سُوْرَۃُ الرَّعْدِ
تفسیر کبیر (جلد ۵), حصہ 8
باوجود حاجات کی موجودگی کے اور سامانوں کے فقدان کے وہ کامیاب ہوئے۔بیوی بچوں کا ذکر یہ بتانے کے لئے کیا کہ آزاد انسان زیادہ دلیری سے قربانی کرسکتا ہے۔لیکن بیوی بچے کام میں قدم قدم پر روک ہوتے ہیں۔پس گویا دوہری روکیں ان کے راستہ میں بھی تھیں۔اول سامان نہ تھے۔پھر جو سامان میسر تھے ان کے استعمال میں بھی بیوی بچوں کی وجہ سے روکیں تھیں۔مگر پھر بھی وہ کامیاب ہوئے۔اسی طرح اب محمد رسول اللہ صلعم کامیاب ہوں گے۔مگر ساتھ ہی یہ بھی فرمایا کہ گو ہم نے انہیں کامیاب کیا۔اور یہ عظیم الشان صداقت کا نشان ان کو ملا لیکن ہم نے یہ نہیں کیا کہ ان کے لئے لوگوں کی مرضی کے مطابق نشان دکھایا ہو۔جو نشان ہم نے مناسب سمجھا وہ دکھایا۔قرآن کریم میں جہاں کفار کی طرف سے نشان کے مطالبہ کا ذکر ہو اور ساتھ تشریح نہ ہو وہاںنشان سے مراد عذاب ہوتا ہے۔پس اس جگہ بھی عذاب ہی مراد ہے۔اور چونکہ اس جگہ سوال پیدا ہوتا تھا کہ اگر خدا تعالیٰ نے نبیوں کو دنیا کی اصلاح کے لئے بھیجا تھا تو کیا روک تھی کہ ان کے ہاتھوں میں سزا بھی رکھ دیتا۔تاکہ لوگوں کو حق کی مخالفت کی جرأت نہ رہتی۔آخر دنیوی حکومتیں بھی تو اپنے ماتحتوں کو ایک حد تک سزا کا اختیار دیتی ہیں۔اس کا جواب لِكُلِّ اَجَلٍ كِتَابٌ کے الفاظ میں دیا جس کا یہ مطلب ہے کہ اللہ تعالیٰ نےبنی نوع انسان کی حالت کا اندازہ لگا کر نہ صرف یہ فیصلہ کیاہے کہ کس کس عمل کی کیا کیا پاداش چاہیے بلکہ یہ بھی کہ کس عمل کا نتیجہ کس وقت نکلنا اس شخص اور دوسرے شخصوں کے لئے زیادہ مفید ہوگا؟ اور ہر سزا کے لئے اس نے ایک وقت مقرر کر چھوڑا ہے۔اگر وہ سزا نبیوں کے ہاتھ میں رکھتا تو وہ چونکہ عالم الغیب نہ ہوتے وہ سزا لوگوں کے مطالبہ پر دے کر اس حکمت کو باطل کر دیتے۔دنیوی حکومتوں اور آسمانی حکومت میں یہ بھی ایک فرق ہے کہ دنیوی حکومتیں جرم کے مطابق سزا تجویز کرکے ہر جرم پر سزا دے دیتی ہیں لیکن اللہ تعالیٰ صرف یہی نہیں دیکھتا کہ کس نے جرم کیا ہے بلکہ یہ بھی کہ اس جرم کی سزا کو کس وقت جاری کیا جائے؟ تو زیادہ مؤثر یا زیادہ مفید ہوگی۔یہ ایک اہم سوال ہے کہ سزا کا وقت سزا کے اثر کو بہت کچھ بڑھا گھٹا دیتا ہے۔اور اس لئے کامل اور بے عیب فیصلہ وہی ہوسکتا ہے جس میں سزا کی تعیین ہی نہ ہو بلکہ سزا کے وقت کو بھی حکمت کے ماتحت معین کیا جائے۔