سُوْرَۃُ مَرْیَمَ

تفسیر کبیر (جلد ۷), حصہ 31

بات ہے کہ جب ایک عرب اس نام کو سنے گا تو وہ خیال کرےگا کہ یہ عَلَم بھی ہے اور عجمی بھی ہے کیونکہ اس کا بتانے والا عجمی ہوگا۔پس میرے نزدیک اس کو غیر منصرف اس لئے کہا گیا ہے کہ یہودیوں نے کسی زمانہ میں اسلام سے پہلے عربوں کو یہ بتانے کے لئے کہ حنوک کیا چیز ہے۔ایسے الفاظ میں جو اہل عرب کے لئے قریب اِلی الفہم تھے اس کا ترجمہ کرکے ادریس بتادیا۔جیسے اس شخص کو جو بڑے عزم اور ارادے والا ہو انگریزی میں ولیم (WILLIAM ) کہتے ہیں۔ولیم مجموعہ ہے WILL او رHELM کا اورWILL کے معنے ارادہ اور HELM کے ایک معنےHELMET کے ہیں اور HELMET کے معنے لوہے کی خود کے ہوتے ہیں۔پس ولیم کے معنے ہوئے زرہ جیسی یا خود جیسی نیت اور عزم رکھنے والا۔اس کا عربی میں ترجمہ کریں گے تو اولوالعزم کہہ دیں گے۔اب اگر کسی انگریز کے سامنے ہم اس کا ذکر کریں اور وہ ہم سے پوچھے کہ اولوالعزم کیا ہوتاہے؟ تو ہم کہیں گے ولیم۔گویا اس کو سمجھانے کے لئے ہم اسی کی زبان میں اس کا ترجمہ کردیں گے اور یہ طریق نہ صرف دنیا میںرائج ہے بلکہ خدا تعالیٰ بھی اسی طرح کرتاہے۔میں نے ایک دفعہ رؤیا میں دیکھا کہ میں انگلستان گیا ہوں اور ایک فاتح جرنیل کی طرح اس میں داخل ہوا ہوں اور میں اس وقت سمجھتاہوں کہ میں ولیم دی کنکررہوں (یہ رؤیا تفصیل کے ساتھ الفضل ۲۴جون ۱۹۲۴؁ ء میں چھپا ہوا ہے )چونکہ الہاموں میں میرا ایک نام اولوالعزم بھی آیا ہے اس لئے خدا تعالیٰ نے مجھے اس کا ترجمہ کرکے دکھا دیا۔تو اصل حقیقت یہ ہے کہ عربوں کو حنوک کا ترجمہ کرکے ادریس بتایا گیا۔اور چونکہ ان کے سامنے اسے نام کے طور پر پیش کیا گیا۔اس لئے انہوں نے سمجھا کہ یہ عَلَم ہے۔اور چونکہ بتانے والا عجمی تھا انہوں نے یہ بھی سمجھ لیا کہ یہ عجمی ہے۔اصل میں عربی اور عبرانی دونوں ایک ہی زبانیں ہیں مگر رفتہ رفتہ عرب بھی اس بات کو بھول گئے اوریہودی بھی بھول گئے کہ عربی اور عبرانی تو ایک ہی چیز ہیں۔اس وجہ سے انہوں نے عبرانی کو بالکل غیر زبا ن سمجھ لیا۔یہودیوں کے نزدیک عربی غیر زبان تھی اور عربوں کے نزدیک عبرانی غیر زبان تھی۔حالانکہ عربی زبان اصل تھی اور عبرانی ایک قبیلہ کی زبان تھی باقی رہا عربی اور عبرانی کا اختلاف سو یہ کوئی حقیقت نہیں رکھتا۔ہم تو دیکھتے ہیں کہ بعض دفعہ زبان ایک ہی ہوتی ہے مگر ایک علاقہ والا اور طرح بولتاہے اور دوسرے علاقہ والااور طرح بولتاہے۔میں جب حج کے لئے گیا تو سیٹھ ابوبکر صاحب کے ہاں جدہ میں ٹھہر ا۔اُن کا ایک یمنی نوکر تھا۔میں اس سے عربی زبان میں گفتگو کرتارہا اور میں نے دیکھا کہ وہ میری باتوں کو خوب سمجھتاتھا مگر کسی کسی بات پر وہ حیران ہو کر میرا منہ دیکھنے لگ جاتااور اسے پتہ نہ لگتاکہ میں نے کیاکہا ہے آخر میں نے کسی سے پوچھا کہ یہ بات کیا ہے؟ تو اس نے کہا کہ یمنیوں اور حجازیوں کے بعض الفاظ میں بڑا بھاری فرق ہے اور یہی وجہ ہے کہ بعض دفعہ وہ آپ کی بات کو سمجھ

