سُوْرَۃُ الْعَلَقِ
تفسیر کبیر (جلد ۱۳)
سُوْرَۃُ الْعَلَقِ مَکِّیَّۃٌ سورۃ العلق۔یہ سورۃ مکی ہے وَ ھِیَ تِسْعَ عَشْـرَۃَ اٰیَۃً دُوْنَ الْبَسْمَلَۃِ وَ فِیْـھَا رُکُوْعٌ وَّاحِدٌ اوراس کی بسم اللہ کے سوا انیس آیتیں ہیں اور ایک رکوع ہے سورۃ العلق مکی سورت ہے یہ سورۃ بلا خلاف مکی ہے امام احمد اپنی مسند میں عن عروہ عن عائشہؓ سے یہ روایت نقل کرتے ہیںکہ قَالَتْ اَوَّلُ مَا بُدِیَٔ بِہٖ رَسُوْلُ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ مِنَ الْوَحْیِ اَلرُّؤْیَا الصَّادِقَۃُ فِی النَّوْمِ فَکَانَ لَا یَرٰی رُؤْیًا اِلَّا جَاءَتْ مِثْلَ فَلَقِ الصُّبْحِ ثُمَّ حُبِّبَ اِلَیْہِ الْـخَلَاءُ فَکَانَ یَاْتِی الْـحِرَاءَ فَیَتَحَنَّثُ فِیْہِ وَ ھُوَا لتَّعَبُّدُ اللَّیَالِیْ ذَوَاتِ الْعَدَدِ وَیَتَزَوَّدُ لِذَالِکَ ثُمَّ یَرْجِعُ اِلٰی خَدِیْـجَۃَ فَیَتَـزَوَّدُ لِمِثْلِھَا حَتّٰی جَـاءَہُ الْـوَحْیُ وَ ھُـوَ فِیْ غَـارِ حِـرِاءَ فَــجَـاءَہُ الْـمَـلِکُ فِـیْـہِ فَـقَـالَ اقْـرَأْ قَـالَ رَسُـوْلُ اللہِ صَـلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فَقُلْتُ مَا اَنَا بِقَارِیءٍ قَالَ فَاَخَذَنِیْ فَغَطَّنِیْ حَتّٰی بَلَغَ مِنِّی الْـجُھْدُ ثُمَّ اَرْسَلَنِیْ فَقَالَ اقْرَأْ فَقُلْتُ مَا اَنَا بِقَارِیءٍ فَغَطَّنِیَ الثَّانِیَۃَ حَتّٰی بَلَغَ مِنِّی الْـجُہْدُ ثُمَّ اَرْسَلَنِیْ فَقَالَ اقْرَأْ فَقُلْتُ مَا اَ نَا بِقارِیءٍ فَغَطَّنِیَ الثَّالِثَۃَ حَتّٰی بَلَغَ مِنِّی الْـجُہْدُ ثُمَّ اَرْسَلَنِیْ فَقَالَ اقْرَأْ بِاسْـمِ رَبِّکَ الَّذِیْ خَلَقَ حَتّٰی بَلَغَ مَالَمْ یَعْلَمْ قَالَ فَرَجَعَ بِـھَا تَرْجُفُ بَوَادِرُہٗ حَتّٰی دَخَلَ عَلٰی خَدِیْـجَۃَ فَقَالَ زَمِّلُوْنِیْ۔زَمِّلُوْنِیْ۔فَزَمَّلُوْہ حَتّٰی ذَھَبَ عَنْہُ الرَّوْعُ فَقَالَ یَا خَدِیْـجَۃُ مَالِیْ وَاَخْبَـرَھَا الْـخَبَرَ وَ قَالَ قَدْ خَشِیْتُ عَلٰی نَفْسِیْ فَقَالَتْ لَہٗ کَلّا أَبْشِـرْ فَوَاللہِ لَا یُـخْزِیْکَ اللہُ اَبَدًا اِنَّکَ لَتَصِلُ الرَّحِـمَ وَ تَصْدُقُ الْـحَدِیْثَ وَ تَـحْمِلُ الْکَلَّ وَ تَقْرِی الضَّیْفَ وَ تُعِیْنُ عَلٰی نَوَائِبِ الْـحَقِّ ثُمَّ انْطَلَقَتْ لَہُ الْـخَدِیْـجَۃُ حَتّٰی اَتَتْ بِہٖ وَرَقَۃَ بْنَ نَوْفَلِ بْنِ اَسَدِ بْنِ عَبْدِ الْعُزّٰی بْنِ قُصَیٍّ وَ ھُوَا بْنُ عَمِّ خَدِیْـجَۃَ اَخِیْ اَبِیْـھَا وَ کَانَ امْرَأً تَنَصَّـرَفِی الْـجَاہِلِیَّۃِ وَ کَانَ یَکْتُبُ الْکِتَابَ الْعَرَبِیَّ وَ کَتَبَ بِالْعِبْـرَانِیَّۃِ مِنَ الْاِنْـجِیْلِ مَاشَاءَ اللہُ اَنْ یَّکْتُبَ وَ کَانَ شَیْخًا کَبِیْـرًا قَدْ عَـمِیَ فَقَالَتْ خَدِیْـجَۃُ اَیْ ابْنَ عَمٍّ اِسْـمَعْ مِنَ ابْنِ اَخِیْکَ فَقَالَ وَرَقَۃُ اِبْنَ اَخِیْ مَا تَرٰی فَاَخْبَـرَہٗ رَسُوْلُ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ بِـمَا رَاٰی فَقَالَ وَرَقَۃُ ھٰذَا النَّامُوْسُ الَّذِیْ اُنْزِلَ عَلٰی عِیْسٰی لَیْتَنِیْ فِیْہِ جَذَعًا
لَیْتَنِیْ اَکُوْنُ حَیًّا حِیْنَ یُـخْرِجُکَ قَوْمُکَ فَقَالَ رَسُوْلُ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ اَوَ مُـخْرِجِیَّ ھُمْ فَقَالَ وَرَقَۃُ نَعَمْ لَمْ یَاْتِ رَجُلٌ قَطُّ بِـمَاجِئْتَ بِہٖ اِلَّا عُوْدِیَ وَ اِنْ یُّدْرِکْنِیْ یَوْمَکَ اَنْصُـرْک نَصْـرًا مُّؤَزَّرًا ثُمَّ لَمْ یَنْشَبْ وَرَقَۃُ اَنْ تُوُفِّیَ وَ فَتَـرَالْـوَحْیُ فَتْـرَۃً حَتّٰی حَزِنَ رَسُوْلُ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فِیْـمَا بَلَغَنَا حَزَنًا غَدًا مِّنْہُ مِرَارًا کَیْ یَتَرَدّٰی مِنْ رُّءُوْسِ شَوَاھِقِ الْـجِبَالِ فَکُلَّمَا اَوْفٰی بِذِرْوَۃِ جَبَلٍ لِکَیْ یُلْقِیَ نَفْسَہٗ مِنْہُ تَبَدّٰی لَہٗ جِبْـرِیْلُ فَـقَـالَ یَـامُـحَمَّدُ اِنَّـکَ رَسُوْلُ اللہِ حَقًّا فَیَسْکُنُ بِذَالِکَ جَأْشُہٗ وَ تَقِرُّ بِہٖ نَفْسُہٗ فَیَـرْجِعُ فَاِذَااَ طَالَتْ عَلَیْہِ فَتْرَۃُ الْوَحْیِ غَدَا لِمِثْلِ ذَالِکَ فَاِذَا اَوْفٰی بِذِرْوَۃِ الْـجَبَلِ تَبَدّٰی لَہٗ جِبْـرِیْلُ فَقَالَ لَہٗ مِثْلَ ذَالِکَ وَھٰذَا الْـحِدِیْثُ مُـخْرَجٌ فِی الصَّحِیْحَیْنِ مِنْ حَدِیْثِ الزُّھْرِیِّ۔یعنی حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ابتداء میں جو وحی نازل ہوئی وہ رئویا صادقہ کی صورت میں نازل ہوئی تھی۔آپ جو بھی خوا ب دیکھتے وہ ایسے واضح رنگ میں پوری ہوجاتی جیسے فجر کا طلوع ہوتا ہے اس کے بعد رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دل میں یہ رغبت پیدا ہوئی کہ آپ خلوت میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کریں۔