۹۱۔ سورۃ الشمس

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

مَیں سورج[1] کو شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں، اور ضُحیٰ کے وقت کو، جب وہ طلوع ہونے کے بعد اونچا ہو جاتا ہے۔

[1] یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اسلام کی سچائی کا گواہ پیش کرتا ہوں کیونکہ وہ اپنے طلوع کے بعد ادنیٰ حالت سے بہت اعلیٰ حالت تک پہنچ جائیں گے اور ایک مستقل کتاب دنیا کے سامنے پیش کرکے اپنے آپ کو سورج ثابت کریں گے۔

اور چاند کو جب وہ سورج کے پیچھے آتا ہے۔[2]

[2] یعنی میں اُن مجددین اور مامورین کو بھی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت کے ثبوت میں پیش کرتا ہوں جو آپؐ کے بعد آئیں گے کیونکہ وہ جو کچھ حاصل کریں گے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے آنے یعنی آپؐ کی اتباع کی وجہ سے حاصل کریں گے۔

اور دن[3] کو (بھی شہادت کے طور پر پیش کرتاہوں) جب وہ اس (سورج) کو ظاہر کر دیتا ہے۔

[3] اس جگہ دن کو شہادت کے طور پر پیش کیا گیا ہے جب وہ سورج کو ظاہر کر دیتا ہے۔ مراد یہ ہے کہ جب اسلام کی ترقی کا زمانہ آئے گا جو دن کے مشابہ ہوگا، محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا وجود درجہ بدرجہ ظاہر ہوتا چلا جائے گا۔

اور رات[4] کو بھی (شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں) جب وہ اس (سورج) کی روشنی کو آنکھوں سے اوجھل کر دیتی ہے۔

[4] یعنی اس وقت کو جب کفر اور الحاد دنیا میں پھیل جائے گا۔ اس وقت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا نور دنیا کی نظروں سے اوجھل ہو جائے گا۔

اور آسمان[5] کو اور اس کے بنائے جانے کو بھی۔

[5] اس آیت میں یہ بتایا گیا ہے کہ بے شک اسلام کی ظاہری ترقی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نور کو ظاہر کرے گی اور اسلام کا تنزل محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نور کو لوگوں کی نظروں سے چھپا دے گا۔ لیکن آسمان کا وجود اور اس کے بنائے جانے کی حکمت بتا رہی ہے کہ صداقت ہمیشہ غالب ہوتی رہے گی۔ خواہ اس دنیا میں یا اگلے جہان میں۔ پس عارضی فتوحات سے خوش نہیں ہونا چاہیے اور عارضی روکوں سے گھبرانا نہیں چاہیے۔

اور زمین کو بھی اور اس کے بچھائے جانے کو بھی (شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں)

اور انسانی نفس کو بھی اور اس کے بے عیب بنائے جانے کو بھی[1] (شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں)

[1] اس آیت میں اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ فطرت انسانی کو اللہ تعالیٰ نے پاک بنایا ہے اس لئے ناممکن ہے کہ ساری دنیا یا کچھ حصہ دنیا کا دائمی طور پر ہدایت سے محروم ہو جائے۔ کچھ عرصہ کے لئے ساری دنیا ہدایت پائے گی۔ اور کچھ حصہ انسانوں کا ہمیشہ کے لئے ہدایت پائے گا۔ جیسے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے خاص اَتباع۔

کہ اس (اللہ) نے نفس پر اس کی بدکاری (کی راہوں کو بھی) اور اس کے تقویٰ (کے راستوں) کو بھی اچھی طرح کھول دیا ہے۔

پس جس نے اس (نفس) کو پاک کیا وہ تو (سمجھو کہ) اپنے مقصود کو پاگیا۔

اور جس نے اسے (مٹی میں) گاڑ دیا (سمجھ لو کہ) وہ نامراد ہو گیا۔

ثمود نے اپنی حد سے بڑھی ہوئی سرکشی کی وجہ سے (زمانہ کے نبی کو) جھٹلایا۔

آج 10 میں سے 10 باقی