سُوْرَۃُ الْبَیِّنَۃِ
تفسیر کبیر (جلد ۱۳), حصہ 2
وَالْمُشْرِكِيْنَ مُنْفَكِّيْنَ حَتّٰى تَاْتِيَهُمُ الْبَيِّنَةُ اہل کتاب اور مشرک کبھی اپنے کفر کو چھوڑ ہی نہیں سکتے تھے جب تک اُن کے پاس بیّنہ یعنی اللہ تعالیٰ کا رسول نہ آجاتا۔اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا بیّنہ کے آنے سے اہل کتاب اور مشرکین نے کفر چھوڑ دیا؟ یا قرآن کریم کے آنے کی وجہ سے اہل کتاب اور مشرک بچ گئے؟ اس سوال کا جواب یہ ہے کہ اِس فقرہ کی بناوٹ اِس قسم کی نہیں جس سے یہ ظاہر ہو کہ سب کے سب اہل کتاب یا سب کے سب مشرک رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لے آئیں گے بلکہ اس کامطلب یہ ہے کہ اہل کتاب اور مشرکوں میں سے کوئی ایک شخص بھی مسلمان نہیں ہو سکتا تھا جب تک محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مبعوث نہ ہوتے۔پس اِس آیت کے یہ معنے نہیںہیں کہ اہل کتاب اور مشرک اُس وقت تک سو ۱۰۰ فی صدی مسلمان نہیں ہو سکتے تھے جب تک رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نہ آتے بلکہ معنے یہ ہیں کہ اہل کتاب ا ور مشرکوںمیں سے ایک فی صدی بھی صداقت پر قائم نہیںہو سکتے تھے جب تک ان کے پاس بیّنہ یعنی اللہ تعالیٰ کا رسول نہ آجاتا۔پس یہ کہنا کہ یہودی اب تک موجود ہیں یا عیسائی اب تک موجود ہیںیا مشرک اب تک موجود ہیں اور وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان نہیں لائے ویسا ہی اعتراض ہے جیسے مولوی ثناء اللہ صاحب کہہ دیا کرتے ہیں کہ مرزا صاحب کے آنے کا فائدہ کیا ہوا جبکہ عیسائی بھی موجود ہیں، یہودی بھی موجود ہیں، ہندو بھی موجود ہیں، سکھ بھی موجود ہیں اور غیر احمدی بھی موجود ہیں، حالانکہ نبی آنے کے یہ معنے نہیں ہوتے کہ سب لوگ اس پر ایمان لے آتے ہیں اور کوئی ایک شخص بھی ایسا باقی نہیں رہتا جو کفرو شرک میں مبتلا رہے۔نبی کے آنے کی غرض نبی آنے کے صرف اتنے معنے ہوتے ہیں کہ وہ الٰہی قرب کا ایک راستہ کھول دیتا ہے اور بنی نوع انسان کے لئے شیطان سے بچنے اور اللہ تعالیٰ کی محبت اور اُس کی رضا حاصل کرنے کے مواقع پیدا ہوجاتے ہیں اس کے بعد خواہ ایک شخص نبی پر ایمان لائے یا دس آدمی ایمان لانے والوںمیںشامل ہوں۔یہ نہیںکہا جا سکتا کہ جب ہزاروں یا لاکھوں آدمی ابھی کفر و شرک میں مبتلا ہیں تو نبی کے آنے کا فائدہ کیا ہوا۔نبی کے آنے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے قرب کا دروازہ بنی نوع انسان کے لئے کھول دیتا ہے اگر وہ دروازہ نہ کھولے تو کوئی ایک شخص بھی مسلمان نہیں ہو سکتا۔کوئی ایک شخص بھی اللہ تعالیٰ کا مقرب اور اُس کا پیارا نہیں بن سکتا۔پس یہ کہنا کہ باوجود رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مبعوث ہونے کے کفر کیوںموجود ہے حقیقت سے عدم واقفیت کی وجہ سے ہے اور اللہ تعالیٰ کی حکمتوں اور سنتوں کو نہ جاننے سے پیدا ہوا ہے اور درحقیقت یہ اعتراض ہر نبی پر ہی کیاگیا ہے اور جب تک دنیا میں مصلح آتے رہیں گے ہوتا رہے گا کیونکہ ایک مصلح ربّانی بھی دنیا میں نہیں آیا جسے سب دنیا نے قبول کر لیا
ہو یا جس کے نہ ماننے والے شروع میں غالب نہ رہے ہوں۔ہمیشہ کچھ مدت تک (جو موقع کے مطابق بدلتی رہتی ہے کبھی لمبی ہوجاتی ہے اور کبھی چھوٹی) ہر نبی کے دشمن اُس کے اتباع پر غالب رہتے ہیں اس کے بعد نبی کے لئے غلبہ کا زمانہ آتا ہے اور اُسے غلبہ نصیب ہوتا ہے۔یہ نہیں ہوتا کہ اس کے نہ ماننے والے دنیا سے مٹ جائیں بلکہ بسا اوقات ماننے والے ہی نہ ماننے والے بن جاتے ہیں یعنی جب نبی کا دورِ افاضہ ختم ہوجاتا ہے یا تجدید کا مستحق ہوتا ہے تو اُس کے ماننے والے اس کی طرف منسوب تو ہوتے ہیں مگر ایماناً اور عقیدۃً اُس کے دشمنوں کے نقشِ قدم پر چل رہے ہوتے ہیں۔گویا اِس دَور میں شیطان اور فرشتے ایک ہی وقت میں اُس کے اتباع پر حکومت کر رہے ہوتے ہیں فرشتوں کی حکومت زبان پر ہوتی ہے اور شیطان کی دل پر۔تب خدا تعالیٰ کی غیرت پھر جوش میں آتی ہے اور وہ پھر کوئی شریعت والا نبی یا اگر شریعت محفوظ ہو تو احیاء روحِ شریعت کے لئے بغیر شریعت کے نبی مبعوث فرما کر پھر اپنے بندوں کے لئے روحانی ترقی کا راستہ کھول دیتا ہے اور کیوں نہ ہو کہ وہ رحمٰن اور رحیم خدا ہے۔