سُوْرَۃُ ھُوْدِ

تفسیر کبیر (جلد ۴), حصہ 10

ہیں۔اور ثمود کا نام ان کے جغرافیوں میں تمودینی (THAMUDENI) آتا ہے۔اور حجر کے پاس وہ ایک جگہ کا ذکر کرتے ہیں جسے عرب ان کے بیان کے مطابق فج الناقہ کہتے تھے۔بتلیموس جو ۱۴۰ سال قبل مسیح ہوا ہے وہ لکھتا ہے کہ حجر کے پاس ایک جگہ ہے جس کا نام (BADANATA) ہے(العرب قبل الاسلام صفحہ ۶۴)۔فتوح الشام کا مصنف ابواسماعیل لکھتا ہے اِنَّ ثَمُوْدَاَمْلَأُ الْاَرْضَ بَیْنَ بُصْرٰی وَعَدَنْ فَلَعَلَّھَا کَانَتْ فِی طَرِیْقِ ھِجْرَتِہَا نَحْوَ الشَّمَالِ (العرب قبل الاسلام صفحہ ۶۵)کہ ثمود قوم بصریٰ (جو شام کا ایک شہر ہے) سے لے کر عدن تک پھیلی ہوئی تھی۔اور وہیں ان کی حکومت تھی۔شاید کہ وہ اس وقت جنوب سے شمال کی طرف ہجرت کررہے تھے۔یعنی حمیر اور سباء کی طاقت کے زمانہ میں جب ان کو ہجرت کرنی پڑی تو اس وقت ایسا ہوا۔ان دونوں قبیلوں کی حکومت نے یمن میں طاقت پکڑی تھی اور ثمود کی حکومت احقاف کے جنوب میں تھی۔انہوں نے جب ان کو نکالا تو یہ اوپر کی طرف نکلنے شروع ہوئے۔پہلے حجاز پھر تہامہ اور پھر حجر میں چلے گئے۔تمدنِ عرب والا کہتا ہے کہ وَلَایَخْرُجُ الْحُکْمُ فِی ذٰلِکَ مِنَ التَّخْمِیْنِ یعنی یہ قیاسی بات ہے۔(العرب قبل الاسلام صفحہ ۶۵) قوم ثمود جنوب سے ہجرت کرکے شمال کی طرف آئی تھی درحقیقت عربوں کا خیال ہے کہ ثمود بھی عاد کی ایک شاخ ہے۔اور انہی کی طرح یہ یمن میں رہتی تھی۔جب حمیر کی حکومت ہوئی تو انہوں نے ان کو حجاز کی طرف نکال دیا۔لیکن اس کی تصدیق اب تک کسی دلیل سے نہیں ہوئی۔کیونکہ اس قوم کے آثار اب تک جنوب میں نہیں ملے۔حجر کو پرانے زمانہ سے مدائن صالح بھی کہتے ہیں۔اور اس کے آثار سے معلوم ہوتا ہے کہ مسیح کے زمانہ سے پہلے یہ نبطیوں کے ماتحت آچکا تھا۔جنہیں انبات بھی کہتے ہیں۔یہ لوگ بطرا کے رہنے والے تھے۔جسے یونانی لوگ پیٹرا کہتے ہیں۔چنانچہ اس جگہ کئی کتبے نبطی زبان کے ملے ہیں لیکن ان نبطی کتبوں کے ساتھ ساتھ بعض کتبے یمنی زبان میں بھی ملے ہیں۔ان کتبوں کو مستشرقین کا گروہ ثمودیہ کے نام سے موسوم کرتا ہے۔یعنی ثمود قوم کے کتبے۔اس تحقیق سے عرب جغرافیہ نویسوں کے اس خیال کی تائید ہوتی ہے کہ ثمود قوم جنوب سے ہجرت کرکے شمال کی طرف آئی تھی کیونکہ اگر وہ جنوب سے نہ آتی تو ان کی زبان یمنی زبان سے ملتی جلتی نہ ہوتی۔قوم ثمود قوم عاد کے معاً بعد ہوئی حجر جو اس قوم کا دارالحکومت معلوم ہوتا ہے مدینہ منورہ اور تبوک کے درمیان میں ہے اور اس وادی کو جس میں حجر واقع ہے وادی قریٰ کہتے ہیں۔اس علاقہ میں اس قوم کا زور تھا۔جیسا کہ قرآن کریم فرماتا ہے الَّذِيْنَ جَابُوا الصَّخْرَ بِالْوَادِ کہ ثمود نے وادی قریٰ میں پہاڑ کاٹ کاٹ کر مکان بنائے تھے۔(الفجر:۱۰) قرآن کریم میں اس قوم کا زمانہ عاد کے معاً بعد بتایا ہے۔کیونکہ فرماتا ہے۔وَاذْكُرُوا اِذْ جَعَلَكُمْ خُلَفَاءَ

ہیں) اس کے بعد اس کا کوئی نشان نہیں ملا(ارض القرآن جلد اول صفحہ ۱۸۳)۔اب اس زمانے (۱۸۳۴ء؁) میں ایک انگریز مستشرق (WELLESTED) نے پھر اس کا پتہ لگایا ہے اور وہ ایشاٹک سوسائٹی جرنل میں چھپ چکا ہے۔اور فارسٹر نے (جو ایک انگریز مستشرق ہے۔) اپنی کتاب میں اسے نقل کیا ہے۔اصل کتبہ حمیری زبان میں ہے۔جو اصل میں جنوبی عربی زبان ہے۔موجودہ مستشرقین نے اس کا نام حمیری رکھ لیا ہے۔یہ کتبہ حصن غراب میں جو عدن کے قریب ہے ملا ہے۔اس کتبہ کی عبارت کا ترجمہ اس کتبہ کی عبارت کا ترجمہ یہ ہے۔(۱) ہم مدت تک اس وسیع قصر میں رہے۔ہماری حالت بدنصیبی اور ادبار سے دور تھی۔ہماری نہروں میں (۲) دریا کا پانی امڈ آتا تھا۔سمندر موجیں مارتا ہوا ہمارے قلعہ کی دیواروں سے غضبناک ہوکر ٹکراتا تھا۔ہمارے چشمے خوش آئند آواز سے بہتے تھے۔(۳) بلند کھجوروں کے اوپر جن کے باغبان خشک چھوہارے ہماری وادیوں کے چھوہاروں کی زمینوں میں لگاتے تھے اور خشک چاول بوتے تھے۔(۴) ہم پہاڑی بکروں کا اور جوان خرگوشوں کا شکار پنجروں اور جالوں سے کرتے تھے اور مچھلیوں کو (۵) بہلا بہلا کر باہر نکال لیتے تھے۔اور ہم آہستہ آہستہ خرامان خراماں رنگ برنگ کے ریشم کے کپڑے اور لاہی سبز مختلف الالوان جامے پہن کر چلا کرتے تھے۔اور ہم پر وہ بادشاہ حکومت کرتے تھے جو کمینہ خیالات سے بہت دور اور شریروں کو سزا دینے والے تھے۔ہود کی شریعت کے مطابق۔(۶)اچھے فیصلے ایک کتاب میں لکھے جاتے تھے۔اور ہم معجزات کا یقین رکھتے تھے۔قیامت کے روز اور نتھنوں کے راز پر ایمان تھا۔(۷)راہزن گھس آئے اور وہ ہمارے ساتھ کچھ جھگڑا کرتے تھے۔مگر ہم نے اپنے گھوڑوں کو پویہ ڈال دیا۔اور ہمارے شریف نوجوان سخت اور نوکدار نیزوں کو لے کر آگے بڑھے۔(۸)ہمارے خاندان کے مغرور بہادر مرد اور عورتیں گھوڑوں پر لڑ رہی تھیں جن کی گردنیں لمبی تھیں۔اور جو چمکدار کمیت رنگ کے تھے۔(۹)ہماری تلواریں بدستور دشمنوں کوز خمی کررہی تھیں اور چھید رہی تھیں۔یہاں تک کہ ان کے قلب پر حملہ کرکے ان کو مغلوب اور بالکل پست کر دیا۔جو بدترین نوع انسان میں سے تھے۔اس کتبہ کی عبارت سے ثمود کے کیا حالات ثابت ہوتے ہیں اس عبارت سے معلوم ہوتا ہے کہ ان

لوگوں میں ہر قسم کی تہذیب تھی۔اور قوانین کے علاوہ فیصلہ جات بھی لکھے جاتے تھے۔تاکہ آئندہ لوگوں کے لئے سند ہوں۔جیسا کہ آج کل کی انگریزی عدالتوں کے فیصلوں کی رپورٹیں شائع ہوتی ہیں۔یہ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ قوم جس کا ذکر کتبہ میں ہے حضرت صالح علیہ السلام سے پہلے ہوئی ہے یا بعد میں کیونکہ ہوسکتا ہے کہ حضرت ہود کی امت میں سے ایک حصہ جنوبی عرب میں بھی رہ گیا ہو۔بہرحال یہ ثابت ہے کہ یہ قوم ثمود میں سے تھی اور ان کی طرف یا ان کے ان بھائیوں کی طرف جو ہجرت کرکے شمال کو چلے گئے تھے صالح علیہ السلام مبعوث ہوئے تھے۔یہ قوم میدانوں اور پہاڑوں پر بھی حکومت رکھتی تھی قرآن کریم کی عبارت تَتَّخِذُوْنَ مِنْ سُهُوْلِهَا قُصُوْرًا وَّ تَنْحِتُوْنَ الْجِبَالَ بُيُوْتًا۔(الاعراف:۷۵) سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ میدانوں اور پہاڑوں دونوں پر اس قوم (ثمود) کی حکومت تھی۔اسی طرح فِيْ جَنّٰتٍ وَّ عُيُوْنٍ۔وَّ زُرُوْعٍ وَّ نَخْلٍ طَلْعُهَا هَضِيْمٌ۔(الشعراء :۱۴۸۔۱۴۹) سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ ان کا ملک چشموں والا اور باغات والا تھا۔وہاں کھجوریں بھی اچھی قسم کی ہوتی تھیں اور زراعت بھی ہوتی تھی۔غرض یہ کتبہ جس کا مضمون اوپر بیان ہوا حرف بہ حرف قرآن کریم کا مصدق ہے۔یہ قوم اسلام سے پہلے بکلی مٹ چکی تھی حضرت صالح کے بعد جلدی ہی یہ قوم گرنے لگ گئی۔کیونکہ اس کے زمانہ کے چند صدیوں بعد کے فاتح قوموں میں اس کا ذکر مفقود ہے۔سرجون یا شرغون نامی اسیریا کے ایک بادشاہ نے جس کا زمانہ حکومت ۷۲۲ قبل مسیح سے ۷۰۵ قبل مسیح تک تھا عرب پر فوج کشی کی تھی۔اس کی فتوحات میں ثمود کا نام آتا ہے اور اس نے اس کا ذکر ایک کتبہ میں کیا ہے۔جو اس نے ایک فتح کی یادگار میں کندہ کرایا تھا۔مورخین یونان میں ڈائدورس جو ۸۰ قبل مسیح ؑ گزرا ہے۔پلینی جو ۷۹ قبل مسیح گزرا ہے اور بطلیموس جو ۱۴۰ قبل مسیح گزرا ہے تینوں نے اس قوم کا ذکر کیا ہے۔جسٹینین بادشاہ روم نے جب عرب پر حملہ کیا ہے تو اس کی فوج میں تین سو ثمودی سپاہی بھی تھے لیکن اسلام سے پہلے اس قوم کا نام و نشان مٹ چکا تھا۔(ارض القرآن صفحہ ۱۹۸) وَ لَقَدْ جَآءَتْ رُسُلُنَاۤ اِبْرٰهِيْمَ بِالْبُشْرٰى قَالُوْا سَلٰمًا١ؕ اور ہمارے فرستادے یقیناً یقیناً ابراہیم کے پاس خوشخبری لائے (اور) کہا( ہماری طرف سے آپ کو) سلام ہو۔اس نے قَالَ سَلٰمٌ فَمَا لَبِثَ اَنْ جَآءَ بِعِجْلٍ حَنِيْذٍ۰۰۷۰ کہا(تمہارے لئے ہمیشہ )سلامتی ہو۔پھر( اس نے) ایک بھنے ہوئے بچھڑے کے لانے میں (کچھ بھی) دیر نہ لگائی۔حلّ لُغَات۔لَبِثَ لَبِثَ یُقَالُ مَالَبِثَ اَنْ فَعَلَ کَذَا۔یعنی مَالَبِثَ کے معنی ہوتے ہیں بغیر دیر

