۹۳۔ سورۃ الضحى
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
مَیں دن کو شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں، جب وہ روشن [1]ہو جائے۔
[1] یعنی جب بھی اسلام کو ترقی حاصل ہوگی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت ظاہر ہو جائے گی۔
اور رات کو (شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں) جب اس کی تاریکی چاروں طرف[2] پھیل جائے۔
[2] یعنی جب بھی دین میں ایک لمبی کمزوری پیدا ہوگی۔ یہ ثابت ہو جائے گا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نور میں کچھ رکاوٹیں پیدا ہو گئی ہیں اور اس لئے دنیا ان کے نور سے متمتع نہیں ہو رہی۔
کہ نہ تیرے رب نے تجھے ترک کیا [3]ہے اور نہ تجھ سے ناراض ہوا ہے۔
[3] اس میں بتایا گیا ہے کہ دنیا میں تاریکی کا آنا اس بات کا ثبوت نہیں ہوگا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جھوٹے ہیں بلکہ اس بات کا ثبوت ہوگا کہ انسان خراب ہو گیا ہے اور اس کی اصلاح کے لئے نیا سورج طلوع ہونے والا ہے جو پھر سے اسلام کو غالب کر دے گا۔
اور (دیکھ تو سہی کہ) تیری ہر پیچھے آنے والی گھڑی پہلی سے بہتر [4]ہوتی ہے۔
[4] یعنی جب بھی دنیا میں کوئی خرابی پیدا ہوتی ہے اللہ تعالیٰ تیری تائید کرنے والے آدمی کھڑے کر دیتا ہے اور قیامت تک کھڑے کرتا رہے گا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہوگا کہ تو سچا ہے۔
اور ضرور تیرا رب تجھے (وہ کچھ) دے کر رہے گا جس پر تو خوش ہو جائے[5] گا۔
[5] مطلب یہ ہے کہ جب آخر تک تجھے کامیابی ہی ملتی جائے گی تو تیری خوشی میں کیا شبہ ہے۔
کیا (اس زندگی میں اس کا سلوک تیرے ساتھ غیر معمولی نہیں رہا اور) اس نے تجھے یتیم پاکر (اپنے زیر سایہ) جگہ نہیں دی۔
اور (جب) اس نے تجھے (اپنی قوم کی محبت میں) سرشار[1] دیکھا تو (ان کی اصلاح کا) صحیح راستہ تجھے بتا دیا۔
[1] یہاں ضَآلٌّ کا لفظ ہے۔ مفسروں نے لکھا ہے کہ اس کے یہ معنے ہیں کہ تو گمراہ تھا ہم نے تجھے ہدایت دی۔ مگر لغت میں ضَلَّ کے معنے محبت میں سرشار ہونے کے بھی ہیں (دیکھیئے مفرداتِ راغب) اور یہی معنے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان کے مطابق ہیں۔ یعنی اے رسول! تُو اپنی قوم کی ہدایت کی خواہش میں سرشار تھا سو ہم نے تجھے وہ راستہ بتا دیا جس سے تُو قوم کی اصلاح کر سکے۔
اور جب تجھے کثیر العیال پایا تو (اپنے فضل سے) غنی کر دیا۔
پس (ان احسانوں کے نتیجہ میں) تو بھی یتیموں کو ابھارنے میں لگا رہ۔[2]
[2] یعنی ان کی حالت ایسی نہ ہو کہ وہ سمجھیں کہ ہم لوگوں کے صدقوں سے پل رہے ہیں۔ جس سے ان کی ہمتیں مر جائیں۔ بلکہ لوگ ان کو اپنے عزیزوں کی طرح پالیں جس سے ان کی ہمتیں بلند رہیں۔ جیسا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہوا کہ گو آپ بھی یتیم تھے مگر آپ کو آپ کے دادا اور آپ کے چچا نے بیٹوں سے بھی اچھا رکھا۔ پس فرماتا ہے کہ ایسی کوشش کر کہ لوگ یتیموں کو عزیزوں اور قریبیوں کی طرح سمجھیں اور یتیموں کے احساسات کو کبھی صدمہ نہ پہنچے، بلکہ وہ ہمیشہ بلند ہوتے رہیں۔
اور سوالی کو تو جھڑک مت۔
اور تو اپنے رب کی نعمت کا ضرور اظہار کرتا رہ۔[3]
[3] دنیوی نعمت تو بے شک آپ کو بادشاہ ہونے کے بعد بہت مل گئی تھی۔ جس کا اظہار آپ مسلمان رعایا کی امداد کے ذریعہ سے کرتے تھے۔ مگر اس جگہ خصوصاً یہ ذکر ہے کہ خداتعالیٰ نے جو نعمتِ قرآن تجھ پر نازل کی ہے وہ ساری دنیا کو پہنچاتا رہ جیسا کہ دوسری جگہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَاِنْ اَحَدٌ مِّنَ الْمُشْرِکِیْنَ اسْتَجَارَکَ فَاَجِرْہُ حَتّٰی یَسْمَعَ کَـلَامَ اللّٰہِ ثُمَّ اَبْلِغْہُ مَأْمَنَہٗ۔ الاٰیۃ(سورۃ توبہ: ۶)