۱۔ سورۃ الفاتحة

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو[3] بے حد کرم کرنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

[3] بَاء کے معنے معیت اور استعانت کے ہیں اور اس کا لفظی ترجمہ ’’سے‘‘ اور ’’ساتھ‘‘ ہے مگر چونکہ ان الفاظ سے معنے واضح نہیں ہوتے اس لئے ’’لے کر‘‘ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے جو دونوں معنوں پر مشتمل ہے۔

ہر (قسم کی) تعریف کا اللہ (ہی) مستحق ہے (جو)[4] تمام جہانوں کا رب (ہے)[5]۔

[4] آیت اول اور آیت دوم میں صفت کے ترجمہ میں فرق ہے۔ پہلی آیت میں ’’جو‘‘ اور ’’ہے‘‘ کو ظاہر کیا گیا ہے لیکن دوسری آیت میں دونوں الفاظ کو خطوط وحدانی میں رکھا گیا ہے۔ ا س کی وجہ ترجمہ کی دِقت ہے۔ دوسری آیت میں چونکہ فقرہ مکمل تھا وہاں ’’جو‘‘ اور ’’ہے‘‘ کے ظاہر کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ پہلی آیت میں ’’جو‘‘ اور ’’ہے‘‘ کے الفاظ کے اظہار کے بغیر فقرہ نامکمل رہتا تھا اس لئے وہاں مقدر کو ظاہر کرنا پڑا۔ آئندہ بھی جہاں جہاں یہ فرق ہو گا ترجمہ میں فرق پڑ جائے گا۔