دوسرا جواب یہ ہے کہ الٰہی سلسلوں کو سو ۱۰۰ فی صدی لوگ تو مانا نہیں کرتے لیکن پھر بھی اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایمان کا یہ راستہ ایسے شاندار طریق پر کھولا کہ اہل کتاب اور مشرکین میں سے کروڑوں کروڑ لوگ آپ پر ایمان لائے اور اس طرح انہوںنے اپنے کفر سے نجات پائی۔چنانچہ اہل کتاب میں سے مصر قریباً سارا مسلمان ہوگیا، فلسطین قریباً سارا مسلمان ہوگیا، شام قریباً سارا مسلمان ہوگیا، عرب کے نصاریٰ قریباً سارے مسلمان ہوگئے۔اِسی طرح دوسرے اہل کتاب مجوس تھے وہ قریباً سب مان گئے اور اُن کا ۹۵یا۹۶ فی صدی حصہ مسلمان ہوگیا۔ہندوستان اور چین کے اہل کتاب میں سے بھی کروڑوں مسلمان ہوگئے ہندوستان کےمسلمانوں کی تعداد دس کروڑ ہے اگر ان میں سے ایک کروڑ بھی باہر سے آئے ہوئے سمجھ لئے جائیں تب بھی نو ۹ کروڑ ایسے لوگ رہ جاتے ہیں جو اہل کتاب میں سے مسلمان ہوئے۔اسی طرح چین میں قریباً آٹھ کروڑ مسلمان ہیں اِن میں سے شاید دو چار یا دس لاکھ مسلمان عرب سے آیا ہوا ہو باقی سب وہ لوگ ہیں جو کنفیوشس کے پیرو تھے بعد میں انہوں نے اسلام قبول کر لیا۔غرض اہل کتاب میں سے ایک بڑی تعداد جو کروڑوں پر مشتمل ہے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لائی اور اُس نے کفر سے نجات حاصل کی۔پس یہ کہنا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے آنے کا فائدہ کیا ہوا کیا سب اہل کتاب آپ پر ایمان لے آئے؟ تاریخی لحاظ سے نہایت بودا اعتراض ہے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک کے لئے نہیں، دو کے لئے نہیں، کروڑوں کروڑ لوگوں کے لئے یہ راستہ کھولا اور کروڑوں کروڑ اہل کتاب کو آپ پر ایمان لانے کی سعادت حاصل ہوئی۔اِسی طرح مشرکوں میں سے عرب کے مشرک تو
سو ۱۰۰ فی صدی مسلمان ہوگئے اور باقی ممالک پر بھی اسلام کی توحید کا ایسا اثر ہوا کہ انہوں نے شرک کو خود بخود ترک کر دیا۔چنانچہ اب حقیقی معنوں میں مشرک صرف ہندوستان یا افریقہ کے قبائل ہی رہ گئے ہیں باقی سب مشرکین میں سے نکل کر اہل کتاب میں شامل ہوچکے ہیں۔اس سورۃ کی اوّلین مخاطب عرب کی قوم ہو سکتی تھی مگر وہ جیسا کہ میں پہلے بتا چکا ہوں وہ ساری کی ساری مسلمان ہوگئی تھی۔ایسا تغیّر اس سے پہلے دنیا کی کسی الہامی کتاب نے پیدا نہیں کیا۔باقی رہے وہ لوگ جو ایمان لانے سے اِس وقت تک محروم ہیں اُن کے متعلق اِسی سلسلہ میں ایک اور خبر دی گئی ہے مگر اس سورۃ میں نہیں بلکہ اگلی سورۃ میں۔آیت لَمْ يَكُن کا ترجمہ سیل اور ویری کے نزدیک اور اس کی تغلیط اس جگہ اس امر کا ذکر کرنا بھی ضروری معلوم ہوتا ہے کہ لَمْ يَكُنِ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا مِنْ اَهْلِ الْكِتٰبِ وَ الْمُشْرِكِيْنَ مُنْفَكِّيْنَ حَتّٰى تَاْتِيَهُمُ الْبَيِّنَةُ میں ’’لَمْ يَكُنْ‘‘ کا ترجمہ سیل اور ویری دونوں نے غلط کیا ہے۔اُنہوں نے ترجمہ یہ کیا ہے کہ ’’وہ ہٹے نہیں‘‘ (A comprehensive commentary on the Holy Qur’an by Wherry V:4 page 266- The Holy Qur’an by Sale v:1 p۔494) اور معنے یہ کئے ہیں کہ یہود اور نصاریٰ جو ایک آنے والے رسول کی امید لگائے بیٹھے تھے وہ اس امید پر قائم رہے جب تک کہ رسول نہ آ گیا یعنی جب وہ رسول آ گیا جس کی وہ امید کیا کرتے تھے تو انہوں نے کہہ دیا کہ ہمیں تو کسی رسول کی امید نہیں تھی حالانکہ لَمْ يَكُنِ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا مُنْفَكِّيْنَ حَتّٰى کے معنے سوائے اس کے ہو ہی نہیں سکتے کہ پہلا مضمون دوسرے سے معلّق ہے جب تک دوسری حالت نہ ظاہر ہو جائے پہلی حالت بدل ہی نہ سکتی تھی۔پس رسول کے آنے تک رُکے نہ تھے اِس آیت کے معنے ہو ہی نہیں سکتے کیونکہ اِن معنوں میں تعلیق مشروط نہیں پائی جاتی بلکہ صرف ایک واقعہ کا اظہار ہے جو اِس قسم کی عبارت کے منافی ہے۔آیت لَمْ يَكُن الخ کا ترجمہ کرنے میں بعض مفسرین کو ٹھوکر تعجب ہے کہ پرانے مفسرین میں سے بھی بعض نے یہی معنے کئے ہیں حالانکہ وہ عربی زبان کے بڑے ماہر تھے اُن کا اس عربی عبار ت میں سے یہ معنے نکال لینا ایک حیرت کی بات ہے مگر پھر خود ہی اُن کے دلوں میں یہ شبہ پیدا ہوا ہے کہ اگر اس آیت کے یہی معنے ہیں کہ آنے والے نبی کے اظہار سے یعنی اس عقیدہ کے اظہار سے کہ ایک موعود رسول آنے والا ہے وہ نہیں رکے جب تک کہ نبی نہیں آ گیا تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہاں تو اہل کتاب کے ساتھ مشرکین کا بھی ذکر آتا ہے کیا مشرک بھی یہ امید لگائے بیٹھے تھے کہ ایک رسول دنیا میں آنے والا ہے۔پھر اس کا خود ہی انہوں نے یہ جواب دیا ہے کہ کچھ مشرک
