۹۷۔ سورۃ القدر
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
ہم نے یقیناً اس (قرآن) کو ایک (عظیم الشان) تقدیر[1] والی رات میں اتارا ہے۔
[1] اس کا مطلب یہ ہے کہ نبی کا زمانہ رات کی طرح ہوتا ہے۔ مگر رات بھی ایسی جس میں آئندہ زمانہ کے متعلق خداتعالیٰ کے فیصلے اُترتے ہیں چنانچہ اس سورۃ میں یہ بتایا گیا ہے کہ قرآن کریم کو ہم نے تقدیریں نازل کرنے والی رات میں اتارا ہے یعنی آئندہ زمانہ میں جو کچھ اِس دنیا میں پیش آنے والاہے، وہ اس قرآن میں بیان کر دیا گیا ہے۔ اَنْزَلْنٰـہُ میں ہٗ کی ضمیر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف بھی پھر سکتی ہے اس صورت میں یہ معنے ہوں گے کہ ہم نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک عظیم الشان تقدیر والی رات میں اتارا ہے۔
اور (اے مخاطب)! تجھے کیا معلوم ہے کہ (یہ عظیم الشان) رات جس میں تقدیریں اترتی ہیں کیا شے ہے۔
یہ (عظیم الشان) تقدیروں والی رات تو ہزار مہینے[2] سے بھی بہتر ہے۔
[2] حدیثوں سے پتہ لگتا ہے کہ ہزار سال فَیْجِ اَعْوَج کے ہوں گے۔ چنانچہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں۔ خَیْرُ الْقُرُوْنِ قَرْنِیْ ثُمَّ الَّذِیْنَ یَلُوْنَھُمْ ثُمَّ الَّذِیْنَ یَلُوْنَھُمْ (بخاری) یعنی سب سے بہتر صدی وہ ہے جس میں َمیں ہوں۔ اس کے بعد وہ صدی بہتر ہوگی جو اس کے بعد آئے گی اور پھر اس کے بعد آنے والی صدی اور پھر فَیْجِ اَعْوَج ہوگا (مشکوٰۃ) پس ہزار مہینہ سے ہزار سال مراد ہیں اور سال بھی وہ مراد ہیں جن میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا سایہ سکڑ گیا تھا اور بدی پھیل گئی تھی۔ اسی کی طرف اشارہ کرکے اس آیت میں کہا گیا ہے کہ یہ روحانی رات کا زمانہ جس میں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یا قرآن نازل ہوئے ہیں باوجود رات ہونے کے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی برکت سے فَیْجِ اَعْوَج کے ہزار سالوں سے بہتر ہوگا۔
(ہر قسم کے) فرشتے اور (کامل) روح اس (رات) میں اپنے رب کے حکم سے تمام (دینی و دنیوی) امور لے کر اترتے ہیں۔
(پھر فرشتوں کے اترنے کے بعد تو) سلامتی[1] (ہی سلامتی ہوتی) ہے (اور) یہ (حال) صبح کے طلوع ہونے تک (رہتا) ہے۔
[1] یعنی نبی کی فتح تک خدا کے فرشتے اس کے ساتھ رہتے ہیں اور تب تک ساتھ نہیں چھوڑتے جب تک کامیابی کی صبح نہیں آجاتی۔ اور جو یہ فرمایا کہ فرشتوں کے اترنے کے بعد تو سلامتی ہی سلامتی ہوتی ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ باوجود اس کے کہ وہ زمانہ تاریکی کا ہوتا ہے پھر بھی نبی کے طفیل اللہ تعالیٰ اس زمانہ میں بڑی برکتیں نازل کرتا ہے اور وہ برکتیں اس وقت تک نازل ہوتی چلی جاتی ہیں جب تک مطلع فجر کا زمانہ پھر نہ آجائے یعنی وہ زمانہ جس میں فَیْجِ اَعْوَج کے بعد رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا روحانی ظہور پھر ہوگا۔