نہیں سکتاپھر اس نے لطیفہ سنایا کہ مکہ میں ایک امیر عورت تھی جس کا ایک یمنی ملازم تھا۔یمن کے لوگ اکثر مکہ میں علم حاصل کرنے کے لئے آجاتے ہیں اور چونکہ ان کی معاش کا اور کوئی ذریعہ نہیں ہوتا اس لئے وہ گھر وں میں ملازم ہوجاتے ہیں۔اسی وجہ سے مکہ میں یمنی نوکر بڑی کثرت کے ساتھ مل جاتے ہیں۔بہرحال وہ اس عور ت کے ہاں ملازم تھا۔وہ عورت حقہ پینے کی عادی تھی۔یوں بھی مکہ والے حقہ پینے کے بڑے شائق ہوتے ہیں وہ بڑے بڑے خوبصور ت حقے پچاس پچاس ساٹھ ساٹھ سو سو روپیہ میں خرید تے ہیں اورحقہ کے نیچے جو پانی والا برتن ہوتاہے وہ بھی مٹی کانہیں بلکہ شیشے کا ہوتاہے۔ہمارا ملک چونکہ غریب ہے اس لئے یہاں لوگ معمولی حقہ پر گذارہ کر لیتے ہیں اور حقے کا برتن جس میںپانی ڈالا جاتاہے وہ بھی مٹی کا ہی ہوتاہے۔مگر ان کے بڑے بڑے نفیس حقے ہوتے ہیں۔شیشے کا برتن ہوتاہے جس میں سے پانی اُوپر کو اٹھتاہو انظر آتاہے اور لمبے لمبے پیچوان ہوتے ہیں جن میں پانچ پانچ چھ چھ گزکا چکر پڑا ہوا ہوتاہے۔ایک دن جبکہ اس عورت نے حقہ کا پانی بدلنا چاہا تو اس نے اپنے نوکر کو بلایا اور کہا غَیّر الشَّیْشَۃَ۔شیشہ کا پانی بدل دو۔لفظی لحاظ سے تو اس کے اتنے ہی معنے ہیں کہ شیشہ بدل دو۔مگر محاورہ میں ا س کے یہ معنے ہوتے ہیں کہ شیشہ کا پانی بدل دو۔لیکن یمنی زبان میں غَیِّرِ الشَّیْشَۃَ کے یہ معنے ہوتے ہیں کہ شیشے کا برتن توڑ دو۔جب اس عورت نے نوکر سے کہا کہ غَیِّرِ الشَّیْشَۃَ تو وہ حیران ہوکر کہنے لگا کہ ستِّی ھٰذَا طَیَّبُ۔آقایہ تو بڑی اچھی چیز ہے۔سِتِّیْ ، سَیّدتی سے بگڑا ہواہے۔اسے غصہ آیا کہ میں کہہ رہی ہوں پانی بدل دے اور یہ کہتاہے کہ یہ تو بڑا اچھا ہے چنانچہ وہ اسے ناراض ہوئی کہ قُلْتُ لَکَ غَیِّرِ الشَّیْشَۃَ میں جو تجھ سے کہتی ہوں کہ شیشے کا پانی بدل دے پھر توکیوں نہیں بدلتا۔اس نے پھر ڈرتے ڈرتے کہا سِتِّی ھٰذَا طَیَّبُ۔بیگم صاحبہ ! یہ تو بڑا اچھا ہے اس پر عورت نے اسے ڈانٹ کر کہا کہ جب میں تمہیں بار بار ایک بات کہہ رہی ہوں تو تم کیوں نہیںمانتے۔اس پر اس نے شیشے کا برتن اٹھایا اور زور سے دیوار کے ساتھ مارکر اسے ٹکڑے ٹکڑے کردیا۔عورت نے شور مچادیا کہ کم بخت تونے یہ کیا کردیا۔اتنا قیمتی برتن تونے ضائع کردیاہے۔اس نے کہا میں تو پہلے ہی کہہ رہا تھا کہ یہ برتن بڑا اچھاہے اسے ضائع مت کریں مگر آپ ماننے میں ہی نہیں آتی تھیں۔اب میں نے آپ کے حکم کو مان کر اسے توڑ دیا ہے تو آپ خفا ہورہی ہیں۔اس پر عورت اور زیادہ خفا ہوئی۔مگر آخر کسی یمنی زبان کے واقف نے اسے بتایاکہ اس میں نوکر کا کوئی قصور نہیں۔یمن میں تَغْیِر کے معنے تَکْسِیْر یعنی توڑ دینے کے ہی ہوتے ہیں۔تو زبان میں تھوڑے تھوڑے فاصلہ سے ہی بڑے بڑے تغیرات پیدا ہوجاتے ہیں۔عربی اور عبرانی میں بھی اسی وجہ سے فرق نظر آتاہے ورنہ اسماعیل اور اسحاق دونوں ابراہیم کی اولاد میں سے ہی تھے۔مگر چونکہ اسماعیل اور

جگہ رہے اور اسحاق اور جگہ۔اس لئے عربی اور عبرانی میں فرق پیدا ہوگیا۔لیکن اس فرق کے باوجود کوئی لفظ نکال لو وہ عربی سے ضرور ملتاجلتاہوگا۔مجھے تو بہت ہی کم کوئی ایسا لفظ نظر آیا ہے جو عربی سے نہ ملتاہو حنوک کو ہی دیکھ لو۔عبرانی میں حنوک کہا جاتاہے اور عربی میں حنک کا لفظ موجود ہے یا مثلاًحضرت مسیح ؑ نے صلیب کے وقت کہا کہ ایلی ایلی لما سبقتانی۔یہ سبقتانی عربی کا سَبَقْتَنِیْ ہی ہے۔صرف عبرانی میں ت کو لمبا کردیا گیا ہے۔یا مثلا ً اسمٰعیل جو سمع اور ایل سے مرکب ہے اسے عبرانی میں یشمائیل کہتے ہیں(پیدائش باب ۶آیت ۱۵)۔پس عربی اور عبرانی دراصل ایک ہی زبانیں ہیں مگر سوال یہ نہیں کہ حقیقت کیاہے بلکہ سوال یہ ہے کہ عرب والے کیا سمجھتے ہیں۔عرب والے عبرانی کو غیر زبان سمجھتے ہیں اور عبرانی زبان والے عربی کو غیر زبان سمجھتے ہیں پس چونکہ وہ شخص جس نے حنوک کا عربوں کو نام بتایا اور جس نے ان کی آسانی کے لئے اس کا عربی میں ترجمہ کردیا وہ ایک ہبرو تھا۔اس لئے عربوں نے اس کو غیر منصرف بنالیا اور سمجھ لیا کہ یہ عَلَم عجمی ہے۔بہر حال جس وجہ سے اسے غیر منصرف بنایا گیا وہ یہی تھی ورنہ ادریس ایک عربی لفظ ہے جو دَرَسَ سے نکلا ہے ابن السکیت نے تو صرف چند مثالیں دی ہیں اور کہا ہے کہ یعقوب عقب سے اور اسرائیل اسرال سے نکلا ہے۔واقعہ یہ ہے کہ عربی اور عبرانی کے سارے ہی الفاظ آپس میں ملتے ہیں درحقیقت عربی اور عبرانی دوبہنیں ہیںیا یوں کہو کہ عربی ماں ہے اور عبرانی بیٹی۔یوں تو سنسکرت وغیرہ بھی عربی زبان ہی کی بیٹی ہیں۔مگر وہ زبانیں ایسی ہیں جیسے پڑپوتی ہوتی ہیں۔اور عبرانی وہ زبان ہے جو عربی کے پیٹ میں سے نکلی ہوئی ہے۔پس چونکہ عبرانیوں نے حنوک کا ادریس کی شکل میں ترجمہ کرکے عربوں کو بتایا۔اس لئے عربوں نے یہ سمجھ لیا کہ یہ عَلَم بھی ہے اور عجمی بھی۔اصمعی قرطبی اور صاحب کشاف کا یہ کہنا کہ وہ لوگ جو ادریس کو عربی لفظ قرار دیتے ہیں جاہل ہیں ،یہ دراصل ان کی اپنی ناواقفیت کا ثبوت ہے۔حقیقت یہ ہے کہ یعقوب بھی عَقَبَ سے نکلا ہے۔اسماعیل بھی سَمَع اِیل سے نکلا ہے ادریس بھی دَرَسَ سے نکلا ہے یسوع بھی سَاعَ یَسُوْعُ سے نکلا ہے جس کے معنے ہلاکت اور زوال کے ہیں چونکہ حضرت مسیح کے لئے صلیب مقدر تھی اس لئے پہلے سے ہی آپ کا یہ نام رکھ دیا گیا اور بتادیا گیا کہ یہ کسی مصیبت میں مبتلا ہوگا جیسے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام خدا تعالیٰ نے آپ کی والدہ اور داداسے محمد رکھوایا او رآپ کی کامیابی اور اعلیٰ درجہ کی زندگی کی طرف اس نام میں ہی اشارہ کردیا۔غرض یہ ساری غلطی عربی اور عبرانی کے نہ سمجھنے کی وجہ سے لگی ہے۔یہی وجہ ہے کہ جو لوگ اس کو عجمی قراردیتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ ادریس کے کوئی معنے نہیں۔جیسے ان کے نزدیک اسمٰعیل کے بھی کوئی معنے نہیں۔اضحاق کے بھی کوئی معنے نہیں حالانکہ ادریس کے بھی معنے ہیں۔اسمٰعیل کے بھی معنے ہیں۔اضحاق کے بھی معنے ہیں اور اسرائیل کے بھی معنے