بعض دوسری حدیثوں میں آتا ہے کہ ان دنوں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خلوت میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے سے زیادہ اور کوئی چیز پیاری نہیں تھی۔چنانچہ آپ غارِ حراء میں جاتے اور اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے۔عبادت کا یہ طریق تھا کہ آپ کئی کئی راتیں غارِ حراء میں بسر کردیتے اور دن رات اللہ تعالیٰ کا ذکر اور اس کی عبادت میں مشغول رہتے۔جتنا عرصہ آپ نے عبادت کا ارادہ کیا ہوتا تھا اتنے عرصہ کے لئے آپ حراء میں ہی اپنا زاد لے جاتے تھے اورجب وہ ختم ہوجاتا تو حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے پاس آتے وہ اتنا ہی اور زاد تیار کرکے دے دیتیں اور آپ پھر اس کو ساتھ لے کر عبادت کے لئے غارِ حراء میں چلے جاتے۔ایک دن آپ اسی طرح غارِ حراء میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کررہے تھے کہ آپؐپر وحی الٰہی کا آغاز ہوگیا۔ایک فرشتہ آپ کے پاس آیا اور اس نے کہا اِقْرَاْ یعنی پڑھ! رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مَا اَنَا بِقَارِیءٍ میں تو پڑھنانہیں جانتا۔قَالَ فَاَخَذَنِیْ فَغَطَّنِیْ۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں جب میں نے یہ جواب دیا تو اس نے مجھے پکڑا اور بھینچنا شروع کردیا۔غَطّٰی کے معنے ہوتے ہیں کسی چیز کو پانی میں ڈبودینا۔لیکن محاورہ میں غَطّٰی بھینچنے کو کہتے ہیں۔آپ فرماتے ہیں اس نے مجھے بھینچا اور اتنا بھینچا کہ حَتّٰی بَلَغَ مِنِّی الْـجُھْدُ میری مقابلہ کی طاقت ختم ہوگئی۔یعنی میں نے سمجھا کہ اگر اس نے اب مجھے زیادہ بھینچا تو میں مرجائوں گا۔اس کے بعد اس نے مجھے چھوڑ دیا ور پھر کہا پڑھ! میں نے کہا میں تو پڑھنا نہیں جانتا۔اس نے پھر مجھے بھینچا یہاں تک کہ میری مقابلہ کی طاقت ختم ہوگئی۔اس پر اس نے پھر مجھے چھوڑ دیا اور کہا اِقْرَاْ۔پڑھ! میں
نے کہا میں توپڑھنا نہیں جانتا۔اس نے تیسری دفعہ پھر مجھے بھینچا یہاں تک کہ میری مقابلہ کی طاقت ختم ہوگئی۔پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور (اس سورۃ کی یہ آیات پڑھنے کو) کہا اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِيْ خَلَقَ خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ عَلَقٍ اِقْرَاْ وَ رَبُّكَ الْاَكْرَمُ الَّذِيْ عَلَّمَ بِالْقَلَمِ عَلَّمَ الْاِنْسَانَ مَا لَمْ يَعْلَمْ۔اس کے بعد راوی کے اپنے الفاظ میں حدیث آتی ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس واقعہ کے فوراً بعد اپنے گھر واپس آئے اور آپ کی حالت یہ تھی کہ اس وقت آپ کے کندھے خوف سے کانپ رہے تھے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب اپنے گھر پہنچے تو آپ نے حضرت خدیجہؓ سے فرمایا زَمِّلُوْنِیْ۔زَمِّلُوْنِیْ مجھے کپڑا اوڑھادو۔مجھے کپڑا اوڑھادو۔انہوں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو کپڑوں سے ڈھانک دیا یہاں تک کہ آپ کا خوف دور ہوگیا۔اس کے بعد رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا خدیجہ! مجھے کیا ہوگیا ہے؟ پھر آپ نے ساری بات سنائی اور فرمایا کہ مجھے تو اپنے نفس کے متعلق ڈر پید اہوگیا ہے۔حضرت خدیجہؓ نے کہا ایسا خیال مت کیجئے بلکہ آپ خوش ہوجائیے۔مجھے اللہ ہی کی قسم وہ آپ کو کبھی نہیں چھوڑے گا کیونکہ آپ اپنے رشتہ داروں کا خیال رکھتے ہیں، ہر سچی بات کی آپ تصدیق کرتے ہیں، خدا تعالیٰ کی کسی بات کا انکار نہیں کرتے،جو لوگ اپنا بوجھ نہیں اٹھاسکتے ان کے بوجھ آپ خود اٹھاتے ہیں، ہر آنے جانے والے کی مہمان نوازی کرتے ہیںاور جو لوگ ایسی مصائب میں مبتلاہوںکہ اس میں ان کی شرارت کا دخل نہ ہو بلکہ حوادثِ زمانہ کی وجہ سے انہیں تکلیف پہنچی ہو آپ ان کا بوجھ بٹاتے ہیں۔پھر حضرت خدیجہؓ نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے ساتھ لیا اور آپ کوورقہ بن نوفل کے پاس لے گئیں جو حضرت خدیجہؓ کے ابن عم یعنی چچا زاد بھائی تھے۔یہ ورقہ بن نوفل ان لوگوں میں سے تھے جو زمانۂ جاہلیت میں عیسائی ہوگئے تھے۔وہ تورات کو عربی زبان میں لکھوایا کرتے تھے (یا اندھا ہونے سے پہلے لکھا کرتے تھے) اور جتنی خدا تعالیٰ توفیق دیتا تھا عبرانی زبان سے انجیل بھی لکھوایا کرتے تھے (یعنی اس کا عربی میں ترجمہ کرنے کی کوشش کرتے تھے) وَکَانَ شَیْخًا کَبِیْـرًا قَدْ عَـمِی اور وہ ایک بوڑھے آدمی تھے جو بڑھاپے میں آکر نابیناہوگئے تھے۔حضرت خدیجہؓ نے ان سے مختصراً سب حال کہا اور کہا کہ اے میرے چچا کے بیٹے! اپنے بھائی کے بیٹے کے منہ سے سب بات سن لو۔ورقہ نے کہا اے میرے بھائی کے بیٹے تو نے کیا دیکھا ہے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کچھ دیکھاتھا وہ تفصیلاً بتایا۔ورقہ نے تمام باتیں سن کر کہا یہ تو وہی ناموس ہے جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر نازل ہوا تھا۔کاش! میںاس وقت جوان ہوتا۔کاش! میں اس وقت زندہ ہوتا جب تیری قوم تجھے نکال دے گی۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اَوَ مُـخْرِجِیَّ ھُمْ کیا میری قوم مجھے نکال دے گی؟ ورقہ نے کہا ہاں