[5] سورۃ فاتحہ میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔ الف۔ لام ایک تو استغراقی ہوتا ہے یعنی جس چیز کا ذکر ہو اس کے تمام افراد پر دلالت کرنے کے لئے آتا ہے۔ دوسرے اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ وہ چیز اپنی ذات میں کامل ہے۔ درحقیقت یہ بھی استغراقی ہی ہے۔ کیونکہ ایک معنے عدد کے لحاظ سے استغراق پر دلالت کرتے ہیں اور ایک معنے کمال کے لحاظ سے استغراق پر دلالت کرتے ہیں یعنی تمام مدارج اس میں آگئے۔ اس کے علاوہ الف۔ لام کسی ذہنی یا کسی مذکورہ چیز کی طرف اشارہ کرنے کے لئے آتا ہے جسے عربی میں معہود ذہنی یا معہود ذکری کہتے ہیں یعنی جس چیز پر الف۔ لام آتا ہے وہ کسی ایسی چیز پر دلالت کرتی ہے، جس کا پہلے ذکر ہو چکا ہے یا جس کا خیال ذہن میں موجود ہے۔ پس اَلْحَمْدُ لِلّٰہ کے ایک معنے تو یہ ہوئے کہ ہر قسم کی حمد اللہ تعالیٰ کے لئے ہے اور یہ کہ حَمْد اپنے سارے کمال کے ساتھ صرف اللہ کے لئے ہے یعنی ہر نیک صفت اپنے تمام کمالات کے ساتھ صرف اللہ تعالیٰ ہی میں پائی جاتی ہے کسی غیر میں نہیں، یعنی نہ تو اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی اور وجود ہے جس میں ساری صفات حسنہ پائی جاتی ہوں اور نہ خدا تعالیٰ کے سوا کوئی اور وجود ہے جس میں کوئی صفت حسنہ اپنے تمام کمالات کے ساتھ پائی جاتی ہو۔ بیشک ہم انسانوں کے لئے یہ لفظ بول دیتے ہیں کہ کامل طور پر اس میں بہادری یا سخاوت یا حسن پایا جاتا ہے مگر درحقیقت اس کے صرف یہ معنے ہوتے ہیں کہ جس حد تک انسان میں وہ صفت پائی جاسکتی ہے وہ صفت کامل طور پر اس میں پائی جاتی ہے۔ یہ معنے نہیں ہوتے کہ وہ صفت اپنے حقیقی کمال کے ساتھ اس میں پائی جاتی ہے۔ لیکن اسی صفت کو جب ہم اللہ تعالیٰ کی طرف منسوب کرتے ہیں تو کمال کے معنے غیر اضافی ہوتے ہیں، یعنی کسی چیز کی نسبت سے کمال نہیں کہتے بلکہ اس صفت کے ممکن کمال کے معنے کئے جاتے ہیں جس سے زیادہ کمال کسی صورت یا کسی اضافت سے بھی ممکن نہ ہو۔
حَمْد چونکہ مصدر ہے اور مصدر مجہول کے معنے بھی دیتا ہے۔ اس لئے اس کے یہ معنے بھی ہیں کہ صحیح تعریف خواہ کسی چیز کی ہو وہ اللہ تعالیٰ ہی کر سکتا ہے۔ ایک انسان دوسرے انسان کے دماغ اور دل کی حالت کو نہ جاننے کی وجہ سے اس کی تعریف میں غلطی کر سکتا ہے اور چیزوں کی کنہ سے پوری طرح واقف نہ ہونے کی وجہ سے ان کی تعریف میں بھی غلطی کر سکتا ہے۔ ایک طبیب ایک دوائی کا اثر بتاتا ہے لیکن وہ اثر صرف اصول تک محدود ہوتا ہے۔ ہر چیز دوسری چیزوں سے مل کو اپنی تاثیر کو بدل دیتی ہے۔ عالم الغیب ہستی ہی بتا سکتی ہے کہ وہ چیز کتنی چیزوں کے ساتھ مل سکتی ہے اور کتنی شکلیں بدل سکتی ہے۔ تیسرے معنوں کے لحاظ سے یعنی معہود ذکری کے لحاظ سے اس کے معنے یہ ہوں گے کہ بنی نوع انسان اپنی آسمانی کتابوں کے ذریعہ سے جس قسم کی کامل تعریف کاذکر کرتے ہیں اور کامل وجود کا اندازہ لگاتے ہیں وہ کامل وجود صرف اللہ تعالیٰ ہی کی ذات ہے۔ چوتھے معنوں کے لحاظ سے یہ معنے ہوں گے کہ انسان اپنے ذہن میں ایک کامل وجود کا جو نقشہ کھیچتا ہے وہ اس کو اور کہیں نہیں مل سکتا سوائے خدا کی ذات کے بشرطیکہ وہ نقشہ صحیح ہو کیونکہ حَمْد کا لفظ صحیح تعریف کے معنوں میں آتا ہے خیالی تعریف کے لئے حَمْد کا لفظ نہیں بولا جاتا۔
رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ میں مختلف عالموں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ عالم موجودات میں مختلف عالم نظر آتے ہیں جن میں سے بعض بعض سے متضاد ہیں، مگر باوجود اس تضاد کے پھر اُن کے پیچھے ایک ہی کُلیہ کام کرتا نظر آتا ہے اور ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ نیچر کا ایک ہی سرچشمہ ہے جس سے وہ مدد حاصل کر رہے ہیں اور اس کے پیچھے ایک ہی وجود کار فرما ہے۔ پس جب نیچر کے تمام قوانین میں ایک ہی روح کار فرما ہے، تو پھر تعریف جو نیچر کے حسن کا اقرار کرنے کا نام ہے وہ بھی اسی کار فرما قدرت کا مال اور حق سمجھی جائے گی۔

بے حد کرم کرنے والا، بار بار رحم کرنے والا۔

(اور) جزا سزا کے وقت کا مالک ہے۔[1]