لِكُلِّ اَجَلٍ كِتَابٌ میں تقدیم و تاخیر نہیں اس آیت کو مفسرین نے بڑا غلط سمجھا ہے۔انہوں نے اس میں تقدیم تاخیر مانی ہے اور اس کے یہ معنی سمجھے ہیں کہ ہر کتاب کے لئے ایک وقت ہے۔حالانکہ خدا تعالیٰ کو تقدیم و تاخیر کی ضرورت نہیں۔جو لفظ اس آیت میں ہے جس ترتیب سے ہے وہی صحیح ہے۔کتاب کی اجل نہیں بتائی۔بلکہ اجل کی کتاب کاہی ذکر ہے اور کوئی تقدیم وتاخیر نہیں بلکہ یہ فرماکر کہ ہر مدت کے لئے فیصلہ الٰہی میں حکم موجود ہے ایک
نہایت لطیف اور جدید مضمون پر روشنی ڈالی ہے جس کا ذکر اجمالاً اوپر آچکا ہے۔خلاصہ یہ کہ نبیوں کو سزا جزاء کا اس لئے اختیار نہیں دیا کہ وہ عالم الغیب نہیں۔اور نہیں جان سکتے تھے کہ کس وقت کون سا حکم جاری ہونا چاہیے۔آیا سزا کا یا عفو کا یا تاخیر سزا کا؟ اگلی آیت اسی مضمون کی تصدیق کرتی ہے۔يَمْحُوا اللّٰهُ مَا يَشَآءُ وَ يُثْبِتُ١ۖۚ وَ عِنْدَهٗۤ اُمُّ الْكِتٰبِ۰۰۴۰ جس چیز کو اللہ( تعالیٰ) چاہتا ہے مٹاتا ہے اور (جسے چاہتا ہے) قائم کرتا ہے اور اسی کے پاس( تمام) احکام کی اصل (اور جڑ) ہے۔حلّ لُغَات۔یَمْحُوْ۔مَـحَا سے مضارع کا صیغہ ہے اور مَـحَا الشَّیْءَ کے معنے ہیں زَالَ وَذَھَبَ اَثَرُہٗ۔کوئی چیز مٹ گئی اور اس کا نشان جاتا رہا۔فُلَانٌ الشَّیْءَ۔اَزَالَہٗ وَاَذْھَبَ اَثَرَہٗ۔کسی چیز کو مٹایا اور اس کا اثر دور کیا۔یعنی مَـحَا کا لفظ لازم اور متعدی دونوں طرح استعمال ہوتا ہے۔(اقرب) یُثْبِتُ۔اَثْبَتَ ماضی سے مضارع کا صیغہ ہے اور أَثْبَتَ کے معنے ہیں عَرَفَہُ حَقَّ الْمَعْرِفَۃِ کسی بات کو خوب واضح کیا۔حَبَسَہٗ وَجَعَلَہٗ ثَابِتًا فِی مَکَانِہٖ لَایُفَارِقُہٗ۔کسی چیز کو اس کی جگہ پر ایسا مضبوط کیا کہ وہ اپنی جگہ سے علیحدہ نہ ہوسکے۔الحقَّ أَکَّدَہٗ۔حق و پختہ کیا۔اِسْمَہُ فِی الدِّیْوَانِ۔کَتَبَہٗ۔نام رجسٹر میں لکھا۔(اقرب) پس یَمْحُواللہُ مَایَشَآءُ وَیُثْبِتُ کے معنے ہوئے کہ جسے چاہتا ہے مٹاتا ہے اور جسے چاہتا ہے قائم رکھتا ہے۔یعنی اگر چاہتا ہے عذاب دیتا ہے اگر چاہتا ہے عذاب ٹال دیتا ہے۔أَلْاُمُّ کے معنے ہیں اَلْوَالِدَۃُ۔ماں۔أُمُّ الشَّیْءِ: اَصْلُہٗ۔کسی چیز کا اصل۔أُمُّ الطَّرِیْقِ۔مُعْظَمُہٗ۔راستے کافراخ حصہ۔(اقرب) اُمُّ الْکِتَابِ کے معنے ہوئے کتاب کی اصل۔وَ عِنْدَهٗۤ اُمُّ الْكِتٰبِ سے یہ مراد ہے (۱)کہ احکام کی حکمت خدا کو معلوم ہے۔(۲)تمام احکام شریعت صفات الٰہیہ پر مبنی ہیں۔