لوگ اہل کتاب کے اثر کے ماتحت یہ امید یں رکھتے تھے کہ ایک رسول آنے والا ہے۔حالانکہ یہ عبارت ایسی ہے کہ اس سے ’’کچھ‘‘ کا استنباط ہو ہی نہیں سکتا۔تمام مشرکوں کو اہلِ کتاب کے ساتھ شریک کیاگیا ہے اس لئے یہ کہا ہی نہیں جا سکتا کہ یہاں بعض مشرکوں کا ذکر ہے اور بعض کا نہیں۔آیت لَمْ يَكُن الخ کا صحیح ترجمہ قرآن کریم تو یہ کہتا ہے کہ سب اہل کتاب اور مشرک رُکنے والے نہیں تھے۔پس اگر اس کا یہ مطلب ہے کہ وہ اس اعلان سے نہیں رکے کہ ایک موعود آنے والا ہے تو اس کے معنے یہ بنتے ہیں کہ ہر مشرک یہ امید رکھتا تھا کہ ایک رسول آئے گا حالانکہ یہ امر باالبداہت باطل ہے۔مشرکوں میں تو ایسے لوگ بھی تھے جو نزولِ الہام کے بھی قائل نہیں تھے کجا یہ کہ وہ کسی مامور کی بعثت کا انتظار کر رہے ہوتے۔پھر اگر یہی معنے کئے جائیں کہ وہ ایک مامور کی اُمید سے نہیں رُکے جب تک کہ رسول اُن کے پاس نہیں آ گیا تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس صورت میں لَمْ يَكُنْ مُنْفَكِّيْنَ کے کیا معنے ہوئے؟ اس فقرہ کے تو یہ معنے ہیں کہ وہ رسول کے آنے کے بغیر اپنے مقام سے اِدھر اُدھر ہل نہیں سکتے تھے اور رسول کے آنے پر یہ کہنا کہ ہم کسی رسول کے منتظر نہیں تھے یا ہمیں کسی مامور کی امید نہیں تھی۔اس میں ہٹ نہ سکنے کا تو کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔رسول کی آمد کا انکار تو جو چاہے اپنے ارادہ سے کر سکتا ہے۔علاوہ ازیں یہ امر بھی یاد رکھنے کے قابل ہے کہ اس آیت کی عبارت سے معلوم ہوتا ہے کہ امر اوّل کا بدلنا منشاء الٰہی کے ماتحت ہے اور اللہ تعالیٰ چاہتا تھا کہ ایسا ہو جائے کیونکہ لَمْ یَکُنْ فَاعِلًا حَتّٰی کے معنے عربی زبان میں قائل کی اس خواہش کی طرف بھی اشارہ کرتے ہیں کہ بہتر ہے کہ ایسا تغیر ہو جائے۔لیکن جو معنے اُن مفسروں نے کئے ہیں اُن سے خدا تعالیٰ کی خواہش نہیں بلکہ عدم خواہش ظاہر ہوتی ہے کیونکہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ خدا تعالیٰ چاہتا تھا کہ یہ لوگ رسول کی آمد کا انتظار چھوڑ دیں کیونکہ ایسا کرنا گمراہی ہے اور خدا تعالیٰ کسی کے گمراہ ہو جانے کو پسند نہیں کرتا۔اُردو زبان میں بھی اس قسم کی عبارات کے معنوں پرغور کرو تو حقیقت کھل جائے گی۔اگر کوئی یہ کہے کہ جب تک اُستاد نہ رکھا اس لڑکے نے پڑھا ہی نہیں۔اس کے بے شک یہ معنے ہیں کہ اُستاد رکھنے سے اُس نے پڑھا لیکن ساتھ ہی یہ امر بھی ظاہر ہے کہ کہنے والے کی خواہش بھی اس میں مخفی ہے کہ لڑکے کے پڑھ جانے کو وہ پسند کرتا تھا یہ نہیں کہ وہ پسند نہیں کرتا تھا اسی امر کو مد نظر رکھتے ہوئے ان مفسرین کے معنوں کو دیکھو تو اس آیت کا ترجمہ اُن کے خیال کے مطابق یہ ہو گا کہ رسول آیا تب کہیں جا کر ان لوگوں نے رسول کی آمد کا انتظار چھوڑا اور ظاہر ہے کہ اس عبارت کا مفہوم یہ ہے کہ کہنے والا چاہتا تھا کہ یہ رسول کی آمد کا انتظار چھوڑ دیں اور ایسا خیال اللہ تعالیٰ کی نسبت سخت گستاخانہ خیال ہے۔
علامہ واحدی کہتے ہیں کہ اس کے معنے یہ ہیں کہ جب تک رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے آکر ضلالت وکفر کو ظاہر نہیں کیا اہل کتاب اور مشرک اپنے کفر سے بعض نہ آئے(فتح البیان زیر آیت لَمْ يَكُنِ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا ) اور چونکہ اس مقام پر ان کے دل میں بھی یہ شبہ پید اہوا ہے کہ یہاں تو سب اہل کتاب اور مشرکین کا ذکر کیا گیا ہے اس لئے وہ کہتے ہیں کہ یہ آیت ایمان لانے والے اہل کتاب اور مشرکوں کے بارہ میں ہے یعنی اہل کتاب میں سے کافر اور مشرکوں میں سے کافر نہ رکے یعنی ایمان لے آئے حالانکہ یہاں صاف طور پر كَفَرُوْا کا لفظ آتا ہے اگر ان کا خیال درست ہو تو یوں کہنا چاہیے تھا اہل کتاب اور مشرکوں میں سے کچھ لوگ ایمان لے آئے الَّذِیْنَ کَفَرُوْا کہنے کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی پھر لکھتے ہیں وَھٰذِہِ الْاٰیَۃُ مِنْ اَصْـعَبِ مَا فِی الْقُرْاٰنِ نَظْمًا وَّ تَفْسِیْـرًا وَّقَدْ تَـخَبَّطَ فِیْہِ الْکِبَارُ مِنَ الْعُلَمَاءِ وَ سَلَکُوْا فِیْ تَفْسِیْـرِھَا طُرُقًا لَا تُفْضِیْ بِـھِمْ اِلَی الصَّوَابِ (فتح البیان زیر آیت لَمْ يَكُنِ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا ) یعنی یہ آیت عبارت اور تفسیر کے لحاظ سے قرآن کریم کی مشکل ترین آیتوں میں سے ہے اور بڑے بڑے علماء اس میں ٹھوکریں کھاتے رہے ہیں اور انہوں نے اس کے معنے کرتے ہوئے ایسےطریق اختیار کئے ہیں جو انہیں صحیح نتیجہ پر پہنچانے سے قاصر رہے۔