[1] مٰلِکِ یَوْمِ الدِّیْنِ۔ اللہ تعالیٰ جزا سزا کے وقت کا مالک ہے۔ اِن معنوں کے رو سے اس آیت کی یہ تشریح ہو گی کہ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن کا مالک ہے۔ یعنی اس دن جزا سزا میں کسی اور کا دخل نہ ہو گا بلکہ جزاسزا صرف اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملے گی۔ اِس طرح اس دنیا اور اگلے جہان کے نتائج میں فرق بتایا ہے کہ اس دنیا میں تو اچھے بُرے افعال کی جزاسزا انسانوں کے ذریعہ سے بھی ملتی ہے اور اس میں لوگوں سے غلطی بھی ہو جاتی ہے، مگر قیامت کے دن صرف اللہ تعالیٰ ہی جزاسزا دے گا اور یہ ناممکن ہو گا کہ کسی پر ظلم ہو اور اُسے بے گناہ سزا مل جائے یا جرم سے زیادہ سزا مل جائے۔ نیز مجرم کے لئے بھی ناممکن ہو گا کہ جھوٹ فریب سے کام لے کر سزا سے محفوظ ہو جائے۔
نیز اس میں اس امر کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ جزاسزا کے وقت صرف بطور مَلِک نہیں کام کرے گا بلکہ بطور مَالِک کام کرے گا۔ مَلِک یعنی بادشاہ جب فیصلہ کرتا ہے تو اُس کا کام صرف یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ انصاف کیا ہے، کیونکہ جن امور کا فیصلہ وہ کرتا ہے، وہ مدعی اور مدعا علیہ کے حقوق کے ساتھ متعلق ہوتے ہیں، اس لئے اسے یہ اختیار حاصل نہیں ہوتا کہ وہ کسی کو معاف کر دے۔ لیکن اللہ تعالیٰ چونکہ بادشاہ ہی نہیں بلکہ مالک بھی ہے اس لئے اسے حق حاصل ہے کہ وہ اپنے حق میں سے جس قدر چاہے معاف کر دے۔ اس مضمون سے ایک طرف تو امید کا ایک اہم پہلو پیدا کر دیا گیا ہے اور مایوسی سے انسان کو بچا لیا گیا ہے، دوسری طرف انسان کو ہوشیار بھی کر دیا گیا ہے کہ خداتعالیٰ کے رحم سے ناجائز فائدہ اٹھانے کا خیال دل میں نہ لانا۔ کیونکہ مالک ہونے کے لحاظ سے جہاں وہ رحم کر سکتا ہے وہاں اپنی خلق کو گندہ دیکھنا بھی برداشت نہیں کر سکتا۔ گویا امید اور خوف کے خیالات یکساں پیدا کر کے انسان کو چستی اور ہمت پیدا کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ (تفصیل کے لئے دیکھئے تفسیر کبیر جلد اول صفحہ ۲۴۔۲۵)
مَالِکِ یَوْمِ الدِّیْنِ کے ایک معنے یہ ہیں کہ اللہ تعالیٰ مذہب کے دن کا مالک ہے۔ یعنی جب کبھی بھی کوئی سچا دین دنیا میں ظاہر ہوتا ہے تو اس وقت خداتعالیٰ کی قدرتیں بھی ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں اور جب سچا دین دنیا سے اٹھ جاتا ہے تو یوں معلوم ہوتا ہے کہ اس دنیا کا مالک اور خالق کوئی نہیں۔ نہ اس کی قدرت نمائی ہوتی ہے نہ اس کی حکومت کا اظہار ہوتا ہے نہ اس کی طاقت کا کوئی مظاہرہ ہوتا ہے۔ لیکن جونہی کوئی سچا دین دنیا میں آتا ہے فوراً خدا تعالیٰ کی تقدیریں ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ اُس کے نشانات ظاہر ہونے شروع ہو جاتے ہیں اس کے معجزات ظاہر ہونے شروع ہو جاتے ہیں، اس کی طرف سے تائیداتِ سماوی کا نزول شروع ہو جاتا ہے اور فرشتے دنیا پر نازل ہونے لگتے ہیں۔ غرض خدا تعالیٰ کی ملکیت اس دنیا پر خداتعالیٰ کے ماموروں اور مرسلوں کے زمانوں میں ظاہر ہوتی ہے۔ حضرت مسیح ؑنے جو یہ کہا کہ ’’اے خدا! جس طرح تیری بادشاہت آسمان پر ہے زمین پر بھی ظاہر ہو‘‘ تو اس کا بھی یہی مطلب تھا کہ جس طرح پہلے انبیاء کے زمانہ میں تو نے قدرت نمائیاں کی ہیں اسی طرح میرے زمانہ میں بھی قدرت نمائیاں کر۔ ورنہ قانونِ قدرت کے لحاظ سے تو خدا تعالیٰ کی حکومت ہمیشہ ہی آسمان پر بھی ہے، زمین پر بھی ہے اور ذرّہ ذرّہ پر بھی ہے۔ مگر وہ قدرت نمائی ایسے رنگ میں ظاہر ہوتی رہتی ہے کہ معلوم ہوتا ہے جیسے اِتّفاقِ حسنہ یا اِتّفاقِ سیّئہ سے کوئی بات ہو رہی ہے۔ یہ نہیں معلوم ہوتا کہ کسی ارادہ اور سکیم سے کوئی کام کیا جا رہا ہے۔ مگر جب خداتعالیٰ کے مامور اور ُمرسل دنیا میں ظاہر ہوتے ہیں تو اس وقت خدا تعالیٰ کی تقدیر اس طرح ظاہر ہوتی ہے کہ صاف معلوم ہوتا ہے کہ کوئی سکیم اور کوئی پلین (PLAN) بنا کر اس کے مطابق خدا تعالیٰ اس دنیا کو چلانا چاہتا ہے اور قدرتِ خاص کے مظاہرمتواتر ظاہر ہونے شروع ہو جاتے ہیں۔