پس شریعت کی جڑ گویا خدا تعالیٰ کے پاس ہے کیونکہ شریعت کے احکام اسی کی صفات کی شاخیں ہیں۔تفسیر۔یہ کبھی نہیں ہوتا کہ عذاب کا وقت نہ آیا ہو مگر اللہ تعالیٰ پھر بھی عذاب دے دے۔ہاں یہ ہو جاتا ہے کہ عذاب کا وقت تو آجائے مگر اس کی کسی حکمت کے ماتحت وہ عذاب ٹل جائے۔عذاب کے متعلق دو قانون عذاب کے متعلق دو قانون بیان فرمائے ہیں۔ایکيَمْحُوا اللّٰهُ مَا يَشَآءُ
دوسرے وَ يُثْبِتُ یعنے یا عذاب کو مٹا ڈالتا ہے۔عذاب دیتا ہی نہیں یا عذاب کو قائم رکھتا ہے۔مگر بغیر استحقاق کے عذاب کبھی نہیں آتا۔نہ استحقاق سے زیادہ آتا ہے۔استحقاق کی حد تک عذاب دینا یا اس سے کم دینا یہ اصول ہمیشہ آسمانی عذابوں میں مدنظر رہتا ہے اور یہی اصل ہر شخص کو مدنظر رکھنا چاہیے۔جو بااخلاق بننا چاہے۔جو لوگ غصہ کی حالت میں دشمن کو پیس کر رکھ دینا چاہتے ہیں یا عفو کرنا نہیں چاہتے وہ صفات الٰہیہ کے خلاف چلتے ہیں اور کبھی سچے مسلمان نہیں کہلا سکتے۔اُمُّ الْكِتٰبِ کے دو معنی ام کے معنے جڑ کے ہیں۔پس عِنْدَهٗۤ اُمُّ الْكِتٰبِ کے دو معنے ہوں گے۔(۱)احکام کی حکمت خدا تعالیٰ کو ہی معلوم ہے اس لئے اس کی ہدایت سے تم صحیح راستہ معلوم کرسکتے ہو۔انسان اپنی ذاتی اغراض اور نفسانی خواہشات کے اثر کے نیچے کبھی بھی اس قدر بلند نہیں ہوتا کہ تمام عالم کی ضرورت کو مدنظر رکھ سکے۔وہ جو احکام تجویز کرتا ہے نفسانیت سے ملوث ہوتے ہیں۔مگر اللہ تعالیٰ کی نظر سب عالم کی ضرورت اور آئندہ نتائج پر بھی ہوتی ہے۔اس لئے اس کا حکم کامل اور صحیح ہدایت کے مطابق ہوتا ہے۔دوسرے معنے اس کے یہ ہیں کہ تمام احکام شریعت صفات الٰہیہ پر مبنی ہیں پس شریعت کی جڑ گویا خدا تعالیٰ کے پاس ہوئی۔کیونکہ شریعت کے احکام اسی کی صفات کی شاخیں ہیں۔اس میں یہ لطیف نکتہ بیان کیا ہے کہ اخلاق کامل اللہ تعالیٰ کی صفات کی کامل اتباع اور پوری نقل کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتے۔جو شخص اچھے یا برے اخلاق کی تشریح انسانی اعمال کو سامنے رکھ کر کرنا چاہے کامیاب نہ ہوگا۔نیکی کی تعریف نیکی کی تعریف یہی ہے کہ صفات الٰہیہ کی نقل ہو۔اور بدی کی تعریف یہی ہے کہ صفات الٰہیہ کے مخالف ہو۔اس تعریف سے وہ سب مشکلات حل ہوجاتی ہیں جو فلسفیوں کو نیکی اور بدی کی تعریف کرنے میں پیدا ہوتی ہیں۔تیسرے معنے یہ ہیں کہ چونکہ احکام کا مقصد اسی کو معلوم ہے اس لئے سزا اسی کے اختیار میں ہونی چاہیے۔کئی شدید دشمن بعد میں ایمان لے آتے ہیں۔جیسے اسلام میں عکرمہؓ۔خالدؓ اور عَمروؓ بن عاص کے وجود ہیں۔ا للہ تعالیٰ ہی جانتا تھا کہ باوجود اسلام کی مخالفت کے وہ لوگ عذاب سے بچانے کے قابل ہیں کیونکہ کسی دن اسلام کی عظیم الشان خدمات کا موقع پائیں گے۔