ہیں۔ابن السکیت نے لکھا ہے کہ اسرائیل اسرال سے نکلا ہے مگر یہ درست نہیں۔اسرائیل کا عبرانی تلفظ یسرائیل ہے جو یسر اور ایل سے مرکب ہے یسر کے معنے جنگجو اور بہادر سپاہی کے ہیں اور ایل کے معنے خدا کے ہیں۔پس اسرائیل کے معنے ہیں خدا کا بہادر سپاہی حنوک جسے انگریزی میں اینوخ لکھتے ہیں اس کے معنے جیسا کہ اوپر بتایا جا چکا ہے خوب سکھانے والے کے ہیں اور ادریس کے معنے خوب پڑھانے والے کے ہیں خوب پڑھانے والا اور سکھانے والا ہم معنے الفاظ ہیں۔پس ادریس یقیناًحنوک کا عربی ترجمہ ہے۔مگر عربوں کو جب حنوک کے معنے بتائے گئے تو انہوں نے ادریس کو نام سمجھا اور چونکہ انہوں نے یہ یہودیوں سے سنا تھا اس لئے انہوں نے اس کو عجمی نام سمجھا اور اس کو غیر منصرف قرار دے دیا۔حنوک (یعنی) ادریس کا ذکر بائبل میں کتاب پیدائش میں آتاہے۔چنانچہ پیدائش باب ۴میں اسے قائن کی نسل سے لکھا ہے (قائن وہی ہے جسے عربی میں قابیل کہتے ہیں اور جوہابیل کا قاتل تھا)گویا ایک حنوک قائن کا بیٹاتھا۔اس کا بیٹاعیراد۔اس کا بیٹا محویا ایل۔اس کا بیٹا مقوسا ایل۔اس کا بیٹالمک اس کے بیٹے یابل یوبل ایک بیوی سے اور دوسری سے توبلقائن۔(آیت ۱۷ تا ۲۲) باب ۵میں لکھا ہے کہ جب ہابیل مارے گئے تو آدم کو اللہ تعالیٰ نے ان کی جگہ سیت بیٹا دیا۔سیت وہی ہیں جن کو ہمارے مفسرشیث ؑ کہتے ہیں سیت سے انوس۔انوس سے قینان قینان سے محلل ایل اور محلل ایل سے یارد اور یارد سے حنوک اورحنوک سے متوسَلْح۔متوسلح سے لمک پیداہوا اور لمک سے نوح پیدا ہوا۔(پیدائش باب ۵آیت ۳ تا۲۹) ان روایات سے معلوم ہوتاہے کہ ابتدائے آفرینش سے ہی حنوک کا نام مقبول ہوگیا تھا چنانچہ آدم کی پانچ سات پشتوں میں ہی دو آدمیوں کا نام حنوک رکھا گیا۔ایک قائن کا بیٹا تھا اور ایک سیت نبی کا پانچویں پشت میں پوتاتھا اور یہی حنوک ہے جسے ادریس کہا گیاہے جو حضرت نوح ؑ کے دادا تھے۔اسلامی روایات کے مطابق آدم ؑ کے نسب نامہ میں پہلے نبی آدم تھے جو باپ تھے دوسرا نبی شیث تھا جو آدم کابیٹا تھا۔تیسرا نبی حنوک تھا جو آدم کا پانچوں پڑپوتا تھا اور چوتھا نبی نوح تھا جو پانچویں پڑپوتے کا پوتاتھا۔حنوک کے حالات۔بائبل کی کتاب پیدائش باب ۵آیت ۲۱تا۲۴میں لکھاہے کہ حنوک ۳۶۵سال تک زندہ رہا اور متوسلح کی پیدائش پر جو اس کا پہلا بیٹاتھا او ر۶۵سال کی عمر میں پیدا ہوا حنوک خدا کا مقرب بنا اور تین سوسال تک اس مقام پر قائم رہا بائبل کے الفاظ یہ ہیں کہ وہ تین سوسال تک خداکے ساتھ ساتھ چلتارہا۔(یعنی خدا تعالیٰ کی معیت اسے حاصل ہوئی) پھر لکھاہے کہ خداکے ساتھ ساتھ چلتے ہوئے ہی وہ غائب ہوگیا۔اس لئے کہ

خدا نے اسے لے لیا۔اس عبارت سے ظاہر ہے کہ اس کے یہ معنے ہیں کہ حنوک یعنی ادریس موت تک نیکی پر قائم رہا اور ایسی حالت میں اس پر موت آئی مگر الفاظ پرستی کا براہو بعض یہود اور مسلمانوں نے عجوبہ پرستی سے کام لےکر اس کے یہ معنے کئے ہیں کہ گویاخدا تعالیٰ نے اسے آسمان پر اٹھالیا (ایسے مسلمانوںکے نزدیک وہ آسمان پر اٹھائے جانے والو ں کی فہرست میں شامل ہے جن میں الیاس اور مسیح ناصری کا وجود بھی ہے ) بائبل کہتی ہے وہ خدا تعالیٰ کے ساتھ ساتھ چلتاتھا۔اگر ’’لے لیا‘‘ کے معنے لفظی کئے جائیں تو ’’ساتھ ساتھ چلتاتھا‘‘کے معنے بھی لفظی کرنے ہوںگے۔اور اس صورت میں یا تو ان آیات کا یہ ترجمہ کرنا ہوگا کہ ادریس آسمان میں ساری عمر رہا اوروہاں خدااور وہ ساری عمر چہل قدمی کرتے رہے اور یا یہ معنی کرنے ہوںگے کہ حنوک کے ۶۵سال کی عمر کو پہنچے پر خدا تعالیٰ زمین پر آگیا اور حنوک کے ساتھ رہتارہا بہرحال ۳۶۵سال کی عمر میں آسمان پر اٹھائے جانے کا مسئلہ یہاں سے نہیں نکلتایا یہ ثابت ہوتاہے کہ ۶۵سال کی عمر میں حنوک آسمان پرچلاگیا۔اور اس کی بیوی بھی وہیں چلی گئی اور آسمان پر اس کے کئی بیٹے بیٹیاں پیدا ہوئیں۔(باب ۵آیت ۲۳)کیونکہ اسی وقت سے اس کے خداکے ساتھ ساتھ چلنے کا بھی ذکر ہے اور اس کے بیٹے بیٹیاں پیدا ہونے کا بھی ذکر ہے اوریاپھریہ ماننا پڑے گا کہ حنوک یا ادریس آسمان پر گیاہی نہیں بلکہ خداآسمان سے زمین پر اترکر اس کے پاس آگیا اور چونکہ خدا کا پھرآسمان پر جانا بائبل سے ثابت نہیں اس لئے یہی کہنا پڑے گا کہ خدا پھر زمین پر ہی رہا۔خلاصہ یہ کہ غیر طبعی اور خلاف سنت الٰہیہ بائبل کی آیتوں کے معنے کرکے ایسا تمسخرانہ مضمون خدا تعالیٰ کی طر ف اور بائبل کی طرف منسوب کردیا گیا ہے جسے کوئی عقل تسلیم نہیں کرسکتی۔سیدھی سادی بات تھی کہ حنوک آخری دم تک خدا تعالیٰ کا مقرب رہااور خدا تعالیٰ کا قرب اسے زندگی میں بھی حاصل رہا اور مرنے کے بعد بھی وہ اس کے مقربوں میں شمار ہو ا۔یہی محاورہ خدا تعالیٰ کے ساتھ چلنے کا اور جگہوں میں بھی بائبل میں آیا ہے لیکن وہاں اس کے معنے آسمان پرجانے کے کوئی نہیں کرتا۔مثلاًنوح علیہ السلام کے بارہ میں آتاہے ’’نوح خداکے ساتھ ساتھ چلتاتھا‘‘ (پیدائش باب ۶آیت ۹) پھر حضرت ابراہیم ؑ کے بارہ میں آتاہے ’’تو میرے حضور میں چل اور کامل ہو ‘‘(پیدائش باب ۱۷آیت ۱)

اسی طرح تمام بنی اسرائیل کو مخاطب کرکے آتاہے کہ اے انسان خدا تجھ سے کیاچاہتاہے یہی کہ ’’اپنے خدا کے ساتھ فروتنی سے چلے‘‘(میکاہ باب۶آیت ۸) اب کیا اس کا یہ مطلب ہے کہ تمام بنی اسرائیل سے یہ کہا گیا ہے کہ تم اپنا سر نیچا کرکے خداکے ساتھ ٹہلا کرو۔پس خداکے ساتھ چلنے کے ہرگز یہ معنے نہیں کہ خدا تعالیٰ کسی مقام پر ہے جہاں انسان اس کے ساتھ چلتاہے اور نہ اٹھا لینے کے معنے مقام بدلنے کے ہیں بلکہ اس کے معنے بھی صرف نیک انجا م پانے اور موت کے بعد خدا تعالیٰ کا مقرب ہونے کے ہیں نئے عہد نامے میں بھی حنوک یا ادریس کا ذکر ہے مگر وہاں اپنی علمیت جتانے کے لئے ک کو ق سے بدل کرلکھا گیاہے۔حالانکہ یہ غلط ہے میں بتاچکا ہوں کہ عربی میں بھی حنک کا لفظ موجود ہے۔پس اس کا تلفظ حنوک ہی ہے۔حنوق نہیں۔بہرحال عبرانیوں باب ۱۱ آیت ۵میں لکھا ہے ’’ایمان کے سبب سے حنوق اٹھایا گیا تاکہ موت کو نہ دیکھے اور نہ ملا اس لئے کہ خدا نے اسے اٹھالیا تھا‘‘۔اس عبارت سے ظاہر ہے کہ پولوس یہود کے ا س عام عقیدے سے متاثر تھا کہ حنوک بوجہ نیک ہونے کے موت سے بچ گیا اورآسمان پر اٹھالیا گیا۔حالانکہ یہ عقیدہ مسیحی عقیدہ کے خلاف ہے۔مسیحی عقیدہ کی بنیا د اس امر پر ہے کہ موت گناہ سے ہے اور گناہ ورثہ سے ہے اورآدم کے گناہ کی وجہ سے تمام بنوآدم گنہگارہیں انہیںمسیح نے کفارہ کے ذریعہ ورثہ کے گناہ سے نجات دی لیکن پولوس نے یہ نہ سوچا کہ حنوک مسیح کے بغیر موت سے نجات پاگیا اور نیک ہوگیا اور مسیحی بلکہ حواری بھی باوجود کفارہ پر ایمان لانے کے موت سے نجات نہ پاسکے۔یادوسرے لفظوں میںنیک نہ ہوسکے۔پس جب مسیحی کفارہ پر ایمان لانے کے باوجود موت سے نہیں بچے جس کے معنے یہ ہیں کہ وہ گناہوں سے پاک نہیں ہوئے اور حنوک مسیح پر ایمان لائے بغیر موت سے بچ گیا۔اور نیک ہوگیاتو اس سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ کفارہ کی ساری تھیوری ہی باطل ہے۔بائبل کے بعض ماہرین حزقیل باب ۱۴آیت ۱۴اور حزقیل باب ۲۸آیت ۳میں جو دانی ایل کانام آتاہے اسے درحقیقت حنوک یعنی ادریس قرار دیتے ہیں۔حزقیل باب ۱۴آیت ۱۴میں لکھا ہے ’’ہرچند یہ تین شخص نوح اور دانی ایل اور ایوب اس میں موجود ہوتے تو خداوندیہوواہ کہتاہے کہ وے اپنی صداقت سے فقط اپنی ہی جانوں کوبچاتے۔‘‘