(اے خدا)! ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تجھ سے ہی مدد مانگتے ہیں[1]۔

[1] اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ۔ جب خداتعالیٰ کی قدرتِ خاص کے مظاہر دنیا میں ظاہر ہونے شروع ہو جاتے ہیں تو خداتعالیٰ انسان کے قریب ہو جاتا ہے اور سعید طبع لوگوں کو خدا تعالیٰ نظر آنے لگ جاتا ہے اور ایک نیا ایمان ان میں پیدا ہو جاتا ہے۔ پس غائب خدا ان کو حاضر نظر آنے لگتا ہے اور وہ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ کہہ اٹھتے ہیں اور رؤیت درحقیقت انبیاء کے زمانہ میں اور انبیاء کے قریب زمانہ میں حاصل ہوتی ہے یعنی جبکہ کثرت سے لوگ اس قسم کی معجزانہ رؤیت کا مقام حاصل کرتے ہیں اور اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انبیاء سے بعید زمانہ میں بھی جاکر کچھ کچھ لوگ اس قسم کے رہتے ہیں سوائے اس قلیل عرصہ کے جو کسی آنے والے موعود سے پہلے کا ہوتا ہے جبکہ دنیا سعیدوں سے قریباً خالی ہو جاتی ہے مگر یہ لوگ جو زمانۂ نبوت سے بُعد پر پیدا ہوتے ہیں اس مقام کے حاصل کرنے والے لوگ ان میں اتنے تھوڑے ہوتے ہیں کہ خدا سے ان کا تعلق انفرادی تعلق کہلا سکتا ہے اجتماعی تعلق نہیں کہلا سکتا۔ اور اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ میں نَعْبُدُ کا نون اور نَسْتَعِیْنُ کا نون بتاتا ہے کہ یہاں اس جماعت کا ذکر ہے جو کہ اجتماعی حیثیت رکھتی ہے جن میں کثرت سے خداتعالیٰ کے قرب کو پانے والے اور اس کے نشانات کو دیکھنے والے لوگ پائے جاتے ہیں۔ قرآن کریم میں دوسری جگہ پر اسی مضمون کی طرف یوں اشارہ فرمایا گیا ہے کہ ثُلَّۃٌ مِّنَ الْاَوَّلِیْنَ وَ قَلِیْلٌ مِّنَ الْاٰخَرِیْنَ (سورۃ واقعہ آیت ۱۴۔۱۵) مفسرین نے غلطی سے اس کے یہ معنے کر لئے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے زمانہ میں زیادہ اور بعد میں کم۔ حالانکہ یہ قاعدۂ کلیہ بیان کیا گیا ہے کہ نبی کے زمانہ اور اس کے قریب کے زمانہ میں یہ مقامِ شہود حاصل کرنے والے کثرت سے ہوتے ہیں اور جب زمانہ نبی سے دور ہو جاتا ہے تو یہ لوگ تھوڑے رہ جاتے ہیں اور اُن کی حیثیت انفرادی رہ جاتی ہے جماعتی نہیں رہتی۔

ہمیں سیدھے راستے پر چلا[2]۔

[2] اِھْدِنَاالصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ میں بتایا گیا ہے کہ رؤیت کے بعد انسان کے اندر وصال کی شدید خواہش پیدا ہوتی ہے۔ رؤیت کشفِ حجاب کی متقاضی ہوتی ہے اور وصال قربِ مقامی کا متقاضی ہوتی ہے۔ پس اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ کے ساتھ ہی لازماً انسان کے دل میں خواہش پیدا ہوتی ہے کہ میں خدا تعالیٰ کے قریب چلا جاؤں۔ پس اس آیت میں اس طرف توجہ دلائی گئی ہے کہ جب مومن اِیَّاکَ نَعْبُدُ کے مقام پر پہنچتا ہے تو بے اختیار ہو کر کہتا ہے کہ مجھے اپنے پاس آنے کا قریب ترین راستہ بتا۔
الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ یعنی سیدھا رستہ چھوٹے سے چھوٹا رستہ ہوتا ہے۔ چونکہ چھوٹا رستہ خدا کی طرف جانے کا بھی ہو سکتا ہے اور جہنم اور آگ اور شیطان کی طرف جانے کا بھی ہو سکتا ہے اس لئے اس کی تشریح اگلی آیت میں کی ہے۔