ہاں تیری قوم تجھے نکال دے گی کیونکہ آج تک کوئی شخص اس تعلیم کو لے کر نہیں آیا جس تعلیم کو تو لے کر کھڑا ہوا ہے۔مگر اس کی قوم نے اس سے ضرور دشمنی کی ہے۔اگر مجھے بھی وہ دن دیکھنا نصیب ہوا جب تو اپنی قوم کے سامنے اس تعلیم کا اعلان کرے گا اور قوم تیری شدید مخالفت کرے گی یہاں تک کہ وہ تجھے اس شہر میں سے نکال دے گی تو میں کمر باندھ کر تیری مدد کروں گا۔مگر اس واقعہ کے تھوڑے دنوں کے بعد ورقہ بن نوفل فوت ہوگئے اور وحی میں وقفہ پڑھ گیا۔ہمیں لوگوں کی طرف سے جو خبریں پہنچیں ہیں ان سے معلوم ہوتا ہے کہ فترۃ وحی سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بہت ہی غم ہوا۔کئی دفعہ آپ باہر جاتے اور ارادہ کرتے کہ کسی اونچے پہاڑ کی چوٹی سے اپنے آپ کو نیچے گرا دیں مگر جب کبھی آپ پہاڑ کی کسی چوٹی پر اس ارادہ کے ساتھ جاتے کہ اپنے آپ کو نیچے پھینک دیں تو جبریل آتے اور کہتے اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم آپ تو اللہ تعالیٰ کے سچے رسول ہیں۔اس سے آپ کا جوش تھم جاتا، آپ کا نفس ٹھنڈا ہوجاتا اور آپ واپس لوٹ آتے۔مگر جب فترۃ وحی کا زمانہ لمبا ہوگیا تو ایک دفعہ پھر آپ اسی ارادہ سے نکلے اور پہاڑ کی چوٹی پر گئے مگر وہاں آپ کو پھر جبریل نظر آئے اور انہوں نے پھر اسی قسم کی بات کی۔یہ روایت ابتداء وحی کے متعلق مسند احمد بن حنبل میں آتی ہے۔امام بخاری نے بھی اس حدیث کو اپنی کتاب کے ابتدائی باب یعنی بَابُ کَیْفَ کَانَ بَدْءُ الْوَحْیِ اِلٰی رَسُوْلِ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ میں درج کیا ہے۔اسی طرح بخاری جلد ۴ باب علم التعبیر میں بھی یہ حدیث آتی ہے مگر مسند احمد بن حنبل اور بخاری کی اس روایت میں کسی قدر فرق پایا جاتا ہے۔وہ فرق یہ ہے کہ اس حدیث میں آتا ہے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا تَصْدُقُ الْـحَدِیْثَ مگر بخاری بَابُ کَیْفَ کَانَ بَدْءُ الْوَحْیِ میں جو حدیث درج ہے اس میں تَکْسِبُ الْمَعْدُوْمَ کے الفاظ آتے ہیں۔یعنی وہ خوبیاں جو دنیا سے معدوم ہوچکی ہیں وہ آپ کمارہے ہیں مطلب یہ کہ وہ اخلاقِ فاضلہ جن پر دنیا عمل نہیں کرتی ان پر آپ کا عمل پایا جاتا ہے۔دوسرے بخاری کی ابتدائی حدیث میں ورقہ بن نوفل کے متعلق یہ ذکر نہیں آتا کہ کَانَ یَکْتُبُ الْکِتَابَ الْعَرَبِیَّ وہ تورات کو عربی زبان میںلکھوایا کرتے تھے (اصل الفاظ یَکْتُبُ کے ہیںجس کے معنے لکھنے کے ہیں لیکن چونکہ وہ اندھے ہوگئے تھے اس لئے اس کے معنے یہاں لکھوانے کے ہیں۔ان معنوں میں بھی یہ لفظ استعمال ہوجاتا ہے یا پھر اس کے یہ معنے ہیںکہ اندھا ہونے سے پہلے ایسا کیا کرتے تھے)۔تیسرے اس حدیث میں یہ ذکر آتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی دفعہ پہاڑ سے اپنے آپ کو نیچے گرادینے کا ارادہ کیا لیکن بخاری کی وہ حدیث جو بَابُ کَیْفَ کَانَ بَدْءُ الْوَحْیِ میں آتی ہے۔اس میں اس واقعہ کا
ذکر نہیں آتا لیکن بخاری جلد ۴ باب التعبیر میں جو حدیث آتی ہے اس میں تَصْدُقُ الْـحَدِیْثَ کے بھی الفاظ ہیں۔کَانَ یَکْتُبُ الْکِتَابَ الْعَرَبِیَّ کے بھی الفاظ ہیں اور اس واقعہ کا بھی ذکرآتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی دفعہ پہاڑ کی چوٹی سے اپنے آپ کو گرانے کا ارادہ کیا۔چوتھے اس حدیث میں یہ ذکر آتا ہے کہ ورقہ بن نوفل نے کہا یہ وہی ناموس ہے جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر نازل ہوا۔لیکن بخاری میں یہ ذکر آتا ہے کہ اس نے کہا ھٰذَ النَّامُوْسُ الَّذِیْ اُنْزِلَ عَلٰی مُوْسٰی یہ وہی ناموس ہے جو حضرت موسیٰ علیہ السلام پر نازل ہوا تھا۔بہرحال اس معمولی فرق کے باوجود نفسِ مضمون دونوں حدیثوں کا ایک ہی ہے۔چنانچہ اسی حدیث کی بناء پر شراح اور مفسرین کہتے ہیں کہ یہ پہلی وحی ہے جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوئی۔ابن کثیر کہتے ہیں کہ فَاَوَّلُ شَیْءٍ نَزَلَ مِنَ الْقُرْانِ ھٰذِہِ الْاٰیَاتُ الْکَرِیْـمَاتُ الْمُبَارَکَاتُ وَ ھُنَّ اَوَّلُ رَحْـمَۃٍ رَحِـمَ اللہُ بِـھَا الْعِبَادَ وَ اَوَّلُ نِعْمَۃٍ اَنْعَمَ اللہُ بِـھَا عَلَیْـھِمْ (تفسیر ابن کثیر زیر سورۃ العلق)۔یعنی یہ قرآن کریم کی پہلی بزرگ اور مبارک آیات ہیں جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوئیں۔