وَ اِنْ مَّا نُرِيَنَّكَ بَعْضَ الَّذِيْ نَعِدُهُمْ اَوْ نَتَوَفَّيَنَّكَ۠ اور جس( عذاب کے بھیجنے) کا ہم ان سےوعدہ کرتے ہیں اگر ہم اس کا کوئی حصہ( تیرے سامنے بھیج کر) تجھے دکھا فَاِنَّمَا عَلَيْكَ الْبَلٰغُ وَ عَلَيْنَا الْحِسَابُ۰۰۴۱ دیں(توتو بھی انکا انجام دیکھ لے گا)اور (اگر)ہم (اس گھڑی سے پہلے) تجھے وفات دے دیں (تو تجھے بعد الموت اس کی حقیقت معلوم ہو جائے گی کیونکہ )تیرے ذمہ( ہمارے حکم اور پیغام کا) صرف پہنچا دینا ہے۔اور( ان کا) حساب لینا ہمارے ذمہ ہے۔حلّ لُغَات۔نَتَوَفَّیَنَّکَ ہم تجھے وفات دے دیں۔مزید تشریح کے لئے دیکھو حل لغات سورہ یونس آیت نمبر ۴۷۔نَتَوَفَّیَنَّ باب تفعل سے فعل مضارع ہے جس کاماخذ وَفَاۃٌ ہے۔چنانچہ کلیات ابی البقاء میں لفظ تَوَفّٰی کے ذیل میں ہے وَالْفِعْلُ مِنَ الْوَفَاۃِ اور وفات کے معنی موت کے ہیں۔(اقرب) تَوَفّٰی اللہُ زَیْدًا قَبَضَ رُوْحَہٗ۔اس کی جان نکال لی۔اسے وفات دے دی۔اس کی روح کو قبض کرلیا۔تُوُفِّیَ فُلَانٌ مَجْہُوْلًا قُبِضَتْ رُوْحُہُ وَمَاتَ۔اس کی جان نکال لی گئی اور وہ مر گیا۔فَاللہُ الْمَتَوَفِّی وَالْعَبْدُ الْمُتَوَفّٰی۔غرض ان معنوں میں اس کے استعمال کے وقت اس کا فاعل اللہ اور مفعول بندہ ہوتا ہے۔(اقرب) بَعْضُ کُلِّ شَیْءٍ کے معنے ہیں ایْ طَائِفَۃٌ مِّنْہُ ساری چیز کا ایک بڑا حصہ۔وَقِیْلَ جُزْءٌ مِّنْہُ۔اور بعض محققین کے نزدیک کسی چیز کے ایک تھوڑے سے حصے پر بھی بَعْضٌ کا لفظ بولا جاتا ہے۔وَیَجُوْزُکَوْنُہٗ اَعْظَمُ مِنْ بَقِیَّتِہٖ کَالثَّـمَانِیَۃ مِنَ الْعَشَرَۃِ۔اور بعض کا لفظ کسی چیز کے بڑے حصہ کے لئے بھی استعمال ہو سکتا ہے جیسے دس میں سے آٹھ کو بعض کہیں۔حالانکہ آٹھ بقیہ دو سے بہت زیادہ ہیں۔(اقرب) تواِنْ مَّا نُرِيَنَّكَ بَعْضَ الَّذِيْ کے معنے یہ ہوئے کہ اگر وعدے کا کوئی حصہ ہم تجھے دکھا دیں زیادہ ہو یا کم۔تفسیر۔یعنی جب ہماری سزا کا اصول ہی اصلاح اور انصاف ہے نہ کہ غصہ نکالنا تو پھر اس پر تعجب نہیں کرنا چاہیے کہ عذاب کی بعض پیشگوئیاں ٹل جائیں ہوسکتا ہے کہ بعض پیشگوئیاں جو عذاب کے متعلق ہیں پوری ہو جائیں اور تو انہیں دیکھ لے اور بعض ٹل جائیں۔مگر اس سے گھبرانا نہیں چاہیے کیونکہ آخری حساب تو اللہ تعالیٰ نے ہی کرنا
