۹۵۔ سورۃ التين
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
مَیں انجیر[1] کو اور زیتون [2]کو شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں۔
[1] انجیر کے لفظ سے حضرت آدم علیہ السلام کی طرف اشارہ ہے۔ جو یہ ہے کہ انسانی فطرت کو اعلیٰ درجہ کا پیدا کیا گیا ہے۔ کیونکہ آدمؑ کے متعلق بائیبل میں لکھا ہے کہ خدا نے اس کو اپنی صورت پر پیدا کیا (پیدائش باب۱) اور قرآن مجید میں لکھا ہے کہ خداتعالیٰ نے اس کو اپنا خلیفہ بنایا (بقرہ: ۳۱) پس دونوں کتابوں کے اتفاق سے معلوم ہوتا ہے کہ آدمؑ کی اولاد آدم کی صفات کو لے کر نیک پیدا ہوگی اور اس کی پیدائش میں بدی کی جڑ نہیں آئے گی بلکہ نیکی کی جڑ آئے گی۔ اسی کی طرف اشارہ کرنے کے لئے اس جگہ انجیر کو شہادت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ بائبل میں لکھا ہے کہ جب آدمؑ اور حَوَّا کو یہ احساس ہوا کہ ہم سے کوئی خدا کی نافرمانی والا فعل سرزد ہوا ہے تو حَوّا میں اور آدمؑ میں احساس ندامت پیدا ہوا اور انجیر کے پتوں سے انہوں نے اپنے جسم کو ڈھانکنا شروع کیا (پیدائش باب۳) لیکن قرآن کہتا ہے کہ یہ بات غلط ہے آدمؑ اور حَوّاسے کوئی حقیقی گناہ سرزدنہیں ہوا۔ بلکہ محض ایک بھول ہوئی تھی جو گناہ نہیں ہوتی اور ان کے دل میں اس کے باربار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
[2] زیتون کا ذکر اس لئے کیا گیا ہے کہ زیتون کی شاخ حضرت نوحؑ کے واقعہ کو یاد دلاتی ہے اور وہ بھی رحم اور امن کے واقعہ کو۔ چنانچہ بائیبل میں لکھا ہے کہ حضرت نوحؑ کی کشتی جب جودی یعنی اَرَارَاط پر پہنچی تو حضرت نوحؑ نے مختلف پرندوں کو چھوڑا تا کہ وہ پتہ لیکر آئیں کہ کہیں زمین بھی نظر آتی ہے یا نہیں۔ آخر میں انہوں نے کبوتری چھوڑی جب وہ واپس آئی تو زیتون کی ایک تازہ پتی اس کے منہ میں تھی۔ جس سے حضرت نوحؑ نے سمجھ لیا کہ اب خدا کی طرف سے فضل نازل ہو گیا ہے اور زمین نظر آنے لگ گئی ہے۔ چنانچہ وہ اپنے قافلہ سمیت وہاں اتر گئے۔ قرآن مجید میں جہاں کشتی ٹھہری تھی اس کا نام جُوْدِی رکھا گیا ہے لیکن بائبل میں اس کا نام اَرَارَاط رکھا گیا ہے۔ جو حقیقتاً عربی لفظ ہے۔ حضرت نوحؑ چونکہ عراق میں رہتے تھے اس لئے ان کے لئے اس لفظ کا استعمال آسان تھا۔ قرآن مجید میں اس کا نام جُوْدِی رکھنا ایک لسانی نکتہ ہے۔ جُوْد کے معنے عربی زبان میں رحمت اور احسان کے ہوتے ہیں۔ پس اس جگہ کا نام جُوْدِی رکھ کر اس طرف اشارہ کیا کہ وہ میرے احسان اور رحمت کے اظہار کا مقام تھا۔ لغت دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ اَرَارَاط کے معنے بھی وہی ہیں جو جُوْدی کے ہیں۔ چنانچہ عربی لغت میں لکھا ہے کہ رَاطَ کے معنے ہوتے ہیں پناہ چاہی (اقرب) اور اَرَارَاط کے معنے ہوئے۔ ’’میں پناہ کی جگہ کو اپنے سامنے دیکھ رہا ہوں‘‘ پس اس میں بھی وہی جُوْدِی والے معنے آگئے۔
اور اسی طرح سینین[1] کے پہاڑ کو۔
[1] سَیْنَاء تو مفرد ے مگر اس جگہ جمع استعمال ہوا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ سینا پہاڑوں کے ایک لمبے سلسلہ کا نام ہے اور یہودی تاریخ سب پہاڑوں کو سینا قرار دیتی ہے۔ قرآن مجیدنے ان کے متعدد ہونے کی وجہ سے سینا کو سینین کہا ہے اور موجودہ تاریخ اور جغرافیہ میں کثرت سے اس کی تائید میں شواہد پائے جاتے ہیں۔
اور اس امن والے[2] شہر (مکّہ) کو بھی۔
[2] یعنی مکّہ کو حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ نے امن والا قرار دیا تھا۔ جس پر ہزاروں سال گذر گئے تھے لیکن باوجود اس کے عرب لوگ اب تک اس کی حرمت کا خیال رکھتے تھے۔ یہ ثبوت ہے اس بات کا کہ مکّہ سے تعلق رکھنے والا مذہب سچا ہے۔ چنانچہ آخر مکّہ مسلمانوں کے قبضہ میں آگیا اور اسلام ہی مکہ کا مذہب کہلایا۔ اور پھر مسلمانوں کے تعلق کی وجہ سے مکّہ کو ایک اور نیا امن ملا۔ جو آج تک چلا جاتا ہے۔ بلکہ وہ امن ایسا ہے کہ اس سے پہلے بھی اسے نصیب نہ تھا کیونکہ پہلے زمانہ میں نَسِییٔ وغیرہ کے ذریعہ سے اس کے امن کو آگے پیچھے کر لیا جاتا تھا۔ مگر اب اسلام نے ایسے بارہ مہینے مقرر کر دئیے ہیں۔ جن کو آگے پیچھے کرنے کی کسی کو جرأت نہیں۔ اس لئے حرم کے علاقہ کی حفاظت سارا سال علم کے ماتحت ہوتی ہے اور اس سے پہلے صرف مکّہ والوں کے اپنے خیالات کے ماتحت ہوتی تھی۔
(یہ ساری شہادتیں ثابت کرتی ہیں کہ) یقیناً ہم نے انسان کو موزوں سے موزوں حالت میں پیدا کیا ہے۔
پھر ہم نے اس کو ادنیٰ درجوں سے (بھی) بدتر درجہ کی طرف لوٹا دیا۔
باستثنا ان لوگوں کے جو ایمان لائے اور جنہوں نے مناسب حال عمل کیے سو ان کے لئے ایک نہ ختم ہونے والا نیک بدلہ ہوگا۔
پس اس (حقیقت کے کھل جانے) کے بعد کونسی چیز تجھ کو جزا سزا کے معاملے میں جھٹلاتی ہے۔
کیا (اب بھی کوئی خیال کر سکتا ہے کہ) اللہ سب حاکموں سے بڑا حاکم نہیں؟