جہاں یہ بات درست ہے کہ بعض علماء نے اس کے معنوں میں ادبی غلطیاں کی ہیں یعنی جو معنے نہیں ہو سکتے تھے وہ کر دیئے ہیں مثلاً یہ کہ یہود نے انتظارِ نبی نہ چھوڑا جب تک نبی نہ آگیا وہاں علامہ واحدی کا یہ دعویٰ کہ انہوں نے صحیح مطلب سمجھا ہے یہ بھی غلط ہے کیونکہ ان کے معنے بھی درست نہیں لَمْ يَكُنِ مُنْفَكِّيْنَ کے معنے ’’ وہ نہیں رُکے‘‘ کسی صورت میں بھی درست نہیں اس کے معنے ہمیشہ ’’ وہ رُکنے والے نہ تھے‘‘ کے ہوتے ہیں بہرحال اس آیت کے معنے سمجھنے میں دقتیں ضرور پیش آئی ہیں مگر یہ دقتیں خود پیدا کردہ ہیں کیونکہ مُنْفَكِّيْنَ کے حقیقی معنوں کی طرف توجہ نہیں کی گئی۔اگر سیاق عبارت سے اس کا مفہوم نکال لیا جاتا تو بات آسان ہو جاتی کَفَرُوْا کا لفظ پہلے گزر چکا تھا۔اس لئے مُنْفَكِّيْنَ کے معنے یہی ہو سکتے تھے کہ مُنْفَكِّيْنَ عَنْ کُفْرِھِمْ۔اگر عَنْ کُفْرِھِمْ کو محذوف نکال لیا جاتا تو معنوں کی دقتیں پیش نہ آتیں اور مضمون بالکل ظاہر ہو جاتا۔رَسُوْلٌ مِّنَ اللّٰهِ يَتْلُوْا صُحُفًا مُّطَهَّرَةًۙ۰۰۳ یعنی اللہ ( کی طرف )سے آنے والا ایک رسول جو (اُنہیں ایسے) پاکیزہ صحیفے پڑھ کر سناتا۔حلّ لُغات۔طَھَّرَہٗ طَھَّرَہٗ کے معنے ہوتے ہیں جَعَلَہٗ طَا ھِرًا۔اُس کو پاک کر دیا (اقرب) اس لحاظ
نہیں کہیں گے۔اسی طرح کسی چیز کو نجاست لگ جائے تو اس کو صاف کرنے کے لیے طَھِّرْ کہیں گے طَیِّب نہیں۔بہرحال طاہر تب کہیں گے جب نجاست ظاہری سے کسی چیز کو بچایا جائے۔خواہ یہ نجاست جسمانی ہو یا روحانی۔مثلاً ایک طاہرالقلب انسان ہو یعنی وساوس شیطانی سے پاک ہو تو اسے بھی ہم طاہر کہہ دیں گے اور اگر کوئی شخص نہا دھو کر نکلا ہو تو اُسے بھی طاہر کہا جائے گا۔نظافت بھی خارجی نجاست سے پاکیزگی کا نام ہے جیسے میل وغیرہ سے یا حسن و خوبصورتی کا مالک ہونے پر یہ لفظ دلالت کرتا ہے۔کہتے ہیں نَظُفَ الشَّیْءُ میل کچیل سے پاک تھی یا خوبصورت تھی لیکن کبھی یہ لفظ باطنی نجاست سے پاک ہونے کے لیے بھی بول لیا جاتا ہے۔کہتے ہیں فُلَانٌ نَظِیْفُ الْاَخْلَاقِ یعنی فلاں شخص مہذب ہے مگر یہ لفظ اخلاق کے لیے بولا جائے گا یا میل کچیل کے لیے۔مزیدار یا لطیف کے لئے نہیں بولا جائے گا اور صفائی کے لیے زیادہ تر ظاہر قسم کی صفائی کے لیے بولا جائے گا نہ کہ باطنی صفائی پر۔اسی طرح اخلاق کے لیے تو بولا جائے گا روحانی صفائی کے لیے نہیں اس وجہ سے اس کے معنے طاہر سے مختلف ہیں کہ وہ رُوحانی پاکیزگی اور نفسیاتی پاکیزگی پر زیادہ دلالت کرتا ہے۔اس لفظ کو طیّب سے اس امر میں مشارقت ہے کہ حسن و بہا کے لیے بھی نظافت کا لفظ آتا ہے۔یہ لفظ قرآن کریم میں استعمال نہیں ہوا مگر احادیث میں اصل معنوں میں بھی استعمال ہوا ہے اور استعارۃً بھی استعمال ہوا ہے جیسے حدیث میں آتا ہے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا نَظِّفُوْااَفْوَاھَکُمْ (کنز العمال الفصل الثالث فی آداب التلاوۃ حدیث نـمبـر ۲۸۰۴) اپنے مُونہوں کو پاک کیا کرو۔اس جگہ پاک کرنے کے معنے یہ ہیں کہ جھوٹ فریب اور دغا وغیرہ سے اپنے آپ کو بچائو اور کہیں کوئی ایسی بات اپنی زبان سے نہ نکالو جو اللہ تعالیٰ کے احکام کے خلاف ہو۔یہاں نظافت کا لفظ استعارۃً استعمال ہوا ہے نہ کہ اصل ظاہری معنوں میں۔نِقَاءٌ کا لفظ بھی قرآن کریم میں استعمال نہیں ہوا حدیث میں ہوا ہے۔اس کے اصل معنے مغز نکالنے کے ہوتے ہیں(اقرب) اور ان معنوں کے رُو سے استعارۃً صفائی کے معنوں میں بھی استعمال ہونے لگ گیا ہے جیسے چھلکے کو دُور کرکے مغز نکالتے ہیں یا ہڈی کو توڑ کر گودہ نکالتے ہیں۔انہیں معنوں سے استدلال کر کے محاورہ میں نظیف حسین اور خالص کے معنے دینے لگ گیا ہے۔زَکٰوۃٌ کے اصل معنے اندرونی نجاست کے دُور کرنے کے ہوتے ہیں لیکن کبھی ظاہری صفائی کے معنوں میں بھی استعارۃً استعمال ہو جاتا ہے۔قرآن کریم میں یہ لفظ استعمال ہوا ہے۔صَفَاءٌ کے معنے ملاوٹ سے نجات پانے کے ہوتے ہیں یا منتخب ہونے کے ہوتے ہیں استعارۃً ظاہری صفائی
