۹۴۔ سورۃ الشرح
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
کیا ہم نے تیرے لئے تیرے سینہ کو کھول نہیں دیا۔
اور تیرے اس بوجھ کو تجھ پر سے اتار کر پھینک نہیں دیا۔
ایسا بوجھ[1]، جس نے تیری کمر توڑ[2] رکھی تھی۔
[1] یعنی شریعتِ کامل تجھ پر اتار دی ہے تا کہ خدا کی ہدایت کی روشنی میں چلے اور حیران نہ ہو۔
[2] آپ اسی گھبراہٹ میں غارِ حرا میں جاتے تھے کہ میں اپنی عقل سے خداتعالیٰ کو پانے اور قوم کی اصلاح میں کس طرح کامیاب ہو سکوں گا۔ خداتعالیٰ نے اپنی خاص ہدایت یعنی قرآن مجید کے ذریعہ گھبراہٹ کو دُور کر دیا جیسے کہ سورۃ علق میں تفصیل آتی ہے۔
اور تیرے ذکر کو بھی ہم نے بلند کر دیا ہے۔
پس (یاد رکھ کہ) اس تنگی کے ساتھ ایک بڑی کامیابی مقدر ہے۔
(ہاں) یقیناً اس تنگی کے ساتھ ایک (اور بھی) بڑی کامیابی [3](مقدر) ہے۔
[3] یُسْر یعنی کامیابی کا لفظ نکرہ بیان کیا ہے اور اس طرف اشارہ کیا ہے کہ وہ باربار آئے گی مگر عُسْر یعنی تنگی کو معرفہ بیان کیا ہے یعنی وہ ایک مقررہ وقت تک رہ کر ہٹ جائے گی۔ اس آیت میں یہ پیشگوئی کی گئی ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر کوئی تکلیف ایسی نہیں آئے گی جو دائمی کہلا سکے۔ لیکن آرام کی گھڑیاں ایسی آئیں گی جو دائمی کہلا سکیں گی۔ چنانچہ مکّہ اور عرب کے لوگ آٹھ سال کے عرصہ میں تباہ ہو گئے، لیکن رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب مکّہ فتح کیا اور اسلامی حکومت کی بنیاد پڑی اور مسلمانوں کے لئے آسانی کا راستہ کھلا، تو یہ حکومت مختلف شکلوں میں بدلتی ہوئی چودھویں صدی ہجری تک آئی بلکہ اب پاکستان کی شکل میں بدل گئی ہے اور خدا ہی جانتا ہے کہ کتنی صدیاں اور چلے گی۔
پس جب (بھی) تُو فارغ[4] ہو تو (خدا تعالیٰ سے ملنے کے لئے) پھر کوشش میں لگ جا۔
[4] یعنی جب بھی اُمورِ مملکت اور تعلیمِ مسلمانان سے فارغ ہو تو سیرِ روحانی میں لگ جا کیونکہ تیرا وہ غیر متناہی سفر ہے اور اس سے فارغ ہونے کا کوئی سوال ہی نہیں۔
اور تو اپنے رب کی طرف متوجہ ہو۔