کے فوراً وہ کام کرلیا۔مَاأَبْطَأَ فِی فِعْلِہٖ۔اَوْ مَاتَأَخَّرَ عَنْ فِعْلِہٖ۔اپنے کام میں دیر نہ لگائی (اقرب) اَلْعِجْلُ وَلَدُالْبَقَرَۃِ۔گائے کا بچہ۔وَقِیْلَ اَوَّلَ سَنَۃٍ اور بعض نے اسے ایک سال کی عمر تک کے لئے مخصوص قرار دیا ہے۔(اقرب) اَلْـحَنِیْذُ اَلْحَنِیْذُ۔اَلْمَشْوِیُّ۔بھنا ہوا۔وَفَسَّـَرہٗ اَ بُوْزَیْدٍ بِالنَّضِیْجِ۔ابوزید نے اس کے معنی پکے ہوئے کے کئے ہیں۔وَآخَرُ بِالّذِیْ یَقْطُرُ مَاءَ ہٗ بَعْدَ الشَّیْءِ اور بعض نے اس گوشت کے معنی کئے ہیں جس میں سے بھوننے پر پانی ٹپک رہا ہو۔وَنَقَلَ الْاَزْھَرِیُّ عَنِ الْفَرَّاءِ۔اَلْحَنِیْذُ۔مَاحَفَرْتَ لَہٗ فِی الْاَرْضِ ثُمَّ غَمَمْتَہُ۔وَھُوَ مِنْ فِعْلِ اَھْلِ الْبَادِیَۃِ اِلٰی اَنْ قَالَ وَالشِّوَاءُ الْمَحْنُوْذُ الَّذِیْ قَدْ اُلْقِیَتْ فَوْقَہُ الْحِجَارَۃُ الْمَرْضُوْفَۃُ بِالنَّارِ حَتّٰی یَنْشَوِیَ انْشِوَاءً شَدِیْدً افَیَتَھَرَّی تَـحْتَـھَا۔یعنی ازھری نے فراء سے نقل کیا ہے کہ حَنِیْذٌ اس گوشت کو کہتے ہیں جسے گڑھا کھود کر اس میں رکھ دیا جائےاور اس پر تیز گرم کرکے پتھر رکھ دیئے جائیں یہاں تک کہ ان کی گرمی سے وہ گوشت پوری طرح پک جائے۔(اقرب) تفسیر۔یہاں حضرت ابراہیمؑ کا ذکر صرف استطرا ًدا ہے میں شروع سورۃ میں بتاچکا ہوں کہ حضرت ابراہیم ؑ کا ذکر اس سورۃ میں ضمناً ہے اور حضرت لوطؑ کا ذکر چھیڑنے کے لئے ہے۔ورنہ اصل مقصود حضرت لوط ؑ کا ہی ذکر ہے۔جن کی قوم تباہ کی گئی تھی۔کیونکہ اس سورۃ میں انہی اقوام کا ذکر ہو رہا ہے۔جو تباہ کر دی گئی تھیں۔حضرت ابراہیم ؑکے ذکر کی وجہ حضرت ابراہیم ؑ کا ذکر لوط ؑ کے ذکر کے ابتداء میں اس لئے کیا ہے کہ حضرت لوط ؑ حضرت ابراہیم ؑ پر ایمان لانے والوں میں سے تھے اور ان کے تابع نبی تھے۔جس طرح حضرت اسحاق اور اسماعیل ان کے تابع تھے۔یا ہارون حضرت موسیٰ کے تابع تھے۔گوامتی نہ تھے۔کیونکہ اس وقت نبوت براہ راست ملا کرتی تھی نہ کہ نبی متبوع کے فیض سے۔اس قسم کی نبوت صرف رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میں جاری ہے کہ تابع نبی ایک لحاظ سے نبی ہوتا ہے اور دوسرے لحاظ سے امتی۔اس انذار کے ساتھ بیٹے کی بشارت کو کیوں ملایاگیا؟ خلاصہ یہ ہے کہ حضرت ابراہیمؑ چونکہ متبوع نبی تھے اور حضرت لوط ؑ نبوت سے پہلے ان پر ایمان لائے تھے اور ان کے ساتھ ہجرت کرکے شام کے ملک میں آئے تھے اس لئے ان کی قوم کی تباہی کی خبر اللہ تعالیٰ نے پہلے حضرت ابراہیم کو دینی مناسب سمجھی۔اور اسی وجہ سے لوط ؑ کا ذکر کرنے سے پہلے اس خبر کا ذکر کر دیا۔جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کو قوم لوط کی تباہی کے متعلق دی تھی۔مگر اللہ تعالیٰ کا رحم دیکھو کہ چونکہ یہ خبر حضرت ابراہیم ؑ کو نبی متبوع ہونے کی حیثیت سے دی جارہی تھی اور

