۹۸۔ سورۃ البينة
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا ہے یعنی اہل کتاب[2] اور مشرک (دونوں ہی) کبھی (اپنے کفر سے) باز رہنے والے نہ تھے، جب تک کہ ان کے پاس واضح [3]دلیل نہ آجاتی۔
[2] اس آیت میں صاف طور پر اہلِ کتاب کا نام بھی کافر رکھا ہے۔
[3] مطلب یہ کہ اہلِ کتاب چونکہ غلط یا صحیح طور پر ایک آسمانی صحیفہ سے وابستہ ہیں اس لئے جب تک محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قرآن لے کر نہ آتے ان کی اصلاح کا کوئی امکان نہ تھا۔
یعنی اللہ کی (طرف) سے آنے والا ایک رسول جو (انہیں ایسے) پاکیزہ صحیفے پڑھ کر سناتا۔
جن میں قائم رہنے والے احکام [1]ہوں۔
[1] یعنی وہ بَیِّنَۃ کتاب بھی ایسی لائے جس میں دائمی صداقتیں ہوں۔ تاکہ یہودیوں اور عیسائیوں پر ثابت ہو جائے کہ ہماری کتابیں تو ناقص اور مٹنے والی ہیں۔ مگر قائم رہنے والی کتاب وہی ہے جو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لائے ہیں۔ پس اس کے مانے بغیر کوئی چارہ نہیں۔
اور (عجیب بات یہ ہے کہ) جن لوگوں کو (قرآن مجید جیسی مکمل) کتاب دی گئی ہے وہ اس واضح دلیل (یعنی رسول) کے آنے کے بعد ہی (مختلف گروہوں[2] میں) تقسیم ہوئے ہیں۔
[2] یعنی جن اہل کتاب کے زمانہ میں قرآن اترا ہے۔ پہلے تو وہ اپنے جھوٹے قصوں پر خوش تھے لیکن اب وہی لوگ قرآن کے بیان کردہ سچے واقعات کے مقابلہ میں بائبل کے جھوٹے واقعات پیش کرکے اختلاف کرتے ہیں۔
حالانکہ انہیں یہی حکم دیا گیا تھا کہ وہ صرف ایک خدا کی عبادت کریں اور عبادت کو صرف اس کے لئے مخصوص کر دیں (اس حالت میں کہ) وہ اپنے نیک میلانوں میں ثابت قدم رہنے والے ہوں اور (پھر صرف اس بات کا حکم دیا گیا تھا کہ) نماز باجماعت ادا کرتے رہیں اور زکٰوۃ دیں اور یہی (ہمیشہ صداقت پر) قائم رہنے والا دین [3]ہے۔
[3] عربی میں کبھی ضمیر بالمعنٰے پھیری جاتی ہے۔ اس جگہ دِیْنٌ کا لفظ ہے جس کے ایک معنے طَرِیْقَۃٌ کے ہیں۔ پس طَرِیْقَۃٌ کے معنوں کو مدنظر رکھ کر قرآن مجیدنے اس کی صفت قَیِّمَۃٌ بیان کر دی ہے جو مؤنث ہے اور جس کے مقام کے لحاظ سے ہم نے معنے کر دیئے ہیں۔ جو نہایت صاف اور سیدھے معنی ہیں۔
اہل کتاب اور مشرکوں میں سے کفر پر قائم رہنے والے لوگ یقیناً جہنم کی آگ میں (داخل) ہوں گے (اور وہ) اس میں رہتے چلے جائیں گے وہی لوگ بدترین خلائق ہیں۔
(اس کے مقابل پر) وہ لوگ جو (اہل کتاب اور مشرکوں میں سے) ایمان لے آئے اور انہوں نے (ایمان کے) مناسب حال عمل بھی کیے، وہی لوگ بہترین خلائق ہیں۔
ان کا بدلہ ان کے رب کے حضور میں قائم رہنے والے باغات ہونگے جن کے تلے نہریں بہتی ہونگی وہ ان میں رہتے چلے جائیں گے۔ اللہ ان سے راضی ہو گیا اور وہ اس (اللہ) سے راضی ہو گئے۔ یہی (جزا) اس کی شان کے مطابق ہے جو اپنے رب سے ڈرتا ہے۔