یہ پہلی رحمت ہیں جس کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر رحم فرمایا اور پہلی نعمت ہیں جس کے ذریعہ اس نے اپنے فضل سے انہیں سرفراز فرمایا۔اس جگہ ضمنی طور پر میں یہ بتادینا چاہتا ہوں کہ قرآن کریم کی بعض آیات میں بعض انبیاء کی جو خوبیاں بیان کی گئی ہیں ان کو دیکھتے ہوئے بعض لوگ غلطی سے یہ خیال کرلیتے ہیں کہ وہ خوبیاں ان میں ساری دنیا کے مقابلہ میں ممتاز طور پر پائی جاتی تھیں حالانکہ یہ درست نہیں ہوتا۔زبان کا یہ عام قاعدہ ہے کہ جب کسی کی خاص طور پر کوئی خوبی بیان کی جاتی ہے تو اس سے یہ مراد نہیں ہوتی کہ اسے ساری دنیا کے مقابلہ میں اس خوبی کے لحاظ سے فضیلت حاصل ہے بلکہ مراد محض اس زمانہ یا اس کی قوم یا خاندان کے لوگ ہوتے ہیں۔مثلاً اسی جگہ ابن کثیر یہ نہیں کہتے کہ ھُنَّ اَوَّلُ رَحْـمَۃٍ رَحِـمَ اللہُ بِـھَا عَلٰی اُمَّۃِ الْمُحَمَّدِیَّۃِ یہ وہ پہلی رحمت ہے جو امت محمدیہ پر نازل ہوئی بلکہ کہتے ہیں ھُنَّ اَوَّلُ رَحْـمَۃٍ رَحِـمَ اللہُ بِـھَا الْعِبَادَ۔یہ آیات وہ پہلی رحمت ہیں جن سے اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر رحم و کرم کی بارش کا آغاز فرمایا۔پھر وہ کہتے ہیں وَ اَوَّلُ نِعْمَۃٍ اَنْعَمَ اللہُ بِـھَا عَلَیْـھِمْ۔یہ پہلی نعمت ہے جو خدا تعالیٰ کی طرف سے آئی اور جس کے ذریعہ اس نے اپنے بندوں پر بہت بڑا انعام نازل فرمایا۔حالانکہ عیسٰیؑ کا کلام اس سے پہلے آچکا تھا۔موسٰی کی کتاب اس سے پہلے آچکی تھی، ابراہیمؑ کے صحف اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل ہوچکے تھے۔درحقیقت یہ ایک
محاورہ ہے جو عام طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور سمجھا جاتا ہے کہ سننے والا پاگل نہیں۔جب ہم کہیں گے کہ فلاں میں یہ خوبی پائی جاتی ہے تو لازماً وہ اسے ایک زمانہ کے لوگوں تک محدود رکھے گا۔یہ نہیں سمجھے گا کہ شروع سے لے کر قیامت تک کے لوگوں پر اسے فضیلت حاصل ہوگئی ہے۔اسی طرح قرآن کریم میں بعض انبیاء کی جو خوبیاں بیان کی گئی ہیں وہ بھی اسی طرح اپنے اپنے زمانہ کے لحاظ سے ہیں نہ کہ ساری دنیا کے لحاظ سے۔جس طرح اس جگہ ابن کثیر نے قرآن کریم کی ان آیات کو پہلی رحمت اور پہلی نعمت قرار دیا ہے حالانکہ عیسٰیؑ اور موسٰی اور ابراہیمؑ اور نوحؑسب اللہ تعالیٰ کا کلام لاچکے تھے۔بہرحال چونکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی امت پر یہ پہلی رحمت تھی جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل ہوئی اس لئے انہوں نے اپنے زمانہ کے لحاظ سے اسے پہلی رحمت قرار دے دیا۔ابن عباسؓ کہتے ہیں ھِیَ اَوَّلُ مَا نَزَلَ مِنَ الْقُرْاٰنِ (فتح البیان زیر سورۃ العلق)۔یہ قرآن میںسے پہلا حصہ ہے جو نازل ہوا۔ابوموسیٰ اشعری کہتے ہیں ھٰذِہٖ اَوَّلُ سُوْرَۃٍ اُنْزِلَتْ عَلٰی مُـحَمَّدٍ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ (فتح البیان زیر سورۃ العلق) یہ پہلی سورۃ ہے جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کی گئی۔حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے بھی یہی روایت ہے۔پھر لکھا ہے وَقَدْ ذَھَبَ الْـجُمْھُوْرُ اِلٰی اَنَّ ھٰذِہ السُّوْرَۃَ اَوَّلُ مَا نَزَلَ مِنَ الْقُرْاٰنِ ثُمَّ بَعْدَہٗ نٓ وَالْقَلَمِ ثُمَّ الْمُزَّمِّلُ ثُمَّ الْمُدَّثِّرُ (فتح البیان زیر سورۃ العلق) کہ جمہور کا مذہب یہی ہے کہ یہ پہلی سورۃ ہے جو قرآن کریم میں سے نازل ہوئی۔اس کے بعد نون والقلم نازل ہوئی پھر مزمل نازل ہوئی اور پھر مدثر نازل ہوئی۔اسی سلسلہ میں بخاری میں کَیْفَ کَانَ بَدْءُ الْوَحْیِ کے باب کے ماتحت جابر بن عبداللہ سے روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میں ایک دفعہ گھر سے باہر جارہا تھا کہ میں نے آسمان پر اسی فرشتہ کو دیکھا جو غارِ حرا میں آیا تھا کہ آسمان اور زمین کے درمیان ایک کرسی پر بیٹھا ہے۔اس سے میں بہت مرعوب ہوا۔میں گھر آیا اور کہا زَمِّلُوْنِیْ زَمِّلُوْنِیْ۔فَاَنْزَلَ اللہُ تَعَالٰی يٰۤاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ قُمْ فَاَنْذِرْ وَ رَبَّكَ فَكَبِّرْ وَ ثِيَابَكَ فَطَهِّرْ وَ الرُّجْزَ فَاهْجُرْ فَـحَمِیَ الْوَحْیُ وَ تَتَابَعَ (صحیح بخاری کتاب بدء الوحی باب کیف کان بدء الوحی)یعنی جب میں گھر آیا اور مجھ پر کپڑا اوڑھادیا گیا تو اللہ تعالیٰ نے سورئہ مدثر کی یہ آیات نازل کیں کہ يٰۤاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ قُمْ فَاَنْذِرْ وَرَبَّكَ فَكَبِّرْ وَثِيَابَكَ فَطَهِّرْ وَ الرُّجْزَ فَاهْجُرْ۔اس کے بعد وحی جلد جلد نازل ہونی شروع ہوگئی۔ان دونوں اقوال میں بظاہر کچھ اختلاف نظر آتا ہے یعنی خازن نے دوسری روایت کو نقل کرکے یہ نتیجہ نکالا ہے کہ اِقْرَاْ کے بعد سورئہ نون والقلم نازل ہوئی۔پھر سورئہ مزمل نازل ہوئی اور پھر سورئہ مدثر نازل ہوئی اور بخاری کی روایت سے
یوں معلوم ہوتا ہے کہ اِقْرَاْ کے بعد مدثر نازل ہوئی۔لیکن یہ اختلاف حقیقی نہیں درحقیقت ایک امر کے نہ سمجھنے کی وجہ سے یہ اختلاف پیدا ہوا ہے۔فترۃ وحی کا زمانہ لوگ عام طور پر خیال کرتے ہیں کہ اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِيْ خَلَقَ کے بعد فترۃ وحی ہوئی ہے حالانکہ جو حدیث بخاری میںبیان ہوئی ہے اس سے یہ پتہ نہیں لگتا۔اس میں یہ بتایا گیا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی نازل ہوئی اس کے کچھ عرصہ بعد ورقہ بن نوفل فوت ہوئے اور پھر فترۃ کا زمانہ آگیا۔درمیانی عرصہ کا اس حدیث میں ذکر نہیں کیا گیا۔فترۃ وحی چونکہ ایک اہم مسئلہ تھا اس لئے اس کا ذکر کردیا گیا مگر اس کے یہ معنے نہیں ہیں کہ اِقْرَاْکے بعد فترۃ ہوئی ہے بلکہ اِقْرَاْ کے بعد کچھ اور کلام نازل ہوا تھا اور اس کے بعد فترۃ ہوئی ہے اور یہی بات قرین قیاس بھی ہے۔چنانچہ جب اللہ تعالیٰ نے یہ کہا کہ اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِيْ خَلَقَ خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ عَلَقٍ اِقْرَاْ وَ رَبُّكَ الْاَكْرَمُ الَّذِيْ عَلَّمَ بِالْقَلَمِ عَلَّمَ الْاِنْسَانَ مَا لَمْ يَعْلَمْ تو اس میں تو کوئی حکم بیان نہیں ہوا پھر کیا حکم دیا تھا جس کے متعلق اِقْرَاْ کہا گیا تھا۔اِقْرَاْ کا لفظ صاف بتاتا ہے کہ کوئی باتیں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں سے کہنی ہیں۔وہ کہنے والی باتیںبہرحال اِقْرَاْ کے بعد نازل ہونی چاہیے تھیں۔چنانچہ اِقْرَاْ کے بعد نون والقلم نازل ہوئی اس کے بعد سورۃ مزمل نازل ہوئی اور پھر فترۃ کا زمانہ آگیا۔پس میرے نزدیک اصل واقعہ یہ ہے کہ اِقْرَاْ کی ابتدائی آیات اور اسی طرح نون والقلم اور سورۃ المزمل کی کچھ آیات پہلے نازل ہوئیں پھر فترۃ وحی ہوئی اور اس کے ختم ہونے پر سورۃ المدثر نازل ہوئی۔یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ یہ جو حدیث میں آتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مَا اَنَا بِقَارِیءٍ اس کا یہ مفہوم نہیں تھا کہ میں کتاب نہیں پڑھ سکتا کیونکہ کتاب تو اس جگہ کوئی پیش ہی نہیں تھی۔ایک حدیث میں بے شک آتا ہے کہ جبریل کے ہاتھ میں ایک کپڑا تھا جس پر کچھ لکھا ہوا تھا۔مگر اس حدیث میں یہ ذکر نہیں آتا کہ جبریل نے وہ کپڑا دکھا کر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ کہا ہو کہ اس پر جو کچھ لکھا ہے اسے پڑھو کیونکہ اسی حدیث میں یہ ذکر بھی آتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میں کیا پڑھوں۔اگر اس نے کپڑا دکھا کر کچھ پڑھانا ہوتا تو آپ یہ نہ کہہ سکتے کہ میں کیا پڑھوں(دُرّ منثور زیر سورۃ علق)۔حقیقت یہ ہے کہ مَا اَنَا بِقَارِیءٍ کے الفاظ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انکسار کے طور پر استعمال فرمائے تھے اور آپ ڈرتے تھے کہ میں عہدئہ نبوت کی اہم ذمہ داریوں کو پوری خوش اسلوبی سے ادا بھی کرسکوں گا یا نہیں۔یہی حال ہر نبی کا ہوتا ہے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے متعلق بھی قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ جب انہیں فرعون کی طرف جانے کا حکم دیا گیا تو انہوں نے اللہ تعالیٰ سے عرض
کیا کہ میرا بھائی ہارون مجھ سے زیادہ فصاحت رکھتا ہے اسے بھی میرے ساتھ بھجوادیجئے ایسا نہ ہو کہ میں اپنے ما فی الضمیرکو وہاں عمدگی سے بیان نہ کرسکوں اور اپنے فرض کی ادائیگی میں کوتاہی کرجائوں(القصص:۳۵)۔یہ تو قرآن کریم کا بیان ہے تورات سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اپنے بھائی ہارون کا نام نہیں لیا بلکہ جب اللہ تعالیٰ کی طرف سے نبوت کا کام ان کے سپردکیا گیا تو انہوں نے کہا ’’اے میرے خداوند میں تیری منت کرتا ہوں۔جس کو چاہے تو اس کے وسیلہ سے بھیج‘‘۔(خروج باب ۴ آیت ۱۳) یعنی میں اس خدمت کا اہل نہیں کسی اور شخص کو اس عہدہ پر کھڑا کردے۔حضرت موسیٰ علیہ السلام کی درخواست پر اللہ تعالیٰ نے حضرت ہارون علیہ السلام کو بھی یہ کام سپرد کردیا۔مگر حضرت موسیٰ علیہ السلام جب چالیس دن کے لئے پہاڑ پر گئے تو بعد میں حضرت ہارونؑ بنی اسرائیل کو سنبھال نہ سکے۔باوجود ان کے منع کرنے کے وہ شرک میں مبتلا ہوگئے اور بچھڑے کی پرستش کرنے لگ گئے(الاعراف:۱۴۳تا ۱۵۱)۔اس طرح اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو بتادیا کہ دیکھ لو انتخاب وہی صحیح تھا جو ہم نے کیا۔تم نے اپنے لئے ہارونؑ کا انتخاب کیا تھا مگر ہارون قوم کی نگرانی نہ کرسکا۔