براہ راست اس خبر سے حضرت ابراہیم ؑکا تعلق نہ تھا اس لئے ان کی تکلیف کو ایک بشارت کے ساتھ ملا دیا۔تاکہ ایک بدقوم کی تباہی کی خبر کے ساتھ ایک نیک نسل کی ابتداء کی خبر کو ملا کر صدمہ کو کم کر دیا جائے۔یہ رسل کون تھے؟ یہ رسل کون تھے۔اس کے متعلق اختلاف ہے۔بعض لوگ انہیں انسان قرار دیتے ہیں۔اور بعض ملائکہ قرار دیتے ہیں۔میرے نزدیک بھی یہ لوگ آدمی ہی تھے گو ان کی نیکی کی وجہ سے بعض نے انہیں ملک کہا ہے۔جیسا کہ حضرت یوسف علیہ السلام کی نسبت آتا ہے اِنْ هٰذَاۤ اِلَّا مَلَكٌ كَرِيْمٌ (یوسف :۳۲) ان لوگوں کے فرشتہ ہونے کے خلاف یہ آیت ہےقُلْ لَّوْ كَانَ فِي الْاَرْضِ مَلٰٓىِٕكَةٌ يَّمْشُوْنَ مُطْمَىِٕنِّيْنَ۠ لَنَزَّلْنَا عَلَيْهِمْ مِّنَ السَّمَآءِ مَلَكًا رَّسُوْلًا (بنی اسرائیل :۹۶) اس آیت سے دو استدلال ہوتے ہیں۔(۱)فرشتے رسول ہوکر نیک لوگوں کے لئے آتے ہیں۔نہ کہ بدکاروں کے لئے۔پس اس طرح انسانی شکل میں ایک بدکار شہر کے سامنے ان کا ظاہر ہونا اس آیت کے خلاف ہے۔(۲) دوسرے اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ نیک انسان کو بھی فرشتہ کہا جاتا ہے۔کیونکہ اس میں بتایا ہے کہ اگر اس دنیا میں ملائکہ بستے لیکن مراد انسانوں سے ہے۔کیونکہ ملائکہ سے مراد ملائکہ ہوتے تو ان کی طرف رسول بھیجنے کی کیا ضرورت تھی؟ ملائکہ تو احکام الٰہی کے تابع ہوتے ہی ہیں۔یہ بشارت حضرت ابراہیم ؑکو بلا واسطہ کیوں نہ دی گئی اگر یہ سوال ہو کہ کیوں براہ راست حضرت ابراہیمؑ کو ہی یہ الہام نہ ہوا دوسروں کی معرفت کیوں یہ خبر دی گئی؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی سنت ہے کہ المؤمن یَرٰی وَیُرٰی لَہٗ۔(سنن ابن ماجہ ابواب تعبیر الرؤیا باب الرؤیا الصالحة ) کبھی مومن کو براہ راست خبر دی جاتی ہے کبھی دوسرے کی معرفت۔چونکہ ان لوگوں کو کسی خاص غرض کے ماتحت حضرت لوط کے پاس جانے کا حکم ملا تھا اور یہ خبر انہوں نے حضرت ابراہیمؑ کو بھی پہنچانی تھی اس لئے حضرت ابراہیمؑ کے رنج کو دور کرنے کے لئے یہ بشارت بھی انہی کی معرفت بھیجی گئی۔کیوں دوسرے لوگوں کے ذریعے سے حضرت لوط کو یہ خبر دی گئی وہ خاص غرض کیا تھی جس کے سبب سے ان لوگوں کو خبر دے کر حضرت لوط ؑ کے پاس بھیجا گیا۔اس کا یقینی پتہ تو کلام الٰہی سے نہیں لگتا۔مگر میرے نزدیک ایک وجہ ظاہر ہے اور وہ یہ کہ حضرت ابراہیم اور حضرت لوط اس علاقہ میں باہر سے آکر بسے تھے اس وجہ سے بالکل ممکن ہے کہ اللہ تعالیٰ نے چند مقامی نیک لوگوں کو الہام کرکے بھیجا تاکہ وہ تباہی سے پہلے حضرت لوط ؑ کو کسی محفوظ اور مناسب جگہ کی طرف لے جائیں اور انہیں تکلیف نہ ہو۔یہ انذار پہلی دفعہ کا نہیں تھا اگر یہ اعتراض کیا جائے کہ کیا کبھی پہلے ایسا ہوا ہے کہ نبی کو تو انذار نہ ہوا ہو مگر