کوئی الہامی کتاب بھی ان کے کام نہیں آتی صرف رَسُوْلٌ مِّنَ اللّٰهِ کام آتا ہے۔ایساشخص ہی لوگوں کی نجات کا باعث بن سکتا ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے نبوت و رسالت کے مقام پر کھڑا ہو اور اپنی قوت قدسیہ سے نفوس کو پاکیزہ کرنے کی استعداد رکھتا ہو۔اگر یہاں صرف بیّنہ کا لفظ ہوتا تو لوگ کہتے کہ بیّنہ سے مراد کتاب ہے اور مطلب یہ ہے کہ کتاب لوگوں کی اصلاح کے لیے کافی ہوتی ہے مگر اللہ تعالیٰ نے اہل کتاب کا ذکر کرنے کے بعد بیّنہ کا ذکر کیا ہے جس کے معنے یہ ہیں کہ اُن کے پاس کتاب موجود تھی مگر وہ ان کو کفر سے نہ بچا سکی۔باوجود اہل کتاب ہونے کے ایسے گرے کہ کفار میں شامل ہو گئے اس لیے یہ سمجھنا کہ کتاب لوگوں کی ہدایت کے لیے کافی ہوتی ہے بہت بڑی غلط فہمی ہے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ایسے موقعہ پر وہی دلیل کام آتی ہے جو رَسُوْلٌ مِّنَ اللّٰهِ کی شکل میں ہو دوسری کوئی دلیل کام نہیں آیا کرتی خواہ کتاب موجود ہو، تحریف و الحاق سے مبرّا ہوپھر بھی ضرورت اس بات کی ہوتی ہے کہ خدا تعالیٰ پر تازہ ایمان پیدا ہو، اس سے تازہ تعلق ہو، اس کی محبت اور پیار کے تازہ کرشمے ظاہر ہوں اور یہ بات بغیر نمونہ اور بغیر اللہ تعالیٰ کے تازہ نشانات کے حاصل نہیں ہو سکتی بے شک اس وقت کتاب تو ہوتی ہے مگر وہ بولتی نہیں لوگوں کے لیے اس کا وجود اور عدم وجود بالکل یکساں حیثیت رکھتا ہے مگر جب اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی رسول مبعوث ہوتا ہے تو اُس کے ذریعہ وہ کتاب پھر بولنے لگتی ہے، پھر اس کے انوار لوگوں کے قلوب کو گرماتے اور ان کو اللہ تعالیٰ کی محبت میں سرشار کرتے ہیں اور پھر ان کے ایمانوں میں ایک نئی تازگی پیدا ہو جاتی ہے۔آیت لَمْ یَکُنْ میں چکڑالویوں اور پیغامیوں کا ردّ اس آیت نے چکڑالویوں کا بھی ردّ کر دیا جو کہتے ہیں کہ ہمارے لیے قرآن کافی ہے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کی ہمیں ضرورت نہیں اسی طرح پیغامیوں کا بھی ردّ کر دیا جو کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب قرآن لے آئے ہیں تو اس کے بعد کسی رسول کی کیا ضرورت ہے؟ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے تمہارے یہ خیالات بالکل غلط ہیں وسیع فساد کے وقت میں وہی دلیل کام آیا کرتی ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے آنے والے رسول کی شکل میں ظاہر ہو کتاب لوگوں کی ہدایت کے لیے کافی نہیں ہو سکتی۔اُس وقت وہ بیّنہ کام آتی ہے جو رَسُوْلٌ مِّنَ اللّٰهِ کی شکل میں ظاہر ہو کیونکہ یہ وقت محتاج ہوتا ہے کہ اس وقت خدا تعالیٰ کی طرف سے ایک زندہ وجود ظاہر ہو جو خدا تعالیٰ کے تازہ نشانات کو ظاہر کرنے والا ہو اس کی طرف سے نئے نئے نشانات دکھانے والا ہو اُس کی محبت اور پیار کے خوابیدہ جذبات کو بیدار کرنے والا اور قلوب میں عشقِ الٰہی کی آگ کو بھڑکانے والا ہواور وہ دنیا پر یہ ظاہر کر سکتا ہو کہ ہمارا خدا آج بھی ویسا ہی زندہ ہے جیسے پہلے زندہ تھا اب بھی ویسا ہی کلام کرتا ہے جیسے پہلے کلام کیا کرتا تھا اور اب بھی اپنے پیاروں کی تائید میں
ویسے ہی نشانات دکھاتا ہے جیسے پہلے دکھایا کرتا تھا۔تب لوگوں کے دلوں کے تالے کھلتے اور ان کے اندر زندگی کے آثار پیدا ہونے شروع ہوتے ہیں اس کے بغیر ان کی روحانی زندگی کا اور کوئی ذریعہ نہیں ہوتا يَتْلُوْا صُحُفًا مُّطَهَّرَةً۔مُطَھَّر کے معنے حل لغات میں آ چکے ہیں جو یہ ہیں۔اوّل۔عیبوں سے پاک دوم۔زوائد سے پاک سوم۔دُھلا دھلایا چہارم۔ظاہری نقص سے پاک پنجم۔شرک سے پاک صحف کے مُطَهَّرَةً ہونے کا مطلب پس يَتْلُوْا صُحُفًا مُّطَهَّرَةً کے یہ معنے ہوئے کہ وہ ایسے صحیفے پڑھ کر سناتا ہے جو عیبوں سے پاک کئے ہوئے ہیں ان معنوں کے رُو سے اس آیت کا یہ مفہوم ہو گا کہ (۱) پہلی کتابوں میں بعض باتیں غلط اور اللہ تعالیٰ کے الہام کے خلاف مل گئی تھیں اور وہ کتب اُس صورت میں باقی نہیں رہی تھیں جس صورت میں کہ وہ نبی پر اتاری گئی تھیں اب اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے ذریعہ اُن تعلیمات کو جو درحقیقت خدا تعالیٰ کی طرف سے نازل نہ ہوئی تھیں بلکہ بعد میں لوگوں نے ان کتابوں میں ملا دی تھیں دُور کر دیا اور اتنا حصہ تعلیم کا قران کریم میں نازل فرما دیا جو واقعہ میں خدا تعالیٰ کی طرف سے نازل ہوا تھا۔گویا عیب سے پاک کیا ہوا کے معنے یہ ہیں کہ جو نقائص پہلی کتب میں پیدا ہو گئے تھے انہیں اس کتاب میں دُور کر دیا گیا ہے یا جو باتیں مل گئی تھیں ان کی اصلاح کی گئی ہے۔ایک معنے اس لحاظ سے یہ بھی بنیں گے کہ گو بعض حصے پہلی کتابوں کے واقعہ میں الہامی ہیں لیکن موجودہ زمانہ کے لحاظ سے وہ قابل عمل نہیں قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے ان چیزوں کو بھی چھوڑ دیا کیونکہ گو منبع کے لحاظ سے وہ خدا تعالیٰ کی طرف سے ہیں۔مگر حالات کے لحاظ سے اب خدا تعالیٰ نے انہیں منسوخ قرار دے دیا ہے۔پس کامل کتاب میں اب اُن کا کوئی مقام نہیں ہے۔دوسرے معنے مُطَھَّرَۃ کے زوائد سے پاک کے تھے ان کے لحاظ سے اس آیت کا یہ مفہوم ہوگا کہ ایسی باتیں جنہیں گو خراب تو نہیں کہا جا سکتا مگر وہ زوائد میں سے ہیں اُنہیں بھی قرآن کریم نے ترک کر دیا ہے پہلی چیز کی مثال ایسی ہے جیسے پہلے زمانہ میں شراب حرام نہ تھی اسلام نے شراب کو حرام قرار دے دیا۔یا پہلے زمانہ میں سود کلیتًہ حرام
نہ تھا لیکن قرآن کریم میں سُود کو کلیۃً حرام قرار دے دیا گیا اور زوائد کی مثال ایسی ہے جیسے پہلے زمانہ میں عبادت کے لیے یہ شرط رکھی گئی تھی کہ خاص طور پر پاک کئے گئے مقام پر ہی عبادت ہو سکتی ہے اور اس قسم کی شرطیں بھی تھیں کہ ایسے پردے ہوں، ایسا مکان ہو۔یہ باتیں اپنی ذات میں بری تو نہیں لیکن عبادت کے لحاظ سے زوائد ہیں۔ان سب قیود کو اسلام نے اُڑا دیا۔بے شک اسلام نے بھی ایک سیدھی سادی مسجد عبادت کے لیے مقرر فرمائی ہے۔لیکن اُس کو عبادت کے لیے ضروری قرار نہیں دیا۔اگر مسجد نہ ہو تب بھی مسلمان کی عبادت ہو جاتی ہے۔مگر یہود و نصاریٰ کی عبادت کے لیے ایک خاص مقام اور ایک خاص قسم کی تیاری کی قید تھی جو اسلام میں نہیں کیونکہ قرآنی تعلیم مختون ہے یعنی اس میں سے زوائد کاٹ دیئے گئے ہیں صرف ضروری امور کو لے لیا گیا ہے۔تیسرے معنے مطہر کے دھلے ہوئے کے ہیں۔دھلی ہوئی چیز اصل چیز سے علیحدہ نہیں ہوتی صرف اصل چیز پر جو خارجی اثرات ہوتے ہیں ان میں تبدیلی پیدا کر دی جاتی ہے۔ان معنوں کے لحاظ سے مُطَهَّرَةً کا مفہوم یہ ہو گا کہ وہ فقہی پیچیدگیاں جو یہودیوں یا عیسائیوں نے پیدا کر دی تھیں ان سے قرآن کریم نے نجات دلائی ہے۔یہ ایک قدرتی بات ہے کہ جب بھی کسی مذہب پر لمبا زمانہ گزر جاتا ہے اُس کے ساتھ فقہی پیچیدگیاں شامل ہو جاتی ہیں۔فقہ کی اصل غرض تو یہ ہوتی ہے کہ جو مسائل الٰہی کتاب میں نص کے طور پر نہیں آئے ان کا استخراج کیا جائے۔لیکن آہستہ آہستہ جب فقہ میں ضعف آتا ہے خود اصل مسائل میں بھی تصرّف شروع ہو جاتا ہے۔اسی قسم کے نقائص کا نتیجہ یہ ہے کہ مسلمانوں میں کچھ ایسے لوگ پیدا ہو گئے ہیں جو اباحت کی طرف لے جاتے ہیں اور کچھ ایسے لوگ پیدا ہو گئے ہیں جو ظاہر کی طرف انتہا درجہ کی شدت کے ساتھ بلاتے ہیں یہی حال رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں یہودیوں اور عیسائیوں کا تھا اگر یہودیوں نے سزاکی تعلیم پر بے انتہا زور دیا تھا۔تو عیسائیت نے نرمی کی تعلیم پر بے انتہا زور دے دیا۔اب یہ دونوں مسائل ہی ضروری تھے لیکن یہودی فقہ اور عیسائی فقہ نے ان دونوں کو الگ الگ احکام کی شکل میں بدل دیا۔جب اسلام آیا تو اس نے اس پیچیدگی کو بالکل دور کر دیا اور غلط فقہ کا تعلیم پر جو اثر تھا اس کو دھودیا مثلاً اسلام نے بھی کہا ہے کہ دانت کے بدلے دانت آنکھ کے بدلے آنکھ اور کان کے بدلے کان(المائدۃ:۴۶)۔مگر اسلام نے اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ عفو بڑی اچھی چیز ہے تمہیں اس کا بھی خیال رکھنا چاہیے اسی طرح اسلام نے بھی یہی کہا کہ نرمی اور عفو بڑی اچھی چیز ہے مگر ساتھ ہی کہا کہ فَمَنْ عَفَا وَاَصْلَحَ فَاَجْرُهٗ عَلَى اللّٰهِ(الشورٰی:۴۱) اُسی وقت عفو جائز ہے جب عفوکے نتیجہ میں مجرم کی اصلاح کی امید ہو اگر یہ خیال ہو کہ عفو مجرم کو اور بھی بگاڑ دے گا اور اُسے بُرے اعمال پر اور زیادہ جرأت دلا دے گا تو اس وقت عفو سے کام
لینا تمہارے لیے جائز نہیں غرض یہودی تعلیم میں یہ زور کہ ضرور دانت کے بدلہ میں دانت توڑو۔آنکھ کے بدلہ میںآنکھ پھوڑواور کان کے بدلہ میں کان کاٹو(احبار باب ۲۴آیت ۱۹،۲۰) فقہ کا ہی نتیجہ تھا ورنہ موسٰی کی تعلیم میں یہ بات نہ تھی اسی طرح عیسائیت کی تعلیم میں یہ بات کہ تم ضرور معاف کرو اور اگر کوئی تمہارے ایک گال پر تھپڑ مارے تو تم اپنا دوسرا گال بھی اس کی طرف پھیر دو (متی باب ۵ آیت ۳۹) فقہ کی وجہ سے ہی تھی۔ورنہ حضرت مسیحؑ تو صاف کہتے ہیں کہ میں تورات کو بدلنے کے لیے نہیں آیا۔جب وہ تورات کو بدلنے کے لیے نہیں آئے تو اُس کے قانون سزا کو وہ کلیتہً کس طرح مٹا سکتے تھے۔غرض وہ فقہی پیچیدگیاں جو یہودیوں اور عیسائیوں نے پیدا کر دی تھیں اور غلط فقہ کی وجہ سے جو نقائص رونما ہوگئے تھے قرآن کریم نے ان سب کو دُور کر دیا ہے اور یہی قرآن کریم کا مطہرّ یعنی دُھلا دُھلایا ہونا ہے۔کہ اس نے ایسی تعلیم دی جو ہر قسم کی پیچیدگیوں سے پاک ہے۔چوتھے معنے مُطَھَّرَۃً کے ہیں ظاہری نقصوں سے پاک۔ظاہری نقائص میں سے سب سے بڑا نقص زبان کا ہوتا ہے کیونکہ کتاب کا ظاہر اُس کی زبان ہی ہوتی ہے اس لحاظ سے مُطَھَّرَۃً کے معنے یہ بنیں گے کہ قرآن کریم زبان کے نقصوں سے پاک ہے یہ ایک ایسی حقیقت ہے کہ جس کا انکار دشمنانِ اسلام نے بھی نہیں کیا شاذو نادر کے طور پر کوئی غبی دشمن یا ایسا دشمن جو انصاف کوبالکل نظر انداز کر چکا ہو قرآن کریم کی زبان پر اعتراض کر دے تو اور بات ہے ورنہ بالعموم اُن عیسائیوں اور یہودیوں نے بھی جو عرب کے رہنے والے تھے قرآن کریم کی زبان کی تعریف کی ہے اور یوروپین مصنف جو غیر متعصّب ہیں انہوں نے بھی اس کی زبان کی داد دینے سے گریز نہیں کیا پس مُطَھَّرَۃً میں یہ بتایا گیا ہے کہ قرآن کریم زبان کے نقصوں سے پاک ہے نہایت لطیف اور فصیح زبان میں نازل ہوا ہے اور پڑھنے والے کو حسنِ کلام سے اپنی طرف کھینچ لیتا ہے۔ظاہری نقصوں سے پاک کے معنی یہ بھی ہو سکتے ہیں کہ زبان میٹھی اور دلکش ہو یعنی ظاہری نقص سے پاک ہونا ایک تو یہ ہے کہ زبان میں کوئی نقص نہ ہو ثقیل الفاظ نہ ہوں۔غیر طبعی محاورات نہ ہوں۔دوسرے یہ بھی ظاہری نقص سے پاک ہونے کی علامت ہے کہ زبان شیریں اور دلکش ہو۔یہ خوبی بھی قرآن کریم میں بدرجہ اتم پائی جاتی ہے اُس کی عبارت ایسی لطیف ہے کہ پڑھنے والا یہ نہیں سمجھتا کہ میں نثر پڑھ رہا ہوں یا نظم پڑھ رہا ہوں۔ایک عیسائی مصنف نے قرآن کریم کی اس خوبی کا ذکر کرتے ہوئے ایک بڑی لطیف بات لکھی ہے وہ کہتا ہے قرآن کریم کا ترجمہ جب ہماری زبان میں کیا جاتا ہے۔تو عام طور پر لوگ اس کے متعلق کہہ دیا کرتے ہیں کہ یہ ہماری سمجھ میں نہیں آیا
وہ کہتا ہے قرآن کریم کا ترجمہ سمجھ میں آ کس طرح سکتا ہے اُس کا سٹائل ایسا ہے کہ نہ اُسے نثر کہا جا سکتا ہے نہ نظم۔جب تک اس کے سٹائل کو مدِّ نظر نہ رکھا جائے اُس وقت تک اُس کے معنے کو پوری طرح نہیں سمجھا جا سکتا۔(New Age Encyclopedia by Belinda Whitworth:Under word Qur’an) پھر ایک ظاہری نقص فحش کلامی کا ہوتا ہے مگر قرآن کریم اِس نقص سے بھی کلیۃً پاک ہے۔اُسے مضامین وہ ادا کرنے پڑتے ہیں کہ بعض دفعہ بغیر الفاظ کے ننگا ہونے کے اُن کو ادا نہیں کیا جا سکتا مگر قرآن کریم ان تمام مقامات پر سے ایسی عمدگی سے گذر جاتا ہے کہ مطلب بھی ادا ہو جاتا ہے اور طبعِ نازک پر گراں بھی نہیں گذرتا۔اس کے مقابلہ میں ویدوں اور بائیبل وغیرہ میں بعض دفعہ ایسی باتیں آ جاتی ہیں کہ اُن کا پڑھنا بالکل نا ممکن ہو جاتا ہے ویدوں میں ایک منتر آتا ہے کہ فلاں بزرگ پیدا ہونے لگا تو چونکہ گندی جگہ سے گزرنے سے اُس نے انکار کر دیا پیٹ پھاڑ کر اُسے نکالا گیا۔اِس قسم کے الفاظ انسان کی طبیعت پر سخت گراں گذرتے ہیں مگر اس امر سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ ویدوں میں ایسے منتر موجود ہیں جن میں فحش کلامی پائی جاتی ہے۔اِسی طرح بائبل کے متعلق خود عیسائیوں نے اعتراف کیا ہے کہ اُس کے بعض حصے ایسے گندے ہیں کہ اُن کا پڑھنا مشکل ہو جاتا ہے اور ہم اپنے بچوں اور عورتوں کو تو وہ حصے پڑھا ہی نہیں سکتے مگر قرآن کریم میں کوئی بات ایسی نہیں جس سے حسِ لطیف کو کوئی صدمہ پہنچتا ہو۔پھر ایک ظاہر ی نقص کلام میں دل آزاری کا پایا جانا ہوتا ہے۔پڑھنے والا جب کسی ایسی کتاب کو پڑھتا ہے جس میں دوسروں کی دل آزاری سے کام لیا گیا ہو تو وہ بُرا مناتا اور اُس کا قلب سخت اذیت محسوس کرتا ہے مگر قرآن کریم ایسی کتاب ہے جس میں کسی قوم کی دل آزاری نہیں کی گئی اور اگر کسی جگہ مجبوراً قرآن کریم کوبعض سخت الفاظ استعمال بھی کرنے پڑے ہیں تو وہاں اُس نے کسی کا نام نہیں لیا صرف اصولاً ذکر کر دیا ہے کہ بعض انسان ایسے ہوتے ہیں۔یہ نہیں کہا کہ مکہ والے ایسے ہیں یا یہودی ایسے ہیں یا عیسائی ایسے ہیں۔اس کے مقابل پر جب دوسری الہامی کتب کو دیکھا جاتا ہے تو اُن میں یہ نقص نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔حضرت مسیح علیہ السلام کے متعلق ہی انجیل میں آتا ہے کہ اُنہوں نے فریسیوں اور فقیہیوں سے جب انہوں نے نشان کا مطالبہ کیا تو کہا کہ اس زمانہ کے بد اور حرام کار لوگ مجھ سے نشان مانگتے ہیں اُنہیں یاد رکھنا چاہیے کہ یونس نبی کے نشان کے سوا اَور کوئی نشان نہیں دکھایا جائے گا(متی باب ۱۲ آیت ۳۹) اِن الفاظ کو آج بھی یہودی پڑھتے ہوں گے تو سمجھتے ہوں گے کہ بد کار اور حرام کار وغیرہ الفاظ ہمارے باپ دادوں کے متعلق ہی استعمال کئے گئے ہیں یا مثلاًحضرت مسیحؑ نے اپنے دشمنوں کو سانپ اور سانپوں کے بچے قرار دیا ہے(متی باب ۱۲ آیت ۳۴) اور انجیل میں یہ الفاظ آج تک موجود ہیں۔یہودی جب بھی یہ
الفاظ پڑھتے ہوں گے اُن کے دل دُکھتے ہوں گے کہ یہ سخت الفاط ہمارے آباء کے متعلق استعمال کئے گئے ہیں لیکن قرآن کریم نے جہاں مجبوراً بعض سخت الفاظ استعمال کئے ہیں۔وہاں کسی کا نام نہیں لیا بلکہ اشارۃً ذکر کر دیا ہے کہ بعض لوگوں میں یا بعض قوموں میں یہ یہ نقائص پائے جاتے ہیں یا فلاں فلاں اخلاقی خرابیاں اُن میں موجود ہیں۔دشمن اِن الفاظ کو پڑھتا ہے تو اُس کے دل پر چوٹ نہیں لگتی وہ فوراً کہہ دیتا ہے کہ میں تو ایسا نہیں یہ اور لوگوں کا ذکر کیا گیا ہے پس قرآن کریم کی یہ بہت بڑی خوبی ہے کہ اُس میں دل آزاری کی کوئی بات نہیں۔مُطَھَّرَۃً کے لفظ سے باطنی خوبی کی طرف بھی اشارہ ہے ایک کتاب کی بڑی باطنی خوبی یہی ہو سکتی ہے کہ جن مطالب کا بیان کرنا ضروری ہو اُس میں اُن کو پوری طرح بیان کر دیا جائے کسی قسم کا نقص اُن کے بیان کرنے میں نہ رہ جائے۔یہ خوبی بھی قرآن کریم میں نمایاں طور پر پائی جاتی ہے۔اُس نے جس مضمون کو بھی لیا ہے ایسی عمدگی سے ادا کیا ہے کہ اُس میں کسی قسم کا نقص ثابت نہیں کیا جا سکتا۔غرض قرآن کریم مطالب مقصودہ کے بیان کرنے سے قاصر نہیں۔جو مطلب اُس نے لیا ہے اُس پر سیر کن بحث ایسی زبان میں کر دی ہے کہ ہر پڑھنے والا اسے سمجھتا ہے اور ہر مضمون کو ایسا کھول دیا ہے کہ حد ہی کر دی ہے۔یہ خوبیاں بظاہر معمولی ہیں لیکن قوموں کی اصلاح اور اُن کی بیداری کے لئے اتنی اہم ہیں کہ ان کے بغیر مقصد میں کامیابی ہو ہی نہیں سکتی۔یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم نے سب سے زیادہ دنیا کی اصلاح کی ہے۔باطنی گند سے پاکیزگی کے یہ معنے بھی ہوتے ہیں کہ اُس کی تعلیم پاک ہو۔کوئی خلافِ فطرت بات اس میں شامل نہ ہو۔یہ امر بھی قرآن کریم میں انتہاء درجہ تک پایا جاتا ہے اور ہر شخص جو قرآنی تعلیم پر ادنیٰ سا بھی تد بّر کرے اُسے یہ تسلیم کرنا پڑتا ہے کہ اس کتاب میں کوئی بات ایسی نہیں جو خلافِ فطرت ہو۔دوسری کتابوں کو پڑھو تو اُن میں کئی ایسی باتیں آ جاتی ہیں جو خلافِ فطرت ہوتی ہیں۔پھر قرآن کریم کی ایک یہ بھی خوبی ہے کہ اُس میں ہر فطرت کے مطابق تعلیم پائی جاتی ہے۔کسی قسم کا انسان ہو جب بھی قرآنی تعلیم اُس کے سامنے پیش کی جائے وہ اُس سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔انسانی فطرت میں اللہ تعالیٰ نے کئی قسم کے مادے رکھے ہیں کہیں غصے کا مادہ اُس میں پایا جاتا ہے، کہیں رحم کا مادہ اُس میں پایا جاتا ہے، اور یہ دونوں مادے اپنی اپنی جگہ پر نہایت اہم اور ضروری ہیں پس کامل کتاب وہی ہو سکتی ہے جو ہر قسم کی فطرت کو ملحوظ رکھ کر تعلیم دے۔اگر وہ ہر فطرت کو ملحوظ نہیں رکھتی تو یہ لازمی بات ہے کہ سب انسانوں کی پیاس اُس کتاب سے نہیں بجھے گی اور جس فطرت کے خلاف اُس کتاب میں کوئی تعلیم پائی جائے گی وہ فطرت اُس سے بغاوت کرے گی۔