ہے۔جو لوگ ان ٹل جانے والی پیشگوئیوں پر اعتراض کرنے والے ہیں وہ آخر خدا تعالیٰ کے سامنے پیش ہوں گے اور سب حقیقت ان پر کھل جائے گی۔جب اصل غرض بلاغ یعنی تبلیغ ہے تو پھر امر تبلیغ کے مقصد کے تابع ہی رکھا جائے گا۔نہ کہ تبلیغ و اصلاح کو نظرانداز کیا جائے اور سزا کو مقدم۔اَوَ لَمْ يَرَوْا اَنَّا نَاْتِي الْاَرْضَ نَنْقُصُهَا مِنْ اَطْرَافِهَا١ؕ وَ اور کیا انہوں نےدیکھا نہیں کہ ہم ملک کو اس کی (تمام) اطراف سے کم کرتے چلے آرہے ہیں اور فیصلہ (تو) اللّٰهُ يَحْكُمُ لَا مُعَقِّبَ لِحُكْمِهٖ١ؕ وَ هُوَ سَرِيْعُ الْحِسَابِ۰۰۴۲ اللہ (تعالیٰ) کرتاہے کوئی اس کے فیصلہ کو تبدیل کرنے والا نہیں اور وہ جلد حساب لینے والا ہے۔حلّ لُغَات۔نَأْتیْ۔اَتٰی سے مضارع جمع متکلّم کا صیغہ ہے اور اَتَاہُ کے معنے ہیں جَاءَ ہٗ۔اس کے پاس آیا۔وَالْاَمْرَ۔فَعَلَہٗ۔اور جب اَتٰی کا مفعول اَلْاَمْرَ ہو تو اس کے معنے ہوتے ہیں کام کو کیا۔اَتَی الْمَکَانَ۔حَضَرَہٗ۔کسی جگہ گیا۔اَتٰی عَلَی الشَّیْءِ۔اَنْفَدَہٗ۔اس کو ختم کیا۔وَبَلَغَ اٰخِرَہٗ اور اس کے انتہاء تک پہنچا۔اَتٰی عَلَیْہِ الدَّھْرُ۔اَھْلَکَہٗ۔زمانہ نے اسے ہلاک کیا۔(اقرب) أَطْرَافِھَا۔اَطْرَافُھَاطَرَفٌ۔اور طَرْفٌ کی جمع ہے اور اَلطَّرَفُ کے معنے ہیں حَرْفُ الشَّیْءِ وَ نِہَایَتُہٗ۔کسی چیز کا کنارہ اور اس کی انتہاء۔اَلنَّاحِیَۃُ۔جانب۔طَائِفَۃٌ مِّنَ الشَّیْءِ کسی چیز کا بڑا حصہ۔اَلرّجُلُ الْکَرِیْمُ۔شریف آدمی اور الطَّرْفُ کے معنے ہیں مُنْتَھٰی کُلُّ شَیْءٍ ہر چیز کا انتہاء اَلْکَرِیْمُ مِنَ الْفِتْیَانِ وَالرِّجَالِ۔معزز نوجوان ہو یا بڑا آدمی۔اَلْاَطْرَافُ مِنَ النَّاسِ۔خِلَافَ الرُّؤُوْسِ۔عام لوگ۔مِنَ الْاَرْضِ۔اَشْرَافُہَا وَعُلَمَآؤُ ھَا۔اَطْرَافٌ مِّنَ الْاَرْضِ کے معنے ہیں معزز یا عالم لوگ۔ھُوَ مِنْ اَطْرَافِ الْعَرَبِ۔اَیْ مِنْ اَشْرَافِہَا وَاَھْلِ بُیُوْتَاتِہَا جب کسی کے متعلق ھُوَ مِنْ أَطْرَافِ الْعَرَبِ کا محاورہ استعمال کریں تو یہ معنے ہوتے ہیں کہ وہ عرب معزز ترین خاندان میں سے ہے۔گویا یہ لفظ اضداد میں سے ہے۔(اقرب) لَا مُعَقِّبَ لِحُكْمِهٖکے معنے ہیں اَیْ لَارَادَّ لَہٗ وَلَا نَاقِضَ لَہٗ۔اس کے فیصلہ کو کوئی تبدیل کرنے والا نہیں یا اس کے حکم کو کوئی توڑنے والا نہیں۔(اقرب) تفسیر۔عیسائی مصنفین اعتراض کیا کرتے ہیں کہ قرآن کریم سے ثابت نہیں ہوتا کہ محمد (رسول اللہ صلی