دوسروں کو ان کی قوم کے متعلق انذار ہوا ہو۔اور پھر بغیر اس کے کہ قوم کو توبہ کا موقع دیا گیا ہو عذاب آ گیا ہو۔تو اس کا جواب یہ ہے کہ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔لیکن حضرت لوط کے معاملہ میں بھی ایسا نہیں ہوا۔کیونکہ دوسروں کی معرفت خبر دینے سے میری یہ مراد نہیں کہ انذار ہی ان کی معرفت ہوا تھا بلکہ مراد یہ ہے کہ وقت عذاب کی خبر ان کی معرفت دی گئی۔ورنہ عذاب کی خبر تو پہلے سے مل چکی تھی اور انذار ہوچکا تھا۔سورۂ قٓ میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے كَذَّبَتْ قَبْلَهُمْ قَوْمُ نُوْحٍ وَّ اَصْحٰبُ الرَّسِّ وَ ثَمُوْدُ۔وَ عَادٌ وَّ فِرْعَوْنُ وَ اِخْوَانُ لُوْطٍ۔وَّ اَصْحٰبُ الْاَيْكَةِ وَ قَوْمُ تُبَّعٍ١ؕ كُلٌّ كَذَّبَ الرُّسُلَ فَحَقَّ وَعِيْدِ(قٓ :۱۳ تا ۱۵)۔اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ جس طرح پہلی قوموں کے لئے ایک عرصہ پہلے سے انذار ہوچکا تھا اسی طرح حضرت لوط کے مخاطبین کے لئے بھی انذار ہوچکا تھا۔پس جو کچھ بالواسطہ ہوا وہ صرف یہ ہے کہ حضرت لوط کی تسلی کے لئے عین عذاب کے وقت اس کے نزول کے قرب کی خبر چند علاقہ کے واقف لوگوں کی معرفت ان کو پہنچائی گئی۔تاکہ وہ لوگ حضرت لوط کو اپنے ساتھ لے کر مناسب جگہ تک پہنچا دیں۔پہلے انذار ہوچکنے کا ثبوت بَلْ جِئْنٰكَ بِمَا كَانُوْا فِيْهِ يَمْتَرُوْنَ سے بھی نکلتا ہے۔(الحجر :۶۴) اس آیت میں وہ خبر لانے والے لوگ مقر ہیں کہ جو خبر آپ پہلے دے چکے ہیں اور جس کے متعلق یہ لوگ آپ سے جھگڑا کرتے تھے ہم اسی کا وقت بتانے آئے ہیں۔سلامٌ اور سلاماً کے معنی قَالُوْا سَلٰمًا میں سلاما سے پہلے نُسَلِّمُ کا فعل محذوف ہے۔یعنی آنے والوں نے سلام کہا کہ ہم سلام کرتے ہیں۔حضرت ابراہیم ؑ کے جواب میں سلام یا تو مبتداء ہے اور علیکم اس کی خبر محذوف ہے یعنی تم پر سلامتی ہو اور یا پھر مبتدا محذوف ہے۔یعنی جوابی کا لفظ۔اور مراد یہ ہے کہ میرا جواب بھی یہ ہے کہ تم پر سلامتی ہو۔سلام کا جواب حضرت ابراہیم نے بہتر دیا حضرت ابراہیم علیہ السلام کے جواب میں اس تعلیم کا کیا ہی عمدگی سے لحاظ رکھا گیا ہے کہ جو کوئی دعا کرے اس سے بہتر دعا اس کے لئے کی جائے۔آنے والوں نے سَلَامًا کہا تھا۔جو جملہ فعلیہ ہے اور حضرت ابراہیم علیہ السلام نے سلام کہا۔جو اپنے محذوف کے ساتھ مل کر جملہ اسمیہ بنتا ہے اور جملہ اسمیہ اپنے معنوں میں جملہ فعلیہ سے قوی ہوتا ہے اور اس کے معنوں میں دوام پایا جاتا ہے گویا انہوں نے جواب میں یہ کہا کہ تم پر بھی ہمیشہ سلامتی ہوتی رہے۔حضرت ابراہیمؑ کی مہمان نوازی ایک اور سبق بھی اس آیت سے ملتا ہے اور وہ مہمان نوازی کا سبق ہے۔حضرت ابراہیمؑ نے ان لوگوں کے آتے ہی بغیر کسی مزید سوال و جواب کے بچھڑا ذبح کرکے ان کے آگے لا رکھا۔اور

یہ نہیں پوچھا کہ آپ لوگ کھانا کھا کر آئے ہیں یا نہیں۔یا ابھی کھانا کھائیں گے یا ٹھہر کر۔مہمان نوازی اسلام کے اصول میں سے ہے مگر افسوس کہ دوسری قوموں کے اثرات کے نیچے مسلمان بھی اب اس فرض سے غافل ہوتے جاتے ہیں۔حالانکہ ان کے نبی کی سنت ان کے لئے اسوۂ حسنہ کے طور پر موجود ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی مہمان نوازی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم میں یوں تو سبھی خوبیاں موجود تھیں مگر وہ باتیں جو آپ کی پہلی بیوی حضرت خدیجہؓ کو خاص طور پر محسوس ہوئیں ان میںسے ایک آپ کی مہمان نوازی کی صفت بھی تھی۔چنانچہ جب پہلی وحی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوئی اور آپ گھبرا کر گھر تشریف لائے۔اور حضرت خدیجہؓ سے نزول وحی کا ذکر گھبراہٹ میں کیا۔تو انہوں نے آپ کو ان الفاظ میں تسلی دی۔کلا واللہ لَایُخْزِیْکَ اللہُ اَبَدًا اِنَّکَ لَتَصِلُ الرَّحِمَ وَتَحْمِلُ الْکَلَّ وَتَکْسِبُ الْمَعْدُوْمَ وَتَقْرِی الضَّیْفَ وَتُعِیْنُ عَلَی نَوَائِبِ الْحَقِّ۔(صحیح بخاری کتاب بدءالوحی باب کیف کان بدء الوحی) یعنی ایسا کبھی نہیں ہوسکتا۔اللہ تعالیٰ کی قسم ہے اللہ تعالیٰ آپ کو ہرگز کبھی رسوا نہ ہونے دے گا۔کیونکہ آپ رشتہ داری کے تعلقات کا ہمیشہ پاس رکھتے ہیں لوگوں کا بوجھ اپنے اوپر لیتے ہیں دنیا سے اٹھ چکے ہوئے اخلاق حمیدہ کو ازسر نو عدم سے وجود میں لاتے ہیں۔مہمان نوازی کرتے ہیں۔اور حق کے خلاف پیش آمدہ حوادث کا مقابلہ کرتے اور ستم رسیدوں کی حمایت کرتے ہیں۔کیا حضرت ابراہیم علیہ السلام کی یہ مہمان نوازی اسراف میں داخل ہے بعض لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اسراف سے کام لیا۔کہ چند آدمیوں کے لئے بچھڑا ذبح کر دیا۔لیکن یہ اسراف نہیں وہ جنگل میں رہتے تھے اور اس جگہ نہ قصاب تھا نہ پرچون کا دوکاندار کہ بازار سے سودا خرید کر کھانا تیار کرتے۔وہ جانور پالتے تھے پس ان کی مہمان نوازی یہی ہوسکتی تھی کہ دنبہ یا بچھڑا جو اس وقت پاس ہو ذبح کرکے مہمانوں کے لئے تیار کر دیں۔فَلَمَّا رَاٰۤ اَيْدِيَهُمْ لَا تَصِلُ اِلَيْهِ نَكِرَهُمْ وَ اَوْجَسَ پس جب اس نے ان کے ہاتھوں کو دیکھا کہ اس( کھانے) تک نہیں پہنچتے تو اس نے( سمجھا) کہ میں نے انہیں نہیں پہچانا اور مِنْهُمْ خِيْفَةً١ؕ قَالُوْا لَا تَخَفْ اِنَّاۤ اُرْسِلْنَاۤ اِلٰى قَوْمِ لُوْطٍؕ۰۰۷۱ ان (کے اس رکنے کی وجہ) سے خطرہ محسوس کیا (اس پر) انہوں نے کہا (کہ) تو خوف نہ کر ہمیں (تو) لوط کی قوم کی طرف بھیجا گیا ہے۔حلّ لغات۔نَکِرَنَکِرَ الْاَمْرَ یَنْکَرُ نَکَرًا ونُکْرًا وَنُکُوْرًا ونَکِیْرًا۔جَھِلَہٗ اس سے بے خبر رہا۔