ان لوگوں کے راستے پر جن پر تو نے انعام کیا ہے[1] جن پر نہ تو تیرا (بعد) میں غضب نازل ہوا (ہے) اور نہ وہ (بعد میں) گمراہ (ہو گئے) ہیں[2]۔

[1] صِرَاطَ الَّذِیْنَ اَنْعَمْتَ عَلَیْھِمْ۔ منعم علیہ گروہ کا رستہ مجھے دکھا یعنی رستہ چھوٹا بھی ہو اور تجھ تک پہنچنے کا رستہ ہو اور تجھ سے دور لے جانے والا رستہ نہ ہو۔

[2] غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ وَ لَا الضَّآلِّیْنَ۔ اَنْعَمْتَ عَلَیْھِمْ کا بدل ہے۔ پس اس کے معنے یہ ہوئے کہ ان منعم علیہم لوگوں کا رستہ بتا جو مغضوب نہیں ہو گئے اور جو ضال نہیں بن گئے، منعم علیہم تو مغضوب اور ضال ہوا ہی نہیں کرتے پھر اس دعا کے معنے کیا ہوئے؟ پس یاد رکھنا چاہیئے کہ جیسا کہ پچھلی آیات کے ترجمہ سے ظاہر ہے یہ دعا اجتماعی اور قومی دعا ہے اور ہر قوم ایک زمانہ تک منعم علیہ ہونے کے بعد مغضوب علیہم یا ضالّ یا دونوں بن جاتی ہے۔ پس اس دعا کا یہی مطلب ہے کہ ہماری ابتدا بھی منعم علیہ کی ہو اور ہماری انتہا بھی منعم علیہ کی ہو۔ ایسا نہ ہو کہ ہماری قوم آہستہ آہستہ منعم علیہم سے بدل کر مغضوب ہو جائے یا ضالّ ہو جائے۔ یہ مطلب نہیں کہ فرد مغضوب اور ضالّ نہ بنے بلکہ یہ مراد ہے کہ قوم مغضوب اور ضال نہ بنے۔ جس کی طرف اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْن میں جمع کا صیغہ استعمال کر کے اشارہ کیا گیا ہے۔ پس غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ وَ لَا الضَّآلِّیْنَ کی آیت بتاتی ہے کہ یہ آئندہ زمانہ کے متعلق دعا ہے نہ کہ صحابہؓ کے زمانہ کے متعلق اور رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے بھی اس کے یہی معنے کیے ہیں کیونکہ جب آپ سے صحابہؓ نے پوچھا کہ یا رسول اللہ! مغضوب علیہم اور ضالّین کون ہیں؟ تو آپ نے فرمایا یہود اور نصاریٰ۔ اسی طرح آپ نے فرمایا کہ خدا کی قسم! جس طرح جوتی جوتی سے ملتی ہے اسی طرح میری قوم کے لوگ ایک دن ان پہلی قوموں کے نقشِ قدم پر چلیں گے (ترمذی) پس رسول کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے بتا دیا کہ غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ وَ لَا الضَّآلِّیْنَ رسولِ کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے زمانہ کے لوگوں کے متعلق نہیں بلکہ اس میں آئندہ زمانہ کے مسلمانوں کے انحطاط کی طرف اشارہ ہے۔ لیکن جہاں اس پیشگوئی نے خطرہ کا ایک پہلو پیش کیا ہے وہاں ایک اُمید کی کرن بھی اُس نے پھینکی ہے۔ کیونکہ دعا ایسے ہی امر کے متعلق کی جاتی ہے جو ممکن ہو، غیر ممکن کے لئے دعا نہیں کی جاتی۔ خصوصاً قرآنی دعا تو غیر ممکن کے لئے ہوتی ہی نہیں۔ پس اس دعا نے ایک امید کا پہلو ہمارے لئے قائم رکھا ہے کہ اگر کسی زمانہ کے مسلمان ایسی حالت میں جبکہ وہ منعم علیہم ہوں، یہ کوشش کریں کہ وہ مَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ اور ضالّین نہ بن جائیں تو ان کی کوششوں کے کامیاب ہونے کا امکان ضرور موجود ہے اور کسی چیز کے دروازہ کے کھلا رہنے سے بھی بہت بڑی امید پیدا ہوتی ہے اور حوصلہ بڑھتا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی