۶۱۔ سورۃ الصف

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

آسمانوں اور زمین میں جو کچھ بھی ہے، اللہ کی تسبیح کر رہا ہے، اور وہ غالب (اور) حکمت والا ہے۔

اے مومنو! تم وہ باتیں کیوں کہتے ہو، جو کرتے نہیں۔

خدا کے نزدیک اس بات کا دعویٰ کرنا جو تم کرتے نہیں، بہت ناپسند ہے۔

اللہ تو ان لوگوں کو پسند کرتا ہے جو اس کے رستہ میں صف باندھ کر لڑتے ہیں گویا وہ ایک دیوار ہیں جس کی مضبوطی کے لئے اس پر سیسہ پگھلا کر ڈالا گیا ہو۔

اور (یاد کرو) جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا، اے میری قوم! تم مجھے کیوں دکھ دیتے ہو، حالانکہ تم جانتے ہو کہ میں تمہاری طرف اللہ کی طرف سے رسول ہو کر آیا ہوں۔ مگر جب اس کے باوجود وہ لوگ سیدھے راستہ سے بھٹک گئے تو اللہ نے ان کے دلوں کو ٹیڑھا کر دیا اور اللہ اطاعت سے نکل جانے والوں کو کامیابی کا راستہ نہیں دکھاتا۔

اور (یاد کرو) جب عیسیٰ ابن مریم نے اپنی قوم سے کہا کہ اے بنی اسرائیل! میں اللہ کی طرف سے تمہاری طرف رسول ہو کر آیا ہوں، جو (کلام) میرے آنے سے پہلے نازل ہو چکا ہے یعنی تورات، اس کی پیشگوئیوں کو میں پورا کرتا ہوں اور ایک ایسے رسول کی بھی خبر دیتا ہوں جو میرے بعد آئے گا جس کا نام احمد[1] ہوگا۔ پھر جب وہ رسول دلائل لیکر آگیا، تو انہوں نے کہا یہ تو کھلا کھلا فریب ہے۔

[1] اس آیت میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئی ہے۔ جو انجیل بَرنباس میں لکھی ہوئی ہے عیسائی اس کو جھوٹی انجیل قرار دیتے ہیں۔ مگر یہ پوپ کی لائبریری میں پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی دلیل ہے کہ مروجہ اناجیل میں ’’فارقلیط‘‘ کی خبر دی گئی ہے جس کے معنے ’’احمد‘‘ ہی کے بنتے ہیں۔ پس اس آیت میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بلاواسطہ اور آپ کے ایک بروز کی جس کا ذکر اگلی سورۃ میں ہے بالواسطہ خبر دی گئی ہے۔

اور اس سے زیادہ ظالم کون ہوسکتا ہے، جو اللہ پر جھوٹ باندھے حالانکہ وہ اسلام[2] کی طرف بلایا جاتا ہے۔ اور اللہ ظالموں کو کبھی ہدایت نہیں دیتا۔

[2] اس آیت میں اس بات کو ظاہر کیا گیا ہے کہ آپ کے بروز کی بابت خاص توجہ چاہیے جو ہے تو پیشگوئی کا بالواسطہ مورد، لیکن اسلام کی طرف اس کو بلایا جائے گا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تو خود دنیا کو اسلام کی طرف بلاتے تھے۔

وہ چاہتے ہیں کہ اپنے مونہوں سے اللہ کے نور کو بجھا دیں، اور اللہ اپنے نور کو پورا کرکے چھوڑے گا خواہ کافر (لوگ) کتنا ہی ناپسند کریں۔

وہ خدا ہی ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت کے ساتھ اور سچا دین دیکر بھیجا ہے تا کہ اس کو تمام دینوں پر غالب کرے۔ خواہ مشرک کتنا ہی ناپسند کریں۔

اے مومنو! کیا میں تمہیں ایک ایسی تجارت کی خبر دوں، جو تم کو دردناک عذاب سے بچالے گی۔

(۔ وہ تجارت یہ ہے کہ) تم اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ، اور اللہ کے رستہ میں اپنے مالوں اور اپنی جانوں سے جہاد کرو۔ اگر تم جانو تو یہ تمہارے لئے بہتر ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی