۶۳۔ سورۃ المنافقون
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
جب تیرے پاس منافق آتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ ہم قسم کھا کر گواہی دیتے ہیں کہ تو اللہ کا رسول ہے۔ اور اللہ جانتا ہے کہ تو اس کا رسول ہے۔ مگر (ساتھ ہی) اللہ قسم کھا کر گواہی دیتا ہے کہ منافق جھوٹے ہیں۔
انہوں نے اپنی قسموں کو (تیری گرفت سے بچنے کے لئے) ڈھال بنا لیا ہے اور وہ اللہ کے رستہ سے لوگوں کو روکتے ہیں، جو کچھ وہ کرتے ہیں بہت برا ہے۔
یہ کام وہ اس لئے کرتے ہیں کہ وہ پہلے ایمان لائے پھر انہوں نے انکار کر دیا۔ جس کے نتیجہ میں ان کے دلوں پر مہر لگا دی گئی[1] اور اب وہ سمجھتے نہیں۔
[1] مجہول کا صیغہ اس لئے استعمال کیا گیا ہے کہ یہ بتایا جائے کہ مُہر اللہ تعالیٰ کی طرف سے بلاوجہ نہیں لگی بلکہ اس کا باعث ان لوگوں کے اپنے اعمال تھے، جن کے مخفی ہونے کی وجہ سے مجہول کا صیغہ استعمال کیا گیا ہے تا کہ مُہر لگانے کا فَاعِل اللہ تعالیٰ قرار نہ پائے بلکہ مُہر لگائے جانے کا باعث ان کے مخفی اعمال قرار پائیں۔
جب تو ان کو دیکھتا ہے تو ان کے مضبوط جسم تجھے خوب بھاتے ہیں۔ اور اگر وہ کوئی بات کرتے ہیں (تو ایسے شاندار طریقے سے کہ) تو ان کی بات کو (باوجود ان کے حالات جاننے کے) سن لیتا ہے (وہ مجلس میں اس طرح بیٹھے ہوئے ہوتے ہیں) گویا کہ وہ بڑے بڑے شہتیر ہیں جو (دیوار سے) اٹکائے ہوئے ہیں۔ جب کسی عذاب کی خبر (قرآن میں) نازل ہو تو وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ہمارے ہی متعلق ہے۔ وہ پکے دشمن ہیں پس تو ان سے ہوشیار رہ۔ اللہ ان کو ہلاک کرے، وہ کہاں سے پھرا کر (راہ حق سے دور) لے جائے جاتے ہیں۔
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ آؤ! اللہ کا رسول تمہارے لئے استغفار کرے تو وہ اپنے سر (تکبر اور انکار سے) پھیر لیتے ہیں اور تو ان کو دیکھتا ہے کہ وہ راہ حق سے لوگوں کو پھرا رہے ہیں اور وہ تکبر کی مرض میں مبتلا ہیں۔
تو ان کے لئے استغفار کرے یا استغفار نہ کرے ان کے حق میں سب برابر ہے کیونکہ اللہ ان کو کبھی معاف نہیں کرے گا (جب تک وہ خود توبہ نہ کریں) اللہ اطاعت سے نکل جانے والی قوم کو کامیابی کا منہ نہیں دکھاتا۔
یہی لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ اللہ کے رسول کے پاس جو لوگ رہتے ہیں ان پر خرچ نہ کرو، یہاں تک کہ وہ (فاقوں سے تنگ آکر) بھاگ جائیں۔ حالانکہ آسمان اور زمین کے خزانے اللہ کے پاس ہیں، لیکن منافق سمجھتے نہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ اگر ہم مدینہ کی طرف لوٹ کر گئے تو جو مدینہ کا سب سے معزز آدمی ہے وہ مدینہ کے سب سے ذلیل[1] آدمی کو اس سے نکال دے گا۔ اور عزت اللہ اور اس کے رسول اور مومنوں کو ہی حاصل ہے لیکن منافق جانتے نہیں۔
[1] عبداللہ ابن اُبَیّ ابن سَلُول نے جو منافقوں کا سردار تھا غزوۂ مصطلق کے موقعہ پر مسلمانوں کو لڑوانے کے لئے یہ کہا تھا مگر اس کے بیٹے کو جو مخلص مومن تھا اس واقعہ کا علم ہو گیا۔ جب لشکر واپس مدینہ لوٹا۔ تو وہ دوڑ کر مدینہ کے دروازہ کے آگے کھڑا ہو گیا۔ اور اس نے تلوار نکال لی۔ اور باپ سے کہا کہ اونٹ سے اُتر آ۔ اور سب مدینہ والوں کے سامنے بلند آواز سے کہہ کہ مدینہ کے سب سے معزّز آدمی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں اور سب سے ذلیل مَیں ہوں۔ جب تک نہ کہو گے۔ مدینہ میں داخل نہ ہو سکو گے اور اگر کوشش کرو گے تو تمہارا سر کاٹ دوں گا۔ عبداللہ ڈر گیا۔ اور سب کے سامنے اس نے یہ بات کہی۔ تب بیٹے نے اسے مدینہ میں داخل ہونے دیا۔ (السیرۃ الحلبیہ)
اے مومنو! تم کو تمہارے مال اور تمہاری اولادیں اللہ کے ذکر سے غافل نہ کر دیں اور جو لوگ ایسا کریں گے، وہی گھاٹا پانے والے ہوں گے۔
اور (اے مومنو)! جو کچھ ہم نے تمہیں دیا ہے اس میں سے موت آنے سے پہلے خرچ کرو، تا ایسا نہ ہو کہ (جب موت آئے تو خرچ نہ کرنے والے کو) کہنا پڑے کہ اے میرے رب! تو نے مجھے کیوں تھوڑی سی ڈھیل نہیں دی تا کہ میں اس (ڈھیل) میں کچھ صدقہ کر لیتا اور نیک بن جاتا۔
لیکن جب کسی نفس کی موت آجاتی ہے تو اللہ اسے ڈھیل نہیں دیا کرتا، اور اللہ تمہارے اعمال سے واقف ہے۔