یعنی یہود آج کل اتنے خراب ہوچکے ہیں کہ اگر نوح اور دانی ایل اور ایوب بھی ان میں موجود ہوتے تب بھی خدا ان کی وجہ سے یہود کو اپنے عذاب سے نہ بچاتا وہ صرف اپنی ہی جانوں کو بچاسکتے تھے یہود ان کی وجہ سے خدا تعالیٰ کے عذاب سے نہیں بچ سکتے تھے۔ان الفاظ پر بائبل کے عالم ہیلی وے (HELEVY )نے اور بعد میں شین (CHEYNE ) نے انسائیکلو پیڈیا ببلیکا کی جلد ۲ میں یہ ثابت کیاہے کہ دانی ایل اس جگہ پر غلط لکھ دیا گیاہے اصل میں اس جگہ پر حنوک (یعنی ادریس ) مراد ہے (زیر لفظ Enoch)۔کیونکہ کہا جاتاہے کہ حزقیل کا زمانہ مسیح سے قریباً پونے چھ سوسال سے چھ سو سال قبل تھا اور یہی زمانہ دانی ایل کا بھی ہے۔پس ان علماء کا خیال ہے کہ چونکہ الفاظ بتاتے ہیں کہ اس جگہ پر سابق انبیا ء کا ذکر ہے اس لئے دانی ایل کا نام غلطی سے لکھا گیا ہے درحقیقت اس جگہ پر حنوک کا ذکر ہے ہمیں اس بحث میںپڑنے کی ضرورت نہیں کہ یہاں دانی ایل کانام ہے یا حنوک کاہم اس بحث سے جو فائدہ اٹھا سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ یہودی علماء تسلیم کرتے ہیںبائبل میں غلط باتیں لکھی گئی ہیں۔چنانچہ ایک معین غلطی یہ ہے کہ بائبل میں دانی ایل کانام لکھا ہے۔لیکن یہودی اور عیسائی علماء کہتے ہیں کہ یہاں دانی ایل غلط لکھا گیا ہے اصل میں حنوک کانام چاہیے۔اسی طرح حزقیل کی کتاب کے باب ۲۸کی آیت ۳میں لکھا ہے۔’’دیکھ تو دانی ایل سے زیادہ دانشمند ہے ‘‘ یہاں بھی دانی ایل غلط لکھا گیاہے او راس جگہ بھی درحقیقت حنوک کا لفظ تھا اگر یہ استدلال درست ہے اور بظاہر حالات اس کی تائید میں ہیں تو اس سے یہ نتیجہ نکلتاہے کہ عہد نامہ قدیم کے انبیا ء کی زبانوں پر حنوک کا نام اپنی دانائی اور اپنے تقویٰ میں بطور ایک ضرب المثل کے جاری رہتاتھا یعنی علاوہ اس نتیجہ کے کہ بائبل میں دانی ایل کا نام آتاہے اور کہا جاتاہے کہ اس سے مراد دانی ایل نہیں بلکہ حنوک ہے جس کے معنے یہ ہیں کہ بائبل میں دیدہ ودانستہ یاجہالت سے تبدیلیاں ہوتی رہی ہیں ایک یہ نتیجہ بھی نکلتاہے کہ جب بائبل دانی ایل کو دانشمندی میں نمونہ قرار دیتی ہے اور بائبل کے علماء کہتے ہیں کہ اس سے حنوک مراد ہے تو بائبل کے اصل الفاظ یہ ہوئے کہ ’’دیکھ تو حنوک سے زیادہ دانشمند ہے ‘‘ گویا حنوک کانام اپنی دانائی کی وجہ سے قدیم انبیاء کی زبانوں پر بطو ر ایک ضرب المثل کے جاری رہتاتھا۔حنوک کا ذکر یہودی اور مسیحی احادیث ولٹریچر میں۔یہودیوں کی مشہور مذہبی کتاب ٹارگم( TARGUM ) میں جو ان کی احادیث کا مجموعہ ہے جیسے ہمارے ہاں مشکوٰۃ ہے لکھا ہے کہ حنوک خدا کانیک بندہ تھااور اس کومتاترن