بہرحال اللہ تعالیٰ کی طرف سے جب نبوت کا کام کسی عظیم الشان انسان کے سپرد کیا جاتا ہے تو طبعی طور پر وہ گھبراتا اور ہچکچاہٹ کا اظہار کرتا ہے اور ڈرتا ہے کہ کہیں میں اپنے فرائض کی بجاآوری میں کسی کوتاہی کا مرتکب نہ ہوجائوں۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طبیعت میں حجاب بھی تھا، انکسار بھی تھا، اپنے اہم فرائض کو دیکھتے ہوئے خوف بھی تھا۔اللہ تعالیٰ کی عظمت اور اس کے استغناء کا بھی آپ کو احساس تھا اور ادب کی وجہ سے آپ یہ کہنا بھی مناسب نہ سمجھتے تھے کہ میری جگہ کسی اور کو مقرر کردیں میں اس کام کے قابل نہیں۔ان وجوہ کی بنا ء پر جیسے تجاہل عارفانہ کے طور پر کوئی بات کہہ دی جاتی ہے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میں پڑھنا نہیں جانتا۔حالانکہ اس وقت آپ کو پڑھنے کے لئے نہیں کہا گیا تھا۔درحقیقت یہ ایک ادب کا طریق تھا جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے جذبات کے اظہار کے لئے اختیار فرمایا۔آپ نے سمجھا کہ براہ راست انکار کرنا تو اللہ تعالیٰ کے حکم کی نافرمانی ہوگی اور اگر میں نے کہا کہ میں اس کام کے قابل نہیں تو یہ بھی ادب کے خلاف ہوگا اس لئے میں کوئی اور رنگ اختیار کروں۔چنانچہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ رنگ اختیار کیا کہ آپ نے فرمایا مَا اَنَا بِقَارِیءٍ میں تو پڑھے لکھے آدمیوں میں سے نہیں ہوں۔میں نے کیا کام کرنا ہے؟ اصل بات یہ ہے کہ خود فرشتہ نے بھی آخر میں
ظاہر کردیا تھا کہ اس کا یہ مطلب نہیں تھا کہ پڑھو بلکہ مطلب یہ تھا کہ جو کچھ میں کہتا جائوں اسے ساتھ ساتھ دہراتے جائو۔قَرَاَ کے دونوں معنے ہوتے ہیں کسی چیز کو دہرانا یا لکھے ہوئے کو پڑھنا۔پس جب فرشتے نے کہا اِقْرَاْ تو درحقیقت اس کے یہ معنے نہ تھے کہ لکھے ہوئے کو پڑھو۔کیونکہ لکھا ہو اپڑھنا اس وقت مدنظر ہی نہیں تھا۔فرشتے کامقصد صرف یہ تھا کہ جو کچھ میں کہہ رہا ہوں اسے زبانی دہراتے جائو چنانچہ جب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان الفاظ کو دہرادیا تو چونکہ اس کا مقصد حاصل ہوگیا اس لئے وہ واپس چلا گیا۔ابتداء وحی ایک نہایت اہم مسئلہ ہے جیسا کہ ابن کثیر نے کہا ہے یہ پہلی رحمت ہے جس سے اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو نوازا اور پہلی نعمت ہے جس سے اس نے اپنے فضل سے انہیں حصہ عطا فرمایا۔پس اس سورۃ کی ابتدائی آیات اس لحاظ سے خاص طور پر اہمیت رکھتی ہیںکہ یہ قرآن کریم کے لئے بمنزلہ بیج اور گٹھلی کے ہیں اور ان آیات کے نزول کے بعد باقی قرآن نازل ہوا ہے۔یوں تو سارا قرآن ہی اہمیت رکھتا ہے مگر جذباتی طور پر اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِيْ خَلَقَ۔خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ عَلَقٍ۔ایسی اہمیت رکھنے والی آیات ہیں کہ جب انسان ان کو پڑھتا ہے اس کے جسم پر کپکپی طاری ہوجاتی ہے اور وہ کہتا ہے یہ وہ آیات ہیں جن کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے مجھے اپنے قرآن سے روشناس کرایا۔اس کی ایسی ہی مثال ہے جیسے دوست آپس میں ملتے ہیں تو وہ ایک دوسرے سے بعض دفعہ خاص طور پر اس امر کا ذکر کرتے ہیں کہ ان کی دوستی کا آغاز کس طرح ہوا یا میاں بیوی آپس میں مذاکرہ کرتے ہیں تو وہ بھی بعض دفعہ بڑے شوق سے یہ ذکر کرتے ہیں کہ ہمارا نکاح کس طرح ہوا۔اگر معمولی دنیوی واقعات ایسی اہمیت رکھتے ہیں کہ انسان ان کا ذکر کرنے پر مجبور ہوتا ہے تو اللہ تعالیٰ کا وہ آخری کلام جس کے ذریعہ دنیا قیامت تک ہدایت پاتی رہے گی، جس کے ذریعہ انسانی پیدائش کا مقصد پورا ہوا، جس کے ذریعہ انسان کو اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل ہوا جس کے ذریعہ خالق اور مخلوق کا تعلق آپس میں قائم کیا گیا، اس کی بنیاد جن آیات پر ہے ان کی اہمیت اور عظمت سے کون شخص انکار کرسکتاہے۔جس طرح میاں بیوی شوق سے باہم ذکر کرتے ہیں کہ ہمارا نکاح کس طرح ہوا یا دوست شوق سے یہ ذکر کرتے ہیں کہ ہماری دوستی کا آغاز کس طرح ہوا اسی طرح اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِيْ خَلَقَ۔خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ عَلَقٍ وہ الفاظ ہیں جن کو پڑھتے ہی انسان کا دل فرطِ محبت سے اُچھلنے لگتا ہے، اُس کی آنکھوں میں چمک پیدا ہوجاتی ہے، اُس کے خوابیدہ جذبات میں ایک حرکت پیدا ہوجاتی ہے اور وہ کہتا ہے یہ وہ آیات ہیں جن کے ذریعہ مجھے اپنے رب کا وصال حاصل ہوا۔جن کے ذریعہ انسان اور خدا کا باہمی رشتہ جوڑا گیا اور دوستی کا وہ آخری مرحلہ قائم کیا گیا جو خدا اور بندے کے درمیان ہونا چاہیے۔
