طرح ہم نے تجھے عائل پا کر غنی کر دیا تھا اسی طرح دنیا میں بہت سے لوگ ایسے موجود ہیں جن کو اس بات کا کوئی علم نہیں کہ خدا نے ان کی ہدایت کے لئے آسمان سے کتنابڑا نور نازل کر دیا ہے وہ جہالت کی تاریکیوں میں اپنی عمر بسر کر رہے ہیں اورآسمانی نور کی شعائیں ان تک نہیں پہنچیں۔ان کے دل بھی اس شوق میں تڑپ رہے ہیں کہ انہیں خدا تعالیٰ کی محبت حاصل ہو۔اس کا پیار ان کی غذا ہو اور اس کا عشق ان کے رگ و ریشہ میں ہو۔مگر وہ نہیں جانتے کہ وہ شمع کہاں ہے جس کے گرد وہ پروانہ وار اپنی جانوں کو قربان کر دیں۔ہم نے تجھے آسمانی دولت سے مالا مال کر کے اس لئے بھیجا ہے کہ تو دنیا کے سب لوگوں تک خدائے قدوس کی آواز پہنچا دے۔سو ڈھنڈورا دو اور خوب دو۔تبلیغ کرو اور خوب کرو۔خدا کا نام دنیا کے کناروں تک پہنچائو اور خوب پہنچائو۔سوتی دنیا کو جگائو اور خوب جگائو اور جو خزانے خد انے تمہیں عطا کئے ہیں انہیں بلا دریغ لوگوں میں تقسیم کردو کہ یہی وہ مقصد ہے جس کے لئے تمہیں دنیا میںکھڑ اکیا گیا ہے۔یہ تینوں آیتوں کا تقابل بھی بتاتا ہے کہ وَجَدَكَ ضَآلًّا میں گمراہی مراد نہیں۔کیونکہ یتیم کے مقابل پر یتیم کا ذکر کیا ہے نعمت کے مقابل پر تحدیث بالنعمت کا ذکر کیا گیا ہے۔اس لئے لازماً ضَآلًّا کے مقابل پر جوآیت ہے اس میں پہلی آیت کے متعلق ہی اشارہ چاہیے اور اس آیت کا مفہوم یہ ہے کہ کسی سوالی کو رد نہ کر پس ضَآلًّا کے معنے بھی سوال کے کرنے کے ہوں گے اور یہی معنے کئے گئے ہیں۔یعنی تو خدا تعالیٰ کی محبت کا سوالی تھا سو ہم نے تیری اس غرض کو پورا کیا اور ہدایت بخشی۔
سُوْرَۃُ الْاِنْشِـرَاحِ مَکِّیَّۃٌ سورۂ انشراح۔یہ سورۃ مکی ہے۔وَھِیَ ثَـمَانِیَ اٰیٰتٍ دُوْنَ الْبَسْمَلَۃِ وَ فِیْـھَا رُکُوْعٌ وَّاحِدٌ اور اس کی بسم اللہ کے سوا آٹھ آیات ہیں اور ایک رکوع ہے۔یہ سورۃ مکی ہے بلا خلاف (فتح البیان زیر سورۃ الانشراح)۔وہیری کے نزدیک اس کے نزول کا وقت مضمون کی مشارکت کی وجہ سے پہلی سورۃ کے زمانہ کا ہی معلوم ہوتا ہے(A Comprehensive Commentary on the Holy Qur’an by Wherry Surat Al Inshirah vol,4 Page:255)۔یعنی پہلے یا دوسرے سال کی معلوم ہوتی ہے۔مغربی مصنفین کا اس امر کو تسلیم کرنا اسلام کی ایک بہت بڑی فتح ہے کیونکہ اس سورۃ میں ایسی زبردست پیشگوئیاں ہیں کہ انہیں تسلیم کرلینے کے بعد اسلام کی صداقت میں کوئی شبہ نہیں ہوسکتا ورنہ اس سورۃ کو مدنی کہہ کر ان پیشگوئیوں پر پردہ ڈالا جاسکتا تھا۔میرے نزدیک یہ سورۃ تیسرے سال یا اس کے قریب کی ہے۔اس کی ترتیب کے متعلق یاد رکھنا چاہیے کہ اس کا تعلق پہلی سورۃ سے یہ ہے کہ پہلی سورۃ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے انجام کے اچھا ہونے کا ذکر تھا جیسا کہ فرمایاتھا وَ لَلْاٰخِرَةُ خَيْرٌ لَّكَ مِنَ الْاُوْلٰى۔یہ آیت اُس سورۃ کے مضمون کا گویا خلاصہ تھی کیونکہ اس میں پہلے دلائل کا ایک نتیجہ نکال کر لوگوں کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔اب سورۃ الانشراح میںاس دعویٰ کے متعلق کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا انجام اچھا ہوگا مزید روشنی ڈالی گئی ہے اور پچھلی سورۃ کے تسلسل میں اللہ تعالیٰ نے یہ مضمون بیان فرمایا ہے کہ انجام کے اچھا ہونے کی کچھ علامتیں ہوتی ہیں اگر وہ علامتیں کسی شخص میں موجود ہوں تو وقت سے پہلے لوگ قیاس کرسکتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کی مدد اس شخص کو حاصل ہے یعنی انجام تو جب ہوگا سو ہوگا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اچھے انجام کو بعض علامتوں کے ساتھ پہچانا بھی جاسکتا ہے۔چنانچہ چار اہم علامتیں اللہ تعالیٰ اس جگہ بیان کرتا ہے۔اوّل یہ کہ انسان کو خو داپنے دعووں پر شرح صدر ہو۔دوم جس مقصد کو لے کر وہ کھڑا ہو اُس کو پورا کرنے کے ذرائع اس کو میسر آجائیں اور تیسرے یہ کہ لوگوں کی توجہ اس کی طرف پھر جائے۔چوتھے یہ کہ یہ سامان الٰہی تقدیر