حنوک کا ذکر یہودی اور مسیحی احادیث ولٹریچر میں۔یہودیوں کی مشہور مذہبی کتاب ٹارگم( TARGUM ) میں جو ان کی احادیث کا مجموعہ ہے جیسے ہمارے ہاں مشکوٰۃ ہے لکھا ہے کہ حنوک خدا کانیک بندہ تھااور اس کومتاترن (METATRON ) اور سفراربّہ(SAFRA RABBA ) یعنی بڑے عالم یا مذہبی علوم کے عالم کا خطاب دےکر خدا نے آسمان پر اٹھالیا۔(جیوش انسائیکلوپیڈیا زیر لفظ Enoch) سفر کے معنے عربی زبان میں کتاب کے ہوتے ہیں اور اسفار اس کی جمع ہے۔پس سفرا کے معنے ہوئے کتابیں او رسفراربہ کے معنے ہوئے خدائی علوم والا متاترن کے متعلق میں نے تحقیقات نہیں کی ،لیکن اس کے معنے بھی بڑے عالم کے ہی معلوم ہوتے ہیں۔بہرحال ٹارگم میں لکھاہے کہ حنوک کو خدا تعالیٰ نے متاترن اور سفراربہ کا خطاب دے کر آسمان پر اٹھالیا۔لیکن بعض یہودی کتابوں میں لکھا ہے کہ حنوک آخری عمر میں نیکی کے رستہ سے ہٹ گیا تھا اور خدا نے اسے اس لئے اٹھالیا تاکہ وہ بدکار ہوکر برا انجام نہ دیکھے اور یہ بھی لکھا ہے کہ وہ آسمان پر نہیں اٹھایا گیا بلکہ طاعون سے مرا تھا۔(جیوش انسائیکلوپیڈیا جلد ۵۔۱۷۸ Enoch) یہودی کتب میں یہ بھی آتاہے کہ لکھنے کاعلم حنوک نے ایجاد کیا تھا۔اسی طرح علم ہیئت اور حساب بھی اسی نے ایجاد کیا تھا (جیوش انسائیکلوپیڈیا جلد ۵صفحہ ۱۷۸ بحوالہ سفریوہاسین YUHASIN SEFER )مسلمانوں میں بھی اسی قسم کی روایات آتی ہیں(قصص الانبیاء از عبد الوہاب النجار) جس سے معلوم ہوتاہے کہ انہوں نے یہودی کتب سے ہی یہ باتیں نقل کی ہیں۔یہودیوں کی ابتدائی تاریخ میں حنوک کانام قریباً مٹ گیا تھالیکن کچھ صدیوں کے بعد حنوک کا ذکر ان کی کتابوں میں آنے لگا۔چنانچہ بعد میںایک الہامی کتاب حنوک کی کتاب کے نام سے ان میں شائع ہوتی رہی۔سفر حنوک (یعنی کتاب حنوک ) میں لکھاہے کہ لوگوں کے گناہوں کی وجہ سے خدا نے زمین کو چھوڑ دیا او رحنوک کو آسمان پر اٹھالیا اور آسمانی خزانوں کا اس کو نگران مقرر کردیا۔اور فرشتوں کا سردار مقر کردیا اور خداکے تخت کے سامنے خاص مصاحب کے طور پر وہ مقرر کیا گیا۔اس کو سب راز معلوم ہیں اور فرشتے اس کی پشت پر ہیں اور وہ خدا کامنہ ہے اور وہ خدا کے احکام کو دنیا میں جاری کرتاہے وہ روحانی علوم سکھاتاہے وہ آرام کی جگہ پر روحوں کو لےجاتاہے اور خداکے منہ کا شہزادہ کہلاتاہے۔اسی طرح اس کانام تورات کا شہزادہ ،دانائی کا شہزادہ، عقل کا شہزادہ اور شان و شوکت کا شہزاد ہ بھی ہے۔،موسیؑ پر خدا کا پیغام لانے والا وہی تھا (گویا ایک طرح اسے جبریل کا عہدہ دیا گیا تھا ) سفر حکالوت( SEFER HEKALOT یعنی تذکرئہ انبیاء واولیاء)میں لکھاہے کہ ربّی اسماعیل جب آسمان پر گیا تو وہ ساتویں آسمان پر جاکے ادریس کو ملا جس کو متاترن کا عہد ہ دیا گیاہے۔وہاں حنوک نے اپنے اٹھا ئے جانے کا قصہ مندرجہ ذیل الفاظ میں اس سے بیان کیا۔

زمین کی بدی کی وجہ سے جو شمہازائی (SHAMAZAI ) اور عزائیل (AZAEL) نے پیدا کی حنوک کو خدا نے آسمان پر اٹھایا تاکہ وہ دیکھ لے کہ خدا ظالم نہیں۔یہ عزائیل وہی ہے جسے عربی میں عزازیل کہتے ہیں اور مراد یہ ہے کہ جب شیطان نے دنیا میں شرارتیں شروع کیں اور لوگوں نے خدائی احکام کو نہ مانا تو اللہ تعالیٰ نے دیکھاکہ حنوک کو یہ برا لگاہے۔چنانچہ اس نے حنوک کو آسمان پر اُٹھالیا وہاں اسے متاترن کا عہدہ دیا گیا او ر دانائی کے سب دروازے اس کے لئے کھولے گئے۔اور سب فرشتوں کااسے سردار مقرر کیا گیا اور اس کے مادی جسم کو نورانی جسم میں تبدیل کردیا گیا۔حئی حنوک (HAYYE HANOK ) نامی کتاب جسے عربی میں حیاۃ حنک کہیں گے یعنی حنوک کی زندگی کے حالات (حنک عربی میں اس شخص کو کہتے ہیں جو اپنی عمر کے مختلف کاموں سے تجربات حاصل کرلے گویا صاحب تجربہ آدمی )اس پہلی کتاب سے بعد میں لکھی گئی ہے۔اس میں لکھا ہے کہ حنوک ایک نیک راہب تھا اسے آسمانی آواز نے دنیا کے لوگوں کی طرف بھیجا اور پھر اس نے ان کو آکر توبہ کی تعلیم دی بہت سے شاگرد اس کے گرد جمع ہوگئے اور دانائی میں ترقی کرتے کرتے وہ بادشاہ منتخب کیا گیا۔۲۴۳سال تک اس نے دنیا میں امن قائم رکھا لیکن آخر اس نے خلوت کی خواہش کی اور اپنا تخت چھوڑ دیا مگر کبھی کبھی لوگوں کو تعلیم دینے کے لئے ظاہر ہوجاتا تھا۔کچھ عرصہ کے بعد خدا تعالیٰ نے اسے زمین چھوڑنے کا حکم دیا اور آسمان پر خداکے بیٹوں کی حکومت اس کے سپرد کی (خداکے بیٹوں سے یہودیوں کے نزدیک خداکے فرشتے مراد ہیں )وہ آسمان پر ایک گھوڑے پر سوار ہوکر گیا جس طرح ایلیا ہ نبی آسمان پر گیا تھا بہت سے لوگ اس کو آسمان پر چڑھتے ہوئے دیکھنے کے لئے جمع ہوئے اور انہوں نے اس کی سخت منتیں کیں کہ وہ آسمان پر نہ جائے اور ان میں رہے لیکن اس نے ان کی نہ سنی اور آسمان پر چلا گیا۔بعض یہودیوں کی کتابوں میں لکھا ہے کہ اس نے موسوی قانون کے نازل ہونے پر اسے اختیار کر لیاگو قانوناًوہ صرف نوح کی شریعت کا پابند تھا جس میں صرف سات احکام تھے (جیوش انسائیکلوپیڈیا جد ۵ زیر لفظ Enoch) یہ ایسی ہی روایت ہے جیسے ہمارے ہاں کہتے ہیں کہ ؎ چہ خوش گفت است سعدی درزلیخا اَلآیٰا اَیُّہَا السَّاقِیْ اَدِرْکَاسًاوّنَاوِلِہَا یعنی سعدی نے زلیخامیں کیا ہی اچھا کہا ہے کہ ؎ اَلآیٰا اَیُّہَا السَّاقِیْ اَدِرْکَاسًاوّنَاوِلِہَا