الرَّجُلَ لَمْ یَعْرِفْہُ اسے نہ پہچانا۔(اقرب) اَوْجَسَ اِیْـجَاسًا اَحَسَّ وَاضْمَرَ۔محسوس کیا۔اور اپنے دل میں پوشیدہ رکھا۔(اقرب) اَلْـخِیْفَۃُ مَصْدَرُ خَافَ۔خَافَ کا مصدر ہے۔جس کے معنی ہیں اَلْفَزَعُ گھبراہٹ اَلْـحَذَرُ۔احتیاط کی بات۔ضِدُّ الْاَمْنِ۔امن کے خلاف حالت یعنی خطرہ۔ڈر۔(اقرب) تفسیر۔حضرت ابراہیم کو کس بات کا خوف ہوا تھا یہ مطلب نہیں کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام ان لوگوں سے ڈر گئے۔بلکہ مطلب یہ ہے کہ حضرت ابراہیمؑ کے دل میں یہ خوف پیدا ہو اکہ شائد کوئی امر مہمان نوازی کے خلاف ہو گیا ہے جس کی وجہ سے یہ لوگ نہیں کھاتے۔مگر انہوں نے اس خوف کا اظہار نہ کیا کیونکہ مہمان کو یہ کہنا کہ شاید مہمان نوازی میں کوئی کوتاہی ہو گئی ہے اس سے مہمان کی شرافت پر حرف آتا ہے کیونکہ اس سے اشارہ ٹپکتا ہے کہ وہ لالچی یا حریص ہے۔حضرت ابراہیم نے کس بات کو نہیں سمجھا اور یہ جو فرمایا کہ انہیں پہچانا نہیں اس کا یہ مطلب ہے کہ پہلے تو حضرت ابراہیم ان کو معمولی مسافر سمجھتے تھے لیکن جب دیکھا کہ یہ کھانا نہیں کھاتے تو خیال کیا کہ غالباً میں نے ان کے یہاں آنے کے مقصد کو نہیں سمجھا۔کیونکہ اگر عام مسافر ہوتے تو مہمان نوازی کو قبول کرتے کہ ان بیابانی علاقوں میں مسافر بلامہمان نوازی کے گزارہ ہی نہیں کرسکتے۔ان لوگوں نے بھی حضرت ابراہیم کے چہرہ سے پہچان لیا کہ یہ حیران ہیں کہ کیا مہمان نوازی میں کوئی نقص ہو گیا ہے۔یا ان لوگوں کے یہاں آنے کا کوئی اور مقصد ہے اس لئے انہوں نے تسلی دینے کے لئے کہہ دیا کہ ہم آپ سے ناراض نہیں ہیں بلکہ ہم ایک عذاب کی خبر لے جارہے ہیں اس وجہ سے کھانا نہیں کھا سکتے۔بشارت لانے والوں کے انسان ہونے پر ایک اور دلیل اس آیت سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ یہ لوگ فرشتے نہ تھے کیونکہ اگر فرشتے ہوتے تو یہ نہ کہتے کہ ہم چونکہ لوطؑ کی قوم کی طرف جارہے ہیں اس لئے کھانا نہیں کھا سکتے۔بلکہ یہ کہتے کہ ہم تو فرشتے ہیں کبھی کھانا کھایا ہی نہیں کرتے۔

وَ امْرَاَتُهٗ قَآىِٕمَةٌ فَضَحِكَتْ فَبَشَّرْنٰهَا بِاِسْحٰقَ١ۙ وَ مِنْ اور اس کی بیوی (بھی پاس ہی) کھڑی تھی اس پر وہ گھبرائی تب ہم نے اس کو اسحاق کی اور اسحٰق کے بعد یعقوب وَّرَآءِ اِسْحٰقَ يَعْقُوْبَ۰۰۷۲ (کی پیدائش) کی بشارت دی۔حلّ لُغات۔ضَحِکَ ضَـحِکَ یَضْحَکُ، ضَحْکًا وَضِحْکًا وضِحِکًا وَضَحِکًا۔ضِدُّ بَکٰی۔رونے کی مخالف حالت کا یعنی ہنسنے کا نام ضـحک ہے۔ضَـحِکَ الرَّجُلُ ضَـحَکًا عَـجِبَ اَوْفَزِعَ۔اس نے تعجب کیا یا گھبرا گیا۔(اقرب) ضَـحِکَ فَزِعَ۔وَبِہٖ فَسَّرَ الْفَرَّاءُ الاٰیۃ۔ضَحِکَ کے معنی گھبرا جانے کے بھی ہوتے ہیں۔اور فرّاء نے اس آیت میں یہی معنی کئے ہیں۔(تاج) وَیُسْتَعْمَلُ فِی السُّرُوْرِ الْمُجَرَّدِ نَحْوُ مُسْفِرَۃٌ ضَاحِکَۃٌ کبھی صرف خوشی کے معنوں میں یہ لفظ استعمال ہوتا ہے جیسے کہ قرآن کریم میں ہے مُسْفِرَةٌ۔ضَاحِكَةٌ وَاسْتُعْمِلَ لِلتَّعَجُّبِ الْمُجَرَّدِ تَارَۃً اور کبھی صرف تعجب کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔(مفردات) تفسیر۔حضرت ابراہیم ؑکی بیوی کی گھبراہٹ کا باعث حضرت ابراہیمؑ کی بیوی سن رہی تھیں انہوں نے یہ بات سنی تو گھبرا گئیں۔اور ایک قوم کی تباہی پر دل میں درد پیدا ہوا۔حضرت ابراہیمؑ کی بیوی کو بشارت دئیے جانے کا باعث اللہ تعالیٰ کو ان کی یہ بات بہت پسند آئی اور اسحٰق ؑ کی خبر کے ساتھ جو پہلے ان نیک لوگوں کے ذریعہ سے بھی مل چکی تھی حضرت یعقوبؑ کی پیدائش کی بھی خبر دی۔جس کا یہ مطلب تھا کہ چونکہ بنی نوع انسان پر انہیں رحم آیا ہے اللہ تعالیٰ انہیں ایک ترقی کرنے والی نسل دے گا۔خدا تعالیٰ کا رحم کس قدر وسیع ہے۔وہ عذاب میں گرفتار ہونے والوں سے سچی ہمدردی کو بھی قدر کی نگاہوں سے دیکھتا ہے۔ذبیح کون تھا یہاں سے ایک اور مسئلہ بھی حل ہو جاتا ہے اور وہ یہ ہے کہ ذبیح کون تھا؟ عیسائی کہتے ہیں کہ اسحاق ذبیح تھا۔مسلمان کہتے ہیں کہ اسماعیلؑ ذبیح تھا۔ان کی بحث تو خیر تاریخ سے تعلق رکھتی ہے۔مگر بعض مسلمان بھی غلطی سے حضرت اسحاق کو ذبیح قرار دیتے ہیں۔ان لوگوں کی غلطی اس آیت سے دور ہو جاتی ہے کیونکہ اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ خدا تعالیٰ نے حضرت اسحاق ؑ کی پیدائش سے بھی پہلے خبر دےدی تھی کہ اسحاق ؑکے ہاں اولاد بھی

ہوگی اور ان کا ایک بیٹا یعقوب مقرب الٰہی ہوگا۔اور جس کی نسبت پہلے سے یہ بتا دیا گیا ہو کہ وہ زندہ رہے گا بڑا ہوکر شادی کرے گا اور اس کا بیٹا پیدا ہوگا جو مقرب الٰہی ہوگا اس کی نسبت کب یہ تسلیم کیا جاسکتا ہے کہ اسے ذبح کرنے کا حکم ہوا ہو۔اور پھر اس حکم سے دھوکا بھی لگ گیا ہو۔اگر حضرت اسحاق ؑ کے متعلق ذبح ہونے کی رؤیا ہوتی تو کیا حضرت ابراہیمؑ دریافت نہ کرتے کہ الٰہی تو نے تو اس کے جوان ہونے اور ایک مقرب بارگاہ بچہ کے باپ ہونے کی خبر دی تھی اب اس کے ذبح کرنے کا حکم دیا ہے۔کیا اس حکم کا مطلب کچھ اور تو نہیں۔غرض اس آیت سے صاف ثابت ہے کہ ذبیح حضرت اسماعیلؑ ہی تھے۔اور کوئی وجہ نہیں کہ یہودیوں کی محرف مبدل کتب سے ڈر کر ہم حضرت اسحاق ؑ کو ذبیح قرار دینے کی کوشش کریں۔قَالَتْ يٰوَيْلَتٰۤى ءَاَلِدُ وَ اَنَا عَجُوْزٌ وَّ هٰذَا بَعْلِيْ شَيْخًا١ؕ اِنَّ اس نے کہا ہائے میری رسوائی کیا میں (بچہ) جنوں گی حالانکہ میں بوڑھی (ہو چکی) ہوں اور یہ میرا خاوند بڑھاپے کی هٰذَا لَشَيْءٌ عَجِيْبٌ۰۰۷۳ حالت میں ہے یہ (بات) یقیناً یقیناً ایک اچھنبی بات ہے۔حلّ لُغَات۔وَیْلَتٰی اصل میں وَیْلَتِیْ ہے یعنی اے میری وَیْلَۃِ اور وَیْلَۃ کے معنی ہیں اَلْفَضِیْحَۃُ۔بدنامی اَلْبَلِیَّۃُ۔مصیبت (اقرب) یہ کلمہ اصل میں مصیبت کے لئے استعمال ہوتا تھا۔لیکن آہستہ آہستہ تعجب کے لئے استعمال ہونے لگا۔اَلْعَجُوْزُ۔اَلْمَرْءَ ۃُ الْمُسِنَّۃُ۔بڑھیا عورت لِعَجْزِھَا عَنْ اَکْثَرِ الْاُمُوْرِ۔یعنی بڑھیاعورت کو عَـجُوْز اس لئے کہتے ہیں کہ وہ اکثر کاموں سے عاجز آجاتی ہے۔وَھُوَ وَصْفٌ خَاصٌّ لَھَا۔اور یہ لفظ بوڑھی عورت کے سواء اور کسی کے لئے استعمال نہیں ہوتا۔(اقرب) اَلْبَعْلُ۔رَبُّ الشَّیْءِ چیز کا مالک یَقُوْلُوْنَ مَنْ بَعْلُ ھٰذِہِ النَّاقَۃِ اَیْ رَبُّھَا کہتے ہیں کہ اس اونٹنی کا بَعْل یعنی مالک کون ہے۔اَلزَّوْجُ بعل کے معنی جوڑے کے بھی ہیں۔وَ إلْمَرْأَۃُ بَعْلٌ وَبَعْلَۃٌ عورت کے لئے بھی یہ لفظ جوڑے کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔اور اس وقت اس کے ساتھ تاء تانیث کا لانا اور نہ لانا دونوں باتیں جائز ہوتی ہیں۔جیسے زَوْ جٌ اور زَوْجَۃٌ۔(اقرب) تفسیر۔حضرت ابراہیم ؑکی بیوی کا تعجب انکاری نہیں تھا اس آیت کا یہ مطلب نہیں کہ وہ الٰہی خبر کا انکار کررہی تھیں۔ایک عام طبقہ کی مومنہ کے متعلق بھی یہ خیال نہیں کیا جاسکتا کہ وہ اللہ تعالیٰ کی قدرت پر انکار

کے رنگ میں تعجب کرے گی۔تو ایک نبی کی مومنہ بیوی کے متعلق کس طرح خیال ہوسکتا ہے کہ وہ خدا تعالیٰ کے نشانات کو دیکھنے کے بعد اس کی قدرت پر انکار کے رنگ میں تعجب کرے؟ پس ان کا تعجب نعمت کی عظمت کے اظہار کے لئے تھا۔حضرت ابراہیم ؑکا اپنا تعجب چنانچہ حضرت ابراہیم کے متعلق بھی ایک جگہ اس قسم کے لفظ آتے ہیں۔اور وہ خود ہی تشریح بھی کردیتے ہیں۔کہ میرا تعجب نعمت کی عظمت کے اظہار کے لئے ہے۔نہ کہ اس کے ناممکن ہونے کے خیال سے فرمایااَبَشَّرْتُمُوْنِيْ عَلٰۤى اَنْ مَّسَّنِيَ الْكِبَرُ فَبِمَ تُبَشِّرُوْنَ۔قَالُوْا بَشَّرْنٰكَ بِالْحَقِّ فَلَا تَكُنْ مِّنَ الْقٰنِطِيْنَ۔قَالَ وَ مَنْ يَّقْنَطُ مِنْ رَّحْمَةِ رَبِّهٖۤ اِلَّا الضَّآلُّوْنَ۔(الحجر :۵۵ تا ۵۷) یعنی حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کہا کہ کیا تم نے باوجود میرے بوڑھا ہوجانے کے مجھے یہ خوشخبری دی ہے۔تم کیسی عجیب خبر دیتے ہو! خبر دینے والوں نے کہا کہ ہم نے تجھے ایک یقیناً پوری ہوکر رہنے والی خبر دی ہے۔پس تو مایوس نہ ہو۔حضرت ابراہیم نے جواب میں کہا کہ میں مایوس نہیں۔خدا کی رحمت سے تو گمراہ ہی مایوس ہوا کرتے ہیں۔اس آیت سے صاف ظاہر ہے کہ ایسے ہی لفظ حضرت ابراہیمؑ نے کہے ہیں اور پھر خود تشریح بھی کردی ہے کہ میرا تعجب مایوسانہ تعجب نہیں بلکہ عظمت نعمت کے اظہار کے طور پر ہے۔قَالُوْۤا اَتَعْجَبِيْنَ مِنْ اَمْرِ اللّٰهِ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرَكٰتُهٗ انہوں نے کہا کیا تو اللہ (تعالیٰ) کی بات پر تعجب کرتی ہے۔اے اس گھر والو تم پر( تو) اللہ (تعالیٰ) کی رحمت اور عَلَيْكُمْ اَهْلَ الْبَيْتِ١ؕ اِنَّهٗ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ۰۰۷۴ اس کی ہر (قسم کی) برکات (نازل ہو رہی) ہیں (پس یہ کوئی اچنبی بات نہیں) وہ یقیناً بہت ہی تعریف والا (اور) بزرگ شان والا ہے۔تفسیر۔شیعہ اہل بیت میں بیویوں کو شامل نہیں کرتے(تفسیر القمّی زیر آیت لیذھب عنکم الرجس اہل البیت۔الاحزاب:۳۴)۔مگر یہاں صرف بیوی کو ہی اہل بیت کہا ہے۔حالانکہ ابھی تک ان کے ہاں کوئی اولاد بھی نہ ہوئی تھی۔حق یہی ہے کہ قرآن کریم میں جہاں جہاں اہل بیت کا لفظ آیا ہے وہاں بیوی بھی شامل ہے۔

فَلَمَّا ذَهَبَ عَنْ اِبْرٰهِيْمَ الرَّوْعُ وَ جَآءَتْهُ الْبُشْرٰى پس جب ابراہیم سے گھبراہٹ دور ہوگئی اور اسے خوشخبری ملی تو( اس وقت) وہ لوط کی قوم کے متعلق ہمارے يُجَادِلُنَا فِيْ قَوْمِ لُوْطٍؕ۰۰۷۵ ساتھ بہت جھگڑتا تھا۔حلّ لُغات۔رَوْعٌ۔اَلرَّوْعُ۔الْفَزَعُ۔گھبراہٹ رَاعَ فَزِعَ۔گھبرایا۔(اقرب) تفسیر۔حضرت ابراہیم کا یہ خوف قوم لوط کے متعلق تھا یہ خوف حضرت ابراہیمؑ کا اپنے متعلق نہیں تھا کہ اس کو محل اعتراض قرار دیا جائے بلکہ قوم لوط کے متعلق تھا اور یہ تقویٰ کے عین مطابق اور اعلیٰ اخلاق میں سے ہوتا ہے۔پہلے تو حضرت ابراہیمؑ کو اس قدر صدمہ ہوا کہ وہ حیران رہ گئے کہ میں اب کروں تو کیا کروں لیکن جب اللہ تعالیٰ نے بتایا کہ آپ کو ایک بہتر قوم مل جائے گی تو ان کے غم کا بوجھ کم ہوا۔اور محبت الٰہی کا نظارہ دیکھ کر لوط کی قوم کے بارہ میں بھی درخواست کرنی شروع کی۔اِنَّ اِبْرٰهِيْمَ لَحَلِيْمٌ اَوَّاهٌ مُّنِيْبٌ۰۰۷۶ ابراہیم یقیناً یقیناً بردبار دردمند(دل رکھنے والا اور ہمارے حضور) بار بار جھکنے والا تھا۔حل لغات۔اَوَّاہٌ اَ لْاَوَّاہُ کَثِیْرُ التَّأَوُّہِ اِشْفَاقًا وَفَرَقًا جو خوف اور محبت کی وجہ سے بہت آہیں بھرتا ہو۔(اقرب) مُنِیْبٌ اَنَابَ اِلَیْہِ۔رَجَعَ اِلَیْہِ۔مَرَّۃً بَعْدَ مَرَّۃٍ۔بار بار رجوع کیا۔پس منیب کے معنی ہوئے بار بار رجوع کرنے والا۔(اقرب)

·

آج 10 میں سے 10 باقی