بدء الوحی کے واقعات پر دشمنوںکے اعتراضات پس ابتداء وحی ایک نہایت ہی اہمیت رکھنے اور جذبات میں ہیجان پیدا کرنے والی چیز ہے۔اسی وجہ سے دشمنوں کی بھی اس پر خاص طور پر نظر پڑی ہے اور انہوں نے ان آیات اور ابتداء وحی سے تعلق رکھنے والے واقعات سے قسم قسم کے استدلال کرتے ہوئے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کی وحی کی تنقیص کرنے کی کوشش کی ہے۔کوئی کہتا ہے وحی ایک ڈھکونسلا ہے، کوئی کہتا ہے وحی ایک بیماری کا حملہ تھی۔چنانچہ آپ کا زَمِّلُوْنِیْ زَمِّلُوْنِیْ کہنا اس پر شاہد ہے۔کئی کہتے ہیں یہ بیماری اور جھوٹ دونوں کا اجتماع تھا۔پھر واقعہ پر بھی اعتراض کیا جاتا ہے۔آپ کے گھبرانے پر بھی اعتراض ہے کہ آپ کو وحی پر شک تھا یا یہ اعتراض ہے کہ اپنی قالبیت پر شک تھا یا یہ کہ آپ نے خداتعالی کا حکم ماننے سے پہلو تہی کی۔یہ بھی اعتراض ہے کہ اس وحی کی نوعیت کیا تھی۔آیایہ مادی نظارہ یا خواب تھی جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو نظر آئی۔(The Life of Mahomet, by W۔Muir P۔38,44,54,56۔A Comprehensive commentary on the Holy Qur’an by Wherry P۔191,259) غرض مختلف دشمنوں نے اپنے اپنے رنگ میں استدلال کیا ہے۔غیر مسلم مصنفین کی اصل غرض یہ ہوتی ہے کہ کوئی ایسی بات اُٹھائیں جس سے قرآن کریم پر حملہ ہوسکے۔چنانچہ بعض نے یہ طریق اختیار کیا ہے کہ وہ کہتے ہیں یہ وحی ایک نظارہ تھا جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دیکھا اور چونکہ انسانی دماغ اس قسم کا نظارہ دیکھنے کے قابل نہیں ہوتا اس لئے یہ غیر معمولی او رمافوق الطبیعات نظارہ درحقیقت علامت تھی اس بات کی کہ نعوذ باللہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دماغ میں خشکی پیدا ہوکر جنون رونما ہوگیا تھا۔لیکن بعض دوسرے مخالفین کا دماغ اس طرف گیا ہے کہ ممکن ہے کچھ لوگ جنون کی تھیوری کو تسلیم نہ کریں اور وہ اس بات کو مان لیںکہ سچ مچ اس قسم کا واقعہ ہوسکتا ہے اور اگر انہوں نے مان لیا تو فرشتے دیکھنے یا اللہ تعالیٰ سے ہم کلام ہونے میں وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بنی اسرائیل کے نبیوں کے مشابہ قرار دے دیں گے اور یہ بڑی تکلیف دہ بات ہوگی۔پس انہوں نے یہ سوال اٹھایا ہے کہ یہ کوئی نظارہ نہیں تھا جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دیکھا بلکہ ایک خواب تھی جو آپ کو آئی اور اس میں کوئی شبہ نہیں کہ یہ بات ہماری روایات میں بھی بیان ہوئی ہے۔چنانچہ ابن ہشام لکھتے ہیں حَتّٰی اِذَا کَانَتِ اللَّیْلَۃُ الَّتِیْ اَکْرَمَہُ اللہُ تَعَالٰی فِیْـھَا بِرِسَالَتِہٖ وَ رَحِـمَ الْعِبَادَ بِـھَا جَاءَہٗ جِبْرِیْلُ عَلَیْہِ السَّلَامُ بِاَمْرِاللہِ تَعَالٰی یعنی جب وہ رات آگئی جس میں اللہ تعالیٰ نے آپ کو اپنی رسالت سے مفتخر فرمایا اور اپنے بندوں پر رحم کیاتو جبریل اللہ تعالیٰ کا حکم لے کر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے۔آگے لکھا ہے قَالَ رَسُوْلُ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فَـجَاءَنِیْ جِبْرِیْلُ وَ اَنَا نَائِمٌ بِنَمَطٍ مِّنْ دِیْبَاجٍ فِیْہِ کِتَابٌ فَقَالَ اِقْرَاْ۔
قَالَ قُلْتُ مَا اَقْرَاُ۔یعنی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں میرے پاس جبریل آیا وَ اَنَا نَائِمٌ اور اس وقت میں سورہا تھا ایک ریشمی کپڑا ان کے پاس تھا جس میں کچھ لکھا ہوا تھا۔انہوں نے کہا پڑھو! میںنے کہا مجھے تو پڑھنا نہیں آتا۔قَالَ فَغَطَّنِیْ بِہٖ حَتّٰی ظَنَنْتُ اَنَّہُ الْمَوْتُ انہوں نے مجھے خوب بھینچا یہاں تک کہ میں نے سمجھا میں مرنے لگا ہوں۔ثُمَّ اَرْسَلَنِیْ فَقَالَ اِقْرَاْ قُلْتُ مَا اَقْرَاُ۔پھر انہوں نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا پڑھو! میںنے کہا میں تو پڑھنا نہیںجانتا۔فَغَطَّنِیْ بِہٖ حَتّٰی ظَنَنْتُ اَنَّہُ الْمَوْتُ انہوں نے پھر مجھے ڈھانپ لیا یہاں تک کہ میں نے سمجھا میں اب مرنے لگا ہوں۔ثُمَّ اَرْسَلَنِیْ فَقَالَ اِقْرَاْ قُلْتُ مَا اَقْرَاُ۔پھر انہوں نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا پڑھو! میں نے کہا میں کیا پڑھوں؟ مَااَقُوْلُ ذَالِکَ اِلَّا افْتِدَاءً مِّنْہُ اَنْ یَّعُوْدَ لِیْ بِـمِثْلِ مَا صَنَعَ بِیْ۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں میں نے یہ فقرہ کہ میں کیا پڑھوں اس لئے کہا تھا تا اس ذریعہ سے میں اس صدمہ سے بچ جائوں جو ان کے بھینچنے سے مجھے پہنچنا تھا۔اس پر انہوں نے کہا اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِيْ خَلَقَ۔خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ عَلَقٍ۔اِقْرَاْ وَ رَبُّكَ الْاَكْرَمُ۔الَّذِيْ عَلَّمَ بِالْقَلَمِ۔عَلَّمَ الْاِنْسَانَ مَا لَمْ يَعْلَمْ۔