۹۹۔ سورۃ الزلزلة

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

جب زمین کو پوری طرح ہلا [1]دیا جائے گا۔

[1] یعنی اندرونی اور بیرونی قسم کے زلازل آجائیں گے، جیسا کہ آج کل زمین کے اندر کے لاوے کی وجہ سے بھی اس پر زلزلے آرہے ہیں اور ایٹم بموں اور ہائیڈروجن بموں کی وجہ سے بھی اس پر زلزلے آرہے ہیں اور ایسی روحانی تحریکیں جاری ہو گئی ہیں جن کی وجہ سے زمین کے دل ہل گئے ہیں۔

اور زمین اپنے بوجھ کو نکال (کر پھینک[2]) دے گی۔

[2] اس کا مطلب یہ ہے کہ جتنے علوم اس دنیا میں مخفی تھے وہ ظاہر ہونے لگ جائیں گے خواہ دینی ہوں یا دنیوی۔ جیسا کہ اس وقت سائنس بھی ترقی کر رہی ہے اور قرآنی علوم بھی نئے نئے کھل رہے ہیں۔

اور انسان کہہ اٹھے گا کہ اسے کیا ہو گیا [3]ہے۔

[3] یعنی اس زمانہ میں انسان حیران ہو جائے گا اور کہے گا کہ کیا بات ہے کہ آج زمین کے اندر سے بھی زلزلہ کا مادہ پھوٹ رہا ہے اور باہر سے بھی زلزلہ کے سامان پیدا کیے جا رہے ہیں اور روحانی طور پر بھی ایسی تحریکیں جاری کر دی گئی ہیں جن سے زمین کے رہنے والوں کے دل ہل گئے ہیں۔

اس دن وہ اپنی (ساری ہی پوشیدہ[4]) خبریں بیان کر دے گی۔

[4] اس دن یعنی آخری زمانہ کے متعلق جتنی پیشگوئیاں تھیں وہ سب پوری ہو جائیں گی۔ گویا زمین اپنے پوشیدہ خزانے ظاہر کر دے گی۔

اس لئے کہ تیرے رب نے اس (زمین) کے حق میں وحی کر چھوڑی [1]ہے۔

[1] اس آیت سے پتہ لگتا ہے کہ جو معنے ہم نے اوپر کیے ہیں وہی درست ہیں کیونکہ اس میں بتایا گیا ہے کہ زمین کا یہ زلزلہ طبعی حالات کے ماتحت نہیں آرہا، بلکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ سے زمین کو حکم دے دیا گیا تھا کہ وہ آخری زمانہ میں ان حالات کو ظاہر کر دے گا۔

اس دن لوگ مختلف گروہوں[2] کی صورت میں جمع ہونگے۔ تا کہ انہیں ان کے اعمال کی حقیقت دکھائی جائے۔

[2] مطلب یہ ہے کہ وہ زمانہ آزادی کا ہوگا اور مختلف جماعتیں اس امر کا اظہار کر دیں گی کہ ہماری جماعت کا یہ نام ہے اور یہ کام ہے اور اس سے ان کی یہ غرض ہوگی کہ لوگ ان کے نام اور کام کو دیکھ کر ان کی جماعت میں شامل ہو جائیں اور دنیا ان کے متعلق اعلیٰ جماعت ہونے کا فیصلہ کر دے۔

پھر جس نے ایک ذرہ کے برابر (بھی) نیکی کی [3]ہوگی وہ اس (کے نتیجہ) کو دیکھ لے گا۔

[3] اس میں بتایا گیا ہے کہ اس آخری زمانہ میں انسان کے ساتھ اللہ تعالیٰ وہی معاملہ کرے گا جیسے اس کے اعمال ہوں گے اور کوئی قوم تبھی نیک پھل پائے گی جب وہ نیک ہوگی۔

اور جس نے ایک ذرہ کے برابر بھی [4]بدی کی ہوگی وہ اس (کے نتیجہ) کو دیکھ لے گا۔

[4] یعنی کوئی قوم بھی بد ہوتے ہوئے لوگوں کو دھوکہ نہیں دے سکے گی۔

آج 10 میں سے 10 باقی