حالانکہ زلیخا سعدی نے نہیں لکھی بلکہ ملاںجامی ؒنے لکھی ہے۔اورپھر جو بات بیان کی ہے وہ نہ سعدی نے کہی ہے نہ ملاں جامی نے بلکہ حافظ شیرازی نے کہی ہے (دیوان حافظ)۔اسی طرح اس روایت میں کہا گیا ہے کہ وہ نوح ؑ کی شریعت کا پابند تھا۔حالانکہ نوح ؑاس کا پوتا تھا۔عیسائی لٹریچر میں سے کتاب عبرانیوں کا حوالہ پہلے درج کیا جاچکا ہے۔اس کے علاوہ عیسائیوں میں حنوک کے متعلق دو کتابیں پائی جاتی ہیں جن کو الہامی صحیفے قرار دیا جاتاہے۔کہا جاتاہے کہ یہ مسیح سے پہلے لکھی گئی تھیں مگر ان کا وجود صرف مسیحیوں میں ملتاہے۔اس لئے اسے مسیحی لٹریچر کا حصہ ہی کہا جاسکتاہے۔ان میں سے ایک صحیفہ حنوک مطابق حبشی کلیسیاء کے ہے اور ایک صحیفہ حنوک مطابق روسی کلیسیاء (SLAVONIC )کے ہے حبشی کتاب تو مختلف روایتوں کے ٹکڑوں کا مجموعہ ہے۔لیکن SLAVONIC یعنی روسی کتاب حنوک ایک زیادہ تفصیلی کتاب ہے ان دونوں کتابوں سے یہ معلوم ہوتاہے کہ یہ حنوک اپنی زندگی میں ہی آسمان پر چلا گیا اور وہ خداکے فرشتوں کے ساتھ آسمان اور زمین میں چلتا پھرتا تھا۔پھر وہ اپنے رشتہ داروں کے پاس آیا اور اس نے ان کو وہ باتیں بتائیں جو اس نے آسمان پر دیکھی تھیں اور پھر آخر میں وہ آسمان پر اٹھالیا گیا۔اپنے آسمانی سفر میں (۱)ا س نے آسمان اور زمین کے راز معلوم کئے اور (۲) طبیعات کے تمام قانون اس پر کھولے گئے (۳) اس نے خداکے بیٹوں یعنی فرشتوںکو بھی دیکھا جن کو کہ انسان کی بیٹیوں سے بدکاری کرنے کے جرم میں سزا دی گئی تھی (۴) اس نے ان سزایافتہ فرشتوں کی سفارش کی۔(جیوش انسائیکلو پیڈیا جلد ۵ زیر لفظ Enoch) حنوک کی کتاب کا ذکر یہودی اور عیسائی لٹریچر میں عام طور پر پایا جاتاہے گوکسی معین شکل میں اس کا ذکر نہیں۔تیسری صدی عیسوی میں عیسائی علماء نے اس کتاب کو غلط قرار دینا شروع کیا نویں صدی عیسوی کے بعد اس کا ذکر بالکل ہی عیسائیت کے لٹریچر سے اڑ گیا لیکن ۱۷۷۳؁ء میں بروس (BRUCE )نامی سیاح نے ایبے سینیامیں اس کے دو نسخے دریافت کئے اور انیسویں صدی میں اس کے کئی اڈیشن شائع کئے گئے ان نسخوں کی تاریخ سے معلوم ہوتاہے کہ حبشی نسخہ اصل میں عبرانی میں لکھا گیاتھا۔اور پھر اس کا یونانی میں ترجمہ کیا گیا اس یونانی نسخے سے حبشی زبان میں اور پھر لاطینی زبان میں اس کا ترجمہ کیا گیا۔۸۷۔۱۸۸۶؁ء میںیونانی نسخہ کے بھی کچھ ٹکڑے مل گئے اور وہ چھاپے گئے۔یہ کتاب عیسائی لٹریچر میں نہایت اہم سمجھی جاتی ہے۔کیونکہ اس کتاب سے قبل از مسیح یہودی مذہبی تاریخ پر اور مذہبی خیالات پر اہم روشنی پڑتی ہے۔(جیوش انسائیکلو پیڈیا جلد۵زیر لفظ Enoch) سلافی زبان یعنی روسی زبان میں ایک کتاب حنوک کے رازوں کی کتاب کے نام سے ملتی ہے اس کتاب کا وجود صرف سلافی زبان میں پایا جاتاہے۔لیکن اب اس کے جرمنی اور انگریزی میں ترجمے ہوگئے ہیں اس میں زیادہ

تفصیل کے ساتھ حنوک کے حالات بیان کئے گئے ہیں اور مختلف ٹکڑوں کو ایک ترتیب دے دی گئی ہے۔یہ کتاب اصل میں یونانی میں لکھی گئی تھی اس کے بعد سلافی زبان میں اس کاترجمہ ہوا۔کچھ حصے عبرانی سے ترجمہ کئے ہوئے بھی معلوم ہوتے ہیں۔بائبل کے مشہور عالم چارلس (CHARLES )کاخیال ہے کہ اس کتاب کا اکثر حصہ ایک ہی مصنف کا لکھاہوا ہے۔اور غالباًوہ مصر کا رہنے والا تھا کیونکہ مصری خیالات کا پرتو اس میں نظر آتاہے۔یہ کتاب علماء کے نزدیک پچاس سے ستر سال قبل مسیح لکھی گئی ہے۔اس کتاب میں ایک نئے خیال کابھی اظہا ر کیا گیا ہے۔یعنی دوزخ کو بھی آسمان پر ہی قرار دیا گیا ہے اور لکھا ہے کہ دوزخ تیسرے آسمان پر ہے اور گنہگار فرشتے دوسرے آسمان پر رکھے گئے ہیں۔(The Lost Books of the Bible p۔83,84) حنوک کے متعلق جو واقعات اوپر بیان ہوئے ہیں یہ مختلف انبیاءکے واقعات سے مشابہت رکھتے ہیں۔بلکہ مختلف قوموں کے بزرگوں کے واقعات سے مشابہت رکھتے ہیں مثلاًالیاس کے واقعات سے اسی طرح حرقیول ( HERCULES) گینی میڈ(GENYMEDE ) سیمی رامیس (SEMIRAMIS)زی سو تھروس (XISUTHRUS ) اور بادشاہ اناکوس (ANNACUS )کے واقعات بھی اسی قسم کے بتائے جاتے ہیں (جیوش انسائیکلو پیڈیا جلد ۵ زیر لفظ Enoch)بابل کے بادشاہ ایمی دو ران کی EMMEDURANKI کے حالات بھی جو بابل کے ابتدائی بادشاہوں میں سے ساتواں تھا اسی طرح کے بتائے جاتے ہیں۔بعض لوگوں نے کہاہے کہ حنوک اصل میں سورج دیوتاکا نام ہے۔آہستہ آہستہ یہ ایک انسان کانام قرار دے دیا گیا ہے کیونکہ اس کی عمر ۳۶۵سال بتائی گئی ہے۔اور ۳۶۵دن سورج کے سال کے ہوتے ہیں (جیوش انسائیکلوپیڈیا زیر لفظ Enoch)۔تعجب ہے کہ مسیحی مصنفوں کو ۳۶۵سال کی بنا ء پر حنوک کو سورج دیوتا قرار دینے کاخیال تو آگیا لیکن یہ خیال نہ آیا کہ حنوک کے بیٹوں بیٹیوں اور دادوں پڑدادوں کی عمریں نوسو او ر دس سو اِسی بائبل میں بیان کی گئی ہیں۔پس بجائے اس کے کہ ۳۶۵کی بنا ء پر آدمی کو خیالی قرار دیا جائے دوسری لمبی عمروں کو دیکھتے ہوئے آدمیوں کی بجائے عمروں کو کیوں نہ خیالی قرار دیا جائے اگر ۳۶۵کا ایک عدد حنوک کو خیالی قرار دینے کے لئے کافی ہے تو وہ دس بارہ عمریں جو آٹھ سو ،نوسو اور ہزار سال کی بیان کی گئی ہیں ان کی بنا ء پر ان اعداد کو ہی کیوں نہ خیالی قرار دے دیا جائے ؟ اسلامی لٹریچر میں حنوک کا ذکر ادریس کے نام سے کیا گیا ہے۔جیسا کہ اوپر بتایا جاچکا ہے ادریس اور حنوک کے معنے ایک ہی ہیں۔اس لئے مفسرین قرآن کا یہ نظریہ کہ ادریس سے مراد حنوک ہی ہے بالکل درست معلوم ہوتاہے۔اسی طرح ادریس کے حالات کی طرف جو اشارہ قرآن کریم میں پایا جاتاہے وہ بھی اس سے

ملتاجلتاہے۔احادیث میں ذکر آتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ادریس کو اپنے معراج میں چوتھے آسمان پر دیکھا (ابن کثیر جلد ۶زیر آیت مریم ۵۶،۵۷)تفاسیر میں اسرائیلی روایتوں کے ذریعہ سے یہ بات بھی بیان کی گئی ہے کہ ادریس ؑ اپنے ایک دوست فرشتہ کے ذریعہ سے چوتھے آسمان پر گئے اور وہاں عزرائیل نے ان کی جان نکالی۔لیکن بعض دوسرے مفسرین نے یہ لکھا ہے کہ ادریس ؑ کی جان نہیں نکالی گئی چنانچہ مجاہد کا قول ہے کہ ادریس ؑ کو آسمان پر اٹھا لیا گیا اور وہ مرے نہیں جس طرح کہ عیسیٰ ؑ کو آسمان پر اٹھالیا گیا۔حضرت ابن عباس ؓ کی ایک روایت میں ہے کہ ان کو چھٹے آسمان پر اٹھالیا گیا حسنؓ کی روایت ہے کہ ان کو جنت کی طرف لےجایا گیا(ابن کثیر جلد ۶ زیر آیت مریم ۵۶و۵۷۔روح المعانی زیر مریم آیت ۵۷) یہ تمام روایات اسرائیلی ہیںیعنی کوئی بھی روایت ایسی نہیںجو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہو سوائے معراج کی حدیث کے جس میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ انہوں نے چوتھے آسمان پر ادریس ؑ کو دیکھا پس جہاں تک اسلامی روایتی لٹریچر کا سوال ہے بہت سی وہ لغو باتیں جو اسرائیلی لٹریچر میں پائی جاتی ہیں مسلمانوں نے بھی نقل کی ہیں لیکن جہاں تک اسلامی مذہبی لٹریچر کا سوال ہے حدیثوں میں صرف ادریس کے چوتھے آسمان پر ہونے کا ذکر ہے اور قرآن کریم میں صرف یہ ذکر ہے کہ وہ راست باز تھے اور نبی تھے اور ان کو بلند مقام پر خدا تعالیٰ نے اٹھا یا۔اور حقیقتاً حنوک کے اتنے ہی حالات ہیں جن کو سچاکہا جاسکتاہے اور کتاب پیدائش سے بھی اتنا ہی پتہ لگتاہے کہ وہ خدا کے ساتھ چلتاتھا یعنی راستباز تھا اور یہ کہ خدا نے اس کو ایک بلند مقام پر اٹھا لیا یعنی اس کاانجام بخیر ہو ا۔اور اللہ تعالیٰ نے اس کو مرنے کے بعد بھی اعلیٰ درجات عطافرمائے۔ادریس ؑ کے متعلق یہ جو ذکر آتاہے کہ ا ٓسمان سے ان کے لئے گھوڑا آیا اور اس پر وہ چڑھ کر گئے بعینہ ایسا ہی ذکر مسلمانوں کی معراج کی روایتوں میں بھی ہے مسلمانوں میں بھی یہ روایت پائی جاتی ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے ایک سواری آسمان سے لائی گئی جس کا نام براق تھا اور آپ اس پر چڑھ کر آسمانوں پر گئے (بخاری کتاب بدء الخلق باب ذکر الملائک)۔درحقیقت یہ آسمان پر جانا ایک اعلیٰ درجہ کا کشف ہے۔انسان نورانی جسم کے ذریعہ سے آسمانوں پر بھی جاتاہے اور خدا تعالیٰ کو بھی دیکھتاہے لیکن یہ مادی جسم ان کاموں کے قابل نہیں ہے۔نہ یہ آسمانوں پر جاتاہے نہ یہ خدا کو دیکھتاہے۔عجوبہ پرست لوگ ان باتوں کو مادیات کی طرف لے جاتے ہیں اور غیرمعقول باتیں بنانے لگ جاتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کا ایمان کمزور ہو جاتاہے اور وہ سائنس اور مذہب کے

·

آج 10 میں سے 10 باقی