قَالَ فَقَرَاْتُـھَا۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں اس پر میں نے یہ فقرے دہرائے ثُمَّ انْتَـھٰی فَانْصَـرَفَ عَنِّیْ وَھَبَبْتُ مِنْ نَّوْمِیْ۔پھر انہوں نے بس کردیا اور مجھ سے لوٹ کر چلے گئے اور میں اپنی نیند سے بیدار ہوگیا۔فَکَاَنَّـمَا کُتِبَتْ فِیْ قَلْبِیْ کِتَابًا۔اس وقت مجھے یوں معلوم ہوا کہ میرے دل پر یہ تمام الفاظ نقش کردیے گئے ہیں۔بدء الوحی پر مخالفین کا اعتراض کہ یہ خواب کا واقعہ تھا اس حوالہ میںصاف طور پر نیند کا لفظ آتا ہے۔وہ کہتے ہیں ہم اس روایت پر بنیاد رکھتے ہوئے یہ نتیجہ نکالتے ہیں کہ درحقیقت یہ ایک خواب تھی جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دیکھی۔اس تاویل سے ان کا منشاء یہ ہے کہ بائبل کا دعویٰ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فرشتے انسان کو بالمشافہ نظر آتے ہیں اور وہ اسے اللہ تعالیٰ کا پیغام پہنچاتے ہیں۔اگر ہم یہ ثابت کردیں گے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو فرشتہ نظر نہیں آیا بلکہ ایک خواب تھی جو آپ نے دیکھی تو بائبل کے نبیوں سے آپ کی مشابہت ثابت نہیں ہوسکے گی۔گو بخاری اور مسند احمد بن حنبل میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی جو حدیث آتی ہے اس میں صاف طور پر یہ ذکر آتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی آنکھوں کے سامنے جبریل کو دیکھا۔مگر چونکہ یہ حدیث ان کے منشاء کے خلاف ہے اس لئے وہ بخاری یا مسند احمد بن حنبل کی حدیث کی بجائے ابن ہشام کی اس روایت پر اپنے دعویٰ کی بنیاد رکھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو کوئی فرشتہ اپنی آنکھوں سے نظر نہیں آیا صرف ایک خواب تھی جو حراء میں آپ کو آئی۔اگر اس خواب کو درست بھی تسلیم کرلیا جائے تب بھی انبیاء بنی اسرائیل
سے آپ کی مشابہت ثابت نہیں ہوسکتی کیونکہ ان کو خدا تعالیٰ کے فرشتے آمنے سامنے نظر آتے تھے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کچھ دیکھا وہ ایک خواب تھی۔جن لوگوں نے اس بات پر زور دینا چاہا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دماغ میں نعوذ باللہ کوئی نقص واقعہ ہوگیا تھا انہوںنے ابن ہشام کی روایت کو نظر انداز کرکے بخاری اور مسند احمد بن حنبل کی وہ حدیث لے لی ہے جس میں یہ ذکر آتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرشتہ کو دیکھا۔وہ کہتے ہیں چونکہ انسانی دماغ اس قسم کا نظارہ نہیں دیکھ سکتا اس لئے یہ نظارہ علامت تھی اس بات کی کہ آپ کا دماغ نعوذ باللہ خراب ہوگیا تھا۔بدء الوحی پر یوروپین مصنفین کے اعتراض کی اصل وجہ میرے نزدیک یوروپین مصنّفین کی نیت خواہ کچھ ہو اس بارہ میں اختلاف کی اصل وجہ یہ ہے کہ وہ نظارۂ کشف کی حقیقت کو سمجھتے ہی نہیں۔وہ اس قدر مذہب سے دور جاپڑے ہیں کہ کشفی نظارے ان کو بہت ہی کم نظر آتے ہیں بلکہ خوابیںبھی ان کو بہت کم آتی ہیں۔گو خدائی سنت یہ ہے کہ ہر قسم کے طبقہ کو خوابیں دکھائی جاتی ہیں مگر پھر بھی یوروپین لوگوں میں سے بعض ایسے ہیںجن کو ساری عمر میں بھی کبھی کوئی خواب نہیں آئی اور اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ دن کو کام کرتے ہیں اور رات کوناچتے ہیں پھر شراب پی کر یا نیند کی دوائیں کھاکر سوجاتے ہیں۔اس وجہ سے انہیں ایسی خوابیں بھی نہیں آتیں جن کے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے لکھا ہے کہ وہ کنچنیوں کو بھی آجاتی ہیں(حقیقۃ الوحی، روحانی خزائن جلد ۲۲ صفحہ ۵)۔کیونکہ شراب کا نشہ ان کے دماغ کو بالکل معطل کردیتا ہے۔پس میرے نزدیک اس بارہ میں اختلاف نظارئہ کشف کو نہ سمجھنے کی وجہ سے ہوا ہے اور مغربی لوگ اس علم سے بے بہرہ ہونے کی وجہ سے دھوکا کھاجاتے ہیں۔کشف کی حقیقت بات یہ ہے کہ جب کشف کی حالت انسان پر طاری ہوتی ہے تو جیسا کہ صاحب تجربہ لوگ جانتے ہیں اس وقت انسان اپنے آپ پر ایک ربودیت کی حالت محسوس کرتا ہے اور وہ سمجھتا ہے کہ مجھے اس دنیا سے کھینچ کر کسی اور دنیا میں لے جایا گیا ہے۔اسے اپنے اردگرد کی سب چیزیں نظر آتی ہیں، مکان کی دیواریں نظر آتی ہیں، گھر کا سامان نظر آتا ہے۔مگر اس کے باوجود وہ محسوس کرتا ہے کہ کوئی اور حالت اس پر طاری ہوگئی ہے جو اسے اس دنیا سے الگ لے گئی ہے۔اسی طرح اس حالت کے جاتے وقت بھی انسان یوں معلوم کرتاہے کہ وہ گویا ایک غیر معمولی حالت سے پھر حواس میں آگیا ہے۔اس کی مثال بالکل ایسی ہوتی ہے جیسے ریڈیو کو ایک میٹر سے دوسرے میٹر پر تبدیل کردیا جاتا ہے۔پہلے وہ محسوس کرتا ہے کہ اسے اس دنیا سے کھینچ کر کسی اور دنیا میں لے جایا گیا ہے اور جب وہ حالت جاتی ہے تو وہ یک دم محسوس کرتا ہے کہ اسے کسی اور دنیا سے اس دنیا میں واپس لوٹادیا گیا ہے۔اگر ایسا