۶۲۔ سورۃ الجمعة
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
آسمانوں اور زمین میں جو کچھ بھی ہے وہ اللہ کی تسبیح کرتا ہے اس (اللہ) کی جو بادشاہ بھی ہے اور پاک (بھی ہے اور سب خوبیوں کا جامع) ہے اور غالب (اور) حکمت والا ہے۔
وہی خدا ہے جس نے ایک ان پڑھ قوم کی طرف انہی میں سے ایک شخص کو رسول بنا کر بھیجا جو ان کو خدا کے احکام سناتا ہے اور ان کو پاک کرتا ہے اور ان کو کتاب اور حکمت سکھاتا ہے گو وہ اس سے پہلے بڑی بھول میں تھے۔
اور ان کے سوا ایک دوسری[1] قوم میں بھی (وہ اسے بھیجے گا) جو ابھی تک ان سے ملی نہیں اور وہ غالب (اور) حکمت والا ہے۔
[1] اس آیت میں اس حدیث کی طرف اشارہ ہے جس میں آتا ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے صحابہؓ نے پوچھا کہ یا رسول اللہ! یہ آخرین کون ہیں؟ تو آپ نے سَلمان فارسی کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر فرمایا لَوْ کَانَ الْاِیْمَانُ مُعَلَّقًا بِالثُّرَیَّا لَنَالَہٗ رَجُلٌ اَوْ رِجَالٌ مِّنْ فَارِسَ (بخاری) یعنی اگر ایک وقت ایمان ثریا تک بھی اڑ گیا تو اہل فارس کی نسل سے ایک یا ایک سے زیادہ لوگ اسے واپس لے آئیں گے۔ اس میں مہدی معہود کی خبر ہے۔
یہ اللہ کا فضل ہے جس کو چاہتا ہے دیتا ہے۔ اور اللہ بڑے فضل والا ہے۔
جن لوگوں پر تورات کی اطاعت واجب کی گئی ہے مگر باوجود اس کے انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا، ان کی مثال گدھے کی ہے، جس نے بہت سی کتابیں اٹھائی ہوتی ہیں (مگر جانتا کچھ نہیں) اللہ کے احکام کا انکار کرنے والی قوم کی حالت بہت بری ہوتی ہے اور اللہ ظالم قوم کو کبھی کامیابی کا منہ نہیں دکھاتا۔
تو کہہ دے، اے یہودیو! اگر تمہارا یہ دعویٰ ہے کہ تم باقی دنیا کو چھوڑ کر اللہ کے دوست ہو اور اس کی پناہ میں ہو تو اگر تم (اس دعویٰ میں) سچے ہو، تو موت کی تمنا کرو۔ (یعنی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مباہلہ کرو)
مگر وہ اپنے گذشتہ اعمال کی وجہ سے کبھی بھی مباہلہ کے لئے تیار نہ ہوں گے اور اللہ ظالموں سے خوب واقف ہے۔
تو کہہ دے کہ وہ موت جس سے تم بھاگتے ہو، ایک دن یقیناً تم کو آپکڑے گی۔ پھر تم پوشیدہ اور ظاہر کے جاننے والے خدا کی طرف لوٹائے جاؤ گے اور وہ تم کو تمہارے اعمال کی خبر دے گا۔
اے مومنو! جب تم کو جمعہ کے دن نماز کے لئے بلایا جائے (یعنی نماز جمعہ کے لئے) تو اللہ کے ذکر کے لئے جلدی جلدی جایا کرو۔ اور (خرید اور) فروخت کو چھوڑ دیا کرو، اگر تم کچھ بھی علم رکھتے ہو تو یہ تمہارے لئے اچھی بات ہے۔
اور جب نماز ختم ہو جائے تو زمین میں پھیل جایا کرو، اور اللہ کا فضل تلاش کیا کرو، اور اللہ کو بہت یاد کیا کرو، تا کہ تم کامیاب ہو جاؤ۔
اور جب یہ لوگ تجارت یا کھیل کی بات دیکھتے ہیں تو تجھ سے الگ ہو کر اس کی طرف چلے جاتے ہیں اور تجھ کو اکیلا چھوڑ دیتے ہیں۔ تو ان سے کہدے جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ کھیل کی بات بلکہ تجارت سے بھی اچھا [1]ہے اور اللہ بہتر رزق دینے والا ہے۔
[1] اس آیت کے شروع میں بتایا گیا ہے کہ کئی دفعہ منافق تجارت اور لَہْو کے سبب سے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اکیلا چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔ لیکن آخر میں فرمایا ہے کہ جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ لَہْو بلکہ تجارت سے بھی اچھا ہے۔ گویا پہلے حصہ آیت میں تو تجارت کو پہلے رکھا اور لَہْو کو پیچھے۔ لیکن دوسرے حصہ آیت میں لَہْو کو پہلے رکھا اور تجارت کو بعد میں۔ اس کے متعلق یہ امر یاد رکھنا چاہیے کہ پہلی جگہ تجارت کو اس لئے پہلے رکھا گیا ہے کہ تجارت میں کچھ نہ کچھ فائدہ ہوتا ہے اور لَہْو میں کوئی جسمانی یا مالی فائدہ نہیں ہوتا۔ پس تجارت کو پہلے اور لَہْو کو پیچھے رکھ کر بتایا کہ یہ لوگ تجارت کی وجہ سے بھی تجھے چھوڑ جاتے ہیں اور لَہْو کی وجہ سے بھی جس کے معنے یہ ہیں کہ ان کے دل میں تیری کوئی قدر نہیں۔ لیکن آخر میں فرماتا ہے کہ قُلْ مَا عِنْدَ اللّٰہِ خَیْرٌ مِّنَ اللَّھْوِ وَ مِنَ التِّجَارَۃِ ۔ ’’تو ان سے کہہ دے کہ جو کچھ اللہ کے پاس ہے وہ لَہْو بلکہ تجارت سے بھی اچھا ہے۔‘‘ اس جگہ لَہْو کو پہلے رکھا گیا ہے اور تجارت کو بعد میں۔ کیونکہ یہاں یہ بتانا مقصود ہے کہ تجارت بیشک لَہْو سے اچھی ہے لیکن جو کچھ خداتعالیٰ کے پاس ہے وہ لَہْوسے بھی اچھا ہے بلکہ تجارت سے بھی اچھا ہے۔ پس دونوں مقامات پر قرآنی ترتیب اپنے اندر حکمت کا پہلو لئے ہوئے ہے۔