اللہ علیہ وسلم) نے کبھی کوئی آیت (یعنی نشان) دکھائی ہو۔ہاں یہ دعویٰ بے شک ہے کہ دکھائیں گے (A Comprehensive Commentary on the Holy Qur’an by Wherry ch۔2 verse 118)۔اس آیت میں اس کا کیسا کھلا جواب موجود ہے۔فرماتا ہے ہم نے ان کو نشان تو دکھایا ہے مگر یہ دیکھتے نہیں۔کیا ان کو معلوم نہیں کہ ہم زمین کو اس کے اطراف سے کم کرتے چلے آرہے ہیں۔یعنی سابق پیشگوئیوں کے مطابق اسلام کی فتح کے آثار ظاہر ہورہے ہیں۔ہر گھر میں سیندھ لگ رہی ہے۔ان کی اولادیں مسلمان ہورہی ہیں۔اور غلام مسلمان ہورہے ہیں۔بڑے لوگوں میں سے بھی ایک حصہ ایمان لارہا ہے۔اور عوام میں سے بھی۔غرض سوسائٹی کے ہر طبقہ میں سے کچھ لوگ ایمان لارہے ہیں۔الارض سے مراد عرب بھی ہوسکتا ہے۔یعنی عرب کے اطراف میں اسلام کی اشاعت ہورہی ہے۔مثلاً یمن میں لوگ مسلمان ہورہے ہیں۔غفار میں سے ابوذرغفاریؓ ایمان لے آئے۔مدینہ منورہ میں لوگ اسلام لائے۔تاریخوں سے معلوم ہوتا ہے کہ یمن میں سے بعض یہودی اور عیسائی بھی اسلام میں داخل ہو گئے تھے۔نَاْتِي الْاَرْضَ سے یہ مراد بھی ہوسکتا ہے کہ ہر قسم کے کفار فنا ہورہے ہیں۔کیونکہ اتی اللہ کے معنی قرآن کریم میں سزا اور عذاب کے بھی آتے ہیں۔جیسے کہ فرماتا ہے فَاَتٰىهُمُ اللّٰهُ مِنْ حَيْثُ لَمْ يَحْتَسِبُوْا۔(الحشر:۳) اللہ تعالیٰ کفار کے پاس وہاں سے آیا جہاں سے آنے کا ان کو خیال بھی نہ تھا۔یعنی ان کو ایسی سزا دی جس کا انہیں گمان بھی نہ تھا۔اس صورت میں یہ معنے ہوں گے کہ ان کے بڑے لوگ بھی سزا پارہے ہیں اور عوام بھی۔یا یہ کہ عرب کے چاروں گوشوں میں عذاب آرہے ہیں۔مطلب یہ کہ کفار ان امور سے نتیجہ نکال سکتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کے نشان ان میں ظاہر ہورہے ہیں اور اسلام کی ترقی کے سامان پیدا ہورہے ہیں۔وَ اللّٰهُ يَحْكُمُ لَا مُعَقِّبَ لِحُكْمِهٖ١ؕ وَ هُوَ سَرِيْعُ الْحِسَابِ۔یعنی اصل چیز تو یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کے ساتھ ہے۔جب خدا تعالیٰ اس رسول کے ساتھ ہے تو اس کے راستہ میں کون روک بن سکتا ہے۔خدا تعالیٰ کے حکم کو ٹالنے کی طاقت ہی کسے ہے؟ اس آیت سے سبق ملتا ہے کہ مومن کو چاہیے کہ دشمن کی باتوں سے نہ گھبرائے۔اللہ تعالیٰ کے حکم کوحاصل کرنے کی کوشش میں لگارہے۔وَ هُوَ سَرِيْعُ الْحِسَابِ اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ جلدی حساب لینا شروع کردیتا ہے بلکہ یہ مطلب ہے کہ جب وہ حساب لینے لگے گا تو جلدی سے لے لے گا۔یوں تو وہ عذاب میں تاخیر ہی کرتا ہے مگر جب
حساب لینے پر آتا ہے تو فوراً لے لیتا ہے اور اس کے حکم میں کوئی روک نہیں بن سکتا۔وَ قَدْ مَكَرَ الَّذِيْنَ مِنْ قَبْلِهِمْ فَلِلّٰهِ الْمَكْرُ جَمِيْعًا١ؕ يَعْلَمُ اور جو( لوگ) ان سے پہلے تھے انہوں نے (بھی انبیاء کے خلاف اسی طرح مخالفانہ) تدبیریں کی تھیں( مگر ان کی مَا تَكْسِبُ كُلُّ نَفْسٍ١ؕ وَ سَيَعْلَمُ الْكُفّٰرُ لِمَنْ عُقْبَى کوئی پیش نہ گئی) پس تدبیر کرنا تو کلی طور پر اللہ (تعالیٰ) ہی کے اختیار میں ہے ہر شخص جو کچھ (بھی) کرتا ہے وہ (یعنے الدَّارِ۰۰۴۳ اللہ) اسے جانتا ہے اوران کافروں کو ضرور (اور جلد) معلوم ہو جائے گا کہ اس( آنے والے) گھر کا (اچھا )انجام کس کے لئے (مقدر) ہے۔حلّ لُغَات۔مَکَرَہٗ کے معنے ہیں خَدَعَہٗ۔اس کو دھوکا دیا۔اللہُ فُلَانًا۔جَازَاہُ عَلَی الْمَکْرِ۔جب اللہ تعالیٰ کے لئے مَکَرَ کا لفظ آئے تو اس کے معنے ہوتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اس کو مکر کا بدلہ دیا۔قِیْلَ الْمَکْرُ صَرْفُ الْاِنْسَانِ عَنْ مَقْصَدِہٖ بِحِیْلَۃٍ۔بعض نے کہا کہ کسی کو اس کے قصد سے کسی حیلہ کے ذریعہ سے پھیرنے کا نام مکر ہے۔وَھُوَ نَوْعَانِ مَحْمُوْدٌ یُقْصَدُ فِیْہِ الْخَیْرُ وَمَذْمُوْمٌ یُقْصَدُ فِیْہِ الشّر۔اور مکر اچھا بھی ہوتا ہے اور برا بھی۔(اقرب) تَکْسِبُ۔کَسَبَ میں سے واحد مؤنث غائب کا صیغہ ہے اور کَسَبَ الشَّیْءَ کے معنے ہیں جَمَعَہٗ اس کو جمع کیا۔اور جب کَسَبَ مَالًا وَعِلْمًا کہا جائے تو یہ معنی ہوں گے کہ طَلَبَہٗ وَرَبِـحَہٗ۔یعنی اس نے مال و علم حاصل کرنے کی کوشش کی اور کامیاب ہو گیا۔وَالْاِثْمَ تَحَمَّلَہٗ اور جب کَسَبَ کا مفعول اَلاِْثم ہو تو ا س کے معنے ہوں گے تَحَمَّلَہٗ۔گناہ کا مرتکب ہوا۔ا ور کَسَبَ لِاَھْلِہٖ کے معنے ہیں طَلَبَ الْمَعِیْشَۃَ اپنے اہل و عیال کے لئے روزی کو حاصل کیا۔(اقرب) تفسیر۔يَعْلَمُ مَا تَكْسِبُ۔تمہاری تدبیر کس طرح کارگر ہوسکتی ہے جبکہ وہ تمہاری تمام تدابیر کو جانتا ہے اس لئے وہ ان کو توڑ ڈالے گا۔جیسے ایک آنکھوں والا کئی اندھوں کی سرکوبی کے لئے کافی ہوتا ہے۔
وَ سَيَعْلَمُ الْكُفّٰرُ لِمَنْ عُقْبَى الدَّارِ یعنی کفار جو تدابیر کرتے ہیں ان کو تو ہم جانتے ہیں مگر ان کے برخلاف جو تدابیر ہم اختیار کررہے ہیں ان کا ان کفار کو کوئی علم نہیں ہوسکتا۔اس لئے جب کفار کو نقصان پہنچ جائے گا تبھی انہیں معلوم ہوگا کہ انجام کس کے ہاتھ میں ہے۔یہاں س زور دینے کے لئے آیا ہے یعنی کفار ضرور جان لیں گے کہ انجام کس کا اچھا ہے؟ اور اس کے معنوں میں قریب کے زمانہ پر بھی دلالت ہوتی ہے اور جاننے کے ایک معنے تو یہ ہیں کہ بالضرور انجام مسلمانوں کا ہی اچھا ہوگا۔دوسرے اس میں یہ بھی اشارہ ہے کہ بڑے بڑے کفار آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ترقی کو دیکھ کر مریں گے۔وَ يَقُوْلُ الَّذِيْنَ كَفَرُوْا لَسْتَ مُرْسَلًا١ؕ قُلْ كَفٰى بِاللّٰهِ اور جن لوگوں نے (تیرا) انکار کیا ہے وہ کہتے ہیں کہ تو( خدا کا) بھیجا ہوا نہیں ہے تو (انہیں) کہہ (کہ) اللہ( تعالیٰ) شَهِيْدًۢا بَيْنِيْ وَ بَيْنَكُمْ١ۙ وَ مَنْ عِنْدَهٗ عِلْمُ الْكِتٰبِؒ۰۰۴۴ میرے درمیان اور تمہارے درمیان کافی گواہ ہے اور( اسی طرح پر) وہ( شخص بھی گواہ ہے) جس کے پاس اس (مقدس) کتاب کا علم (آچکا) ہے۔تفسیر۔نبی کے مخالفین کی دماغی خرابی کی یہ علامت ہے کہ وہ ہر دلیل کو سن کر انکار کرتے ہیں اور واضح سے واضح برہان پر شک پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور یہ دلیل بجائے خود نبی کے سچا ہونے کی علامت ہوتی ہے۔کیونکہ جب کسی قوم کے علماء کی یہ حالت ہو کہ وہ واضح اور ظاہر بات کو نہ سمجھ سکیں تو عوام کی حالت لازماً قابلِ رحم ہوگی اور اگر وہ وقت نبی کی آمد کا نہ ہو تو اور کون سا وقت اس کی بعثت کے مناسب ہوسکتا ہے؟ اسی کی طرف اس آیت میں اشارہ کرتا ہے اور فرماتا ہے کہ ان سب دلائل کو سن کر بھی دشمن یہی کہے گا کہ خواہ کچھ کہو میں تو نہ مانوں گا۔اور یہی کہوں گا کہ تو رسول نہیں ہے مگر تو اس سے چڑیو نہیں۔تو یہی جواب دیجئو کہ میری شہادت خدا تعالیٰ دے رہا ہے۔تو مجھے انکار کی کیا پرواہ ہے؟ اسی طرح جو لوگ کتب سماویہ کا صحیح علم رکھتے ہیں وہ میرے شاہد ہیں۔پس ان شہادتوں کی موجودگی میں تمہارے انکار کی کیا قدر ہے؟ یہی دو شہادتیں نبیوں کو فتح دیتی ہیں۔یعنی تازہ آسمانی شہادت اور پہلے انبیاء کی پیشگوئیاں۔ان دو گواہوں
سے بڑھ کر کبھی کوئی اور شہادت کامیاب ثابت نہیں ہوئی۔اس وقت بھی انہی دو شہادتوں پر زور دے کر اسلام کی ترقی کی مہم سر کی جاسکتی ہے۔